Category: اہم ترین

پاکستان اور دنیا بھر سے اہم ترین خبریں جاننے کے لئے اے آر وائی نیوز کی اردو ویب سائٹ پر آئیں

Important Breaking News from Pakistan and World from ARY News Urdu

  • چین کے صدر شی جن پنگ نے دنیا کو امن کا پیغام دے دیا

    چین کے صدر شی جن پنگ نے دنیا کو امن کا پیغام دے دیا

    بیجنگ (03 ستمبر 2025): چین کے صدر شی جن پنگ نے دنیا کو امن کا پیغام دے دیا ہے، بیجنگ میں فوجی پریڈ سے خطاب میں انھوں نے کہا کہ انسانیت کو جنگ یا امن میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنا ہوگا۔

    شی جن پنگ نے اپنے خطاب میں اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ ’’ہم جتنے بھی مضبوط ہو جائیں کبھی توسیع پسندی کا راستہ اختیار نہیں کریں گے، ہم کبھی اپنے ماضی کی مصیبت کو کسی دوسرے ملک پر عائد نہیں کریں گے۔‘‘

    چین کے صدر کا کہنا تھا کہ چینی عوام تاریخ کے درست سمت پر کھڑے ہیں، چینی عوام امن کے لیے پرعزم ہیں، انھوں نے کہا ’’ہماری خوش حالی اور ترقی کو روکا نہیں جا سکتا، ہم دنیا میں ایسا عالمی نظام چاہتے ہیں جو انصاف اور مساوات پر مبنی ہو۔‘‘

    ایران کے پُرامن جوہری توانائی کے حق کی حمایت جاری رکھیں گے، چین کا اعلان

    بدھ کو بیجنگ میں چین کی اب تک کی سب سے بڑی فوجی پریڈ کا انعقاد کیا گیا، جس میں ولادیمیر پیوٹن کم جونگ اُن نے بھی شرکت کی، یہ تقریب دوسری جنگ عظیم کے اختتام پر جاپان کی شکست کے 80 سال مکمل ہونے پر منعقد کی گئی تھی۔

    صدر شی نے تیانانمن اسکوائر پر 50,000 سے زائد تماشائیوں کے ہجوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’آج انسانیت کو امن یا جنگ، مکالمے یا تصادم، جیت یا صفر کے انتخاب کا سامنا ہے۔‘‘

  • ملک میں تسلسل کا فیصلہ ہوگیا، رانا ثناءاللہ

    ملک میں تسلسل کا فیصلہ ہوگیا، رانا ثناءاللہ

    اسلام آباد : وزیراعظم کے سیاسی مشیر رانا ثناءاللہ  نے دعویٰ کیا ہے کہ ملک میں تسلسل کا فیصلہ ہوگیا ہے جو مزید پانچ یا دس سال کے لیے ہوگا۔

    یہ بات انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام خبر میں ایک سوال کے جواب میں کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں تو اس بات پر پہلے بھی کوئی شک و شبہ نہیں تھا۔

    انہوں نے بتایا کہ اس سلسلے میں مری میں بڑوں کے درمیان اہم بیٹھک ہوئی ہے جس میں یہ فیصلہ کیا گیا، بہرحال جو بھی ہوگا آئین کے مطابق ہوگا، کچھ لوگوں کو اس پر شک تھا لیکن ہمیں اس کا پہلے سے ہی علم تھا۔

    نئے ڈیموں کی تعمیر سے متعلق ایک سوال کے جواب میں رانا ثناءاللہ کا کہنا تھا کہ ڈیمز سے متعلق بھی اتفاق رائے سے آگے بڑھنا چاہیے۔

    انہوں نے کہا کہ ناممکن کچھ بھی نہیں، تمام سیاسی جماعتیں بیٹھ کربات کریں اتفاق رائے پیدا کریں، اس حوالے سے قرارداد پاس ہوئی ہے تو موسمیاتی تبدیلی کے بعد دوبارہ بھی قراردادیں آسکتی ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات بالکل ہونی چاہیے، گنڈا پور بانی کو سیاسی جماعتوں سے مذاکرات کیلئے قائل کرسکتے ہیں تو اچھی بات ہے۔

    کینالز معاملے کے بعد سی سی آئی میٹنگ میں گنڈاپور نے کالاباغ ڈیم کی بات کی تھی، پانی کے ایشوز پر علی امین گنڈا پور نے کالاباغ ڈیم سے متعلق گفتگو کی تھی، آج کی صورتحال کا اُس وقت کسی کو اندازہ نہیں تھا اب بخوبی ہوگیا ہے۔

    رانا ثناءاللہ  نے بتایا کہ ماہرین کہتے ہیں کہ آئندہ سال مزید سیلاب اور بارشیں ہوں گی، ہمیں فوری طور پر چھوٹے ڈیمز اور دیگر پروجیکٹس کی طرف جانا ہوگا۔

    وزیر اعظم کے مشیر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی شدید خواہش تھی کہ ملک میں صدارتی نظام آجائے، ہوسکتا ہے کہ علی امین گنڈاپور نے اپنے بانی کی خواہش پر بیان دیا ہو۔

    میراذاتی خیال ہے کہ ملک میں صدارتی نظام کی گنجائش نہیں ہے، موجودہ صورتحال میں صدارتی نظام کےایشو پر بات نہیں کرنا چاہتے، اتفاق رائے سے کچھ بھی ہو تو اچھی بات ہے لیکن یکطرفہ کچھ نہیں ہونا چاہیے۔

    رانا ثناءاللہ کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کے لیے پارلیمانی جمہوری نظام ہی بہتر ہے جو سسٹم موجود ہے، چار اکائیاں ہیں اسی طرح آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان بھی موجود ہیں، صدارتی نظام کیلئے صوبوں کو وہ آزادی بھی ہونی چاہیے جو امریکا میں ہے۔

  • دریائے چناب اور توی میں اونچے درجے کا سیلاب

    دریائے چناب اور توی میں اونچے درجے کا سیلاب

    لاہور : بھارت کی جانب سے پاکستان کے دریاؤں میں مزید پانی چھوڑے جانے کے بعد دریائے چناب اور dریائے توی میں انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہے۔

    دریائے چناب میں ہیڈ مرالہ کے مقام پر پانی کا بہاؤ 2 لاکھ 39 ہزار 178 کیوسک تک پہنچ گیا، سیلاب سے سیالکوٹ، گوجرانوالہ، گجرات، حافظ آباد، چنیوٹ،جھنگ، مظفر گڑھ اور ملتان متاثر ہوسکتے ہیں، دریائے چناب میں ممکنہ سیلاب سے ایک بار پھر بڑے پیمانے پر تباہی کا خدشہ پیدا ہوگیا۔

    فلڈ کنٹرول روم کے مطابق دریائے جموں توی میں اونچے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے، دریائے مناورتوی میں بھی اونچے درجے کاسیلاب ریکارڈ کیا گیا، سیالکوٹ میں دریاؤں میں پانی کی سطح میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔

    سیلاب سے تحصیل جھنگ کے137، اٹھارہ ہزاری کے37، شور کوٹ کے 40، اور احمد پور سیال کے47 موضع جات متاثر ہوئے۔

    اس حوالے سے ڈپٹی کمشنرجھنگ نے میڈیا کو بتایا کہ اب تک 3 لاکھ 22 ہزار 956 لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے، 2 لاکھ 90 ہزار 290 ایکٹر رقبہ زیرآب آیا ہے۔

    ڈی سی جھنگ کے مطابق 2لاکھ27ہزار795ایکٹرپر فصلیں سیلاب کی زد میں ہیں، سیلاب متاثرین کیلئے 24فلڈ ریلیف کیمپس قائم کیے گئے ہیں۔

    تازہ ترین اطلاعات کے مطابق دریائے چناب میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے، ہیڈ مرالہ کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے، پانی کا بہاؤ1لاکھ81ہزار560کیو سک ہوگیا۔

    دریائے چناب اور جموں توی میں پانی کی صورتحال انتہائی خطرناک ہوگئی، دریائے چناب میں اس وقت درمیانے درجے کا سیلاب ہے اور پانی کے بہاؤ میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ اسی طرح جموں توی دریا کے بالائی علاقوں میں بارشوں کے باعث پانی کی سطح میں اضافہ ہو رہا ہے۔

    ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ صبا اصغر علی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ تمام متاثرین فوری طور پر قریبی ریلیف کیمپوں میں منتقل ہوجائیں، مزید معلومات اور ہدایات کے لیے 1718 پر رابطہ کریں۔

    اس حوالے سے محکمہ آبپاشی حکام کا کہنا ہے کہ بھارت نے 2 روز قبل بغیر اطلاع دیے سلال ڈیم سے 8لاکھ کیوسک پانی چھوڑا تھا۔

    صوبہ پنجاب میں حالیہ سیلابی صورتحال کی وجہ سے متاثرین کی تعداد 24 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ 26 اگست سے اب تک مختلف واقعات میں 41 افراد ہلاک ہوئے ہیں اور اب تک 3200 دیہات متاثر ہوئے ہیں۔

  • بنوں: دہشت گردوں کا ایف سی ہیڈکوارٹر پر حملہ، 6 اہلکار شہید، جوابی کارروائی میں 5 خوارج ہلاک

    بنوں: دہشت گردوں کا ایف سی ہیڈکوارٹر پر حملہ، 6 اہلکار شہید، جوابی کارروائی میں 5 خوارج ہلاک

    بنوں میں فتنہ الخوارج کے حملے میں پاک فوج، ایف سی کے 6 اہلکار شہید ہوگئے، فورسز کی جوابی کارروائی میں 5 خوارج ہلاک ہوئے۔

    آئی ایس پی آر نے جاری بیان میں بتایا کہ بنوں میں فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں نے ایف سی ہیڈ کوارٹر پر حملہ کیا، سیکیورٹی فورسزکی موثر کارروائی میں 5 خوارج ہلاک ہوئے، پاک فوج اور ایف سی کے 6 اہلکاروں نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔

    یہ بھی پڑھیں: بنوں میں دہشتگردوں کا تھانے پر بڑا حملہ ناکام، حملہ آور گرفتار

    جاری بیان میں آئی ایس پی آر نے بتایا کہ فتنہ الہندوستان کے خوارج کی ایف سی ہیڈ کوارٹر میں داخلے کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔

    آئی ایس پی آر نے بتایا کہ خوارجیوں نے بارود سے بھری گاڑی عمارت کی بیرونی دیوار سے ٹکرادی، خودکش دھماکے میں 3 شہری زخمی ہوئے۔

    علاقے میں ممکنہ دہشت گردوں کی موجودگی پر کلیئرنس آپریشن جاری ہے، سہولت کاروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائےگا، فورسز بھارتی پشت پناہی میں دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پُرعزم ہیں۔

    https://urdu.arynews.tv/quetta-blast-near-akhtar-mengal-car/

  • وفاقی حکومت نے عام تعطیل کا اعلان کردیا

    وفاقی حکومت نے عام تعطیل کا اعلان کردیا

    اسلام آباد: وفاقی حکومت نے 6 ستمبر کو عام تعطیل کا اعلان کردیا۔

    وفاقی حکومت کی جانب سے 6 ستمبر کو عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔

    کابینہ ڈویژن نے 12 ربیع الاول کو عام تعطیل کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے۔

    یاد رہے کہ پاکستان سمیت دنیا کے کئی ممالک میں نبی آخر الزمان حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کے یومِ ولادت کا جشن مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جاتا ہے۔

    مساجد میں نماز فجر کی ادائیگی کے بعد مسلم اُمہ کے اتحاد اور ملک کی ترقی و خوش حالی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی جاتی ہیں۔

    نبی آخر الزمانﷺ کی حیات مبارکہ اور تعلیمات پوری انسانیت کے لیے مینارہ نور ہیں، آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم کو ہدیہ عقیدت پیش کرنے کے لیے خصوصی کانفرنسز تقریبات اور محفل میلاد منعقد کی جاتی ہیں۔

    اس مبارک موقع پر عمارتوں، گلیوں، شاہراہوں، مساجد اور گھروں کو برقی قمقوں سے سجایا جاتا ہے۔

  • وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے نئے صوبوں کی بھی حمایت کردی

    وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے نئے صوبوں کی بھی حمایت کردی

    وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کالا باغ ڈیم کے بعد نئے صوبوں کی بھی حمایت کردی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر اعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور نے کہا کہ چھوٹے صوبے ہوں گے تو گورننس بہترین ہوگی، دنیا بھر کے ممالک میں چھوٹے یونٹس بنتے ہیں، پاکستان واحد ملک ہے جو بڑی آبادی کے ساتھ 4 صوبوں پر مشتمل ہے۔

    انہوں نے کہا کہ میں سیاست پر ریاست کو ترجیح دینا کا حامی ہوں۔

    علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں صرف اے این پی کو کالا باغ ڈیم پر اختلاف ہے، جو کہتے ہیں ہماری لاشوں پر کالا باغ ڈیم بنے گا وہ سیاست کررہے ہیں۔

    گزشتہ روز وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کالاباغ ڈیم کی کھل کر حمایت کی تھی۔

    وزیراعلیٰ نے کہا تھا کہ سیاست کر رہا ہوں نہ صوبائیت میں جا رہا ہوں پورے پاکستان کے فائدے کو پیچھے نہیں دھکیلا جا سکتا، پاکستان کے مستقبل کیلئے سب کو مطمئن کر کے کالاباغ ڈیم بنائیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور آئندہ نسلوں کیلئے کالاباغ ڈیم بنانا ہو گا کیونکہ کالاباغ ڈیم پاکستان کی ریڑھ کی ہڈی ہے، تحفظات کی وجہ سے ریڑھ کی ہڈی ٹھیک نہ کرنا زیادتی ہے، کالاباغ ڈیم نئےمقام پربننےسےنوشہرہ نہیں ڈوبےگا میں نے وزیراعظم سے بات کی ہے وہ کالاباغ ڈیم پر متفق تھے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ پورے خیبرپختونخوا میں ایک بھی اسنائپر رائفل نہیں ہے کسی تھانے اور افسر کے پاس بلٹ پروف گاڑی موجود نہیں ہمیں پولیس پر سرمایہ کاری کرنا ہو گی، 92 افسروں کی کمی ہے وفاق سے افسران دینے کا مطالبہ کیا ہے۔

  • وزیراعظم کی روسی صدر پیوٹن سے ملاقات، دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال

    وزیراعظم کی روسی صدر پیوٹن سے ملاقات، دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال

    وزیراعظم شہباز شریف کی روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے ملاقات ہوئی ہے اس دوران دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور روسی صدر پیوٹن نے گرمجوشی سے مصافحہ کیا،  روسی صدر نے کہا کہ دو طرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینا چاہتے ہیں۔

    روسی صدر نے کہا کہ پاکستان کو قدرتی آفات کا سامنا ہے، پاکستان میں سیلاب سے نقصانات پر افسوس ہے۔

    پیوٹن نے شہباز شریف کو ماسکو میں ہوننے والی ایس سی او سمٹ میں شرکت کی دعوت بھی دی۔

    یہ پڑھیں: چینی صدر شی جن پنگ کا پاکستان کی مدد جاری رکھنے کا اعلان

    انہوں نے کہا کہ روس نومبر میں ایس سی او سمٹ کا انعقاد کررہا ہے، امید کرتا ہوں شہباز شریف سمٹ میں شرکت کے لیے ماسکو آئیں گے۔

    روسی صدر نے کہا کہ دونوں ملک کی تجارت میں معمولی کمی آئی ہے جسے بہتر کرنے کی ضرورت ہے، پاکستان سیکیورٹی کونسل کا غیر مستقل رکن ہے یو این میں بھی رابطہ رہتا ہے۔

    دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ روس کے ساتھ دو طرفہ تعلقات وقت کے ساتھ مضبوط ہورہے ہیں، ایس سی او سمٹ کی دعوت دینے پر ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

    انہوں نے کہا کہ روس سے تجارت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے خواہشمند ہیں، پاکستان خطے میں امن، ترقی اور خوشحالی کا فروغ چاہتا ہے۔

  • نقد 41 ہزار روپے! خواتین کے لئے بڑی خوشخبری آگئی

    نقد 41 ہزار روپے! خواتین کے لئے بڑی خوشخبری آگئی

    کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ممتا پروگرام میں خواتین کو نقد امداد 30 ہزار سے بڑھا کر 41 ہزارروپے کرنے کی ہدایت کردی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت سندھ سوشل پروٹیکشن اتھارٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبے میں جاری سماجی تحفظ کے پروگرامز پر بریفنگ دی گئی۔

    وزیراعلیٰ سندھ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت نے ورلڈ بینک کے تعاون سے سوشل پروٹیکشن ڈلیوری سسٹم کا آغاز کیا ہے، جو 2023 میں شروع ہوا اور 2027 میں مکمل ہوگا۔

    انہوں نے بتایا کہ صوبائی حکومت کا نمایاں منصوبہ "ممتا پروگرام” اس وقت 15 اضلاع میں جاری ہے، جس سے اب تک 7 لاکھ 70 ہزار خواتین مستفید ہو رہی ہیں۔

    وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ خواتین کو علاج معالجے کی سہولت فراہم کرنے کے لیے صوبے کے 800 اسپتالوں اور ڈسپینسریز کو اس پروگرام سے منسلک کیا گیا ہے۔

    اجلاس کو بتایا گیا کہ رجسٹرڈ خواتین کو تین سال کے دوران 30 ہزار روپے نقد امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

    وزیراعلیٰ سندھ نے ہدایت دی کہ یہ امداد بڑھا کر 41 ہزار روپے کر دی جائے تاکہ خواتین کو زیادہ فائدہ پہنچ سکے۔

    مزید برآں، وزیراعلیٰ نے مزید 7 اضلاع کو "ممتا پروگرام” میں شامل کرنے کی منظوری بھی دے دی،

     پاکستان میں آج ڈالر اور دیگر کرنسیوں کی قیمت

  • بانی پی ٹی آئی کی نئی میڈیکل رپورٹ سامنے آگئی

    بانی پی ٹی آئی کی نئی میڈیکل رپورٹ سامنے آگئی

    راولپنڈی : میڈیکل بورڈ نے بانی پی ٹی آئی کی صحت کو درست قرار دے دیا اور کان اور دانتوں کے لئے”سپورٹیومینجمنٹ” تجویز کردی۔

    تفصیلات کے مطابق بانی پی ٹی آئی کی نئی میڈیکل رپورٹ سامنے آگئی ، جس میں میڈیکل بورڈ نے بانی پی ٹی آئی کی صحت کو درست قرار دے دیا

    رپورٹ میں کہا گیا کہ کان اور دانت حساس ہونے پر”سپورٹیومینجمنٹ” تجویز کی جا رہی ہے، جنوری 2024 سے عمران خان کے کان کو اسپیشلسٹ چیک کر رہے ہیں۔

    رپورٹ میں کہنا تھا کہ پمز میڈیکل بورڈ نے پہلی بار کان اور دانتوں کے لئے سپورٹیو مینجمنٹ تجویز کی۔

    رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ اکتوبر 2024 سے اگست 2025 تک پمز میڈیکل بورڈ بانی کا چیک اپ کر رہا ہے، ان کے ذاتی معالج ڈاکٹر فیصل نے جولائی2024 میں جیل کا آخری وزٹ کیا۔

    عمران خان کے جیل میں اب تک 15 سے زائد مختلف ڈاکٹرز چیک اپ کر چکے ہیں، پمزمیڈیکل بورڈ نے گزشتہ دنوں بانی پی ٹی آئی کا اڈیالہ جیل میں میڈیکل چیک اپ کیا تھا۔

    پی ٹی آئی سے متعلق خبریں

  • بھارت نے دریائے ستلج میں بڑے پیمانے پر پانی چھوڑ دیا، ذرائع آبپاشی

    بھارت نے دریائے ستلج میں بڑے پیمانے پر پانی چھوڑ دیا، ذرائع آبپاشی

    لاہور (2 ستمبر 2025): بھارت نے دریائے ستلج میں بھی بڑے پیمانے پر پانی چھوڑ دیا جو آئندہ 48 گھنٹے میں پاکستان میں داخل ہوگا۔

    ذرائع آبپاشی نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ بھارت نے ستلج میں ڈھائی سے 3 لاکھ کیوسک کے قریب پانی چھوڑا ہے، چھوڑا گیا سیلابی ریلا آئندہ 48 گھنٹے میں پاکستان پہنچے گا۔

    ذرائع نے مزید بتایا کہ بھارت میں پونگ اور باکھڑا ڈیموں سے پانی خارج کیا گیا ہے، گنڈا سنگھ والا پر ستلج میں ایک ماہ سے انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: دریائے ستلج میں اونچے درجے کا سیلاب

    گزشتہ روز بھارت نے پاکستان کو دریائے ستلج میں دو مقامات پر سیلاب سے متعلق آگاہ کیا تھا جس کے بعد پی ڈی ایم اے نے اضلاع کو الرٹ جاری کیا تھا۔

    بھارتی ہائی کمیشن نے دریائے ستلج میں دو مقامات پر سیلابی صورتحال سے متعلق پاکستان کو آگاہ کیا، ہریک اور فیروزپور سے نیچے ہائی فلڈ کی اطلاع موصول ہونے پر وزارت آبی وسائل نے فوری طور پر چاروں صوبوں کے چیف سیکرٹریز کو آگاہ کیا۔

    دوسری جانب پی ڈی ایم اے کی جانب سے کہا گیا کہ دریائے ستلج ہریکے کے مقام پر پانی کے بہاؤ میں نمایاں اضافہ ہوا ہے جس کے باعث ڈاؤن اسٹریم پر اونچے درجے کے سیلاب کی وارننگ جاری کر دی گئی۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ دریائے ستلج اور اس سے ملحقہ ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں مزید اضافہ متوقع ہے۔