Category: کھیل

پاکستان اور دنیا بھر سے کھیل کی تازہ ترین خبریں اور معلومات۔ کرکٹ، ہاکی، فٹ بال، پی ایس ایل کی خبریں

کھیلوں کی خبریں آپ کو اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں اور ٹیموں کی کارکردگی کے بارے میں جاننے میں مدد کر سکتی ہیں۔

Sports News In Urdu

Cricket News in Urdu

  • مچل اسٹارک کا ریٹائرمنٹ کا اعلان

    مچل اسٹارک کا ریٹائرمنٹ کا اعلان

    آسٹریلیا کے مایہ ناز فاسٹ بولر مچل اسٹارک نے بھی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔

    کرکٹ آسٹریلیا کا کہنا ہے کہ فاسٹ بولر مچل اسٹارک نے ٹیسٹ اور ون ڈے پر فوکس کے لیے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے 65 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں 79 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

    مچل اسٹارک کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ٹیسٹ کرکٹ میری ہمیشہ سب سے زیادہ ترجیح رہی ہے، ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں بھی بہت زیادہ لطف اندوز ہوا ہوں۔

    عالمی شہرت یافتہ فاسٹ بولر نے کہا کہ انڈیا ٹیسٹ ٹور، ایشیز اور ون ڈے ورلڈ کپ 2027 میں تازہ دم اور فٹ رہ کر بہترین کارکردگی دکھانے کا منتظر ہوں۔

    آصف علی نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا

    کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے اسٹارک کی غیر موجودگی میں نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔ مینجمنٹ پلان کے تحت پیٹ کمنز سیریز کا حصہ نہیں ہیں۔

    آسٹریلیا کے مطابق پیٹ کمنز کو کمر کے نچلے حصے میں تکلیف ہے جس کی تشخیص جاری ہے، پیٹ کمنز کو بھارت کے خلاف محدود اوورز کی سیریز میں بھی زیر غور نہیں لایا جائے گا۔

  • راشد خان نے ٹی 20 میں عالمی ریکارڈ بنا دیا

    راشد خان نے ٹی 20 میں عالمی ریکارڈ بنا دیا

    افغانستان ٹیم کے کپتان اور آل راؤنڈر راشد خان ٹی 20 کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر بن گئے۔

    سہ ملکی سیریز کے تیسرے میچ میں متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے خلاف راشد خان نے 21 رنز کے عوض 3 وکٹیں لیں اور عالمی ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔

    26 سالہ راشد خان ٹی20 کرکٹ میں 165 وکٹیں لینے والے پہلے بولر بن گئے ہیں،

    انہوں نے اسی میچ کے دوران پہلے ٹم ساؤتھی کا ریکارڈ برابر کیا اور پھر ان کا ریکارڈ بھی اپنے نام کرلیا۔

    یہ پڑھیں: سہ ملکی سیریز: افغانستان نے یو اے ای کو 38 رنز سے ہرا دیا

    نیوزی لینڈ کے 36 سالہ بولر ٹم ساؤتھی نے 164 وکٹیں 126 میچز میں حاصل کی تھیں جبکہ راشد خان نے یہ کارنامہ صرف 98 میچز میں اپنے نام کیا ہے۔

    واضح رہے کہ سہ ملکی سیریز کے تیسرے میچ میں افغانستان نے یو اے ای کو 38 رنز سے شکست دی۔

    شارجہ میں کھیلے گئے میچ میں افغانستان کی جانب سے دیے گئے 189 رنز کے تعاقب میں مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 150 رنز بناسکی۔

    کپتان محمد وسیم کے 67 اور راہول چوپڑا کے 52 رنز رائیگاں گئے۔

    افغانستان کی جانب سے راشد خان اور شرف الدین اشرف نے تین، تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

  • سہ ملکی سیریز: افغانستان نے یو اے ای کو 38 رنز سے ہرا دیا

    سہ ملکی سیریز: افغانستان نے یو اے ای کو 38 رنز سے ہرا دیا

    سہ ملکی سیریز کے تیسرے میچ میں افغانستان نے یو اے ای کو 38 رنز سے شکست دے دی۔

    شارجہ میں کھیلے گئے میچ میں افغانستان کی جانب سے دیے گئے 189 رنز کے تعاقب میں مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 150 رنز بناسکی۔

    کپتان محمد وسیم کے 67 اور راہول چوپڑا کے 52 رنز رائیگاں گئے۔

    افغانستان کی جانب سے راشد خان اور شرف الدین اشرف نے تین، تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

    یہ پڑھیں: سہ ملکی سیریز: شائقین کرکٹ کیلئے نیا پروٹوکول جاری

    اس سے قبل افغانستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 4 وکٹوں کے نقصان پر 188 رنز اسکور کیے تھے، ابراہیم زدران 63 اور صدیق اللہ اتل 54 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

    کریم جنت نے 23 اور عظمت اللہ عمر زئی نے 20 رنز بنائے، درویش رسولی 10 اور رحمان اللہ گرباز 7 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

    یو اے ای کی جانب سے محمد روحید اور صغیر خان نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

    واضح رہے کہ سہ ملکی سیریز میں پاکستان نے دو میچز جیتے ہیں، پہلے میچ میں پاکستان نے افغانستان اور دوسرے میچ میں یو اے ای کو شکست دی تھی۔

    یاد رہے کہ سہ ملکی سیریز میں ہر ٹیم ایک دوسرے سے دو، دو میچز کھیلے گی۔

  • آصف علی نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا

    آصف علی نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا

    پاکستانی بیٹر آصف علی نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا، انھوں نے اپنے مداحوں اور ساتھی کرکٹرز کا شکریہ بھی ادا کیا۔

    جارح مزاج بیٹر آصف علی کا بین الاقوامی کرکٹ کیریئر اختتام کو پہنچ گیا، انھوں نے آج انٹرنیشنل کرکٹ کو خیرباد کہہ دیا، آصف علی نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستانی کی جرسی پہننا، قومی ٹیم کی نمائند گی کرنا اعزاز کی بات تھی۔

    کرکٹر آصف علی نے کہا کہ انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائر ہورہا ہوں، لیگ اور ڈومیسٹک کرکٹ کھیلتا رہوں گا، شائقین، ساتھی کھلاڑیوں اور کوچز کا شکرگزار ہوں۔

    33 سالہ آصف علی نے 2018 میں اپنا انٹرنیشنل ڈیبیو کیا تھا، قومی ٹیم میں ڈیبیو سے قبل وہ چوتھے نمبر پر اچھی کارکردگی کے حامل رہے تھے جس کی وجہ سے سیلکٹرز کی نظریں ان پر پڑی تھیں۔

    آصف علی نے 21 ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں 25.46 کی اوسط سے 382 رنز اسکور کیے جس میں 3 نصف سنچریاں شامل تھیں۔

    ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں انھوں نے پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے 58 میچز کھیلے، جس میں وہ ایک بھی سنچری یا نصف سنچری بنانے میں ناکام رہے، آصف علی نے مختصر فارمیٹ میں 15.18 کی اوسط سے 577 رنز اسکور کیے۔

    بلے باز کا اپنے ایک انٹرویو میں کہنا تھا کہ جب ڈومیسٹک میں اوپر کے نمبر پر کھیلنے کے بعد انٹرنیشنل میں نیچے کے نمبر پر کھیلتے ہیں تو چیلنجز سامنے آتے ہیں، انٹرنیشنل کرکٹ میں ہر کھلاڑی کو اپنے مخصوص بیٹنگ نمبر کے مطابق ٹریننگ کرنا ہوتی ہے۔

  • 1999 ورلڈ کپ فائنل میں ٹاس جیت کر کیا کرنا تھا؟ وسیم اکرم نے بتا دیا

    1999 ورلڈ کپ فائنل میں ٹاس جیت کر کیا کرنا تھا؟ وسیم اکرم نے بتا دیا

    سابق کپتان اور سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم نے 1999 ورلڈ کپ فائنل میں پہلے بیٹنگ کرنے کی وجہ بتا دی۔

    سابق کپتان وسیم اکرم نے حال ہی میں نجی ٹی وی کے مزاحیہ شو میں شرکت کی اور اپنے بچپن اور کرکٹ کیریئر سے متعلق اظہار خیال کیا۔

    وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ ہمارے دور میں ٹیم کی طاقت ہماری بولنگ تھی، ورلڈکپ میں بھی ہماری طاقت ہماری بولنگ تھی، میں خود  اور وقار یونس، شعیب اختر، ثقلین مشتاق اور اظہر اور عبدالرزاق جیسے آل راؤنڈر تھے، ہمارے پاس بولنگ میں بہت آپشن تھے۔

    انہوں نے کہا کہ 99 ورلڈ کپ کے راؤنڈ میچز میں ہم ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کررہے تھے اور تمام میچز جیت بھی کررہے تھے تو فائنل میں بھی یہی فیصلہ تھا کہ پہلے بیٹنگ ہی کریں گے اور 200 رنز بھی کرلیے تو آسٹریلیا کو قابو کرلیں گے۔

    یہ پڑھیں: وسیم اکرم سے متعلق اعجاز احمد کا بیان غیرذمہ دارانہ قرار

    سابق کپتان نے بتایا کہ جو لوگ یہ کہہ رہے ہیں کہ اچانک بیٹنگ کا فیصلہ کیا جبکہ فیلڈنگ کرنا تھی انہیں اب 25 سال بعد یاد آیا ہے۔

    وسیم اکرم کا مزید کہنا تھا کہ وہ میچ میرے لیے سب سے بری یاد ہے، کیونکہ وہ یکطرفہ میچ تھا اگر سنسنی خیز میچ ہوتا اور ہم قریب جاکر ہارتے تو اتنا افسوس نہیں ہوتا لیکن ایسا نہیں ہوسکا۔

    خیال رہے کہ 1999 کے ورلڈکپ فائنل میں پاکستان کی پوری ٹیم آسٹریلیا کے خلاف 132 رنز پر ڈھیر ہو گئی تھی جو کہ ورلڈکپ فائنل میں کسی بھی ٹیم کا سب سے کم اسکور ہے۔ آسٹریلیا نے 133 رنز کا ہدف 21 ویں اوور میں 2 وکٹ کے نقصان پر پورا کرلیا تھا۔

  • ’ویرات کوہلی کا ون ڈے کیریئر ختم ہوگیا‘

    ’ویرات کوہلی کا ون ڈے کیریئر ختم ہوگیا‘

    سابق بھارتی کرکٹر عرفان پٹھان نے دعویٰ کیا ہے کہ ویرات کوہلی کا ون ڈے انٹرنیشنل کیریئر ختم ہوگیا ہے۔

    سابق کرکٹر عرفان پٹھان نے دعویٰ کیا ہے کہ اب ویرات کوہلی صرف انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) پر توجہ مرکوز کریں گے کیونکہ ان کا ون ڈے کیریئر ختم ہوگیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اگرچہ کوہلی اب بھی فرسٹ کلاس کرکٹ میں حصہ لے سکتے ہیں لیکن یہ بین الاقوامی سطح پر خود کو ثابت کرنے کے پلیٹ فارم کے بجائے لطف اندوز ہونے کے لیے ہوگا۔

    سابق کرکٹر نے اس بات پر زور دیا کہ فٹنس برقرار رکھنا اور کھیل کا باقاعدہ وقت ان کھلاڑیوں کے لیے ایک اہم چیلنج ہے جو قومی سیٹ اپ میں سرگرم نہیں ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ورلڈ کپ 2027 کوئی چیلنج نہیں ہوگا اگر کھیل کے وقت کا تسلسل برقرار رکھا جائے، بقسمتی سے ان پر دباؤ رہے گا، میں نے روہت شرما سے بات کی ہے اور وہ فٹنس کے بارے میں بہت دلچسپی رکھتے ہیں۔

    پٹھان نے مزید کہا کہ ویرات مجھے یقین ہے کہ وہ انگلینڈ میں جس طرح سے پریکٹس کر رہے ہیں، اس کی بنیاد پر بھی بہت پرجوش ہیں۔ میں نے محمد شامی کے بیانات بھی دیکھے ہیں جو اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ وہ بھی انتہائی پرعزم ہیں۔

    انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر اور چیف سلیکٹر اجیت اگرکر کوہلی اور روہت جیسے سینئر کھلاڑیوں کی ضروریات سے آگاہ ہیں۔

  • آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کی انعامی رقم کا اعلان

    آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کی انعامی رقم کا اعلان

    انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ویمنز ورلڈ کپ کی انعامی رقم کا اعلان کردیا۔

    آئی سی سی کے مطابق ویمنز ورلڈ کپ کی انعامی رقم میں 297 فیصد اضافہ کیا گیا ہے، ایونٹ کی مجموعی انعامی رقم ایک کروڑ 30 لاکھ ڈالرز سے زائد رکھی گئی ہے۔

    میگا ایونٹ کی فاتح ٹیم کو 44 لاکھ ڈالر اور رنراپ کو 22 لاکھ ڈالر سے زائد ملیں گے۔

    سیمی فائنلسٹ ٹیمیں 11 لاکھ  ڈالر سے زائد کی انعامی رقم حاصل کریں گی۔

    آئی سی سی کے مطابق گروپ اسٹیج کے ہر میچ کی جیت کی صورت میں 34 ہزار314 ڈالرکا انعام ہے۔

    اس کے علاوہ پانچویں اور چھٹی پوزیشن پر7 لاکھ،ساتویں اور آٹھویں پوزیشن پر 2 لاکھ 80 ہزار ڈالر ملیں گے۔

    واضح رہے کہ ورلڈکپ 30 ستمبر سے بھارت اور سری لنکا میں کھیلا جائے گا۔ پاکستانی کرکٹ ٹیم ورلڈ کپ میں اپنے تمام میچز سری لنکا میں کھیلے گی۔

  • سہ ملکی سیریز: شائقین کرکٹ کیلئے نیا پروٹوکول جاری

    سہ ملکی سیریز: شائقین کرکٹ کیلئے نیا پروٹوکول جاری

    شارجہ میں ہونے والی سہ ملکی سیریز میں متحدہ عرب امارات (یو اے ای) حکام نے شائقین کے لیے نیا پروٹوکول جاری کردیا۔

    حکام کے مطابق سہ ملکی سیریز کے میچز دیکھنے کے لئے آنے والے شائقین صرف اپنی ٹیم کی حمایت کریں، مخالف ٹیم کے خلاف نعرے بازی یا اشاروں سے گریز کریں۔

    حکام نے شائقین کے لیے نیا پروٹوکول جاری کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ شائقین اپنی نشستوں پر رہیں، دوسرے اسٹینڈ میں ہرگز نہ جائیں، مخالف ٹیم کے شائقین کے قریب جا کر نعرے یا نامناسب اشارے کرنے سے بھی گریز کریں۔

    حکام کا مزید کہنا تھا کہ کھیل کے دوران بھاگ دوڑ اور بینظمی سے بچیں، اماراتی قوانین کا احترام کریں اور کھیل کی روح برقرار رکھیں۔

    سلمان آغا نے میچ جیتنے کے باوجود ٹیم کی خامی بیان کردی

    قومی ٹی 20 ٹیم کے کپتان سلمان آغا نے یو اے ای سے میچ جیتنے کے باوجود ٹیم کی خامی بیان کردی۔

    شارجہ میں یو اے ای سے میچ جیتنے کے بعد سلمان آغا نے کہا کہ میچ ضرور جیتے ہیں لیکن آخری پانچ اوور میں بولنگ مزید بہتر کرنا ہوگی۔

    انہوں نے کہا کہ ہماری مجموعی کارکردگی بہت اچھی رہی، حسن نواز شاندار ٹیلنٹ ہے اور اس نے پھر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔

    دوسری جانب یو اے ای کے کپتان محمد وسیم کا کہنا ہے کہ ہم نے پندرہ سے بیس رنز زیادہ بنوادیے، بولرز نے آخری اوورز میں زیادہ رنز دے دیے تھے ورنہ میچ مزید دلچسپ ہوتا۔

    انہوں نے کہا کہ آصف خان نے لاجواب اننگ کھیلی، مڈل آرڈر میں کوئی ساتھ دیتا تو کچھ بھی ہوسکتا تھا۔

    شارجہ میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کی جانب سے دیے گئے 208 رنز کے تعاقب یو اے ای کی ٹیم 8 وکٹوں کے نقصان پر 176 رنز بناسکی تھی، صائم ایوب کو آل راؤنڈ کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

    پشاور میں پی ایس ایل اور بین الاقوامی میچز کرائے جائیں، شاہد آفریدی

    آصف خان کی 77 رنز کی دھواں دھار اننگز رائیگاں گئی، کپتان محمد وسیم 33 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

    اوپنر محمد زوہیب 13 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، ایتھن ڈی سوزا 3 رنز بناسکے، راہول چوپڑا کو 11 رنز پر محمد نواز نے آؤٹ کیا۔

    پاکستان کی جانب سے حسن علی نے تین اور محمد نواز نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، سلمان مرزا اور صائم ایوب نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

  • آئی سی سی نے ویمنز ورلڈ کپ کے لیے ریکارڈ انعامی رقم کا اعلان کر دیا

    آئی سی سی نے ویمنز ورلڈ کپ کے لیے ریکارڈ انعامی رقم کا اعلان کر دیا

    انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ویمنز ون ڈے ورلڈ کپ کیلئے ریکارڈ انعامی رقم کا اعلان کیا ہے جو انعامی رقم کے لحاظ سے تاریخی ہے۔

    آئی سی سی کی گورننگ باڈی کی جانب سے جاری اعلان کے مطابق ویمن ورلڈکپ کی مجموعی انعامی رقم 13.88 ملین ڈالر(پاکستانی روپوں میں 3.928 ارب روپے)  رکھی گئی ہے۔

    یہ انعامی رقم 2022 کے ایڈیشن میں پیش کی گئی 3.5 ملین ڈالر کی انعامی رقم سے تقریباً چار گنا زیادہ ہے، ورلڈ کپ کی فاتح ٹیم کو 4.48 ملین ڈالر اور رنر اپ کو 2.24 ملین ڈالر ملیں گے۔

    آئی سی سی کے مطابق سیمی فائنلسٹ ٹیموں کو  1.12 ملین ڈالر کی انعامی رقم ملے گی، آٹھ ٹیموں پر مشتمل یہ مقابلہ بھارت اور سری لنکا کے مشترکہ میزبانی میں 30 ستمبر سے شروع ہوگا۔

    ٹورنامنٹ کے ہر میچ میں اب بھاری انعامات دیے جائے گے، ٹورنامنٹ میں شریک ہر ٹیم کو کم از کم 250,000 ڈالر (پاکستانی روپوں میں 70.7 ملین روپے) ملیں گے، اور گروپ اسٹیج کی ہر فاتح ٹیم کو 34,314 ڈالر کا اضافی انعام ملے گا۔

    پانچویں اور چھٹی پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیموں کو 700,000 ڈالر (پاکستانی روپوں میں 198.1 ملین روپے) حاصل کریں گی، جبکہ ساتویں اور آٹھویں پوزیشن والی ٹیمیں بالترتیب 280,000 ڈالر (پاکستانی روپوں میں 79.2 ملین روپے) حاصل کریں گی۔

  • دھونی کو پھر ورلڈکپ کےلیے بھارت کی مینٹورشپ کی پیشکش؟ پاکستان کےلیے خوش قسمتی کی علامت؟

    دھونی کو پھر ورلڈکپ کےلیے بھارت کی مینٹورشپ کی پیشکش؟ پاکستان کےلیے خوش قسمتی کی علامت؟

    بھارت کے سابق کپتان مہندر سنگھ دھونی کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 کیلیے ایک بار پھر انڈین کرکٹ ٹیم کی مینٹورشپ کی پیشکش کی گئی ہے۔

    آئندہ سال شیڈول ورلڈکپ کےلیے بھارتی کرکٹ بورڈ ایک بار پھر سے مہندر سنگھ دھونی کو مینٹور بنانے کی خواہشمند ہے، تاہم کیا بھارت کی چال اس بار بھی الٹی ہونے جارہی ہے اور پاکستان ایک بار 2021 کی طرح بھارت کو شکست دیگا، یہ سوال اپنی جگہ اہمیت کا حامل ہے۔

    بھارتی ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق بورڈ آف کرکٹ کنٹرول ان انڈیا نے ایک بار پھر ایم ایس دھونی سے بھارتی ٹیم کے مینٹور بننے کے لیے رابطہ کیا ہے۔

    اس سے قبل سابق کپتان اور لیجنڈ کھلاڑی بھارتی ٹیم کے ساتھ یو اے ای میں 2021 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بطور مینٹور کام کرچکے ہیں، تاہم اس ایونٹ میں بھارتی ٹیم کو پاکستان نے بدترین شکست دی تھی۔

    آئی سی سی ورلڈکپ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ پاکستان نے روایتی حریف کو شکست دی تھی بلکہ بھارت کو دس وکٹوں سے ہرایا تھا جس میں بابراعظم اور محمد رضوان نے نصف سنچریاں اسکور کی تھیں۔

    بلیو شرٹس کی پرفارمنس اتنی خراب تھی کہ وہ اس ایونٹ کے ناک آؤٹ مرحلے میں بھی جگہ بنانے میں ناکام رہی تھی۔

    اب بھارتی ٹیم ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 میں اپنے اعزاز کا دفاع کرے گی، اگر ایک بار پھر سے دھونی 2021 کی طرح بھارتی ٹیم کے مینٹور مقرر ہوتے ہیں تو شائقین کےلیے کافی دلچسپی کا حامل ہوگا۔

    پاکستان کرکٹ ٹیم کے مداح یقیناً اس بات کے خواہشمند ہونگے کہ پاکستان ٹیم ایک بار پھر سے 2021 کی تاریخ دہرائے تاہم یہ فیصلہ میچ والے دن ہوگا، جس ٹیم کی پرفارمنس بہترین ہوگی جیت اسی کا مقدر ٹھہرے گی۔