Category: کھیل

پاکستان اور دنیا بھر سے کھیل کی تازہ ترین خبریں اور معلومات۔ کرکٹ، ہاکی، فٹ بال، پی ایس ایل کی خبریں

کھیلوں کی خبریں آپ کو اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں اور ٹیموں کی کارکردگی کے بارے میں جاننے میں مدد کر سکتی ہیں۔

Sports News In Urdu

Cricket News in Urdu

  • انگلینڈ کیخلاف پاکستان کی 11 رکنی ٹیسٹ اسکواڈ، چار پلیئرز ڈیبیو کریں گے

    انگلینڈ کیخلاف پاکستان کی 11 رکنی ٹیسٹ اسکواڈ، چار پلیئرز ڈیبیو کریں گے

    راولپنڈی: تاریخی ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ کے لیے انگلینڈ کے خلاف پاکستان کرکٹ ٹیم کے 11 کھلاڑیوں کے نام سامنے آگئے۔

    پلینگ الیون میں کپتان بابر اعظم،  عبداللہ شفیق، امام الحق، اظہر علی، سعود شکیل، محمد رضوان، سلمان علی آغا، نسیم شاہ، حارث رؤف، محمد علی، زاہد محمود شامل ہیں۔

    پاکستان کی جانب سے آج سعود شکیل، حارث رؤف، محمد علی اور زاہد محمود ڈیبیو کررہے ہیں۔

    پاکستان کے چار ڈیبیو کرنے والے کھلاڑیوں کو ٹیسٹ میچ سے قبل کیپ دی گئی، زاہد محمود کو ٹیسٹ کیپ محمد رضوان نے دی، محمد علی کو ٹیسٹ کیپ بیٹنگ کوچ محمد یوسف نے پہنائی، سعود شکیل کو ٹیسٹ کیپ سابق کپتان سرفراز احمد نے دی جبکہ حارث روؤف نے ٹیسٹ کیپ کپتان بابر اعظم سے حاصل کی۔

  • آج مزید 4 ٹیموں کے مستقبل کا فیصلہ ہوگا

    آج مزید 4 ٹیموں کے مستقبل کا فیصلہ ہوگا

    قطر میں جاری فیفا ورلڈ کپ کے پری کوارٹر فائنل مرحلے میں کون رسائی حاصل کرے گا آج مزید چار ٹیموں کا فیصلہ ہو جائے گا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق قطر میں دنیا کے سب سے مقبول کھیل فٹبال عالمی کپ کے سنسنی خیز میچز جاری ہیں۔ راؤنڈ میچز اختتام ناک آؤٹ مرحلے میں رسائی کی جنگ آخری مرحلے میں پہنچ گئی ہے۔ پری کوارٹر فائنل مرحلے کے لیے اور کون کون سی ٹیمیں کوالیفائی کریں گی ان میں سے چار کا فیصلہ آج ہوگا۔

    آج گروپ ایف میں رات ا8 بجے گزشتہ عالمی کپ کی فائنلسٹ کروشیا کا ٹکراؤ بیلجیئم سے ہوگا۔ کروشیا میچ ڈرا کر کے اگلے مرحلے میں جگہ بنا سکتی ہے جب کہ بیلجیئم کو پر کوارٹر فائنل میں رسائی کے لیے لازمی فتح درکار ہوگی۔

    دوسرا میچ مراکش اور کینیڈا کے درمیان ہوگا۔ میچ برابر ہونے کی صورت میں بھی مراکس اگلے مرحلے کا ٹکٹ حاصل کرلے گا۔ تیسرے میچ میں گروپ ای میں جاپان اور اسپین رات 12 بجے مدمقابل آئیں گے۔ اس میچ میں اسپین برابری کا کھیل کھیل کر بھی پری کوارٹر فائنل میں پہنچ جائے گی لیکن جاپان کو اگر اگلے مرحلے میں جانا ہے تو ہر حال میں فتح حاصل کرنا ہوگی۔

    آج کا چوتھا اور آخری میچ چار بار کی عالمی چیمپئن جرمنی اور کوسٹاریکا کے مابین ہے۔ شکست یا ڈرا کی صورت میں جرمنی کا ٹورنامنٹ یہیں ختم ہوجائے گا۔

    اس سے قبل نیدر لینڈ، سینیگال، برازیل، آسٹریلیا، پرتگال، ارجنٹینا، پولینڈ اور فرانس کی ٹیمیں پری کوارٹر مرحلے کے لیے کوالیفائی کرچکی ہیں۔

    فیفا ورلڈ کپ کے تمام میچ اے اسپورٹس اور اے آر وائی زیپ پر براہ راست دکھائے جا رہے ہیں۔

  • پاک انگلینڈ ٹیسٹ سیریز: ٹرافی کی رونمائی کر دی گئی

    پاک انگلینڈ ٹیسٹ سیریز: ٹرافی کی رونمائی کر دی گئی

    راولپنڈی: پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کی ٹرافی کی رونمائی کر دی گئی۔

    پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ٹیسٹ سیریز ٹرافی کی رونمائی راولپنڈی کرکٹ گراؤنڈ میں کی گئی، دونوں ٹیموں کے کپتان بابر اعظم اور بین اسٹوکس نے ٹرافی رونمائی کی تقریب میں شرکت کی۔

    واضح رہے کہ ٹرافی کی رونمائی کی تقریب گزشتہ روز کرنی تھی لیکن انگلش کپتان کی عدم دستیابی پر تقریب ملتوی ہوئی تھی۔

     

  • پاکستان انگلینڈ ٹیسٹ کی تاریخ، کچھ دلچسپ، انوکھے اور منفرد ریکارڈز

    پاکستان انگلینڈ ٹیسٹ کی تاریخ، کچھ دلچسپ، انوکھے اور منفرد ریکارڈز

    پاکستان اور انگلینڈ کے مابین ٹیسٹ سیریز آج سے شروع ہو رہی ہے دونوں ٹیموں کے مابین ٹیسٹ کھیلنے کی تاریخ 66 برس پرانی ہے جس میں کئی دلچسپ اور انوکھے ریکارڈز بنے۔

    پاکستان اور انگلینڈ کے مابین آج سے تین ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کا آغاز ہو رہا ہے جو دو طرفہ 28 ویں سیریز ہے۔ دونوں ممالک کے مابین 66 سالہ ٹیسٹ تاریخ میں کھیلی گئی 27 ٹیسٹ سیریز میں سے 11 انگلینڈ کے نام رہیں۔ 8 میں پاکستان فاتح رہا جب کہ 8 سیریز ڈرا ہوئیں۔ میچز کی بات کی جائے تو دونوں ٹیمیں 27 ٹیسٹ سیریز میں 86 میچز میں مدمقابل آئیں۔ انگلش ٹیم کو 26 فتوحات ملیں جب کہ قومی ٹیم نے 21 میں کامیابی حاصل کی جب کہ 39 میچز ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم ہوئے۔

    پاکستان نے تین سیریز اپنے میدانوں میں اور تین ہی گوروں کے دیس میں جیتی ہیں جب کہ دو سیریز متحدہ عرب امارات میں اپنے نام کیں۔ انگلینڈ ٹیم نے اپنے ملک میں 9 سیریز جیتیں جب کہ پاکستان میں صرف دو بار انگلش ٹیم فتح کی ٹرافی اٹھانے میں کامیاب رہی۔ یو اے ای میں یہ ٹیم کوئی سیریز نہیں جیت سکی ہے۔

    پاکستان کو بڑی اننگز میں سبقت:

    پاکستان اور انگلینڈ کے مابین اب تک کھیلے گئے 86 میچز میں پاکستانی بیٹنگ کے اعداد وشمار نمایاں ہیں۔ باہمی میچز میں ایک اننگ کا بڑا اسکور بھی قومی ٹیم کے بیٹرز نے بنایا اور متعدد بار یہ کارنامہ انجام دیا اور سب سے دلچسپ بات یہ ہے کہ پاکستان نے انگلش ٹیم کے خلاف سب سے بڑا اسکور بھی ان کے میدان میں بنایا جب 1987 میں اوول کے میدان میں 708 رنز اسکور بورڈ پر سجائے۔ قومی ٹیم کو یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ میچز میں دوسرا بڑا مجموعہ بھی اسی نے بنایا جو 2005 میں لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں بنایا گیا جب ٹیم نے 8 وکٹ پر 636 رنز بنا کر اننگ ڈیکلیئر کی تھی۔

    پاکستان نے انگلینڈ کے خلاف تیسرا اور چوتھا بڑا اسکور بھی گوروں کے دیس میں بنایا۔ 1971 میں برمنگھم ٹیسٹ میں 7 وکٹوں پر 608 رنز اسکور کیے۔ اگلی سیریز میں 1974 میں اوول میں قومی ٹیم نے 7 وکٹوں کے نقصان پر 600 رنز بنا کر اننگ ڈیکلیئر کی۔

    اگر انگلینڈ کی بات کریں تو اس کا پاکستان کے خلاف ایک اننگ کا سب سے بڑا اسکور 9 وکٹوں کے نقصان پر 598 رنز ہے جو ابوظہبی میں 2015 میں بنایا گیا۔

    کم ترین اسکور کا دلچسپ ریکارڈ:

    یہ ایک دلچسپ اتفاق ہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کا ایک دوسرے کے خلاف کم تر اسکور ایک جیسا ہے جو 72 رنز ہے۔ قومی ٹیم نے 2010 میں برمنگھم ٹیسٹ میں 40 ویں اوور میں 72 پر آؤٹ ہوا تو صڑف دو سال بعد ہی پوری انگلش ٹیم 2012 میں ابوظہبی ٹیسٹ میں 37 ویں اوور میں 72 کے مجموعے پر ڈھیر ہوگئی۔

    سنسنی خیز فتوحات:

    سنسنی خیز فتوحات میں پاکستان نے 2005 میں ملتان ٹیسٹ میں 22 رنز سے فتح حاصل کی جب کہ 1954 میں انگلینڈ کو 24 رنز سے زیر کیا جب کہ انگلش ٹیم نے 1971 میں 25 رنز کے کم مارجن سے فتح حاصل کی۔

    انفرادی بیٹنگ ریکارڈز:

    دونوں ممالک کی ٹیسٹ سیریز میں اب تک سابق انگلش کپتان ایلسٹرکک کو دونوں ممالک کی جانب سے سب سے زیادہ 1719 ٹیسٹ اسکور بنانے کا اعزاز حاصل ہے۔ انہوں نے 20 میچز کی 36 اننگز کھیلیں بیٹنگ اوسط 49 سے زائد رہی۔ کک نے 5 سنچریز اور 8 نصف سنچریزبنائیں ان کا ہائی اسکور 263 رنز ہے۔

     

    ایلسٹر کک 10ہزار رنز بنانے والے کم عمر بیٹسمین - Sport - Dawn News

     

    دوسرا نمبر سابق پاکستانی کپتان انضمام الحق کا ہے۔ وہ 19 میچزکی 32 اننگز میں 42 کی اوسط سے 1584 اسکور کے جن میں 5 سنچرکاں اور 10 نصف سنچریاں شامل ہیں اور 148 ان کا سب سے زیادہ اسکور ہے۔  تیسرے نمبر پر بھی سابق پاکستانی کپتان محمد یوسف کے 14 میچزکی 24 اننگز میں 1499 رنز ہیں جو انہوں نے 62 کی قابل رشک اوسط سے اسکور کیے ان کا زیادہ سے زیادہ اسکور 223 ہے۔ انہوں نے 6 سنچریاں جڑیں۔

     

    جارحانہ حکمت عملی سے حملہ کرنا ہوگا' - Sport - Dawn News

     

    2006 کی سیریز میں محمد یوسف کے انگلش سر زمین پر 4 میچز میں بنائے گئے 631 رنز کسی بھی ایک سیریز کے سب سے بڑا اسکور ہے جوئے روٹ نے 2016 میں اپنے ہی ملک میں چار میچز میں 512 رنز بنائے تھے۔

     

    سابق کرکٹر محمد یوسف کا بیٹا کتنا بڑا ہوگیا؟

     

    پاکستان بمقابلہ انگلینڈ، باؤلنگ ریکارڈز:

    اگر پاکستان بولنگ کی بات کریں تو سب کے ذہن میں پہلے عمران خان، وسیم اکرم، وقار یونس کے نام آئیں گے لیکن قارئین کے لیے حیرت انگیز بات ہوگی کہ دنیائے کرکٹ کے ان تیز بولرز کے بجائے دو طرفہ سیریز میں بولنگ میں پاکستان کے مرحوم لیگ اسپنر عبدالقادر سب سے آگے ہیں۔ مرحوم عبدالقادر نے 1977 سے 1987 کے قلیل عرصے میں 16 میچز کی 28 اننگ میں 82 وکٹیں حاصل کیں جو اب تک ایک ریکارڈ ہے۔

    انگلینڈ کے جمی اینڈرسن نے 2010 سے 2020 کے درمیان 18 میچز کھیلیے اور 34 اننگز میں 74 وکٹیں لے کر دوسرے نمبر پر ہیں۔ پاکستان کیخلاف اینڈرسن کی یہ آخری سیریز ہے اب دیکھنا یہ ہے کہ کیا وہ 9 وکٹیں لے کر زیادہ وکٹوں کا ریکارڈ اپنے نام کرتے ہیں یا پھر اس ریکارڈ پر عبدالقادر مرحوم کا قبضہ برقرار رہے گا۔

    بولنگ ریکارڈز کے میدان میں انگلش کھلاڑی اسٹورٹ براڈ 19 میچز میں 67 وکٹیں لے کر تیسرے، سابق قومی کپتان وسیم اکرم 18 میچز میں 57 اور وقار یونس 11 میچز میں 50 وکٹیں لے کر بالترتیب چوتھے اور پانچویں نمبر پر ہیں۔

    بولنگ انفرادی کارکردگی:

    بولنگ میں انفرادی کارکردگی میں بھی پاکستانی لیگ اسپنر مرحوم عبدالقادر سب سے اوپر نظر آتے ہیں جن کی ایک اننگ میں بہترین بولنگ پرفارمنس 56 رنز کے عوض 9 وکٹیں ہے عبدالقادر نے 8 بار اننگ میں 5 یا اس سے زائد وکٹیں لیں جب کہ میچ میں 10 وکٹیں لینے کا اعزاز چار بار اپنے نام کیا۔ ایک سیریز میں عبد القادر کی 3 میچزمیں 30 وکٹیں 1987 کا کانامہ آج بھی سر فہرست ہے۔ اب دیکھنا ہے کہ عبدالقادر کے یہ ناقابل یقین ریکارڈز مستقبل میں کون سا بولر توڑتا ہے۔

     

    عبدالقادر دنیائے کرکٹ کو بھی افسردہ کر گئے

     

    انگلینڈ کی جانب سے سابق کپتان این بوتھم کا ریکارڈ ایک اننگ میں 8 وکٹوں کا حصول ہے۔ کراس واکس انگلینڈ کے لیے 2016 میں چار میچز کھیل کر 26 وکٹ تک پہنچ سکے تھے۔

    باہمی سیریز کے چند دیگر مفرد ریکارڈ:

    مصباح الحق نے بطور کپتان انگلینڈ کے خلاف 10 میچز کھیلے جن میں سے 7 جیتے اور صرف دو ہارے جو باہمی سیریز میں اوسط کے حساب سے کسی بھی کپتان کی اچھی کارکردگی ہے جب کہ اینڈریو سٹائرس نے انگلش ٹیم کے کپتان کی حیثیت سے سب سے زیادہ 11 میچز کھیلے جن میں سے 6 جیتے اور 4 ہارے۔

    کسی بھی وکٹ پر بڑی شراکت کا ریکارڈ بھی پاکستان کے قبضے میں ہے۔ 2006 کے لیڈز ٹیسٹ میں محمد یوسف اور یونس خان نے تیسری وکٹ پر363 اسکور بنائے تھے۔

    سب سے زیادہ ٹیسٹ میچز کھیلنے والے کھلاڑی:

    پاکستان کے سابق وکٹ کیپر وسیم باری کو باہمی سیریز میں سب سے زیادہ 24 ٹیسٹ میچز کھیلنے کا اعزاز حاصل ہے۔

  • پنڈی ٹیسٹ: بیمار انگلش ٹیم  نے پاکستانی بولرز کی طبعیت بگاڑ دی

    پنڈی ٹیسٹ: بیمار انگلش ٹیم نے پاکستانی بولرز کی طبعیت بگاڑ دی

    راولپنڈی: راولپنڈی میں کھیلے جارہے تاریخی ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ میں پہلے دن کا کھیل ختم ہوگیا۔

    راولپنڈی میں پاکستان کے خلاف انگلینڈ کی تیسرے سیشن میں بھی دھواں دھار بیٹنگ جاری رہی، پہلے دن کا کھیل خراب روشنی کے باعث جلد ختم کردیا گیا جہاں انگلینڈ نے 4 وکٹ کے نقصان پر 506 رنز بنائے۔

    راولپنڈی میں جاری میچ میں پہلے سیشن کے بعد بین ڈکٹ107رنز بنا کر زاہد محمود کی بول کا شکار بنے اس کے بعد اگلے ہی اوور میں حارث رؤف نے انگلینڈ ٹیم کے دوسرے اوپنر زیک کرولی کو 122 رنز پر بولڈ کیا۔

    انگلینڈ کے بیٹر جو روٹ کو 46 ویں اوور میں 23 رنز پر  زاہد محمود نے ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔

    انگلینڈ کی چوتھی وکٹ زاہ محمود نے لی ان کی گیند پر جو روٹ 23 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

    انگلینڈ ٹیم پہلے سیشن میں لنچ کے وقفے تک 27 اوورز میں  بغیر کسی نقصان کے 174 رنز بنائے تھے، انگلینڈ کی جانب سے زیک کرولی اور بین ڈکٹ نے اننگز کا آغاز کیا اور ابتدا سے ہی تیز بیٹنگ کر رہی ہے۔

    پاکستان اورانگلینڈ کے درمیان راولپنڈی میں ٹیسٹ میچ کا آغاز ہوگیا ہے جہاں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پاکستان کیحلاگ بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔

    راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں 3 ٹیسٹ میچز کی سیریز آج سے شروع ہورہی ہے جہاں انگلش کپتان بین اسٹوکس نے پاکستانی اسکپر بابر اعظم کو بولنگ کی دعوت دی۔

    اس موقع پر بابر اعظم کا کہنا تھا کہ اگر ہم ٹاس جیتتے تو پہلے بیٹنگ ہی کرتے۔

    انگلینڈ کے کپتان بین اسٹوکس کا کہنا تھا کہ پاکستان ٹف سائیڈ ہے، اچھا کھیلنے کی کوشش کریں گے ، میچ کے لیے ایکسائیٹڈ ہیں۔

    قومی کرکٹ ٹیم کی جانب سے آج  4 کھلاڑی ڈیبیو کریں گے جن میں سعود شکیل، حارث رؤف، محمد علی اور زاہد محمود شامل ہیں۔

    جبکہ مہمان ٹیم کے ول جیکس اور لیام لونگ اسٹون ٹیسٹ ڈییبو کریں گے۔ 

  • پاک انگلینڈ سیریز پر چھائے خدشات کے بادل چھٹ گئے ،  پہلا ٹیسٹ آج سے شروع ہوگا

    پاک انگلینڈ سیریز پر چھائے خدشات کے بادل چھٹ گئے ، پہلا ٹیسٹ آج سے شروع ہوگا

    راولپنڈی : پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان سترہ برس بعد ٹیسٹ آج سے ہی راولپنڈی میں کھیلا جائے گا، ٹاس سے پہلے ٹیسٹ سیریز کپ کی رونمائی کی تقریب ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق پاک انگلینڈ سیریز پر چھائے خدشات کے بادل چھٹ گئے، پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان سترہ برس بعد ٹیسٹ آج سے ہی راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔

    انگلینڈ کے میڈیکل پینل نے کھلاڑیوں کوکلیئرنس دے دی اور کہا کہ انگلینڈ کے پاس11 صحت مند کھلاڑی موجود ہیں۔

    انگلش کرکٹ بورڈ نے پی سی بی کو کھلاڑیوں کی دستیابی سے آگاہ کردیا ہے ، انگلش کرکٹ بورڈ نے کہا کہ وائرل انفیکیشن سے متاثرہ کھلاڑیوں کا دوبارہ طبی معائنہ کیا گیا تھا، جس کے بعد میڈیکل پینل نے میچ کے لیے گیارہ سے زائد کھلاڑیوں کو صحت مند قرار دیا ہے۔

    میچ سے قبل سیریز کی ٹرافی کی رونمائی ہوگی، ٹاس شیڈول کے مطابق صبح ساڑھے نو بجے ہوگا اور دس بجے میچ کا آغاز ہوجائے گا۔

    پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیمیں اسٹیڈیم پہنچ گئیں ، پاکستانی ٹیم کی جانب سے چار کھلاڑی ڈیبیو کریں گے ، سعود شکیل، حارث رؤف محمد علی اور زاہد محمود ٹیسٹ فارمیٹ میں ڈیبیو کر رہے ہیں۔

  • پاکستانی بیٹنگ لائن سے متعلق انگلش فاسٹ بولر کا اہم بیان

    پاکستانی بیٹنگ لائن سے متعلق انگلش فاسٹ بولر کا اہم بیان

    انگلش فاسٹ بولر جیمز اینڈرسن نے کہا کہ پاکستان کی بیٹنگ لائین اپ کافی مضبوط ہے، کسی ایک کھلاڑی پر فوکس نہیں کیاہوا، بابر اعظم کی وکٹ اہم ہے لیکن دیگر بیٹرز کو بھی ٹارگٹ کیا ہوا ہے۔

    راولپنڈی میں پریکٹس سیشن کے بعد پریس کانفرنس میں انگلش فاسٹ بولر جیمز اینڈرسن نے کہا کہ گراؤنڈ اور پچ کے مطابق لائحہ عمل بنائیں گے۔

    انگلش فاسٹ بولر جیمز اینڈرسن نے کہا ہے کہ خوش ہوں کہ پاکستان میں 17 سالوں کے بعد آیاہوں یہاں ہمارا شاندار استقبال کیا گیا، پاکستان کے خلاف سیریز کیلئے پر جوش ہیں۔

    مہمان ٹیم کے فاسٹ بولر کا کہنا تھا کہ کنڈیشنز مختلف ہیں، سیریز میں مقابلہ اچھا ہوگا، ہمارے پاس اچھے پلئیرز ہے بہترین کارکردگی دیکھانے کی کوشش کریں گے۔

    فاسٹ بولر نے کہا کہ دبئی میں پرانی گیند سے باؤلنگ کروا کر پریکٹس کی ہے، پاکستان میں مختلف اور چیلنجنگ کنڈیشنر  میں کھیلنے کا موقع ملےگا۔

    انگلش فاسٹ بولر جیمز اینڈرسن کا مزید کہنا تھا کہ میرے پاس ایسے اسکلز ہیں کہ کسی بھی کنڈیشنر میں باؤلنگ کرسکتا ہوں اس لیے میری کوشش ہوتی ہے کہ  نوجوان کھلاڑیوں سے اپنا تجربہ شئیر کروں۔

    واضح رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ یکم دسمبر سے راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔

    یکم دسمبر کو کھیلا جانے والا ٹیسٹ میچ دونوں ملکوں کے درمیان پاک سرزمین پر 17 سال بعد پہلا ٹیسٹ ہوگا۔

  • انگلینڈ ٹیسٹ اسکواڈ آج پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پریکٹس کرےگا

    انگلینڈ ٹیسٹ اسکواڈ آج پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پریکٹس کرےگا

    17 سال بعد پاکستان آنے والا انگلینڈ ٹیسٹ اسکواڈ آج راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پریکٹس کرے گا۔

    تفصیلات کے مطابق انگلینڈ ٹیسٹ اسکواڈ صبح 10 سے 1 بجے تک پریکٹس سیشن کرےگا، اس کے علاوہ 29 اور 30 نومبر کو بھی راولپنڈی اسٹیڈیم میں پریکٹس سیشن منعقد کیا جائے گا۔

      ذرائع کا کہنا ہے کہ پریکٹس سیشن کے بعد ہیڈکوچ برینڈن میک کولم پریس کانفرنس سے خطاب کریں گے، انگلش کرکٹ ٹیم ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب متحدہ عرب امارات سے اسلام آباد پہنچی تھی۔

    پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ یکم دسمبر سے راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔

    یکم دسمبر کو کھیلا جانے والا ٹیسٹ میچ دونوں ملکوں کے درمیان پاک سرزمین پر 17 سال بعد پہلا ٹیسٹ ہوگا۔

  • ورلڈ کپ فائنل: پہلا ورلڈ کپ جیتنے والے کپتان کا قومی کرکٹ ٹیم کے لیے پیغام

    ورلڈ کپ فائنل: پہلا ورلڈ کپ جیتنے والے کپتان کا قومی کرکٹ ٹیم کے لیے پیغام

    اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ قومی ٹیم کے کھلاڑی جارحانہ حکمت عملی کے ساتھ کھیلیں، پوری قوم کی دعائیں قومی کرکٹ ٹیم کے ساتھ ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ آج پاکستانی ٹیم کے لیے میرا وہی پیغام ہے جو 1992 میں اپنی ٹیم کو دیا تھا۔

    عمران خان نے کہا کہ آج کے دن کا لطف اٹھائیں کیونکہ ورلڈ کپ کھیلنے کا موقع مشکل سے ملتا ہے، آپ جیت جائیں گے اگر خطرہ مول لینے کو تیار ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ مخالفین کی غلطیوں کو کیش کر سکتے ہیں، قومی ٹیم کے کھلاڑی جارحانہ حکمت عملی کے ساتھ کھیلیں۔ پوری قوم کی دعائیں قومی کرکٹ ٹیم کے ساتھ ہیں۔

  • ٹی 20 ورلڈ کپ فائنل: بارش کی پیشگوئی، میچ کے قوانین میں تبدیلی

    ٹی 20 ورلڈ کپ فائنل: بارش کی پیشگوئی، میچ کے قوانین میں تبدیلی

    انٹرنیشنل کرکٹ کاؤنسل (آئی سی سی) کی ایونٹ ٹیکنیکل کمیٹی نے اتوار کے روز ہونے والے ٹی 20 ورلڈ کپ فائنل کو نتیجہ خیز بنانے کے لیے قوانین میں تبدیلی کر دی۔

    پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ٹی 20 ورلڈ کپ 2022 کا فائنل اتوار کے روز میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا تاہم محکمہ موسمیات نے اتوار اور پیر کے روز میلبرن میں شدید بارش کی پیشگوئی کر رکھی ہے۔

    ایونٹ ٹیکنیکل کمیٹی نے ورلڈ کپ کا فائنل فیصلہ کن بنانے کے لیے پلیئنگ کنڈیشنز میں تبدیلی کر دی ہے، اتوار کو بارش کی صورت میں میچ ادھورا رہ جائے تو میچ اگلے روز یعنی سوموار کو مکمل کیا جائے گا۔

    ریزرو ڈے والے روز یعنی پیر کو بھی میچ کا نتیجہ نہ آنے کی صورت میں کھیل کا اضافی دورانیہ 2 گھنٹوں سے بڑھا کر 4 گھنٹے کر دیا گیا ہے۔

    آئی سی سی کا کہنا ہے کہ پوری کوشش ہوگی کہ میچ اتوار کو ہی مکمل ہو جائے، بارش کی صورت میں اگلے دن سوموار یعنی ریزرو ڈے پر مقابلہ 3 بجے شروع کیا جائے گا۔

    ایونٹ ٹیکنیکل کمیٹی کے مطابق کسی بھی ٹورنامنٹ کے ناک آؤٹ مرحلے کے میچ میں ہر سائیڈ کے لیے کم از کم 10 اوورز کا کھیل ضروری ہے اور میچ کو مکمل کرنے کے حوالے سے کسی بھی قسم کا فیصلہ میچ والے روز لیا جائے گا۔

    آئی سی سی کے مطابق ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا فائنل مکمل کرنے کے لیے اتوار کے روز ہی فیصلے لیے جائیں گے کہ آیا میچ کو مکمل کرنے کے لیے اوورز کی تعداد کم کی جائے یا پھر اگر میچ اتوار کے روز ممکن نہ ہو تو میچ کو اگلے روز جاری رکھا جائے۔