Category: اہم ترین

پاکستان اور دنیا بھر سے اہم ترین خبریں جاننے کے لئے اے آر وائی نیوز کی اردو ویب سائٹ پر آئیں

Important Breaking News from Pakistan and World from ARY News Urdu

  • امریکا نے کالعدم بی ایل اے اور مجیدبریگیڈ کو دہشتگرد تنظیم قرار دیدیا

    امریکا نے کالعدم بی ایل اے اور مجیدبریگیڈ کو دہشتگرد تنظیم قرار دیدیا

    امریکی محکمہ خارجہ نے کالعدم بی ایل اے اور مجیدبریگیڈ کو دہشتگرد تنظیم قرار دیدیا۔

    امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کالعدم بی ایل اے اور اس کا ذیلی گروپ مجید بریگیڈ غیرملکی دہشتگرد تنظیم ہے۔

    بیان میں کہا گیا ہے کہ کالعدم بی ایل اے 2019 سے عالمی دہشتگرد تنظیموں کی فہرست میں شامل ہے کالعدم بی ایل اے نے 2024 میں کراچی ایئرپورٹ، گوادر پورٹ پر خودکش حملوں کی ذمہ داری قبول کی جب کہ 2025 میں جعفر ایکسپریس ہائی جیکنگ اور 31 افراد کے قتل کا اعتراف کیا، ٹرین  ہائی جیکنگ میں 300 سے زائد مسافر یرغمال بنائے گئے۔

    امریکی محکمہ خارج نے کہا کہ ٹرمپ انتظامیہ کا دہشتگردی کیخلاف عزم برقرار رہے گا۔

    وزیراعلیٰ بلوچستان نے بی ایل اے کو عالمی دہشتگرد تنظیم قرار دینے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہریوں کے قتل کا کوئی جواز نہیں لیکن بی ایل اے طویل عرصے سے معصوم افراد کا خون بہا رہی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ لسانی اور حقوق کے نام پر دہشت گردی ناقابل قبول ہے دہشت گردی کسی جواز سے درست نہیں، شہریوں کاقتل ناقابل معافی جرم ہے دنیا کو دہشت گردی کےخاتمےکےلیے متحد ہونا ہو گا۔

  • 9 مئی کیسز: یاسمین راشد اور اعجاز چوہدری کو 10، 10 سال قید، شاہ محمود بری

    9 مئی کیسز: یاسمین راشد اور اعجاز چوہدری کو 10، 10 سال قید، شاہ محمود بری

    لاہور (11 اگست 2025): عدالت نے 9 مئی کیسز میں یاسمین راشد اور اعجاز چوہدری کو 10، 10 سال قید جب کہ شاہ محمود کو بری کر دیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق لاہور میں انسداد دہشتگردی کی عدالت میں 9 مئی واقعات میں تھانہ شادمان جلاؤ گھیراؤ اور جناح ہاؤس کے قریب گاڑیاں جلانے کے مقدمات کی سماعت ہوئی۔ جج منظر علی گل نے کوٹ لکھپت جیل میں سماعت کرتے ہوئے فیصلہ سنایا۔

    عدالت نے پی ٹی آئی کی سینئر رہنما یاسمین راشد اور اعجاز چوہدری کو 10، 10 سال قید کی سزا جب کہ پارٹی کے سینئر وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کو بری کر دیا۔

    انسداد دہشتگردی کی عدالت نے میاں محمود الرشید، عمر سرفراز چیمہ اور عائشہ بھٹہ کو بھی 10، 10 سال قید کی سزا کا حکم سنایا۔

    اس کے علاوہ اے ٹی سی نے پی ٹی آئی پنجاب کی آرگنائزر عالیہ حمزہ اور صنم جاویدکو بھی پانچ، پانچ سال قید کی سزا سنائی ہے۔

    اے ٹی سی نے جناح ہاؤس کے قریب گاڑیاں جلانے کے کیس میں شاہ محمود قریشی سمیت 7 ملزمان کو بری کیا۔

    انسداد دہشتگردی کی عدالت نے شاہ محمود قریشی کے علاوہ جن افرادکو بری کیا ہے۔ ان میں سہیل خان، اویس، رفیع الدین، فرید خان، سلمان احمد، عبدالقادر، فیضان، طیب سلطان، شاہدبیگ، ماجد علی، بخت رواں بھی شامل ہیں۔

  • گلگت میں دنیور نالے کی بحالی کے دوران بڑا سانحہ، 8 افراد جاں بحق

    گلگت میں دنیور نالے کی بحالی کے دوران بڑا سانحہ، 8 افراد جاں بحق

    گلگت بلتستان (11 اگست 2025): گلگت میں سیلاب سے متاثرہ دنیور نالے کی بحالی کے دوران مٹی کا تودا گر گیا، جس سے 8 رضاکار جاں بحق ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق گلگت میں سیلاب میں دنیور نالہ متاثر ہو گیا تھا، جس کی بحالی کا کام جاری تھا، اس دوران اچانک مٹی کا تودا گر گیا، جس کے نیچھے آٹھ افراد دب کر جاں بحق ہو گئے، جب کہ 4 افراد کو زخمی حالت میں نکال لیا گیا۔

    ریسکیو حکام کے مطابق تودے تلے مزید افراد کے دبے ہونے کی اطلاعات ہیں، اور ہلاکتیں بڑھنے کا بھی خدشہ ہے۔

    گلگت بلتستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں کا سلسلہ جاری ہے، ترجمان صوبائی حکومت فیض اللہ فراق نے بتایا کہ ہنزہ شیشپر گلیشیئر بپھر گیا ہے، جس سے سڑکیں، فصلیں اور زمینیں بہہ گئیں، شیشپر نالے میں سیلاب اور پانی کے بہاؤ میں خطرناک اضافہ ہو گیا ہے۔


    گلگت بلتستان : گلیشیئر بپھر گیا، سیلاب کی تباہ کاریوں کا سلسلہ جاری


    سیلاب سے متصل آبادیوں کی زمینوں کو شدید نقصان پہنچا ہے، قراقرم ہائی وے بھی متاثر ہوئی ہے جس کے بعد شاہراہ ہنزہ ایک بار پھر بند کر دی گئی ہے، زرعی زمینیں، درخت اور کھیت سیلاب کی نذر ہو گئے ہیں۔

    شاہراہ قراقرم کے کٹاؤ کے باعث ہنزہ کی ٹریفک معطل ہے، اور ٹریفک کو متبادل نگر روڈ سے گزارا جا رہا ہے، سڑکوں کی بحالی کے لیے بھی کام شروع کر دیا گیا ہے، دریائی و زمینی کٹاؤ سے نصف درجن گاڑیاں بال بال بچ گئیں، ماہرین کا کہنا ہے کہ موسمیاتی تبدیلیاں گلگت بلتستان میں خطرناک سطح پر پہنچ گئی ہیں۔

  • دوسرا ون ڈے : ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو شکست دے دی

    دوسرا ون ڈے : ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو شکست دے دی

    ٹاروبا : پاکستان بمقابلہ ویسٹ انڈیز کے دوسرے ون ڈے میں ویسٹ انڈیز نے قومی ٹیم کو باآسانی 5 وکٹوں سے ہرا دیا، ویسٹ انڈیز نے 181 رنز کا ہدف 33.2 اوور میں پورا کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق ویسٹ انڈیز نے سیریز کے دوسرے ون ڈے میچ میں پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 1-1 سے برابر کر دی ہے، ویسٹ انڈیز نے مطلوبہ ہدف 5 وکٹوں کے نقصان پر 10 گیندوں قبل ہی حاصل کرلیا۔

    تین ون ڈے میچز کی سیریز کا دوسرا میچ ٹاروبا میں کھیلا گیا جس میں میزبان ویسٹ انڈیز نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔

    LIVE SCORE – WI  184/5 (33.2/35)
    Target – 181

    PAK 171/7 (37/40)

    بارش رکنے بعد میچ دوبارہ شروع ہوا تو اسے 35 اوورز تک محدود کردیا گیا پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے 37 اوور میں7وکٹوں کے نقصان پر171رنز بنائے۔ پاکستان کی اننگز مکمل ہونے کے بعد ڈرک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت ویسٹ انڈیز کو 35 اوورز میں 181 رنز کا ہدف دیا گیا تھا۔

    پاکستان کی جانب سے حسن نواز 30گیندوں پر 36 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے جبکہ حسین طلعت31، عبداللہ شفیق 26 اور صائم ایوب نے23 رنز بنائے۔

    محمد رضوان16 ،سلمان آغا9 ،محمد نواز5 اور بابر اعظم صفر پر آؤٹ ہوئے، شاہین شاہ آفریدی7گیندیں کھیل کر 11 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

    جیڈن سیلز نے 7اوورز میں 23 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ روسٹن چیز، شمار جوزف، گڈا کیش موتی اور بلیڈز نے 1،1کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

    Cricket

    ویسٹ انڈیز اننگز :

    پاکستان بمقابلہ ویسٹ انڈیز کے دوسرے ون ڈے میں ویسٹ انڈیز کے کھلاڑیوں نے مجموعی طور پر شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا پاکستان کیخلاف ویسٹ انڈیز کی پہلی وکٹ11رنز پر گری، برینڈن کنگ ایک رن بنا کر حسن علی کی بال پر آؤٹ ہوئے۔

    ویسٹ انڈیز کے دوسرے کھلاڑی ایون لوئس 7 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے انہیں بھی علی حسن کی بال پر محمد رضوان نے کیچ آؤٹ کیا۔

    ویسٹ انڈیز کی تیسری وکٹ 63 رنز کے مجموعی اسکور پر گری، کیچے کیرٹی 42 بال پر 16 رنز بناکر ابرار احمد کی بال پر آؤٹ ہوکر واپس پویلین چلے گئے۔

    Shai Hope

    ویسٹ انڈیز کے کی چوتھی وکٹ 103 رنز کے مجموعی اسکور پر گری جب شائے ہوپ 35 بالز پر 32 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے انہیں محمد نواز کی بال پر محمد رضوان نے اسٹیمپ آؤٹ کیا۔

    ویسٹ انڈیز کے پانچویں بیٹسمین شیرفین رودرفورڈ 33 بالز پر 45 رنز بناکر محمد نواز کی بال پر عبداللہ شفیق کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

    روسٹن چیز 49اور شرفین ردرفورڈ45رنز بنا کر نمایاں رہے۔ پاکستان کی جانب سے حسن علی اور محمد نواز نے 2،2 وکٹیں لیں جبکہ ابرار احمد نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

    دونوں ٹیموں کے درمیان 3میچوں کی سیریز 1-1سے برابر ہوگئی ہے، سیریز کا تیسرا اور آخری میچ انتہائی اہمیت کا حامل ہوگا جو منگل کو کھیلا جائے گا۔

    واضح رہے کہ تین ایک روزہ میچوں کی سیریز میں پاکستان کو ایک صفر کی برتری حاصل تھی۔ پہلے میچ میں گرین شرٹس نے ویسٹ انڈیز کو پانچ وکٹوں سے ہرایا تھا۔

    یہ سیریز ویسٹ انڈیز کے لیے انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔ میزبان ٹیم اگر سیریز ہاری تو اس کے 2027 کے ون ڈے ورلڈ کپ میں براہ راست رسائی اور میگا ایونٹ کھیلنے کی امیدوں کو دھچکا لگ سکتا ہے۔

  • ’امریکا کے ساتھ ممکنہ تجارتی معاہدے کی بدولت بھاری سرمایہ کاری متوقع ہے‘

    ’امریکا کے ساتھ ممکنہ تجارتی معاہدے کی بدولت بھاری سرمایہ کاری متوقع ہے‘

    فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ ‎امریکا کے ساتھ ممکنہ تجارتی معاہدے کی بدولت بھاری سرمایہ کاری متوقع ہے ‎بین الاقوامی تعلقات کے محاذ پر بھی پاکستان نے نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں، امریکا، سعودی عرب، یواےای،چین کے ساتھ مختلف مفاہمتی یادداشتوں پر عمل درآمد جاری ہے مفاہمتی یادداشتیں معاشی تعاون اور سرمایہ کاری کو فروغ دیں گے۔

    دورِہ امریکا کے دوران پاکستانی کمیونٹی سے خطاب میں فیلڈمارشل نے کہا کہ ‎امریکا میں مقیم پاکستانیوں سے خطاب میرے لیے اعزاز کی بات ہے ‎بیرون ملک مقیم پاکستانی عزت و وقار کا سرچشمہ اور دیگر پاکستانیوں کی طرح پرجوش ہیں، ‎ بیرون ملک پاکستانی ’’برین ڈرین نہیں بلکہ برین گین‘‘ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ بھارت اپنے آپ کو ’’وشوا گرو‘‘ کے طور پر پیش کرنا چاہتا ہے لیکن عملی طورپرایسا کچھ بھی نہیں، ‎بھارت کی خفیہ ایجنسی را کی ٹرانس نیشنل دہشتگرد سرگرمیوں میں شمولیت عالمی سطح پر شدید تشویش کاباعث ہے کینیڈا میں سکھ رہنما کا قتل اور قطر میں 8 بھارتی نیول افسران کا معاملہ اور کلبھوشن جیسے واقعات مثال ہیں۔

    جنرل عاصم منیر نے کہا کہ ‎پاکستان نے بھارت کی امتیازی اور دوغلی پالیسیوں کےخلاف کامیاب سفارتی جنگ لڑی ہے بھارت نے شرمناک بہانوں کے ساتھ پاکستان کے خلاف جارحیت کی، بھارت نے پاکستان کی خودمختاری کی سنگین خلاف ورزی کی، معصوم شہریوں کو شہید کیا، بھارتی جارحیت  نے خطےکو ایک خطرناک طور پر بھڑکنے والی جنگ کے دہانے پر لاکھڑا کیا۔

    ’’بھارت  کی کسی بھی غلطی کی وجہ سے دو طرفہ تصادم بہت بڑی غلطی ہوگی، پاک بھارت جنگ رکوانے پر پاکستان صدر ٹرمپ کا مشکور ہے صدر ٹرمپ کی اسٹریٹجک لیڈشپ کی بدولت  دنیا میں جاری بہت سی جنگیں رک گئیں، ‎پاکستان نے بھارتی اشتعال انگیزی کا پُرعزم اور بھرپور جواب دیا، پاکستان نے وسیع ترتنازعہ کو روکنے میں کامیابی حاصل کی‘‘

    ان کا کہنا تھا کہ ‎بھارت اب بھی خطے میں عدم استحکام پیدا کرنے پر بضد ہے پاکستان واضح کرچکا ہے کہ کسی بھی بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا، ‎مقبوضہ کشمیر بھارت کا اندرونی معاملہ نہیں بلکہ ایک نامکمل بین الاقوامی ایجنڈا ہے قائد اعظم نے کہا تھا کشمیر پاکستان کی ’’شہ رگ‘‘ہے ‎مقبوضہ کشمیر  پراقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادیں بھی موجود ہیں پاکستان اقوام متحدہ کی  قراردادوں کی مکمل حمایت کرتا ہے۔

    فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم کے حوالے سے فیلڈمارشل نے کہا کہ غزہ میں جاری نسل کشی، ایک بدترین انسانی المیہ ہے ‎غزہ میں جاری نسل کشی کے عالمی اور علاقائی دونوں سطح پر شدید مضمرات ہیں۔
    
    ان کا کہنا تھا کہ افغانستان سے فتنہ الخوارج سمیت دہشت گرد پاکستان کےخلاف متحرک ہیں ‎ہماری ترقی اور خوشحالی دنیا بھر میں بسنے والے پاکستانیوں سے وابستہ ہے، اس وقت دہشت گردی کے کیخلاف پاکستان آخری فصیل ہے ‎دہشت گردوں کے لیے کوئی ہمدردی نہیں،انہیں پوری قوت سے انصاف کا سامنا کرنا ہوگا۔

    فیلڈ مارشل سیدعاصم منیر نےخطاب میں قرآن پاک کی آیات کا حوالہ دیا ’اے ایمان والو! اگر کوئی فاسق تمہارے پاس کوئی خبر لے کر آئے تو خوب تحقیق کر لیا کرو تاکہ تم نادانی میں کسی کو نقصان نہ پہنچاؤ اور بعد میں اپنے کیے پر پشیمان نہ ہو‘

    انہوں نے کہا کہ آج کا سوشل میڈیا ایک طاقتور ذریعہ بن چکا ہے ملک دشمن عناصر سوشل میڈیا کو ’’ساختہ افراتفری‘‘پیدا کرنے کیلئے بھی استعمال کرتے ہیں، ‎نئی نسل کی سوچ، تعلقات، ترجیحات مختلف ہیں، جسے سمجھنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

  • راشد منہاس روڈ ڈمپر حادثے نے بچی کا جہیز جمع کرنے والا خاندان اجاڑ دیا، چچا ذاکر

    راشد منہاس روڈ ڈمپر حادثے نے بچی کا جہیز جمع کرنے والا خاندان اجاڑ دیا، چچا ذاکر

    کراچی (10 اگست 2025): شہر قائد کے علاقے ایف بی ایریا میں راشد منہاس روڈ پر ڈمپر حادثے میں جاں بحق ہونے والے بہن بھائی کے چچا نے بتایا ہے کہ ڈمپر نے دراصل بچی کا جہیز جمع کرنے والا خاندان اجاڑ دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق راشد منہاس روڈ پر ٹریفک حادثے میں جاں بحق افراد کے چچا ذاکر نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ ان کا بھائی شاکر (جاں بحق بچوں کا باپ) جناح اسپتال میں ایڈمٹ ہے، اور ان کے دماغ میں شدید چوٹیں آئی ہیں، وہ کپڑے کا کام کرتے ہیں۔

    چچا ذاکر کے مطابق متاثرہ فیملی ملیر سے واپس گھر جا رہی تھی کہ حادثہ پیش آیا، اور جاں بحق ماہ نور کی اگلے ماہ شادی تھی، ہم بچی کا جہیز جمع کر رہے تھے، لوگ صبر کا کہتے ہیں کہاں سے لائیں صبر، کیسے کریں صبر۔


    کراچی میں مشتعل افراد نے 7 ڈمپروں کو آگ لگا دی، 10 شہری گرفتار


    انھوں نے بتایا کہ ابھی تو زخمی والد کو معلوم ہی نہیں کہ ان کا بیٹا اور بیٹی جاں بحق ہو گئے ہیں، اس لیے میری اپیل ہے کہ ان حادثات کو روکا جائے اور ہمیں صرف انصاف چاہیے۔

    قبل ازیں ریسکیو حکام نے بتایا تھا کہ بد قسمت باپ بچوں کو شادی کی تقریب میں ملیر لے کر گیا تھا، واپس گھر نیو کراچی جاتے ہوئے ٹریفک حادثہ پیش آیا، بہن اور بھائی ٹریفک حادثے کی بھینٹ چڑھ کر دم توڑ گئے، جب کہ باپ زخمی ہو گیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ڈمپر ڈرائیور کو گرفتار کر لیا گیا ہے، تاہم حادثے کے بعد مشتعل افراد نے علاقے میں 7 ڈمپروں کو پکڑ کر آگ لگا دی، پولیس نے 10 شہریوں کو حراست میں لے کر تھانے منتقل کر دیا ہے۔

  • فیلڈ مارشل کا امریکا کا سرکاری دورہ، اعلیٰ عسکری و سیاسی قیادت سے ملاقاتیں

    فیلڈ مارشل کا امریکا کا سرکاری دورہ، اعلیٰ عسکری و سیاسی قیادت سے ملاقاتیں

    راولپنڈی (10 اگست 2025): فیلڈ مارشل آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے امریکا کا سرکاری دورہ کیا جہاں ان کی اعلیٰ عسکری و سیاسی قیادت سے ملاقاتیں ہوئیں۔

    فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے امریکا کے سرکاری دورے کے دوران پاکستانی نژاد امریکی کمیونٹی سے بھی ملاقاتیں کیں۔

    آئی ایس پی آر نے بتایا کہ انہوں نے ٹامپا میں سینٹکام کمانڈر کی ریٹائرمنٹ تقریب میں شرکت کی اور جنرل مائیکل ای کوریلا کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا جنرل مائیکل ای کوریلا کے دو طرفہ عسکری تعاون کے فروغ میں کردار کو سراہا۔

    یہ بھی پڑھیں: فیلڈ مارشل عاصم منیر امریکی تعلقات کو نئی جہت دے رہے ہیں، دی اکانومسٹ

    سپہ سالار نے ایڈمرل بریڈکوپر کو نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی اور پاک امریکا عسکری تعاون کے تسلسل پر اعتماد کا اظہار کیا۔

    فیلڈ مارشل آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل ڈین کین سے ملاقات ہوئی جس میں باہمی پیشہ ورانہ دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سپہ سالار نے ان کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی دوست ممالک کے عسکری سربراہان سے بھی ملاقاتیں ہوئیں۔

    انہوں نے پاکستانی کمیونٹی سے خطاب میں روشن مستقبل پر اعتماد رکھنے کی اپیل کی، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں پر سرمایہ کاری کے فروغ میں کردار ادا کرنے پر زور دیا، پاکستانی کمیونٹی نے ملکی ترقی میں تعاون جاری رکھنے کا عزم کیا۔

  • کراچی میں مشتعل افراد نے 7 ڈمپروں کو آگ لگا دی، 10 شہری گرفتار

    کراچی میں مشتعل افراد نے 7 ڈمپروں کو آگ لگا دی، 10 شہری گرفتار

    کراچی (10 اگست 2025): شہر قائد کے علاقے فیڈرل بی ایریا میں راشد منہاس روڈ پر تیز رفتار ڈمپر سے بہن بھائی کے جاں بحق ہونے کے بعد مشتعل افراد نے 7 ڈمپر جلا دیے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے فیڈرل بی ایریا میں راشد منہاس روڈ پر تیز رفتار ڈمپر نے موٹر سائیکل کو روند ڈالا، ڈمپر کی ٹکر سے بہن بھائی جاں بحق اور باپ شدید زخمی ہو گیا، جاں بحق ہونے والوں میں 22 سال کی ماہ نور اور 14 سال کا احمد رضا شامل ہیں۔

    حادثے کے بعد مشتعل افراد نے علاقے میں 7 ڈمپرز جلا دیے، پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری نے جائے حادثہ پر پہنچ کر صورت حال پر قابو پایا، ایس ایس پی گلبرگ کے مطابق ڈمپر ڈرائیور کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

    پولیس نے ہنگامہ آرائی اور ڈمپر جلانے والے 10 مشتبہ شہریوں کو موقع سے گرفتار کر کے تھانے منتقل کر دیا ہے، اور کہا ہے کہ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج اور ویڈیوز کی مدد سے مزید گرفتاریاں بھی عمل میں لائی جائیں گی۔


    ڈمپر نے موٹر سائیکل سوار بہن بھائی کو کچل ڈالا


    ڈمپرز ایسوسی ایشن کے عہدے داروں نے سپر ہائی وے پر دھرنا دے دیا ہے، رہنما لیاقت محسود نے کہا کہ ان کی 7 نہیں 9 گاڑیوں کو نقصان پہنچایا گیا ہے، ملزمان کی گرفتاری تک سپر ہائی وے سے نہیں جائیں گے۔

    ادھر ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ بد قسمت باپ اپنے بچوں کو شادی کی تقریب میں ملیر لے کر گیا تھا، واپس گھر نیو کراچی جاتے ہوئے ٹریفک حادثہ پیش آیا۔

  • اسکولوں کی چھٹیوں میں اضافہ کیوں کیا؟  وزیر تعلیم نے وجہ بتادی

    اسکولوں کی چھٹیوں میں اضافہ کیوں کیا؟ وزیر تعلیم نے وجہ بتادی

    لاہور : وزیر تعلیم رانا سکندر حیات خان نے اسکولوں کی چھٹیوں میں اضافے کی وجہ بتادی،   چھٹیوں میں یکم ستمبر تک توسیع کی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت پنجاب نے صوبہ بھر میں اسکولوں کی چھٹیوں میں یکم ستمبر تک توسیع کردی، وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات خان نے چھٹیوں میں توسیع کی وجہ بتا دی۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کے وزیر تعلیم رانا سکندر حیات خان نے صوبے کے اسکولوں کی موسم گرما کی تعطیلات میں یکم ستمبر تک توسیع کی وجوہات بیان کر دیں۔

    محکمہ تعلیم پنجاب نے گرمیوں کی چھٹیوں کو بڑھا کر یکم ستمبر تک کرنے کا اعلان صوبائی وزیر تعلیم کے سوشل میڈیا پیغام کے ذریعے کیا۔

    رانا سکندر حیات کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ گرمی کی لہر کے پیش نظر بچوں کی صحت کے تحفظ کے لیے کیا گیا ہے۔

    مزید پڑھیں : 31 اگست تک تعطیلات کا فیصلہ مسترد، اسکولوں کا اہم بیان سامنے آگیا

    ان کا کہنا تھا کہ میں قبول کرتا ہوں کہ چھٹیوں میں اضافے سے بچوں کی تعلیم کا نقصان ہوگا تاہم ہمارے لیے بچوں کی صحت کو ترجیح دینا ضروری ہے۔

    خیال رہے آل پاکستان پرائیویٹ اسکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن نے پنجاب میں گرمیوں کی تعطیلات میں 31 اگست تک توسیع کے حکومتی فیصلے کو غیر ضروری اور بلاجواز قرار دیا تھا۔

    ایسوسی ایشن کے مرکزی صدر ابرار احمد خان نے اپنے بیان میں کہاتھا کہ "گرمیوں کی تعطیلات میں توسیع کا فیصلہ فوری طور پر واپس لیا جائے، کیونکہ اس سے طلبہ کا تعلیمی نقصان ہو رہا ہے، خاص طور پر میٹرک کی کلاسز بری طرح متاثر ہوں گی۔”

    ابرار احمد خان کا کہنا تھا اسلام آباد میں نجی تعلیمی ادارے 4 اگست سے معمول کے مطابق کھل چکے ہیں جبکہ پاکستان کے دیگر صوبوں میں بھی اسکولز معمول کے مطابق تعلیمی سرگرمیوں کا آغاز کر چکے ہیں۔

    واضح رہے کہ پنجاب کے اسکولوں میں موسم گرما کی تعطیلات 14 اگست تک رکھی گئی تھیں۔

  • خواجہ آصف کا بھارتی ایئر چیف کے  الزامات پر ردعمل

    خواجہ آصف کا بھارتی ایئر چیف کے الزامات پر ردعمل

    وزیر دفاع خواجہ آصف کا بھارتی ایئر چیف کے پاکستانی طیارے گرانے کے الزامات پر ردعمل آگیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر دفاع خواجہ آصف نے بھارت کو اپنے طیاروں کی انوینٹری سامنے لانے کا چیلنج دے دیا۔

    انہوں نے کہا کہ بھارتی فضایہ کے تاخیر سے کیے گئے دعوے مضحکہ خیز اور ناقابل یقین ہیں، بھارت کے جھوٹے بیانیے سیاسی مفاد کے لیے گھڑے گئے ہیں۔

    وزیر دفاع نے کہا کہ آپریشن سندور میں ایک بھی پاکستانی طیارہ تباہ نہیں ہوا، پاکستان نے 6 بھارتی طیارے، ایس 400 سسٹم اور متعدد ڈرونز تباہ کیے۔

    

    خواجہ آصف نے کہا کہ آپریشن بنیان مرصوص میں ثابت ہو چکا پاکستان اپنی خود مختاری پر فوری جواب دے گا، خطے کے امن کو لاحق خطرات کی ذمہ داری بھارتی قیادت پر ہوگی۔

    یہ پڑھیں: بھارت کا آپریشن سندور میں رسوائی اور جگ ہنسائی کے بعد مضحکہ خیز دعویٰ

    واضح رہے کہ مودی سرکار نے آپریشن سندورمیں ناکامی چھپانے کی ایک اور مضحکہ خیز کوشش کی ہے جس میں اس کے بھارتی ایئرچیف نے 6 پاکستانی طیارے مارگرانے کا بیان دیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی ایئر چیف نے مضحکہ خیز دعویٰ بنگلور میں ایک میموریل لیکچر کے دوران کیا۔

    بھارتی ایئرچیف نے دعویٰ کیا کہ بھارت نے پاکستان کے پانچ لڑاکا اورایک ریڈار طیارہ تباہ کیے۔

    یاد رہے کہ پاکستان کی طرف سے بھارتی طیاروں کی تباہی کا اعتراف خود بھارتی آرمی چیف بھی کرچکے ہیں۔