Category: کھیل

پاکستان اور دنیا بھر سے کھیل کی تازہ ترین خبریں اور معلومات۔ کرکٹ، ہاکی، فٹ بال، پی ایس ایل کی خبریں

کھیلوں کی خبریں آپ کو اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں اور ٹیموں کی کارکردگی کے بارے میں جاننے میں مدد کر سکتی ہیں۔

Sports News In Urdu

Cricket News in Urdu

  • پہلا ون ڈے: پاکستان کا نیدر لینڈز کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ

    پہلا ون ڈے: پاکستان کا نیدر لینڈز کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ

    روٹر ڈیم: پاکستان اور نیدر لینڈز کے درمیان ون ڈے سیریز کا پہلا میچ آج ہو رہا ہے، پاکستان نے نیدر لینڈز کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان نے نیدر لینڈز کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے، پاکستانی ٹیم میں سلمان علی آغا اور نسیم شاہ ڈیبیو کریں گے۔

    ٹیم میں کپتان بابر اعظم، نائب کپتان شاداب خان، امام الحق، فخر زمان،محمد رضوان، محمد نواز، خوشدل شاہ، حارث روؤف اور محمد وسیم جونیئر شامل ہیں۔

    میچز پاکستان کے پہلے ایچ ڈی اسپورٹس چینل اے اسپورٹس پر دکھائے جائیں گے۔

    دونوں ٹیموں کے درمیان 3 ون ڈے سیریز کے بقیہ دو میچز 18 اور 21 اگست کو کھیلے جائیں گے۔

  • پاکستان نیدرلینڈز پہلی دو طرفہ ون ڈے  سیریز کا آغاز آج سے

    پاکستان نیدرلینڈز پہلی دو طرفہ ون ڈے سیریز کا آغاز آج سے

    روٹرڈیم: پاکستان اور نیدرلینڈز کے مابین پہلی دو طرفہ ون ڈے سیریز کا آغاز آج سے ہوگا۔

    اے آروائی نیوز براہِ راست دیکھیں live.arynews.tv پر

    تفصیلات کے مطابق پاکستان اور نیدرلینڈز کے مابین پہلی دو طرفہ ون ڈے کرکٹ سیریز آج (منگل) سے روٹرڈیم میں شروع ہوگی۔

    سیریز پاکستان کے پہلے ایچ ڈی اسپورٹس چینل اے اسپورٹس پر نشر ہوگی، کرکٹ سیریز اے آر وائی زیپ پر بھی دیکھی جا سکے گی، میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر 2 بجے شروع ہوگا۔

    آئی سی سی مینز ورلڈ کپ سپر لیگ میں شامل 3 ون ڈے انٹرنیشنل میچز کے بقیہ 2 میچز 18 اور 21 اگست کو اسی مقام پر کھیلے جائیں گے۔

    آئی سی سی ورلڈ ٹیم رینکنگ میں چوتھے نمبر پر موجود پاکستان کی ٹیم آئی سی سی مینز ورلڈ کپ سپر لیگ میں 90 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر پانچویں پوزیشن پر موجود ہے۔

    پاکستان کے اہم فاسٹ بولر نیدرلینڈ کیخلاف دو میچز سے باہر

    بابر اعظم کی زیر قیادت قومی کرکٹ ٹیم اگر اس سیریز میں شامل تینوں میچز جیت جاتی ہے، تو وہ ورلڈ سپر لیگ کے پوائنٹس ٹیبل پر 120 پوائنٹس کے ساتھ دوسری پوزیشن پر پہنچ جائے گی۔

    دنیائے کرکٹ کے نمبر ون بیٹر بابر اعظم اس سیریز میں ایک بھی سنچری اسکور کر دیں تو وہ بین الاقوامی کرکٹ میں 10 سنچریاں بنانے والے پہلے پاکستانی کپتان بن جائیں گے۔

    اسی طرح وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کو ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں ایک ہزار رنز مکمل کرنے کے لیے مزید 18 رنز درکار ہیں۔

    گو کہ اس سیریز کے ابتدائی 2 میچز میں پاکستان کو شاہین شاہ آفریدی کی خدمات دستیاب نہیں ہوں گی تاہم آئی سی سی ون ڈے انٹرنیشنل پلیئرز رینکنگ میں دوسرے بہترین بیٹر امام الحق میزبان ٹیم کے خلاف پاکستان کی جانب سے اوپننگ کریں گے۔

    روٹرڈیم میں موجود قومی اسکواڈ نے گزشتہ روز شیڈیم کرکٹ گراؤنڈ میں پریکٹس سیشن کیا، پیر کو بارش کے باعث قومی اسکواڈ میں شامل صرف بیٹرز نے انڈور پریکٹس کی۔

    قومی ون ڈے انٹرنیشنل اسکواڈ:

    بابر اعظم (کپتان)، شاداب خان (نائب کپتان)، عبداللہ شفیق، فخر زمان، حارث رؤف، امام الحق، خوشدل شاہ، محمد حارث، محمد نواز، محمد رضوان، محمد وسیم جونیئر، نسیم شاہ، سلمان علی آغا، شاہین شاہ آفریدی، شاہنواز دھانی اور زاہد محمود۔

  • ایمل ولی کی کوششیں، صوابی میں صدیوں پرانے کھیل موخہ کے مقابلوں کا انعقاد

    ایمل ولی کی کوششیں، صوابی میں صدیوں پرانے کھیل موخہ کے مقابلوں کا انعقاد

    پشاور: صوبائی سطح پر موسیقی کے بعد کھیلوں کے فروغ کے لیے بھی ایمل ولی خان نے اہم قدم اٹھاتے ہوئے مقابلوں کا انعقاد کروایا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر ایمل ولی خان نے پشتو موسیقی کو زوال سے بچانے کے لیے انگازئی کے نام سے پروڈکشن ہاؤس بنایا تھا، اب انھوں نے صوبے میں کھیلوں کو فروغ اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کا بھی سلسلہ شروع کر دیا ہے۔

    ایمل ولی کی ہدایت پر بننے والے باچا خان ٹرسٹ اسپورٹس فاؤنڈیشن نے صوبے کی سطح پر باچا خان گولڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے، اس ٹورنامنٹ میں مردان، چارسدہ، پشاور، نوشہرہ اور صوابی کی ٹیمیں شامل ہوں گی، اسی طرح صوبے کے مختلف اضلاع میں ضلعی سطح پر دیگر کھیلوں کے ٹورنامنٹس کے انعقاد کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔

    پہلے مرحلے میں صوابی میں صدیوں پرانے کھیل موخہ (مقامی تیر اندازی)، مردان میں قومی کھیل ہاکی، ملاکنڈ میں فٹ بال، سوات میں والی بال اور لوئر دیر میں ٹیپ بال ٹورنامنٹس کا انعقاد کیا جائے گا۔

    ایمل ولی خان کا کہنا ہے کہ ان کی جماعت مختلف کھیلوں میں غیر معمولی کھلاڑیوں کو تربیت کے لیے بیرون ملک بجھوانے کے لیے وظائف کا بندوبست بھی کرے گی، تاکہ یہ نوجوان اپنا ٹیلنٹ ملک و قوم کے لیے بہتر انداز میں استعمال کر سکیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختون خوا کے کھلاڑیوں میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں، بس انھیں صرف نکھارنے کی ضرورت ہے، اور اسی مقصد کے لیے باچا خان ٹرسٹ کے زیر انتظام کھیلوں کی ترقی کے لیے اسپورٹس فاؤنڈیشن کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔

    خیال رہے کہ عوامی نیشنل پارٹی اگر چہ خیبر پختون خوا اور بلوچستان کی سیاست میں ایک مرکزی جماعت کے طور پر جانی جاتی ہے تاہم ملکی سیاست میں بھی اس سیاسی جماعت نے ہمیشہ ایک اہم کردار ادا کیا ہے، تاہم کچھ عرصہ قبل اس جماعت کے نوجوان صوبائی صدر ایمل ولی خان نے پشتو موسیقی کو زوال سے بچانے کے لیے پارٹی کے مرکزی سیکریٹریٹ باچا خان مرکز پشاور میں انگازئی کے نام سے پروڈکشن ہاؤس بناکر معیاری پشتو موسیقی کی ترویج کی ذمہ داری اٹھائی۔

    اس پروڈکشن ہاؤس میں صرف معیاری موسیقی کی شرط پر 7 ہزار روپے کی معمولی فیس کے عوض مقامی گلوکاروں کو جدید ریکارڈنگ کی سہولت فراہم کی جاتی ہے، جب کہ غریب اور مستحق فن کاروں کو مفت ریکارڈنگ کے ساتھ ساتھ آنے جانے کا کرایہ بھی دیا جاتا ہے۔

    فن کے دل دادہ ایمل ولی خان نے اسی پر بس نہیں کیا، بلکہ موسیقی سے دل چسپی رکھنے والے نوجوانوں کو طبلہ، ڈھول، ہارمونیم اور رباب کی تربیت کے لیے کلاسز کے آغاز کا عندیہ بھی دیا، جس پر مذہبی جماعتوں کی طرف سے اے این پی اور ایمل ولی خان کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔

  • پنجاب میں محکمہ کھیل کے بجٹ میں ریکارڈ اضافہ

    پنجاب میں محکمہ کھیل کے بجٹ میں ریکارڈ اضافہ

    لاہور: صوبہ پنجاب میں کھیلوں کے فروغ کے لیے بزدار حکومت نے تاریخ ساز اقدام کرتے ہوئے محکمہ کھیل کے بجٹ میں ریکارڈ اضافہ کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب میں محکمہ کھیل کے بجٹ میں ریکارڈ اضافہ کردیا گیا، ساڑھے 3 سال میں اسپورٹس فیسیلٹیز کی تعداد 618 تک بڑھا دی گئی۔

    اس حوالے سے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ بجٹ 2 ارب سے بڑھا کر 7 ارب 34 کروڑ روپے کر دیا گیا ہے، ساڑھے 3 سال کے دوران 318 نئی اسپورٹس فیسیلٹیز بنائیں۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ 70 سال میں پنجاب میں صرف 300 اسپورٹس فیسیلٹیز بنیں، ہماری حکومت نے مختصر مدت میں ان اسپورٹس فیسیلٹیز کو دگنا کیا، پنجاب کے دیہات میں 14 سو نئے گراؤنڈز بنائے جا رہے ہیں۔

  • جمپنگ کیسل پر اچھلتے بچوں‌ کے ساتھ دل دہلا دینے والا حادثہ

    جمپنگ کیسل پر اچھلتے بچوں‌ کے ساتھ دل دہلا دینے والا حادثہ

    تسمانیہ: آسٹریلیا کے ایک شہر ڈیونپورٹ میں جمپنگ کیسل پر اچھلتے بچوں‌ کے ساتھ جان لیوا حادثہ پیش آیا ہے، جس میں 5 بچے جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

    تفصیلات کے مطابق آسٹریلوی ریاست تسمانیہ میں ایک باؤنسی قلعے سے گرنے سے 5 بچے ہلاک اور 4 زخمی ہو گئے ہیں، پولیس کا کہنا ہے کہ جمپنگ کیسل تیز ہواؤں کی وجہ سے اڑ گیا تھا، مرنے والوں میں دو بچیاں اور دو بچے شامل ہیں۔

    آسٹریلوی وزیر اعظم اسکاٹ موریسن نے حادثے کو "دل دہلا دینے والا” قرار دیا، اور کہا کہ ایسے واقعے کے بارے میں تو سوچا بھی نہیں جا سکتا تھا۔

    یہ حادثہ آج جمعرات کو ایک پرائمری اسکول کے تفریحی دن کے موقع پر ہوا کے تیز جھونکے کی وجہ سے پیش آیا، پولیس کا کہنا ہے کہ بچے 10 میٹر (32 فٹ) کی اونچائی سے گرے تھے۔

    حکام نے بچوں کی عمریں نہیں بتائیں لیکن کہا گیا کہ سبھی پانچوں یا چھٹے گریڈ میں تھے، جہاں عام طور پر 10 سے 12 سال کی عمر کے بچوں پڑھتے ہیں، یہ اگلے سال ہائی اسکول میں جانے کا جشن منا رہے تھے۔

    تسمانیہ کے پولیس کمشنر ڈیرن ہائن نے کہا کہ ہوا کے جھونکے نے مبینہ طور پر جمپنگ کیسل اور ہوا کے گیندوں کو فضا میں اچھال دیا تھا۔

    آسٹریلین براڈکاسٹنگ کارپوریشن کے رپورٹر کی جانب سے سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی تصاویر میں جمپنگ کیسل کے کچھ حصے دیکھے جا سکتے ہیں۔

    یہ پہلا موقع نہیں ہے جب تیز ہواؤں سے جمپنگ کیسل اڑ کر حادثہ پیش آیا ہو، ایسے واقعے میں امریکا میں مبینہ طور پر چار بچے زخمی ہوئے تھے، اسپین اور برطانیہ میں بھی ایسے واقعات رونما ہو چکے ہیں جن میں بچوں کی ہلاکتیں بھی ہوئیں۔

  • حارث روؤف کی سالگرہ: اسکاٹ لینڈ کے کھلاڑی بھی خوشیوں میں شریک

    حارث روؤف کی سالگرہ: اسکاٹ لینڈ کے کھلاڑی بھی خوشیوں میں شریک

    آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستان کی آخری گروپ میچ میں تاریخ ساز فتح کے بعد حارث روؤف نے اپنی سالگرہ منائی تو اپنی خوشی میں اسکاٹ لینڈ کی ٹیم کو بھی شامل کرلیا۔

    آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2021 میں پاکستان نے سیمی فائنل تک تو رسائی حاصل کر ہی لی تھی لیکن گزشتہ روز اسکاٹ لینڈ کے خلاف فتح کے بعد گروپ میچز میں ناقابل شکست رہنے کا ریکارڈ بھی بنا لیا۔

    میچ کے بعد گرین شرٹس نے حارث روؤف کی سالگرہ منائی، اور اس موقع پر اسکاٹ لینڈ کی ٹیم کو بھی اپنے ساتھ شامل کرلیا۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by ICC (@icc)

    انٹرنیشنل کرکٹ کاؤنسل (آئی سی سی) کے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو پوسٹ کی گئی جس میں حارث روؤف کیک کاٹتے دکھائی دے رہے ہیں، اسکاٹ لینڈ کے کھلاڑی بھی اس موقع پر وہاں موجود ہیں۔

    پاکستانی کھلاڑی انہیں کیک کھلاتے اور گلے ملتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل بھی نمیبیا کے خلاف فتح کے بعد گرین شرٹس نے نمیبیا کرکٹ ٹیم کے ڈریسنگ روم کا دورہ کیا تھا اور کھلاڑیوں سے ملاقات کر کے ان کی حوصلہ افزائی کی تھی۔

    گزشتہ روز کے میچ میں پاکستان نے اسکاٹ لینڈ کے خلاف 72 رنز سے فتح حاصل کی تھی، کپتان بابر اعظم نے ایک بار پھر شاندار بلے بازی کی اور 66 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے۔

    شعیب ملک نے 18 گیندوں پر ورلڈ کپ کی تیز ترین نصف سنچری بنائی، ‏انہوں نے 54 رنز بنائے جس میں 1 چوکا اور 6 چھکے شامل تھے۔

    پاکستان اور آسٹریلیا اب 11 نومبر کو دوسرے سیمی فائنل میں مدمقابل ہوں گے۔

  • ٹوکیو اولمپکس: فلسطین کے کوچ پاکستانی ایتھلیٹس کو گائیڈ کرتے رہے: فہمیدہ مرزا

    ٹوکیو اولمپکس: فلسطین کے کوچ پاکستانی ایتھلیٹس کو گائیڈ کرتے رہے: فہمیدہ مرزا

    کراچی: وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ فہمیدہ مرزا نے انکشاف کیا ہے کہ ٹوکیو اولمپکس میں کھلاڑی طلحہ طالب کے کوچ کی جگہ ٹوکیو فیڈریشن کے خاص آدمی کو بھیجا گیا، ایونٹ کے دوران فلسطین کے کوچ ایتھلیٹس کو گائیڈ کرتے رہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ فہمیدہ مرزا نے ٹوکیو اولمپکس سے متعلق اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ایگزیکٹو کمیٹی کی میٹنگ میں انکشافات سے آگاہ کر دیا۔

    فہمیدہ مرزا کا کہنا تھا کہ اولمپک کے معاملات پر اسٹینڈنگ کمیٹی اور قومی اسمبلی میں تشویش ہے، کھلاڑی طلحہ طالب کے والد کوچ ہیں، لسٹ کے مطابق ان کی ایکریڈیشن نہیں کروائی گئی۔ طلحہ طالب کے والد کی جگہ ٹوکیو فیڈریشن کے خاص آدمی کو بھیجا گیا۔

    انہوں نے کہا کہ بیڈ منٹن میں کوئی بچی جاتی ہے تو سیکریٹری جنرل کو ساتھ بھیجا جاتا ہے۔

    وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ ایتھلیٹس نے ایس او پیز پر عمل نہیں کیا، ماسک بھی نہ پہنے، یہ بھی سننے کو ملا کہ فلسطین کے کوچ ایتھلیٹس کو گائیڈ کرتے رہے۔

    انہوں نے کہا کہ آئندہ کسی کو بھی پاکستان کا نام بدنام نہیں کرنے دیا جائے گا، معلوم ہونا چاہیئے کوئی کہیں جاتا ہے تو پاکستان کا جھنڈا کس کے ہاتھ میں ہے، میٹنگ میں طے ہوا ہے کہ معاملات اولمپک کمیٹی کے حوالے نہیں کیے جا سکتے۔ آئندہ کوئی بھی پاکستان کا نام استعمال کرے گا تو حکومت آن بورڈ ہوگی۔

  • چیئرمین کرکٹ بورڈ احسان مانی کی خدمات کا شکر گزار ہوں: وزیر اعظم

    چیئرمین کرکٹ بورڈ احسان مانی کی خدمات کا شکر گزار ہوں: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ کرکٹ کے لیے بطور چیئرمین پی سی بی احسان مانی کی خدمات کا شکر گزار ہوں، احسان مانی نے پہلی بار پاکستان میں ڈومیسٹک کرکٹ کا اسٹرکچر بنایا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ اسکول کرکٹ کی بحالی کے لیے پنجاب خصوصاً سینٹرل پنجاب کرکٹ ایسوسی ایشن کی کاوشوں کا جائزہ لے کر خوش ہوں۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ 870 اسکول اور 231 کالجز گراؤنڈز کے ساتھ پنجاب بھر میں کھیلوں کے 355 میدان تیار کیے گئے ہیں، تمام صوبوں کو میری تاکید ہے کہ کھیلوں کی بحالی اور نوجوانوں کو کھیلوں کی سہولیات کی فراہمی پر توجہ مرکوز کریں۔

    اپنے ایک اور ٹویٹ میں وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ کرکٹ کے لیے بطور چیئرمین پی سی بی احسان مانی کی خدمات کا شکر گزار ہوں، احسان مانی نے پہلی بار پاکستان میں ڈومیسٹک کرکٹ کا اسٹرکچر بنایا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ احسان مانی نے عالمی کرکٹ ٹیموں کو پاکستان لانے میں بھرپور کردار ادا کیا۔

    اس سے قبل وزیر اعظم عمران خان نے ڈومیسٹک کرکٹ کی صورتحال پر اجلاس کی صدارت کی تھی۔ وزیر اعظم عمران خان نے سی پی سی اے کے تیار کردہ ماڈل کی تعریف کی اور اسکول اور ڈومیسٹک کرکٹ کے فریم ورک کی منظوری دے دی ہے۔

  • وزیر اعظم عمران خان کا کھیلوں کی بہتری کے لیے اہم فیصلہ

    وزیر اعظم عمران خان کا کھیلوں کی بہتری کے لیے اہم فیصلہ

    اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ فہمیدہ مرزا کا کہنا ہے کہ ملک میں کھیلوں کا سال منانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، گلگت بلتستان اور کشمیر سمیت تمام صوبوں میں اسپورٹس کلچر کا احیا ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ فہمیدہ مرزا نے اے آر وائی نیوز کے ساتھ خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وزیر اعظم نے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے ملک میں کھیلوں کا سال منانے کا فیصلہ کیا ہے۔

    فہمیدہ مرزا کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کے وژن کے مطابق ہم اس سال کو کھیلوں کے نام کریں گے، وزیر اعظم کا وژن ہے کہ اسپورٹس کو ضلع اور تحصیل تک لے جائیں۔

    انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان اور کشمیر سمیت تمام صوبوں میں اسپورٹس کلچر کا احیا ہوگا۔

    وفاقی وزیر نے بتایا کہ تمام صوبوں کے ڈائریکٹرز سے میٹنگ ہوئی ہے، پاکستان اسپورٹس بورڈ کے ڈی جی نے وزیر اعظم کے وژن سے تمام ڈائریکٹرز کو آگاہ کیا، میٹنگ میں بریف کیا گیا کہ ہر صوبہ ماہانہ اسپورٹس کی سرگرمی سے آگاہ کرے گا۔

    انہوں نے کہا کہ وزرا کو تعلیمی اداروں میں کھیل کے میدان آباد کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، تعلیمی سطح پر بھی اسپورٹس کو نصاب میں شامل کیا جائے گا۔

    وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے ایک بیج انڈر 16 اور ایک 16 پلس رکھا ہے، انڈر 16 سے ہی نیا ٹیلنٹ سامنے آتا ہے۔

  • دنیا کے کھیلوں کے سب سے بڑے میلے اولمپکس کا ٹوکیو میں رنگارنگ آغاز

    دنیا کے کھیلوں کے سب سے بڑے میلے اولمپکس کا ٹوکیو میں رنگارنگ آغاز

    ٹوکیو: دنیا کے کھیلوں کے سب سے بڑے میلے اولمپکس کا ٹوکیو میں رنگارنگ آغاز ہو گیا، بغیر تماشائیوں کے افتتاحی تقریب میں فن کاروں نے شان دار پرفارمنس پیش کی۔

    تفصیلات کے مطابق کئی برسوں کی تیاریوں اور رکاوٹوں کے بعد جمعہ کے روز جاپان کے معیاری وقت کے مطابق شب 8 بجے سے ٹوکیو اولمپکس کا باضابطہ آغاز ہو گیا ہے، تقریب میں 950 غیر ملکی معززین، سفارت کاروں، اسپانسرز اور انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کے ارکان نے شرکت کی۔

    کرونا وائرس کی جاری وبا کے باعث منتظمین بے حد مصروف ہیں، کھیلوں کے انعقاد کے زیادہ تر مقامات پر تماشائیوں کی آمد ممنوع ہے، اور شریک کھلاڑیوں پر سخت پابندیاں عائد ہیں۔

    207 ممالک اور خطوں کے 11 ہزار سے زائد کھلاڑی 33 کھیلوں کے مقابلوں میں 339 میڈلز کے لیے قسمت آزمائیں گے۔ بیڈمنٹن پلیئر ماحور شہزاد اور شوٹر خلیل اختر نے سبز ہلالی پرچم تھامے مارچ پاسٹ میں قومی دستے کی رہنمائی کی، کھیلوں کا یہ عالمی ایونٹ 8 اگست تک جاری رہے گا۔

    واضح رہے کہ جاپانی دارالحکومت میں اس وقت چوتھی ہنگامی حالت نافذ ہے، کھلاڑیوں اور کھیلوں کے عہدے داروں میں پہلے ہی درجنوں کرونا متاثرین کی تصدیق کی جا چکی ہے، منتظمین نے جمعہ کے روز بتایا کہ جمہوریہ چیک اور ہالینڈ سے آنے والے 3 کھلاڑیوں کا ٹوکیو پہنچنے کے بعد کرونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔

    یکم جولائی سے اب تک کھیلوں سے متعلقہ مصدقہ متاثرین کی کل تعداد 106 ہو گئی ہے۔

    افتتاحی تقریب کے حوالے سے بھی ایک تنازعہ سامنے آیا تھا، اس تقریب کے ڈائریکٹر کو 1990 کے عشرے میں ہولوکاسٹ کے بارے میں دیے گئے بیان کے باعث، تقریب سے ایک دن قبل سبک دوش کر دیا گیا تھا۔

    اس سے قبل ایک موسیقار اس وجہ سے مستعفی ہوئے کیوں کہ انھیں دور طالب علمی میں اپنے ہم جماعتوں سے بدسلوکی کرنے پر تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا، ان ہم جماعتوں میں سے کچھ معذور بھی تھے۔

    دریں اثنا اولمپک مشعل وسطی ٹوکیو پہنچ چکی ہے، جہاں بلدیہ عظمیٰ کی سرکاری عمارت میں اس کا استقبال کیا گیا، ملک بھر میں اس کا طویل سفر مارچ میں فوکوشیما سے شروع ہوا تھا۔