Category: کھیل

پاکستان اور دنیا بھر سے کھیل کی تازہ ترین خبریں اور معلومات۔ کرکٹ، ہاکی، فٹ بال، پی ایس ایل کی خبریں

کھیلوں کی خبریں آپ کو اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں اور ٹیموں کی کارکردگی کے بارے میں جاننے میں مدد کر سکتی ہیں۔

Sports News In Urdu

Cricket News in Urdu

  • بنگلادیش کا عالمی چیمپئن انگلینڈ کیخلاف کلین سوئپ

    بنگلادیش کا عالمی چیمپئن انگلینڈ کیخلاف کلین سوئپ

    بنگلادیش نے عالمی چیمپئن انگلینڈ کے خلاف تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز میں کلین سوئپ کر لیا۔

    انگلینڈ کو آخری ٹی ٹوئنٹی میں 16 رنز سے شکست دے کر بنگلا دیش نے سیریز میں 3-0 سے کلین سویپ کیا ہے۔
    159 رنز کے تعاقب میں انگلینڈ کی ٹیم مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں پر 142 رنز تک محدود رہی۔

    اوپنر ڈیوڈ ملان کے 53 اور جوز بٹلر کے 40 رنز بھی ٹیم کے کام نہ آئے۔ ان کے سوا کوئی اور بلے باز زیادہ مزاحمت نہ کر سکا۔ ٹم سالٹ صفر، بین ڈکٹ 11، معین علی 9 اور سیم کرن 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

    Image

    بنگلہ دیش نے اوپنر لٹن داس کے 57 گیندوں پر 73 اور نجم الحسین شانتو کے 36 میں ناٹ آؤٹ 47 رنز کی بدولت 158 رنز کا ٹوٹل بنایا تھا۔

    سیم کرن اور کرس جارڈن نے آخری پانچ اوورز میں صرف 27 رنز دے کر بنگلا دیش کے اسکور کو محدود کیا۔

  • محمد حارث کے بیٹ ٹوٹنے کی ممکنہ وجہ سامنے آگئی؟

    محمد حارث کے بیٹ ٹوٹنے کی ممکنہ وجہ سامنے آگئی؟

    پی ایس ایل 8 میں لاہور قلندرز کے خلاف میچ میں پشاور زلمی کے بیٹر محمد حارث کے بیٹ ٹوٹنے کی ممکنہ وجہ سامنے آگئی۔

    پی ایس ایل 8 کے اہم میچ میں قلندرز کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر اوپنر بیٹر محمد حارث کا بیٹ ٹوٹ گیا تھا جس کے بعد اگلی ہی گیند پر وہ بولڈ ہوگئے تھے۔

    اے آر وائی ڈیجیٹل کے پروگرام ’دی فورتھ امپائر ایکسپریس‘ میں سابق کپتان اظہر علی نے حارث کے بیٹ ٹوٹنے کی وجہ بیان کردی ہے۔

    فہد مصطفیٰ نے اظہر علی سے پوچھا کہ ’شاہین کی گیند اتنی تیز تھی کہ بلا ٹوٹ گیا یا بیٹ کے ٹوٹنے سے تو بیٹر کا مورال وہی ختم ہوجاتا ہے۔

    اظہر علی نے بتایا کہ ’یہ بیٹ بہت ڈرائی ہوگیا ہوگا یا پھر اس کے اندر ہلکا سا کریک ہوگا جس کا حارث کو علم نہیں ہوگا۔‘

    سابق کپتان نے بتایا کہ ’بیٹر کو بیٹ کا بیلنس اتنا پسند ہوتا ہے کہ جب کسی وجہ سے دوسرا بیٹ منگوانا پڑے تو اسے ایسا لگتا ہے کہ عجیب سا بیٹ تھام لیا ہے۔‘

    اظہر علی نے کہا کہ ’سارے بیٹ سے کھیلنا چاہیے کہ اگر کوئی بیٹ ٹوٹ جائے تو دوسرے بیٹ کی بھی عادت ہوجائے۔‘

    انہوں نے مزید کہا کہ ’میرے خیال میں پہلے سے ہی بیٹ میں کریک آیا ہوا تھا تبھی ایسا ہوا ہے۔‘

  • شعیب ملک نے سعید اجمل کے ڈراپ کیچ کا قصہ سنا دیا

    شعیب ملک نے سعید اجمل کے ڈراپ کیچ کا قصہ سنا دیا

    قومی ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک نے سعید اجمل کے مشہور ڈراپ کیچ کا قصہ سنا دیا۔

    اے اسپورٹس کے پروگرام میں سابق کپتان شعیب ملک میزبانی کے فرائض انجام دے رہے ہیں جبکہ محمد عامر اور عماد وسیم بطور مہمان شریک ہوئے۔

    محمد عامر نے بتایا کہ چیمپئنز ٹرافی کا جب فائنل جیتے تھے تو آپ ویرات کوہلی، یووراج سنگھ، اظہر علی اور میں کھڑے تھے آپ سعید اجمل کا وہ کیچ بتارہے تھے وہ دوبارہ بتائیں۔

    شعیب ملک نے مزاحیہ انداز میں بتایا کہ ’وہ کیچ ڈراپ ہونا ایسا تھا جب بھی اس پر بات کریں تو بڑا مزہ آتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ کیچ آرہا تھا اور سعید اجمل ہاتھوں سے پھول بنا کر بیٹھے تھے جب انہوں نے پھول بنایا تو میں نے کہا کہ کیچ یہ کرلیں گے۔‘

    شعیب ملک نے کہا کہ میری غلطی یہ تھی کہ میں نے کیچ کی کال نہیں تھی کی اور وہ اس وجہ سے نہیں کی کہ سعید اجمل کا وہ پھول دیکھ لیا تھا میں نے کہا کہ بہت آسان کیچ ہے سعید اجمل کرلیں گے۔‘

    انہوں نے کہا کہ سعید اجمل کے پھول سے گیند آگے گری، میں نے کہا کہ آپ نے کیچ نہیں کیا۔‘

    شعیب ملک کا کہنا تھا کہ ’سعید اجمل کہنے لگے کہ میں نے ہاتھ اس لیے اس طرح کیے کہ آپ چھوڑیں گے تو میں کیچ کرلوں گا، میں نے کہا میں نے تو چھوڑ دیا تھا۔‘

  • شاہین آفریدی کو کپتان نہ بنانے پر شاہدآفریدی نے کیا کہا؟

    شاہین آفریدی کو کپتان نہ بنانے پر شاہدآفریدی نے کیا کہا؟

    سابق کرکٹر شاہد آفریدی نے شاداب خان کی حمایت کی ہے جنہیں آئندہ افغانستان سیریز کے لیے کپتان بنانے کا اعلان کیا گیا ہے۔

    چیف سلیکٹر ہارون رشید نے پیر کو افغانستان کے خلاف تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کے لیے اسکواڈ کا اعلان کیا۔ سیریز کا آغاز 24 مارچ بروز جمعہ سے ہوگا۔

    پاکستان کے کپتان بابر اعظم کے ساتھ فخر زمان، حارث رؤف، محمد رضوان اور شاہین شاہ آفریدی کو سیریز میں آرام دیا گیا ہے۔

    کپتانی کی تبدیلی کے حوالے سے شاہد نے اپنا موقف واضح کیا کہ انہوں نے شاہین کو کپتان بنانے کے لیے کبھی لابنگ نہیں کی۔

    https://urdu.arynews.tv/shahid-afridis-reaction-to-making-shadab-khan-the-captain/

    ایک کرکٹ شو میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میرا کرکٹ بورڈ سے دور کا بھی تعلق نہیں، میں نے شاہین کو مشورہ دیا کہ وہ پی ایس ایل میں فرنچائز کی کپتانی نہ کریں، قومی ٹیم کی کپتانی کی بات تو چھوڑ دیں۔

    انہوں نے کہا کہ بورڈ کی طرف سے لیا گیا فیصلہ دانشمندانہ ہے اور سنیارٹی کے مطابق مناسب ہے، بابر کی غیر موجودگی میں، یہ کردار مناسب طور پر شاداب کو جاتا ہے، کیونکہ وہ کافی عرصے سے نائب کپتان کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ میں اس فیصلے سے بہت خوش ہوں۔

    اس سے قبل پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے شاداب خان کو پاکستان ٹیم کا کپتان بنائے جانے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ٹوئٹ میں لکھا کہ تھا سینئر کھلاڑیوں کو آرام دینے اور شاداب جیسے باصلاحیت نوجوان کو موقع دینے کا پی سی بی کا دانشمندانہ فیصلہ ہے۔

  • پاکستان ٹیم کے ہیڈکوچ کا اعلان ہو گیا

    پاکستان ٹیم کے ہیڈکوچ کا اعلان ہو گیا

    پاک افغان ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لئے کوچنگ اسٹاف کا اعلان کر دیا گیا۔

    پی سی بی منیجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نےٹوئٹ کرکے کوچز کے ناموں کا اعلان کیا ہے۔ خیبرپختونخوا ٹیم کی کوچنگ کرنے والے عبدالرحمان کو پاکستان ٹیم کا عبوری ہیڈکوچ مقرر کیا گیا ہے۔

    PCB announces Pakistan head coach for Afghanistan T20I series

    سابق فاسٹ بولرعمرگل بولنگ کوچ کی زمہ داریاں انجام دیں گے جب کہ سابق کپتان محمد یوسف ٹیم کے بیٹنگ کوچ ہوں گے۔

    عبدالمجید ٹی ٹوئنٹی سیریز میں ٹیم کےفیلڈنگ کوچ ہوں گے۔

    آل راؤنڈر شاداب خان افغانستان کیخلاف سیریز میں پاکستان ٹیم کے کپتان ہونگے۔ چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا کہ میں نے بابر اعظم ، محمد رضوان، شاہین اور فخر سے بات کرلی ہے، ان کی جگہ ٹیم میں پکی ہے۔

    نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ بابر ہمارا بہترین کپتان ہے، وہ ٹیم کےکپتان برقرار ہیں، جس دن وہ کہیں گے اس پر ان کی کپتانی کا فیصلہ کریں گے، ہمارے سینئرز کھلاڑیوں کو کوئی خطرہ نہیں ان کی جگہ پکی ہے، نئے کھلاڑیوں کو ٹیسٹ کررہے ہیں۔

    چیئرمین پی سی بی نے اعلان کیا ہےکہ پاک افغان ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے شاداب خان کو کپتان بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔

  • کوہلی نے عثمان خواجہ اور ایلکس کیری کو تحفے میں کیا دیا؟

    کوہلی نے عثمان خواجہ اور ایلکس کیری کو تحفے میں کیا دیا؟

    احمد آباد: بھارت کے خلاف احمد آباد ٹیسٹ میچ کے بعد ویرات کوہلی نے آسٹریلوی کھلاڑی کو تحائف پیش کیے ہیں۔

    بی سی سی آئی نے سوشل میڈیا پر ویڈیو شیئر کی ہے جس میں ویرات کوہلی نے سینچری اسکور کرنے والے پاکستانی نژاد آسٹریلوی کرکٹر عثمان خواجہ اور ایلکس کیری کو اپنی ٹی شرٹ یادگار کے طور پر پیش کردی۔

    پہلی اننگز میں آسٹریلوی اوپنر نے 180 رنز کی اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کا اسکور 480 تک پہنچانے میں مدد کی تھی جبکہ اس میچ میں کیمرون گرین نے بھی 114 رنز بنائے تھے تاہم دوسری اننگز میں اوپنر کو بیٹنگ کیلئے نہیں بھیجا گیا تھا۔

    بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان 4 ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز میں بھارت نے 1-2 سے اپنے نام کرلی تھی جبکہ ایک میچ ڈرا ہوا تھا۔

  • بھارت کے خلاف آسٹریلوی ٹیم کی قیادت کون کریں گے؟

    بھارت کے خلاف آسٹریلوی ٹیم کی قیادت کون کریں گے؟

    آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز کی عدم دستیابی کے باعث اسٹیو اسمتھ بھارت کے خلاف ون ڈے سیریز میں کینگروز کی قیادت کریں گے۔

    کرکٹ آسٹریلیا کے مطابق پیٹ کمنز ون ڈے سیریز کے لیے بھارت واپس نہیں آئیں گے، پیٹ کمنز کی غیر موجودگی میں اسٹیو اسمتھ ٹیم کی قیادت کریں گے۔

    آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز کی والدہ انتقال کرگئیں

    خیال رہےکہ پیٹ کمنز دوسرے ٹیسٹ کے بعد والدہ کی تیمار داری کے لیے آسٹریلیا واپس چلےگئے تھے، ان کی والدہ کا چند روز قبل انتقال ہو گیا تھا، ان کے بعد دو ٹیسٹ میچز میں اسٹیو اسمتھ نے ٹیم کی قیادت کی۔

    آسٹریلوی کرکٹ بورڈ نے پیٹ کمنز کو ون ڈے ٹیم کی قیادت بھی سونپ دی

    واضح رہے کہ بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان ون ڈے میچز 19،17 اور  22 مارچ کو کھیلے جائیں گے۔

  • پاک افغان سیریز، دونوں ممالک کے تماشائیوں کو الگ الگ بٹھایا جائیگا؟

    پاک افغان سیریز، دونوں ممالک کے تماشائیوں کو الگ الگ بٹھایا جائیگا؟

    ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ میں ناخوشگوار واقعے کے بعد رواں ماہ پاک افغان سیریز میں دونوں ممالک کے تماشائیوں کو اسٹیڈیم میں الگ الگ بٹھانے پر غور کیا جا رہا ہے۔

    پی سی بی منیجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ پاک افغان ٹی ٹوئنٹی سیریز کے دوران کسی بھی قسم کے ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے سخت سیکیورٹی اقدامات کیے ہیں۔

    نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ دبئی میں افغان حکام کے ساتھ بات ہوئی تھی کی آپ کے کھلاڑیوں اور کراؤڈ کو کون سنبھالے گا اور ان کی کیا گارنٹی ہے؟ کیونکہ ماضی کا تجربہ اتنا اچھا نہیں رہا۔

    چیئرمین پی سی بی نے بتایا کہ افغان حکام کی جانب سے دو ضمانتیں دی گئیں جن میں ایک تو یو اے ای کی انتظامیہ نے اب کوئی نیا انتظام کیا ہے جس میں ان کی کوشش ہو گی کہ پاکستان اور افغانستان کے سپورٹرز ایک جگہ نہ بیٹھیں۔ دوسری ضمانت یہ ہے کہ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بڑی سختی سے ایکشن لیا جائے گا۔

    ان کا کہنا تھا کہ ویسے بھی یہ افغانستان اور ہمارا ایشو نہیں ہے۔ سیریز کی میزبانی شارجہ کر رہا ہے اور اس حوالے سے شارجہ کی انتظامیہ نے پہلے سے ہی فیصلہ کر رکھا ہے۔

    نجم سیٹھی نے بتایا کہ میری افغان کرکٹ بورڈ کے حکام کے ساتھ یہ بات بھی ہوئی تھی کہ برائے مہربانی آپ اپنے کھلاڑیوں کو سمجھا لیں کہ ہار جیت ہوتی ہے، ہمیں ہار جیت کا کافی تجربہ ہے اس لیے ہم اپنے جذبات کو کنٹرول کر لیتے ہیں مگر آپ نئے نئے آئے ہیں اس لیے ذرا خیال رکھیے گا۔

    واضح رہے کہ گزشتہ سال ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ کے دوران پاکستان سے میچ ہارنے پر افغان تماشائیوں نے پاکستانی تماشائیوں پر کرسیاں پھینکی تھیں اور مغلظات بکی تھیں جس پر یو اے ای انتظامیہ نے ایکشن بھی لیا تھا۔

    پاکستان اور افغانستان کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز 24 سے 27 مارچ تک شارجہ میں کھیلی جائے گی۔

  • روہت شرما نے انوشکا شرما کے بیان کی تردید کر دی

    روہت شرما نے انوشکا شرما کے بیان کی تردید کر دی

    بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان احمد آباد میں کھیلے گئے بارڈر گواسکر ٹرافی کے چوتھے ٹیسٹ میچ میں بھارتی بیٹر ویرات کوہلی نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔

    بھارتی ٹیم کے سابق کپتان ویرات کوہلی نے آسٹریلیا کے خلاف 3 سال کے بعد ٹیسٹ سنچری اسکور کی جس کے باعث انہیں پلیئر آف دی میچ کا ایواڈ دیا گیا۔

    تاہم ویرات کی شاندار سنچری پر ان کی اہلیہ انوشکا شرما نے فوٹو اینڈ شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ایک اسٹوری میں یہ انکشاف کیا کہ ویرات کوہلی نے بیماری کی حالت میں بیٹنگ کی۔

    بیماری کے باوجود شاندار بیٹنگ کر کے سنچری بنانے پر انوشکا نے شوہر کی خوب تعریف کی اور ان کی بیٹنگ فارم کو بھی سراہا۔

    انہوں نے اس میچ کی ایک ویڈیو بھی شیئر کی اور کہا کہ بیمار ہونے کے باوجود ہمت سے بیٹنگ قابل تعریف ہے اور اس جذبے نے ہمیشہ مجھے متاثر کیا ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق ٹیسٹ میچ ختم ہونے کے بعد جب کپتان روہت شرما سے اس متعلق سوال کیا گیا تو انہوں نے اس بات کی تصدیق نہیں کی، ساتھ ہی انہوں نے صحافیوں کو کہہ دیا کہ آپ سوشل میڈیا پر جو دیکھتے ہیں اس پر یقین نہیں کیا کریں۔

    روہت شرما نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ میرا نہیں خیال کہ ویرات بیمار ہے انہیں بس تھوڑی کھانسی کی شکایت تھی۔

    روہت شرما کے علاوہ میچ کے اختتام پر بولنگ آل راؤنڈر اکشر پٹیل نے بھی ویرات کوہلی کے بیمار ہونے والی بات سے انکار کردیا، اکشر نے کہا کہ مجھے علم نہیں ہے، جیسے وہ بھاگ رہے تھے اور جیسے انہوں نے شراکت قائم کی، اس سے لگ نہیں رہا تھا کہ وہ بیمار ہیں۔

    اُدھر آخری ٹیسٹ میچ ڈرا ہونے کے بعد انڈیا نے چارٹیسٹ میچز کی سیریز 1-2 سے اپنے نام کرتے ہوئے بارڈر گواسکر ٹرافی لگاتار چوتھی مرتبہ جیت لی ہے۔

    اس میچ کے ڈرا ہونے اور کرائسٹ چرچ میں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں سری لنکا کو پہلے ٹیسٹ میں ملنے والی شکست نے انڈیا کو آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کے فائنل میں پہنچا دیا ہے۔

    خیال رہے آسٹریلیا اور انڈیا کے درمیان آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کا فائنل رواں سال 7 جون سے انگلینڈ کے اوول کرکٹ گراؤںڈ میں کھیلا جائے گا۔

  • قومی ٹیم کی کپتانی ملنے پر شاداب خان نے کیا کہا؟ پی سی بی نے ویڈیو جاری کردی

    قومی ٹیم کی کپتانی ملنے پر شاداب خان نے کیا کہا؟ پی سی بی نے ویڈیو جاری کردی

    افغانستان سے ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے قومی ٹیم کا کپتان بنائے جانے پر آل راؤنڈر شاداب خان کا کہنا ہے کہ سب سے پہلے میں اللہ تعالیٰ کے شکر اداکروں گا۔

    پاکستان کرکٹ بورڈ نے آل راؤنڈر شاداب خان کی ایک ویڈیو جاری ہے جس میں افغان سیریز کے کپتان نے کہا کہ جو ذمہ داری مجھے سونپی گئی ہے، اسے میں اپنی قابلیت کے مطابق نبھانے کی پوری کوشش کروں گا۔

    آل راؤنڈر  شاداب نے نوجوان کھلاڑیوں کے لیے کہا کہ ٹیم میں جگہ بنانے پر انہیں مبارکباد دیتا ہوں، جب ایک کھلاڑی کھیلنا شروع کرتا ہے تو اس کا ٹارگٹ یہی ہوتا ہے کہ وہ اعلیٰ سطح پر جاکر کھیلے، اس سے بڑھ کر کچھ نہیں ہو سکتا کہ آپ اپنے ملک کی نمائندگی کریں۔

    کپتان شاداب خان نے مزید کہا کہ میں ایک ینگ ٹیم کی قیادت کرنے پر بہت پرجُوش ہوں، ینگ ٹیم میں انرجی ہوتی ہے، کوشش کروں گا کہ یہ انرجی خود بھی لوں، یہ ایک دلچسپ سیریز ہو گی۔

    شاداب نے مداحوں سے اپیل کی کہ ہمیشہ کی طرح پاکستان ٹیم کو سپورٹ کریں،کوشش کریں کہ جس طرح پی ایس ایل کے میچز دلچسپ ہوئے، اسی طرح یہ سیریز بھی دلچسپ ہو۔

    پاک افغان ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلئے اسکواڈ کا اعلان، شاداب خان کپتان مقرر

    واضح رہے کہ گزشتہ روز پی سی بی کے چیئر مین نجم سیٹھی اور قومی ٹیم کے چیف سلیکٹر نے 3 ٹی ٹوئنٹی پاک افغان سیریز کے لیے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا، اس سیریز میں نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دیا گیا ہے جس کی کپتانی شاداب خان کریں گے۔