Category: اہم ترین

پاکستان اور دنیا بھر سے اہم ترین خبریں جاننے کے لئے اے آر وائی نیوز کی اردو ویب سائٹ پر آئیں

Important Breaking News from Pakistan and World from ARY News Urdu

  • علاقائی امن کیلیے پُرعزم مگر ہر خطرے کا بھرپور جواب دینے کو تیار ہیں، فیلڈ مارشل عاصم منیر

    علاقائی امن کیلیے پُرعزم مگر ہر خطرے کا بھرپور جواب دینے کو تیار ہیں، فیلڈ مارشل عاصم منیر

    راولپنڈی (30 جولائی 2025): فیلڈ مارشل آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا کہنا ہے کہ دہشتگردی کیخلاف قومی سطح پر یکجہتی ناگزیر ہے۔

    فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکا نے ملاقات کی، اس موقع پر انہوں نے قومی یکجہتی اور بلوچستان کی ترقی پر زور دیا۔

    فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ دہشتگردی کے مکمل خاتمے کیلیے پاک فوج پرعزم ہے۔ انہوں نے بھارت کی دہشتگرد تنظیموں کی پشت پناہی کی شدید مذمت کی۔

    یہ بھی پڑھیں: بھارتی اسپانسرڈ فتنہ الخوارج کے خاتمے کیلیے کوشاں ہیں، فیلڈ مارشل عاصم منیر

    سپہ سالار نے کہا کہ فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندستان بھارت کی ناکام پراکسیز ہیں، معرکہ حق میں شکست کے بعد بھارت کی پراکسی وار میں شدت آئی ہے، دہشتگرد کسی مذہب، قوم یا فرقے کے نمائندہ نہیں۔

    انہوں نے بلوچستان میں ترقیاتی منصوبوں کو قومی ترقی کا ضامن قرار دیا اور ادارہ جاتی ہم آہنگی اور قومی سطح پر مربوط حکمت عملی پر زور دیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ پاکستان علاقائی امن کیلیے پُرعزم ہے مگر ہر خطرے کا بھرپور جواب دینے کو تیار ہے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق نشست کے اختتام پر فیلڈ مارشل آرمی چیف جنرل عاصم منیر اور شرکا کے درمیان سوال و جواب کا سیشن ہوا۔ سپہ سالار نے شرکا کے سوالات کے تفصیلی جوابات دیے۔

  • عوام کے لیے خوشخبری، پیٹرول کی قیمت میں بڑی کمی کا امکان

    عوام کے لیے خوشخبری، پیٹرول کی قیمت میں بڑی کمی کا امکان

    اسلام آباد: پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں کمی جبکہ مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل کی قیمت بڑھنے کا امکان ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پیٹرول 9 روپے 7 پیسے فی لیٹر سستا ہونے کا امکان ہے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل 3 روپے 73 پیسے فی لیٹر سستا ہوسکتا ہے۔

    مٹی کے تیل کی قیمت میں 3 روپے 55 پیسے اور لائٹ ڈیزل 2 روپے 33 پیسے فی لیٹر مہنگا ہونے کا امکان ہے۔

    اوگرا کی جانب سے سمری 31 جولائی کو ورکنگ پیٹرولیم ڈویژن کو بھیجی جائے گی۔

    وزیراعظم شہباز شریف پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کی حتمی منظوری دیں گے۔

    واضح رہے کہ پاکستان میں ہر پندرہ روز میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں ردوبدل کیا جاتا ہے، گزشتہ ماہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا تھا۔

  • بھارت کا پاکستان سے متعلق مضحکہ خیز دعویٰ سامنے آ گیا

    بھارت کا پاکستان سے متعلق مضحکہ خیز دعویٰ سامنے آ گیا

    نئی دہلی: بھارتی وزیر داخلہ نے گزشتہ روز مبینہ مقابلے میں مرنے والوں کا تعلق پاکستان سے جوڑنے کے لیے ان کے پاس سے پاکستانی چاکلیٹس برآمد کرا دیں۔

    مکار بھارت نے آپریشن سندور کی شرمناک ناکامی کے بعد اس کی ہزیمت مٹانے کے لیے گزشتہ روز آپریشن مہا دیو کے نام سے نیا ڈراما رچایا اور اور مقبوضہ کشمیر میں جعلی مقابلے میں تین افراد کو ہلاک کر دیا تھا۔

    اب بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ نے گزشتہ روز جعلی مقابلے میں مرنے والوں کا پاکستان سے تعلق ہونے کا دعویٰ کیا ہے اور اس تعلق کو ثابت کرنے کے لیے غیر منطقی اور انوکھی دلیل پیش کی ہے۔

    امیت شاہ نے مضحکہ خیز دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ روز مقابلے میں مارے جانے والوں کے پاس سے ملنے والی چاکلیٹس پاکستانی ہیں۔

    بھارتی وزیر داخلہ نے مرنے والوں کا تعلق پہلگام واقعہ سے بھی جوڑ دیا اور کہا کہ مارے گئے افراد کی پاکستانی ووٹر آئی ڈی ہمارے پاس ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز جب مقبوضہ کمشیر میں جعلی مقابلے میں تین افراد کو ہلاک کیا گیا تو اس نام نہاد مقابلے سے قبل ہی بھارتی میڈیا نے پروپیگنڈا شروع کرتے ہوئے ہلاک افراد کو دہشتگرد اور پاکستانی قرار دینا شروع کر دیا تھا۔

    https://urdu.arynews.tv/india-launches-a-new-drama-called-operation-mahadev/

  • پاکستان کا اسرائیل کو تسلیم کرنے کا کوئی ارادہ نہیں، اسحاق ڈار

    پاکستان کا اسرائیل کو تسلیم کرنے کا کوئی ارادہ نہیں، اسحاق ڈار

    نیویارک : نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ پاکستان کا اسرائیل کو تسلیم کرنے کا کوئی ارادہ نہیں، فلسطینی سرزمین پر اسرائیلی قبضہ فوری ختم ہونا چاہیے۔

    تفصیلات کے مطابق نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے نیویارک میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ او آئی سی 57 ممالک کی تنظیم ہے ، جس کے ہم بانی ممبر ہیں، اسلاموفوبیا پر او آئی سی کا مستقل اینوائے مقرر کروایا، فلسطین کے ساتھ کشمیر کے مسئلے کو بھی اجاگر کیا۔

    نائب وزیراعظم کا کہنا تھا کہ فلسطینیوں کے حق خودارادیت اور دو ریاستی حل کی حمایت کرتے ہیں، آزاد فلسطینی ریاست کی سرحدیں 1967 والی پوزیشن کے مطابق ہونی چاہئیں، القدس الشریف فلسطین کا دارالحکومت ہونا چاہیئے۔

    انھوں نے واضح کیا مسئلہ فلسطین کے حل سے اسرائیل کو تسلیم کرنے کاکوئی ارادہ نہیں۔

    وزیر خارجہ نے بتایا کہ امریکی سیکریٹری خارجہ سے ملاقات بہت مفید رہی، ہم نے تجارت اور ٹیرف کے معاملے پر بھی بات کی، آج بھی سیکریٹری مارکوروبیو سے ٹیلیفون پر بات ہوئی، امریکا سے دو طرفہ اور علاقائی امور پر کھل کر بات ہوئی ہے۔

    نائب وزیراعظم نے کہا کہ امریکا کا دورہ ہر حوالے سے کامیاب رہا ہے، ٹیرف پرمعاہدے کیلئے وزیرخزانہ محمداورنگزیب جلد امریکاپہنچ جائے گا، اگلے دو سے تین دن میں ٹیرف پر معاہدے طے پاجائے گا۔

    عمران خان کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کے خلاف کیسز عدالتی معاملہ ہے، جب آپ ہتھیار اٹھاتے ہیں تو قانون اپنا راستہ اپناتاہے، دہشت گردی کے خلاف جنگ ہماراسرفہرست ایجنڈا ہے۔

    دورہ افغانستان سے متعلق وفاقی وزیر نے بتایا کہ 19 اپریل کو افغانستان گیا، افغان نگراں وزرا سے بات چیت ہوئی، جو فیصلے ہوئے ان پر 20 اپریل کو عملدرآمد ہو چکا ، افغانستان کے ساتھ ریلوے لائن بچھی تو ہم پوری دنیا سے کنکٹ ہو جائیں گے، افغانستان سے کہا ہے کہ اپنی سرزمین کو دہشت گردی کیلئے استعمال نہ ہونے دے، چین، پاکستان اور افغانستان کے وزرائے خارجہ کابل میں جلد ملاقات کریں گے۔

  • آج کا غزہ انسانی حقوق کے قوانین کا قبرستان بنا ہوا ہے، اسحاق ڈار

    آج کا غزہ انسانی حقوق کے قوانین کا قبرستان بنا ہوا ہے، اسحاق ڈار

    نیو یارک : نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ آج کا غزہ انسانی حقوق کے قوانین کا قبرستان بنا ہوا ہے۔

    یہ بات انہوں نے نیویارک میں فلسطین کے دو ریاستی حل سے متعلق اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ غزہ میں مستقل جنگ بندی اور خوراک کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

    اسحاق ڈار نے کہا کہ غزہ میں جنگی قوانین کی خلاف ورزی اور جنگی جرائم پر قرار واقعی سزا یقینی بناتے ہوئے وہاں انسانیت کے خلاف جرائم کا سلسلہ بند کیا جائے۔

    نائب وزیراعظم نے کہا کہ فرانس کے فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہیں، فلسطین کا مسئلہ75سال سے زائد عرصے سے حل طلب ہے۔

    اسحاق ڈار کا مزید کہنا تھا کہ فلسطین کا مسئلہ حل نہ ہونا صرف سیاسی ناکامی نہیں بلکہ اس کی اور بھی وجوہات ہیں۔

    نائب وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان اس کانفرنس کے انعقاد کے حوالے سے سعودی عرب اور فرانس کو خراج تحسین پیش کرتا ہے۔

    اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ پاکستان فلسطینیوں کی حق خودارادیت کی حمایت جاری رکھے گا، فرانس کی جانب سے فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہیں۔

    نائب وزیراعظم نے یہ بات زور دے کر کہی کہ انصاف میں تاخیر ناانصافی کے مترادف ہے،اب وقت آگیا ہے کہ فلسطینی ریاست کو اقوام متحدہ کی مکمل رکنیت دی جائے۔

     

    https://urdu.arynews.tv/dar-rubio-discuss-trade-tariffs-in-phone-call/

  • نائب وزیراعظم سے امریکی وزیر خارجہ کی گفتگو، ٹیرف سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال

    نائب وزیراعظم سے امریکی وزیر خارجہ کی گفتگو، ٹیرف سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال

    نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سے امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کی ٹیلیفونک گفتگو ہوئی ہے۔

    ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت ہوئی۔

    گفتگو میں ٹیرف سمیت علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

    علاوہ ازیں دفترخارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق  نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سینیٹراسحاق ڈارنے بنگلہ دیش کے مشیر برائے امور خارجہ توحید حسین سے ملاقات کی۔

    ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں رہنماوٴں نے دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا جبکہ سیاسی، اقتصادی اور ثقافتی تعاون کو مزید بڑھانے کے ساتھ ساتھ رابطوں کو فروغ دینے اور عوام سے عوام کے تبادلے کے عزم کا اعادہ کیا۔

    دونوں نے مستقبل قریب میں اعلیٰ سطح کے دورے کرنے پر اتفاق کیا دونوں رہنماؤں کاسنگین انسانی بحران اور اسرائیل کی جاری جارحیت پر گہری تشویش کا اظہار کیا جبکہ فریقین نے فلسطینی عوام اور منصفانہ مقصد کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار کیا۔

  • پاکستانیوں کے پاس ایک لاکھ روپے کیش حاصل کرنے کا سنہری موقع ، کیا کرنا ہوگا؟

    پاکستانیوں کے پاس ایک لاکھ روپے کیش حاصل کرنے کا سنہری موقع ، کیا کرنا ہوگا؟

    لاہور : سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے پیٹرول موٹر بائیک کو الیکٹرک میں تبدیل کرنیوالوں کو ایک لاکھ روپے کیش دینے کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پی ایچ اے نے درخت لگانے کی مہم کا آغاز کردیا ہے، پلانٹ فور پاکستان وزیراعلیٰ پنجاب کا وژن ہے، اربن فاریسٹ سے پنجاب کا گرین کور بڑھانا ہے۔

    سینئر صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ پنجاب کی پہلی اسموگ گنز کو کل میڈیا کے سامنے پیش کریں گے ، پیٹرول موٹر بائیک کو الیکٹرک میں تبدیل کرنیوالوں کو ایک لاکھ روپے کیش ملے گا جبکہ لائٹس کو ایل ای ڈی پرمنتقل کریں گے تو کاربن گرین کریڈٹ ملے گا۔

    انھوں نے کہا کہ پلانٹ فورپاکستان میں 5 کروڑدرخت لگانے کا ہدف تھا، ہم نے ایک ارب سونامی کے جھوٹے نعرے نہیں لگائے، ہم نے ہردرخت کی مانیٹرنگ کر کے اس کی میپنگ کی ، آسٹریلیاطرزکی ٹیکنالوجی کی انسٹالیشن اس سال مکمل ہوجائے گی۔

    صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ پنجاب میں ٹیکنالوجی بیسڈ فائر کنٹرول فورس بنائی جائےگی، بینک آف پنجاب اس پورےپراسس کی نگرانی کرے گا، ہم نے فاریسٹ لائن کو قبضے سے چھڑوایا، وزیراعلیٰ کا وژن ہے فاریسٹ کور کو بڑھانا اور اس کی حفاظت بھی کرنی ہے۔

    انھوں نے بتایا کہ پی ایچ اوکا پودہ 1399 پر کال کریں تو گھر پر ڈلیوری کیا جاتا ہے، لاہور کے شہریوں کے لئے یہ پودہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا تحفہ ہے، لاہور کے شہری 1399 پر فون کریں آپ کا پودہ آپ کے گھر پہنچایا جائے گا۔

    مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ رنگ روڈ کے اردگرد 3 لاکھ پودے لگائے جائیں گے، لاہور میں اسموگ کا معاملہ گزشتہ 10 سالوں سے تھا ، وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پراسموگ پر قابو پایا جارہا ہے، 7ایئرکوالٹی مانیٹر پنجاب ایئرکوالٹی سسٹم میں نصب ہوچکے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ لاہور کے شہریوں کا فرض ہے، زیادہ سےزیادہ درخت لگائیں، زیادہ درخت لگیں گے توایئرکوالٹی انڈیکس بہترہوگا۔

  • ہیپاٹائٹس سی: 2030 تک ایک کروڑ 65 لاکھ افراد کی اسکریننگ ہوگی، وزیر اعظم

    ہیپاٹائٹس سی: 2030 تک ایک کروڑ 65 لاکھ افراد کی اسکریننگ ہوگی، وزیر اعظم

    اسلام آباد: آج پاکستان سمیت دنیا بھر میں عالمی یوم ہیپاٹائٹس منایا جا رہا ہے، اس سلسلے میں وزیر اعظم پاکستان میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ 2030 تک ایک کروڑ 65 لاکھ افراد کی اسکریننگ ہوگی۔

    وزیر اعظم شہباز شریف اور صدر مملکت آصف علی زرداری نے ہیپاٹائٹس کے عالمی دن کے موقع پر پیغام جاری کیے ہیں، وزیر اعظم نے کہا پاکستان عالمی برادری کے ساتھ مل کر اس مرض کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔

    انھوں نے کہا وائرل ہیپاٹائٹس عالمی چیلنج ہے، پاکستان ان چند ممالک میں شامل ہے جہاں ہیپاٹائٹس سی کی شرح تشویشناک ہے، ہیپاٹائٹس بی اور سی سے متاثرہ بہت سے افراد تشخیص اور علاج کے بغیر رہ جاتے ہیں، اس لیے حکومت نے اس کے خاتمے کے لیے قومی پروگرام شروع کیا ہے، جس کے تحت 2030 تک ایک کروڑ 65 لاکھ افراد کی اسکریننگ ہوگی، اور مثبت کیسز کا مفت علاج کیا جائے گا۔

    صدر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا ہیپاٹائٹس پاکستان میں صحت عامہ کا سنگین مسئلہ ہے، یہ مرض اکثر ایسی اسٹیج پر ظاہر ہوتا ہے جب جگر کو شدید نقصان پہنچ چکا ہو، اگر بروقت اقدامات کیے جائیں تو یہ قابل علاج مرض ہے۔

    انھوں نے کہا غیر مؤثر طبی سہولیات کے باعث بڑی تعداد میں لوگ اس مرض کا شکار ہو رہے ہیں، ہم صحت مند پاکستان کے لیے اپنی اجتماعی ذمہ داری کا اعادہ کرتے ہیں۔

  • ایک اور سیاح خاندان لاپتہ، شاہراہ بابوسر سے 7 لاشیں نکال لی گئیں

    ایک اور سیاح خاندان لاپتہ، شاہراہ بابوسر سے 7 لاشیں نکال لی گئیں

    گلگت بلتستان میں ایک اور سیاح خاندان لاپتہ ہونے پر لواحقین نے حکومت سے رابطہ کر لیا۔

    ڈی سی دیامر کا کہنا ہے کہ کےٹو ٹی وی کی اینکر شبانہ لیاقت شوہر اور 4 بچوں سمیت لاپتہ ہے جن کی تلاش جاری ہے۔

    عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ 10 سے 15 افراد شاہراہ بابوسر میں سیلابی ریلے میں بہہ گئے ہیں۔

    انتظامیہ کے مطابق شاہراہ بابوسر سے 7 لاشیں نکالی جا چکی ہیں اور دیگر کی تلاش جاری ہے جن کی سراغ رساں کتوں اور ڈرونز کی مدد سے تلاش کی جارہی ہے۔

    ڈپٹی کمشنر دیامر نے تھک نالہ کا دورہ اور ریسکیو کارروائیوں کا جائزہ لیا۔ ڈی سی دیامر نے نقصانات کاجائزہ لینے کیلئے ڈرون سروے بھی کیا۔

    کمشنر دیامر استور ڈویژن خورشید عالم نے تھور کا دورہ کر کے نقصانات کا جائزہ لیا۔ وفاقی سیکریٹری مواصلات نے کل تک سڑک کھولنےکی ہدایت کی ہے۔

    چلاس تھک بابوسر سیلاب میں لاپتہ سیاحوں کیلئے سرچ آپریشن جاری ہے۔ متاثرین میں 84خیمے، 84کچن سیٹ، 10 فوڈ پیکٹ اور 10 رضائیاں تقسیم کی گئیں۔

  • کوئی غلط فہمی میں نہ رہے، عافیہ صدیقی پاکستان کی بیٹی اور حکومت کی ترجیح ہیں، اسحاق ڈار

    کوئی غلط فہمی میں نہ رہے، عافیہ صدیقی پاکستان کی بیٹی اور حکومت کی ترجیح ہیں، اسحاق ڈار

    نیو یارک (27 جولائی 2025): نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ کوئی کسی غلط فہمی میں نہ رہے، عافیہ صدیقی پاکستان کی بیٹی اور حکومت کی ترجیح ہیں۔

    پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ عافیہ صدیقی کے معاملے کے حل تک کوشش کرتے رہیں گے، بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی کے حوالے سے مجھ سے سوال ہوا تو میں نے کہا کہ جب ہم ان کی بات کرتے ہیں تو کہا جاتا ہے قانونی عمل اجازت نہیں دیتا۔

    اسحاق ڈار نے کہا کہ عمران خان کے معاملے میں بھی قانونی عمل ہے، کسی کو انگریزی نہیں آتی تو میرا کیا قصور، ساری دنیا امریکا میں پاکستان کی سرگرمیوں کو سرا رہی ہے، مخالفین شروع ہوگئے جس کی مجھے وضاحت کرنا پڑ گئی۔

    یہ بھی پڑھیں: حکومت عافیہ صدیقی کے معاملے میں کسی طور غافل نہیں، وزیر اعظم

    نائب وزیر اعظم نے مزید کہا کہ حکومت نے پوری کوشش کی اور سابق امریکی صدر جوبائیڈن کو عافیہ صدیقی کے معاملے پر خط بھی لکھا تھا، وزیر اعظم شہباز شریف نے دو روز قبل ان کی بہن سے ملاقات بھی کی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ عافیہ صدیقی کی رہائی کیلیے پاکستان نے سرتوڑ کوششیں کی ہیں۔

    گزشتہ روز اسحاق ڈار نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ عافیہ صدیقی کیس حوالے کو سیاق و سباق سے ہٹ کر لیا جا رہا ہے، اٹلانٹک کونسل تھنک ٹینک میں عمران خان کے کیس سے متعلق سوال کیا گیا جس کے جواب میں ان کے کیس کا حوالہ دیا۔

    اسحاق ڈار نے کہا کہ ن لیگ ادوار حکومت میں ہمیشہ عافیہ صدیقی کی رہائی کیلیے معاونت کرتے رہے، ان کی رہائی کیلیے تمام سفارتی اور عدالتی معاونت فراہم کرتے رہے ہیں۔