Category: کھیل

پاکستان اور دنیا بھر سے کھیل کی تازہ ترین خبریں اور معلومات۔ کرکٹ، ہاکی، فٹ بال، پی ایس ایل کی خبریں

کھیلوں کی خبریں آپ کو اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں اور ٹیموں کی کارکردگی کے بارے میں جاننے میں مدد کر سکتی ہیں۔

Sports News In Urdu

Cricket News in Urdu

  • جیسن روئے نے پی ایس ایل میں نیا ریکارڈ بنا ڈالا

    جیسن روئے نے پی ایس ایل میں نیا ریکارڈ بنا ڈالا

    پی ایس ایل 8 میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اوپنر بیٹر جیسن روئے نے نیا ریکارڈ بنا ڈالا۔

    پی ایس ایل 8 کے 25ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے جیسن روئے کی ناقابل شکست سنچری کی بدولت پشاور زلمی کو 8 وکٹوں سے شکست دی، گلیڈی ایٹرز نے 241 رنز کا ہدف 18.2 اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

    جیسن روئے کا شاندار 145 رنز کی اننگز کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

    کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اوپنر بیٹر نے 44 گیندوں پر سنچری مکمل کی ان کی 145 رنز کی شاندار اننگز میں 20 چوکے اور 5 بلند و بالا چھکے شامل تھے۔


    جیسن روئے نے سنچری کے ساتھ ہی پی ایس ایل کی سب سے بڑی انفرادی اننگز کا ریکارڈ بنایا ہے اس سے قبل کولن انگرام نے 127 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔

  • جیسن رائے کی دھواں دھاراننگز، کوئٹہ کامیاب

    جیسن رائے کی دھواں دھاراننگز، کوئٹہ کامیاب

    جیسن رائے کی تاریخ ساز سینچری کی بدولت کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کو شکست دے دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پنڈی اسٹیڈیم میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کو آٹھ وکٹوں سےشکست دےدی ہے، کوئٹہ نے زلمی کی جانب سے دیا گیا 241 رنز کا ہدف 10 گیندوں قبل حاصل کرتے ہوئے پی ایس ایل کی تاریخ کا سب سے بڑا ہدف حاصل کیا۔

    جیسن روئےنے63گیندوں پر145رنز کی تاریخ ساز اننگز کھیل کر زلمی کے ارمانوں پر پانی پھیرا، کوئٹہ کے بیٹر نے 20 چوکے اور 5 چھکے لگائے۔

    محمد حفیظ 41 اور ول اسمیڈ نے 26 رنز بناکر اپنی ٹیم کی فتح میں حصہ ڈالا۔

    اس سے قبل صائم ایوب اور بابراعظم کی ریکارڈ اوپننگ شراکت داری کے باعث پشاور زلمی نے مقررہ 20 اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر 240 رنز بنائے تھے۔

    کپتان بابراعظم اور صائم ایوب نے ابتدا سے ہی جارحانہ انداز اپنایا اور کوئٹہ کے کسی بولر کی چلنے نہ دی، دونوں بیٹرز نے میدان کے چاروں اطراف دلکش اسٹروک کھیل کر شائقین کرکٹ کو خوب تفریح فراہم کی۔

    بابراعظم نے ناقابل شکست سینچری اسکور کی، انہوں نے 65 گیندوں پر 115 رنز بنائے، بابرکی اننگز میں 3 چھکے اور 15 چوکے شامل تھے۔

    صائم ایوب نے 34 گیندوں پر 74 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، ان کی اننگز میں 5 چھکے اور 6 چوکے شامل تھے۔پشاور زلمی کے اختتامی اوورز میں رویمن پاؤل نے برق رفتاری کے ساتھ اسکور کو آگے بڑھایا اور 18 گیندوں پر 35 رنز بٹورے۔

    کوئٹہ کی جانب سے ڈیوائن پرٹوریس کے حصے میں صرف ایک وکٹ آئی۔

    ٹاس کے موقع پر کپتان پشاور زلمی بابراعظم کا کہنا تھا کہ ہمارا کمبی نیشن بہت اچھا بنا ہوا ہے اسی لئے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے، کوشش ہوگی کہ اچھا ٹوٹل بناکر دفاع کریں۔

    بابراعظم نے بتایا کہ آج کے میچ کے لئے ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔

    سرفراز کی جگہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی کمان سنبھالنے والے محمد نواز کا کہنا تھا کہ اگر ہم ٹاس جیت جاتے تو پہلے بولنگ کرتے۔

    انہوں نے کہا کہ کوشش کرینگے کہ پشاور زلمی کو کم سے کم رنز تک محدود رکھیں۔ کپتان محمد نواز نے بتایا کہ جیسن روئے اور محمد حسنین کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔

  • بابر اعظم نے پی ایس ایل میں نئی تاریخ رقم کردی

    بابر اعظم نے پی ایس ایل میں نئی تاریخ رقم کردی

    پی ایس ایل 8 میں پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم نے پہلی سنچری بنا کر نئی تاریخ رقم کردی۔

    پی ایس ایل 8 کے 25ویں میچ میں پشاور زلمی نے بابر اعظم اور صائم ایوب کی شاندار بیٹنگ کی بدولت کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو جیت کے لیے 241 رنز کا ہدف دیا ہے۔

    کپتان بابر اعظم نے 65 گیندوں پر 115 رنز کی شاندار اننگز کھیلی ان کی اننگز میں 15 چوکے اور تین بلند و بالا چھکے شامل تھے۔

    بابر اعظم سب سے زیادہ ٹی ٹوئنٹی سنچریاں بنانے والوں کی فہرست میں مشترکہ طور پر دوسرے نمبر پر آ گئے۔

    کوئٹہ گلیڈی ایٹر کے خلاف میچ میں بابر اعظم نے ٹی ٹوئنٹی کیرئیر کی آٹھویں سنچری بنائی۔ ڈیوڈ وارنر، ایرون فنچ اور مائیکل کلنگر نے بھی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں 8، 8 سنچریاں بنائی ہیں۔

    سب سے زیادہ ٹی ٹوئنٹی سنچریاں ویسٹ انڈیز کے کرس گیل کی ہیں، کرس گیل نے کیرئیر میں 22 ٹی ٹوئنٹی سنچریاں اسکور کی ہیں۔

    سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بھی بابر اعظم کی بیٹنگ کی تعریف کی جارہی ہے اور ان کی اننگز کی ویڈیوز شیئر کی جارہی ہیں۔

  • ’شاداب کو وہ کریڈٹ نہیں ملتا جس کا وہ حقدار ہے‘

    ’شاداب کو وہ کریڈٹ نہیں ملتا جس کا وہ حقدار ہے‘

    نیوزی لینڈ کے بلے باز کولن منرو کا خیال ہے کہ پاکستانی ٹیم اپنی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل ٹیم میں بہت زیادہ اوپنرز کا انتخاب کرتی ہے۔

    بابر اعظم اور محمد رضوان پاکستان ٹی ٹوئنٹی میں موجودہ اوپنرز ہیں جب کہ منرو کا خیال ہے کہ شاداب خان ایک مکمل بلے باز ہیں اور ان کا قومی ٹیم بہتر استعمال کر سکتی ہے۔

    پریس کانفرنس میں گفتگو کرتے ہوئے، منرو نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان کی ان کی بیٹنگ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ شاداب ہمیشہ سے ایک ایسا باؤلر رہا ہے جو بہت زیادہ بیٹنگ بھی کر سکتا ہے پاکستان کے لیے کھیلتے ہوئے اسے وہ کریڈٹ نہیں ملتا جس کا وہ حقدار ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ میں انٹرنیشنل کرکٹ کھیلتا رہا ہوں میں کہہ سکتا ہوں کہ پاکستان نے اپنی ٹیم میں بہت سارے اوپنرز لیے ہیں، اوپنر بننا اور چار یا پانچ نمبر پر بیٹنگ کرنا مشکل ہے اور ہمارے پاس ایسا بیٹر ہے جو ان نمبرز پر بیٹنگ کر سکتا ہے اور وہ شاداب خان ہے جو مناسب بلے باز ہے۔

    انہوں نے مزید کہا شاداب خان ایک حقیقی آل راؤنڈر ہے اور ہمارے پاس اس وقت پاکستان کے دو بہترین آل راؤنڈر ہیں جو ہمارے لیے کھیل رہے ہیں جو بہت اچھا ہے۔

  • محمد یوسف کو کونسی اہم ذمہ داری ملنے والی ہے؟

    محمد یوسف کو کونسی اہم ذمہ داری ملنے والی ہے؟

    پاکستان کے سابق کرکٹر محمد یوسف کو افغانستان کے خلاف آئندہ ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے پاکستان کا عبوری کوچ نامزد کیے جانے کا امکان ہے۔

    اطلاعات کے مطابق پی سی بی کی مکی آرتھر سے ہیڈ کوچ کے کردار کے حوالے سے بات چیت جاری ہے اور معاہدہ طے ہونا باقی ہے۔ اس لیے یوسف کو عارضی عہدہ دینے پر غور کیا جا رہا ہے۔

    محمد یوسف کے ساتھ مقامی سپورٹ اسٹاف کا نام بھی لیا جا سکتا ہے۔

    یوسف اس سے قبل قومی ٹیم کے بیٹنگ کوچ کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے جب کہ ثقلین پی سی بی کے سابق چیئرمین رمیز راجا کی انتظامیہ میں ہیڈ کوچ کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے۔

    گزشتہ ماہ پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا تھا کہ آرتھر سے بات چیت تقریباً اسی فیصد مکمل ہو چکی ہے۔ جلد ہی اعلان متوقع ہے۔

    پاکستان اور افغانستان کے درمیان تین میچوں پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز رواں ماہ کی 25،27 اور29 تاریخ کو کھیلے جائیں گے۔

    شیڈول کا اعلان افغان کرکٹ بورڈ کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ پر کیا گیا، شیڈول کے مطابق سیریز کے تینوں میچز شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے اور سیریز کی آمدنی دونوں ملکوں میں برابر تقسیم ہوگی۔

  • سابق بھارتی کرکٹر نے ٹیسٹ کرکٹ کی ساکھ پر سوال اٹھادیا

    سابق بھارتی کرکٹر نے ٹیسٹ کرکٹ کی ساکھ پر سوال اٹھادیا

    ممبئی: بھارت کے سابق اوپننگ بیٹر گوتم گمبھیر کا کہنا ہے کہ ڈھائی دنوں میں ٹیسٹ میچ کا ختم ہونا اچھی علامت نہیں ہے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق ایک انٹرویو میں سابق بھارتی اوپنر گوتم گھمبیر نے کہا کہ بھارت اور آسٹریلیا جیسی ٹیموں کے درمیان ٹیسٹ میچ کا ڈھائی دن میں ختم ہونا اچھی علامت نہیں ہے۔

    گوتم گھمبیر کا کہنا تھا کہ انہیں لگتا ہے کہ ٹرننگ ٹریک پر کھیلنا ٹھیک ہے لیکن میں ڈھائی دن میں ٹیسٹ میچ ختم ہونے کی کھبی تعریف نہیں کرونگا ، ہم اسے دلچسپ دیکھنا چاہتے ہیں جیسا کہ نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے درمیان ہوا تھا۔

    بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان بارڈر گواسکر ٹرافی کے پہلے تین ٹیسٹ محض تین دنوں میں اختتام پزیر ہوئے تھے جس پر کرکٹ مبصرین کی بحث جاری ہے۔

    واضح رہے کہ بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان چوتھا ٹیسٹ کل سے احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، بھارت کو سیریز میں 1-2 کی برتری حاصل ہے۔

  • پی ایس ایل ویمنز لیگ: سپر ویمن نے ایمازون کو شکست دے دی

    پی ایس ایل ویمنز لیگ: سپر ویمن نے ایمازون کو شکست دے دی

    راولپنڈی: پی ایس ایل ویمنز لیگ کے پہلے نمائشی میچ میں سپر ویمن نے ایمازون کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔

    راولپنڈی میں کھیلے گئے نمائشی میچ میں سپر ویمنز نے ایمازون کی جانب سے دیا گیا 133 رنز کا ہدف 15.5 اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

    ندا ڈار کو آل راؤنڈ کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

    سپر ویمن کی جانب سے لاؤرا ولوور نے 53 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، ندا ڈار 23 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہیں، منیبہ علی 33 رنز بنا کر آؤٹ ہوئیں، چماری اتاپتو نے بھی 23 رنز بنائے۔

    ایمازون کی جانب سے انعم امین اور نشرا سندھو نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

    اس سے قبل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے نمائشی ویمنز کرکٹ کے پہلے میچ میں ٹیم ایمازونز نے  سپر ویمن کو جیت کیلئے 133 رنز کا ہدف دیا تھا۔

    پی ایس ایل نمائشی ویمنز کرکٹ کا پہلا میچ پنڈی اسٹیڈیم میں کھیلا جارہا ہے، جہاں ایمازونز ٹیم کی قیادت بسمعہ معروف اور سپر ویمن ٹیم کی کپتانی ندا ڈار کررہی تھیں۔

    کپتان بسمہ معروف نے   ٹاس جیت کر  پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا، ایمازونز نے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 132 رنز بنائے عالیہ ریاض نے  38 ٹیمی بیومونٹ نے 24 رنز بنائے۔

    سپر ویمن کی جانب سے کپتان ندا ڈار نے 3 طوبیٰ حسن نے 2،  لیہ، سیدہ معصومہ  اور ام ہانی نے ایک ایک وکٹ لیں۔

    ٹاس کے موقع پر سپر ویمن کی کپتان ندا ڈار نے کہا کہ میں سپر ویمن کے کھلاڑیوں کے دلچسپ گروپ کی قیادت کرنے کے لیے پرجوش ہوں، نمائشی میچز ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کرنے کا ایک بہترین پلیٹ فارم ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ان میچوں میں غیر ملکی کھلاڑیوں کی شرکت اور ان کا تجربہ مقامی کھلاڑیوں کو سیکھنے کا موقع فراہم کرے گا۔

    دوسری جانب ایمازونز کی بسمہ معروف کا کہنا تھا کہ اس ٹیم کی قیادت کرنے پرمجھے خوشی ہے۔

    واضح رہے کہ نمائشی میچز کیلئے پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے 18۔ 18کھلاڑیوں پر مشتمل 2 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔

    نمائشی ویمنز کرکٹ میچز میں 10 غیر ملکی کھلاڑیوں کی خدمات حاصل کی گئی ہیں جن میں آسٹریلیا، انگلینڈ اور نیوزی لینڈ سمیت 7 ممالک کی ٹاپ کھلاڑی شامل ہیں۔

     

  • فہیم اشرف نے اسلام آباد کو کامیابی دلوادی

    فہیم اشرف نے اسلام آباد کو کامیابی دلوادی

    راولپنڈی: آل راؤنڈر فہیم اشرف نے تاریخی اننگز کھیل کر اسلام آباد یونائیٹڈ کو فتح دلوادی۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد یونائیٹڈ نےملتان سلطانزکو2وکٹوں سےشکست دیدی، اسلام آباد نے ملتان کی جانب سے دیا گیا 206 رنز کا ہدف آخری اوور میں 8 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔

    ملتان سلطانز کے فاسٹ بولر محمد الیاس آخری اوور میں 18 رنز کا دفاع نہ کرسکے، فہیم اشرف نے51رنزکی میچ وننگ اننگز کھیلی اور ناقابل شکست رہے۔

    اسلام آباد کے آل راؤنڈر نے 26 گیندوں پر 51 رنز کی فتح گر اننگ کھیلی جس میں دو چھکے اور 5 چوکے شامل تھے۔

    کپتان شاداب خان 44 اور کولن منرو 40 رنز بناکر نمایاں رہے۔

    ملتان سلطانز کی جانب سے انورعلی نے3،احسان اللہ اوراسامہ میرنے2،2وکٹیں حاصل کیں۔

    اس سے قبل شان مسعود اور ٹم ڈیوڈ کی جارحانہ بلے بازی کے باعث ملتان سلطانز نے یونائیٹڈ کو جیت کے لئے206 رنز کا ہدف دیا تھا، اوپنر بیٹر شان مسعود نے 50 گیندوں پر 75 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی جبکہ ٹم ڈیوڈ نے 27 گیندوں پر 60 رنز بنائے تھے۔

    ٹم ڈیوڈ نے 5 بار گیند کو پویلین کی جانب پھینکا، کپتان محمد رضوان نے بھی برق رفتاری سے 33 رنز اسکور کئے جس میں تین چھکے بھی شامل تھے۔

    اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے کپتان شاداب خان اور محمد وسیم جونئیر نے 2، دو وکٹیں حاصل کیں فہیم اشرف نے بھی ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

    اس سے قبل اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم میں فاسٹ بولر محمد وسیم جونیئر کی واپسی ہوئی جبکہ ملتان سلطانز نے ٹم ڈیوڈ اور محمد الیاس کو اسکواڈ میں شامل کیا۔

    اسکواڈ

    واضح رہے کہ پوائنٹس ٹیبل پر لاہور قلندرز کی ٹیم 7 میں سے 5 میچ جیت کر 10 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہے جبکہ ملتان سلطانز نے 7 میچز میں سے چار میں کامیابی حاصل کی ہے اور 8 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہے۔

    اس سے قبل کھیلے گئے میچ میں پشاور زلمی نے صائم ایوب کی شاندار بیٹنگ کی بدولت لاہور قلندرز کو باآسانی 35 رنز سے شکست دی تھی۔

  • پاک افغان ٹی ٹوئنٹی سیریز کا شیڈول جاری کردیا گیا

    پاک افغان ٹی ٹوئنٹی سیریز کا شیڈول جاری کردیا گیا

    لاہور: پاکستان اور افغانستان کے درمیان ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کا شیڈول جاری کردیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان اور افغانستان کے درمیان تین میچوں پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز رواں ماہ کی 25،27 اور29 تاریخ کو کھیلے جائیں گے۔

    شیڈول کا اعلان افغان کرکٹ بورڈ کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ پر کیا گیا، شیڈول کے مطابق سیریز کے تینوں میچز شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے اور سیریز کی آمدنی دونوں ملکوں میں برابر تقسیم ہوگی۔

    یاد رہے کہ آسٹریلیا نے رواں سال مارچ میں افغانستان کا دورہ کرنا تھا اور تین ایک روزہ میچز پر مشتمل سیریز یو اے ای میں ہونا تھی تاہم آسٹریلیا نے دورہ افغانستان سے انکارکردیا تھا۔

  • ویڈیو: شاہین آفریدی ’چھکے‘ بھی لگانے لگے

    ویڈیو: شاہین آفریدی ’چھکے‘ بھی لگانے لگے

    پی ایس ایل 8 میں پشاور زلمی کے خلاف میچ میں لاہور قلندرز کے کپتان شاہین آفریدی کے چھکوں کی دھوم مچ گئی۔

    راولپنڈی میں کھیلے گئے میچ میں لاہور قلندرز کی ٹیم پشاور زلمی کی جانب سے دیے گئے 208 رنز کے تعاقب میں 172 رنز پر ڈھیر ہوگئی، شاہین شاہ آفریدی کی نصف سنچری بھی ٹیم کو کامیابی نہ دلوا سکی۔

    حسین طلعت نے 37 گیندوں پر 63 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی، شاہین آفریدی نے 52 رنز بنائے ان کی اننگز میں 5 چھکے اور تین چوکے شامل تھے۔

    سوشل میڈیا پر شاہین آفریدی کی بیٹنگ کے خوب چرچے ہورہے ہیں اور صارفین کی جانب سے ان کی دلکش اننگز کی تعریف کی جارہی ہے۔

    واضح رہے کہ پشاور زلمی کے خلاف قلندرز کے کپتان شاہین آفریدی چھٹے نمبر پر بیٹنگ کرنے آئے تھے انہوں نے 52 رنز اننگز میں پانچ چھکے اور تین چوکے لگائے۔

    یاد رہے کہ شاہین آفریدی کی ٹی ٹوینٹی میں یہ پہلی نصف سنچری ہے۔