Category: کھیل

پاکستان اور دنیا بھر سے کھیل کی تازہ ترین خبریں اور معلومات۔ کرکٹ، ہاکی، فٹ بال، پی ایس ایل کی خبریں

کھیلوں کی خبریں آپ کو اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں اور ٹیموں کی کارکردگی کے بارے میں جاننے میں مدد کر سکتی ہیں۔

Sports News In Urdu

Cricket News in Urdu

  • ہربھجن کے تھپڑ کی ویڈیو پر سری سانتھ کی اہلیہ للت مودی پر برس پڑیں

    ہربھجن کے تھپڑ کی ویڈیو پر سری سانتھ کی اہلیہ للت مودی پر برس پڑیں

    سابق بھارتی فاسٹ بولر سری سانتھ کی اہلیہ بھونیشوری، ہربھجن سنگھ کے تھپڑ کی ویڈیو شیئر کرنے پر للت مودی اور مائیکل کلارک پر برس پڑیں۔

    سابق بھارتی کرکٹر ایس سری سانتھ کی اہلیہ بھونیشوری نے آئی پی ایل کے سابق چیئرمین للت مودی اور سابق آسٹریلوی کپتان مائیکل کلارک کو آئی پی ایل 2008 کے بدنام زمانہ ’سلیپ گیٹ‘کے واقعے کی ان دیکھی فوٹیج شیئر کرنے پر تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

    یہ کلپ 29 اگست کو بیوند 23 کرکٹ پوڈ کاسٹ پر دوبارہ سامنے آیا جس میں ہربھجن سنگھ کو سری سانتھ کو تھپڑ مارتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

    سری سانتھ کی اہلیہ نے انسٹاگرام پر برہمی کا اظہار کیا۔

    بھونیشوری نے لکھا کہ للت مودی اور مائیکل کلارک پر شرم آتی ہے۔ آپ اپنی سستی پبلسٹی کے لیے 2008 کی ویڈیو شیئر کررہے ہیں۔ سری سانتھ اور ہربھجن دونوں طویل عرصے سے آگے بڑھ چکے ہیں؛ وہ اب اسکول جانے والے بچوں کے باپ ہیں اور پھر بھی آپ انہیں پرانے زخم میں ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

    Bhuvneshwari Sreesanth condemns release of 2008 ‘Slapgate’ footage

    سری سانتھ نے اپنی اہلیہ کی پوسٹ شیئر کرتے ہوئے اپنے پیغام کو تقویت دی کہ پرانے زخموں کو دوبارہ تازہ کرنا غیر ضروری ہے۔

  • پاکستان نے ٹرائی سیریز کے پہلے میچ میں افغانستان کو شکست دے دی

    پاکستان نے ٹرائی سیریز کے پہلے میچ میں افغانستان کو شکست دے دی

    ٹرائی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے افغانستان کو باآسانی 39 رنز سے شکست دے دی۔

    شارجہ میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کی جانب سے دیے گئے 183 رنز کے تعاقب میں افغانستان کی ٹیم 19.5 اوورز میں 143 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

    افغانستان کے کپتان راشد خان 39 رنز بنا کر نمایاں رہے، رحمان اللہ گرباز 38 رنز بناسکے۔

    پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے 31 رنز دے کر چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، شاہین آفریدی، محمد نواز اور سفیان مقیم نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

    قبل ازیں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 182 رنز بنائے اور افغانستان کو جیت کے لیے 183 رنز کا ہدف دیا تھا۔

    کپتان سلمان علی آغا 36 گیندوں پر 53 رنز بنا کر نمایاں رہے، صاحبزادہ فرحان اور محمد نواز نے 21، 21 رنز بنائے، فخر زمان 20 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

    محمد حارث 15، صائم ایوب 14 اور حسن نواز 9 رنز بناسکے۔

    افغانستان کی جانب سے فرید ملک نے 47 رنز دے کر 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، محمد نبی، مجیب الرحمان، راشد خان اور عظمت اللہ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

    اس سے قبل سلمان علی آغا نے راشد خان الیون کو پہلے بولنگ کی دعوت دی تھی۔

    پاکستان کی ٹیم میں صاحبزادہ فرحان، صائم ایوب، فخر زمان شامل ہیں۔

    کپتان سلمان علی آغا، حسن نواز، محمد نواز، محمد حارث بھی پلیئنگ الیون میں شامل ہیں، فہیم اشرف، شاہین آفریدی، حارث، سفیان مقیم بھی ٹیم میں شامل ہیں۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Pakistan Cricket (@therealpcb)

    افغانستان کی ٹیم میں رحمان اللہ گرباز، ابراہیم زدران، صادق، درویش، کریم جنت، عظمت، راشد خان، محمد نبی، مجیب الرحمان، فضل، فرید شامل ہیں۔

    واضح رہے کہ شارجہ میں دونوں ٹیمیں پانچ بار ٹکرائیں تین مقابلے پاکستان اور دو افغانستان نے جیتے ہیں۔

    پاکستان اور افغانستان کے درمیان تین میچ کی واحد ٹی 20 سیریز بھی اسی میدان پر کھیلی گئی جو افغان ٹیم نے 2-1 سے جیتی تھی۔

  • دو ٹی 20 ورلڈ کپ کھیلنے والا انٹرنیشنل کرکٹر چور نکلا

    دو ٹی 20 ورلڈ کپ کھیلنے والا انٹرنیشنل کرکٹر چور نکلا

    دو ٹی 20 ورلڈ کپ کھیلنے والے انٹرنیشنل کرکٹر پر چوری کا الزام ثابت ہوگیا۔

    پاپوانیوگینی کے وکٹ کیپر بیٹر ’کپلن ڈوریگا‘ نے چوری کا اعتراف کرلیا، جرسی کے دارالحکومت کی مجسٹریٹ عدالت نے ان کی ضمانت مسترد کرکے معاملہ رائل کورٹ بھیج دیا۔

    ڈوریگا 28 دسمبر کو عدالت میں پیش ہونے تک جزیرے پر تحویل میں رہیں گے۔

    واضح رہے کہ وہ جرسی میں کرکٹ ورلڈ کپ چیلنج لیگ کھیل رہے تھے۔

  • شارجہ اسٹیڈیم سے جُڑی پاکستان کرکٹ کی سنہری یادیں

    شارجہ اسٹیڈیم سے جُڑی پاکستان کرکٹ کی سنہری یادیں

    کراچی (29 اگست 2025): شارجہ اسٹیڈیم کا نام گنیز بُک آف ورلڈ ریکارڈ میں درج ہے اس میدان سے پاکستان کرکٹ کی سنہری یادیں بھی جڑی ہیں۔

    شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم کو سب سے زیادہ میچز کی میزبانی کا اعزاز حاصل ہے اور اس کا نام عالمی ریکارڈ کے حوالے سے مستند گنیز بُک آف ورلڈ ریکارڈ میں بھی درج ہے۔ تاہم اس میدان کے تاریخی پنّوں میں پاکستان کرکٹ کی سنہری یادیں بھی درج ہیں۔

    شارجہ اسٹیڈیم میں پاکستانی کھلاڑیوں نے کرکٹ کے کھیل میں وہ کارنامے انجام دیے اور ایک سے بڑھ کر ایک سنسنی خیز میچ جیت کر نہ صرف پاکستانیوں کو بے شمار خوشگوار لمحات دیے بلکہ دنیا کو بھی حیران کیا۔

    اسی تاریخی میدان پر لیجنڈری جاوید میانداد کا تاریخی چھکا کوئی نہیں بھول سکتا۔ اپریل 1986 میں آسٹریلیشیا کپ کے فائنل میں روایتی حریف بھارت کے خلاف فائنل میچ میں آخری اوور کی دو گیندیں باقی تھیں اور پاکستان کی آخری وکٹ باقی تھی۔

    پاکستان کو میچ جیتنے کے لیے 5 رنز درکار تھے، اور سامنے تھے توصیف احمد۔ چیتن شرما بھاگتے ہوئے آئے اور گیند کی، توصیف احمد نے ایک رن لے کر اسٹرائیک جاوید میانداد کو دی۔ اب ایک گیند پر چار رنز درکار تھے۔

    اور پھر وہ ہوا جو شاید کسی کے وہم وگمان میں بھی نہ تھا۔ چیتن شرما نے فل ٹاس گیند کرائی جس کو جاوید میانداد نے اپنے بلے کی طاقت سے اتنا اوپر اچھالا کہ وہ باؤنڈری پار ہی جا کر گری۔ یہ پاکستان کی کسی بھی کرکٹ ٹورنامنٹ میں پہلی ٹرافی تھی۔

    چار دہائیاں گزر جانے کے باوجود پاکستانی شائقین اس چھکے اور فتح سے لطف اندوز ہوتے جب کہ بھارتی شائقین کے ذہنوں پر یہ چھکا عفریت بن کر سوار رہتا ہے۔

    لیجنڈری وسیم اکرم نے بھی روایتی حریف بھارت کے خلاف 80 کی دہائی کے آخر میں آخری گیند پر چھکا مار کر جاوید میانداد کی چھکے کی یاد تازہ کی اور پاکستان کے ہاتھ ایک اور ٹرافی آئی۔ 90 کی دہائی میں مخالف بلے بازوں کیلیے خوف کی علامت بنے سوئنگ کے سلطان نے ون ڈے میں دو ہیٹ ٹرک بنائیں اور دونوں بار یہ کارنامہ اسی میدان میں انجام پایا۔

    پاکستان کی مسلسل فتوحات اور اپنی پے در پے شرمناک شکستوں سے نالاں بھارت نے شارجہ اسٹیڈیم کا بائیکاٹ کر دیا تاہم آج وہ اسی میدان میں دوبارہ کھیل رہی ہے۔

    سال 2022 کے ایشیا کپ میں نسیم شاہ ہیرو بنے اور ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں افغانستان کے جبڑوں سے فتح کھینچ لائے۔

    افغانستان کو تاریخی فتح کے لیے پاکستان کی صرف ایک وکٹ درکار تھی اور آخری اوور میں پاکستان کو 12 رنز درکار تھے۔ کریز پر ٹیل اینڈرز موجود تھے اور کسی کو پاکستان کے جیتنے کی امید نہ تھی، لیکن پھر وہی ہوا جو شاہین شارجہ کے میدان پر کرتے آئے ہیں۔

    نسیم شاہ نے دو چھکے مار کر پاکستان کو فتح یاب کرایا اور جشن منانے کی تیاریاں کرنے والے افغان شائقین پر بجلیاں گرا دیں۔

    پاکستان کے سابق ٹیسٹ کرکٹر اور اسٹائلش اوپنر سعید انور نے لگاتار تین سنچریاں بنانے کا کارنامہ بھی شارجہ میں ہی انجام دیا جب کہ قومی ٹیم کے موجودہ ہیڈ کوچ عاقب جاوید نے ایک میچ میں بھاتی ٹاپ آرڈر کو اڑاتے ہوئے ہیٹ ٹرک کو بھی اسی میدان میں یادگار بنایا۔

    اب گرین شرٹس سلمان آغا کی قیادت میں پہلے ٹرائی نیشن سیریز کی جنگ لڑنے کے لیے میدان میں اتر چکی ہے اور اس کے بعد ایشیا کپ میں اپنے ہنر کو آزمائیں گے۔

    پوری قوم امید کر رہی ہے کہ قومی ٹیم ماضی کی روایت کو دہراتے ہوئے ایک بار پھر ٹرافیاں گھر لائے گی اور سیلاب کی تباہ کاریوں میں گھرے پاکستانیوں کو خوشی کے لمحات فراہم کرے گی۔

  • ہربھجن سنگھ کی سری سانتھ کو تھپڑ مارنے کی ان دیکھی ویڈیو وائرل

    ہربھجن سنگھ کی سری سانتھ کو تھپڑ مارنے کی ان دیکھی ویڈیو وائرل

    آئی پی ایل کے بانی اور سابق چیئرمین للت مودی نے پہلی بار 2008 میں لیگ کے افتتاحی سیزن میں ہربھجن سنگھ اور سری سانتھ کے جھگڑے کی ان دیکھی فوٹیج جاری کردی۔

    بیونڈ 23 کرکٹ پوڈ کاسٹ پر سابق آسٹریلوی کپتان مائیکل کلارک سے گفتگو کرتے ہوئے للت مودی نے اس غیرترمیم شدہ کلپ کو شیئر کیا ہے۔

    مودی نے انکشاف کیا کہ میچ ختم ہوچکا تھا، کیمرے بھی بند ہوگئے تھے لیکن میرا ایک سیکیورٹی کیمرا آن تھا اس میں سری سانتھ اور بھجی کے درمیان ہونے والے واقعہ محفوظ ہوگیا، بھجی اسے تھپڑ مارتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ یہ ویڈیو کو میں نے اتنے عرصے جاری نہیں کیا تھا اب اہم 18 سال پیچھے ہیں۔

    واضح رہے کہ جھگڑا ممبئی انڈینز اور کنگز الیون پنجاب (پنجاب کنگز) کے درمیان میچ کے بعد پیش آیا تھا اور لیگ کے سیاہ ترین لمحات میں سے ایک بن گیا تھا اور اسے ’سلیپ گیٹ‘ کا نام سے جانا جانے لگا۔

    حال ہی میں ہربھجن سنگھ نے خود اعتراف کیا تھا کہ یہ واقعہ ان کے کیریئر کا سب سے بڑا افسوس ہے۔

    روی چندر ایشون کے یوٹیوب شو میں بات کرتے ہوئے ہربھجن نے کہا تھا کہ میں اپنی زندگی میں ایک چیز جو تبدیل کرنا چاہتا ہوں وہ سری سانتھ کے ساتھ واقعہ ہے، جو ہوا وہ غلط تھا اور مجھے ایسا نہیں کرنا چاہیے تھا، میں نے 200 بار معافی مانگی اور برسوں بعد بھی جب یہ موضوع آتا ہے تو میں خود کو معافی مانگتا ہوا پاتا ہوں۔

    انہوں نے کہا کہ مجھے سب سے زیادہ تکلیف اس وقت ہوئی جب میں ان کی بیٹی سے ملا اور اس نے مجھ سے بات کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ ‘میں آپ سے بات نہیں کرنا چاہتی، آپ نے میرے والد کو مارا۔’ میرا دل ٹوٹ گیا۔‘

    ہربھجن سنگھ نے کہا کہ میں خود سے پوچھتا رہا کہ میں نے اس پر کیا تاثر چھوڑا ہے، وہ مجھے صرف اس شخص کے طور پر دیکھے جس نے اس کے باپ کو مارا تھا۔ میں اب بھی اس کی بیٹی سے معافی مانگتا ہوں۔

  • سر ڈان بریڈ مین کی تاریخی کیپ 80 کروڑ میں نیلام! کس نے خریدی؟

    سر ڈان بریڈ مین کی تاریخی کیپ 80 کروڑ میں نیلام! کس نے خریدی؟

    (29 اگست 2025): کرکٹ کی دنیا کے بے تاج بادشاہ اور آسٹریلیا کے لیجنڈری کرکٹر سر ڈان بریڈ مین کی 79 سال پرانی کیپ 80کروڑ میں نیلام ہو گئی۔

    کرکٹ کی دنیا کے بے تاج بادشاہ اور ہر دور کے کرکٹر کے آئیڈل آسٹریلوی لیجنڈ سر ڈان بریڈ مین کی بیگی گرین کیپ 4 لاکھ 38 ہزار 500 آسٹریلوی ڈالر (پاکستانی کرنسی میں 80 کروڑ 78 لاکھ 470 روپے) میں نیلام ہو گئی۔

    کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق یہ نیلامی کینبرا میں ہوئی جہاں نیشنل میوزیم نے یہ کیپ خریدی۔ نیلامی کی آدھی رقم براہ راست وفاقی حکومت کے خزانے میں گئی۔ کینبرا کی وزیر کا کہنا ہے یہ کیپ تاریخی حیثیت رکھتا ہے۔ اسے میوزیم میں شامل کرنا ہمارے لیے اعزاز ہے۔

    ڈان بریڈ مین نے نیلام ہونے والی یہ بیگی گرین کیپ 47-1946 کی ایشز سیریز میں ٹیم اؔسٹریلیا کی قیادت کرتے ہوئے پہنی تھی اور یہ دوسری جنگ عظیم کے بعد انگلینڈ کے ساتھ پہلا مقابلہ تھا۔ اس سیریز میں کینگروز نے نا قابل تسخیر رہتے ہوئے تین صفر سے سیریز کو اپنے نام کیا تھا۔

    نیشنل میوزیم کی ڈائریکٹر کیتھرین میک موہن نے سر ڈان بریڈ مین کی بیگی گرین کیپ عجائب گھر کا حصہ بننے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں خوشی ہے کہ اس قومی خزانے کو آسٹریلیا کے نیشنل میوزیم میں رکھا جائے گا۔

    اس کیپ کو میوزیم کی جانب سے لینڈ مارکس گیلری میں فخر کے ساتھ ڈسپلے کیا گیا ہے اور یوں یہ بیگی گرین کیپ یہاں موجود ان دیگر یادگاروں میں شامل ہو گئی ہے جو آسٹریلیا کی تاریخ کے اہم اور یادگار لمحات کی نشاندہی کرتے ہیں۔

    واضح رہے کہ سر ڈان بریڈ مین نے اپنے کیریئر میں 11 بیگی گرین کیپ پہنیں۔ ان میں سے ایک آسٹریلین اسپورٹس میوزیم میں اور اب یہ نیلام ہونے والی کیپ کینبرا میوزم میں رکھی جائے گی۔ باقی 9 کیپس مختلف نجی لوگوں نے ذاتی طور پر نیلامی میں حصہ لے کر حاصل کیں۔

     

  • عامر جمال کا سینٹرل کنٹریکٹ سے باہر کیے جانے پر ردعمل

    عامر جمال کا سینٹرل کنٹریکٹ سے باہر کیے جانے پر ردعمل

    پاکستان کے آل راؤنڈر عامر جمال نے پی سی بی کی جانب سے سینٹرل کنٹریکٹ سے باہر کیے جانے پر ردعمل دے دیا۔

    مقامی اسپورٹس پلیٹ فارم کو دیے گئے انٹرویو میں 29 سالہ عامر جمال نے اعتراف کیا کہ وہ سینٹرل کنٹریکٹ سے باہر کیے جانے پر حیران تھے اور اعلان سے قبل بورڈ کے کسی بھی رکن نے رابطہ نہیں کیا تھا۔

    انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ جو کچھ میری قسمت میں لکھا ہے میں ہر حال میں وہ محنت سے حاصل کروں گا۔

    واضح رہے کہ کرکٹ بورڈ نے 19 اگست کو 2025-26 کے لیے کھلاڑیوں کے سینٹرل کنٹریکٹس کا اعلان کیا تھا جس میں سے اے کیٹیگری ختم کردی گئی۔

    یہ پڑھیں: عامر جمال نے معنی خیز پوسٹ شیئر کردی

    گزشتہ سال کی کیٹیگری ڈی کے آٹھ کھلاڑی عامر جمال، حسیب اللہ، کامران غلام، میر حمزہ، محمد علی، محمد ہریرہ، محمد عرفان خان اور عثمان خان سینٹرل کنٹریکٹ سے باہر ہوگئے۔

    اس سال پی سی بی نے 10 کھلاڑیوں کو کیٹیگری بی، سی اور ڈی میں رکھا ہے۔

    عامر جمال نے اپنے ری ہیب کے دوران پی سی بی کی جانب سے مالی مدد نہ ملنے پر بھی مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ انہوں نے تمام اخراجات خود برداشت کیے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ اس وقت صائم ایوب اور میں دونوں انگلینڈ میں تھے، وہ جنوبی افریقا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں زخمی ہوگئے تھے جکہ میں وہاں پر اپنے خرچے پر موجد تھا، میں رقم ظاہر نہیں کرنا چاہتا لیکن میں نے ایک ایک پیسہ خود خرچ کیا، چاہے وہ اسکین، ڈاکٹڑ کی فیس، یا سیشنز کا ہو، سب کچھ میری اپنی جیب سے گیا۔

  • افغانستان کے خلاف میچ کے لیے پاکستان کی ممکنہ پلیئنگ الیون

    افغانستان کے خلاف میچ کے لیے پاکستان کی ممکنہ پلیئنگ الیون

    سہ فریقی سیریز میں پاکستان سے افتتاحی میچ کے لیے پاکستان کی ممکنہ پلیئنگ الیون سامنے آگئی۔

    شارجہ میں ٹرائی سیریز کا افتتاحی میچ آج پاکستان اور افغانستان کے مابین کھیلا جائے گا، میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام 8 بجے شروع ہوگا۔

    کپتان سلمان علی آغا نے افغانستان کے خلاف افتتاحی میچ سے قبل ٹیم کی پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔

    سلمان علی آغا نے کہا کہ ہماری ٹیم نے آخری دو سیریز میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے، جب ہم کھیلنے کے لیے باہر جاتے ہیں تو ہم میچ جیتنے کے بارے میں سوچتے ہیں۔

    پاکستان کو بنگلادیش میں ٹی 20 سیریز کے لیے شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز میں 2-1 سے کامیابی حاصل کی۔

    پاکستان کے اوپنرز میں صاحبزادہ فرحان، فخر زمان اور صائم ایوب شامل ہیں، فخر کی واپسی کے بعد امکان ہے کہ وہ صائم کے ساتھ اننگز کا آغاز کریں گے۔

    یہ پڑھیں: افغانستان ایشیا کی دوسری بہترین ٹیم، سلمان آغا کی مسکرانے کی ویڈیو وائرل

    وکٹ کیپر بیٹر محمد حارث تیسرے نمبر پر بیٹنگ کریں گے، ان کے بعد حسن نواز اور سلمان علی آغا بیٹنگ کے لیے آئیں گے۔

    آل راؤنڈر میں محمد نواز، فہیم اشرف شامل ہیں جبکہ ٹیم مینجمنٹ آج کے میچ میں حسین طلعت یا خوشدل شاہ کے ساتھ جائے گی۔

    بولرز میں شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اور اسپنرز میں ابرار احإد یا سفیان مقیم میں سے ایک کھلاڑی شامل ہوگا۔

    پاکستان کی ممکنہ الیون: فخر زمان، صائم ایوب، محمد حارث، حسن نواز، سلمان علی آغا، حسین طلعت یا خوشدل شاہ، محمد نواز، فہیم اشرف، شاہین آفریدی، حارث رؤف اور ابرار احمد شامل ہیں۔

  • ’’2025‘‘ بھارتی کرکٹ کیلیے ریٹائرمنٹ کا سال، 8 کھلاڑی الوداع کہہ چکے!

    ’’2025‘‘ بھارتی کرکٹ کیلیے ریٹائرمنٹ کا سال، 8 کھلاڑی الوداع کہہ چکے!

    بھارت (29 اگست 2025): رواں سال انڈین کرکٹ کے ایک دو نہیں بلکہ 8 کھلاڑی کھیل کو الوداع کہہ چکے جب کہ مزید کا میدان چھوڑنے کا امکان ہے۔

    بھارت جو اس وقت نہ صرف ٹی 20 کا عالمی چیمپئن ہے بلکہ چیمپنز ٹرافی بھی جیتی ہوئی ہے۔ تاہم بی سی سی آئی کے نظر انداز کرنے پر سینئر کھلاڑی آہستہ آہستہ کرکٹ سے کنارہ کش ہو رہے ہیں۔ 2025 کے ابتدائی 8 ماہ ابھی پورے بھی نہیں ہوئے لیکن بلیو شرٹس کے 8 کھلاڑی انٹرنیشنل کرکٹ کو الوداع کہہ چکے۔ اگر اس سال کو بھارتی کرکٹ کیلیے ریٹائرمنٹ کا سال کہا جائے تو بے جا نہ ہوگا۔

    روہت شرما:

    بھارتی کرکٹ شائقین کو سب سے بڑا جھٹکا اس وقت لگا جب ایک سال میں اپنے ملک کے لیے دو ٹرافیاں (ٹی 20 ورلڈ کپ اور چیمپئنز ٹرافی) جیتنے والے کپتان روہت شرما نے چیمپئنز ٹرافی کے کچھ عرصہ بعد اچانک ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔

    روہت شرما گوکہ ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 جیتنے کے فوری بعد اس فارمیٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر چکے تھے۔ تاہم انہوں نے اس موقع پر ون ڈے اور ٹیسٹ کرکٹ جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا تھا۔ تاہم بی سی سی آئی کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ میں نظر انداز کرنے پر سینئر بیٹر اتنے مایوس ہوئے کہ طویل دورانیے کی کرکٹ چھوڑنے کا اعلان کر دیا۔

    اس موقع پر بھی انہوں نے ون ڈے کرکٹ جاری رکھنے کا اعلان کیا، لیکن انگلینڈ کے خلاف سیریز میں بھی منتخب نہ کیے جانے پر ان کی انٹرنیشنل کرکٹ کے تمام فارمیٹ سے ریٹائرمنٹ لینے کی خبریں گشت کر رہی ہیں۔

    ویرات کوہلی:

    بھارت کے ریکارڈ ساز بلے باز اور تن تنہا اپنے ملک کو کئی فتوحات دلانے والے سپر اسٹار بیٹر ویرات کوہلی نے بھی کپتان کی تقلید کرتے ہوئے 2024 میں ٹی 20 فارمیٹ چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ اب وہ اپنی توجہ ون ڈے اور ٹیسٹ کرکٹ پر مرکوز رکھیں گے۔

    تاہم بی سی سی آئی کی جانب سے روہت شرما جیسی کہانی ویرات سے دہرائے جانے پر انہوں نے بھی اچانک ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا، جس نے ان کے پرستاروں کو حیران اور افسردہ کر دیا اور اب ون ڈے کے لیے بھی نظر انداز کیے جانے پر ان کے بھی انٹرنیشنل کرکٹ کے تمام فارمیٹ کو الوداع کہنے کی افواہیں ہیں۔

    روی چندرن ایشون:

    بھارت کے مایہ ناز اسپنر آل راؤنڈر روی چندرن ایشون نے رواں برس کے آغاز میں دورہ آسٹریلیا کے دوران انٹرنیشنل کرکٹ سے مکمل کنارہ کش ہونے کا اعلان کیا۔ 106 ٹیسٹ میں 537 وکٹیں لینے اور 3503 رنز بنانے والے آل راؤنڈ کے ٹیسٹ سیریز کے دوران پریس کانفرنس کے ذریعہ ریٹائرمنٹ کا اعلان کرنے پر بھی بھارتی شائقین حیرت زدہ رہ گئے۔

    چیتشور پجارا:

    بھارتی ٹیم کے تجربہ کار بلے باز اور طویل عرصہ تک بلیو شرٹس کے مڈل آرڈر میں ریڑھ کی ہڈی کا کردار ادا کرنے والے چیتشور پجارا نے حال ہی میں کرکٹ کے تمام فارمیٹس سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔

    پیوش چاؤلہ:

    بھارتی لیگ اسپنر پیوش چاولہ نے بھی رواں برس ریٹائرمنٹ لے لی۔ انڈین میڈیا کے مطابق چاؤلہ کے عرصہ دراز سے بی سی سی آئی کی جانب سے سلیکشن کے لیے نظر انداز کیے جانے پر مایوس ہو کر یہ قدم اٹھایا۔

    ریدھیمان ساہا:

    وکٹ کیپر بلے باز ریدھیمان ساہا بھی سال رواں کرکٹ کو الوداع کہنے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں آتے ہیں۔ 40 ٹیسٹ اور 9 ون ڈے میں بھارت کی نمائندگی کرنے والے ریدھیمان بھی بی سی سی آئی کے رویے سے نالاں رہے۔

    ورون آرون:

    بھارتی پیسر ورون آرون نے بھی اس سال تمام طرز کی انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی۔ اس اعلان سے قبل وہ بھارت کے لیے 9 ٹیسٹ اور اتنے ہی ون ڈے انٹرنیشنل کھیل چکے تھے۔

    رشی دھون:

    بھارتی آل راؤنڈر رشی دھون نے رواں سال محدود اوورز کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی ہے۔ وہ اب ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کھیلتے نظر نہیں آئیں گے۔ تاہم سلیکشن کمیٹی نے اب تک انہیں ٹیسٹ کرکٹ کا اہل نہیں جانا ہے اور امکان ہے کہ ان کا کرکٹ کیریئر بھی اختتام پذیر ہو چکا ہے۔

    سال 2025 ختم ہونے میں ابھی 4 ماہ باقی ہیں اور بھارتی میڈیا کے مطابق ایسے اشارے مل رہے ہیں کہ مزید کچھ کھلاڑی میدان چھوڑنے کی تیاری کر رہے ہیں۔ سینئر فاسٹ بولر محمد شامی کے جلد ریٹائرمنٹ لینے کی اطلاعات ہیں اور اس کو تقویت اس سے ملتی ہے کہ محمد شامی نے اپنے حالیہ بیان میں کہا ہے کہ اگر بی سی سی آئی انٹرنیشنل کرکٹ ٹیم کے لیے منتخب نہیں کرتی ہے تو وہ ڈومیسٹک کرکٹ جاری رکھیں گے۔

  • ایشیا کپ 2025 کی ٹکٹس سے متعلق اہم اعلان

    ایشیا کپ 2025 کی ٹکٹس سے متعلق اہم اعلان

    دبئی(29 اگست 2025): ایمریٹس کرکٹ بورڈ نے ایشیا کپ 2025 کے ٹکٹ کی دستیابی سے متعلق اہم اپ ڈیٹ سامنے آگئی ہے۔

    ایمریٹس کرکٹ بورڈ نے اپنی ویب سائٹ پر اعلان کیا ہے کہ ایشیا کپ 2025 کے میچز کے ٹکٹس آج 29 اگست کو یو اے ای کی مقامی وقت کے مطابق شام 5 بجے سے دستیاب ہوں گے، ٹکٹس کی قیمت ابوظہبی کے میچوں کے لیے 40 درہم اور دبئی کے میچوں کے لیے 50 درہم رکھی گئی ہے۔

    پاکستان اور بھارت میچ کی ٹکٹ سمیت سات میچوں کے ٹکٹ کا ایک پیکج بنایا گیا ہے، اس پیکج کی قیمت 1,400 درہم سے شروع ہوگی، اس کے علاوہ شائقین باقی میچوں کے لیے الگ ٹکٹس بھی خرید سکتے ہیں۔

    ایمریٹس بورڈ کے مطابق ٹکٹس پلاٹینم لسٹ ویب سائٹ پر دستیاب ہوں گے، اس کے علاوہ کچھ دنوں میں دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم اور ابوظہبی کے زید کرکٹ اسٹیڈیم کے ٹکٹ دفاتر پر بھی ٹکٹس دستیاب ہوں گے جس کی تفصیلات جلد جاری کی جائے گی۔

    خیال رہے کہ مینز ایشیا کپ 9 ستمبر سے 28 ستمبر تک متحدہ عرب امارات میں شیڈول ہے، پاکستان اور بھارت کے درمیان شیڈول ایونٹ کا ہائی وولٹیج مقابلہ 14 ستمبر کو دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

    ایشیائی ٹورنامنٹ کے 19 میچز میں سے 12 کی میزبانی دبئی کرکٹ اسٹیڈیم کرےگا جب کہ 7 میچز ابو ظبی کے میدان میں کھیلے جائیں گے، سپر فور مرحلہ اور 28 ستمبر کو فائنل مقابلہ بھی دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

    پاکستان کرکٹ ٹیم کے تینوں میچز دبئی اسٹیڈیم میں ہوں گے، قومی ٹیم 12 ستمبر کو پہلے میچ میں عمان کا سامنا کرے گی، شاہینوں کا دوسرا مقابلہ 14 ستمبر کو بھارت کے خلاف ہوگا، تیسرے میچ میں گرین شرٹس 17 ستمبر کو یو اے ای کیخلاف میدان میں اُتریں گے۔