Category: اہم ترین

پاکستان اور دنیا بھر سے اہم ترین خبریں جاننے کے لئے اے آر وائی نیوز کی اردو ویب سائٹ پر آئیں

Important Breaking News from Pakistan and World from ARY News Urdu

  • پاک افغان بارڈر کے قریب کلیئرنس آپریشن میں مزید 14 دہشت گرد مارے گئے

    پاک افغان بارڈر کے قریب کلیئرنس آپریشن میں مزید 14 دہشت گرد مارے گئے

    سمبازہ(9 اگست 2025): ژوب میں کلیئرنس آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں مزید 14 بھارتی اسپانسرڈ فتنہ الخوارج کے دہشت گرد مارے گئے۔

    انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاکستان میں دراندازی کی کوشش کرنیوالے مزید 14 بھارتی اسپانسرڈ فتنہ الخوارج کے دہشت گرد مارے گئے، دو روز میں ہلاک دہشت گردوں کی تعداد 47 ہوگئی۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے 8 اور 9 اگست کی درمیانی شب پاک افغان سرحد کے ساتھ سمبازہ کے گرد و نواح میں کلیئرنس آپریشن کیا جس کے نتیجے میں مزید 14 بھارتی سرپرست یافتہ خوارج کو ہلاک کردیا گیا۔

    https://urdu.arynews.tv/zhob-security-forces-operation-33-terrorist-killed/

    آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک خوارج سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا ہے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی اسپانسرڈ فتنہ الخوارج نے گزشتہ روز افغان سرحد سے بلوچستان کے ضلع ژوب کے علاقے سمبازہ میں درندازی کی کوشش کی، 7 اور 8 اگست کی درمیانی رات میں سیکیورٹی فورسز نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے 33 امن دشمنوں کو ٹھکانے لگادیا۔

    آئی ایس پی آر کے ترجمان کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں، پاکستان میں امن واستحکام اور ترقی کا عمل سبوتاژ نہیں ہونے دیں گے۔

  • پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو پہلے ون ڈے میں 5 وکٹوں سے شکست دے دی

    پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو پہلے ون ڈے میں 5 وکٹوں سے شکست دے دی

    تروبا (09 اگست 2025): پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو پہلے ون ڈے میں 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق تروبا میں کھیلے جانے والے پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ون ڈے سیریز کے پہلے میچ میں میزبان نے پاکستان کو جیت کے لیے 281 رنز کا ہدف دیا تھا، جسے پاکستان ٹیم نے 49 ویں اوور میں 5 وکٹوں پر پورا کر لیا۔

    حسن نواز نے ڈیبیو پر شان دار نصف سنچری اسکور کی جس پر انھیں پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا، حسن نواز کے ساتھ حسین طلعت نے سنچری پارٹنر شپ بنائی، جس سے میچ جیتنے کی راہ ہموار ہوئی۔

    کپتان محمد رضوان نے 53، بابر اعظم نے 47 رنز بنائے، حسین طلعت نے 41 اور سلمان آغا نے 23 رنز بنائے، ڈیبیو کرنے والے حسن نواز 54 گیندوں پر 63 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے۔


    آئرلینڈ ویمنز نے پاکستان کو آخری گیند پر ہرا کر ٹی 20 سیریز جیت لی


    پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا، ویسٹ انڈیز کی ٹیم 49 اوورز میں 280 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی، ایون لوئس 60 رنز کے ساتھ نمایاں بیٹر رہے، جب کہ کپتان شائے ہوپ نے 55 اور روسٹن چیز نے 53 رنز کی اننگز کھیلی۔ رتھرفورڈ 10، گڈاکیش موتی 31 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ شیمار جوزف 8 اور شیفرڈ 4 رنز بنا سکے اور یوں ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم 49 اوورز میں 280 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

    پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے شان دار بولنگ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں، نسیم شاہ نے 3 اور صائم ایوب، سفیان مقیم اور سلمان آغا نے ایک ایک وکٹ لی۔ ہدف کے تعاقب میں پاکستان نے اعتماد سے بیٹنگ کرتے ہوئے 281 رنز کا ہدف 49 ویں اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

    واضح رہے کہ پاکستان 3 میچز کی سیریز میں ایک صفر سے آگے ہے۔

  • بھارتی وزیراعظم مودی عاصم منیر کا سامنا کرنے سے خوفزدہ ہیں، امریکی جریدہ

    بھارتی وزیراعظم مودی عاصم منیر کا سامنا کرنے سے خوفزدہ ہیں، امریکی جریدہ

    واشنگٹن: امریکی جریدے بلومبرگ نے دعویٰ کیا ہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کا سامنا کرنے سے بچنے کیلئے امریکا جانے سے انکار کیا۔

    بلوم برگ کی رپورٹ کے مطابق نریندر مودی نے جنرل عاصم منیر کا سامنا کرنے سے بچنے کیلئے دورہ امریکا کی دعوت مسترد کی۔

    بھارتی وزیراعظم کو ڈر تھا کہ صدر ٹرمپ ان کی ملاقات فیلڈ مارشل عاصم منیر سے کرائیں گے، ٹرمپ اور مودی کے درمیان 17جون کو فون پر35 منٹ گفتگو ہوئی تھی۔

    امریکی جریدے کی رپورٹ کے مطابق مودی امریکی صدر ٹرمپ سے ملے بغیر جی سیون اجلاس سے واپس چلے گئے۔

    ٹرمپ نے مودی کو جی سیون اجلاس کے فوری بعد واشنگٹن آنے کا کہا، مودی نے واشنگٹن جانے سے انکار کردیا، کروشیا کے دورے کو بہانہ بنایا۔

    بھارتی وزیراعظم مودی نے فیلڈ مارشل عاصم منیر اور صدر ٹرمپ ملاقات روکنے کی بھرپور کوشش کی، مودی نے فون کال پر ٹرمپ سے کہا کہ بھارت کبھی کسی کی ثالثی قبول نہیں کرے گا۔

    مودی کی فون کال کے بعد وائٹ ہاؤس کے لہجے میں تبدیلی آئی، مودی اور ٹرمپ کی اس کال کے بعد بات چیت نہیں ہوئی۔

    اس دوران ہی امریکا اور بھارت کے تعلقات میں تلخی آنا شروع ہوئی اور تناؤ کی واضح جھلک اس وقت سامنے آئی جب ٹرمپ نے بھارتی معیشت کو مردہ کہا اور بھارتی مصنوعات پر 50 فیصد ٹیرف بھی عائد کیا۔

  • ژوب میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 33 خارجی ہلاک

    ژوب میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 33 خارجی ہلاک

    زوب میں سیکیورٹی فورسز کے انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن میں 33 خارجی ہلاک ہوگئے۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سیکیورٹی فورسز نے بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کے خلاف سمبازہ میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کیا اس دوران 33 خارجی ہلاک ہوگئے۔

    ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ فتنہ الخوارج کے دہشت گرد پاک افغان سرحد پر دراندازی کی کوشش کررہے تھے، سیکیورٹی فورسز نے موثر انداز میں دراندازی کی کوشش ناکام بنائی۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشت گردوں سے ہتھیار، گولیاں اور دھماکا خیز مواد برآمد ہوا ہے۔

    ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ ممکنہ دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے، سیکیورٹی فورسز بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔

    یہ پڑھیں: آئی ای ڈی سے فورسز کی گاڑی ٹکرا گئی، میجر سمیت 3 جوان شہید

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردی کا خاتمہ یقینی بنائیں گے۔

    واضح رہے کہ دو روز قبل بلوچستان کے علاقے مستونگ میں فتنہ الہندوستان کی آئی ای ڈی سے سیکیورٹی فورسز کی گاڑی ٹکرا گئی تھی۔

    ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ آئی ای ڈی دھماکے میں میجر محمد رضوان طاہر سمیت 3 فوجی جوان شہید ہو گئے۔ شہدا میں نائیک ابن امین اور لانس نائیک محمد یونس شامل ہیں۔

    سیکیورٹی فورسز کے علاقے میں کلیئرنس آپریشن کے دوران 4 دہشت گرد مارے گئے تھے۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردی کے خاتمے کےلیے پُرعزم ہیں، بہادر جوانوں کی یہ قربانیاں ہمارے عزم کو مزید تقویت دیتی ہیں۔

  • مفت سولر سسٹم: اہلیت چیک کرنے کا طریقہ کار سامنے آگیا

    مفت سولر سسٹم: اہلیت چیک کرنے کا طریقہ کار سامنے آگیا

    کراچی : مفت سولر سسٹم حاصل کرنے کے لئے درخواست دینے اور اہلیت چیک کرنے کا طریقہ کار سامنے آگیا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے کم آمدنی والے شہریوں کو مہنگی بجلی سے نجات دلانے کے لیے اہم اقدام اٹھا لیا۔

    حکومت نے اعلان کیا ہے کہ جو صارفین ماہانہ 100 یونٹ سے کم بجلی استعمال کرتے ہیں، انہیں مفت سولر سسٹم فراہم کیا جائے گا۔

    اس منصوبے کے تحت 1 لاکھ 30 ہزار خاندانوں کو سولر سسٹمز فراہم کیے جائیں گے۔ مقصد غریب طبقے کو ریلیف دینا اور توانائی کے متبادل ذرائع کو فروغ دینا ہے۔

    اہلیت کے معیار


    صرف وہ صارف اہل ہوں گے جن کا گزشتہ 6 ماہ کا بجلی کا استعمال 100 یونٹ سے کم ہو۔

    درخواست دہندہ نے کسی دوسرے سرکاری منصوبے کے تحت پہلے سولر سسٹم حاصل نہ کیا ہو۔

    درخواست دینے کا طریقہ کار


    خواہشمند افراد اپنے بجلی کے بل اور قومی شناختی کارڈ کے ہمراہ درخواست فارم فل کریں۔

    فارم کو اپنے یوسی چیئرمین یا کسی گزیٹڈ آفیسر سے تصدیق کرانا لازمی ہوگا۔

    مزید پڑھیں : مفت سولر سسٹم کن صارفین کو ملے گا؟ حکومت کا بڑا اعلان

    مکمل درخواست فارم محکمہ توانائی سندھ، پروجیکٹ آف ہوم سولر سسٹم آن گرڈ کے دفتر میں جمع کرایا جائے گا۔

    درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ 20 اگست 2025 مقرر کی گئی ہے۔

    حکومت سندھ کے مطابق یہ اقدام نہ صرف مہنگائی سے متاثرہ عوام کو براہ راست فائدہ پہنچائے گا بلکہ بجلی کے بحران پر قابو پانے میں بھی مددگار ثابت ہوگا۔

  • لاہور کے سرحدی علاقے  میں حساس اداروں نے بھارتی ڈرون  مار گرایا

    لاہور کے سرحدی علاقے میں حساس اداروں نے بھارتی ڈرون مار گرایا

    لاہور: صوبائی دارلحکومت لاہور کے سرحدی علاقے مناواں میں حساس اداروں نے بھارتی ڈرون مار گرایا، تحقیقات کے بعد مزید حقائق سامنے آئیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے مناواں کی جند یالہ روڈ پر حساس اداروں نے بھارتی ڈرون گرا دیا اور اپنی تحویل میں لے لیا۔

    ایس پی کینٹ قاضی علی رضا نے بتایا کہ ڈرون ایک ہیگزا کاپٹر ماڈل ہے اور ابتدائی تفتیش سے معلوم ہوا ہے سرویلنس ڈرون بھارت کی طرف سے آیا تھا۔

    ایس پی کینٹ کا کہنا تھا کہ حساس ادارے واقعے کی مکمل تحقیقات کر رہے ہیں تحقیقات کے بعد مزید حقائق سامنے آئیں گے۔

    انھوں نے کہا کہ ڈرون کی برآمدگی پاکستانی حدود میں بھارتی دراندازی کی ایک اور کوشش ہے جسے ناکام بنا دیا گیا۔

    یاد رہے حال ہی میں پاک فوج نے بھمبر کے مناور سیکٹر میں لائن آف کنٹرول پر بھارتی کواڈ کاپٹر کو مار گرایا تھا۔

    سیکیورٹی حکام کے مطابق بھارتی ڈرون جاسوسی کے مقاصد کے لیے پاکستانی فضائی حدود میں داخل ہوا تھا، تاہم فوج کی بروقت اور مؤثر کارروائی نے بھارتی سازش کو ناکام بنا دیا۔

    ذرائع نے کہا کہ بھارتی ڈرونز کی مسلسل دراندازی پہلگام واقعے کے بعد پیدا ہونے والی کشیدگی کا تسلسل ہے، جس میں بھارت اشتعال انگیز اقدامات اور دھمکی آمیز بیانات کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔

    فوجی حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان آرمی ہر قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے اور قوم اپنی مسلح افواج کے ساتھ مکمل یکجہتی سے کھڑی ہے۔

  • 201 یونٹ پر 5 ہزار روپے  کا  اضافی بل : صارفین کے لیے اہم خبر  آگئی

    201 یونٹ پر 5 ہزار روپے کا اضافی بل : صارفین کے لیے اہم خبر آگئی

    اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے 201 یونٹس پر اضافی بل کے معاملے پر اعلیٰ سطحی کمیٹی بنانے کا عندیہ دے دیا تاکہ صارفین کو ریلیف فراہم کیا جاسکے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی کابینہ اراکین نے 201 یونٹس پر اضافی بلز بھیجنے کا معاملہ وزیراعظم شہباز شریف کے سامنے معاملہ اٹھادیا اور صارفین بجلی سے ہونے والی نااصافی سے آگاہ کیا۔

    کابینہ ارکان نے کہا کہ یہ صارفین کے ساتھ زیادتی ہے کہ صرف ایک یونٹ زیادہ ہونے پر انہیں اگلے چھ ماہ تک اضافی 5 ہزار روپے ماہانہ بل ادا کرنا پڑ رہا ہے۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ کابینہ ارکان نے نیپرا اور وزارتِ توانائی کی جانب سے اختیار کی گئی پالیسیوں پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 200 یونٹس کی حد عبور کرنے پر صارفین کو نان پروٹیکٹڈ کیٹگری میں ڈال دینا ناانصافی ہے۔

    مزید پڑھیں : 200 یونٹ تک 5000 روپے بل اور 201 یونٹ ہوتے ہی بل 15 ہزار کیوں؟ سوالات کھڑے ہوگئے

    وزیراعظم نے اس معاملے کا سنجیدگی سے نوٹس لیتے ہوئے اعلیٰ سطحی کمیٹی بنانے کا عندیہ دیا، کمیٹی سارے معاملے کا جائزہ لیکر کابینہ میں تجاویز پیش کرے گی تاکہ یہ 200 یونٹس والا معاملہ جلد حل ہو سکے۔

    ذرائع کے مطابق 201 والی سلیب نیپرا اور وزارت پاور نے جان بوجھ کر لاگو کروائی تھی۔

    یاد رہے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی توانائی کے اجلاس میں 200 اور 201 یونٹ پر بلوں میں فرق کا ایجنڈہ زیر بحث آیا تھا اور سوال اٹھایا گیا تھا کہ 200 یونٹ تک 5000 روپے بل اور 201 یونٹ ہوتے ہیں بل 15 ہزار کیوں؟

  • اسرائیل کی سکیورٹی کابینہ نے غزہ شہر پر مکمل قبضے کی منظوری دے دی

    اسرائیل کی سکیورٹی کابینہ نے غزہ شہر پر مکمل قبضے کی منظوری دے دی

    (8 اگست 2025): اسرائیل کی سکیورٹی کابینہ نے وزیر اعظم نیتن یاہو کی تجویز پر فلسطین کے شمال میں واقع غزہ شہر کے مکمل قبضے کی منظوری دے دی۔

    قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق نیتن یاہو کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا کہ اسرائیلی فوج غزہ شہر کے علاقوں سے باہر شہری آبادی کو انسانی امداد فراہم کرتے ہوئے قبضے کی تیاری کرے گی۔

    اسرائیلی حکومت کے دو ذرائع نے خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا کہ سکیورٹی کابینہ کی کسی بھی قرارداد کو اب مکمل حکومتی کابینہ سے منظوری درکار ہوگی۔

    غزہ شہر پر قبضہ اسرائیل کی طرف سے فلسطینی سرزمین پر اپنی جنگ میں ایک بڑے اضافے کی نشاندہی ہے اور ممکنہ طور پر دسیوں ہزار بھوک سے نڈھال فلسطینیوں کو جبری بے گھر ہونا پڑے گا جو قحط کے حالات کا سامنا کر رہے ہیں۔

    Axios نیوز کے صحافی بارک راوید نے ایک اسرائیلی اہلکار کے حوالے سے بتایا کہ اس آپریشن میں 7 اکتوبر تک غزہ شہر سے مرکزی کیمپوں اور دیگر علاقوں میں تمام فلسطینی شہریوں کی جبری نقل مکانی شامل ہوگی۔

    اسرائیلی حکام نے بتایا کہ غزہ شہر فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے مزاحمت کاروں کا محاصرہ کیا جائے گا اور زمینی کارروائی بھی کی جائے گی۔

    گزشتہ روز سکیورٹی کابینہ کے اجلاس سے قبل وزیر اعظم نیتن یاہو نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ اسرائیل غزہ کا کنٹرول سنبھال لے گا۔

  • گرمیوں‌ کی چھٹیوں میں‌ اضافہ کردیا گیا

    گرمیوں‌ کی چھٹیوں میں‌ اضافہ کردیا گیا

    محکمہ تعلیم پنجاب نے موسم گرما کی تعطیلات میں اضافہ کردیا۔

    وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر کا کہنا ہے کہ صوبے میں اسکول 15 اگست کی بجائے یکم ستمبر کو کھلیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ چھٹیوں میں اضافہ گرمی، حبس کو مدنظر رکھ کر کیا گیا ہے۔

    اس سے قبل محکمہ کے ذرائع کا کہنا تھا کہ موسمی شدت کے باعث چھٹیوں میں 31 اگست تک توسیع کی تجویز زیر غور ہے۔

    یہ پڑھیں: حکومت نے اسکول ٹیچرز کیلیے انعام کا اعلان کر دیا

    وزیر تعلیم پنجاب رانا اسکندر حیات نے کہا تھا کہ صوبہ میں موسم گرم کی چھٹیوں کے حوالہ سے مشاورت جاری ہے، اسکولوں میں گرمیوں کی چھٹیوں میں توسیع کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ جلد کرلیا جائے گا۔

    واضح رہے کہ پنجاب میں وقفے وقفے سے بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، بارش نہ ہونے کی صورت میں موسم شدید گرم اور حبس بہت زیادہ ہوتا ہے، اس تمام صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے اسکول کھولنے یا نہ کھولنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔

  • زبردست خوشخبری! کراچی سمیت ملک بھر کیلئے بجلی سستی

    زبردست خوشخبری! کراچی سمیت ملک بھر کیلئے بجلی سستی

    عوام کیلیے خوشخبری ہے کہ کراچی سمیت ملک بھر کیلئے بجلی سستی کر دی گئی۔

    

    نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے بجلی 1روپے 88 پیسے فی یونٹ سستی کرنے کی منظوری دیدی۔

    نیپرا کی جانب سے سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمت کم کی گئی ہے۔ مالی سال 2024-25 کی چوتھی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ مدمیں کمی کی گئی۔

    نیپرا نے بجلی کی قیمتوں میں کمی کا فیصلہ وفاقی حکومت کو بھجوا دیا ہے۔

    فیصلے میں نیپرا کا کہنا ہے کہ صارفین کو اگست سے اکتوبر 2025 تک ریلیف ملےگا۔ بجلی صارفین کو 55 ارب 87 کروڑ 40 لاکھ روپے کا ریلیف ملے گا۔ 

    سنٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کو بجلی کے نرخوں میں 1 روپے 75 پیسے فی یونٹ کمی کی درخواست دی تھی۔
    
    یہ درخواست مالی سال 2024-25 کی چوتھی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں دی گئی ہے۔