Category: کھیل

پاکستان اور دنیا بھر سے کھیل کی تازہ ترین خبریں اور معلومات۔ کرکٹ، ہاکی، فٹ بال، پی ایس ایل کی خبریں

کھیلوں کی خبریں آپ کو اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں اور ٹیموں کی کارکردگی کے بارے میں جاننے میں مدد کر سکتی ہیں۔

Sports News In Urdu

Cricket News in Urdu

  • بھارت کا سیمی فائنل کھیلنے سے انکار، پاکستان ڈبلیو سی ایل کے فائنل میں پہنچ گیا

    بھارت کا سیمی فائنل کھیلنے سے انکار، پاکستان ڈبلیو سی ایل کے فائنل میں پہنچ گیا

    بھارت کے سیمی فائنل کھیلنے سے انکار کے بعد پاکستان چیمپئنز نے ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز 2025 کے فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔

    ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز کے منتظمین نے تصدیق کی ہے کہ پاکستان چیمپئنز نے ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز کے فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے جبکہ انڈیا چیمپئنز کی ٹیم سیمی فائنل سے دستبردار ہوگئی ہے۔

    دفاعی چیمپئن انڈیا نے پہلے پاکستان چیمپئنز سے راؤنڈ کا میچ بھی کھیلنے سے انکار کردیا تھا۔

    انڈیا چیمپئنز نے گزشتہ روز ویسٹ انڈیز چیمپئنز کو شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کیا تھا اور نیٹ رن ریٹ میں انگلینڈ چیمپئنز کو پیچھے چھوڑ دیا تھا۔

    ویسٹ انڈیز کو شکست دینے کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر بھارت چیمپئنز چوتھے نمبر پر آئی اور ان کا سیمی فائنل ٹاپ پر موجود پاکستان چیمپئنز سے شیڈول تھا۔

    کرکٹ لیگ نے بیان میں کہا ہے کہ ڈبلیو سی ایل میں ہم نے ہمیشہ کھیل پر یقین کیا ہے جو دنیا میں حوصلہ افزائی اور مثبت تبدیلی لاتا ہے۔

    انتظامیہ کا کہنا ہے کہ عوامی جذبات کا ہمیشہ احترام کیا جانا چاہیے، آخرکار ہم جو کچھ بھی کرتے ہیں وہ ہمارے سامعین کے لیے ہوتا ہے۔

    کرکٹ لیگ کا کہنا ہے کہ تمام عوامل کو مدنظر رکھتے ہوئے بھارت چیمپئنز اور پاکستان چیمپئنز کے درمیان میچ منسوخ کردیا گیا ہے اس کے نتیجے میں پاکستان چیمپئنز فائنل میں پہنچ جائے گی۔

  • محمد عباس نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں تاریخ رقم کردی

    محمد عباس نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں تاریخ رقم کردی

    پاکستان کے فاسٹ بولر محمد عباس نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں تاریخ رقم کردی۔

    محمد عباس 800 فرسٹ کلاس وکٹیں حاصل کرنے والے پانچویں پاکستانی فاسٹ بولر بن گئے اور اپنا نام ریکارڈ بک میں درج کرلیا۔

    انہوں نے سمرسیٹ کے خلاف کاؤنٹی چیمپئن شپ ڈویژن ون میچ میں ناٹنگھم شائر کی نمائندگی کرتے ہوئے کارنامہ انجام دیا۔

    35سالہ فاسٹ بولر نے چار روزہ میچ کی پہلی اننگز میں تین وکٹیں حاصل کیں، سمر سیٹ کے ٹاپ آرڈر بیٹر کو آؤٹ کیا۔

    فرسٹ کلاس کرکٹ میں 800 وکٹوں کا ہندسہ عبور کرنے والے فاسٹ بولرز عمران خان، وسیم اکرم، سرفراز نواز اور وقار یونس شامل ہیں۔

    عمران خان نے 382 میچوں میں 1284 وکٹیں حاصل کیں، وسیم اکرم نے 257 میچوں میں 1042، سرفراز نواز نے 299 میچوں میں 956 وکٹیں حاصل کی ہیں۔

    وقار یونس نے 228 میچوں کا سہارا لے کر 800 وکٹیں لینے کا سنگ میل عبور کیا، اب محمد عباس نے 800 وکٹیں حاصل کرنے کے لیے 198 میچوں کا سہارا لیا ہے۔

    محمد عباس ناٹنگھم شائر کے لیے اپنا ڈیبیو سیزن کھیل رہے ہیں، انہوں نے سیزن میں اب تک 7 میچوں میں 22.04 کی اوسط سے 25 وکٹیں حاصل کی ہیں۔

    انہوں نے 2017 اور 2025 کے درمیان 27 ٹیسٹ میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کی، 23.18 کی شاندار اوسط سے 100 وکٹیں حاصل کیں جس میں پانچ وکٹیں پانچ مرتبہ اور ایک میچ میں 10 وکٹیں شامل ہیں۔

  • وہیل چیئر پر آنے تک کرکٹ کھیلتا رہوں گا، شعیب ملک

    وہیل چیئر پر آنے تک کرکٹ کھیلتا رہوں گا، شعیب ملک

    پاکستان کے تجربہ کار آل راؤنڈر شعیب ملک کا کہنا ہے کہ ان کا ریٹائرمنٹ لینے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔

    ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز (ڈبلیو سی ایل) 2025 میں آسٹریلیا چیمپئنز کے خلاف پاکستان چیمپئنز کی کامیابی کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں صاف کھاتا ہوں، اچھی نیند لیتا ہوں اور صحت مند کھاتا ہوں۔

    ریٹائرمنٹ سے متعلق سوال پر 43 سالہ نوجوان کھلاڑی نے کہا کہ ’میں وہیل چیئر پر آنے تک کرکٹ کھیلتا رہوں گا۔‘

    ٹی 20 کرکٹ میں شعیب ملک نے 124 ٹی 20 میں پاکستان کی نمائندگی کی اور 2435 رنز بنانے کے ساتھ 28 وکٹیں بھی حاصل کیں۔

    شعیب ملک نے مجموعی ٹی 20 کیریئر میں 557 میچز کھیلے، 127.24 کے اسٹرائیک ریٹ سے 13571 رنز بنائے جس میں 83 نصف سنچریاں بھی شامل ہیں، وہ اس وقت ٹی 20 تاریخ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑیوں میں چوتھے نمبر پر ہیں۔

    واضح رہے کہ ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز میں پاکستان نے آسٹریلیا کو شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا، سعید اجمل نے 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔

    ڈبلیو سی ایل 2025 میں پاکستان کا سیمی فائنل میں بھارت سے مقابلہ ہونا ہے لیکن بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی ٹیم نے پاکستان سے کھیلنے سے انکار کردیا ہے۔

    بھارت اور پاکستان کا سیمی فائنل کل 31 جولائی کو برمنگھم میں شیڈول ہے جس کے بعد دوسرا سیمی فائنل جنوبی افریقا اور آسٹریلیا کے درمیان اسی مقام پر کھیلا جائے گا۔

  • اولڈٹریفورڈ ٹیسٹ میں واجبی کارکردگی، بھارت کا بمراہ کو فیصلہ کن ٹیسٹ نہ کھلانے کا فیصلہ

    اولڈٹریفورڈ ٹیسٹ میں واجبی کارکردگی، بھارت کا بمراہ کو فیصلہ کن ٹیسٹ نہ کھلانے کا فیصلہ

    انگلینڈ کے خلاف جمعرات سے شروع ہونے والے پانچویں اور آخری ٹیسٹ میچ میں ممکنہ طور پر جسپریت بمراہ ایکشن میں نظرنہیں آئیں گے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق چوتھے ٹیسٹ میں رفتار میں کمی اور ورک لوڈ مینج کرنے کےلیے جسپریت بمراہ کو اوول میں انگلینڈ کے خلاف سیریز کے فیصلہ کن پانچویں ٹیسٹ میں نہ کھلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس میچ میں فاسٹ بولر آکاش دیپ ان کی جگہ لے سکتے ہیں۔

    31 سالہ فاسٹ بولر اولڈٹریفورڈ میں ڈرا ہونے والے چوتھے ٹیسٹ کے دوران ٹیم کا حصہ تھے مگر وہ کوئی خاص کارکردگی دکھانے میں ناکام نظرآئے تھے۔

    اولڈٹریفورڈ ٹیسٹ میں بمراہ کی رفتار میں بھی کمی دیکھنے میں آئی تھی، بی سی سی آئی کی میڈیکل ٹیم نے بمراہ کو بتایا ہے کہ یہ فیصلہ ان کی کمر کی حفاظت کےلیے کیا گیا ہے۔

    رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ آکاش دیپ جو کہ چوتھے ٹیسٹ میں موجود نہیں تھے انھیں بھارتی پلیئنگ الیون میں بمراہ کی جگہ لینے کا امکان ہے۔

    اس سے قبل ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر کہہ چکے ہیں بھارتی ٹیم پانچوں ٹیسٹ میں کن پلیئرز کو میدان میں اتارے گی اس حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے تاہم بمراہ سمیت تمام بالرز فٹ ہیں۔

    https://urdu.arynews.tv/jasprit-bumrah-hints-test-retirement-indian-cricket-in-shock/

  • ٹی ٹوئنٹی کی حالیہ رینکنگ میں کن دو پاکستانی بیٹرز نے لمبی چھلانگ لگائی؟

    ٹی ٹوئنٹی کی حالیہ رینکنگ میں کن دو پاکستانی بیٹرز نے لمبی چھلانگ لگائی؟

    انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے نئی ٹی 20 رینکنگ جاری کردی ہے، دو نوجوان پاکستانی بیٹرز نے لمبی چھلان لگاتے ہوئے رینکنگ میں جگہ بنالی۔

    آئی سی سی کی نئی درجہ بندی میں جارح مزاج قومی بلے باز صاحبزادہ فرحان اور حسن نواز نے نمایاں ترقی کی ہے، صاحبزادہ فرحان نے 69 درجے بہتری کے ساتھ ٹاپ 100 میں جگہ بنائی ہے وہ بیٹرز کی رینکنگ میں 97 ویں نمبر پر آگئے ہیں، ان کے پوائنٹس کی تعداد 389 ہے۔

    حسن نواز نے بھی 14 درجے چھلانگ لگئی، 500 پوائنٹس کے ساتھ وہ 54 ویں پوزیشن پر فائز ہیں جبکہ ان کے ساتھ جنوبی افریقا کے جارح مزاج بلے باز ڈیوڈ ملر مشترکہ طور پر موجود ہیں۔

    بنگلہ دیش کے خلاف تین میچوں کی ٹی 20 سیریز میں شاندار کارکردگی کے بعد ٹی 20 انٹرنیشنل رینکنگز میں دونوں بیٹرز نے نمایاں ترقی پائی ہے۔

    ٹی 20 کپتان سلمان علی آغا دو درجے ترقی کے ساتھ 91 ویں نمبر پر موجود ہیں جبکہ اوپنر صائم ایوب بھی دو درجے بہتری کے ساتھ 62 ویں پوزیشن پر براجمان ہوئے۔

    اسٹار بیٹر بابر اعظم کی رینکنگ میں پھر کمی آئی ہے وہ 14 ویں اور محمد رضوان 16 ویں نمبر پر چلے گئے ہیں، محمد حارث 65 نمبر پر موجود ہیں، فخر زمان کا رینکنگ میں81 واں نمبر ہے۔

    دوسری جانب نوجوان جارح مزاج بھارتی بیٹر ابھیشیک شرما نے آسٹریلیا کے ٹریوس ہیڈ کو پیچھے چھوڑتے ہوئے پہلی پوزیشن پر قبضہ جمایا ہے ان کے وہم وطن تلک ورما کو رینکنگ میں تیسری پوزیشن دی گئی ہے۔

    بولرز کی ٹاپ 20 رینکنگ میں کوئی پاکستانی شامل نہیں، شاہین شاہ آفریدی 35 ویں پوزیشن پر براجمان ہیں جبکہ حارث رؤف اور عباس آفریدی تنزلی کے بعد 26 ویں اور 24 ویں اور نمبر پر موجود ہیں۔

    نیوزی لینڈ کے جیکب ڈفی نے ٹی ٹوئنٹی بولرز رینکنگ میں اپنی دھاک بٹھائی ہوئی ہے اور وہ پہلی پوزیشن پر موجود ہیں، انگلش اسپنر عادل رشید دوسرے اور بھارت کے ورون چکرورتی تیسرے نمبر حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔

    https://urdu.arynews.tv/asia-cup-2025-pak-india-clash/

  • ایشیا کپ میں بھارت پاکستان سے کھیلے گا یا نہیں؟

    ایشیا کپ میں بھارت پاکستان سے کھیلے گا یا نہیں؟

    ایشیا کپ میں پاک بھارت ٹاکرے پر بھارتی حکومت نے گیند بی سی سی آئی کے کورٹ میں ڈال دی۔

    بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق حکومت کا کہنا ہے کہ ایشیا کپ میں پاکستان سے کھیلنے کا فیصلہ بھارتی کرکٹ بورڈ کو کرنا ہے۔

    وزارت کھیل کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ابھی تک بی سی سی آئی وزارت کھیل کے ماتحت نہیں ہے، اب جو فیصلہ ہوگا وہ بی سی سی آئی کا ہوگا۔

    ایشیا کپ کا انعقاد 9 سے 28 ستمبر تک متحدہ عرب امارات میں ہوگا جو اس سال ٹی 20 فارمیٹ پر کھیلا جائے گا۔

    گزشتہ دنوں سابق بھارتی کپتان سارو گنگولی نے کہا تھا کہ ہم دہشتگردی کے خلاف ہیں، لیکن کھیلوں کا سلسلہ نہیں رکنا چاہیے۔ کھیل کو جاری رہنا چاہیے۔

    سابق بھارتی کپتان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت کا ایک ہی گروپ میں ہونا ٹھیک ہے اور مجھے انڈیا کے ایشیا کپ میں پاکستان سے کھیلنے پر کوئی مسئلہ نظر نہیں آتا۔

    واضح رہے کہ بھارتی حکومت کی جانب سے ٹیم انڈیا کو پاکستان سے کھیلنے کی اجازت ملنے کے بعد گزشتہ روز ایشین کرکٹ کونسل کے صدر محسن نقوی نے ایشیا کپ 2025 کے شیڈول کا اعلان کیا تھا۔

  • بین اسٹوکس بھارت کے خلاف پانچویں ٹیسٹ سے باہر

    بین اسٹوکس بھارت کے خلاف پانچویں ٹیسٹ سے باہر

    اوول میں بھارت کے خلاف پانچویں اور آخری ٹیسٹ سے انگلش کپتان بین اسٹوکس انجری کی وجہ سے باہر ہوگئے۔

    بین اسٹوکس کی غیرموجودگی میں انگلش ٹیم کی قیادت اولی پوپ کریں گے جو ٹیسٹ میں ان کی پانچویں مرتبہ کپتانی ہوگی۔

    مانچسٹر میں ڈرا ٹیسٹ کے بعد انگلش ٹیم میں چار تبدیلیاں کی گئی ہیں، جیکب بیتھل، گس اٹکنسن، جیمی اوورٹن اور جوش ٹونگ کو پلیئنگ الیون میں شامل کیا گیا ہے۔

    جوفرا آرچر اور برائیڈن کارس کو آرام دیا گیا ہے جبکہ لیام ڈاسن کو ڈراپ کیا گیا ہے۔

    بیتھل اور جو روٹ انگلینڈ کے لیے اسپن آپشنز ہوں گے جبکہ کرس ووکس کو اسکواڈ میں برقرار رکھا گیا ہے۔

    اسٹوکس نے مانچسٹر ٹیسٹ کے آخری روز 11 اوورز کروائے تھے لیکن وہ تکلیف میں دکھائی دے اور دائیں بازو میں انجری کی وجہ سے پانچویں ٹیسٹ سے باہر ہوگئے۔

    گس اٹکنسن ہیمسٹرنگ انجری سے صحت یاب ہونے کے بعد واپسی کررہے ہیں، انہوں نے سرے کی جانب سے کھیلتے ہوئے فٹنس ثابت کی تھی۔

    انگلینڈ پلیئنگ الیون میں زیک کرولی، بین ڈکٹ، اولی پوپ (کپتان)، جو روٹ، ہیری بروک، جیکب بیتھل، جیمی اسمتھ (وکٹ)، کرس ووکس، گس اٹکنسن، جیمی اوورٹن، جوش ٹونگ شامل ہیں۔

  • ورلڈ چمپئن لیگ، بھارت کا پاکستان سے سیمی فائنل نہ کھیلنے کا فیصلہ

    ورلڈ چمپئن لیگ، بھارت کا پاکستان سے سیمی فائنل نہ کھیلنے کا فیصلہ

    (30 جولائی 2025):ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز 2025 کے سیمی فائنل میں بھارتی کھلاڑیوں نے پاکستان چیمپئنز سے نہ کھیلنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق بھارت پاکستان سے ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز کا سیمی فائنل نہیں کھیلے گا، پاکستان اور بھارت کا سیمی فائنل کل برمنگھم میں شیڈول ہے۔

    بھارتی ٹیم نے ویسٹ انڈیز کو شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنائی تھی، بھارت اب میچ سے دستبردار ہوا تو پاکستان فائنل میں پہنچ جائے گا۔

    پاکستان، آسٹریلیا اور جنوبی افریقا پہلے ہی سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر چکے تھے بھارت کی جیت کے بعد سیمی فائنل کی لائن اپ مکمل ہوئی تھی۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز 2025ء کے پہلے مرحلے میں پاک بھارت ٹاکرا منسوخ کر دیا گیا تھا۔ بھارتی کھلاڑیوں نے پاکستان کے خلاف میچ کھیلنے سے انکار کر دیا تھا۔

     پاکستان کے لیجینڈ کرکٹر شاہد آفریدی کی موجودگی پر بھارتی کھلاڑیوں شیکھر دھون، یوسف پٹھان، عرفان پٹھان، اور ہربھجن سنگھ کے اعتراضات تھے۔ اس کے نتیجے میں وہ میچ منسوخ کر دیا گیا تھا۔

    جس کے بعد ٹورنامنٹ کے منتظمین کی جانب سے اعلامیہ جاری کیا گیا اور پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ کو منسوخ کرنے پر افسوس کا اظہار کیا گیا تھا۔

  • ورلڈ چمپئن لیگ 2025 : جادوگر اسپنر سعید اجمل نے سب کو حیران کردیا

    ورلڈ چمپئن لیگ 2025 : جادوگر اسپنر سعید اجمل نے سب کو حیران کردیا

    (30 جولائی 2025)ہتھیار چھوڑے ہیں، چلانا نہیں بھُولے۔ پاکستانی جادوگر اسپنر سعید اجمل  نے ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز میں آتے ہی دھوم مچادی۔

    لیسٹر میں کھیلے جانے والے میچ میں پاکستانی آف اسپنر سعید اجمل کی خطرناک بولنگ کی بدولت پاکستان نے آسٹریلیا چیمپئنز کو 10 وکٹوں سے شکست دی۔

    سعید اجمل نے اپنی نپی تُلی بالنگ سے آسٹریلیا چیمپئنز کے 6 بلے باز ٹھکانے لگا دیے، پوری ٹیم کو صرف 74رنز پرسمیٹ دیا، 9 بلے باز ڈبل فگر میں بھی نہ جاسکے۔ بین ڈنک 26 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

    کینگروز سعید اجمل کی گوگلی گیندوں کو سمجھنے میں مکمل ناکام رہے، دوسرا اور تیسرا کے مؤجد سعید اجمل نے اپنی گھومتی گیندوں پر صرف 16 رنز دے کر 6 کینگروز کا شکار کیا۔

    لیسٹر میں قومی ٹیم نے پچھتر رنز کا ہدف ہنستے کھیلتے 8ویں اوورمیں حاصل کیا۔ کینگروز کو دس وکٹ سے ہرا کر پاکستان نے ناقابل شکست کا ریکارڈ برقرار رکھا۔

    گرین شرٹس پہلے ہی سیمی فائنل میں پہنچ چکے ہیں۔ فائنل میں رسائی کے لیے روایتی حریف بھارت سے ٹکرائیں گے۔

    مزید پڑھیں : پاکستان چیمپئنز نے آسٹریلیا کو 10 وکٹوں سے شکست دے دی

    یاد رہے کہ میچ میں پاکستان چیمپئنز نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے آسٹریلیا چیمپئنز کو 10 وکٹوں سے شکست دی، پاکستان گروپ اسٹیج میں ناقابل شکست رہتے ہوئے پہلے ہی ناک آؤٹ مرحلے میں پہنچ چکا ہے۔

    پاکستان چیمپئنز نے 75 رنز کا ہدف 8 ویں اوور میں حاصل کیا، اوپنر شرجیل خان 32 اور صہیب مقصود 28رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

    آسٹریلیا چیمپئنز نے پہلے کھیل کر صرف 74 رنز اسکور کیے، پوری آسٹریلین ٹیم 12ویں اوور میں ڈھیر ہوگئی، آسٹریلیا چیمپئنز کے 9 بلے باز ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہوسکے۔

  • آسٹریلوی بولر جان ہیسٹنگز نے وائیڈ بال کی نئی تاریخ بنا ڈالی

    آسٹریلوی بولر جان ہیسٹنگز نے وائیڈ بال کی نئی تاریخ بنا ڈالی

    لیسٹر (30 جولائی 2025) آسٹریلوی بولر نے پاکستان کے خلاف میچ میں ناپسندیدہ ریکارڈ اپنے نام کرلیا، وائیڈ بال پھینکنے کی نئی تاریخ بنا دی۔

    اسٹریلین لیجنڈ کھلاڑی نے ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز کے اہم میچ میں ایک اوور میں 12 وائیڈ بال پھینک کر کرکٹ کا جنازہ نکال دیا، جان ہیسٹنگز پاکستان کیخلاف میچ میں اپنی بالنگ لائن ہی بھول گئے۔

    یک طرفہ مقابلے میں دلچسپ صورتحال اُس وقت پیدا ہوئی جب پاکستان کو جیت کے لیے صرف 19 رنز درکار تھے، اس دوران آسٹریلیا کے باؤلر جون ہیسٹنگز باؤلنگ کے لیے آئے تو انہوں نے ایک ہی اوور میں 12 وائیڈ بال کروا کر سب کو حیران کر دیا۔

    آسٹریلوی فاسٹ باؤلر کو اپنا ایک اوور ختم کرنے کے لیے 6 کے بجائے 18 گیندیں کرانی پڑیں۔ اس موقع پر فیلڈنگ پر کھڑے دیگر کھلاڑی اور اسٹیڈیم میں موجود آسٹریلوی تماشائی اپنے بالر کو بےبسی کی تصویر بنے دیکھتے رہے۔

    مزید پڑھیں : پاکستان چیمپئنز نے آسٹریلیا کو 10 وکٹوں سے شکست دے دی

    یاد رہے کہ میچ میں پاکستان چیمپئنز نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے آسٹریلیا چیمپئنز کو 10 وکٹوں سے شکست دی، پاکستان گروپ اسٹیج میں ناقابل شکست رہتے ہوئے پہلے ہی ناک آؤٹ مرحلے میں پہنچ چکا ہے۔

    پاکستان چیمپئنز نے 75 رنز کا ہدف 8 ویں اوور میں حاصل کیا، اوپنر شرجیل خان 32 اور صہیب مقصود 28رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

    آسٹریلیا چیمپئنز نے پہلے کھیل کر صرف 74 رنز اسکور کیے، پوری آسٹریلین ٹیم 12ویں اوور میں ڈھیر ہوگئی، آسٹریلیا چیمپئنز کے 9 بلے باز ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہوسکے۔

    https://urdu.arynews.tv/jasprit-bumrah-unwanted-record-in-test-cricket/