Category: اہم ترین

پاکستان اور دنیا بھر سے اہم ترین خبریں جاننے کے لئے اے آر وائی نیوز کی اردو ویب سائٹ پر آئیں

Important Breaking News from Pakistan and World from ARY News Urdu

  • امریکا کی پاکستان کو بھارت کے مقابلے میں رعایت، 19 فیصد ٹیرف عائد

    امریکا کی پاکستان کو بھارت کے مقابلے میں رعایت، 19 فیصد ٹیرف عائد

    واشنگٹن(1 اگست 2025): امریکا نے پاکستانی برآمدات پر 19 فیصد ٹیرف عائد کردیا ہے، ٹیرف سے متعلق ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کر دیئے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا کی پاکستان سے قربتیں بڑھنے لگیں، صدر ٹرمپ کے عائد کردہ ٹیرف کے بعد پاکستانی ٹیکسٹائل صنعت کے فروغ کے امکانات روشن ہوگئے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق وائٹ ہاؤس کی جانب سے اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ نے پاکستانی برامدات پر 19 فیصد ٹیرف عائد کر دیا، جبکہ اس کے مقابلے میں بھارت پر 25 فیصد ٹیرف عائد کیا گیا ہے۔

    امریکی صدرنے مختلف ممالک پر ٹیرف سے متعلق ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کر دیئے، جس میں تمام ممالک پر ٹیرف کی تفصیلات واضح کی گئی ہیں۔

    آرڈر کے مطابق کینیڈا پر 25 فیصد سے بڑھا کر 35 فیصد ٹیرف کردیا گیا، جبکہ بھارت پر 25 فیصد، بنگلہ دیش پر 20، ترکیہ، افغانستان  اور اسرائیل پر 15 فیصد، جنوبی افریقہ پر 30، ویتنام پر 20، وینزویلا پر 15 فیصد ٹیرف عائد کر دیا گیا۔

    وائٹ ہاوس ذرائع کے مطابق امریکا کی جانب سے سوئٹرز لینڈ پر 39، عراق پر35، جاپان پر 15 فیصد، لیبیا پر 30 فیصد، میانمار پر 40 فیصد، برطانیہ پر 10 فیصد شام پر 41 فیصد، میانمار پر40 ٹیرف عائد کیا گیا ہے، نئے ٹیرف کا اطلاق آج یعنی یکم اگست سے ہوگا۔

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹیرف سے متعلق ایگزیکٹو آرڈر جاری کردیا ہے اس موقعے پر انہوں نے کہا کہ تجارتی مذاکرات، باہمی مشاورت و سفارشات اور معلومات کی بنیاد پر ٹیرف لگایا ہے۔

    صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ تجارتی خسارے میں غیر معمولی اضافہ امریکی سلامتی کیلئے خطرہ بنتا جارہا تھا، اقتدار سنبھالتے ہی تجارتی خسارے میں کمی کیلئے ہنگامی اقدامات کئے۔

    امریکی صدر کا کہنا تھا کہ کچھ ممالک نے کامیاب تجارتی مذاکرات کر کے متوازن ٹیرف پر اتفاق کیا، تجارتی مذاکرت میں ناکام ممالک پر اضافی ٹیرف عائد کیا گیا۔

  • حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں بڑی کمی کردی

    حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں بڑی کمی کردی

    حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی کا اعلان کردیا۔

    حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 7 روپے 54 پیسے فی لیٹر سستا کردیا جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 264 روپے 61 پیسے ہوگئی ہے۔

    ڈیزل ایک روپے 48 پیسے مہنگا ہوگیا جس کے بعد ڈیزل کی فی لیٹر نئی قیمت 285 روپے 83 پیسے مقرر ہوگئی۔

    واضح رہے کہ حکومت کی جانب سے ہر 15 روز میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کیا جاتا ہے جبکہ نئی قیمتوں کا اطلاق رات 12 بجے سے ہوگا۔

    علاوہ ازیں اگست کے لیے ایل پی جی کی قیمت میں 17 روپے 74 پیسے فی کلو کمی کی گئی ہے جس کے بعد ایل پی جی کی فی کلو قیمت 215 روپے 36 پیسے ہوگئی۔

    یہ پڑھیں: پیٹرول کی قیمت میں بڑی کمی کا امکان

    واضح رہے کہ اس سے قبل ذرائع کا کہنا تھا کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں کمی جبکہ مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل کی قیمت بڑھنے کا امکان ہے۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ پیٹرول 9 روپے 7 پیسے فی لیٹر سستا ہونے کا امکان ہے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل 3 روپے 73 پیسے فی لیٹر سستا ہوسکتا ہے۔

    مٹی کے تیل کی قیمت میں 3 روپے 55 پیسے اور لائٹ ڈیزل 2 روپے 33 پیسے فی لیٹر مہنگا ہونے کا امکان تھا۔

  • گیس کے گھریلو کنکشنز پر عائد پابندی ختم کرنے کا فیصلہ

    گیس کے گھریلو کنکشنز پر عائد پابندی ختم کرنے کا فیصلہ

    اسلام آباد: پیٹرولیم ڈویژن نے گیس کے گھریلو کنکشنز پر عائد پابندی ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ذرائع کا بتانا ہے کہ پیٹرولیم ڈویژن نے گیس کنکشنز پر عائد پابندی کے خاتمے کی سمری ارسال کردی۔

    گھریلو صارفین کو درآمدی گیس کے کنکشنز فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ نئے گیس صارفین کو درآمدی گیس کے کنکشنز فراہم کیے جائیں گے، درآمدی گیس کنکشنز کی فیس قدرتی گیس کنکشنز سے کئی گنا زیادہ ہوگی۔

    یہ پڑھیں: نئے گیس کنکشن کے حوالے سے بڑی خوشخبری

    درآمدی گیس کے نئے کنکشن کی فیس 41 ہزار روپے تک ہوگی اور وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد نئے گیس کنکشنز کا اجرا شروع کیا جائے گا۔

    واضح رہے کہ رواں ماہ پیٹرولیم ڈویژن سے منسلک ذرائع نے دعویٰ کیا تھا کہ وفاقی حکومت نئے گیس کنکشن پر عائد پابندی ہٹانے پر غور کر رہی ہے۔

    پیٹرولیم ڈویژن کو نئے کنکشن کیلیے ہوم ورک مکمل کرنے اور نئے گھریلو اور کمرشل صارفین کی ضروریات کا اندازہ لگانے کی ہدایت کی گئی تھی۔

    تمام سیکٹرز کو گیس فراہمی میں کمی سے سسٹم میں اضافی گیس دستیاب ہے، سوئی کمپنیوں کے گیس نقصانات پر بھی بڑی حد تک قابو پا لیا گیا ہے، سسٹم میں اضافی گیس کے باعث ایل این جی کے 5 کارگوز کو مؤخر کیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے گیس دستیابی میں کمی کے باعث 2019 میں نئے گیس کنکشن پر پابندی لگائی تھی۔

  • سخت ترین قانونی شکنجہ تیار ، گاڑی مالکان ہوشیار ہوجائیں!

    سخت ترین قانونی شکنجہ تیار ، گاڑی مالکان ہوشیار ہوجائیں!

    اسلام آباد : گاڑی مالکان ہوشیار ہوجائیں ، سیفٹی اسٹینڈرڈز نہ ہونے پر سخت ترین قانونی شکنجہ تیار کرلیا گیا، خلاف ورزی پر قید اور کروڑوں روپے جرمانے کی سزائیں ہوں گی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان میں پہلی بار گاڑیوں کے لیے بین الاقوامی معیار کے سیفٹی اسٹینڈرڈز کو لازمی قرار دینے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔

    وفاقی کابینہ نے موٹر وہیکلز انڈسٹری ڈیولپمنٹ ایکٹ کی منظوری دے دی ہے، جس کے تحت گاڑیاں تیار کرنے والی کمپنیوں کو سخت قانونی تقاضے پورے کرنا ہوں گے۔

    سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی پر سخت سزائیں تجویز

    اس ایکٹ کے تحت گاڑیوں میں سیفٹی اسٹینڈرڈز کی عدم موجودگی یا خلاف ورزی پر تین سال قید اور ایک کروڑ روپے تک جرمانہ عائد کیا جا سکے گا۔

    اسی طرح بغیر رجسٹریشن گاڑی فروخت کرنے پر ایک سال قید یا پانچ لاکھ روپے جرمانہ ، خراب پرزے یا گاڑی کو ری کال نہ کرنے پر دو سال قید یا پچاس لاکھ روپے جرمانہ جبکہ سیفٹی سرٹیفکیٹ جاری نہ کرنے پر چھ ماہ قید یا پانچ لاکھ روپے تک جرمانہ ہے۔

    ای ڈی بی (انجینئرنگ ڈیولپمنٹ بورڈ) کی ہدایات پر عمل نہ کرنے پر تین سال قید یا ایک کروڑ روپے جرمانہ کی سزا تجویز کی گئی ہے۔

    وزارت صنعت و پیداوار کا کہنا ہے کہ یہ قانون صارفین کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ترتیب دیا گیا ہے۔ پاکستان میں طویل عرصے سے گاڑیوں میں سیفٹی فیچرز کی کمی کے باعث حادثات میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جبکہ بین الاقوامی سطح پر گاڑیوں میں ایئر بیگز، اینٹی لاک بریکنگ سسٹم (ABS)، اور دیگر جدید حفاظتی نظام لازمی تصور کیے جاتے ہیں۔

    اس قانون کے تحت انجینئرنگ ڈیولپمنٹ بورڈ (EDB) کو گاڑیوں کے سیفٹی اسٹینڈرڈز کی نگرانی، سیفٹی سرٹیفکیٹس کے اجرا، اور خلاف ورزیوں پر قانونی کارروائی کا اختیار دیا گیا ہے۔

    حکومت نے گاڑیوں کی مقامی و غیر ملکی مینوفیکچرنگ کمپنیوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ فوری طور پر عالمی معیار کے سیفٹی فیچرز اپنی گاڑیوں میں شامل کریں، بصورت دیگر سخت کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

    یاد رہے کہ یہ قانون آئندہ چند ہفتوں میں باضابطہ طور پر نافذ العمل ہو جائے گا۔

  • 9 مئی کیسز :  عمر ایوب،  شبلی فراز  اور زرتاج گل سمیت مرکزی قیادت کو 10 سال قید کی سزا

    9 مئی کیسز : عمر ایوب، شبلی فراز اور زرتاج گل سمیت مرکزی قیادت کو 10 سال قید کی سزا

    فیصل آباد : انسدادد ہشت گردی کی عدالت نے 9 مئی کے مقدمے میں عمر ایوب، علی امین گنڈا پور، زرتاج گل سمیت مرکزی قیادت کو 10 سال قید کی سزا سنادی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق فیصل آباد میں انسداد دہشت گردی کی عدالت نے 9 مئی کے مقدمے کا فیصلہ سنا دیا ، فیصلے میں پی ٹی آئی عمر ایوب، شبلی فراز، زرتاج گل سمیت مرکزی قیادت کو 10سال قید کی سزا سنادی۔

    فواد چوہدری ، زین قریشی ، ایم پی اے خیال کاسترو سمیت 7ملزمان کو بری کیا گیا جبکہ ایم پی اے جنید افضل ساہی کو 3 سال قید کی سزاسنائی۔

    شیخ رشید کے بھتیجے شیخ راشدشفیق کو بھی فیصل آباد 9 مئی کے مقدمہ میں 10سال قید کی سزاسنائی گئی۔

    اے ٹی سی فیصل آباد نے 9 مئی کیس میں 108 ملزموں کو سزا سنائی جبکہ 77 ملزمان کو بری کردیا۔

    عدالت نے اشرف سوہنا، رائے حسن نواز، رائے مرتضیٰ اقبال، چوہدری بلال اعجاز، مسز فرخ آغا،فرخندہ کوکب، کنول شوزب، محمد احمد چٹھہ، چوہدری آصف علی، شکیل احمد خان نیازی، سردارعظیم اللہ خان، مہر محمد جاوید اور محمدانصراقبال کو 10 سال قید کی سزا سنائی ۔

    یاد رہے انسداد دہشت گردی عدالت نے 26 جولائی نو مئی کے 4 میں سے تین مقدمات کا ٹرائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

    مزید پڑھیں : پی ٹی آئی کے 50 بڑے رہنماؤں کے وارنٹ گرفتاری جاری

    تھانہ سول لائن میں حساس ادارے پر حملے کے مقدمہ نمبر 835 ، تھانہ سول لائن میں پولیس وین جلانے کے مقدمہ نمبر 832 اور تھانہ غلام محمد آباد پر حملے کے مقدمہ نمبر 1277 کا فیصلہ محفوظ کیا گیا تھا۔

    سابق وزیر داخلہ رانا ثنااللہ کے گھر حملہ کیس کا ٹرائل جاری ہے، تھانہ سمن آباد کے مقدمے کے ملزمان کے بیانات ریکارڈ کئے جا رہے ہیں

    نو مئی کے 4 مقدمات میں پی ٹی آئی قیادت سمیت 21 ملزمان نامزد ہیں ، جس مین اپوزیشن لیڈر عمر ایوب ، شبلی فراز ، زرتاج گل ، علی امین ، فرخ حبیب ، فواد چوہدری ، شاہ محمود ، فیض اللہ کموکا بھی نامزد ہیں۔

    ملزم ارکان اسمبلی میں صاحبزادہ حامد رضا،علی سرفراز ،عمر فاروق، خیال کاسترو، ایم پی ایز شاہد جاوید ، لطیف نذر ، اسماعیل سیلا بھی شامل ہیں۔

  • پاکستان کا جدید ریموٹ سینسنگ سیٹلائٹ کامیابی سے خلا میں روانہ

    پاکستان کا جدید ریموٹ سینسنگ سیٹلائٹ کامیابی سے خلا میں روانہ

    اسلام آباد (31 جولائی 2025): پاکستان کا جدید ریموٹ سینسنگ سیٹلائٹ کامیابی سے خلا میں روانہ ہو گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چین نے جمعرات کی صبح جنوب مغربی چین کے صوبے سیچوان میں واقع شیچانگ سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے کوائژو-1A کیریئر راکٹ کے ذریعے پاکستان کے ریموٹ سینسنگ سیٹلائٹ-01 کو کامیابی کے ساتھ مقررہ مدار میں بھیج دیا۔ یہ سیٹلائٹ قومی اراضی کے سروے، آفات کی پیش گوئی، اور بچاؤ و امدادی سرگرمیوں جیسی خدمات فراہم کرنے کا کام انجام دے گا۔

    یہ پاکستان کے خلائی پروگرام میں بڑی پیش رفت ہے، یہ جدید ریموٹ سینسنگ سیٹلائٹ چین کے شِی چانگ سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے خلا میں روانہ کیا گیا ہے۔ اس مصنوعی سیارے سے ملک میں سیلاب، زلزلے، لینڈ سلائیڈنگ، گلیشیئرز کے پگھلنے کی بروقت اطلاع مل سکے گی، یہ سیٹلائٹ جغرافیائی خطرات کی نشان دہی کر کے سی پیک کو بھی مدد دے گا، اور دوسری طرف پاکستان میں انفراسٹرکچر کی ترقی اور شہری پھیلاؤکی نگرانی ہو سکے گی۔

    اس مشن کی کامیابی کے ساتھ سپارکو نے پاکستان کے خلائی سفر میں ایک اور کامیابی کا اضافہ کر دیا ہے، کامیاب لانچنگ کے بعد خلا میں پاکستان کے فعال مصنوعی سیاروں کی تعداد 6 ہو گئی ہے۔


    پاکستان اور امریکا کے درمیان اہم تجارتی معاہدہ کامیابی سے طے پا گیا، وزارت خزانہ


    وفاقی وزیر احسن اقبال نے انجینئرز اور سائنس دانوں کو مبارک باد دی، چیئرمین سپارکو نے کہا کہ سیٹلائٹ لانچ پائیدار ترقی کی جانب ایک قدم ہے، اس سے پاکستان نے خلائی پروگرام کا ایک اور سنگِ میل عبور کر لیا ہے، یہ سیٹلائٹ فصلوں کی پیداوار، انفراسٹرکچر اور شہری پھیلاؤ کی نگرانی میں مددگار ثابت ہوگا، سیلاب، زلزلے اور زمینی کھسکاؤ کی بروقت پیشگوئی ممکن ہو سکے گی۔

    انھوں نے کہا اس سیٹلائٹ سے گلیشیئرز کے پگھلاؤ اور جنگلات کی کٹائی پر نظر رکھی جا سکے گی، ماحولیاتی نگرانی اور قدرتی وسائل کے مؤثر انتظام میں یہ سیٹلائٹ معاون ہوگا، جب کہ سی پیک منصوبوں میں جیو ہیزرڈز اور ٹرانسپورٹ نیٹ ورکس کی شناخت میں بھی مدد ملے گی۔

    ان کا کہنا تھا کہ یہ سیٹلائٹ مختلف ماحولیاتی حالات میں ڈیٹا حاصل کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے، اس کی لانچنگ سپارکو کے وژن 2047 اور قومی خلائی پالیسی کا حصہ ہے۔

  • پاکستان اور امریکا کے درمیان اہم تجارتی معاہدہ کامیابی سے طے پا گیا، وزارت خزانہ

    پاکستان اور امریکا کے درمیان اہم تجارتی معاہدہ کامیابی سے طے پا گیا، وزارت خزانہ

    اسلام آباد (31 جولائی 2025): پاکستان کو تجارتی میدان میں بڑی کامیابی ملی ہے، پاک امریکا ٹریڈ ڈیل مکمل ہو گئی، وزارت خزانہ نے اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان اہم تجارتی معاہدہ کامیابی سے طے پا گیا ہے۔

    وزارت خزانہ سے جاری اعلامیے کے مطابق اس معاہدے کا مقصد دو طرفہ تجارت کا فروغ اور منڈیوں تک رسائی میں اضافہ ہے، سرمایہ کاری کے فروغ اور باہمی دل چسپی کے شعبوں میں تعاون بھی معاہدے کا حصہ ہے۔

    معاہدے میں پیش رفت وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، امریکی سیکریٹری کامرس اور یو ایس ٹی آر کی ملاقات میں ہوئی، جس میں سیکریٹری کامرس جواد پال اور امریکا میں پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ بھی شریک تھے۔

    اعلامیے کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے معاہدے کا اعلان ٹرتھ سوشل پر پوسٹ کے ذریعے کیا، پاک امریکا معاہدہ سے امریکا میں پاکستانی مصنوعات پر ٹیرف میں کمی متوقع ہے، اس سے توانائی، معدنیات، آئی ٹی، کرپٹو کرنسی سمیت اہم شعبوں میں باہمی اقتصادی تعاون بڑھے گا۔

    اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ یہ معاہدہ پاک امریکا تجارتی تعلقات کو امریکی ریاستوں تک وسعت دینے میں مدد دے گا، دونوں ممالک کو ایک دوسرے کی منڈیوں تک بہتر رسائی حاصل ہوگی، اس سے پاکستان کے بنیادی انفراسٹرکچر اور ترقیاتی منصوبوں میں امریکی سرمایہ کاری کا بھی امکان ہے۔

    وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ یہ معاہدہ دونوں ممالک کی قیادت کے دو طرفہ تعلقات گہرے کرنے کے عزم کا اظہار ہے، اور تجارت اور سرمایہ کاری روابط کو مضبوط بنانے کی کوششوں کی نشان دہی کرتا ہے۔


    پاکستان کے ساتھ تجارتی ڈیل مکمل ہوگئی، ٹرمپ کا اعلان


    ادھر تجزیہ کاروں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پاکستان کے ساتھ تجارتی ڈیل کے اعلان کو خوش آئند قرار دیا ہے، تجزیہ کار ڈاکٹر قمر چیمہ کہتے ہیں اس اعلان سے ظاہر ہوتا ہے اب پاکستان سینٹر آف گریویٹی ہے، جو تجارتی سرگرمیوں کا مرکز ہوگا۔ امریکن بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کرنے جا رہے ہیں، جس کے بعد یورپین اور دیگر ممالک بھی سرمایہ کریں گے۔

    تجزیہ کار ڈاکٹر نسیم اشرف نے کہا یہ صرف تجارت کی بات نہیں بلکہ یہ پاکستان اور امریکا کا ایک نیا تعلق قائم ہوا ہے، ماہر معیشت عابد سلہری نے پاک امریکا ٹریڈ ڈیل کو سفارتی میدان میں پاکستان کی بڑی کامیابی قرار دیا اور کہا یہ پاکستان کے لیے ایک تاریخی لمحہ ہے اور یہ حقیقی معنوں میں گیم چینجر بن سکتا ہے، جس سے پاکستان توانائی کے میدان میں خود کفیل ہو سکتا ہے اور اپنے معدنی ذخائر کو دریافت کر سکتا ہے۔

  • پاکستان کے ساتھ تجارتی ڈیل مکمل ہوگئی، ٹرمپ کا اعلان

    پاکستان کے ساتھ تجارتی ڈیل مکمل ہوگئی، ٹرمپ کا اعلان

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان کے ساتھ تجارتی ڈیل مکمل ہوگئی ہے، دونوں ملک اپنے اپنے تیل کے ذخائر مل کر تلاش کریں گے۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹروتھ سوشل پر ان کا کہنا ہے کہ پاک امریکا پارٹنر شپ کی قیادت کیلئے آئل کمپنی کا چناؤ کریں گے۔

    آئل کمپنی تلاش کررہے ہیں جو اس ڈیل کو آگے بڑھائے، امریکہ تیل کے ذخائر کی تلاش میں پاکستان کی مدد کرے گا۔
    اپنے پیغام میں انہوں نے لکھا کہ ایک دن ایسا بھی ہوسکتا ہے کہ پاکستان سے بھارت کو تیل برآمد ہو۔

    اپنے پیغام میں ان کا مزید کہنا ہے کہ اسی طرح دوسرے ممالک بھی ٹیرف میں کمی کے لیے پیشکشیں کر رہے ہیں۔ یہ سب اقدامات ہمارے تجارتی خسارے کو بڑی حد تک کم کرنے میں مدد دیں گے۔ اس بارے میں مکمل رپورٹ مناسب وقت پر دنیا کے سامنے آجائے گی۔


    بعد ازاں امریکی صدر نے وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے ان ہی باتوں کو دہرایا اور بتایا کہ آج امریکا میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری واپس آرہی ہے۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارت کو شدید معاشی جھٹکا دیتے ہوئے اس پر 25فیصد ٹیرف عائد کرنے کا اعلان کیا تھا۔

    مزید پڑھیں : صدر ٹرمپ نے بھارت پر 25 فیصد ٹیرف عائد کردیا

    صدر ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ یکم اگست سے بھارت کو 25 فیصد ٹیرف ادا کرنا ہو گا اگر بھارت نےٹیرف ادا نہ کیا تو جرمانہ ادا کرنا ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ بھارت امریکا سے سب سے زیادہ ٹیرف لیتا تھا اب نہیں لے گا، بھارت نے ہمیشہ روس سےاسلحہ خریدا، روسی توانائی کا سب سے بڑا خریدار بھی ہے اور یوکرین جنگ میں بھارت کھل کر روس کا ساتھ دے رہا ہے۔

  • حج پالیسی 2026 کی منظوری، سرکاری اور نجی کوٹہ سے متعلق بڑا فیصلہ

    حج پالیسی 2026 کی منظوری، سرکاری اور نجی کوٹہ سے متعلق بڑا فیصلہ

    اسلام آباد (30 جولائی 2025): وفاقی کابینہ نے نئی حج پالیسی برائے سال 2026 کی منظوری دیتے ہوئے سرکاری وپرائیوٹ کوٹہ سے متعلق بڑا فیصلہ کیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا۔ کابینہ نے آئندہ برس 2026 کے لیے نئی حج پالیسی کی منظوری دے دی۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ کابینہ نے نئی حج پالیسی کے لیے سرکاری کوٹے میں اضافہ اور پرائیوٹ کوٹے میں کمی کی ہے۔

    ذرائع نے بتایا کہ وفاقی کابینہ نے حج 2026 کے لیے سرکاری کوٹہ 70 فیصد اور پرائیوٹ کوٹہ 30 فیصد کر دیا ہے۔

    کابینہ اراکین کو بریفنگ دیتے ہوئے متعلقہ حکام نے بتایا کہ حج کوٹہ سرکاری اور نجی سیکٹر میں 70 اور 30 فیصد کے تناسب سے تقسیم کیا جائے گا۔

    حج پالیسی میں آئندہ برس ایک ہزار نشستیں ہارڈ شپ کیسز کے تحت مختص کی گئی ہیں جب کہ کسی بھی نجی کمپنی کے لیے حاجیوں کی کم از کم تعداد دو ہزار رکھی گئی ہے۔

    اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے آئندہ برس حج آپریشن کی مکمل ڈیجیٹائزیشن کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے وزیر آئی ٹی کو وزارت مذہبی امور کے ساتھ مل کر حج آپریشن کی مکمل ڈیجیٹائزیشن یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

    وزیراعظم نے وزارت مذہبی امور کو حج پالیسی پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ حجاج کرام کو ہر قسم کی سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

    اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ آئندہ برس 2026 میں سرکاری حج پر ساڑھے 11 لاکھ سے ساڑھے 12 لاکھ روپے تک اخراجات آئیں گے۔

    دریں اثنا وفاقی وزیر سردار یوسف کے مطابق حج 2026 کے لیے 29 جولائی تک 313,000 افراد نے اپنی رجسٹریشن کرا لی ہے۔

    حج 2026: اخراجات کیلیے کب اور کتنی رقم وصول کیے جانے کا امکان ہے؟

    واضح رہے کہ ہر سال سعودی عرب سے پاکستان کو ملنے والے حج کوٹے کو سرکاری اور نجی ٹور آپریٹرز کے درمیان مساوی 50، 50 فیصد تقسیم کیا جاتا ہے۔

    تاہم رواں برس پاکستان کی تاریخ میں حج کا سب سے بڑا اسکینڈل سامنے آیا اور نجی ٹور آپریٹرز کے ذریعہ حج پر جانے والے 67 ہزار عازمین اس سال حج پر جانے سے محروم رہ گئے تھے۔

    https://urdu.arynews.tv/67000-pilgrims-at-risk-na-standing-committee-scandal/

  • روس میں 8.8 شدت کے ہولناک زلزلے نے تباہی مچا دی، امریکا، چین، جاپان میں سونامی وارننگ جاری

    روس میں 8.8 شدت کے ہولناک زلزلے نے تباہی مچا دی، امریکا، چین، جاپان میں سونامی وارننگ جاری

    ماسکو (30 جولائی 2025): روس میں 8.8 شدت کے ہولناک زلزلے نے تباہی مچا دی ہے، جس کے بعد امریکا، چین، جاپان اور دیگر ملکوں میں سونامی وارننگ جاری کر دی گئی ہے۔

    امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق روس کے مشرقی ساحل کے قریب علاقے کمچاٹکا (Kamchatka) میں 8.8 شدت کا ہولناک زلزلہ آیا ہے، جس کے بعد سونامی وارننگ جاری کی گئی ہے۔

    زلزلے نے تباہی مچا دی ہے، متعدد گھر منہدم ہو گئے، جب کہ عمارتیں لرز گئیں، روس کے مشرقی علاقے سے 3 سے 4 میٹر لہریں ٹکرا گئیں جس سے مختلف علاقے زیر آب آ گئے ہیں۔ کمچاٹکا کے گورنر نے کہا کہ یہ زلزلہ دہائیوں میں آنے والا سب سے زیادہ طاقت ور تھا، نقصانات کا جائزہ لے رہے ہیں۔

    کمچاٹکا میں شدید زلزلے کے بعد روس کے ساتھ امریکا، چین، جاپان، فلپائن، ایکواڈور اور دیگر ممالک میں بھی سونامی کی وارننگ جاری کر دی گئی ہے۔ جاپان کے مختلف علاقوں میں سونامی کی لہروں کے بعد سائرن بجائے گئے، جزیرے ہوکیڈوں سے سونامی کی لہریں ٹکرائیں، اور ٹوکیو میں بھی ہائی الرٹ کر دیا گیا۔


    صدر ٹرمپ اور صدر پیوٹن کی سیکیورٹی ٹیموں نے اچانک بڑی تبدیلیاں کر دیں


    جاپان کا نیوکلیئر پلانٹ خالی کروا لیا گیا ہے، جاپانی وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ صورت حال کا جائزہ لے رہے ہیں، لوگ ہدایت پر عمل کریں، امریکی ریاست ہوائی میں بھی لوگوں کو ساحلی علاقے خالی کرنے کا حکم دے دیا گیا ہے جب کہ جزیرہ اوواہو کو فوری طور خالی کر دیا گیا ہے، ہوائی کے گورنر نے کہا صورت حال سنگین ہے لوگ اس کو سنجیدگی سے لیں اور اونچے مقامات پر پناہ لیں، کیوں کہ 10 فٹ اونچی لہریں ٹکرانے کا امکان ہے۔

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ہوائی میں سونامی سے خبردار کر دیا ہے، چین کے مشرقی صوبے میں بھی سونامی کی وارننگ جاری کر دی گئی ہے۔ امریکی سونامی وارننگ سینٹر نے ایکدواڈور کو بھی خبردار کیا کہ 10 فٹ اونچی لہریں ایکواڈور سے ٹکرا سکتی ہیں۔