(31 اگست 2025): کرکٹ میں بعض اوقات نا قابل یقین ریکارڈ بن جاتے ہیں جیسا کہ ایک بلے باز نے 12 گیندوں پر 11 چھکے اور ایک اوور میں 40 رنز بنا ڈالے۔
کرکٹ دنیا کے مقبول ترین کھیلوں میں سے ایک ہے۔ اس میں لمحہ بہ لمحہ بدلتی صورتحال اور سنسنی خیزی میچز کو دلچسپ بناتی ہے اور جب سے ٹی 20 فارمیٹ آیا ہے، تب سے یہ کھیل شائقین کرکٹ کے لیے مزید ولولہ انگیز ہو گیا ہے۔ ایسے ہی ایک ٹی ٹوئنٹی میچ میں طوفانی بلے باز نے حیرت انگیز اور ناقابل یقین ریکارڈ بناتے ہوئے 12 گیندوں پر 11 چھکے اور ایک اوور میں 40 رنز بنا ڈالے۔
یہ میچ بھارت میں کیرالہ کرکٹ لیگ میں کھیلا گیا اور چھکوں کی برسات سلمان نظار کے بلے سے برسی، جس کو دیکھ کر شائقین اور ماہرین کرکٹ دنگ رہ گئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق کیرالہ کرکٹ لیگ میں اڈانی ترویندرم رائلز کے خلاف ٹی 20 میچ میں کالی کٹ گلوبسٹرس کی نمائندگی کرتے ہوئے بائیں ہاتھ کے بلے باز سلمان نظار نے ریکارڈ بک کو تہس نہس کر دیا اور نئے ریکارڈ اپنے نام درج کرا لیے۔
گرین فیلڈ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں بائیں ہاتھ کے بلے باز نے آخری 12 گیندوں پر 11 چھکے لگائے اور ایک اوور میں 40 رنز بنا کر نیا ریکارڈ قائم کیا۔
میچ کے 19 ویں اوور میں سلمان نظار نے باسل تھمپی کی گیندوں پر لگاتار 5 چھکے لگائے اور آخری گیند پر ایک رن لے کر آخری اوور میں اسٹرائیک اپنے ہاتھ میں رکھی۔
One man. One over. Five rockets launched into orbit.
Salman Nizar just turned the 19th into a massacre!#KCLSeason2 #KCL2025 pic.twitter.com/up2rGcTdqU— Kerala Cricket League (@KCL_t20) August 30, 2025
آخری اور ڈرامائی اوور ابھیجیت پراوین نے کرایا جس پر جارح مزاج طوفانی بلے باز نے لگاتار 6 چھکے لگائے۔ اس اوور کے دوران بولر نے ایک وائیڈ اور ایک نو بال کرائی، جس پر ایک، ایک رن اضافی ملا۔ جب کہ بیٹر نے نو بال پر بھاگ کر 2 رنز بنا لیے۔ یوں اس اوور میں مجموعی طور پر 40 رنز بنے۔
The final over was pure annihilation! Salman rewrote the final over with six brutal signatures. ️#KCLSeason2 #KCL2025 pic.twitter.com/gVYjHxhp3H
— Kerala Cricket League (@KCL_t20) August 30, 2025
سلمان نظار نے اس میچ میں صرف 26 گیندوں پر ناقابل شکست 86 رنز کی اننگ کھیل کر اپنی ٹیم کالی کٹ گلوبسٹرز کا اسکور 6 وکٹوں پر 186 پہنچایا۔ جواب میں اڈانی تریویندرم رائلز کی ٹیم 19.3 اوورز میں 173 رنز پر آل آؤٹ ہو گئی اور یوں کالی کٹ کو 13 رنز سے فتح ملی۔
میچ ختم ہونے کے بعد بھارت بھر میں سلمان نظار سوشل میڈیا پر ٹرینڈ کرنے لگا۔ صارفین نے نوجوان بیٹر کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے لکھا کہ یہ آدمی کھیل نہیں رہا تھا، بلکہ وہ صرف کھیلواڑ کر رہا تھا۔