Category: کھیل

پاکستان اور دنیا بھر سے کھیل کی تازہ ترین خبریں اور معلومات۔ کرکٹ، ہاکی، فٹ بال، پی ایس ایل کی خبریں

کھیلوں کی خبریں آپ کو اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں اور ٹیموں کی کارکردگی کے بارے میں جاننے میں مدد کر سکتی ہیں۔

Sports News In Urdu

Cricket News in Urdu

  • عامر جمال نے معنی خیز پوسٹ شیئر کردی

    عامر جمال نے معنی خیز پوسٹ شیئر کردی

    پاکستان کے آل راؤنڈر عامر جمال نے سینٹرل کنٹریکٹ سے باہر ہونے پر معنی خیز پوسٹ شیئر کردی۔

    فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر قومی کرکٹر عامر جمال نے ایک تصویر شیئر کی جس میں لکھا ہے کہ ّانہیں آپ کو سمجھنے دیں، انہیں بات کرنے دیں، اللہ جانتا ہے اور جب وہ آپ کے لیے بولے گا تو آپ کی خاموشی آپ کی ڈھال بن جائے گی۔

    حسیب اللہ، کامران غلام، میر حمزہ، محمد علی، محمد ہریرہ، محمد عرفان خان، اور عثمان خان کو بھی سینٹرل کنٹریکٹ نہیں دیا گیا۔

    واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے آج سینٹرل کنٹریکٹ کا اعلان کیا جس میں اے کیٹیگری کو ختم کردیا گیا اور کئی نامور کھلاڑی بھی بی کیٹگری میں شامل ہیں۔

    پول کو گزشتہ سال 27 سے 30 تک بڑھا دیا گیا ہے، جس میں 12 نئے نام کنٹریکٹ حاصل کرنے والے ہیں، جن میں احمد دانیال، فہیم اشرف، حسن علی، حسن نواز، حسین طلعت، خوشدل شاہ، محمد عباس، محمد حارث، محمد نواز، صاحبزادہ فرحان، سلمان مرزا، اور سفیان مقیم شامل ہیں۔

    پانچ کھلاڑیوں نے گزشتہ سیزن میں مسلسل کارکردگی دکھانے پر ترقیاں حاصل کی ہیں۔ ابرار احمد، حارث رؤف، صائم ایوب، سلمان علی آغا اور شاداب خان سبھی کو کیٹیگری سی سے کیٹیگری بی میں رکھا گیا ہے،

    مزید برآں، نو کھلاڑیوں نے اپنی جگہیں برقرار رکھی ہیں جن میں عبداللہ شفیق، نعمان علی، ساجد خان، اور سعود شکیل کیٹیگری سی میں شامل ہیں۔ کیٹیگری ڈی میں خرم شہزاد، محمد عباس آفریدی، اور محمد وسیم جونیئر۔ اور شاہین شاہ آفریدی کیٹیگری بی میں شامل ہیں۔

    نیا اعلان کردہ سینٹرل کنٹریکٹ یکم جولائی 2025 سے 30 جون 2026 تک چلیں گے۔

  • ایشیا کپ 2025، بھارتی اسکواڈ کا اعلان

    ایشیا کپ 2025، بھارتی اسکواڈ کا اعلان

    ایشیا کپ 2025 کے سلسلے میں بھارتی کرکٹ ٹیم کے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا۔

    رپورٹس کے مطابق ایشیا کپ 2025 کے بھارتی اسکواڈ میں شبمن گل کی ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔ انہیں اکشر پٹیل کی جگہ ٹیم کا نائب کپتان مقرر کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ یشسوی جیسوال اور شریاس ایئر اسکواڈ میں جگہ بنانے میں ناکام رہے۔

    بھارتی اسکواڈ میں سوریا کمار یادیو (کپتان)، شبمن گل (نائب کپتان)، ابھیشیک شرما، تلک ورما، ہاردک پانڈیا، شیوم دوبے، اکشر پٹیل، جیتیش شرما، جسپریت بمراہ، ارشدیپ سنگھ، ورون چکرورتی، کلدیپ یادیو، سنجوسامسن، ہرشیت رانا، رنکو سنگھ شامل ہیں۔

    دوسری جانب بھارت کے سابق کرکٹر کیدار جادھو نے دعویٰ کیا ہے کہ ایشیا کپ میں پاکستان اور بھارت کا میچ نہیں ہوگا۔

    سابق بھارتی کرکٹر کیدار جادھو نے کہا کہ بھارت کے پاس پاکستان سمیت کسی بھی ٹیم کو شکست دینے کی صلاحیت موجود ہے لیکن مجھے یقین ہے کہ میچ نہیں ہونا چاہیے اور میں اعتماد کے ساتھ کہتا ہوں کہ بھارت نہیں کھیلے گا۔

    پی سی بی کا سینٹرل کنٹریکٹ کا اعلان: بڑے نام بی کیٹیگری میں شامل

    انہوں نے کہا کہ میرے خیال میں بھارتی ٹیم کو پاکستان سے نہیں کھیلنا چاہیے، بھارتی ٹیم جہاں بھی کھیلے گی وہ ہمیشہ جیتے گی۔

    واضح رہے کہ کیدار جادھو کا تبصرہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب سابق اسپنر ہربھجن سنگھ نے بھی ٹورنامنٹ میں بھارت کے پاکستان سے کھیلنے کے بائیکاٹ کا کہا ہے۔

  • پاکستان کا جھنڈا اور نام بغیر اجازت استعمال کرنا ممنوع ہے، پی ایس بی

    پاکستان کا جھنڈا اور نام بغیر اجازت استعمال کرنا ممنوع ہے، پی ایس بی

    اسلام آباد (19 اگست 2025): پاکستان اسپورٹس بورڈ نے ایک نوٹس میں خبردار کیا ہے کہ پاکستان کا جھنڈا اور نام وفاقی حکومت کی اجازت کے بغیر استعمال کرنا ممنوع ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان اسپورٹس بورڈ نے بڑا ایکشن لیتے ہوئے معطل شدہ ویٹ لفٹنگ فیڈریشن پر پاکستان کا نام اور جھنڈا استعمال کرنے پر پابندی لگا دی ہے۔

    بورڈ نے اعلامیے میں کہا ہے کہ پی ایس بی آئین 2022 کے مطابق صرف الحاق شدہ فیڈریشنز قومی کہلا سکتی ہیں، غیر الحاق شدہ غیر رجسٹرڈ تنظیمیں نام پاکستان استعمال کرنے کی مجاز نہیں ہیں، وہ پاکستان کا نام استعمال نہیں کر سکتیں اور کھیل منظم کرنے کی حق دار نہیں۔

    پی سی بی کا سینٹرل کنٹریکٹ کا اعلان: بڑے نام بی کیٹیگری میں شامل

    بورڈ کا کہنا ہے کہ ویٹ لفٹنگ فیڈریشن پی ایس بی سے معطل ہے اور کمپنیز ایکٹ سیکشن 42 کے تحت رجسٹرڈ نہیں ہے، اس لیے پی ڈبلیو ایل ایف پاکستانی قوانین اور آئی ڈبلیو ایف آئین کی خلاف ورزی کر رہا ہے، جب کہ آئی ڈبلیو ایف کی ویب سائٹ پر پی ڈبلیو ایل ایف کا اسٹیٹس عارضی طور پر معطل درج ہے، عارضی معطلی ممبر فیڈریشن کے آئینی فرائض پورے نہ کرنے پر ہوتی ہے۔

    اسپورٹس بورڈ نے کہا ہے کہ 25 ویں پی ایس بی میٹنگ 6 جولائی 2022 میں پی ڈبلیو ایل ایف کو معطل کیا گیا تھا، یہ معطلی بے ضابطگیوں، بدعنوانیوں اور اینٹی ڈوپنگ کوڈ خلاف ورزیوں پر کی گئی تھی، جب کہ معطل عہدیداران کے خلاف انکوائری بھی جاری ہے۔

    بورڈ کے مطابق انٹرنیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی رپورٹ میں عمران بٹ اور عرفان بٹ پر ڈوپنگ قوانین خلاف ورزی ثابت ہو چکی ہے، ڈوپنگ خلاف ورزیاں ممنوعہ ادویات رکھنے، پلانے اور اعانت پر تھیں۔

    بورڈ کے مطابق یکم فروری 2025 کے انتخابات پی ایس بی آئین اور ہائی کورٹ فیصلے کی خلاف ورزی ہیں، الیکشن کمیشن سے نوٹیفکیشن کے بغیر انتخابات غیر قانونی قرار دیے گئے۔

    پاکستان اسپورٹس کا کہنا ہے کہ پی ڈبلیو ایل ایف کو پاکستان کا نام، کھیل منظم کرنے اور نمائندگی کا کوئی اختیار نہیں ہے، یہ معاملہ ایف آئی اے کو قانونی کارروائی کے لیے بھیجا جا رہا ہے۔

  • پی سی بی کا سینٹرل کنٹریکٹ کا اعلان: بڑے نام بی کیٹیگری میں شامل

    پی سی بی کا سینٹرل کنٹریکٹ کا اعلان: بڑے نام بی کیٹیگری میں شامل

    پاکستان کرکٹ بورڈ پی سی بی کی جانب سے 26-2025 کے لیے کرکٹرز کے سینٹرل کنٹریکٹس کا اعلان کردیا گیا ہے۔ جس کے تحت 30 کھلاڑیوں کو کنٹریکٹس دیے گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سینٹرل کنٹریکٹ کی اے کیٹیگری کو ختم نہیں کیا گیا ہے نئے سینٹرل کنٹریکٹ میں کوئی بھی کھلاڑی اے کیٹیگری کے معیار پر پورا اترنے میں کامیاب نہ ہوسکا۔

    کیٹیگری بی، سی اور ڈی میں پرفارمنس کی بنیاد پر 10،10 کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے، کنٹریکٹس یکم جولائی 2025 سے 30 جون 2026 تک لاگو ہوں گے۔

    رپورٹس کے مطابق 27 کھلاڑیوں کو گزشتہ سال کنٹریکٹ دیے گئے تھے جبکہ اس سال 12 نئے کھلاڑیوں کو بھی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔

    9 کھلاڑی اس مرتبہ اپنی سابقہ کیٹیگری برقرار رکھنے میں کامیاب ہوئے، جبکہ 8 کھلاڑی کنٹریکٹ حاصل کرنے میں ناکام رہے۔

    بی کیٹیگری میں قومی ٹیم کے سابق کپتان بابر اعظم، محمد رضوان، شاہین شاہ آفریدی، فخر زمان، شاداب خان، ابرار احمد، حارث رؤف، حسن علی، صائم ایوب، سلمان علی آغا ہیں۔

    سی کیٹیگری میں عبداللہ شفیق، نسیم شاہ، سعود شکیل، فہیم اشرف، ساجد خان، محمد نواز، محمد حارث، صاحبزادہ فرحان، حسن نواز، نعمان علی شامل ہیں۔

    ڈی کیٹیگری کی اگر بات کی جائے تو اس میں شان مسعود، حسین طلعت، محمد عباس، محمد وسیم جونیئر، محمد عباس آفریدی، خوشدل شاہ، احمد دانیال، سلمان مرزا، خرم شہزاد، سفیان مقیم شامل ہیں۔

    بابر اعظم امریکا سے براستہ دبئی لاہور واپس پہنچ گئے

    پی سی بی کے مطابق سینٹرل کنٹریکٹ کی سی اور ڈی کیٹیگری کے معاوضوں میں اضافہ کردیا گیا ہے، سی کیٹیگری میں قومی کرکٹرز کو اب 20 لاکھ کے بجائے 25 لاکھ روپے ماہانہ دیئے جائیں گے جبکہ ڈی کیٹیگری میں قومی کرکٹرز کو اب 12 لاکھ کے بجائے 15 لاکھ روپے ماہانہ ملیں گے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ بی کیٹیگری کے کھلاڑیوں کے ماہانہ معاوضے میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا ہے، واضح رہے کہ گزشتہ برس اے کیٹیگری میں قومی ٹیم کے سابق کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان شامل تھے۔

  • پاکستان کی ملائیکہ نور ایشین اوپن جوڈو چیمپئن شپ میں چاندی کا تمغہ جیتنے میں کامیاب

    پاکستان کی ملائیکہ نور ایشین اوپن جوڈو چیمپئن شپ میں چاندی کا تمغہ جیتنے میں کامیاب

    پاکستان کی ملائیکہ نور نے ایشین اوپن جوڈو چیمپئن شپ میں چاندی کا تمغہ جیت لیا۔

    پاکستان کی ملائیکہ نور اردن میں ہونے والی ایشین اوپن جوڈو چیمپئن شپ کی مائنس 52 کلو گرام کیٹیگری کے فائنل میں سعودی عرب کی پلیئر کو ہرا نہ کر سکیں۔

    ملائیکہ نور کو فائنل میں سعودی جوڈو کاز سے شکست ہوئی اور وہ سلور میڈل جیتنے میں کامیاب ہوئیں۔ واضح رہے کہ پاکستان کی ملائیکہ نور نے3 ممالک کی کھلاڑیوں کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی تھی۔

    ہاکی کھلاڑی نے والد کے انتقال کے باوجود پاکستان کی خاطر میچ کھیلا اور تمغہ جتوایا:

    ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان ٹیم کے کھلاڑی غضنفر علی نے والد کی وفات کے باوجود ملک کی خاطر میچ کھیل کر پاکستان کو تمغہ جتوایا۔

    چین میں کھیلی گئی ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان نے کوریا کو ہرا کر تیسری پوزیشن حاصل کی اور کانسی کا تمغہ حاصل کیا جو گرین شرٹس نے اس ٹورنامنٹ میں 8 سال بعد جیتا۔

    اس جیت میں جہاں پوری ٹیم کی کارکردگی نمایاں رہی وہیں ایک کھلاڑی غضنفر علی کا جذبہ بھی قابل ستائش رہا۔

    غضنفر علی جن کے والد کا تین دن قبل پاکستان میں انتقال ہوا تاہم کھلاڑی نے وطن واپسی کے بجائے پاکستان کی خاطر میچ کھیلنے کا فیصلہ کیا۔ گزشتہ روز جنوبی کوریا کو دو کے مقابلے میں پانچ گول سے شکست دے کر تیسری پوزیشن حاصل کی۔

    سابق پاکستانی ویمن کرکٹر ثانیہ خان کی ویرات کوہلی کے ساتھ تصویر وائرل

    اس میچ میں محمد سفیان اور حنان شاہد نے دو، دو گول کیے۔ تمام کھلاڑیوں نے میڈل اور جیت کو غضنفر علی کے نام کر دیا ہے۔

    واضح رہے کہ غضنفر علی کے والد محمد افضل کو اتوار کو گاؤں ڈینگ شاہ قصور میں سپرد خاک کیا گیا تھا۔

  • سابق پاکستانی ویمن کرکٹر ثانیہ خان کی ویرات کوہلی کے ساتھ تصویر وائرل

    سابق پاکستانی ویمن کرکٹر ثانیہ خان کی ویرات کوہلی کے ساتھ تصویر وائرل

    پاکستانی قومی ویمن ٹیم کی سابق کرکٹر ثانیہ خان کی بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ویرات کوہلی کے ساتھ تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔

    بھارتی میڈیا کی جانب سے تصویر کی بنیاد پر تبصروں کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے اور سابق پاکستانی ویمن کرکٹر ثانیہ خان کو بھارتی میڈیا نے نہ پہچانتے ہوئے کوہلی کا فین قرار دے دیا ہے۔

    اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر ثانیہ خان نے عالمی شہرت یافتہ بلے باز ویرات کوہلی اور اپنے ساتھی کوچ کے ساتھ تصاویر اپ لوڈ کی تھیں۔ ثانیہ خان کو یہ تصاویر لارڈز میں انڈور ٹریننگ کے دوران بنانے کا موقع مل گیا تھا۔

    سابق پاکستانی ویمن کرکٹر ثانیہ خان نے کہا کہ لارڈز پہنچنا اتنا آسان سفر نہیں تھا، اب مجھے کوچنگ کا موقع مل رہا ہے، لارڈز پہنچنے کے بعد دیکھیں میری کس سے ملاقات ہوگئی۔

    سابق پاکستانی کھلاڑی نے کہا کہ میں نے تین سال کے دوران انگلینڈ میں کوچنگ کورسز کیے ہیں، اب میں لارڈز کی کوچنگ ٹیم میں شامل ہوں، یہاں گرلز کرکٹرز کے ساتھ کام کروں گی۔

    بابر اعظم امریکا سے براستہ دبئی لاہور واپس پہنچ گئے

    اُنہوں نے کہا کہ کوہلی کے ساتھ ملاقات گزشتہ ہفتے ہوئی تھی،لارڈز میں نیٹ سیشن کے لیے ویرات کوہلی آئے تھے تو اس دوران ان کے ساتھ تصویر بنوانے کا موقع ملا۔

    واضح رہے کہ پاکستانی سابق ویمن کرکٹر ثانیہ خان نے 17 ون ڈے اور 25 ٹی ٹوئنٹی میچز میں پاکستان کی نمائندگی کی ہے، جبکہ سابق پاکستانی کرکٹر کچھ عرصے قبل انگلینڈ چلی گئی تھیں۔

  • بابر اعظم امریکا سے براستہ دبئی لاہور واپس پہنچ گئے

    بابر اعظم امریکا سے براستہ دبئی لاہور واپس پہنچ گئے

    پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان بابر اعظم امریکا سے براستہ دبئی لاہور واپس پہنچ گئے۔

    قومی ٹیم کے سابق کپتان بابر اعظم نے ٹرینیڈاڈ سے واپسی پر چند روز امریکا میں قیام کیا، انہیں ایئرپورٹ پر لینے کے لیے بھائی اور کزن پہنچے۔

    یاد رہے پاکستان ون ڈے اسکواڈ کے اراکین گروپس میں پہلے ہی وطن واپس پہنچ چکے ہیں۔ بابر ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کا حصہ نہ بننے کی وجہ سے خبروں میں ہیں۔

    پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان کو انہیں تین ملکی ٹورنامنٹ اور ایشیا کپ کے لیے اسکواڈ کا حصہ نہیں بنایا گیا ہے۔

    بابر اعظم اور رضوان کا چیپٹر کلوز ہو گیا؟

    ایشیا کپ اسکواڈ سے سابق کپتان بابر اعظم اور رضوان کو باہر کیے جانے پر یہ سوال اٹھ رہا ہے کہ کیا دونوں کھلاڑیوں کا چیپٹر کلوز ہو گیا۔

    آئندہ ماہ یو اے ای میں کھیلے جانے والے ایشیا کپ اور اس سے قبل سہ ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے گزشتہ روز پاکستان کے 17 رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا گیا۔ شائقین کرکٹ یہ جان کر حیران رہ گئے کہ ورلڈ کپ کے لیے تجربہ کار کھلاڑی بابر اعظم اور محمد رضوان کو شامل نہیں کیا گیا تھا۔

    اس سے قبل دورہ بنگلہ دیش اور ویسٹ انڈیز میں بھی ٹی 20 سیریز کے لیے دونوں کھلاڑیوں کو نظر انداز کر دیا گیا تھا۔ تاہم ورلڈ کپ اسکواڈ سے نظر انداز کیے جانے کے بعد اب کرکٹ شائقین میں یہ سوال اٹھایا جا رہا ہے کہ کیا دونوں تجربہ کار بلے بازوں کو ٹی 20 میں چیپٹر کلوز ہو چکا ہے۔

    اس حوالے سے سینئر اسپورٹس رپورٹر شاہد ہاشمی نے بتایا کہ قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے جب ٹیم کا چارج سنبھالا تھا تو پہلے ہی کہہ دیا تھا کہ وہ پرانی ساکھ پر نہیں بلکہ پرفارمنس اور حالیہ فارم پر سلیکشن کریں گے۔

    کوچ سمجھتے ہیں کہ اس وقت نوجوان کھلاڑی ٹی 20 میں اچھی پرفارمنس دکھا رہے ہیں۔ اس لیے ٹی 20 ٹیم میں بابر اعظم اور محمد رضوان کی جگہ نہیں بنتی اور میرا خیال ہے کہ یہ دونوں کھلاڑی ان کی ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کی پلاننگ کا بھی حصہ نہیں ہیں۔

    تاہم مائیک ہیسن نے بابر اعظم کو ٹیم میں واپسی کے لیے اپنا اسٹرائیک ریٹ تیز کرنے اور اسپن بولنگ کے سامنے بیٹنگ بہتر بنانے کا ٹاسک دیا ہے۔

    سینئر اسپورٹس رپورٹر نے کہا کہ پاکستان ٹیم نے 2022 میں فائنل ٹی 20 کھیلا۔ اس کے بعد سے ٹیم کی کارکردگی مسلسل زوال کا شکار رہی۔ تب سے اب تک گرین شرٹس نے 52 میچ کھیلے۔ اس میں سے صرف 20 جیتے اور 30 میں شکستوں کا سامنا کرنا پڑا۔

    بھارتی ٹیم پاکستان کا مقابلہ کرنے کے بجائے فرار!

    انہوں نے ایشیا کپ اور ٹرائی نیشن سیریز کو آئندہ سال ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تیاریوں کا حصہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے اچھی ٹیم نہیں بن سکتی تھی۔ اس اسکواڈ میں فاسٹ بولنگ اٹیک اور اسپن بولرز کی جوڑی بہترین ہے جب کہ ٹاپ آرڈر اور مڈل آرڈر میں بھی نوجوان کھلاڑی اچھی پرفارمنس دکھا رہے ہیں۔

  • شبمن گل کو ایشیا کپ میں شامل کیا جائے یا نہیں؟ بھارتی بورڈ کےلیے درد سر بن گیا

    شبمن گل کو ایشیا کپ میں شامل کیا جائے یا نہیں؟ بھارتی بورڈ کےلیے درد سر بن گیا

    نئی دہلی: ٹیسٹ کپتان شبمن گل کو ایشیا کپ اسکواڈ میں شامل کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ بھارتی بورڈ کےلیے بڑا درد سر بن گیا ہے۔

    بھارت کی سلیکشن کمیٹی منگل کو یو اے ای میں اگلے ماہ شیڈول ایشیا کپ کے لیے 15 رکنی اسکواڈ کا انتخاب کرے گی، تاہم بھارتی سلیکشن کمیٹی ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں شبمن گل کو شامل کرے یا نہ کرے یہ ان کےلیے بڑا چیلنج ہوگا ہوگا کیوں کہ بھارتی بیٹر ان دنوں بہترین فارم میں ہیں۔

    ٹیسٹ کپتان جنھوں نے حال ہی میں انگلینڈ میں بہترین پرفارمنس دکھائی ہے وہ اس ٹیم میں فٹ تو نہیں بیٹھتے جو 9 سے 28 ستمبر تک ایشیا کپ کا شوپیس ایونٹ کھیلے گی تاہم ان کی شمولیت خارج از امکان نہیں۔

    اجیت اگرکر اور ان کے ساتھی سلیکٹرز کےلیے ٹیم کو منتخب کرنا ایک "خوفناک” معمہ ہے کیوں کہ ہندوستانی کرکٹ میں اس وقت ٹی ٹوئنٹی کا کافی ٹیلنٹ موجود ہے

    بھارت میں اس وقت کم از کم 30 کھلاڑی ایسے ہیں جو ایک سلاٹ کے لیے تین سے چار آپشنز کے ساتھ قومی اسکواڈ میں آنے کے لیے تیار ہیں۔

    سب سے اوپر تین پوزیشنوں کے لیے چھ کرکٹرز دستیاب ہیں، جن مین ابھیشیک شرما، سنجو سیمسن اور تلک ورما نے پچھلے سیزن میں کافی غیرمعمولی پرفارمنس دکھائی ہے۔

    ان تینوں کے علاوہ شبمن گل، یشسوی جیسوال اور سائی سدھرسن جیسے اوپننگ بیٹرز بھی ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں جگہ بنانے کی دوڑ میں شامل ہیں۔

    بولنگ میں کلدیپ یادیو، ورون چکرورتی اور روی بشنوئی ایک ہی جگہ کے لیے دستیاب ہونگے اور ان میں سے سب سے زیادہ یوزویندر چاہل کو طویل عرصے سے نظر انداز کیا گیا ہے۔

    بھارتی ٹیم مینجمنٹ کے ایک اہم رکن کا خیال ہے کہ یہ ناانصافی ہو گی جو کرکٹر پچھلے سیزن کے دوران پلیئنگ الیون میں ریگولر رہا ہو اسے کسی بڑے برانڈ نام یا اسٹار کو جگہ دینے کےلیے محروم رکھا جائے۔

    https://urdu.arynews.tv/shubman-gill-considering-making-captain-india-t20-team/

  • ناروے میں تاریخ رقم کرنے والے لیاری ونڈرز حکومتی توجہ کے منتظر

    ناروے میں تاریخ رقم کرنے والے لیاری ونڈرز حکومتی توجہ کے منتظر

    (18 اگست 2025): ناروے میں دنیا کے سب سے بڑے یوتھ فٹبال ٹورنامنٹ جیت کر پاکستان کا پرچم بلند کرنے والے لیاری ونڈرز حکومتی توجہ کے منٹظر ہیں۔

    فٹبال انڈر 15 کے ہیڈ کوچ عبدالراشد اور لیاری بوائز کی پوری ٹیم اے آر وائی پوڈکاسٹ میں مہمان بنے ایاز سموں کے، جہاں ہیڈ کوچ عبدالراشد نے کہا ہے کہ لیاری ونڈرز نے ناروے کے دارالحکومت اوسلو میں کھیلے گئے دنیا کا سب سے بڑا یوتھ فٹبال ٹورنامنٹ ’’ناروے کپ 2025‘‘ جیت کر تاریخ رقم کی اور پاکستان نے پہلی بار یورپ میں گولڈ میڈل جیتا اور لڑکے ٹرافی لے کر آئے۔

    ہیڈ کوچ نے فٹبال ہو یا باکسنگ بچے ہر کھیل میں کارکردگی دکھا رہے ہیں۔ یہ بچے پاکستان کا مستقبل ہیں۔ لیکن حکومت نے فٹبال پر کبھی توجہ نہ دی۔ اگر حکومت خاص طور پر گراس روٹ لیول پر اس کھیل کو سہولتیں فراہم کرے اور ان بچوں کی پذیرائی کرے تو یہی بچے دنیا بھر میں پاکستان کا ڈنکا بجا سکتے ہیں۔

    عبدالراشد نے مزید کہا کہ ٹیم کی سندھ میں تو پذیرائی ہو رہی ہے۔ لیکن اصل شکوہ وفاقی حکومت سے ہے۔ یہ صرف لیاری کی ٹیم نہیں بلکہ پاکستان کی ٹیم ہے۔ وزیراعظم تاریخ رقم کرنے والے ان بچوں کو کیوں اپنے پاس نہیں بلاتے۔

    ہیڈ کوچ نے کہا ہم چاہتے ہیں فٹبال کھیلنے والے بیرون ملک پاکستان کا نام بلند کرنے والے ان بچوں کی حکومت پذیرائی کرے اور جائز مقام دے۔ پاکستان میں فٹبال ایک بار پھر عروج پر آ رہی ہے۔ 2024 میں بیٹر فیوچر نے دوسرے نمبر پر رہتے ہوئے چاندی کا تمغہ جیتا جب کہ اس سال تو تاریخ رقم کرتے ہوئے ٹورنامنٹ اپنے نام کیا۔

     

  • بھارتی ٹیم پاکستان کا مقابلہ کرنے کے بجائے فرار!

    بھارتی ٹیم پاکستان کا مقابلہ کرنے کے بجائے فرار!

    (18 اگست 2025): کھیل کا میدان اور مدمقابل پاکستان اور بھارت تو مزا ہی الگ ہے لیکن اس بار بھارتی ٹیم پاکستان کا مقابلہ کرنے کے بجائے فرار ہو گئی۔

    پاکستان اور بھارت دو روایتی حریف ممالک ہیں۔ یہ کسی بھی کھیل کے میدان میں مدمقابل ہوں تو شائقین کا جوش وخروش بڑھ جاتا ہے۔ تاہم اس بار انڈین ٹیم پاکستان کے مقابلے پر نہیں آئی اور میچ کھیلنے کے بجائے فرار ہونے میں عافیت جانی۔

    یہ واقعہ حال میں ناروے کے دارالحکومت اوسلو میں کھیلے جانے والے دنیا کے سب سے بڑے یوتھ فٹبال ٹورنامنٹ ناروے کپ 2025 میں رونما ہوا۔ لیاری سے تعلق رکھنے والے انڈر 15 بوائز نے یہ ٹورنامنٹ جیت کر پہلی بار یورپ میں گولڈ میڈل جیتا اور سنہری ٹرافی وطن لے کر آئے۔

    فٹبال انڈر 15 کے ہیڈ کوچ عبدالراشد اور لیاری بوائز کی پوری ٹیم اے آر وائی پوڈکاسٹ میں مہمان بنے ایاز سموں کے، جہاں ہیڈ کوچ نے یہ انکشاف کیا اور بتایا کہ بھارت اور ہم الگ الگ لیول کے ٹورنامنٹ کھیل رہے تھے۔ تاہم ان کے ہیڈ کوچ نے ہمارے ساتھ دوستانہ میچ کھیلنے کی درخواست کی اور ہم نے رضامندی ظاہر کر دی۔

    تاہم جب ہم فائنل جیت گئے تو جشن منانے کے بعد بھارتی ٹیم کے منتظر رہے کہ وہ آئیں تو میچ کھیلیں، لیکن انڈین ٹیم ہمارے مقابلے پر آنے کے بجائے وہاں سے فرار ہو گئی اور اس کے بعد انہیں نہیں دیکھا۔

    ہیڈ کوچ نے شکوہ کیا کہ بھارتی ٹیم سیون اے سائیڈ ٹورنامنٹ جیتی تو ان کے وزیراعظم نے پوری ٹیم کو بلایا جب کہ ہمارے بچے تو مکمل 11 کھلاڑیوں کی ٹیم کا میچ کھیلے اور جذبہ وجنون کے ساتھ ٹورنامنٹ جیتا لیکن ان بچوں کو وہ پذیرائی نہیں ملی۔ کچھ نہیں تو ایک بار وزیراعظم شہباز شریف ان بچوں کو بلا کر ان کے ساتھ چائے ہی پی لیں تاکہ ان کی حوصلہ افزائی ہو۔

    ان کا کہنا تھا کہ یہ تاریخ میں پہلا موقع ہے کہ پاکستان یورپ سے گولڈ میڈلز جیت کر آئے اور ٹرافی بھی وطن لائے۔