Category: اہم ترین

پاکستان اور دنیا بھر سے اہم ترین خبریں جاننے کے لئے اے آر وائی نیوز کی اردو ویب سائٹ پر آئیں

Important Breaking News from Pakistan and World from ARY News Urdu

  • کراچی : لانڈھی ایکسپورٹ پروسیسنگ زون کی فیکٹری میں تیسرے درجے کی خوفناک آگ ، 4 منزلہ عمارت زمیں بوس

    کراچی : لانڈھی ایکسپورٹ پروسیسنگ زون کی فیکٹری میں تیسرے درجے کی خوفناک آگ ، 4 منزلہ عمارت زمیں بوس

    کراچی : لانڈھی ایکسپورٹ پروسیسنگ زون کی فیکٹری میں تیسرے درجے کی خوفناک آگ کے باعث 4منزلہ عمارت مکمل زمیں بوس ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں لانڈھی ایکسپورٹ پراسیسنگ زون میں واقع ایک فیکٹری میں اچانک لگنے والی آگ نے شدت اختیار کرلی، جس کے نتیجے میں نہ صرف مذکورہ فیکٹری بلکہ اطراف کی متعدد فیکٹریاں بھی لپیٹ میں آگئیں۔

    فائر بریگیڈ حکام نے آگ کو تیسرے درجے کی قرار دے دیا ہے جبکہ آگ بجھانے کے لیے سولہ فائر ٹینڈرز اور دو واٹر باؤزرز مصروفِ عمل ہیں۔

    ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ آگ اس قدر شدید ہے کہ فائر فائٹرز کو دھوئیں کے باعث آگ پر قابو پانے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

    فیکٹری کی پانچ منزلہ عمارت کی چھت کے کچھ حصے منہدم ہو چکے ہیں، جب کہ متاثرہ فیکٹری سے متصل دوسری فیکٹری بھی آگ کی لپیٹ میں آگئی ہے تاہم آگ کے باعث 4منزلہ عمارت مکمل زمیں بوس ہوگئی۔

    ریسکیو حکام کے مطابق اس فیکٹری میں گیس سلنڈرز کا اسٹور بھی موجود ہے جس کے باعث کسی بڑے دھماکے یا جانی نقصان کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔
    

    حکام کا کہنا تھا کہ آگ سے متاثرہ فیکٹری کےاندر سے 7ملازمین کو زخمی حالت میں نکال لیا گیا ہے۔

    ریسکیو ذرائع کے مطابق آگ مزید تین قریبی فیکٹریوں تک بھی پھیل گئی ہے اور اب صورتحال مکمل طور پر ایمرجنسی کی شکل اختیار کر چکی ہے۔ اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو بڑے صنعتی نقصان کا اندیشہ ہے۔

    چیئرمین ایکسپورٹ پروسیسنگ زون اے ڈی خواجہ نے آگ سے متاثرہ فیکٹری کے دورے کے موقع پر کہا آگ لگنے کی اطلاع ساڑھے 10بجے ملی، ابتداء میں ہمارے ایک پی زیڈ کے فائر ٹینڈرز پہنچے تھے، آگ کی شدت کو دیکھتے ہوئے مزید فائر ٹینڈرز طلب کئے گئے،اے ڈی خواجہ

    اے ڈی خواجہ کا کہنا تھا کہ کمشنر کراچی اور ریسکیو 1122 کے سربراہ سے بات ہوئی ، کوشش کررہے ہیں جلد آگ پر قابو پائیں اور ساتھ والی فیکٹری کو بچائیں، متاثرہ فیکٹری میں پرانے کپڑے کی ری سائیکلنگ کا کام ہوتا تھا۔

  • ’’2 ہزار ارب کی کرپشن، بیوروکریٹس، سیاست دانوں، ٹھیکیداروں کی فہرستیں تیار کی جا رہی ہیں‘‘

    ’’2 ہزار ارب کی کرپشن، بیوروکریٹس، سیاست دانوں، ٹھیکیداروں کی فہرستیں تیار کی جا رہی ہیں‘‘

    اسلام آباد : وطن عزیز میں گزشتہ دو سے تین سال کے دوران 2 ہزار ارب روپے کی کرپشن ہوئی ہے، بدعنوانی میں ملوث افراد کیخلاف کارروائی کا فیصلہ کرلیا گیا۔

    اس بات کا انکشاف پروگرام خبر کے میزبان محمد مالک نے اپنی رپورٹ میں کیا انہوں نے بتایا کہ جون جولائی میں ایک بڑی شخصیت نے میٹنگ کی جس میں 2 ہزار ارب روپے کرپشن کا بتایا گیا۔

    مذکورہ بڑی شخصیت نے ہدایت دی کہ ان لوگوں کی فہرستیں بنائیں جن لوگوں نے بہت زیادہ کرپشن کی ہو۔

    رپورٹ کے مطابق ہدایات پر عمل کرتے ہوئے بیورو کریٹس، سیاستدانوں اور ٹھیکیداروں کی فہرستیں تیار کی جارہی ہیں۔

    اس سلسلے میں فیٹف سیل متحرک ہوگیا ہے اور ایجنسیوں کو ٹاسک بھی دے دیا گیا ہے، اس کے علاوہ میٹنگ میں بتایا گیا کہ کچھ بیورو کریٹس ایس آئی ایف سی کی ساکھ کو خراب کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔

    محمد مالک نے مزید بتایا کہ اب بڑے فیصلے کرلیے گئے ہیں، سب سے پہلی ترجیح 500 ارب روپے کی ریکوری ہوگی۔

    نادرا شاختی کارڈ، ب فارم، فیملی رجسٹریشن سرٹیفیکٹ سے متعلق معلومات

  • ٹرمپ نے بھارت پر مزید 25 فیصد ٹیرف عائد کردیا

    ٹرمپ نے بھارت پر مزید 25 فیصد ٹیرف عائد کردیا

    امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارت پر مزید 25 فیصد ٹیرف عائد کردیا۔

    امریکی صدر ٹرمپ کی جانب سے بھارت پر مزید 25 فیصد ٹیرف عائد کیا جس کے بعد مجموعی ٹیرف 50 فیصد ہوگیا ہے۔

    ٹرمپ نے بھارت پر روسی تیل خریدنے پر مزید 25 فیصد ٹیرف عائد کیا ہے، ٹرمپ کے ایگزیکٹو آرڈر کے بعد بھارت پر معاشی دباؤ بڑھ گیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ بھارت کو روسی تیل خریدنے کی قیمت چکانا ہوگی، روس سے قربت پر بھارت کو سزا دی جائے گی۔

    علاوہ ازیں امریکا نے بھارت پر اضافی تجارتی پابندیاں بھی لگادیں۔

    یہ پڑھیں: امریکی صدر ٹرمپ کا بھارت پر مزید ٹیرف عائد کرنے کا اعلان

    امریکا کی جانب سے روسی خام تیل اور پیٹرولیم مصنوعات کی درآمد پر پابندی برقرار ہے، امریکا نے روس سے تیل کی درآمد پرمکمل پابندی عائد کردی۔

    امریکی صدر نے روسی فیڈریشن کی پالیسیوں کو امریکا کے لیے خطرہ قرار دیا ہے۔

    خیال رہےکہ گزشتہ روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارت پر آئندہ 24 گھنٹوں میں مزید ٹیرف لگانے کا اعلان کیا تھا، امریکی صدر نے اپنے پیغام میں کہا تھا کہ بھارت کے موجودہ 25 فیصد ٹیرف میں اضافہ کیا جائے گا۔

    صدر ٹرمپ نے کہا تھا کہ بھارت اچھا تجارتی پارٹنر نہیں، بھارت روس سے تیل کی خریداری جاری رکھے ہوئے ہیں اور اس طرح وہ یوکرین میں جنگی مشین کو ایندھن فراہم کررہا ہے۔

    یاد رہےکہ اس سے قبل  بھی صدر ٹرمپ نے روس سے تیل خریدنے پر بھارت پر عائد ٹیرف مزید بڑھانے کا اعلان کیا تھا۔

    سوشل میڈیا پر جاری بیان میں ڈونلڈ ٹرمپ کاکہنا تھا کہ بھارت نہ صرف بڑی مقدار میں روسی تیل خرید رہا ہے بلکہ اسے فروخت کرکے منافع بھی کما رہا ہے۔

  • فیلڈ مارشل  کے صدر بننے کی باز گشت  ،  ڈی جی آئی ایس پی آر کا دو ٹوک موقف سامنے آگیا

    فیلڈ مارشل کے صدر بننے کی باز گشت ، ڈی جی آئی ایس پی آر کا دو ٹوک موقف سامنے آگیا

    راولپنڈی: فیلڈ مارشل عاصم منیر کے صدر بننے کی افواہوں پر ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا دو ٹوک موقف سامنے آگیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے معروف بین الاقوامی جریدے "دی اکانومسٹ” کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں واضح کیا ہے کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کے صدر پاکستان بننے سے متعلق تمام قیاس آرائیاں مکمل طور پر بے بنیاد اور جھوٹ پر مبنی ہیں۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر نے معرکۂ حق کے بعد سامنے آنے والے سیاسی تجزیوں کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ایسی خبروں کا مقصد صرف غلط فہمیاں پیدا کرنا ہے۔

    انٹرویو کے دوران بھارتی جارحیت سے متعلق سوال پر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا تھا کہ اگر بھارت کسی فوجی مہم جوئی کا سوچتا ہے تو پاکستان اس بار ردعمل کا آغاز مشرقی سرحد سے کرے گا۔

    اُن کا کہنا تھا کہ ہم حملے کی شروعات بھارت کے اندر گہرائی میں جا کر کریں گے، تاکہ بھارت کو یہ پیغام دیا جا سکے کہ وہ بھی ہر جگہ مارے جا سکتے ہیں۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ پاکستان، بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے کسی بھی ممکنہ دہشت گردانہ حملے کو سنجیدگی سے لے گا، اور اس کا جواب بھرپور اور مؤثر فوجی کارروائی کے ذریعے دیا جائے گا۔

  • آن لائن آرڈر پر نیا سیلز ٹیکس قانون نافذ

    آن لائن آرڈر پر نیا سیلز ٹیکس قانون نافذ

    فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے سیلز ٹیکس رولز 2006 میں ترمیم کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

    ایف بی آر نے آن لائن آرڈر کا نیا سیلز ٹیکس قانون نافذ کردیا جس کے مطابق ڈیجیٹل آرڈرز پر 18 فیصد سیلز ٹیکس کی کٹوتی ہوگی۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق آن لائن مارکیٹ پلیس، کوریئر اور ادائیگی ایجنٹ سیلز ٹیکس کاٹنے کے پابند ہوں گے۔

    ایف بی آر نے سیلز ٹیکس رولز 2006 میں نیا باب شامل کیا ہے، کیش آن ڈیلیوری پر بھی سیلز ٹیسک کی کٹوتی لازم قرار دی گئی ہے۔

    ایف بی آر نے نئے فارم ایس ٹی آر 36 اور ایس ٹی آر 34 متعارف کروادیے، ہر ماہ کی 10 تاریخ تک ایس ٹی آر 35 فارم جمع کروانا لازمی ہوگا، ادایگی کے ذریعے کاٹی گئی رقم ایف بی آر کو جمع کروانا ہوگی۔

    نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ کوریئرز بھی سیلز ٹیکس کی کٹوتی کے پابند ہوں گے، کوریئر ہر ماہ ایس ٹی آر 36 فارم ایف بی آر کو جمع کروائیں گے۔

    آن لائن مارکیٹ پلیس کو ایس ٹی آر 34 فارم کے ذریعے آرڈرز کی رپوٹ دینا ہوگی، آن لائن پلیٹ فارمز کو ہر سپلائر کے آرڈرر کی تفصیل دینا لازم ہے، اگر مارکیٹ پلیس کوریئر سروس بھی فراہم کرے تو ایس ٹی آر 36 بھی جمع کروانا ہوگا۔

    ایف بی آر کے مطابق کوریئر اور پیمنٹ ایجنٹس کو وینڈر کو سیلز ٹیکس کی کٹوتی کا سرٹیفکیٹ دینا ہوگا، سرٹیفکیٹ میں وینڈر کا نام، رجسٹریشن نمبر، اشیا کی تفصیل اور کٹا ہوا ٹیکس ظاہر ہوگا، آن لائن کاروبار پر ٹیکس نیٹ میں وسعت اہم قدم ہے۔

  • قومی اسمبلی اور سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر سمیت پی ٹی آئی منتخب نمائندے نا اہل قرار

    قومی اسمبلی اور سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر سمیت پی ٹی آئی منتخب نمائندے نا اہل قرار

    اسلام آباد (5 اگست 2025): الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اپوزیشن لیڈرز سمیت پی ٹی آئی کے کئی منتخب نمائندوں کو نا اہل قرار دے دیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب اور سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر شبلی فراز سمیت دیگر کو نا اہل قرار دیتے ہوئے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔

    الیکشن کمیشن نے ان کے علاوہ پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے اراکین قومی اسمبلی زرتاج گل، رائے حیدر علی، حامد رضا، رائے حسن نواز کو بھی نا اہل قرار دیا ہے۔

    اس کے علاوہ ایم پی اے نصر اقبال، جنید افضل ساہی اور محمد مرتضیٰ اقبال بھی نا اہل قرار پائے ہیں۔

    الیکشن کمیشن نے یہ فیصلہ گزشتہ دنوں اے ٹی سی فیصل آباد کی جانب سے 9 مئی کے مقدمہ میں پی ٹی آئی رہنماؤں کو دی گئی سزاؤں کے تناظر میں دیا ہے۔

    الیکشن کمیشن نے مذکورہ رہنماؤں کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کے ساتھ مذکورہ ارکان کی نشستوں کو خالی قرار دے دیا ہے۔

    واضح رہے کہ فیصل آباد میں انسداد دہشتگردی کی عدالت نے 31 جولائی کو 9 مئی کے مقدمے کا فیصلہ سنا دیا ، فیصلے میں پی ٹی آئی رہنما اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب، سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر شبلی فراز، زرتاج گل سمیت مرکزی قیادت کو 10سال قید کی سزا سنائی تھی۔

    9 مئی کیسز : عمر ایوب، شبلی فراز اور زرتاج گل سمیت مرکزی قیادت کو 10 سال قید کی سزا

    اے ٹی سی فیصل آباد نے 9 مئی کیس میں 108 ملزموں کو سزا سنائی جبکہ 77 ملزمان کو بری کر دیا تھا۔

    دوسری جانب تحریک انصاف نے اے ٹی سی کے اس فیصلے کو ہائیکورٹ میں چیلنج کرنے کا اعلان کیا تھا۔

    پی ٹی آئی سے متعلق خبریں

  • یوکرین تنازع میں پاکستانیوں کے ملوث ہونے کے الزامات بے بنیاد قرار

    یوکرین تنازع میں پاکستانیوں کے ملوث ہونے کے الزامات بے بنیاد قرار

    اسلام آباد : پاکستان نے یوکرین تنازع میں اپنے شہریوں کے ملوث ہونے کے الزامات کو مسترد کر دیا اور کہا یوکرینی حکام سے باضابطہ وضاحت طلب کی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستانی دفتر خارجہ نے یوکرین تنازع میں پاکستانی شہریوں کے ملوث ہونے سے متعلق الزامات کو سختی سے مسترد کر دیا ہے، اور انہیں بے بنیاد اور غیر مصدقہ قرار دیا ہے۔

    ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ "یوکرینی حکام کی جانب سے اب تک کوئی قابلِ تصدیق شواہد فراہم نہیں کیے گئے اور نہ ہی پاکستان کو اس حوالے سے باضابطہ طور پر آگاہ کیا گیا ہے۔”

    دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ حکومت پاکستان اس معاملے پر یوکرینی حکام سے باضابطہ وضاحت طلب کرے گی تاکہ کسی بھی قسم کی غلط فہمی یا غیر ذمہ دارانہ بیان بازی کی روک تھام کی جا سکے۔

    ترجمان نے واضح کیا کہ پاکستان یوکرین تنازع کے پُرامن حل کا خواہاں ہے اور ہمیشہ اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق بات چیت اور سفارت کاری پر یقین رکھتا ہے۔

    ترجمان نے زور دیا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ریاست کے طور پر بین الاقوامی قوانین اور اصولوں کا مکمل احترام کرتا ہے اور ایسی قیاس آرائیوں کو مسترد کرتا ہے جو حقائق کے منافی ہوں۔

  • مفت سولر سسٹم کن صارفین  کو ملے گا؟ حکومت کا بڑا اعلان

    مفت سولر سسٹم کن صارفین کو ملے گا؟ حکومت کا بڑا اعلان

    کراچی : سندھ حکومت نے بجلی صارفین کو مفت سولر سسٹم دینے کا اعلان کردیا ،یہ سسٹم ماہانہ کتنے یونٹ بجلی استعمال کرنے والوں کو ملے گا؟

    تفصیلات کے مطابق بجلی کے بڑھتے ہوئے نرخوں اور صاف توانائی کے فروغ کے پیش نظر سندھ حکومت نے ماہانہ 100 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے گھریلو صارفین کے لیے مفت سولر سسٹم فراہم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

    یہ اقدام سندھ انرجی ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے متعارف کرایا گیا ہے، جس کا مقصد کم آمدنی والے خاندانوں کو بجلی کے بھاری بلوں سے نجات دلانا ہے۔

    اسکیم کے تحت اہل گھرانے 20 اگست 2025 تک مفت سولر پینلز کے حصول کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔

    سرکاری ذرائع نے بتایا صوبے بھر سے اب تک 1 لاکھ 23 ہزار سے زائد درخواستیں موصول ہو چکی ہیں۔

    مزید پڑھیں : سولر پینلز لگوانے کے خواہشمند افراد کو بڑی رعایت مل گئی

    حکام کا کہنا ہے کہ اگر درخواست دہندگان کی تعداد دستیاب کوٹے سے تجاوز کر گئی تو مستفید ہونے والوں کا انتخاب شفاف قرعہ اندازی کے ذریعے کیا جائے گا۔

    ترجمان محکمہ توانائی کے مطابق یہ پروگرام صوبائی حکومت کی اس وسیع پالیسی کا حصہ ہے جس کا مقصد قومی گرڈ پر انحصار کم کرنا، توانائی کے اخراجات میں کمی لانا اور قابلِ تجدید توانائی کے استعمال کو فروغ دینا ہے۔

    متعلقہ معیار پر پورا اُترنے والے شہریوں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ مقررہ تاریخ سے قبل اپنی درخواستیں جمع کرا کے اس سہولت سے فائدہ اٹھائیں۔

  • بائیک اسکیم : کیا آپ ایک لاکھ روپے کے انعام کے اہل ہیں؟ اہلیت چیک کرنے کا طریقہ سامنے آگیا

    بائیک اسکیم : کیا آپ ایک لاکھ روپے کے انعام کے اہل ہیں؟ اہلیت چیک کرنے کا طریقہ سامنے آگیا

    لاہور : پنجاب حکومت کی جانب سے بائیک اسکیم کے تحت 100,000 روپے حاصل کرنے کے لئے اہلیت چیک کرنے کا مکمل طریقہ کار سامنے آگیا۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے اور صاف ستھری سفری سہولیات کے فروغ کے لیے شہریوں کو پیٹرول سے الیکٹرک موٹر سائیکل پر منتقل ہونے کی ترغیب دینے کے لیے مالی معاونت پروگرام کا آغاز کر دیا ہے۔

    "وزیراعلیٰ گرین کریڈٹ پروگرام” کے تحت شہریوں کو نئی الیکٹرک بائیک خریدنے اور رجسٹریشن کے بعد ایک لاکھ روپے تک کا مالی تعاون (گرین کریڈٹ) فراہم کیا جائے گا۔

    کون اہل ہے؟


    پروگرام کی سربراہ رضوانہ انجم نے بتایا کہ ایسے شہری جو دسمبر 2024 کے بعد نئی الیکٹرک بائیک خرید چکے ہیں، وہ اس اسکیم کے لیے اہل ہوں گے۔

    درخواست گزاروں کو درج ذیل معلومات فراہم کرنا ہوں گی

    بائیک کی خریداری کی تاریخ

    کمپنی اور ماڈل

    رجسٹریشن نمبر

    چیسز نمبر

    رجسٹریشن بُک کی کاپی

    گاڑی کی واضح تصاویر

    درخواست کی تصدیق ایک نمائندہ خود آ کر کرے گا، جس کے بعد پہلی قسط میں 50,000 روپے ادا کیے جائیں گے۔

    دوسری قسط کس صورت میں ملے گی؟


    دوسری قسط (50,000 روپے) حاصل کرنے کے لیے شہریوں کو اپنی الیکٹرک بائیک کو "گرین کریڈٹ” موبائل ایپ سے منسلک کرنا ہوگا۔

    اگر شہری چھ ماہ کے اندر 6,000 کلومیٹر سفر مکمل کر لیں، تو باقی رقم بھی ادا کر دی جائے گی۔

    منصوبے کا دائرہ کار


    مالی سال 2025 میں 2,000 پیٹرول بائیکس اور 250 دیگر گاڑیاں الیکٹرک متبادل میں تبدیل کی جائیں گی، اس اقدام سے سالانہ 8,000 ٹن کاربن اخراج کم ہونے کی توقع ہے۔

    حکومت کا ہدف ہے کہ 2030 تک پنجاب کی 30 فیصد ٹرانسپورٹ الیکٹرک ہو جائے، تاکہ ٹرانسپورٹ کے شعبے سے ہونے والی آلودگی میں 20 فیصد کمی آ سکے۔

    پرانی بائیکس یا ریٹروفٹڈ گاڑیاں شامل نہیں


    پنجاب انوائرمنٹ پروٹیکشن ایجنسی کے مطابق، یہ اسکیم صرف نئی الیکٹرک موٹر سائیکلوں پر لاگو ہو گی، ریٹروفٹڈ یا تبدیل شدہ پرانی بائیکس اس اسکیم کا حصہ نہیں ہوں گی۔

  • وزیراعظم کا گلگت بلتستان کے سیلاب متاثرہ علاقوں کیلیے 4 ارب کی گرانٹ کا اعلان

    وزیراعظم کا گلگت بلتستان کے سیلاب متاثرہ علاقوں کیلیے 4 ارب کی گرانٹ کا اعلان

    گلگت بلتستان (4 اگست 2025): وزیراعظم شہباز شریف نے میں حالیہ طوفانی بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے لیے 4 ارب کی امداد کا اعلان کیا ہے۔

    ترجمان کے مطابق وزیراعظم نے گلگت بلتستان کے دورے کے دوران سیلاب متاثرہ علاقوں کے لیے امدادی پیکیج کا اعلان کرتے ہوئے 4 ارب روپے کی گرانٹ دینے کا اعلان کیا ہے۔ اعلان کردہ امدادی رقم چند روز میں وفاق کی جانب سے جی بی حکومت کو فراہم کر دی جائے گی۔

    دریں اثنا وزیراعظم شہباز شریف سے وزیراعلیٰ گلگت بلتستان گل بر خان نے ملاقات کی اور انہیں جے بی میں حالیہ بارشوں، سیلابی صورتحال اور اس سے ہونے والے تباہی سے آگاہ کیا۔

    انہوں نے وزیراعظم کو ریسکیو اور امدادی کارروائیوں کے حوالے سے بھی آگاہ کیا جب کہ اس موقع پر گلگت بلتستان میں امن وامان کی صورتحال اور ترقیاتی کاموں پر پیش رفت پر بھی گفتگو ہوئی۔

    اس ملاقات کے حوالے سے ترجمان جی بی حکومت کے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے وزیراعظم کو سیلابی نقصانات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ سیلابی تباہی سے 20 ارب سے زائد کا نقصان ہوا ہے۔ انہوں نے وزیراعظم سے گلگت بلتستان کے سیلاب متاثرہ علاقوں کی بحالی کے لیے گرانٹ منظور کرنے کی سفارش کی۔

    علاوہ ازیں وزیراعظم کی زیر صدارت گلگت بلتستان میں طوفانی بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے نقصانات کا جائزہ لینے سے متعلق اجلاس ہوا۔ جس میں انہیں حالیہ طوفانی بارشوں اور سیلاب سے جی بی میں ہونے والے نقصانات سے آگاہ کیا گیا۔

    وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ حالیہ دنوں میں جی بی میں مختلف مقامات پر شدید بارشوں سے تباہی ہوئی۔ جی بی میں مختلف مقامات پر کلاؤڈ برسٹنگ نے تباہی پھیلائی۔ دیامر، بابوسر، گانچھے سمیت دیگر علاقے بھی تباہ ہوئے۔ وفاقی ادارے گلگت بلتستان حکومت سے رابطے میں ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے دنیا کے 10 شدید متاثر ممالک میں شامل ہے جب کہ کاربن گیس کے اخراج کے حوالے سے پاکستان کا کردار نہ ہونے کے برابر ہے۔

    وزیراعظم نے مزید کہا کہ 2022 میں بھی سیلاب سے تباہی آئی اس کی بھی وجہ یہی تھی۔ ہمارے ملک میں ہر سال کم یا زیادہ ایسی تباہی آتی ہے۔ وزارت موسمیاتی تبدیلی ،سیکریٹری اور ٹیم کو واضح ہدایت دی ہے۔ این ڈی ایم اے اور پی ڈی ایم اے بہت اچھا کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے این ڈی ایم اے کو صوبائی حکومت کو ہر قسم کی معاونت فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی

    انہوں نے ہدایت کی کہ سیاحتی مقامات کیلیے موسم کے اعتبار سے پیشگی آگہی کا نظام تشکیل دیا جائے اور مقامی آبادیوں کو پانی کی قدرتی گزرگاہوں سے دور بحال کیا جائے۔ اس کے علاوہ محکمہ موسمیات کے پیشگی اطلاع کے نظام کو مزید فعال اور مربوط بنایا جائے۔

    وزیراعظم نے آئندہ چند ماہ میں گلگت بلتستان میں پیشگی اطلاعات ومانیٹرنگ سینٹر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے ہنگامی صورتحال میں فوری ریسکیو و مدد کیلیے ایک جامع نظام تشکیل دینے، حالیہ مون سون سے متاثرہ لوگوں کی بحالی کیلیے اقدامات کو جلد مکمل اور تمام علاقوں کے مواصلاتی روابط کو ترجیحی بنیادوں پر بحال کرنے کی ہدایات بھی جاری کیں۔

    واضح رہے کہ حالیہ مون سون کے دوران گلگت بلتستان میں کلاؤڈ برسٹ سے ہونے والی غیر معمولی طوفانی بارشوں اور سیلابی ریلوں سے 10 سے زائد سیاح سیلابی ریلے میں بہہ کر جاں بحق جب کہ کئی اب تک لاپتہ ہیں۔

    سیلاب سے 500 سے زائد مکانات، 12 کلومیٹر سے زائد سڑکیں تباہ ہوئیں، 27 پل اور 22 گاڑیاں سیلابی ریلوں کی نذر ہوگئیں جبکہ کئی مساجد، اسکول، ہوٹلرز، دکانیں، مویشی خانے تباہ اور ہزاروں فٹ لکڑی ریلوں میں بہہ گئیں۔