Category: کھیل

پاکستان اور دنیا بھر سے کھیل کی تازہ ترین خبریں اور معلومات۔ کرکٹ، ہاکی، فٹ بال، پی ایس ایل کی خبریں

کھیلوں کی خبریں آپ کو اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں اور ٹیموں کی کارکردگی کے بارے میں جاننے میں مدد کر سکتی ہیں۔

Sports News In Urdu

Cricket News in Urdu

  • تمام کھلاڑی فائنل میں اپنا 100 فیصد دیں گے: بابر اعظم

    تمام کھلاڑی فائنل میں اپنا 100 فیصد دیں گے: بابر اعظم

    میلبرن: پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ تمام کھلاڑی فائنل میں اپنا 100 فیصد دیں گے، نروس نہیں ہیں، پریشر ہوتا ہے لیکن کوشش کریں گے دباؤ نہ لیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اس ورلڈ کپ کو 1992 کے ورلڈ کپ سے مماثلت دی جارہی ہے، نروس نہیں ہیں، پریشر ہوتا ہے لیکن کوشش کریں گے دباؤ نہ لیں۔

    بابر اعظم کا کہنا تھا کہ سارے کھلاڑی پرجوش ہیں، انگلینڈ بہترین ٹیم ہے، ہماری ان سے ہوم سیریز بھی ہوئی، تمام کھلاڑی فائنل میں اپنا 100 فیصد دیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ ٹورنامنٹ کا آغاز اچھا نہیں ہوا لیکن پھر اچھا کم بیک کیا، کھلاڑی شیروں کی طرح کھیلے۔

    بابر اعظم کا کہنا تھا کہ ابتدائی 6 اوور بہت اہم ہوں گے، ہمارا کام محنت کرنا ہے نتیجہ اللہ کے ہاتھ میں ہے، رمیز راجا نے بھی یہی کہا کہ کھل کر کھیلیں،اپنی گیم پر قائم رہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ فائنل میں ٹاس کی اہمیت زیادہ نہیں ہے، دعا ہے کہ میچ مکمل ہو بارش سے متاثر نہ ہو، فائنل کے لیے ہم نے جو پلان بنایا ہے اس پر عمل کریں گے۔

  • شعیب اختر کی قومی ٹیم پر سخت تنقید، بھارتی اداکار نے ٹوک دیا

    شعیب اختر کی قومی ٹیم پر سخت تنقید، بھارتی اداکار نے ٹوک دیا

    نئی دہلی / اسلام آباد: سابق فاسٹ بولر شعیب اختر قومی ٹیم کو مسلسل تنقید کا نشانہ بناتے رہتے ہیں اور اب ان کی اس عادت پہ ایک بھارتی اداکار نے بھی انہیں ٹوک دیا۔

    بھارتی ڈرامہ انڈسٹری کے معروف اداکار نکول مہتا نے اپنی ہی قومی ٹیم پر مسلسل تنقید کرنے پر سابق فاسٹ بولر شعیب اختر کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔

    شعیب اختر اکثر و بیشتر ہی قومی ٹیم کی مایوس کن کارکردگی پر کڑی تنقید کرتے دکھائی دیتے ہیں اور ان خیالات کا اظہار اپنے یوٹیوب چینل پر کرتے ہیں جس پر صارفین تبصرے بھی کرتے ہیں۔

    اسی حوالے سے نکول مہتا نے شعیب اختر کی تنقید پر اعتراض کیا ہے۔

    بھارتی اداکار نے اپنی ٹویٹ میں کہا کہ شعیب اختر کو اپنے یوٹیوب کیریئر کو برقرار رکھنے کے لیے قومی ٹیم کا استعمال کرتے دیکھنا ایک مضحکہ خیز چیز ہے۔

    انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند سالوں میں تبدیلی کے بعد پاکستان کی یہ ٹیم بہترین ٹیموں میں سے ایک ہے۔

    خیال رہے کہ ٹی 20 ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کی زمبابوے کے ہاتھوں شکست پر شعیب اختر نے چیئرمین پی سی بی سمیت ٹیم مینجمنٹ کو کھری کھری سنائی تھیں۔

    شعیب اختر نے کہا تھا کہ بار بار کہہ رہا ہوں کہ ہمارے اوپنرز اور مڈل آرڈر اس کام کے نہیں کہ ہم کوئی جیت حاصل کر سکیں، مسلسل ہم نہیں جیت پائیں گے، پاکستان کے پاس اچھا کپتان نہیں اس میں کوئی شک نہیں۔

  • زمبابوے کے شہری کا پاکستان سے شکوہ، وجہ مسٹر بین

    زمبابوے کے شہری کا پاکستان سے شکوہ، وجہ مسٹر بین

    آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستان اور زمبابوے کے میچ سے قبل زمبابوے کے ایک شہری کے انوکھے شکوے نے ٹویٹر صارفین کو حیران کردیا۔

    آسٹریلیا میں جاری آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ میں جمعرات کو پاکستان اور زمبابوے کا میچ پرتھ میں شیڈول ہے، روایتی حریف بھارت سے ہارنے کے بعد ٹورنامنٹ میں اپنی جگہ برقرار رکھنے کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیے یہ میچ جیتنا بہت اہم ہے۔

    اسی سلسلے میں سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک حیران کن گفتگو جاری ہے جس میں زمبابوے کے ایک شہری پاکستانیوں سے شکوہ کرتے نظر آرہے ہیں۔

    پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے قومی ٹیم سے متعلق ایک ٹویٹ کی گئی جس کے جواب میں ایک زمبابوین شہری نے کہا کہ ہم زمبابوین آپ کو معاف نہیں کریں گے، آپ نے ہمیں ایک بار مسٹر بین کی جگہ جعلی مسٹر بین بھیج دیا تھا، ہم کل یہ معاملہ حل کر لیں گے، صرف دعا کریں کہ کل بارش ہو۔

    اس کے جواب میں ایک پاکستانی صارف نے پوچھا کہ کیا ہوا بھائی؟ جس پر زمبابوین شہری نے کہا کہ انہوں (پاکستانیوں) نے ہماری مقامی زرعی تقریب کے لیے اصلی مسٹر بین کی جگہ پاکستانی مسٹر بین بھیج دیا تھا۔

    سنہ 2016 میں زمبابوے کے دارالحکومت ہرارے میں ایک عجیب و غریب واقعہ پیش آیا تھا جس میں ایک تقریب کے دوران پاکستانی مسٹر بین اصلی مسٹر بین بن کر گئے تھے۔

    اس تقریب کے دوران سب لوگ انہیں اصلی مسٹر بین سمجھتے رہے تاہم بعد میں پتہ چلا کہ یہ تو جعلی مسٹر بین ہیں۔

    کراچی سے تعلق رکھنے والے محمد آصف نامی مزاحیہ اداکار کو مسٹر بین (روون ایٹکنسن) کے ساتھ غیر معمولی مماثلت کے بعد پاکستانی مسٹر بین کہا جاتا ہے۔

    محمد آصف مسٹر بین کا روپ دھار کر مزاحیہ پروگرام اور اشتہارات کرتے ہیں۔

    زمبابوے کے شہری کی جانب سے کیے جانے والے اس شکوے پر صارفین بھی حیرت بھی مبتلا ہیں اور ٹویٹر پر تبصرے کر رہے ہیں۔

    ایک صارف نے لکھا کہ بھائی ہمیں انڈیا نے یہ فراڈ کرنے کا کہا تھا، ان کے خلاف بھی جارحانہ کھیلنا۔

    ایک شخص نے کہا کہ پلیز ہمیں معاف کر دو، میں نے بابر اعظم کو کال کی تھی، وہ بھی سوری کر رہے تھے اور معافی مانگ رہے تھے۔

    ایک اور صارف نے کہا کہ بھائی، یہ 50 فیصد تو اصلی بین کی طرح لگتے ہیں، پلیز اپنی ٹیم کو کہنا کہ کل ہمارے خلاف 50 فیصد کم جارحانہ کھیلے۔

    ایک صارف نے لکھا کہ ہم آپ کو مسٹر بین بھیج ہی کیسے سکتے تھے، وہ پاکستانی شہری نہیں ہے۔ کیا آپ کو نہیں پتہ کہ مسٹر بین دیکھنے میں کیسا لگتا ہے۔

    جس پر مذکورہ شخص نے جواب دیا کہ وہ شخص (نقلی مسٹر بین) اصل مسٹر بین کی تصویر دکھا کر آن لائن بھاؤ تاؤ کر رہا تھا۔

  • حارث روؤف نے بھارتی بلے بازوں کو خبردار کردیا

    حارث روؤف نے بھارتی بلے بازوں کو خبردار کردیا

    پاکستانی فاسٹ بولر حارث روؤف کا کہنا ہے کہ اگر میں اپنا بیسٹ دوں تو بھارتی بیٹرز مجھے آسانی سے نہیں کھیل سکیں گے، ان کا کہنا ہے کہ میں نے ابھی سے بھارت کے خلاف بولنگ کی منصوبہ بندی کرنا شروع کردی ہے۔

    پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر حارث روؤف نے اگلے ماہ آسٹریلیا میں ٹی 20 ورلڈ کپ میں ہونے والے پاک بھارت ٹاکرے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اگر میں اپنا بیسٹ دوں تو بھارتی بیٹرز مجھے آسانی سے نہیں کھیل سکیں گے۔

    انگلینڈ کے خلاف پانچویں ٹی 20 میں 6 رنز سے کامیابی کے بعد حارث روؤف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگلے ماہ ہونے والے ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاک بھارت ٹاکرے کے لیے کافی خوش ہوں کیوں کہ وہ میلبرن میں کھیلا جائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ میلبرن میرا ہوم گراؤنڈ ہے کیوں کہ بگ بیش میں میلبرن اسٹار کی نمائندگی کرتا ہوں، مجھے وہاں کی کنڈیشنز کا اندازہ ہے۔

    حارث روؤف کا کہنا تھا کہ میں نے ابھی سے بھارت کے خلاف بولنگ کی منصوبہ بندی کرنا شروع کردی ہے۔

    پاکستانی فاسٹ بولر نے حال ہی میں ایشیا کپ میں بھی بھارت کے خلاف 2 میچز کھیلے اور اب وہ 23 اکتوبر کو آسٹریلیا کے شہر میلبرن میں ہونے والے پاک بھارت ٹاکرے کے لیے پرعزم ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ پاک بھارت میچز ہمیشہ ہائی پریشرہوتے ہیں، گزشتہ سال ہونے والے ورلڈ کپ میں بھارت کے خلاف میچ میں کافی دباؤ میں تھا لیکن ایشیا کپ میں 2 میچز میں مجھ پر کوئی پریشر نہیں تھا کیوں کہ مجھے معلوم تھا کہ مجھے اپنا بیسٹ دینا ہے۔

  • بھارتی فاسٹ بولر ٹرولز کی زد میں، اہلیہ نے ناقدین کو کھری کھری سنا دی

    بھارتی فاسٹ بولر ٹرولز کی زد میں، اہلیہ نے ناقدین کو کھری کھری سنا دی

    نئی دہلی: آسٹریلیا کے خلاف میچ میں بری کارکردگی دکھانے والے بھارتی فاسٹ بولر بھونیشور کمار پر ٹرولز نے زبانی حملے شروع کردیے جس کے بعد کھلاڑی کی اہلیہ نے ناقدین کو کھری کھری سنا دیں۔

    بھارتی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر بھونیشور کمار نے آسٹریلیا کے خلاف موہالی ٹی 20 میں اپنے 4 اوورز میں 52 رنز دیے اور اس دوران وہ کوئی بھی وکٹ نہ لے سکے، میچ کے 19 ویں اوور میں وہ کافی مہنگے ثابت ہوئے۔

    اس کے بعد سوشل میڈیا پر انہیں بری طرح ٹرول کیا جانے لگا جس کے بعد ان کی اہلیہ نوپور ناگر شوہر کا ساتھ دینے کے لیے میدان میں آگئیں۔

    ٹرولز کو کھری کھری سناتے ہوئے انہوں نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں لکھا کہ آج کل لوگ ناکارہ ہوگئے ہیں، ان کے پاس کوئی کام نہیں اور وہ اتنے فارغ ہیں کہ ان کے پاس نفرت پھیلانے کے لیے بہت سا وقت ہے۔

    نوپور نے لکھا کہ میرا ان سب کو مشورہ ہے کہ آپ کے کچھ بھی کہنے سے کسی کو کوئی فرق نہیں پڑتا، ایسے میں آپ اس وقت کو خود کو بہتر بنانے میں لگائیں، حالانکہ اس کا اسکوپ بہت کم ہے۔

    خیال رہے کہ آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان 3 ٹی 20 میچز کی سیریز ہوئی تھی جو بھارت نے 1-2 سے اپنے نام کرلی۔

  • پاکستان سپر لیگ کا تجربہ کارآمد ثابت ہورہا ہے: ایلکس ہیلز

    پاکستان سپر لیگ کا تجربہ کارآمد ثابت ہورہا ہے: ایلکس ہیلز

    پاکستان میں ٹی 20 میچز کی طویل سیریز کھیلنے کے لیے آنے والی انگلینڈ ٹیم کے بیٹسمین کا کہنا ہے کہ ان کے لیے پاکستان سپر لیگ کا تجربہ کارآمد ثابت ہورہا ہے۔

    انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے اوپننگ بلے باز ایلکس ہیلز نے پہلے ٹی 20 کی جیت میں اپنی پرفارمنس کے لیے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے اپنے تجربے کو مفید قرار دے دیا۔

    ہیلز کا کہنا تھا کہ پاکستان سپر لیگ کا تجربہ کافی کام آیا، نوجوانوں کو بھی اپنا تجربہ شیئر کر رہا ہوں، ان کا کہنا تھا کہ کم بیک میچ میں ففٹی بہت اسپیشل ہے، میرے لیے یہ کم بیک یادگار ہوگیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان کا کراؤڈ زبردست ہے۔

    ہیلز کا مزید کہنا تھا کہ میں سمجھتا ہوں پاکستان کے اچھے آغاز کے بعد ہم نے شاندار بولنگ کی، یہ طویل سیریز ہے، کوشش کریں گے کہ اگلا میچ جیت کر برتری مستحکم کریں۔

    خیال رہے کہ انگلینڈ نے پہلے ٹی 20 میچ میں پاکستان کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی، پہلے میچ میں ایلکس ہیلز نے 53 رنز کی اننگز کھیل کر انگلینڈ کی فتح میں اہم کردار اد کیا۔

  • پاکستان سے شکست کے بعد افغان ٹیم کی نیندیں‌ اڑ گئیں!

    پاکستان سے شکست کے بعد افغان ٹیم کی نیندیں‌ اڑ گئیں!

    افغان ٹیم کے کپتان کے ایک انکشاف کے مطابق پاکستان سے شکست کے بعد افغان ٹیم کی نیندیں اڑ گئی تھیں۔

    تفصیلات کے مطابق بدھ کو گرین شرٹس کے ہاتھوں عبرت ناک شکست کے بعد افغان ٹیم کے لیے رات کی نیند بھی حرام ہو گئی تھی، جس کے لیے انھیں نیند کی گولیاں کھانی پڑ گئیں۔

    افغان ٹیم کے کپتان محمد نبی نے انکشاف کیا ہے کہ انھیں گرین شرٹس سے ہارنے کے بعد سونے کے لیے نیند کی گولیاں کھانی پڑیں تھیں۔

    یہ انکشاف انھوں نے جمعرات کو بھارت کے خلاف ٹاس جیتنے کے بعد پاکستان سے شکست کھانے پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

    ’نسیم شاہ مستقبل کا چیمپئن‘ چھکوں کی ویڈیو دیکھیں

    محمد نبی نے بتایا کہ میچ ہارنے کے بعد ہمارے کئی کھلاڑی گراؤنڈ چھوڑ کر چلے گئے تھے، ٹیم کے کھلاڑی جب ہوٹل پہنچے تو انھوں نے گرین ٹی لی اور پھر نیند کی گولیاں بھی کھائیں۔

    دوسری جانب بھارت کے خلاف میچ میں شکست کے بعد اسسٹنٹ افغان کوچ اور سابق افغان کھلاڑی رئیس احمد زئی نے بھی اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے خلاف میچ میں نہ صرف کھلاڑی بلکہ پوری قوم ٹینشن میں تھی، اس میچ میں شکست کے بعد سب افسردہ ہیں۔

    رئیس احمد زئی نے کہا شکست کے بعد اس رات کوئی بھی کھلاڑی سو نہیں پایا، وہ ہمارے لیے ایک برا دن تھا۔

  • عمر گل کے بیان پر ثقلین مشتاق نے کیا ردعمل دیا؟

    عمر گل کے بیان پر ثقلین مشتاق نے کیا ردعمل دیا؟

    دبئی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق کا کہنا ہے کہ میں سمجھتا ہوں کہ بابر اعظم نے ہمارے بیٹنگ آرڈر کو ایک اور چیز دکھا دی کہ ہماری ٹیم میں سب میچ ونر ہیں۔

    پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق نے افغانستان کرکٹ ٹیم کے بولنگ کوچ عمر گل کے بابر اعظم سے متعلق بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ میں سمجھتا ہوں کہ بابر اعظم نے ہمارے بیٹنگ آرڈر کو ایک اور چیز دکھا دی کہ ہماری ٹیم میں سب میچ ونر ہیں۔

    دبئی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ثقلین مشتاق نے کہا کہ بابر اعظم پر کسی کو شک نہیں ہے، اس کی کلاس دنیا کے سامنے ہے، سب اس کی تعریف کرتے ہیں کہ وہ میچ ونر ہے۔

    انہوں نے کہا کہ وہ ورلڈ کلاس بیٹر ہے، دو تین میچز میں ان کے نہ چلنے سے دیگر بیٹنگ لائن اپ میں نئی روح پھونک دی ہے۔

    واضح رہے کہ شارجہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئےافغانستان کرکٹ ٹیم کے بولنگ کوچ عمر گل نے کہا تھا کہ بابر اعظم کا رنز نہ کرنا افغانستان ٹیم کے لیے اچھا ہوسکتا ہے۔

    عمر گل نے کہا تھا کہ پاکستانی کپتان بابر اعظم اور وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان ورلڈ کلاس کھلاڑی ہیں، ان کے خلاف پلان تیار کیا ہوا ہے، دیکھتے ہیں کہ بولرز اس پر کیسے عمل کرتے ہیں۔

  • سپر 4 تک رسائی کے لیے پاکستان آج ہانگ کانگ سے ٹکرائے گا

    سپر 4 تک رسائی کے لیے پاکستان آج ہانگ کانگ سے ٹکرائے گا

    شارجہ: ایشیا کپ 2022 کے سنسنی خیز مقابلے جاری ہیں، پاکستان اور ہانگ کانگ کی ٹیمیں آج مدِ مقابل ہوں گی۔

    تفصیلات کے مطابق ایشیا کپ کے ٹائٹل کے حصول کی جنگ میں پاکستان آج ہانگ کانگ سے ٹکرائے گا، سپر فور میں کوالیفائی کرنے کے لیے قومی ٹیم کو آج کا میچ جیتنا ضروری ہے، مقابلہ شام 7 بجے شارجہ میں کھیلا جائے گا۔

    شاہینوں کا ایشیا کپ میں آغاز شکست سے ہوا ہے تاہم ہانگ کانگ کے خلاف فتح ٹیم کو اگلے راؤنڈ میں پہنچا دے گی، دونوں ٹیمیں پہلی بار ٹی 20 میں ٹکرائیں گی۔ تاہم ایشیا کپ میں پاکستان ہانگ کانگ کے خلاف ناقابل شکست رہا ہے، 3 میچ کھیلے تینوں میں فتح سمیٹی۔

    آسان حریف کے خلاف ٹیم میں ایک تبدیلی کا امکان ہے، حارث رؤف کی جگہ حسنین کھیل سکتے ہیں، نسیم شاہ بھی میچ کے لیے فٹ قرار دے دیے گئے ہیں۔

    قومی ٹیم کے فاسٹ بولرز بھارت کے بعد ہانگ کانگ کے بیٹرز اڑانے کے لیے تیار ہیں، تاہم بڑے مقابلوں سے قبل بیٹرز کو فارم میں آنا ہوگا، اور جیت کے ساتھ ٹیم کا حوصلہ بڑھانا ہوگا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز آئی لینڈرز نے بنگال ٹائیگرز کی لنکا ڈھا دی تھی، میزبان سری لنکا نے بنگلا دیش کو ہرا کر ایشیا کپ سے باہر کر دیا ہے۔

  • کون کون سی ٹیمز کرکٹ کھیلنے پاکستان آئیں گی؟ اگلے 4 سال کی میچز سیریز کا اعلان

    کون کون سی ٹیمز کرکٹ کھیلنے پاکستان آئیں گی؟ اگلے 4 سال کی میچز سیریز کا اعلان

    لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے اگلے 4 سال کے فیوچر ٹورز پروگرام کا اعلان کردیا گیا، انگلینڈ اور آسٹریلیا سمیت متعدد ممالک کی ٹیمز پاکستان آئیں گی۔

    تفصیلات کے مطابق اگلے 4 سال کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کے فیوچر ٹورز پروگرام کا اعلان کردیا گیا۔ آئی سی سی فل بورڈز کے 12 میں سے 10 ارکان ممالک کی ٹیمز پاکستان کا دورہ کریں گی۔

    جو ٹیمز پاکستان کا دورہ کریں گی ان میں انگلینڈ، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ، سری لنکا، بنگلہ دیش اور ویسٹ انڈیز شامل ہیں جو ٹیسٹ سیریز کھیلنے پاکستان آئیں گی۔

    افغانستان، آسٹریلیا، آئر لینڈ اور زمبابوے کی ٹیمز محدود طرز کی کرکٹ کھیلنے کے لیے پاکستان کا دورہ کریں گی۔

    پاکستان کرکٹ ٹیم 2 سہ ملکی کرکٹ سیریز بھی کھیلے گی۔

    پاکستان، نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ پر مشتمل پہلی سیریز فروری 2024 میں کھیلی جائے گی جبکہ دوسری سیریز میں انگلینڈ اور سری لنکا کی ٹیمیں پاکستان کے مدمقابل آئیں گی۔