Category: کھیل

پاکستان اور دنیا بھر سے کھیل کی تازہ ترین خبریں اور معلومات۔ کرکٹ، ہاکی، فٹ بال، پی ایس ایل کی خبریں

کھیلوں کی خبریں آپ کو اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں اور ٹیموں کی کارکردگی کے بارے میں جاننے میں مدد کر سکتی ہیں۔

Sports News In Urdu

Cricket News in Urdu

  • انضمام الحق نے پی ایس ایل میں ’’بڑی تبدیلی‘‘ کا مطالبہ کر دیا

    انضمام الحق نے پی ایس ایل میں ’’بڑی تبدیلی‘‘ کا مطالبہ کر دیا

    پاکستان کے سابق کپتان اور پی ایس ایل کی فرنچائز پشاور زلمی کے مینٹور پی ایس ایل میں ایک بڑی تبدیلی دیکھنے کے خواہشمند ہیں اور اس کا مطالبہ کردیا ہے۔

    پاکستان سپر لیگ 8 اب اپنے اختتام کی جانب گامزن ہے۔ پہلے مرحلے میں بلے بازوں نے کئی ریکارڈ بنائے۔ اب تک کے ایونٹ میں ریکارڈ 7 سنچریاں بن چکیں۔ کئی بار 200 سے زائد اسکور بنے۔ ایک میچ میں سب سے زیادہ رنز بننے کا عالمی ریکارڈ بھی قائم ہوا۔ ٹی 20 کی تاریخ کا دوسرا بڑا ہدف 243 رنز بھی حاصل کیا گیا تاہم ان تمام ریکارڈز کے باوجود دنیا بھر میں اپنی بلے بازی سے دھاک بٹھانے والے انضمام الحق ان سب سے خوش نہیں ہیں۔

    انضمام الحق نے گزشتہ روز قذافی اسٹیڈیم گراونڈ میں ٹیم کی پریکٹس کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپنی خواہش کا اظہار کردیا اور پاکستان سپر لیگ میں باؤنڈری کو بڑا کرنے کا مطالبہ کر دیا۔

    سابق کپتان نے اپنے مطالبے کی توجیح پیش کرتے کہا کہ فاسٹ آوٹ فیلڈ اچھی چیز ہے اس سے رنز تیزی سے بنتے ہیں البتہ چھوٹی باؤنڈری ہوگی تو انٹرنیشنل کرکٹ میں بیٹرز کو مسائل کا سامنا ہوسکتا ہے جس کا نقصان پاکستانی ٹیم کو ہوگا۔ اس لیے پی ایس ایل میں باؤنڈریز کو بڑا کیا جائے کیونکہ بڑی باؤنڈریز میں بیٹنگ کرنے سے کھلاڑیوں اور قومی ٹیم کا فائدہ ہوگا۔

    انضمام کا کہنا تھا کہ پشاور زلمی فارم میں ہے اور چاروں ٹیمیں محنت کرکے پلے آف میں پہنچی ہیں۔ مجھے امید ہے کہ پشاور زلمی فائنل تک رسائی حاصل کرے گی۔

    انہوں نے پی ایس ایل کے بعد افغانستان کے خلاف تین ٹی 20 میچوں پر مشتمل سیریز کے حوالے سے کہا کہ افغانستان کو ٹی ٹونٹی سیریز میں ہرگز آسان حریف کے طور پر نہ لیا جائے۔افغانستان کے چھ سات کھلاڑی پوری دنیا کی لیگ کھیلتےہیں۔ انہیں زیر کرنے کے لیے ہمیں اچھی کرکٹ کھیلنی ہوگی۔

    سابق قومی کپتان نے مزید کہا کہ نوجوانوں کھلاڑیوں کے لیے سنہری موقع ہے کہ جس طرح انہوں نے پی ایس ایل میں پرفارم کیا ہے۔ اسی تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے وہ انٹرنیشنل کرکٹ میں بھی خود کو منوانے میں کامیاب ہوں۔ صائم ایوب باصلاحیت ہیں اور امید ہے کہ وہ افغانستان کے خلاف بھی پُرفارم کریں گے۔

  • میچ کا وہ لمحہ جس نے لاہور قلندرز کی کمر توڑ دی

    میچ کا وہ لمحہ جس نے لاہور قلندرز کی کمر توڑ دی

    پی ایس ایل 8 کے کوالیفائر میں ملتان سلطانز سے مقابلے میں ان فارم اوپنر فخر زمان کی وکٹ نے قلندرز کی بیٹنگ لائن کی کمر توڑ دی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 8 میں گزشتہ روز کھیلے گئے کوالیفائر میں ملتان سلطانز نے یکطرفہ مقابلے کے بعد لاہور قلندرز کو با آسانی 84 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دی جس کے باعث دفاعی چیمپئنز کو اب اپنے اعزاز کے دفاع اور فائنل میچ میں رسائی کے لیے کل پھر میدان میں اترنا اور مخالف دیوار کو گرانا ہوگا۔

    گزشتہ روز قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پی ایس ایل 8 کے کوالیفائر میں ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کو جیت کے لیے 161 رنز کا ہدف دیا تھا۔ لاہور قلندرز کی رواں ایونٹ میں پرفارمنس بالخصوص ان فارم اوپنر فخر زمان کی موجودگی میں لگ رہا تھا کہ قلندرز میچ جیت جائیں گے۔

    تاہم قلندرز کے ان فارم جارح مزاج اوپنر فخر زمان جنہوں نے رواں ایونٹ میں کئی قابل دید اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو اس مقام تک پہنچایا کا اس اہم میچ میں آؤٹ ہونا ہی دفاعی چیمپئن کے لیے خوفناک خواب ثابت ہوا۔

    فخر زمان کو ہاتھ کھولنے سے قبل ہی ملتان سلطانز کے انور علی نے جکڑ لیا، ان کی شاندار بولنگ پر جارح مزاج بلے باز بے بس نظر آئے اور 6 رنز پر انور کی گیند نے ان کی اسٹمپس کو اڑا کر رکھ دیا۔

    یہ 19 کے مجموعے پر گرنے والی قلندرز کی تیسری وکٹ تھی جس نے ٹیم کی بیٹنگ لائن کی کمر ہی توڑ کر رکھ دی اور اس کے بعد اس کی وکٹیں خزاں رسیدہ پتوں کی مانند گرتی رہیں اور پوری ٹیم 14.3 اوورز میں صرف 76 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

    یوں اس اہم میچ میں لاہور کے سب سے کامیاب بلے باز فخر زمان کی وکٹ گیم چینجر ثابت ہوئی۔

  • شاہین آفریدی نے شکست کی وجہ ’’ہوا‘‘ کو قرار دے دیا

    شاہین آفریدی نے شکست کی وجہ ’’ہوا‘‘ کو قرار دے دیا

    پی ایس ایل 8 کے کوالیفائر میں ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 84 رنز سے ہرا دیا شاہین شاہ نے شکست کی ذمے داری ہوا پر ڈال دی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 8 میں گزشتہ روز کھیلے گئے کوالیفائر میں ملتان سلطانز نے یکطرفہ مقابلے کے بعد دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز کو با آسانی 84 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دی جس کے باعث سلطانز نے تیسری بار پی ایس ایل کے فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔

    کوالیفائر میں یکطرفہ مقابلے میں بڑے مارجن سے میچ ہارنے اور بلے بازوں کے ڈھیر ہونے پر لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ نے موسم کو مورد الزام ٹھہرا دیا۔

    شاہین آفریدی نے کہا کہ موسم ہمارے بلے بازوں کی بری پرفارمنس کی وجہ بنا۔ ملتان جب بولنگ کرنے میدان میں آئی تو ہوا چلنے لگی اور ہوا چلنے سے ٹریل کو مدد ملی تاہم یہی قدرت کا نظام ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پی ایس ایل 8 کے کوالیفائر میں ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کو جیت کے لیے 161 رنز کا ہدف دیا تھا۔ لاہور قلندرز کی رواں ایونٹ میں پرفارمنس بالخصوص ان فارم اوپنر فخر زمان کی موجودگی میں لگ رہا تھا کہ قلندرز میچ جیت جائیں گے۔

    تاہم جب قلندرز کے بلے باز میدان میں اترے تو خزاں رسیدہ پتوں کی طرح وکٹیں گرنے سے تمام شائقین کرکٹ بالخصوص لاہور کے فینز شدید حیرت اور مایوسی کا شکار ہوئے۔ قلندرز کی پوری ٹیم 14.3 اوورز میں صرف 76 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

    اس بری شکست کے باوجود لاہور قلندرز کے فینز کو مایوس ہونے کی ضرورت نہیں کیونکہ ان کی ٹیم کو فائنل میں پہنچنے اور اپنے اعزاز کا دفاع کرنے کا ایک اور موقع کل ملے گا لیکن اس کے لیے اسے آج کے پہلے ایلیمنیٹر کی فاتح ٹیم کی دیوار کو گرانا ہوگا۔

  • خالی ہاتھ کون گھر جائیگا، بابر اعظم یا شاداب خان، پہلا ایلیمنیٹر آج ہوگا

    خالی ہاتھ کون گھر جائیگا، بابر اعظم یا شاداب خان، پہلا ایلیمنیٹر آج ہوگا

    ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 8 کے پہلے ایلیمینیٹر میں آج اسلام آباد یونائیٹڈ اور پشاور زلمی مدمقابل ہوں گی ہارنے والی ٹیم خالی ہاتھ گھر واپس جائے گی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان سپر لیگ 8 اپنے اختتامی مرحلے میں داخل ہوچکا ہے۔ پلے آف مرحلے میں آج پہلا ایلیمینٹر اسلام آباد یونائیٹڈ اور پشاور زلمی کے مابین کھیلا جائے گا۔ اس میچ میں ہارنے والی ٹیم ٹورنامنٹ سے باہر اور خالی ہاتھ گھر واپس جائے گی۔

    میچ کی فاتح ٹیم کو فائنل تک رسائی کے لیے کل دوسرے ایلیمنیٹر میں دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز سے مقابلہ کرنا ہوگا جو گزشتہ روز کوالیفائر میچ میں ملتان سلطانز سے یکطرفہ مقابلے کے بعد شکست سے دوچار ہوئی ہے۔

    پی ایس ایل کا یہ اہم ترین میچ آج لاہور کے آج شام قذافی اسٹیڈیم میں شام 7 بجے شروع ہوگا۔ ایونٹ کے تمام میچز اے اسپورٹس پر براہ راست دکھائے جا رہے ہیں۔

    رواں ایونٹ میں دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے کے خلاف ایک ایک میچ جیت رکھا ہے۔

  • جویریہ خان نے بھی ’کہانی سنو‘ گنگنادیا

    جویریہ خان نے بھی ’کہانی سنو‘ گنگنادیا

    قومی ویمن کرکٹر جویریہ خان نے بھی کہانی سنو اپنی سریلی آواز میں گنگنا دیا۔

    اے آر وائی ڈیجیٹل کے پروگرام ’دی فورتھ امپائر ایکسپریس‘ میں قومی ویمن کرکٹر جویریہ خان اور منیبہ علی نے شرکت کی اور میزبان کی جانب سے پوچھے گئے سوالات کے جوابات دیے۔

    پروگرام میں جویریہ خان نے کیفی خلیل کا مشہور گانا ’کہانی سنو‘ میں اپنی آواز میں گنگنایا۔

    یوٹیوب پر ویڈیو نشر ہوتے ہی صارفین کی جانب سے جویریہ خان کی آواز کی تعریف کی جارہی ہے۔

    دوسری جانب منیبہ علی سے بولنگ سیگمنٹ میں سوال کیا گیا کہ ’ان میں کون بہتر وکٹ کیپر ہیں؟ انہیں تین آپشنز دیے گئے جن میں کامران اکمل، سرفراز احمد اور محمد رضوان شامل تھے۔

    منیبہ علی نے کہا کہ سرفراز بھائی اچھے وکٹ کیپر ہیں۔

    پروگرام میں میزبان فیضان شیخ نے دونوں کرکٹرز سے کرکٹ سے متعلق سوالات بھی پوچھے جس کے جوابات انہوں نے باآسانی دے دیے۔

  • سائمن ڈول نے بابر کے بعد رضوان پر تنقید کردی

    سائمن ڈول نے بابر کے بعد رضوان پر تنقید کردی

    کیوی کمنٹیٹر سائمن ڈول پی ایس ایل 8 میں اپنے بیان کی وجہ سے سوشل میڈیا پر وائرل ہوجاتے ہیں۔

    پی ایس ایل 8 کے پہلے کوالیفائر میچ میں سائمن ڈول نے ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان کو سست بیٹنگ پر تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

    سائمن ڈوبل نے کہا کہ رضوان 14ویں اوور میں 29 گیندوں پر 33 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جو کسی صورت قابل قبول نہیں۔

    کیوی کمنٹیٹر نے کہا کہ رضوان نے دس اوور میں کوئی باؤنڈری تک نہ لگائی آخری چوکا تیسرے اوورز میں لگایا تھا آپ کو مزید رسک لینا ہوں گے۔

    واضح رہے کہ سائمن ول اس سے قبل بھی رضوان اور بابر اعظم کو تنقید کا نشانہ بنا چکے ہیں۔

    جب انہوں نے بابر اعظم کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا تو بابر کے مداح کی جانب سے انہیں سوشل میڈیا پر ٹرول کیا گیا تھا۔

    یاد رہے کہ پہلے کوالیفائر نے ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کو شکست دے کر مسلسل تیسری بار پی ایس ایل کے فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے۔

  • ملتان سلطانز پی ایس ایل 8 کے فائنل میں پہنچ گیا

    ملتان سلطانز پی ایس ایل 8 کے فائنل میں پہنچ گیا

    لاہور:ملتان سلطانز نے دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز کو کوالیفائر میچ میں شکست دیتے ہوئے پی ایس ایل 8 کے فائنل میں جگہ بنالی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے کوالیفائر میچ میں ملتان سلطانز نے لاہورقلندرزکو84رنزسےشکست دیتے ہوئے مسلسل تیسری بار پی ایس ایل کے فائنل میں جگہ بنائی۔

    دفاعی چیمپئن 161 رنز کے جواب میں محض 76 رنز پر ڈھیر ہوگئی، لاہورقلندرزکےآٹھ بلےبازڈبل فیگرمیں بھی نہ داخل ہوسکے، سیم بلنگز19،حارث رؤف15رنزبناسکے۔

    ملتان سلطانز کی جانب سے شیلڈون کوٹریل نےتین کھلاڑیوں کوآؤٹ کرتے ہوئے اپنی سیلکشن کو درست ثابت کیا، اسامہ میر نے 2 جبکہ انور علی، عباس آفریدی، احسان اللہ اور کیرون پولارڈ نے ایک ایک کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

    اس سے قبل کیرون پولارڈ کی ذمے دارانہ اننگز کی بدولت ملتان سلطانز نے قلندرز کو جیت کے لئے 161 رنز کا ہدف دیا تھا۔

    ملتان سلطانز نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 160 رنز بنائے، کیرون پولارڈ نے 34 گیندوں پر 57 رنز کی دلکش اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کے مجموعے کو قابل قدر بنایا۔

    پولارڈ کی اننگز میں 6 بلند وبالا چھکے بھی شامل تھے، کپتان محمد رضوان 33، عثمان خان 29 بناکر نمایاں رہے۔

    لاہور قلندرز کی جانب سے حارث رؤف نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، زمان خان اور راشد خان کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔

    میچ کے آغاز پر گفتگو کرتے ہوئے کپتان ملتان سلطانز محمد رضوان کا کہنا تھا کہ کوشش کرینگے کہ اچھی کرکٹ کھیلیں اور بڑا اسکور بنائیں۔

    دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز کے کپتان شاہین آفریدی کا کہنا تھا کہ اگر میں ٹاس جیت جاتا تو پہلے فیلڈنگ ہی کرتا۔

    لاہور قلندرز نے اہم ترین میچ کے لئے اپنے اسکواڈ کو برقرار رکھا  جبکہ ملتان سلطانز نے ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ، اظہارالحق نوید کی جگہ شیلڈون کوٹریل ٹیم میں شامل کیا گیا ۔

    آج کی فاتح ٹیم فائنل کا ٹکٹ کٹائے گی جب کہ ہارنے والی ٹیم کو فائنل میں جانے کے لیے ایلیمینیٹر 2 میں ایک اور موقع ملے گا۔

    ایونٹ کے تمام میچز اے اسپورٹس پر براہ راست دکھائے جا رہے ہیں۔

    لاہور قلندرز اسکواڈ

    فخر زمان، مرزا طاہر بیگ، عبداللہ شفیق، سیم بلنگ، حسین طلعت، سکندر رضا، ڈیوڈ ویزے، راشد خان، شاہین آفریدی، حارث رؤف اور زمان خان

    ملتان سلطانز اسکواڈ

    عثمان خان، محمد رضوان، ریلی روسو، ٹم ڈیوڈ، کیرون پولارڈ، خوشدل شاہ، انور علی، اسامہ میر،عباس آفریدی ،شیلڈون کوٹریل اور احسان اللہ

  • ایرن ہالینڈ نے اردو میں گنتی سنائی، گانا گنگنایا، ویڈیو وائرل

    ایرن ہالینڈ نے اردو میں گنتی سنائی، گانا گنگنایا، ویڈیو وائرل

    پی ایس ایل کی پریزینٹر ایرن ہالینڈ نے عروج ممتاز کو اپنا اردو کا استاد بنا لیا۔

    پی ایس ایل 8 میں ایرن ہالینڈ اور عروج ممتاز پریزینٹر کے فرائض انجام دے رہی ہیں، ایرن سوشل میڈیا پر میچ کے دوران دلچسپ ویڈیوز شیئر کرتی رہتی ہیں۔

    ایرن ہالینڈ نے عروج ممتاز سے اردو میں گنتی سیکھنے اور گانا گانے کی ویڈیو شیئر کی ہے جسے مداحوں کی جانب سے خوب سراہا جارہا ہے۔

    ویڈیو میں آسٹریلوی ماڈل ’ایک سے دس تک گنتی سنا رہی ہیں۔ ایرن ایک گانا ’دیکھو بارش ہورہی ہے۔‘ بھی گنگنا رہی ہیں۔

    اس سے قبل ایک ویڈیو میں ایک شخص کی جانب سے ایرن سے پوچھا گیا کہ آپ نے ملتان کیلئے اردو میں کون سے الفاظ سیکھے ؟جس کے جواب میں ایرن کا کہنا تھا کہ ‘ملتان مجھے بہت سوہنا لگدا ہے’۔

    حال ہی میں ایرن نے اپنی ایک ویڈیو ٹک ٹاک اکاؤنٹ پر شیئر کی تھی جس میں انہوں نے پہلی بار ملتان آنے پر خوشی کا اظہار کیا تھا۔

  • ویڈیو: شاہین آفریدی اور پولارڈ کی نوک جھونک

    ویڈیو: شاہین آفریدی اور پولارڈ کی نوک جھونک

    پی ایس ایل کے پہلے کوالیفائر میں شاہین آفریدی اور کیرون پولارڈ کی نوک جھونک کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔

    پی ایس ایل 8 کے کوالیفائر میچ میں ملتان سلطانز نے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 160 رنز بنائے اور قلندرز کو جیت کے لیے 161 رنز کا ہدف دیا جس کے تعاقب میں قلندرز کی بیٹنگ جاری ہے۔

    لاہور قلندرز کے کپتان سب سے مہنگے بولر ثابت ہوئے انہوں نے چار اوورز میں 47 رنز دیے اور کوئی وکٹ حاصل نہ کرسکے۔

    ملتان سلطانز کی جانب سے کیرون پولارڈ نے 57 رنز کی اننگز کھیلی جس میں چھ چھکے اور ایک چوکا شامل تھا۔

    کیرون پولارڈ نے شاہین آفریدی کے اوور میں ایک چھکا اور ایک چوکا بھی رسید کیا جس کے بعد دونوں کھلاڑی آمنے سامنے آگئے۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ شاہین آفریدی کیرون پولارڈ کو کچھ کہہ رہے ہیں جس کے بعد پولارڈ کی جانب سے بھی انہیں جواب دیا جارہا ہے۔

  • مراکش کا فٹبال ورلڈکپ کی میزبانی کیلیے بڑا اعلان

    مراکش کا فٹبال ورلڈکپ کی میزبانی کیلیے بڑا اعلان

    شمالی افریقی ملک مراکش نے 2030 کے فیفا فٹبال ورلڈکپ کی میزبانی کے لیے بولی لگانے کا اعلان کیا ہے۔

    مراکش کے سلطان محمد ششم نے کہا ہے کہ ان کا ملک فٹبال ورلڈکپ 2030 کی میزبانی کے لیے اسپین اور پرتگال کے ساتھ مشترکہ بولی لگائے گا۔

    مراکش اس سے قبل بھی 5 بال عالمی کپ کی میزبانی کے لیے بولی لگا چکا ہے جس میں اسے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

    سال 1994، 1998، 2006، 2010 اور 2026 کے فیفا ورلڈکپ کی میزبانی حاصل کرنے کےلیے مراکش نے بولی لگائی لیکن کامیاب نہ ہو سکا۔

    دوسری جانب اسپین اور پرتگال بھی واضح کر چکے ہیں کہ وہ 2030 ورلڈکپ کے لیے مشترکہ بولی لگانے کو تیار ہیں۔

    مراکشی سلطان کا کہنا ہے کہ مشترکہ بولی سے افریقا، یورپ، شمالی اور جنوبی بحیرہ روم، افریقی اور عرب کو ساتھ ملانے کی کوشش ہے۔