Category: کھیل

پاکستان اور دنیا بھر سے کھیل کی تازہ ترین خبریں اور معلومات۔ کرکٹ، ہاکی، فٹ بال، پی ایس ایل کی خبریں

کھیلوں کی خبریں آپ کو اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں اور ٹیموں کی کارکردگی کے بارے میں جاننے میں مدد کر سکتی ہیں۔

Sports News In Urdu

Cricket News in Urdu

  • لاہور قلندرز کے چیمپئن بننے پر موجودہ وسابق کرکٹرز کے تاثرات

    لاہور قلندرز کے چیمپئن بننے پر موجودہ وسابق کرکٹرز کے تاثرات

    ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ میں لاہور قلندرز نے اپنے اعزاز کا دفاع کیا دوبارہ چیمپئن بننے پر موجودہ اور سابق کرکٹرز نے اپنی رائے کا اظہار کیا۔

    ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 8 جس طرح پورے مہینے شائقین کرکٹ کے ذہن ودل پر چھایا رہا اسی طرح اے آر وائی نیوز پر پی سی ایل کا مقبول ترین پروگرام ہر لمحہ پُرجوش بھی خوب چھایا رہا۔ پروگرام میں پی ایس ایل 8 کے فائنل کا جشن بھی خوب منایا گیا جس میں شریک موجودہ اور سابق کرکٹرز نے بھی اظہار خیال کیا۔

    شو کے مہمان بنے کبھی دھوکا نہ دینے والے سابق قومی کپتان سرفراز احمد جنہوں نے لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی کی کارکردگی کو بہت سراہا۔

    سرفراز احمد نے کہا کہ شاہین نے بہترین کپتانی کی۔ انہوں نے ایک اوورمیں دو اہم وکٹیں لینے کے ساتھ شاندار بیٹنگ بھی کی۔

    چیمپئن کپتان یونس خان کا کہنا تھا کہ اگر اس میچ میں ایک رن اور ہو جاتا تو فائنل سپر اوور میں جاتا۔ سابق قومی وکٹ کیپر بلے باز کامران اکمل نے بھی فائنل میچ کو شاندار میچ قرار دیا اور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی کی بیٹنگ کی کھل کر تعریف کی۔

    پروگرام میں جہاں کرکٹرز نے اپنی ماہرانہ رائے دی وہیں مصطفیٰ چوہدری اور عادی ایک بار پھر قہقہوں کا طوفان اپنے ہمراہ لائے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ شب دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز نے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پی ایس ایل 8 کا فائنل سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک رنز سے جیت کا اپنے اعزاز کا کامیابی سے دفاع کیا۔

  • احسان اللہ نے اپنا ایوارڈ کس کے نام کیا؟

    احسان اللہ نے اپنا ایوارڈ کس کے نام کیا؟

    ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ میں ملتان سلطان کی دریافت فاسٹ بولر احسان اللہ نے پلیئر آف دی ٹورنامنٹ کا ملنے والا اعزاز اپنے والد کے نام کردیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ ایک ماہ تک شائقین کرکٹ کو محظوظ کرنے کے بعد گزشتہ روز ایک رنگا رنگ اختتامی تقریب اور سنسنی خیز فائنل میچ کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا۔

    ایونٹ کے اختتام پر ملتان سلطانز کی دریافت فاسٹ بولر احسان اللہ کو پورے ٹورنامنٹ میں شاندار کارکردگی پر پلیئر آف دی ٹورنامنٹ کے اعزاز سے نوازا گیا۔

    یہ بھی پڑھیں: دوسری بار پی ایس ایل فائنل ہارنے پر ملتان سلطانز کے کپتان نے کیا کہا؟

    احسان اللہ نے خود کو ملنے والا یہ بڑا ایوارڈ اپنے والد کے نام کردیا۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بولر نے کہا کہ آج اس مقام پر ہوں اس میں والد کا بڑا ہاتھ ہے۔ انہوں نے مجھے یہاں تک پہنچانے کے لیے بہت سپورٹ کیا۔

  • دوسری بار پی ایس ایل فائنل ہارنے پر ملتان سلطانز کے کپتان نے کیا کہا؟

    دوسری بار پی ایس ایل فائنل ہارنے پر ملتان سلطانز کے کپتان نے کیا کہا؟

    ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 8 کا فائنل سنسنی خیز مقابلے کے بعد ملتان سلطانز ایک رنز سے ہار گیا اس شکست کے بعد کپتان محمد رضوان نے ایسی ہار بھی جیت جیسی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ ایک ماہ تک شائقین کرکٹ کو محظوظ کرنے کے بعد گزشتہ روز ایک رنگا رنگ اختتامی تقریب اور سنسنی خیز فائنل میچ کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا۔ گزشتہ شب کھیلا گیا ایونٹ کا فائنل گزشتہ ایونٹ کا ری پلے ثابت ہوا کیونکہ ٹیمیں بھی وہی اور نتیجہ بھی وہی رہا۔

    لاہور قلندر نے ملتان سلطانز کو ایک رنز سے ہرا کر اپنے اعزاز کا کامیاب دفاع کیا۔

    شکسست کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے کہا کہ ٹورنامنٹ میں ہر ٹیم تگڑی اور لاہور قلندرز ٹرافی جیتنے کی حقدار تھی تاہم فائنل میں ایک رن سے ہارنا بھی جیت جیسا ہی ہے۔

    رضوان کا یہ بھی کہنا تھا کہ سوچا یہی تھا کہ پارٹنر شپ لگی تو جیت جائیں گے لیکن میچ فنش نہیں کرسکے کیونکہ فائنل کا بہرحال ایک اپنا دباؤ ہوتا ہے۔

  • ملتان سلطانز ٹرافی تو نہ جیت سکی لیکن ایوارڈز کا میلہ لوٹ لیا

    ملتان سلطانز ٹرافی تو نہ جیت سکی لیکن ایوارڈز کا میلہ لوٹ لیا

    ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 8 میں ملتان سلطانز ٹرافی تو نہ جیت شکی لیکن ایوارڈز کا میلہ لوٹ کر شائقین کرکٹ کے دل ضرور جیت لیے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق دنیا کی مقبول ترین لیگ ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کا آٹھواں سیزن کامیابی کے ساتھ لاہور قلندرز کی فتح پر اختتام پذیر ہوگیا۔ ملتان سلطانز گزشتہ سال کی طرح ایک بار پھر ٹرافی تھامنے میں ناکام رہی تاہم ایوارڈ کا میلہ اسی ٹیم کے نام رہا اور اس کے کھلاڑیوں نے 6 اعزازات حاصل کیے۔

    ملتان سلطانز کی دریافت اور پورے ٹورنامنٹ میں اپنی شاندار کارکردگی سے سب کو متوجہ کرنے کے ساتھ افغانستان کے خلاف تین ٹی ٹوئنٹی میچوں پر مشتمل سیریز کے لیے قومی ٹیم میں جگہ پانے والے احسان اللہ ٹورنامنٹ میں 22 وکٹیں لے کر پلیئر آف دی ٹورنامنٹ اور بیسٹ بولر کے ایوارڈز حاصل کیے۔ وہ یہ اعزاز پانے والے پہلے بولر بن گئے۔

    ملتان سلطانز کے کپتان نے ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ ساڑھے پانچ سو رنز بنائے اور وہ حنیف محمد کیپ کے حقدار ٹھہرے اس کے ساتھ ہی بہترین وکٹ کیپر کا اعزاز بھی ان کے حصے میں ہی آیا۔

    ٹورنامنٹ میں 23 وکٹیں اڑانے والے عباس آفریدی کو فضل محمد کیپ اور ایمرجنگ کرکٹر آف دی ٹورنامنٹ کا ایوارڈ دیا گیا جب کہ بہترین فیلڈر کا ایوارڈ پولارڈ نے جیتا۔

  • شہرت کی بلندیاں چھوتی پی ایس ایل ٹرافی آسمان سے اتری

    شہرت کی بلندیاں چھوتی پی ایس ایل ٹرافی آسمان سے اتری

    ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ نے جس طرح مقبولیت کی بلندیوں کو چھوا اسی طرح 8ویں ایونٹ کی ٹرافی آسمان کی بلندیوں سے اسٹیڈیم میں اتری۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق دنیا کی مقبول ترین لیگ ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کا آٹھواں سیزن کامیابی کے ساتھ لاہور قلندرز کی فتح پر اختتام پذیر ہوگیا۔ جس طرح اس ایونٹ نے دنیا میں مقبولیت کی بلندیوں کو چھوا ہے اسی طرح فائنل کے موقع پر اس کی ٹرافی آسمان کی بلندیوں سے قذافی اسٹیڈیم لائی گئی۔

    لیجنڈری پیرا گلائیڈر آسمان کی بلندیوں سے پی ایس ایل ٹرافی ’سپر نووا‘ کو لے کر قذافی اسٹیڈیم میں اترے۔ فائنل سے قبل رنگا رنگ اختتامی تقریب بھی ہوئی۔

    اس تقریب میں معروف گلوکار شفقت امانت علی نے اپنی آواز کا جادو جگایا اور اپنے مشہور نغمے گا کر شائقین کا لہو گرمایا۔

    تقریب میں ڈانسرز کے گروپ نے بھی پی ایس ایل میش اپ اور سیزن 8 کے آفیشل ترانے پر ایسی جاندار پرفارمنس دی جس کو شائقین برسوں یاد رکھیں گے۔

  • شاہین آفریدی فائنل کے بہترین کھلاڑی قرار، فاتح ٹیم کو کتنی انعامی رقم ملی؟

    شاہین آفریدی فائنل کے بہترین کھلاڑی قرار، فاتح ٹیم کو کتنی انعامی رقم ملی؟

    لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی کو فائنل کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا جبکہ کراچی کنگز کے عماد وسیم بہترین آل راؤنڈر قرار پائے۔

    ملتان کو شکست دے کر لاہور قلندرز مسلسل دوسری بار پاکستان سپر لیگ کا چیمپئن بن گیا، لاہور پہلی ٹیم ہے جس نے پی ایس ایل میں اعزاز کا دفاع کیا ہے۔

    لاہور قلندرز دوسری بار پی ایس ایل ٹائٹل جیتنے والی دوسری ٹیم بن گئی ہے۔ اس سے قبل اسلام آباد یونائیٹڈ بھی دو بار پی ایس ایل چیمپئن بن چکی ہے۔

    پی ایس ایل کی فاتح ٹیم لاہور قلندرز کو 24 قیراط سونے سے بنی ٹرافی کے ساتھ 12 کروڑ روپے کی انعامی رقم بھی دی جائے گی۔

    فائنل کی ملتان سلطانز کو 4 کروڑ 80 لاکھ روپے دیے جائیں گے۔

    موومنٹ آف دی ٹورنامنٹ 263 رنز بنانے پر ملتان سلطانز کے نام رہا جبکہ فضل محمود کیپ 23 وکٹیں لینے پر عباس آفریدی کو ملی، محمد رضوان 550 رنز بنا ک حنیف محمد کیپ کے حقدار قرار پائے۔

    عباس آفریدی کو ایمرجنگ کرکٹر آف دی ایئر قرار دیا گیا، اسپرٹ آف کرکٹ کا ایوارڈ پشاور زلمی نے جیتا، الیکس وارف بیسٹ امپائر ڈی ٹورنامنٹ رہے۔

    کیرون پولارڈ نے فیلڈر آف دی ٹورنامنٹ کا ایوارڈ جیتا جبکہ بیسٹ وکیپر محمد رضوان اور بہترین بولر احسان اللہ رہے۔

  • پی ایس ایل میں فخر زمان نے اہم سنگ میل عبور کرلیا

    پی ایس ایل میں فخر زمان نے اہم سنگ میل عبور کرلیا

    پی ایس ایل میں لاہور قلندرز کے اوپنر بیٹر فخر زمان نے اہم سنگ میل عبور کرلیا۔

    لاہور قلندرز کے اوپنر بیٹر فخر زمان نے پی ایس ایل میں چھکوں کی سنچری مکمل کرلی ہے وہ سو چھکے لگانے والے پہلے بیٹر بن گئے ہیں۔

    فخر زمان نے پی ایس ایل 8 کے فائنل میں اپنا پہلا چھکا لگا کر لیگ میں 100 چھکے مکمل کیے۔

    پی ایس ایل میں کامران اکمل نے 89، آصف علی نے 88 اور شین واٹسن نے 81 چھکے لگائے۔

    Image

    دوسری جانب فائنل میں ملتان سلطانز کو شکست دینے پر قلندرز کے کپتان شاہین آفریدی نے کہا کہ جیت کا کریڈٹ پوری ٹیم کو دوں گا ایونٹ میں پوری ٹیم نے محنت کی ہے۔

  • فلم میں ہانیہ عامر کا بھائی نہیں بنوں گا، اعظم خان

    فلم میں ہانیہ عامر کا بھائی نہیں بنوں گا، اعظم خان

    قومی کرکٹر اعظم خان کا کہنا ہے کہ وہ فلم میں ہانیہ عامر کے بھائی بننا پسند نہیں کریں گے۔

    قومی ٹیم کے جارح مزاج بیٹر اعظم خان نے پروگرام دی فورتھ امپائر میں شرکت کی اور میزبان فہد مصطفیٰ کی جانب سے پوچھے گئے دلچسپ سوالات کے جوابات دیے۔

    میزبان نے پوچھا کہ قومی ٹیم میں بہترین وکٹ کیپر بیٹر کون ہیں، کامران اکمل، سرفراز احمد یا پھر اعظم خان؟

    اعظم خان نے ان سب کو چھوڑ کر کر کہا کہ میرے ابا (معین خان۔)

    ان سے سوال کیا گیا کہ ان میں کس ہیروئن کا بھائی بننے سے انکار کردیں گے؟ مایا علی، اشنا شاہ، یا پھر ہانیہ عامر؟

    اعظم خان نے کہا کہ ’ہانیہ عامر کا بھائی بننے سے انکار کردیں گے۔‘

    ان سے سوال کیا گیا کہ کس کی بال پر کیچ نہ ڈراپ ہو یہ خیال کس کے لیے آتا ہے، انہیں تین آپشنز دیے گئے جن میں حسن علی، فہیم اشرف اور شاداب خان شامل تھے۔

    قومی بیٹر نے کہا کہ حسن علی کی گیند پر کیچ ڈراپ نہیں ہونا چاہیے۔‘

    ایک سوال کے جواب میں اعظم خان نے کہا کہ اگر موقع ملا تو عاطف اسلم کے ساتھ گانا گنگنانا چاہیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ میں کرکٹر ہوں کسی بھی نمبر پر بیٹنگ کروادیں ٹیم کے لیے جان حاضر ہے۔

  • لاہور قلندرز دوسری بار پی ایس ایل کا چیمپئن بن گیا، سلطانز کو شکست

    لاہور قلندرز دوسری بار پی ایس ایل کا چیمپئن بن گیا، سلطانز کو شکست

    لاہور قلندرز نے مسلسل دوسری بار ملتان سلطانز کو شکست دے کر پی ایس ایل کی ٹرافی اپنے نام کرلی، شاہین آفریدی کو فائنل کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

    لاہور میں کھیلے گئے فائئنل میچ میں لاہور قلندرز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد سلطانز کو ایک رن سے شکست دی، آخری گیند پر چار رنز درکار تھے لیکن سلطانز کی ٹیم دو رنز بناسکی۔

    فاسٹ بولر زمان خان نے اپنے آخری اوور میں 13 رنز کا دفاع کرکے ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار کروایا۔

    جواب میں ملتان سلطانز نے ڈٹ کر مقابلہ کیا تاہم مقررہ اوورز میں 199 رنز بناسکی اور ایک رن سے شکست کھا گئی۔

    ملتان کی جانب سے رلی روسو 52 ، رضوان 34 اور خوشدل شاہ 25 رنز بناکر نمایاں رہے۔


    لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے چار کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔راشد خان نے دو جبکہ ڈیوڈ ویسا نے ایک وکٹ حاصل کی۔

    اس سے قبل لاہور قلندرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 200 رنز بنائے اور ملتان سلطانز کو جیت کے لیے 201 رنز کا ہدف دیا تھا۔

    اوپنر مرزا بیگ نے 35 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ فخر زمان 39 رنز بنا کر اسامہ میر کا نشانہ بنے۔

    سیم بلنگز 9 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، سکندر رضا بھی ایک رن کے مہمان ثابت ہوئے جبکہ احسن حفیظ بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔

    عبداللہ شفیق نے 65 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی جبکہ کپتان شاہین آفریدی 44 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

    ملتان سلطانز کی جانب سے اسامہ میر نے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، احسان اللہ اور خوشدل شاہ ایک، ایک وکٹ حاصل کرسکے۔

    اس سے قبل لاہور قلندرز کے کپتان شاہین آفریدی نے ٹاس جیت کر محمد رضوان الیون کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔

    دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز نے پلیئنگ الیون برقرار رکھی ہے۔

    لاہور قلندرز کی ٹیم میں فخر زمان، شاہین آفیدی، ڈیوڈ ویسا، عبداللہ شفیق، سکندر رضا، طاہر بیگ، احسن بھٹی، حارث رؤف، زمان خان، سیم بلنگز اور راشد خان شامل ہیں۔

    ملتان سلطانز کی ٹیم میں بھی کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔


    واضح رہے کہ لاہور قلندرز اعزاز کا دفاع کررہی ہے پی ایس ایل 7 میں قلندرز نے ملتان سلطانز کو شکست دے کر ٹرافی اپنے نام کی تھی۔

  • ڈیوڈ ویسا کے ناقابل یقین کیچ کی ویڈیو وائرل

    ڈیوڈ ویسا کے ناقابل یقین کیچ کی ویڈیو وائرل

    پی ایس ایل فائنل میں لاہور قلندرز کے آل راؤنڈر ڈیوڈ ویسا کے شاندار کیچ کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔

    لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں جاری پی ایس ایل 8 کے فائنل میچ میں لاہور قلندرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 200 رنز بنائے اور ملتان سلطانز کو جیت کے لیے 201 رنز کا ہدف دیا۔

    ہدف کے تعاقب میں ملتان سلطانز کی بیٹنگ جاری ہے۔

    لاہور قلندرز کی جانب سے شاندار فیلڈنگ کی گئی، آل راؤنڈر ڈیوڈ ویسا نے شاندار کیچ لے کر ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان کو پویلین بھیج دیا۔

    رضوان 34 رنز بنا کر راشد خان کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ محمد رضوان کا شاٹ یقینی طور پر چھکا تھا لیکن ڈیوڈ ویسا کیچ لے کر اچھال دیا اور باؤنڈری سے اندر آکر دوبارہ کیچ تھام لیا۔

    ڈیوڈ ویسا کے شاندار کیچ نے ناصرف کمنٹیٹر بلکہ شائقین کرکٹ کو بھی حیران کردیا۔