Category: کھیل

پاکستان اور دنیا بھر سے کھیل کی تازہ ترین خبریں اور معلومات۔ کرکٹ، ہاکی، فٹ بال، پی ایس ایل کی خبریں

کھیلوں کی خبریں آپ کو اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں اور ٹیموں کی کارکردگی کے بارے میں جاننے میں مدد کر سکتی ہیں۔

Sports News In Urdu

Cricket News in Urdu

  • ’میرے پاس اختیار ہوتا بابر اعظم کو ٹی 20 ٹیم میں ضرور شامل کرتا‘

    ’میرے پاس اختیار ہوتا بابر اعظم کو ٹی 20 ٹیم میں ضرور شامل کرتا‘

    پاکستان ٹیم کے سابق کپتان اور سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم نے ایشیا کپ سے قبل بابر اعظم کی ٹی 20 اسکواڈ میں واپسی کا مطالبہ کردیا۔

    بابر اعظم نے آخری بار دسمبر 2024 میں جنوبی افریقا کے خلاف ٹی 20 انٹرنیشنل میں پاکستان کی نمائندگی کی تھی، کم اسٹرائیک ریٹ سمیت ناقص پرفارمنس کے بعد انہیں اسکواڈ سے باہر کردیا تھا۔

    حالیہ انٹرویو میں وسیم اکرم نے سینئر بیٹر کی ٹی 20 اسکواڈ میں واپسی کے لیے اپنی بھرپور حمایت کا اظہار کیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ’اگر میرے پاس اختیار ہوتا تو  بابر اعظم کو قومی ٹی 20 ٹیم میں ضرور شامل کرتا۔‘

    وسیم اکرم نے کہا کہ ایشیا کپ اور پھر ورلڈ کپ قریب آرہا ہے اور ہمیں ایک سینئر بیٹر کی ضرورت ہے، شائقین کو یاد ہوگا کہ جب اس نے 2019 میں سمر سیٹ کی نمائندگی کی تھی اس نے تقریباً 150 کے اسٹرئیک ریٹ سے رنز بنائے تھے، وہ اپنی بیٹنگ کو حالات کے مطابق ڈھالنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

    یہ پڑھیں: کیا بابر اعظم کی ٹی 20 اسکواڈ میں واپسی ہورہی ہے؟

    سابق کپتان نے کہا کہ جب ہم 140 یا 160 کا تعاقب کرتے ہیں تو خاص طور پر بڑی ٹیموں کے خلاف ہمیں کسی ایسے شخص کی ضرورت ہوتی ہے جو ذمہ داری لے اور اپنے ساتھ دیگر 10 کھلاڑیوں کو لے کر چل سکے، بابر کا شمار دنیا کے بہترین کھلاڑیوں میں ہوتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ بابر کے پاس ابھی بھی کافی کرکٹ باقی ہے اور وہ پاکستان کے لیے بہت کچھ حاصل کرسکتا ہے، ہم سب کو ان کی حمایت کرنے کی ضرورت ہے۔

    وسیم اکرم نے کہا کہ کوچ بابر کو کسی بھی پوزیشن پر کھلا سکتے ہیں، میرے میں ان کے لیے نمبر تین مثالی ہے لیکن یہ صورت حال پر منحصر ہے، اگر مزید اوور باقی ہیں تو کوئی اور بھی پہلے بیٹنگ کے لیے جاسکتا ہے۔

    بابر کی حالیہ ٹی 20 فارم کی بات کی جائے تو اپنی آخری 10 اننگز میں انہوں نے ایک بھی نصف سنچری اسکور نہیں کی اور 26 کی اوسط سے 236 رنز بنائے ہیں۔

  • پاکستانی ٹیم بھارت میں ہاکی ایشیا کپ میں شرکت کرے گی یا نہیں؟ پی ایچ ایف کا موقف آ گیا

    پاکستانی ٹیم بھارت میں ہاکی ایشیا کپ میں شرکت کرے گی یا نہیں؟ پی ایچ ایف کا موقف آ گیا

    بھارتی میڈیا نے گزشتہ روز دعویٰ کیا تھا کہ پاکستان ہاکی ٹیم نے بھارت میں ایشیا کپ کھیلنے سے انکار کر دیا ہے جس پر پی ایچ ایف کا موقف آگیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) نے بھارتی میڈیا پر ایشیا کپ میں پاکستان ہاکی ٹیم کے شرکت سے انکار سے متعلق چلنے والی تمام خبروں کو مسترد کر دیا ہے۔

    سیکریٹری پی ایچ ایف رانا مجاہد کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ تاحال ایونٹ میں شرکت سے منع نہیں کیا ہے۔ ایشیا کپ کھیلنے کے لیے قومی ہاکی ٹیم کے بھارت جانے یا نہ جانے کا فیصلہ حکومت کرے گی۔

    انہوں نے کہا کہ نہ ہم نے ایشیا کپ کھیلنے سے انکار کیا اور نہ ہی انڈین ہاکی فیڈریشن سے کوئی بات ہوئی ہے۔ تاہم ایشین ہاکی فیڈریشن سے رابطے میں ہیں۔ سیکیورٹی اور ویزے کی ضمانت دی جائے۔

    دوسری جانب بنگلادیش ہاکی فیڈریشن کے ذرائع کا کہنا ہے انہیں بھارت میں ہونے والے ایشیا کپ میں شرکت کا کوئی باضابطہ دعوت نامہ نہیں ملا۔ بنگلہ دیش اسٹینڈ بائی ضرورہے، لیکن اتنی جلد ٹیم بنانا اور تیاری کرنا آسان نہیں۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا تھا کہ پاکستان ہاکی ٹیم نے بھارت میں ہونے والے ایشیا کپ کھیلنے سے انکار کر دیا ہے جس کے بعد بنگلہ دیش کو اس کی جگہ ایونٹ میں شامل کیا گیا ہے۔

    بھارتی میڈیا نےدعوٰی کیا تھا پاکستان کےانکار کےبعد بنگلادیش کو متبادل کےطور پر ایونٹ کاحصہ بنایا گیا ہے۔

    https://urdu.arynews.tv/pakistan-refuses-to-play-hockey-asia-cup-in-india/

  • پہلا ٹی 20 : آئرلینڈ ویمنز نے قومی ٹیم کو شکست دے دی

    پہلا ٹی 20 : آئرلینڈ ویمنز نے قومی ٹیم کو شکست دے دی

    ڈبلن : پاکستان اور آئر لینڈ کی ویمنز ٹیموں کے درمیان کھیلا جانے والا پہلا ٹی 20 آئرلینڈ ویمنز نے جیت لیا، قومی ٹیم کو 11 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق ڈبلن میں آئرلینڈ ویمنز نے پاکستان ویمنز کو 11 رنز سے ہرا دیا، قومی ٹیم 143 رنز کے تعاقب میں 9 وکٹوں کے نقصان پر131رنز بناسکی۔

    پاکستانی کھلاڑی نتالیہ پرویز کے 29 اور رامین شمیم کے27رنز بھی ٹیم کے کسی کام نہ آسکے اورلاپرنڈرگسٹ نے 3اور جین میگیور نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

    pak vs areland

    آئرش ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے آخری اوور میں142 رنز پر آؤٹ ہوئی، ایمی ہنٹر37،اور لا 29 اورلیا پاؤل 28 رنز بنا کر نمایاں رہیں۔

    قومی ٹیم کی کپتان فاطمہ ثنا نے 26 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، 3 میچ کی سیریز کا دوسرا ٹی 20 جمعہ کو ڈبلن میں ہی کھیلاجائے گا۔

  • ’سلمان آغا خود غرض کپتان نہیں، پہلے ٹیم کا سوچتا ہے‘

    ’سلمان آغا خود غرض کپتان نہیں، پہلے ٹیم کا سوچتا ہے‘

    سابق کرکٹر مشتاق احمد کا کہنا ہے کہ سلمان آغا خود غرض کپتان نہیں پہلے ٹیم کا سوچتا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’اسپورٹس روم‘ میں گفتگو کرتے ہوئے مشتاق احمد نے کہا کہ بہترین ٹیم بنانے کے لیے کپتان کا بے لوث ہونا ضروری ہے، ٹی 20 کے موجودہ کھلاڑیوں میں بھرپور صلاحیتیں ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ کپتان سلمان اور کوچ کی سوچ بہت اچھی ہے، کنڈیشن دیکھ کر فیصلے ہوں تو مزید بہتری آئے گی۔

    یہ پڑھیں: کیا بابر اعظم کی ٹی 20 اسکواڈ میں واپسی ہورہی ہے؟

    واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی 20 سیریز میں کامیابی کے بعد کپتان سلمان علی آغا نے ٹرافی خود وصول کرنے کے بجائے سفیان مقیم کو بھیج دیا تھا۔

    ٹی 20 کپتان کے اس اقدام کی بدولت انہیں کرکٹ شائقین کی جانب سے خوب سراہا گیا تھا۔

    پاکستان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف تین میچوں کی ٹی 20 سیریز میں 2-1 سے کامیابی حاصل کی اور آخری ٹی 20 میں ویسٹ انڈیز کو 13 رنز سے شکست دی۔

    پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ون ڈے سیریز کا آغاز 8 اگست سے ہوگا، دوسرا میچ 10 اور تیسرا اور آخری میچ 12 اگست کو کھیلا جائے گا۔

  • پاکستان نے بھارت میں ہاکی ایشیا کپ کھیلنے سے انکار کردیا، بھارتی میڈیا کا دعویٰ

    پاکستان نے بھارت میں ہاکی ایشیا کپ کھیلنے سے انکار کردیا، بھارتی میڈیا کا دعویٰ

    بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان نے بھارت میں ہاکی ایشیا کپ کھیلنے سے انکار کردیا ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق پاکستان کی ٹیم ہاکی ایشیا کپ کھیلنے کے لیے بھارت نہیں جائے گی، ٹیم کو انتہا پسند بھارتیوں کی جانب سے دھمکیاں دی گئی تھیں۔

    بنگلادیش کو پاکستان کی جگہ ایونٹ میں شامل کرلیا گیا ہے۔

    ہاکی ایشیا کپ بھارتی ریاست بہار کے شہر راجگیر میں شیڈول ہے، ہاکی ایشیا کپ 29 اگست سے 7 ستمبر تک کھیلا جانا ہے۔

    سیکریٹری پی ایچ ایف رانا مجاہد کا کہنا ہے کہ ہاکی فیڈریشن سے رابطے میں ہیں، ہمیں سیکیورٹی اور ویزے کی ضمانت دی جائے، ایشین ہاکی فیڈریشن نے خود کوئی فیصلہ کیا ہو تو علم نہیں۔

    یہ پڑھیں: بھارت میں‌ منعقدہ ہاکی ایشیا کپ سے پاکستان کی دستبرداری کا امکان

     یہ ٹورنامنٹ ہاکی ورلڈ کپ کے کوالیفائنگ راؤنڈ کی بھی حیثیت رکھتا ہے۔

    اگر پاکستان ٹیم نے ایشیا کپ سے دستبرداری کا اعلان کیا تو چار بار کی عالمی چیمپئن گرین شرٹس ایک بار پھر ورلڈ کپ میں شرکت سے محروم رہ سکتی ہے۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کے باعث ایشیا کپ کو بھارت سے کسی نیوٹرل مقام پر منتقل کرنے کا مطالبہ بھی سامنے آ چکا ہے۔

  • لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں دوران میچ لومڑی بن گئی بن بلائی مہمان (دلچسپ ویڈیو)

    لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں دوران میچ لومڑی بن گئی بن بلائی مہمان (دلچسپ ویڈیو)

    لندن (6 اگست 2025): کرکٹ کی جنم بھومی لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں دوران میچ لومڑی گھس آئی خود بھی دوڑی اور انتظامیہ کی بھی دوڑیں لگوا دیں۔

    لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں دی ہنڈرڈ ٹورنامنٹ میں لندن اسپرٹ اور اوول انونسیبلز کا میچ جاری تھا کہ شائقین کو گراؤنڈ میں ایک نیا تماشہ اس وقت دیکھنے کو ملا، جب ایک لومڑی بن بلائے مہمان کی طرح گراؤنڈ میں داخل ہو گئی۔

    لومڑی کی آمد کے باعث میچ کچھ دیر کے لیے روکنا پڑا۔ اس دوران لومڑی پورے میدان میں خود بھی دوڑتی رہی اور ساتھ گراؤنڈ انتظامیہ کی بھی دوڑیں لگوا دیں۔

    میچ دیکھنے کے لیے اسٹیڈیم میں 26 ہزار تماشائی موجود تھے جو میچ کو بھول کر اس سارے منظر نامے سے بہت محظوظ ہوئے اور پہلی بار لارڈز میں لومڑی کو دیکھ کر خوب شور مچاتے اور تالیاں بجاتے رہے۔

     

    کچھ دیر تک گراؤنڈ میں دوڑنے بھاگنے کے بعد لومڑی خود ہی باہر نکل گئی۔

    سوشل میڈیا پر بھی یہ ویڈیو تیزی سے وائرل ہو رہی ہے اور صارفین لومڑی کو وائلڈ وزیٹرز قرار دے رہے ہیں۔

     

  • ویسٹ انڈیز کا پاکستان کے خلاف ون ڈے سیریز کے لیے ٹیم کا اعلان

    ویسٹ انڈیز کا پاکستان کے خلاف ون ڈے سیریز کے لیے ٹیم کا اعلان

    ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ نے پاکستان کے خلاف تین میچز کی ون ڈے سیریز کے لیے ٹیم کا اعلان کردیا۔

    پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان تین میچوں کی ون ڈے سیریز کا آغاز جمعہ 8 اگست سے ہوگا، دوسرا میچ 10 اور تیسرا 12 اگست کو شیڈول ہے۔

    ویسٹ انڈین ٹیم کی قیادت شے ہوپ کریں گے، فاسٹ بولر الزاری جوزف ٹیم سے باہر ہوگئے، جیوئل اینڈریو، کیسی کارٹی، جیڈیا بلیڈز، راسٹن چیز، میتھیو فورڈ ٹیم کا حصہ ہیں۔

    ٹیم میں جسٹن گریوز، عامر جانگو، شمار جوزف، برینڈن کین، ایون لوئس شامل ہیں۔

    اسکواڈ میں گوڈاپیش موتی، شرفین ردرفورڈ، جیڈن سیلز، روماریو شیفرڈ بھی اسکواڈ کا حصہ ہیں۔

    ہیڈ کوچ ڈیرین سیمی نے کہا کہ پاکستان کے خلاف سیریز چیلنجنگ ہوگی، ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرنا ہمارا ہدف ہے۔

  • ٹی 20 رینکنگ میں پاکستانی کھلاڑیوں کی لمبی چھلانگ

    ٹی 20 رینکنگ میں پاکستانی کھلاڑیوں کی لمبی چھلانگ

    آئی سی سی ٹی 20 رینکنگ میں پاکستانی کھلاڑیوں کی ترقی ہوگئی۔

    پاکستانی کرکٹرز  نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی 20 سیریز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا جس کے بعد رینکنگ میں ترقی ہوئی ہے، حسن نواز نے سیریز میں 79 رنز بنائے اور وہ 24 درجے ترقی کے بعد 30ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔

    صائم ایوب نے سیریز میں دو نصف سنچریوں کی مدد سے 130 رنز بنائے جس کے بعد وہ 559 پوائنٹس کے ساتھ 25 درجے ترقی کرکے 37ویں نمبر پر آگئے ہیں۔

    صاحبزادہ فرحان نے سیریز میں 91 رنز بنائے وہ 34 درجے لمبی چھلانگ لگا کر 484 رینٹنگ پوائنٹس کے ساتھ 63ویں نمبر پر براجمان ہیں۔

    فخر زمان رینکنگ میں 78ویں نمبر پر آگئے، بابر اور رضوان کی رینکنگ میں تنزلی ہوئی ہے دونوں بالترتیب 17 اور 19 ویں نمبر پر ہیں۔

    وکٹ کیپر بلے باز محمد حارث جنہوں نے کیریبین ٹور کے دوران جدوجہد کی، 413 پوائنٹس کے ساتھ 21 درجے تنزلی کے ساتھ 86 ویں نمبر پر آگئے۔

    بھارت کے ابھیشیک شرما نے ٹی 20 بلے بازوں میں پہلی پوزیشن برقرار رکھی، اس کے بعد آسٹریلیا کے ٹریوس ہیڈ اور ہندوستان کے تلک ورما بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں۔

    باؤلنگ رینکنگ میں کوئی بھی پاکستانی باؤلر ٹاپ 20 میں شامل نہیں ہے۔ فاسٹ باؤلر حارث رؤف 575 پوائنٹس کے ساتھ 26 ویں نمبر پر ہیں جبکہ نوجوان فاسٹ بولر عباس آفریدی تین درجے نیچے 27 ویں نمبر پر ہیں۔

    بائیں ہاتھ کے اسپنر سفیان مقیم نے 69 مقام کی شاندار چھلانگ لگا کر 542 پوائنٹس کے ساتھ 34 ویں نمبر پر پہنچ گئے۔ اس دوران شاہین آفریدی ایک درجہ تنزلی کے ساتھ 36 ویں اور محمد نواز 489 پوائنٹس کے ساتھ 51 درجے ترقی کر کے 56 ویں نمبر پر پہنچ گئے۔

    ابرار احمد 9 درجے گر کر 60 ویں نمبر پر ہیں اور ٹی ٹوئنٹی کے نائب کپتان شاداب خان پانچ درجے گر کر 72 ویں نمبر پر ہیں۔

    بولنگ رینکنگ میں نیوزی لینڈ کے جیکب ڈفی بدستور سرفہرست ہیں، اس کے بعد انگلینڈ کے عادل رشید، جب کہ ویسٹ انڈیز کے اکیل ہوسین تیسرے نمبر پر آگئے انہوں نے بھارت کے ورون چکرا ورتھی کی جگہ لے لی۔

    بھارت ہاردک پانڈیا پہلے نمبر پر ٹی 20 آل راؤنڈر ہیں، اس کے بعد نیپال کے دیپیندر سنگھ ایری اور افغانستان کے محمد نبی بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں۔

  • اسد شفیق کو پی سی بی میں ایک اور عہدہ مل گیا

    اسد شفیق کو پی سی بی میں ایک اور عہدہ مل گیا

    پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سابق ٹیسٹ کرکٹر اور قومی سلیکشن کمیٹی کے موجودہ رکن اسد شفیق کو کراچی میں حنیف محمد ہائی پرفارمنس سینٹر کا ڈائریکٹر مقرر کردیا۔

    کرکٹ ویب سائٹ کی رپورٹ میں ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اسد شفیق اب قومی سلیکشن کمیٹی میں اپنی خدمات جاری رکھتے ہوئے اضافی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔

    اس سے قبل وہ پاکستان کی سلیکشن کمیٹی کے رکن کے طور پر کام کرچکے ہیں اور بعد میں انہیں خواتین کی سلیکشن کمیٹی میں تعینات کیا گیا تھا۔

    خواتین کی سلیکشن کمیٹی میں سابق کرکٹر اسماویہ اقبال اور مرینہ اقبال شامل ہیں، عبدالرزاق اور اسد شفیق مردوں کی قومی سلیکشن کمیٹی کے ساتھ سابق کھلاڑی بتول فاطمہ بھی شامل ہیں۔

    یہ کمیٹی پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی نے 25 اپریل 2024 کو بنائی تھی۔ اس سے قبل سلیم جعفر خواتین ٹیم کے چیف سلیکٹر کے طور پر کام کر چکے ہیں۔

    اسد شفیق نے 77 ٹیسٹ میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے 38.19 کی اوسط سے 4,660 رنز بنائے جس میں 12 سنچریاں اور 27 نصف سنچریاں شامل ہیں۔

    انہوں نے قومی ٹیم کے لیے 60 ایک روزہ بین الاقوامی (ون ڈے) اور 10 ٹی 20 بین الاقوامی میچوں میں بھی حصہ لیا۔

    کراچی میں پیدا ہونے والے اسد شفیق نے دسمبر 2023 میں کراچی وائٹس کو قومی ٹی 20 ٹائٹل کی قیادت کرنے کے بعد پیشہ ورانہ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا۔

    اپنے کیریئر کے دوران، شفیق 2010 سے 2020 تک پاکستان کی ٹیسٹ بیٹنگ لائن اپ کا ایک اہم مقام تھے۔ ان کا شاندار ڈومیسٹک کیریئر ہے جس میں 191 فرسٹ کلاس میچوں میں 12,000 سے زیادہ رنز  اور 162 لسٹ اے میچوں میں 5,784 رنز شامل ہیں۔

  • پاکستانی فٹبالر ناروے میں غائب ہو گیا

    پاکستانی فٹبالر ناروے میں غائب ہو گیا

    اسٹریٹ چلڈرن فٹبال چیمپئن شپ کے لیے ناروے جانے والے مسلم ہینڈ کلب پاکستان کا کھلاڑی امان اللہ بلوچ وطن واپس آنے کے بجائے ناروے میں ہی غائب ہو گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ناروے میں ہونے والی اسٹریٹ چلڈرن فٹبال چیمپئن شپ کے لیے پاکستانی اسکواڈ میں شامل مسلم ہینڈ کلب پاکستان کے کھلاڑی امان اللہ بلوچ وطن واپسی کے بجائے ناروے میں ہی غائب ہو گئے ہیں۔ معاملے کی تحقیقات نارویجین پولیس اور پاکستانی سفارتخانہ کر رہا ہے۔

    امان اللہ کا تعلق لیاری کے علاقے سنگو لین سے ہے اور وہ مسلم ہینڈ کلب کے ہمراہ اسٹریٹ چلڈرن فٹبال چیمپیئن کھیلنے کیلیے ناروے گئے تھے لیکن ایونٹ کے آغاز سے قبل ہی وہ ٹیم کو چھوڑ کر چلے گئے۔

    اطلاعات کے مطابق اوسلو میں ٹیم کے اعزاز میں تقریب رکھی گئی تھی، جس کے دوران امان اللہ فون پر بات کرتے ہوئے بلڈنگ سے باہر گئے اور ٹیکسی میں بیٹھ کر روانہ ہوگئے۔

    ٹیم مینجمنٹ کے مطابق یہ کیس نارویجین پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے اور پاکستان ایمبیسی بھی اس معاملے کو دیکھ رہی ہے۔

    فٹبالر کے اہل خانہ سے رابطہ کرنے کی کوشش بھی کی گئی لیکن وہ اس بارے میں بات کیلیے تیار نہیں ہیں۔

    واضح رہے کہ دو ماہ کے دوران یہ دوسرا واقعہ ہے جب کوئی پاکستانی کھلاڑی کسی دوسرے ملک میں سلپ ہوا ہے۔ اس سے قبل ورلڈ یونیورسٹی گیمز میں پنجاب کے 2 ایتھلیٹس جرمنی میں غائب ہوگئے تھے۔