Category: کھیل

پاکستان اور دنیا بھر سے کھیل کی تازہ ترین خبریں اور معلومات۔ کرکٹ، ہاکی، فٹ بال، پی ایس ایل کی خبریں

کھیلوں کی خبریں آپ کو اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں اور ٹیموں کی کارکردگی کے بارے میں جاننے میں مدد کر سکتی ہیں۔

Sports News In Urdu

Cricket News in Urdu

  • پشاور زلمی نے لاہور قلندرز کو باآسانی قابو کرلیا

    پشاور زلمی نے لاہور قلندرز کو باآسانی قابو کرلیا

    پی ایس ایل 8 کے 23ویں میچ میں پشاور زلمی نے لاہور قلندرز کو باآسانی 35 رنز سے شکست دے دی،

    راولپنڈی میں کھیلے گئے میچ میں لاہور قلندرز کی ٹیم پشاور زلمی کی جانب سے دیے گئے 208 رنز کے تعاقب میں 172 رنز پر ڈھیر ہوگئی، شاہین شاہ آفریدی کی نصف سنچری بھی ٹیم کو کامیابی نہ دلوا سکی۔

    حسین طلعت نے 37 گیندوں پر 63 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی، شاہین آفریدی نے 52 رنز بنائے ان کی اننگز میں 5 چھکے اور تین چوکے شامل تھے۔

    سکندر رضا 20 رنز بنا سکے جبکہ ڈیوڈ ویزے بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔

    پشاور زلمی کی جانب سے وہاب ریاض اور ارشد اقبال نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں۔ عظمت اللہ عمرزئی دو وکٹیں حاصل کرسکے۔

    اس سے قبل پشاور زلمی نے لاہور قلندرز کو جیت کیلئے 208  رنز کا ہدف دیا تھا۔

    راولپنڈی اسٹیڈیم میں لاہور  قلندرز اور پشاور زلمی کے درمیان  کھیلے جانے والے میچ میں پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم نے  ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا اور  پشاور زلمی کی پوری ٹیم آخری اوور میں 207 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تھی۔

    صائم ایوب نے 64 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جس کے بعد کپتان بابر اعظم 50، محمد حارث 9، ٹام کوہلر 36 اور  رومن پاول 9 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے اس کے بعد  پشاور زلمی کے  تمام کھلاڑی یکے بعد دیگر آؤٹ ہوگئے

    دوسری جانب لاہور قلندرز  سے راشد خان نے 2، حارث رؤف نے 2 اور کپتان شاہین شاہ آٖفریدی نے 4 وکٹ لی۔

    لاہور قلندرز دفاعی چیمپئن اس وقت 7 میچز کھیلنے کے بعد 12پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر سرفہرست ہے اور پہلے ہی پی ایس ایل 8 کے پلے آف کے لیے کوالیفائی کر چکی ہے۔

    دریں اثنا، بابر اعظم کی زیر قیادت پشاور زلمی 6 پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر چوتھی پوزیشن پر ہے۔ اگر آج ٹیم یلو یہ میچ جیت جاتی ہے تو ان کے پلے آف کے لیے کوالیفائی کرنے کے امکانات بڑھ جائیں گے۔

    لاہور قلندرز: کی ٹیم میں فخر زمان، شاویز عرفان، سیم بلنگز (وکٹ کیپر)، عبداللہ شفیق، حسین طلعت، سکندر رضا، راشد خان، ڈیوڈ ویز، شاہین آفریدی (کپتان)، حارث رؤف، زمان خان شامل ہے۔

    پشاور زلمی: کی ٹیم میں محمد حارث (وکٹ کیپر)، بابر اعظم (کپتان)، صائم ایوب، ٹام کوہلر کیڈمور، حسیب اللہ خان، روومین پاول، عامر جمال، وہاب ریاض، عظمت اللہ عمرزئی، مجیب الرحمان، ارشد اقبال شامل ہے۔

  • صائم ایوب کی دلکش بیٹنگ نے دل جیت لیے

    صائم ایوب کی دلکش بیٹنگ نے دل جیت لیے

    پشاور زلمی کے نوجوان اوپنر صائم ایوب کی بیٹنگ کلاس اور جارح مزاجی کے کمبی نیشن نے سب کی توجہ حاصل کر لی۔

    زلمی کے نوجوان بلے باز نے لاہور کے خلاف شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے چھتس گیندوں پر اڑسٹھ رنز اسکور کیے۔

    بائیں ہاتھ کے بلے باز نے شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اور اسپنر راشد خان کے خلاف تین چھکے اور آٹھ چوکے لگائے۔ میگا ایونٹ میں تیسری نصف سنچری بھی اسکور کی۔

    کپتان بابراعظم اور صائم ایوب نے ففٹیز بنائیں اور سنچری اوپنر پارٹنرشپ قائم کر کے ٹیم کی پوزیشن کو مستحکم کیا۔ دونوں بیٹرز کے مابین 107 رنز کی اوپننگ پارٹنرشپ کی بدولت زلمی نے 208 رنز کا ہدف دیا۔

    صائم ایوب کے دلکش بیٹنگ انداز کی سب ہی تعریف کر رہے ہیں اور انہیں بطور اسٹائلش پلیر پاکستان کا روشن مستقبل قرار دے رہے ہیں۔

  • کوئٹہ کی سب سے بڑی غلطی؟ سابق کرکٹر بول پڑے

    کوئٹہ کی سب سے بڑی غلطی؟ سابق کرکٹر بول پڑے

    پاکستان کے سابق ٹیسٹ کرکٹر باسط علی نے پاکستان کے اوپننگ بلے باز احمد شہزاد کے لیے اپنی حمایت کا اظہار کیا ہے جنہیں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2023 کے سیزن کے لیے کسی بھی فرنچائز ٹیم نے منتخب نہیں کیا تھا۔

    باسط علی نے ٹویٹر پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے فیصلے پر تنقید کی جنہوں نے اپنے شاندار ٹریک ریکارڈ کے باوجود احمد کو ٹیم میں شامل نہیں کیا۔

    سابق کرکٹر نے لکھا کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے احمدشہزاد کو ٹیم کا حصہ نہ بنا کر بہت بڑی غلطی کی ہے۔۔

    31 سالہ کھلاڑی نے 2016 سے 2020 تک پی ایس ایل کے 45 میچز کھیل کر 1077 رنز بنائے۔ تاہم پی ایس ایل کے رواں سیزن کے لیے فٹ اور دستیاب ہونے کے باوجود احمدشہزاد کو کسی بھی فرنچائز نے منتخب نہیں کیا۔

    دسمبر میں پی ایس ایل 8 کے ڈرافٹ سے پہلے احمد شہزاد کسی ایک فرنچائز کی طرف سے منتخب ہونے کے لیے پرُ اعتماد تھے اور غالب امکان تھا کہ گلیڈی ایٹرز انہیں حصہ بنائے گی۔

  • پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین تاریخی ٹیسٹ

    پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین تاریخی ٹیسٹ

    پرتھ اس سال دسمبر میں آسٹریلیا اور پاکستان کے درمیان تین میچوں کی سیریز کے پہلے ٹیسٹ کی میزبانی کرے گا۔

    آسٹریلوی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ٹیسٹ سمر پرتھ میں شروع ہو گا اور پھر میلبورن اور سڈنی میں اگلے دو میچز کھیلے جائیں گے۔

    پاکستان نے آپٹس اسٹیڈیم میں کبھی بھی ریڈبال ٹیسٹ میچ نہیں کھیلا، ان کے پچھلے دورے صرف T20 میچوں تک ہی محدود تھے جس میں گزشتہ سال T20 ورلڈ کپ میں زمبابوے کے خلاف شکست بھی شامل تھی۔

    گزشتہ ماہ ویسٹرن آسٹریلوی کرکٹ کی باس کرسٹینا میتھیوز نے کرکٹ آسٹریلیا (سی اے) سے اپیل کی تھی کہ وہ پرتھ کو مسلسل دوسرے سال ویسٹ انڈیز کے بجائے پاکستان کے خلاف تاریخی ٹیسٹ میچ کی میزبانی کا موقع فراہم کریں۔

    میتھیوز نے دی ویسٹ آسٹریلین کو کہا کہ ہم نے یقینی طور پر یہ بتا دیا ہے کہ ہماری ترجیح پاکستان ہے ہمارے پاس پاکستان کافی عرصے سے نہیں کھیلا لہذا آپٹس اسٹیڈیم میں ان کی میزبانی کرنا چاہتے ہیں۔

  • وسیم وزیر نے منگنی کر لی

    وسیم وزیر نے منگنی کر لی

    اسلام آباد: قومی کھلاڑی وسیم وزیر نے منگنی کر لی۔

    تفصیلات کے مطابق محمد وسیم جونیئر بھی رشتہ ازدواج میں بندھنے والے ہیں، انھوں نے مشہور بزنس من ایشیا کارگو کے مالک کی صاحب زادی کے ساتھ اسلام آباد میں منگنی کر لی۔

    وزیرستان کے رسم و راوج کے مطابق فی الوقت صرف منگنی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا ہے، جب کہ رخصتی بعد میں کی جائے گی۔

    شادی کی تمام تقریبات بھی اسلام آباد میں منعقد ہوں گی۔

  • نسیم شاہ جیت کے باوجود افسردہ کیوں؟

    نسیم شاہ جیت کے باوجود افسردہ کیوں؟

    پی ایس ایل 8 میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے فاسٹ بولر نسیم شاہ کراچی کنگز کیخلاف کامیابی کے باوجود افسردہ ہوگئے۔

    پنڈی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پی ایس ایل 8 کے 22ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کراچی کنگزکیخلاف چار وکٹوں سےفتح سمیٹی، کوئٹہ نے 165 رنز کا ہدف آخری اوور میں پورا کرلیا۔

    مارٹن گپٹل نے میچ وننگ اننگز کھیلتے ہوئے86 رنزاسکورکیے انہیں شاندار اننگز پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

    فاسٹ بولر نسیم شاہ نے مقررہ 4 اوورز میں 31 رنز دے کر دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

    میچ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نسیم شاہ نے کہا کہ ’آج میچ میں شائقین کرکٹ کی کم تعداد دیکھ کر افسوس ہوا اس سے قبل جس طرح میچز میں شائقین کی بڑی تعداد دیکھنے کو ملی ایسا آج نہیں تھا۔‘

    نسیم شاہ نے کہا کہ ’ایونٹ میں ہم نے جس طرح کرکٹ کھیلی ہے شاید شائقین کے دل ٹوٹ گئے تھے۔‘

    فاسٹ بولر نے کہا کہ ’بطور کھلاڑی ہم 100 فیصد کارکردگی دکھاتے ہیں کوئی بھی یہ نہیں چاہتا کہ میچ ہارے اور میرا نہیں خیال کہ شکست پر کھلاڑی سے زیادہ کوئی افسردہ ہوتا ہوگا۔

    انہوں نے ایمرجنگ پلیئر ایمل خان کی تعریف کی اور کہا کہ ’پی ایس ایل میں دنیا کے بہترین کھلاڑیوں کے سامنے ایمل خان کی شاندار کارکردگی بہت زبردست ہے۔‘

    شارجہ میں پاک افغان ٹی 20 سیریز سے متعلق سوال پر نسیم شاہ نے کہا کہ ’شارجہ میں اچھی کرکٹ کھیلیں گے اور سیریز جیتنے کی کوشش کریں گے۔

  • کوئٹہ نے کراچی کنگز کے خلاف فتح سمیٹ لی

    کوئٹہ نے کراچی کنگز کے خلاف فتح سمیٹ لی

    راولپنڈی: ایچ بی ایل پی ایس ایل 8 کے بائیسویں میچ میں کوئٹہ نے کراچی کنگز کو شکست دے دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پنڈی اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے پی ایس ایل 8 کے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کراچی کنگزکیخلاف چار وکٹوں سےفتح سمیٹی، کوئٹہ نے 165 رنز کا ہدف آخری اوور میں پورا کرلیا۔

    مارٹن گپٹل نے میچ وننگ اننگز کھیلتے ہوئے86رنزاسکورکیے،سرفرازاحمد نے29اورمحمد نواز نے15رنزبنائے۔

    مارٹن گپٹل اورسرفراز کےدرمیان چھٹی وکٹ پر95رنزکی شراکت بنی۔

    کراچی کی جانب سے تبریزشمسی نے دو،عامریامین،جیمزفلر،محمدموسیٰ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

    اس سے قبل کراچی نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 164 رنز بنائے، کراچی کی جانب سے ایڈم روسنگٹن نے 69 رنز کی دلکش اننگز کھیلی، کپتان عماد وسیم 30 اور عامر یامین 23 رنز بناکر نمایاں رہے۔

    کوئٹہ کی جانب سے ایمل خان اورنسیم شاہ نے2،2وکٹیں حاصل کیں، محمد نوازاورنوین الحق نے بھی ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

    ٹاس کے بعد گفتگو میں سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ کوشش کرینگے کہ کراچی کو کم سے کم رنز پر محدود کریں ہمارے پاس اب بھی موقع ہے کوشش کرینگے کہ غلطیاں نہ کریں۔

    کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے اپنی گفتگو میں کہا کہ کوشش کرینگے کہ 180 سے 190 کے درمیان رنز اسکور کریں کیونکہ یہاں کی پچز پر یہ اسکور اچھا ہوتا ہے۔

    دونوں ٹیموں نے آج کے میچ کے لئےچار چار تبدیلیاں کیں ہیں، کراچی کنگز کی پلیئنگ الیون میں قاسم اکرم کی شمولیت ہوئی ہے۔

    کراچی کنگز اسکواڈ

    کپتان عماد وسیم، ایڈم روسنگٹن، طیب طاہر، شعیب ملک، قاسم اکرم، میتھیو ویڈ، جیمز فلر، عامر یامین، موسیٰ خان، محمد عامر اور تبریز شمسی۔

    کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اسکواڈ

    کپتان سرفراز احمد، مارٹن گپٹل، عمیر یوسف، افتخار احمد، نجیب اللہ زادران، محمد نواز، عمر اکمل، ڈیوئین پریٹوریئس، نسیم شاہ اور نوین الحق۔

  • سہیل تنویر کا انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

    سہیل تنویر کا انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

    قومی ٹیم کے فاسٹ بولر سہیل تنویر نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر فاسٹ بولر سہیل تنویر نے لکھا کہ ’وہ تمام طرز کی انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائر ہورہے ہیں تاہم ڈومیسٹک اور فرنچائز کرکٹ کھیلتے رہیں گے۔

    سہیل تنویر نے بین الاقوامی سطح پر مواقع فراہم کرنے پر پی سی بی کا شکریہ بھی ادا کیا۔

    واضح رہے کہ سہیل تنویر نے قومی ٹیم کی نمائندگی کرتے ہوئے 62 ون ڈے، 57 ٹی ٹوینٹی اور 2 ٹیسٹ میچز کھیلے اور بالترتیب 71، 54 اور پانچ وکٹیں حاصل کیں۔

    یاد رہے کہ سہیل تنویر پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور ملتان سلطانز کی نمائندگی کرچکے ہیں۔

  • شکیب الحسن نے تاریخ رقم کر دی

    شکیب الحسن نے تاریخ رقم کر دی

    عالمی نمبر ون آل راؤنڈر شکیب الحسن نے شاندار کارکردگی کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے کئی نئے اعزاز اپنے نام کر لیے۔

    انگلینڈ کے خلاف تیسرے ون ڈے میں آل راؤنڈ کارکردگی سے نہ صرف ٹیم کو فتح دلادی بلکہ ون ڈے میں بطور بنگلادیشی پلیئر نئی تاریخ بھی رقم کر دی۔

    بائیں ہاتھ کے بولر 300 وکٹیں لینے والے پہلے بنگلادیشی بن گئے ہیں جب کہ 6976 رنز کے ساتھ وہ دوسرے سب سے زیادہ اسکور کرنے والے بنگلادیشی بیٹر ہیں۔

    چٹاگانگ میں کھیلے گئے میچ میں شکیب الحسن نے نصف سنچری کے ساتھ ساتھ 4 اہم وکٹیں بھی حاصل کیں۔ یہ چوتھا موقع ہے کہ انہوں نے ایک ہی میچ میں ففٹی بنانے کے ساتھ ساتھ 4 وکٹیں بھی حاصل کیں۔

    اس کے ساتھ ساتھ وہ چھٹے اسپنر ہیں جنہوں نے ایک روزہ میچوں میں 300 یا اس سے زائد وکٹیں لی ہیں۔ اس لسٹ میں لیجنڈ مرلی دھرن 534 وکٹوں کے ساتھ سرِفہرست ہیں جب کہ پاکستان کے شاہد خان آفریدی 395 وکٹوں کے ساتھ دوسرے، بھارت کے انیل کمبلے 337 کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔

    سری لنکا کے لیجنڈ سینتھ جےسوریا 323 کے ساتھ چوتھے اور نیوزی لینڈ کے ڈینیئل ویٹروی 305 وکٹوں کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہیں۔

  • جنوبی افریقا نے اپنا کپتان تبدیل کر دیا

    جنوبی افریقا نے اپنا کپتان تبدیل کر دیا

    کرکٹ جنوبی افریقا نے ایڈن مارکرم کو اپنا T20I کپتان مقرر کر دیا ہے۔

    مارکرم نے ٹیمبا باوما سے مختصر ترین فارمیٹ میں قیادت کی ذمہ داریاں سنبھالی ہیں۔ باوما کی قیادت میں جنوبی افریقی ٹیم دو بار ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے گروپ مرحلے سے باہر ہو گئی تھی۔

    اس کے علاوہ جے پی ڈومنی کی خدمات بطور بیٹنگ کوچ اور روری کلین ویلڈٹ کو باؤلنگ کوچ کے طور پر وائٹ بال سیٹ اپ میں شامل کیا گیا ہے۔

     قابل ذکر بات یہ ہے کہ ڈومنی مستقل بنیادوں پر ٹیم کے ساتھ رہیں گے جب کہ کلین ویلڈٹ صرف ویسٹ انڈیز کی آئندہ سیریز کے لیے سیٹ اپ کا حصہ ہوں گے۔

    Aiden Markram

    ڈائریکٹر کرکٹ اینوک اینکوے نے بیان میں کہا کہ میں ایڈن مارکرم کو پروٹیز T20I ٹیم کے کپتان کے طور پر تقرری پر مبارکباد دینا چاہوں گا ہمیں کوئی شک نہیں کہ ان کی قیادت میں ٹیم ترقی کی منازل طے کرے گی۔

    ان کا کہنا تھا کہ اس کے ساتھ ساتھ ہم ٹیمبا باوما کا شکریہ ادا کرنا چاہیں گے کہ انہوں نے پچھلے دو سالوں میں اس ذمہ دارای کو  مناسب طریقے ادا کرتے رہے۔

    مارکرم نے حال ہی میں سن رائزرز ایسٹرن کیپ کی قیادت کرتے ہوئے ساؤتھ افریقا ٹی ٹوئنٹی لیگ میں کامیابی سمیٹی۔ 2014 میں انہوں نے U19 مینز کرکٹ ورلڈ کپ میں انڈر 19 ٹیم کی قیادت کی تھی۔