Category: اہم ترین

پاکستان اور دنیا بھر سے اہم ترین خبریں جاننے کے لئے اے آر وائی نیوز کی اردو ویب سائٹ پر آئیں

Important Breaking News from Pakistan and World from ARY News Urdu

  • یومِ آزادی : توپوں کی سلامی، ملک کی خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں

    یومِ آزادی : توپوں کی سلامی، ملک کی خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں

    اسلام آباد / لاہور (14 اگست 2025) پاکستان کا 78 واں یوم آزادی اور معرکہ حق میں فتح کا جشن ملک بھر میں ملی جوشِ و جذبے سے منایا جارہا ہے دن کا آغاز توپوں کی سلامی سے ہوا۔

    لاہور میں دن کے آغاز پر توپوں کی سلامی دی گئی، شہریوں نے نماز فجر میں ملک کی ترقی و خوشحالی اور یکجہتی کی خصوصی دعائیں مانگیں۔

    اس کے علاوہ پاکستان کے78 یومِ آزادی کے موقع پر ہر سال کی طرح اس سال بھی آج بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے مزار پر تبدیلی گارڈ کی پُروقار تقریب منعقد ہوگی۔

    پاکستان نیول اکیڈمی کے چاق و چوبند کیڈٹس مزار قائد پر اعزازی گارڈ کے فرائض سنبھالیں گے۔ ہر سال 14 اگست کو پاکستان نیول اکیڈمی کے کیڈٹس یہ ذمہ داری سنبھالتے ہیں۔

    وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔

    اس سے قبل رات گئے کراچی، لاہور،اسلام آباد، فیصل آباد، ملتان، گوجرانوالہ، حیدرآباد، کوئٹہ اور پشاور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں یومِ آزادی شروع ہوتے ہی آسمان پر رنگ ونور کی برسات ہوگئی۔

    لاہور میں مینار پاکستان پر شاندار آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا جسے دیکھنے کیلئے شہریوں کی بڑی تعداد یادگار پہنچی جہاں آتش بازی کے مظاہرے کے ساتھ شہری پاکستان زندہ باد کے نعرے بلند کرتے رہے۔

    نوجوان سبز ہلالی پرچم اور جھنڈیاں لیے سڑکوں پر نکل آئے اور گلیوں، شاہراہوں، چوراہوں کو برقی قمقموں سے سجا دیا گیا۔

    لاہور، کوئٹہ، کراچی اور اسلام آباد سمیت ملک بھر میں یوم آزادی اور معرکہ حق میں فتح کا جشن بھر پور انداز میں منایا جا رہا ہے۔

    جشن آزادی کی مرکزی تقریب اسلام آباد میں ہوئی جس میں صدر مملکت آصف زرداری ، وزیراعظم شہبازشریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر سمیت پاکستان کی اعلیٰ سول و عسکری قیادت نے شرکت کی۔

    تقریب میں وفاقی کابینہ کے ارکان، قومی اسمبلی اورسینیٹ ارکان اور دوست ممالک کے سفراء سمیت بڑی تعداد میں شہری بھی شریک ہوئے۔

    تقریب میں تینوں مسلح افواج پر مشتمل میوزک بینڈ کا شاندار مارچ پاسٹ کیا جبکہ پاک آرمی، پاک بحریہ اور پاک فضائیہ کے چاق چوبند دستوں سمیت پنجاب رینجرز، ایف سی خیبرپختونخوا کے دستوں نے بھی مارچ پاسٹ کیا۔

  • آرمی راکٹ فورس کمانڈ کی تشکیل کا اعلان کرتا ہوں، شہباز شریف

    آرمی راکٹ فورس کمانڈ کی تشکیل کا اعلان کرتا ہوں، شہباز شریف

    اسلام آباد (13 اگست 2025) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آج آرمی راکٹ فورس کمانڈ کی تشکیل کا اعلان کرتا ہوں، معرکہ حق نے ثابت کردیا کہ ہم اپنی آزادی کی حفاظت کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔

    یہ بات انہوں نے اسلام آباد کے جناح سپورٹس گراؤنڈ میں 78ویں جشن آزادی معرکہ حق کی فتح کے موقع پر عظیم الشان تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

    انہوں نے کہا کہ آرمی راکٹ فورس جدید ٹیکنالوجی کی حامل، دشمن کو ہر سمت سے نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتی ہے، آرمی راکٹ فورس کمانڈ ہماری جنگی صلاحیت کو مزید مضبوط کرے گی۔

    فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قائدانہ صلاحیت سے بھارت کےخلاف عظیم فتح ملی، انہوں نے بھارت کے خلاف بہترین جنگی حکمت عملی اپنائی۔

    مسلح افواج نے بھارت کو ایسا سبق سکھایا جسے وہ کبھی بھلانہیں پائے گا۔ مسلح افواج نے سیسہ پلائی دیوار بن کر دشمن کو شکست سے دوچار کیا۔

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہم نے اس جشن آزادی کو معرکہ حق کا نام دیا ہے ،10 مئی کو پاکستانی ایک نئی قوم بن کر سامنے آئے، بھارت نے جھوٹے الزامات کا سہارا  لے کر ہم پر حملہ کیا ، بھارت کو اپنی طاقت پر بہت گھمنڈ تھا۔

    وزیراعظم نے عالمی اور خطے کے ممالک کے تعاون کا بھی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ چین، سعودی عرب، ترکیہ، قطر، ایران، یو اے ای، آذربائیجان نے پاکستان کے موقف کی حمایت کی۔

    معرکہ حق میں عظیم کامیابی سے ایک نیا پاکستان دنیا کے سامنے آیا، مسلم امہ کی پہلی اور دنیا کی ساتویں ایٹمی قوت ہونے پر فخر ہے، پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر بنانے والوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

    قومی سلامتی کو ناقابل تسخیربنانے کے مشن کے بانی ذوالفقار علی بھٹو کا کردار ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، تمام سیاسی قائدین، ڈاکٹرعبدالقدیرخان، انجینئرز، فوجی افسران کے کردار کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، اپنے قائد نوازشریف کو سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے28مئی کو ایٹمی دھماکے کیے۔

    آرمی راکٹ فورس جدید ٹیکنالوجی کی حامل، دشمن کو ہر سمت سے نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتی ہے، آرمی راکٹ فورس کمانڈ ہماری جنگی صلاحیت کو مزید مضبوط کرے گی۔

  • پیٹرول سستا ہوگا یا مہنگا؟ بڑی خبر آگئی

    پیٹرول سستا ہوگا یا مہنگا؟ بڑی خبر آگئی

    اسلام آباد: پاکستان میں 16 اگست سے پیٹرول مہنگا اور ڈیزل سستا ہونے کا امکان ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ پیٹرول کی قیمت میں ایک روپے 32 پیسے فی لیٹر اضافے کا امکان ہے، ڈیزل 11 روپے 75 پیسے، مٹی کا تیل 6 روپے 25 پیسے فی لیٹر سستا ہوسکتا ہے۔

    لائٹ ڈیزل آئل 7 روپے 11 پیسے فی لیٹر سستا ہونے کا امکان ہے۔

    ذرائع کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کی ابتدائی ورکنگ تیار کرلی گئی ہے، وزارت پیٹرولیم، خزانہ مشاورت کے بعد وزیراعظم کو بھجوائیں گی۔

    یہ پڑھیں: پیٹرول پر گاڑیاں چلانے والے افراد کے لیے بڑی خبر

    ایکسچینج ریٹ ایڈجسٹمنٹ، لیوی کی شرح میں ردوبدل کے بعد ورکنگ بھجوائی جائے گی۔

    واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف قیمتوں میں ردوبدل کا حتمی فیصلہ کریں گے جس کا اطلاق 16 اگست رات 12 بجے سے ہوگا۔

  • تعلیمی اداروں کی چھٹیاں بڑھانے کے فیصلے میں تبدیلی، بڑی خبر

    تعلیمی اداروں کی چھٹیاں بڑھانے کے فیصلے میں تبدیلی، بڑی خبر

    لاہور : تعلیمی اداروں کی چھٹیوں میں تبدیلی کے حوالے سے طلبا کے لیے بڑی خبر آگئی ، اب اسکول کب کھلیں گے؟

    تفصیلات کے مطابق پنجاب میں گرمیوں کی چھٹیوں کے بعد تعلیمی اداروں کے کھلنے کے معاملے پر بڑی پیش رفت ہوئی۔

    پنجاب حکومت کی جانب سے اسکولز کی چھٹیاں بڑھانے کے فیصلے میں تبدیلی کردی گئی۔

    اس حوالے سے وزیرتعلیم رانا سکندر حیات نے کہا کہ نویں، دسویں جماعت کے طلبا کیلئےاسکولز 18 اگست سے کھلیں گے جبکہ او لیولز، اے لیولز کی کلاسز بھی 18 اگست سے شروع ہوں گی۔

    وزیرتعلیم کا کہنا تھا کہ انٹرمیڈیٹ کلاسز کا آغاز بھی 18 اگست سے ہوگا، جبکہ پہلی سے آٹھویں جماعت تک کی کلاسز یکم ستمبر سے شروع ہوں گی۔

    انھوں نے بتایا کہ یہ فیصلہ نجی اور سرکاری تعلیمی اداروں دونوں پر لاگو ہوگا اور اسکول کھولنے کے شیڈول میں تبدیلی تعلیمی ماہرین سے مشاورت کے بعد کی گئی ہے۔

    مزید پڑھیں : اسکولوں کی چھٹیوں میں اضافہ کیوں کیا؟ وزیر تعلیم نے وجہ بتادی

    یاد رہے اس سے قبل پنجاب میں تمام اسکولوں کی گرمیوں کی تعطیلات 31 اگست تک بڑھا دی تھیں۔ تاہم، اس اقدام کو پرائیویٹ اسکولوں کی جانب سے مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا، جس میں کہا گیا تھا کہ توسیع شدہ بندش سے تعلیمی کیلنڈر متاثر ہوگا اور امتحان کی تیاری متاثر ہوگی۔

    آل پاکستان پرائیویٹ سکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن نے پنجاب حکومت کی جانب سے گرمیوں کی تعطیلات میں 31 اگست تک توسیع کے فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے اسے غیر ضروری اور طلباء کی تعلیم کے لیے نقصان دہ قرار دیا تھا۔

  • 14 اگست کو گیس بند ہوگی؟ اہم اعلان

    14 اگست کو گیس بند ہوگی؟ اہم اعلان

    کراچی (13 اگست 2025): سوئی سدرن نے 14 اگست کو گیس بندش کا اعلان واپس لے لیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایس ایس جی سی نے اعلان کیا ہے کہ چودہ اگست کو گیس بند نہیں کی جائے گی، اور ڈسٹرکٹ ویسٹ کراچی میں گیس کی بندش نہیں ہوگی۔

    ایس ایس جی سی کے اعلامیے کے مطابق یہ فیصلہ یوم آزادی کی تعطیل پر صارفین کی سہولت کے لیے کیا گیا ہے، ترجمان نے بتایا کہ کراچی واٹر بورڈ کی لائنوں کی بحالی کا پروگرام بھی معطل کر دیا گیا ہے۔

    ترجمان نے کہا کہ گیس معطلی سے متعلق منگل کو جاری بیان منسوخ تصور کیا جائے۔

    کراچی کی خبریں

    یاد رہے کہ گزشتہ روز ترجمان سوئی سدرن نے اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ واٹر بورڈ کی درخواست پر ہارون آباد سائٹ ایریا میں گیس پائپ لائن منتقل ہوگی، جس کی وجہ سے صبح 8 بجے سے رات 10 بجے تک گیس بند رہے گی۔

    ترجمان نے بتایا کہ شیرشاہ، سائٹ، جہان آباد، میانوالی کالونی، لاشاری محلہ، میٹروویل، باوانی چالی، پٹھان کالونی، پرانا گولیمار، ریکسر کالونی، حسن اولیا، مسلم آباد کے علاقوں میں گیس بند رہے گی۔ سائٹ انڈسٹریل ایریا، ہارون آباد، گلبائی، ماڑی پور، ٹکری ولیج، مسلم کالونی میں بھی گیس بند رہنی تھی۔

    Gold Price in Pakistan Today- پاکستان میں آج سونے کی قیمت

  • محسن نقوی کو وزیر اعظم اور نواز شریف کو صدر بنانے خبروں کی پر اسحاق ڈار نے کیا کہا؟

    محسن نقوی کو وزیر اعظم اور نواز شریف کو صدر بنانے خبروں کی پر اسحاق ڈار نے کیا کہا؟

    لاہور (13 اگست 2025): نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے محسن نقوی کو وزیر اعظم اور نواز شریف کو صدر مملکت بنانے کی خبروں پر اپنے ردعمل کا اظہار کر دیا۔

    حضرت داتا گنج بخش کے مزار پر آمد کے دوران اسحاق ڈار نے میڈیا سے گفتگو کی۔ اس دوران ایک صحافی نے کہا کہ خبریں آ رہی ہیں محسن نقوی کو وزیر اعظم اور نواز شریف کو صدر بنانے کی باتیں ہو رہی ہیں۔

    اس پر اسحاق ڈار نے جواب دیا کہ ڈس انفارمیشن اور افواہوں سے پرہیز کرنا چاہیے، محسن نقوی کے حوالے سے ایسی کوئی بات درست نہیں جبکہ نواز شریف کے حوالے سے بھی ایسی کوئی بات نہیں۔

    یہ بھی پڑھیں: فیلڈ مارشل کے صدر بننے کی باز گشت، ترجمان پاک فوج کا دوٹوک مؤقف

    انہوں نے واضح کیا کہ حکومت اپنی مدت پوری کرے گی۔

    میڈیا سے گفتگو کے دوران نائب وزیر اعظم نے کہا کہ جب تک ادارے اور سیاسی جماعتیں پاکستان کو مل کر آگے لے کر نہیں جائیں گی تو وقت ضائع ہوگا، کل وزارت خارجہ میں امریکا سے آئے لوگوں سے ڈائیلاگ ہوئے، گزشتہ ایک سال سے امریکا کو ثبوت دے رہے ہیں کہ مجید بریگیڈ بی ایل اے کا حصہ ہے، کل امریکی وفد کے ہیڈ نے مجھے مجید بریگیڈ کو دہشتگرد تنظیم قرار دینے کی خوشخبری دی۔

    انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے دوٹوک کہا ہے کہ اگر ہمارا پانی روکا گیا تو جنگ تصور کریں گے، بھارت خود انٹرنیشنل فورم پر گیا تھا، عالمی قوانین کے مطابق انڈس واٹر ٹریٹی ختم نہیں ہو سکتی۔

    اس سے قبل ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ترقی کی منزل کی جانب گامزن ہے، اللہ تعالیٰ سفارتی محاذ پر بھی ہم پر کرم نوازی کر رہے ہیں، پاکستان کا جشن آزادی بھی ہے، آج رات اور کل کا دن ہمارے لیے مبارک ہے، اللہ کا کرم ہے عرس مبارک اور یوم آزادی ساتھ ساتھ آئے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ 3 دنوں میں پاکستان کی ترقی اور کامیابی کیلیے خصوصی دعائیں کریں، حضور ﷺ فرماتے ہیں جب دعا کرو تو یہ نا سوچو کہ قبول ہوگی یا نہیں، میری دعا ہے اللہ پاکستان کی شان و شوکت میں مزید اضافہ کرے، اپنی دعاؤں میں پاکستان کو بھی یاد رکھیں، پاکستان میں ترقی کا سفر شروع ہو چکا ہے، بہت تیزی سے ترقی کے سفر کو مکمل کریں گے۔

    اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ پاکستان کو اسلام کا ترقی یافتہ قلعہ بنانے کی دعا بھی کریں، اللہ کے فضل و کرم سے پاکستان کو بے مثال کامیابی عطا کی، اللہ تعالیٰ نے معرکہ حق میں پاکستان کو بہت بڑی کامیابی عطا کی، معاملہ 22 اپریل سے ہی شروع ہوگیا تھا لیکن 6 مئی سے 10 مئی اہم دن تھے، ہم پرامن ملک ہیں وزیر اعظم کی قیادت میں پاکستان معاشی ترقی کر رہا ہے۔

  • نوجوانوں کے لئے ایک لاکھ لیپ ٹاپ، بڑی خبر آگئی

    نوجوانوں کے لئے ایک لاکھ لیپ ٹاپ، بڑی خبر آگئی

    وزیراعظم شہباز شریف نے ہونہار نوجوانوں کو میرٹ پر ایک لاکھ مفت لیپ ٹاپ فراہم کرنے کا اعلان کردیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق نوجوانوں کے عالمی دن کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ لیپ ٹاپس کی تقسیم چاروں صوبوں، وفاقی دارالحخومت، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں ہوگی۔

    انہوں نے کہا کہ یہ لیپ ٹاپ سود پر مبنی قرضوں کے ذریعے لیپ ٹاپ کی اسکیم کے علاوہ ہوں گے۔

    شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان کا مستقبل نوجوانوں کے ہاتھوں میں ہے، ملکی ترقی کے لیے میرٹ پر عملدرآمد یقینی بنائیں گے۔

    یہ پڑھیں: وزیراعظم یوتھ لیپ ٹاپ اسکیم کی میرٹ لسٹ جاری

    علاوہ ازیں انہوں نے کہا کہ چار دن کی جنگ میں ہمارے دلیر جوانوں نے دشمن کو وہ سبق سکھایا جو اسے رہتی دنیا تک یاد رہے گا۔

    وزیراعظم نے کہا کہ 6 اور 10 مئی کو افواج پاکستان نے دشمن پر کاری ضرب لگائی، چار دن کی جنگ میں ہمارے دلیر جوانوں نے دشمن کو وہ سبق سکھایا جو اسے رہتی دنیا تک یاد رہے گا، پاک فضائیہ نے چار رافیل سمیت بھارت کے چھ طیارے گرائے، بھارت کا غرور دس مئی کو غرق ہوگیا۔

    شہباز شریف کا کہنا تھا کہ دشمن ذہن میں رکھے اپکستان کے پانی کی ایک بوند بھی چھین نہیں سکتے، دشمن نے ایسی حرکت کی تو ایسا سبق سکھائیں گے کہ وہ کانوں کو ہاتھ لگائیں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ بھارت پاکستان کے حصے کے پانی کی ایک بوند بھی نہیں چھین سکتا، سندھ طاس معاہدے کے تحت پاکستان کا پانی نہیں روک سکتا۔

  • سندھ حکومت کا عوام کو کے الیکٹرک سے کم نرخ پر بجلی فراہم کرنے کا اعلان

    سندھ حکومت کا عوام کو کے الیکٹرک سے کم نرخ پر بجلی فراہم کرنے کا اعلان

    سندھ حکومت نے کراچی کے شہریوں کو سستی بجلی فراہم کرنے کا اعلان کردیا۔

    وزیر توانائی سندھ ناصر شاہ کا کہنا ہے کہ کراچی کی صنعت اور رہائشیوں کو سیپرا کے تحت سستی بجلی فراہم کی جائے گی، سستی بجلی کا نرخ کے الیکٹرک کی نسبت بہت کم ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ ہم جو بجلی بنائیں گے وہ ایس ٹی ڈی سی کے تحت خود ترسیل کریں گے، بجلی کے نرخ اب ہم خود طے کرسکیں گے، ایس ٹی ڈی سی کی ترسیل شدہ بجلی کا نیپرا کے نرخوں سے تعلق نہیں ہوگا اور اس کا نرخ نیپرا سے بہت کم ہوگا۔

    ناصر شاہ نے کہا کہ سیپرا میں لوگوں کو بھرتی کرلیا، رواں ماہ ہی نوٹیفکیشن جاری ہوجائے گا، ہماری بنیادی توجہ کا مرکز اکنامک زونز ہیں، کوشش ہے سیپرا کے تحت بجلی کی پہلی ترسیل کے فور کے گرڈ کو فراہم کی جائے۔

    یہ پڑھیں: وزیر توانائی نے 300 یونٹ والے بجلی صارفین کو بڑی خبر دے دی

    وزیر توانائی سندھ نے کہا کہ اسمبلی سے سیپرا کو آئینی طور پر منظور کروالیا ہے، کراچی کے شہری بھی سستی بجلی حاصل کرسکیں گے، ترسیلی نظام ایس ٹی ڈی سی کے پاس ہونا چاہیے، کے الیکٹرک کے بورڈ میں سندھ کی نمائندگی نہیں، وفاق کے تین ڈائریکٹر ہیں، وفاق سے کہا ہے ایک نمائندہ وفاق اور باقی دو سندھ سے ہوں۔

    ناصر شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت کا کے الیکٹرک کو سولر پارکس سے سستی بجلی فراہم کرنے کا معاہدہ ہوا ہے، کے الیکٹرک سے کہا ہے سولر سے جب بجلی بن رہی ہے تو مہنگے ایندھن والی نہ خریدیں۔

  • وزیر توانائی نے 300 یونٹ والے  بجلی صارفین کو بڑی خبر دے دی

    وزیر توانائی نے 300 یونٹ والے بجلی صارفین کو بڑی خبر دے دی

    اسلام آباد : وزیر توانائی اویس لغاری نے بجلی کے پروٹیکٹڈ صارفین کی حد 300 یونٹ تک بڑھانے کی خبروں کو مسترد کردیا اور کہا 300 یونٹ کا ریٹ دینے سے سالانہ 275 ارب روپے کی سبسڈی دینا پڑے گی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر توانائی اویس احمد خان لغاری نے قومی اسمبلی میں سوالات کے جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ کرپٹو کرنسی کے لیے ابھی تک بجلی کا کوئی ریٹ آفر نہیں کیا گیا، سسٹم میں تقریباً 7 ہزار میگاواٹ اضافی بجلی دستیاب ہےجبکہ 200 یونٹ سے کم استعمال کرنے والے صارفین کو سبسڈی اور رعایتی ٹیرف فراہم کیا جا رہا ہے۔

    وفاقی وزیر توانائی کا کہنا تھا کہ ملک میں گرڈ سے منسلک صارفین کی تعداد ساڑھے 3 کروڑ سے زائد ہے، جن میں 0 سے 100 یونٹ استعمال کرنے والوں کو 90 فیصد اور 100 سے 200 یونٹ والے صارفین کو 70 فیصد تک سبسڈی فراہم کی جارہی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اگر 201 یونٹ پر قدغن نہ لگائی جائے تو یہ پابندی 251 یا 301 یونٹ پر لگانی پڑے گی، اس لیے سلیب سسٹم میں کسی نہ کسی حد پر ایک یونٹ کا اثر ضرور آتا ہے۔

    مزید پڑھیں : ماہانہ 300 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کے لئے بڑی خبر

    وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ 200 یونٹ والے صارف کو 300 یونٹ والے کا ریٹ دینے سے سالانہ 275 ارب روپے کی سبسڈی دینا پڑے گی، جو موجودہ معاشی حالات میں ممکن نہیں۔

    اویس لغاری نے بتایا کہ 200 یونٹ سے کم استعمال کرنے والے صارفین کی تعداد 1 کروڑ 83 لاکھ تک پہنچ چکی ہے اور پچھلے 9 ماہ میں ان کے لیے بجلی 60 فیصد سستی کی گئی جبکہ جون 2024 میں انڈسٹری سے 255 ارب روپے کی کراس سبسڈی لی گئی جو اب کم ہوکر 94 ارب رہ گئی ہے۔

    وزیر توانائی کے مطابق بشمول ٹیکس بجلی کا ٹیرف 48.7 روپے فی یونٹ سے کم ہوکر 38.4 روپے ہوگیا ہے جبکہ پروٹیکٹڈ صارفین کے لیے ٹیرف میں 58 فیصد اور نان پروٹیکٹڈ صارفین کے لیے 11 سے 17 فیصد کمی کی گئی۔

    انہوں نے مزید بتایا کہ وفاقی کابینہ نے انڈسٹری کے لیے بجلی کی مسابقتی مارکیٹس کی منظوری دے دی ہے اور وہیلنگ چارج کے تعین کے لیے ریگولیٹر کو درخواست دے دی گئی ہے، جبکہ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ اب مزید بجلی نہیں خریدی جائے گی۔

  • بین الاقوامی ثالثی عدالت نے مغربی دریاؤں کے پانی سے متعلق بھارت کو حکم جاری کر دیا

    بین الاقوامی ثالثی عدالت نے مغربی دریاؤں کے پانی سے متعلق بھارت کو حکم جاری کر دیا

    اسلام آباد (12 اگست 2025): بین الاقوامی ثالثی عدالت (پی سی اے) نے حکم دیا ہے کہ بھارت مغربی دریاؤں کا پانی پاکستان کے لیے چھوڑ دے۔

    تفصیلات کے مطابق بین الاقوامی ثالثی عدالت (پرمننٹ کورٹ آف اربٹریشن) نے کہا ہے کہ بھارت مغربی دریاؤں کا پانی پاکستان کے بلا روک ٹوک استعمال کے لیے چھوڑ دے۔

    ثالثی عدالت نے اپنے فیصلے میں قرار دیا کہ یہ فیصلہ حتمی اور فریقین پر لازم ہے، یہ فیصلہ بھارت کو زیادہ سے زیادہ پانی ذخیرہ کرنے کی اجازت نہیں دیتا۔

    پاکستان نے ثالثی عدالت کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے، ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ ثالثی عدالت کا فیصلہ پاکستان کے تاریخی مؤقف کی توثیق ہے، پاکستان ٹریٹی پر مکمل عمل درآمد کا پابند ہے اور بھارت سے فیصلے پر عمل کی توقع رکھتا ہے۔

    سندھ طاس معاہدے کی عمومی تشریح سے متعلق یہ فیصلہ 8 اگست کو سنایا گیا تھا، جسے عدالت کی ویب سائٹ پر اب جاری کر دیا گیا ہے۔ دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ یہ فیصلہ مغربی دریاؤں پر بھارتی پن بجلی منصوبوں کے لیے ڈیزائن کردہ معیار کی ترجمانی کرتا ہے۔

    اس فیصلے میں کم درجے والے آؤٹ لیٹس، گیٹڈ اسپِل ویز اور ٹربائن انٹیک پاکستانی مؤقف کے مطابق قرار دیے گئے ہیں، بھارت سے توقع ہے کہ وہ فوری طور پر معاہدے پر دوبارہ عمل درآمد شروع کرے گا، اور امید ہے ثالثی عدالت کے فیصلے کو اس کی روح کے مطابق نافذ کرے گا۔

    یاد رہے کہ اپریل میں بھارت نے مقبوضہ کشمیر کے پہلگام میں ہونے والے حملے کے بعد سندھ طاس معاہدے کو معطل کر دیا تھا، جس میں 26 افراد ہلاک ہوئے تھے، نئی دلی نے بغیر کسی ثبوت کے اس واقعے کا الزام اسلام آباد پر عائد کر دیا تھا۔ تاہم، پاکستان نے سندھ طاس معاہدے کی معطلی کو ’جنگی اقدام‘ قرار دیا اور کہا تھا کہ سندھ طاس معاہدے میں یک طرفہ معطلی کی کوئی شق موجود نہیں ہے۔