Category: اہم ترین

پاکستان اور دنیا بھر سے اہم ترین خبریں جاننے کے لئے اے آر وائی نیوز کی اردو ویب سائٹ پر آئیں

Important Breaking News from Pakistan and World from ARY News Urdu

  • فیلڈ مارشل عاصم منیر امریکی تعلقات کو نئی جہت دے رہے ہیں، دی اکانومسٹ

    فیلڈ مارشل عاصم منیر امریکی تعلقات کو نئی جہت دے رہے ہیں، دی اکانومسٹ

    لندن(4 اگست 2025): برطانوی جریدے دی اکانومسٹ میں شائع ہونے والے مضمون میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو خراج تحسین پیش کی گئی ہے۔

    برطانوی جریدے میں شائع مضمون میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر امریکی تعلقات کو نئی جہت دینے کا باعث بن رہے ہیں، آرمی چیف عاصم منیر کی امریکی صدر ڈونلڈ  ٹرمپ سے وائٹ ہاؤس میں ملاقات خطے میں سفارتی تبدیلی کا آغاز تھی۔

    دی اکانومسٹ میں شائع مضمون کے مطابق "فیلڈ مارشل عاصم منیر امریکی تعلقات کو نئی جہت دے رہے ہیں، 18 جون کو ٹرمپ سے وائٹ ہاؤس میں ان کی نجی ملاقات خطے میں سفارتی تبدیلی کا آغاز تھی، ٹرمپ نے بھارت کو مردہ معیشت قرار دے کر 25 فیصد ٹیرف عائد کیا اور پاکستان سے تجارتی معاہدے کا اعلان کرتے ہوئے صرف 19 فیصد ٹیرف عائد کیا۔

    رپورٹ کے مطابق امریکا پاکستان سے تجارت اسلحہ اور انسداد دہشتگردی تعاون کی بحالی پر کام کر رہا ہے، یہ جنوبی ایشیا، چین اور مشرق وسطیٰ میں امریکی پالیسی میں بڑی تبدیلی کا اشارہ ہے۔

    دی اکانومسٹ میں شائع مضمون کے مطابق امریکی عہدیدار نے پاکستان کی داعش کیخلاف کارروائیوں کا اعتراف کیا، امریکا پاکستان کو بکتر بند گاڑیاں نائٹ وژن آلات دینے پر غور کر رہا ہے، امریکی پالیسی ساز بھارت کی تخریبی سرگرمیوں کا جائزہ لے رہے ہیں، عالمی سفارت کار اور سرمایہ کار براہ راست فیلڈ مارشل سے رابطے میں ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق فیلڈ مارشل نے چین اور خلیجی ممالک کے ساتھ متوازن تعلقات برقرار رکھے، بھارت کے ساتھ تنازعہ کے بعد فیلڈ مارشل کی مقبولیت میں اضافہ ہوا ہے، غیر ملکی دباؤ کے باوجود فیلڈ مارشل نے بھارت کے خلاف جوابی کارروائی کی۔

    برطانوی جریدے میں مزید کہا گیا کہ صدر ٹرمپ کے قریبی حلقے پاکستان کے کرپٹو اور مائننگ سیکٹرز میں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتے ہیں، پاکستان کی نئی سفارتی حکمت عملی عالمی سطح پر فیلڈ مارشل عاصم منیر کے کردار کو نئی شناخت دے رہی ہے۔

  • تیسرا ٹی 20: پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو شکست دے کر سیریز جیت لی

    تیسرا ٹی 20: پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو شکست دے کر سیریز جیت لی

    لاؤڈر ہل(04 اگست 2025): امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر لاؤڈر ہل میں کھیلی جانے والی کرکٹ سیریز کے تیسرے اور آخری ٹی 20 میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو شکست دے کر سیریز جیت لی۔

    تفصیلات کے مطابق لاؤڈر ہل میں کھیلے گئے تیسرے ٹی 20 میچ میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو 13 رنز سے شکست دے دی ، جس کے ساتھ ہی پاکستان ٹیم نے 3 میچوں کی سیریز دو ایک سے اپنے نام کر لی۔

    پاکستانی اوپنرز کی سنچری شراکت کی بدولت ٹیم نے 4 وکٹ کے نقصان پر 189 رنز بنائے تھے، ویسٹ انڈیز کی ٹیم ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے 6 وکٹ پر 176 رنز بنا سکی، صاحبزادہ فرحان 74 اور صائم ایوب 66 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

    خوشدل شاہ 11، فہیم اشرف 10 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، پاکستانی کھلاڑیوں نے اننگز میں 11 چھکے اور 7 چوکے لگائے، حسن علی، حارث رؤف، صائم ایوب، سفیان مقیم اور محمد نواز نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

    مین آف دی میچ، مین آف دی سیریز


    صاحبزادہ فرحان کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا، جس نے 53 گیندوں پر سب سے زیادہ 74 رنز اسکور کیے، ان کی اننگز میں 5 چھکے اور 3 چوکے بھی شامل تھے، صاحبزادہ فرحان نے کہا کہ ان کی ہمیشہ کوشش ہوتی ہے کہ رنز ٹیم کے کام آئیں، اور صائم ایوب کے ساتھ بیٹنگ میں مزہ آتا ہے۔ پوری سیریز میں بہترین کارکردگی دکھانے پر پاکستانی کھلاڑی محمد نواز کو پلیئر آف دی سیریز کا ایوارڈ دیا گیا۔

    تیسرے اور آخری ٹی ٹوئنٹی کے لیے میچ سے قبل پاکستان ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی گئی تھیں، قومی ٹیم میں شاہین آفریدی کی جگہ حارث رؤف اور فخر زمان کی جگہ خوشدل شاہ کو پلیئنگ الیون میں شامل کیا گیا تھا۔

    یاد رہے کہ 3 ٹی 20 میچز کی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو 14 رنز سے شکست دی تھی، ویسٹ انڈیز کی ٹیم 179 رنز کے تعاقب میں 7 وکٹوں پر 164 رنز بنا سکی تھی، اس میچ میں پاکستان نے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں پر 178 رنز بنائے تھے۔

    سیریز کے دوسرے میچ میں ویسٹ انڈیز ٹیم نے حساب برابر کر دیا، ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو 2 وکٹوں سے شکست دی، پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے ویسٹ انڈیز کو جیت کے لیے 134 رنز کا ہدف دیا تھا۔ مخالف ٹیم نے 20 اوورز مکمل کھیل کر 8 وکٹوں پر 135 رنز بنا کر میچ جیت لیا۔

  • پاکستان پرامن مقاصد کے لیے ایران کے جوہری پروگرام کی حمایت کرتا ہے، شہباز شریف

    پاکستان پرامن مقاصد کے لیے ایران کے جوہری پروگرام کی حمایت کرتا ہے، شہباز شریف

    اسلام آباد (03 اگست 2025): وزیر اعظم پاکستان میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان پرامن مقاصد کے لیے ایران کے جوہری پروگرام کی حمایت کرتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایران کے صدر مسعود پزشکیان کے دورہ پاکستان کے موقع پر آج ایک اہم تقریب منعقد ہوئی جس میں دونوں ممالک کے درمیان مختلف معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں کی دستاویزات کا تبادلہ کیا گیا، تقریب میں ایرانی صدر اور شہباز شریف نے بھی شرکت کی۔

    بعد ازاں وزیر اعظم نے خطاب میں کہا کہ پاکستان ایران کے حق کے لیے اس کے ساتھ کھڑا ہے، اور پر امن مقاصد کے لیے اس کے جوہری پروگرام کا حامی ہے، اسرائیل نے بغیر کسی وجہ کے ایران کے خلاف جارحیت کی، حکومت پاکستان اور 24 کروڑ پاکستانیوں نے اس جارحیت کی مذمت کی۔

    شہباز شریف نے کہا ہم نے کئی مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے ہیں، جو جلد ہی معاہدوں میں تبدیل ہوں گی، اور 10 ارب ڈالر تجارتی ہدف جلد حاصل کریں گے۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان اور ایران کی سوچ یکساں ہے، خطے میں امن اور ترقی کی شاہراہیں کھولنی ہیں جو پائیدار امن سے ہی ممکن ہے۔


    ایرانی صدر کی وزیراعظم ہائوس آمد پر پرتپاک استقبال، گارڈ آف آنر پیش


    وزیر اعظم پاکستان کا کہنا تھا کہ اسرائیل کی ایران کے خلاف جارحیت کا کوئی جواز نہیں تھا، شہید ایرانی جنرلز، سائنس دانوں اور شہریوں کو اللہ تعالیٰ جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے، ایرانی فوج اور عوام نے شجاعت کے ساتھ مقابلہ کیا، اور ایرانی میزائلوں کی بارش نے اسرائیلی دفاعی نظام کو بری طرح بے نقاب کر دیا۔

    انھوں نے کہا غزہ میں بے گناہ لوگوں کا خون بہایا جا رہا ہے، ایرانی قیادت نے مظلوم فلسطینوں کے لیے بھرپور آواز اٹھائی، پاکستان نے بھی ہر فورم پر فلسطینیوں کے حق میں آواز بلند کی، غزہ میں فوری سیز فائر ہونا چاہیے اور بے پناہ مظالم کے خلاف مہذب دنیا کو بھرپور آواز اٹھانی چاہیے۔

    واضح رہے کہ تقریب میں ایران کے وزیر تجارت اور پاکستانی وزیر برائے تحفظ خوراک کے درمیان، وزیر مملکت خزانہ و ریلوے اور ایران کے وزیر خارجہ، وفاقی وزیر خالد مگسی اور ایرانی سفیر رضا امیری مقدم کے درمیان، وفاقی وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ اور ایرانی وزیر کے درمیان یادداشتوں کا تبادلہ ہوا۔

    پاکستان اور ایران کے درمیان موسمیاتی شعبے،بحری شعبے، ثقافتی روابطہ کے فروغ، قانون و انصاف اور داخلہ امور، فضائی خدمات کے شعبے، مصنوعات کا معیار بہتر بنانے کے شعبے، سیاحت اور عوامی خدمات کے شعبے میں تعاون، اور آزادانہ تجارت کے معاہدے کو حتمی شکل دینے کی یادداشت کا تبادلہ ہوا۔

  • آئندہ ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز (WCL) میں شرکت سے متعلق پاکستان کا بڑا فیصلہ

    آئندہ ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز (WCL) میں شرکت سے متعلق پاکستان کا بڑا فیصلہ

    لاہور (03 اگست 2025): پاکستان نے آئندہ ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی زیر صدارت بورڈ آف گورنرز کے اجلاس میں ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز کے دہرے معیار پر مایوسی کا اظہار کیا گیا، اور پاکستانی کھلاڑیوں پر آئندہ ڈبلیو سی ایل میں شرکت پر پابندی کا فیصلہ کیا گیا۔

    پی سی بی کا مؤقف ہے کہ ڈبلیو سی ایل نے جان بوجھ کرمیچ نہ کھیلنے والی ٹیم کو پوائنٹس دیے، نیز پاک بھارت لیجنڈز میچ کی منسوخی پر تعصب سے بھری پریس ریلیز بھی جاری کی گئی، جس میں چیمپئن شپ کے مقصد کو سیاسی مفادات کے تابع کیا گیا۔

    پی سی بی نے ٹورنامنٹ کے اصولوں کو غیر مرئی دباؤ پر پامال کرنے کا عمل افسوس ناک قرار دیا، اور کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کھیل کو سیاست سے الگ رکھنے کا علم بردار ہے، منتظمین کا جانب دار رویہ اس ٹورنامنٹ کے مستقبل کے لیے تشویش ناک ہے۔


    دوسرا ٹی 20، ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو 2 وکٹوں سے شکست دے دی


    پی سی بی کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ ڈبلیو سی ایل کی معذرت مخصوص قوم پرستی کے دباؤ کا ایک ثبوت ہے، اور یہ واضح کیا جاتا ہے کہ بین الاقوامی کھیلوں میں دوغلا رویہ ناقابل قبول ہے، غیر جانب دار اصولوں کی خلاف ورزی سے افسوس ناک صورت حال پیدا ہوئی، اس لیے پاکستان کرکٹ بورڈ آئندہ اپنی ٹیم کو اس ٹورنامنٹ میں نہیں بھیجے گا

    پی سی بی نے ڈبلیو سی ایل پر واضح کیا کہ ایسے مقابلے میں شرکت نہیں ہوگی جسے سیاست نے داغ دار کر دیا ہو۔

  • اسلام آباد، راولپنڈی اورگرد و نواح میں زلزلے کے جھٹکے

    اسلام آباد، راولپنڈی اورگرد و نواح میں زلزلے کے جھٹکے

    اسلام آباد (03/08/2025)  شہر اقتدار اسلام آباد، راولپنڈی اور گرد و نواح میں ایک بار پھر زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی اور گرد و نواح میں کل رات کے بعد آج ایک بار پھر زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔

    اس کے علاوہ مردان اور گردو نواح ، چکوال میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں، اسلام آباد میں لوگ خوفزدہ ہوکر کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے۔

    زلزلہ پیما مرکز کے مطابق ریکٹر اسکیل پر زلزلےکی شدت5.1ریکارڈ کی گئی، زلزلے کے جھٹکے رات 12:10منٹ پر محسوس کیے گئے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق زلزلے کی شدت5.1اور گہرائی 10کلومیٹر ریکارڈ کی گئی ہے، زلزلے کا مرکز روات  سے 15 کلومیٹر جنوب مشرق میں تھا۔

    اس کے علاوہ مری اور ہری پور میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، شانگلہ، تلہ گنگ، کلر کہار، گوجر خان، کالا باغ شہر اور گردو نواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔

    این ڈی ایم اے رپورٹ

    نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی اور گرد و نواح میں آنے والے زلزلے کی شدت5ریکارڈ کی گئی ہے، جس کا مرکز اسلام آباد کے قریب تھا۔

    این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ زلزلہ 10 کلومیٹر گہرائی میں آیا، تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے، سب سے زیادہ شدت اسلام آباد اوراس کے اطراف محسوس کی گئی۔

    اس کے علاوہ جہلم، گوجر خان، اٹک، ہری پور، چکوال اور لاہور تک جھٹکے رپورٹ ہوئے، کہوٹہ، مری، جہلم سمیت کئی شہروں میں زلزلے کےجھٹکے محسوس کیے گئے۔

    این ڈی ایم اے کے مطابق زلزلے کی شدت قریبی علاقوں میں زیادہ اور دور علاقوں میں کم رہی، گوجرانوالہ، مظفرآباد تک زلزلے کے جھٹکے رپورٹ ہوئے۔

    مزید پڑھیں : اسلام آباد ، لاہور اور پشاور میں زلزلے کے جھٹکے

    یاد رہے کہ گزشتہ رات بھی رات گئے اسلام آباد لاہور اور پشاور سمیت دیگر شہروں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔

    کل رات آنے والے زلزلے کی شدت 5.4ریکارڈ کی گئی تھی جبکہ زلزلے کا مرکز کوہ ہندو کش ریجن افغانستان تھا اور اس کی گہرائی 102 کلومیٹر تھی۔

  • پاک فضائیہ نے بھارتی رافیل کیسے گرائے؟ خبر ایجنسی روئٹرز حقائق سامنے لے آئی

    پاک فضائیہ نے بھارتی رافیل کیسے گرائے؟ خبر ایجنسی روئٹرز حقائق سامنے لے آئی

    پاکستان نے بھارتی رافیل طیارے کیسے گرائے، برطانوی خبر رساں ادارے کی نئی انکشافات سے بھرپور رپورٹ آگئی۔

    برطانوی خبر رساں ادارے نے بھارتی رافیل سے متعلق نئی انکشافات سے بھرپور رپورٹ پیش کردی ہے جس کے مطابق  7 مئی کی رات کو پاکستان ایئرفورس کے ریڈار پر بھارتی طیارے نمودار ہوئے، ریڈار سگنل ملتے ہی ایئر چیف مارشل ظہیر سدھو نے جے 10 سی اڑانے کا حکم دیا۔

    رائٹرز کے مطابق ظہیر سدھو نے رافیل کو نشانہ بنانے کے خصوصی احکامات جاری کیے، وہ کئی روز سے کنٹرول روم میں سوتے تھے، 2 گھنٹے پر محیط طویل فضائی لڑائی میں دونوں جانب سے 110 لڑاکا طیاروں نے حصہ لیا، مایرہن کا اندازہ ہے کہ یہ دہائیوں بعد ہونیوالی سب سے بڑی فضائی لڑائی تھی۔

    خیبر ایجنسی کے مطابق بھارتی رافیل گرنے میں غلطی بھارتی انٹیلی جنس کی تھی رافیل کی نہیں، بھارتی پائلٹ سمجھ رہے تھے وہ پاکستان کے پی ایل 15 میزائلوں کی رینج سے دور ہیں۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارتی پائلٹوں کو توقع نہیں تھی کہ اتنی دور سے بھی وہ نشانہ بن سکتے ہیں، اسی دوران پاکستانی جے 10 سی نے کم ازکم ایک رافیل طیارے کو مار گرایا۔

    خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق بھارت نے پاکستان پر حملے کیلئے 70 طیارے روانہ کیے لیکن پاکستان کے پاس نشانہ بنانے کیلئے بھارتی طیاروں کی کمی تھی، پاکستان نے بھارتی ریڈار جام کیے جس سے رافیل کے پائلٹ صورتحال سے لاعلم رہے۔

    برطانوی ادارے کا کہنا ہے کہ بھارتی پائلٹوں کو توقع نہیں تھی کہ اتنی دور سے بھی وہ نشانہ بن سکتے ہیں، پی ایل 15 میزائلوں نے 200 کلومیٹر دور سے بھارتی طیاروں کو مار گرایا تھا۔

    اہم پوائنٹس

    • سرپرائز اور انٹیلی جنس کی ناکامی: بھارتی رافیل کے گرنے کی وجہ بھارت کی انٹیلی جنس کی ناکامی تھی، جس نے پاکستان کے چینی ساختہ PL-15 میزائل کی رینج کو کم سمجھا، جو تقریباً 200 کلومیٹر سے حملہ آور ہوا، جو کہ اس کے برآمدی ورژن کی متوقع 150 کلومیٹر رینج سے کہیں زیادہ تھا۔
    • عقود میں سب سے بڑی فضائی جنگ: 7 مئی کی جھڑپ میں تقریباً 110 طیاروں نے حصہ لیا، جو اسے حالیہ دہائیوں میں دنیا کی سب سے بڑی فضائی جنگ بناتی ہے، جس میں پاکستان کے J-10C جیٹس نے بھارت کے جدید رافیل لڑاکا طیاروں کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔
    • پاکستان کا موثر کِل چین: پاکستان کی بہتر حالاتی آگہی ایک کثیر-جہتی "کِل چین” نیٹ ورک سے حاصل ہوئی، جس میں زمین، فضا اور خلائی سینسرز کو مربوط کیا گیا، بشمول ڈیٹا لنک 17 سسٹم، جس نے J-10s کو اپنے ریڈار بند کرکے غیر محسوس شدہ طور پر آپریٹ کرنے کی اجازت دی۔
    • الیکٹرانک جنگ کا فائدہ: پاکستان نے بھارتی نظاموں کو خلل ڈالنے کے لیے الیکٹرانک جنگ کا استعمال کیا، جس سے گھات لگانے میں مدد ملی، حالانکہ بھارتی حکام نے اس کی تاثیر پر تنازعہ کیا، خاص طور پر یہ دعویٰ کیا کہ ان کے رافیل متاثر نہیں ہوئے۔

    Pakistan shot down India’s Rafale in Operation Sindoor response

  • ایرانی صدر مسعود پزشکیان پاکستان پہنچ گئے

    ایرانی صدر مسعود پزشکیان پاکستان پہنچ گئے

    لاہور(2 اگست 2025): ایران کے صدر مسعود پزشکیان 2 روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پیزشکیان اپنے دو روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ گئے ہیں، ایرانی صدر اپنے دورہ پاکستان کا آغاز لاہور سے کریں گے اور تاریخی شہر میں علامہ اقبال کے مزار پر حاضری دیں گے۔

    وہ لاہور میں مختصر قیام کے بعد اسلام آباد روانہ ہوں گے، یاد رہے کہ ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا تھا کہ صدر مسعود پیزشکیان وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر پاکستان پہنچ رہے ہیں۔

    پاکستان روانگی سے قبل ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے میڈیا سے گفتگو کی تھی جس میں ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے بتایا کہ دورے کے دوران سرحدی سلامتی، علاقائی امن کے امور زیرِ بحث آئیں گے۔

    انہوں نے کہا تھا کہ سرحدی منڈیاں اور رابطے باہمی تعاون کی نئی راہیں کھول سکتے ہیں، وہ پاکستان اور چین کے ون بیلٹ ون روڈ منصوبے میں فعال شرکت کے خواہاں ہیں جس سے ایران کو یورپ سے جوڑنے کا موقع مل سکتا ہے۔

    مسعود پزشکیان نے کہا کہ کوشش ہے کہ دو طرفہ تجارت کا حجم 10 ارب ڈالر تک پہنچے، پاک ایران اسلامی اتحاد کو نقصان پہنچانے کی کوششیں ناکام ہوں گی۔

  • خواجہ شمس الاسلام پر حملہ کرنے والا ملزم حملے سے پہلے کیا کر رہا تھا؟ کیسے فائرنگ کی؟ نئی فوٹیج

    خواجہ شمس الاسلام پر حملہ کرنے والا ملزم حملے سے پہلے کیا کر رہا تھا؟ کیسے فائرنگ کی؟ نئی فوٹیج

    کراچی (02 اگست 2025): ایڈووکیٹ خواجہ شمس الاسلام کے قتل کی مزید واضح فوٹیجز اے آر وائی نیوز نے حاصل کر لی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں قتل ہونے والے ایڈووکیٹ خواجہ شمس الاسلام پر فائرنگ کی اے آر وائی نیوز نے مزید واضح فوٹیجز حاصل کر لی ہیں، جس سے پتا چلتا ہے کہ فائر کرنے والا کہاں موجود تھا اور کیسے فرار ہوا؟

    فوٹیج میں مسجد کی سیڑھیوں سے نمازیوں کو اترتے دیکھا جا سکتا ہے، شمس الاسلام اپنے بیٹے کے ساتھ نیچے آ رہے تھے، جب کہ حملہ آور عمران آفریدی نمازی بن کر نیچے صف میں بیٹھا ہوا تھا۔


    کراچی: ڈیفنس فیز 6 میں فائرنگ سے سینئر وکیل خواجہ شمس الاسلام جاں بحق


    فوٹیج کے مطابق جب خواجہ شمس الاسلام آخری سیڑھی پر پہنچے تو ملزم تیزی سے چلتا ہوا آیا، جس نے ویسٹ کوٹ کی الٹے ہاتھ کی جیب میں پستول رکھا ہوا تھا، ملزم نے پستول کو بائیں ہاتھ سے دائیں ہاتھ پر منتقل کیا، اور قریب پہنچ کر خواجہ پر گولیاں چلائیں اور فرار ہو گیا۔

    گولیاں چلتے ہی شمس الاسلام اپنے بیٹے سمیت سیڑھیوں پر گر گئے، ملزم نے فیس ماسک، پاؤں میں موزے، ہاتھ میں گھڑی باندھ رکھی تھی، اور وہ سیدھے ہاتھ میں پستول تھامے مسجد کے خارجی راستے کی طرف فرار ہوا۔

  • کراچی: ڈیفنس فیز 6 میں فائرنگ سے سینئر وکیل خواجہ شمس الاسلام جاں بحق

    کراچی: ڈیفنس فیز 6 میں فائرنگ سے سینئر وکیل خواجہ شمس الاسلام جاں بحق

    کراچی (1 اگست 2025): ڈیفنس میں نامعلوم مسلح ملزم کی فائرنگ سے سینئر وکیل خواجہ شمس الاسلام جاں بحق جبکہ مقتول کا بیٹا زخمی ہوگیا۔

    فائرنگ کا واقعہ فیز 6 میں مسجد کے قریب پیش آیا جہاں مقتول اور بیٹے نے ایک نماز جنازہ میں شرکت کی۔ خواجہ شمس الاسلام اور بیٹے کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔

    خواجہ شمس الاسلام کی حالت تشویشناک بتائی گئی جبکہ بعد وہ جانبر نہ ہو سکے۔ مقتول کا بیٹا اسپتال میں زیرِ علاج ہے۔

    ڈی آئی جی ساؤتھ نے تصدیق کی کہ ڈیفنس فیز 6 میں فائرنگ سے ایڈووکیٹ خواجہ شمس الاسلام جاں بحق ہوگئے، ان کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا تھا مگر جانبر نہ ہو سکے انہوں نے بتایا کہ فائرنگ سے مقتول کا بیٹا بھی زخمی ہے۔

    کیس میں بڑی پیش رفت: قاتل کی شناخت کر لی گئی

    دریں اثنا قتل کے اس کیس میں چند گھنٹے میں ہی بڑی پیش رفت ہوئی ہے اور خواجہ شمس الاسلام کے قاتل کی شناخت کر لی گئی ہے۔

    ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا کے مطابق خواجہ شمس الاسلام کا قاتل ان کے سابق گن مین کا بیٹا عمران آفریدی ہے۔ ملزم نے چند ماہ قبل بھی خواجہ شمس پر حملہ کیا تھا۔

    ڈی آئی جی ساؤتھ کے مطابق ملزم کا الزام ہے کہ اس کے والد کو خواجہ شمس الاسلام نے 2021 میں قتل کرایا تھا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم عمران آفریدی کی گرفتاری کے لیے حکمت عملی تیار کر لی ہے اور شہر سے باہر جانے والے مختلف مقامات پر ناکہ بند کر دی گئی ہے۔

    پولیس کے مطابق سہراب گوٹھ پر بس اڈوں ور شہر سے باہر جانے والے تمام راستوں پر ناکے لگا دیے گئے ہیں۔ ملزم کی تصاویر اور دیگر تفصیلات پولیس ناکوں تک پہنچا دی گئی ہیں اور ہر بس کو روک کر چیک کیا جا رہا ہے۔

    وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے فائرنگ کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی ساؤتھ سے ابتدائی کارروائی کی تفصیلات دیں۔

    ضیاالحسن لنجار نے کہا کہ فائرنگ کرنے والے ملزمان کی گرفتاری کیلیے پولیس ٹیم متحرک کی جائے، واقعے کی لمحہ بہ لمحہ رپورٹ سے آگاہ کیا جائے۔

    خواجہ شمس الاسلام کی پوسٹ مارٹم رپورٹ:

    ڈیفنس فیز 6 میں فائرنگ کر کے قتل کیے جانے والے معروف سینئر وکیل خواجہ شمس الاسلام کا پوسٹ مارٹم مکمل کر لیا گیا ہے۔

    انچارج سی ٹی ڈی عمر خطاب کے مطابق شمس الاسلام کو ایک گولی لگی جو دل کو چیرتی ہوئی نکلی اور جان لیوا ثابت ہوئی۔

    راجا عمر خطاب نے مزید بتایا کہ فائرنگ کے واقعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کر لی ہے اور ملزمان کے بارے میں مزید معلومات حاصل کر رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ملزم کا باپ کے قتل کے الزام کی تصدیق کر رہے ہیں۔ ممکنہ طور پر یہ واقعہ ذاتی دشمنی کا بھی ہو سکتا ہے۔ خواجہ شمس الاسلام نےبھی قاتل پر مقدمہ درج کرا رکھا تھا۔

    قاتل کے سہولت کاروں کی گرفتاری کے لیے چھاپے:

    ایڈووکیٹ خواجہ شمس الاسلام کے قتل میں ملوث ملزم عمران آفریدی کے سہولت کاروں کی گرفتاری کے لیے پولیس نے چھاپے مار کر متعدد افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔

    پولیس کے مطابق اختر کالونی، شیریں جناح کالونی اور کلفٹن میں چھاپے مارے گئے، جس میں متعدد افراد کو حراست میں لیا گیا۔

  • معیشت کیلیے اچھی خبر، خام تیل کے حصول میں امریکا سے معاہدے میں بڑی پیشرفت

    معیشت کیلیے اچھی خبر، خام تیل کے حصول میں امریکا سے معاہدے میں بڑی پیشرفت

    اسلام آباد(1 اگست 2025): خام تیل کے حصول میں امریکا سے معاہدے میں پیش رفت ہوئی ہے، پاکستان پہلی بار امریکی خام تیل درآمد کرے گا۔

    تفصیلات کے مطابق  پاکستان کی ریفائنری سرنرجیکو نے براہ راست امریکی خام تیل منگوانے کا فیصلہ کرلیا، پاکستان کی پٹرولیم ریفائنری کمپنی سنرجیکو لمیٹڈ لگ بھگ 10 لاکھ بیرل خام تیل امریکا سے منگوائے گا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکی خام تیل کی پہلی کھیپ اکتوبر 2025 میں پاکستان آنے  کا امکان ہے، امریکی خام تیل وائٹل ٹریڈنگ کے ذریعے طے پایا ہے، وائٹل ٹریڈنگ دنیا کی سب سے بڑی تیل ٹریڈنگ کمپنی  ہے۔

    ذرائع کا بتانا ہے کہ امریکی خام تیل کا گریڈ سعودی خام تیل کے مطابق ہی ہے، امریکی خام تیل کا یہ معاہدہ امریکا کے ساتھ حصہ تجارتی معاہدے کے بعد طے ہوا ہے۔

    دوسری جانب کمپنی کے نائب چیئرمین اسامہ قریشی نے رائٹرز سے گفتگو میں اس پیش رفت کی تصدیق کی ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار امریکا سے تیل کی درآمد کی جارہی ہے، پاکستان کی سب سے بڑی ریفائنری کمپنی سنرجیکولمیٹڈ نے اعلان کیا ہے کہ وہ اکتوبر میں عالمی توانائی کمپنی Vitol سے ایک ملین بیرل امریکی خام تیل درآمد کرے گی۔

    اسامہ قریشی کے مطابق، ٹرمپ کے بیان کے بعد پاکستان کی وزارت خزانہ اور وزارت پیٹرولیم نے مقامی ریفائنریوں کو امریکی خام تیل درآمد کرنے کی حوصلہ افزائی کی۔

    امریکا نے پاکستانی برآمدات پر 19 فیصد ٹیرف عائد کردیا

    واضح رہے کہ یہ معاہدہ کئی ماہ کی بات چیت کے بعد طے پایا ہے، جس کا آغاز اپریل میں اس وقت ہوا جب سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان کی برآمدات پر 29 فیصد ٹیکس لگانے کی دھمکی دی تھی۔

    یہ بھی یاد رہے کہ امریکا نے پاکستان پر تجارتی ٹیرف میں  10 فیصد کمی کردی ہے، امریکا میں پاکستانی مصنوعات پر 29 کی بجائے 19 فیصد ٹیکس عائد ہوگا جبکہ بھارت پر 25 فیصد، اسرائیل پر 15 فیصد اور جاپان پر بھی 15 فیصد امریکی ٹیرف عائد ہوا ہے۔