Category: اہم ترین

پاکستان اور دنیا بھر سے اہم ترین خبریں جاننے کے لئے اے آر وائی نیوز کی اردو ویب سائٹ پر آئیں

Important Breaking News from Pakistan and World from ARY News Urdu

  • راولپنڈی: جرگے کے حکم پر خاتون کے قتل کے کیس میں نیا موڑ، دوسرا شوہر سامنے آگیا، اہم انکشاف

    راولپنڈی: جرگے کے حکم پر خاتون کے قتل کے کیس میں نیا موڑ، دوسرا شوہر سامنے آگیا، اہم انکشاف

    راولپنڈی(27 جولائی 2025): جرگے کے حکم پر 19 سالہ خاتون سدرہ عرب گل کے قتل کے کیس میں نیا رخ سامنے آگیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق تھانہ پیر ودھائی کے علاقہ فوجی کالونی میں جرگہ کے حکم پر شادی شدہ خاتون کے قتل کیس میں نیا رخ سامنے آگیا، مقتولہ کے دوسرے شوہر عثمان نے خود کو پولیس کے حوالے کردیا۔

    عثمان نامی لڑکے نے گزشتہ رات خود آکر پولیس کو گرفتاری دے دی، مقتولہ اور عثمان کے نکاح کی دستاویزات بھی سامنے آگئی، مقتولہ نے مظفرآباد میں 12 جولائی کو عثمان سے نکاح کرلیا تھا۔

    مقتولہ کا خاوند عثمان چہلہ بانڈی مظفر آباد کا رہائشی ہے راولپنڈی میں ملازمت کرتا ہے، مقتولہ نے جوڈیشل مجسٹریٹ مظفرآباد کے روبرو اپنا بیان بھی جمع کرایا تھا۔


    روالپنڈی میں جرگے کے حکم پر 19 سالہ سدرہ کے قتل کے شواہد جمع، 9 گرفتار

    راولپنڈی میں شادی شدہ خاتون کا قتل، جرگے کی سربراہی کرنے والا عصمت اللہ گرفتار


    مقتولہ سدرہ عرب نے عدالت سے تحفظ بھی مانگا تھا، مقتولہ سدرہ عرب نے عدالت میں عثمان کے ساتھ مرضی سے نکاح کرنے کا بیان جمع کرایا تھا، مقتولہ نے مظفرآباد آباد کی عدالت کے سامنے اپنی جان کے خطرے کا خدشہ ظاہر کیا تھا۔

    مقتولہ نے عدالت کے روبرو بیان میں کہا تھا انکے والد فوت ہوچکے ہیں والدہ نے دوسری شادی کی ہے، مقتولہ کے سسر اور عثمان کے والد محمد الیاس کا ویڈیو بیان بھی سامنے آگیا۔

    ویڈیو بیان کے مطابق میرا بیٹا عثمان پیرو دھائی بس اسٹینڈ ورکشاپ میں کام کرتا ہے، ہم لوگ مزدوری کرکے مشکل سے گزر بسر کرتے ہیں، مقتولہ جب ہمارے گھر آئی تو میں نے پوچھا یہ کون ہے، مقتولہ نے بتایا انکے والد فوت ہوچکے ہیں والدہ نے چاچے سے دوسری شادی کی ہے،

    الیاس نے کہا کہ سدرہ نے بتایا اسکی شادی زبردستی کسی شخص سے کرائی جارہی ہے، مقتولہ نے بتایا وہ اپنی مرضی سے عثمان کے ساتھ آئی ہے اور اسے شادی کرنا چاہتی ہے، مقتولہ نے ہم سے تحفظ مانگا تو 30 چالیس ہزار روپے کا بندوبست کرکے میں انکو عدالت لے گیا، میں نے سنت طریقے سے مقتولہ کا نکاح کرایا عدالت میں بیانات جمع کرائے۔

    الیاس نے ویڈیو بیان میں کہا کہ نکاح کے چار دن بعد دس لوگ ہمارے گھر اسلحہ سمیت داخل ہوئے، اسلحہ لیکر گھر میں داخل ہونے والے لوگوں سے ڈرایا دھمکایا، ہمیں جان سے مارنے کی دھمکیاں دی گئیں، مقتولہ کے گھروالوں نے کہا اب نکاح ہوگیا ہے ہم اسکو باقاعدہ عزت سے رخصت کرینگے، لڑکی ہم نے انکی فیملی کے حوالے کی دو دن بعد میڈیا کے ذریعے معلوم ہوا لڑکی کا قتل ہوا ہے۔

    مقتولہ کے سسر الیاس نے کہا کہ لڑکی کے قتل کا سن کر ہم اور ڈر گئے، قتل کا الزام میرے بیٹے پر نہ آئے میں نے اسکو خود پولیس کے حوالے کیا ہے، میری درخواست ہے ہمیں ان لوگوں سے خطرہ ہے ہمیں تحفظ فراہم کیا جائے، ہم نے تمام لوازمات پورے کرکے اسکا نکاح کرایا تھا۔

    دوسری جانب راولپنڈی میں انیس سال کی لڑکی کے قتل کے الزام میں نو افراد کو گرفتار کرلیا گیا، جرگے اور قتل میں شامل ملزمان نے اقبالی بیان دے دیے، علاقہ مجسٹریٹ کے حکم پر مقتولہ کی قبر کشائی کل کی جائے گی۔

    یاد رہے کہ پیر ودھائی میں جرگے کے حکم پر سدرہ کو غیرت کے نام پر قتل کیا گیا، پولیس کی تفتیشی ٹیم نے قتل کے شواہد جمع کرلیے ہیں، مقتولہ کے شوہر ضیاء الرحمان اور سسر نے دوران تحقیقات اہم انکشافات کیے۔

    مقدمے میں پولیس اور سرکار مدعی بن گئی، قتل کی دفعات بھی شامل کرلی گئی، پولیس ذرائع کے مطابق گرفتار ملزمان کا مزید جسمانی ریمانڈ حاصل کیا جائے گا، ملزمان کے موبائل فون سے اہم شواہد اور ڈیٹا بھی حاصل کرلیا گیا ہے۔

  • مشرقی وسطی میں پائیدار امن کے قیام کیلئے دور ریاستی حل ضروری ہے، پاکستان

    مشرقی وسطی میں پائیدار امن کے قیام کیلئے دور ریاستی حل ضروری ہے، پاکستان

    نیویارک(27 جولائی 2025): نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر اور فلسطین کا مسئلہ دیرینہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے العربیہ کو انٹرویو میں کہا کہ مشرقی وسطی میں پائیدار امن کے قیام کیلئے دور ریاستی حل ضروری ہے، مقبوضہ کشمیر اور فلسطین کا مسئلہ دیرینہ ہے اور جن ممالک نے فلسطین کو تسلیم نہیں کیا انہیں بھی یہ قدم اٹھانا ہوگا۔

    پاکستان کے نائب وزیراعظم نے کہا کہ فلسطین پر فرانس اور سعودی عرب کی جانب سے ہونے والی کانفرنس کا خیر مقدم کرتے ہیں امید ہے اس کانفرنس کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔

    انہوں نے مزید کہا ہم خطے کے تمام ممالک کیساتھ امن کے خواہاں ہیں، ہم بھارت کیساتھ مذاکرات کیلئے تیار ہیں لیکن بھارت کی جانب سے مسلسل منفی بیانات سامنے آرہے ہیں۔

    عالمی برادری فلسطین کے دوریاستی حل کو زندہ رکھے، یواین سیکریٹری جنرل

    واضح رہے کہ مصر نے فلسطینی مسئلے کے پرامن حل کے لیے ایک اعلیٰ سطح کی بین الاقوامی کانفرنس کے انعقاد کے لیے مشترکہ فرانسیسی-سعودی اقدام کے لیے اپنی حمایت کا اعلان کردیا ہے۔

    یہ کانفرنس اس ماہ 28 اور 29 جولائی کو نیویارک میں منعقد ہوگی، آج ہفتہ کو مصری صدر عبدالفتاح السیسی اور فرانسیسی صدر ایمانویل میکرون کے درمیان ٹیلی فون پر گفتگو کے دوران سیسی نے میکرون کے حالیہ اعلان کا خیرمقدم کیا جس میں فرانس نے آئندہ ستمبر میں نیویارک شہر میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اعلیٰ سطح کے اجلاس کے دوران باضابطہ طور پر فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

  • ملک میں ایک روز کے دوران پولیو کے 3 کیس سامنے آ گئے

    ملک میں ایک روز کے دوران پولیو کے 3 کیس سامنے آ گئے

    اسلام آباد: پاکستان میں ویکسینیشن کے ذریعے کی جانے والی کوششوں کے باوجود پولیو کیسز کا سلسلہ رک نہیں سکا ہے، اور ملک میں ایک روز کے دوران وائرس کے 3 کیس سامنے آ گئے ہیں۔

    خیبر پختونخوا سے 2، اور سندھ سے ایک نئے پولیو کیس کی تصدیق ہو گئی ہے، نیشنل ای او سی کا کہنا ہے کہ کیسز شمالی وزیرستان، لکی مروت اور عمر کوٹ سے سامنے آئے ہیں۔

    نیشنل ای او سی کے مطابق رواں سال اب تک رپورٹ ہونے والے پولیو کیسز کی مجموعی تعداد 17 ہو گئی ہے، یہ وائرس کمزور قوت مدافعت والے بچوں کو نشانہ بناتا ہے، قومی ادارے نے خبردار کیا ہے کہ ویکسین سے محروم رہ جانے والے بچے دوسروں کے لیے بھی خطرہ بن سکتے ہیں، اس لیے اس سے بچاؤ صرف بار بار ویکسین پلوانے سے ہی ممکن ہے۔


    بلوچستان میں پولیو کے حوالے سے بڑی خبر، کئی علاقوں سے وائرس ختم


    ذرائع نے تازہ ترین کیسز کے حوالے سے تفصیل بتاتے ہوئے کہا ہے کہ لکی مروت کی یو سی تختی خیل کی 15 ماہ کی بچی میں پولیو کی تصدیق ہوئی ہے، اور شمالی وزیرستان کی یو سی میر علی 3 کی 6 ماہ کی بچی میں پولیو کی تصدیق ہوئی۔ سندھ میں عمر کوٹ کی یونین کونسل کھجرو کا رہائشی 5 سالہ بچہ پولیو سے متاثر نکلا ہے۔

    رواں سال اب تک خیبرپختونخوا سے 10، سندھ سے 5 کیسز سامنے آ چکے ہیں، رواں سال اب تک پنجاب سے ایک اور گلگت بلتستان سے ایک کیس رپورٹ ہوا ہے۔

  • بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کےلیے وزیراعظم کا بڑا فیصلہ

    بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کےلیے وزیراعظم کا بڑا فیصلہ

    وزیراعظم شہباز شریف نے اوورسیز پاکستانیوں کی ترسیلات زر بھیجنے کی سہولت اسکیم کو جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم نے وزارت خزانہ کو ترجیحی بنیادوں پر ورکرز رمیٹنس انسینٹوو اسکیم (Workers’ Remittances Incentive Scheme) کیلئے فوری طور پر فنڈ جاری کرنے کی ہدایت کی ہے، وزیرِاعظم کا کہنا ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ہماری طاقت، پاکستان کا قیمتی اثاثہ ہیں۔

    وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی خون پسینے سے کمائی ترسیلات زر پاکستان کی ترقی میں اپنا اہم کردار ادا کرتی ہیں جسے مجھ سمیت پوری قوم قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

    انھوں نے کہا کہ مالی سال 2025 میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے تاریخ کی بلند ترین 38.3 ارب ڈالر کی ترسیلات زر بھیج کر 14 برس میں پہلی بار کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس کے ہدف کے حصول میں کلیدی کردار ادا کیا۔

    وزیرِاعظم نے کہا کہ ان ترسیلات زر سے نہ صرف بڑھتے ہوئے درآمدی بل کی ادائیگی بلکہ زر مبادلہ کے ذخائر میں اضافے میں بھی معاونت ملی۔

    شہباز شریف نے کہا کہ بیرون ملک مقیم مزدور سے لے کر کاروباری شخصیات تک، سب وطن عزیز ترسیلات زر بھیج کر ملکی تعمیر و ترقی میں اپنا اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم محنتی پاکستانیوں کی جانب سے بھیجی جانے والی ترسیلاِت زر کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور اور اس نظام کو بہتر، مؤثر اور سہل بنا رہے ہیں۔

    https://urdu.arynews.tv/pta-tax-free-mobile-phonee-registration-overseas-pakistani/

  • کم پیسوں میں اپنا گھر بنانے والوں کے لئے اسکیم ، بڑی خبر آگئی

    کم پیسوں میں اپنا گھر بنانے والوں کے لئے اسکیم ، بڑی خبر آگئی

    اسلام آباد : کم پیسوں میں اپنا گھر بنانے کے خواہشمند افراد کے لئے اسکیم کی منظوری دے دی گئی ، 20 سے 35 لاکھ کا قرضہ 20 سال کی مدت کے لیے دینے کی تجویز کی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرخزانہ محمداورنگزیب کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا، کمیٹی نے سستے گھروں کے لیے سبسڈی اور رسک شیئرنگ اسکیم منظور کرلی اور وزارت ہاؤسنگ کو مربوط ڈیٹابیس بنانے کی ہدایت کی ہے۔

    وزارت خزانہ نے بتایا کہ ملک میں لو کاسٹ ہاؤسنگ کو فروغ دیا جائے گا، حکومت 50 لاکھ گھروں کی تعمیر کے لیے سبسڈی فراہم کرے گی، 20 سے 35 لاکھ کا قرضہ 20 سال کی مدت کے لیے دینے کی تجویز کی گئی ہے۔

    مزید پڑھیں :  گھر خریدنے کے خواہشمند افراد کیلئے قرضہ اسکیم متعارف

    اجلاس میں ماحولیاتی پالیسی نے پاکستان کی گرین ٹیکسونومی کی منظوری دے دی، ماحول دوست منصوبوں کے لیے مالی معاونت کی راہ ہموارہوگی۔

    کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے ویجی ٹیبل گھی کی مقامی سطح پر قیمتوں میں کمی نہ ہونے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے قیمتوں میں کمی کیلئے مانیٹرنگ سخت کرنےکی ہدایت کردی۔

    اجلاس میں شپ بریکنگ کوباقاعدہ صنعت کادرجہ دےدیاگیا ، شپ بریکنگ کیلئے صنعتی شعبے کے بجلی نرخوں کی دوبارہ سے نظرثانی کی ہدایت کردی گئی۔

  • بلوچستان میں پولیو کے حوالے سے بڑی خبر، کئی علاقوں سے وائرس ختم

    بلوچستان میں پولیو کے حوالے سے بڑی خبر، کئی علاقوں سے وائرس ختم

    کوئٹہ: پاکستان کے صوبے بلوچستان میں پولیو وائرس کے خلاف کامیاب پیش رفت ہوئی ہے، وائرس کی ماحولیات میں موجودگی کم ترین سطح پر آ گئی۔

    بلوچستان کے کل 23 میں سے 19 علاقوں کے ماحولیات سے وائرس ختم ہو گیا ہے، حکام کا کہنا ہے کہ حالیہ ٹیسٹ میں صرف 4 علاقوں میں پولیو وائرس کی موجودگی کی تصدیق ہوئی ہے۔

    ایمر جنسی آ پریشن سینٹر کے مطابق سال بعد صوبے کے ماحولیاتی نمونوں میں وائرس کی موجودگی کی شرح 98 فی صد سے کم ہو کر 17 فی صد رہ گئی، کوآرڈینیٹر انعام الحق کا کہنا ہے کہ رواں سال بلو چستان میں تاحال پولیو کا کوئی نیا کیس رپورٹ نہیں ہوا۔


    حکومت کا پولیو وائرس پر قابو پانے کیلئے بڑا فیصلہ


    انھوں نے بتایا کہ 2024 میں صوبے کے تمام 23 ماحولیاتی نگرانی مراکز میں وائرس کی موجودگی رپورٹ ہوئی تھی، پہلی ششماہی میں ماحولیاتی نمونوں میں 72 فی صد جب کہ دوسری ششماہی میں 98 فی صد پولیو وائرس موجود تھی، ستمبر 2024 میں وائرس کی شدت نقطہ عروج پر تھی جب 95 فی صد نمونے مثبت آئے۔

    انعام الحق نے بتایا کہ ماحولیاتی نمونوں میں وائرس کی کمی امید کی علامت اور کوششوں کا نتیجہ ہے۔

  • یکم اگست سے اسکولوں کے نئے اوقات کار جاری

    یکم اگست سے اسکولوں کے نئے اوقات کار جاری

    کراچی (26 جولائی 2025): 31 جولائی کو موسم گرما کی تعطیلات ختم ہونے کے بعد یکم اگست سے اسکولوں کے نئے اقاقت کار جاری کر دیے گئے۔

    یہ بھی پڑھیں: اکتوبر سے اسکولوں کے نئے اوقات کار کا اعلان

    میڈیا رپورٹس کے مطابق اسکول ایجوکیشن اینڈ لٹریسی ڈپارٹمنٹ نے پرائمری، سیکنڈری، ہائیر سیکنڈری اسکولوں اور کالجوں کے نئے اوقات کار جاری کیے۔

    پرائمری اسکولوں کی ٹائمنگ (سنگل شفٹ)

    پرائمری اسکول کی ٹائمنگ پیر تا جمعرات اور ہفتے کو صبح 8 سے دوپہر 1:30 بجے تک ہوگی جبکہ جمعے کو صبح 8 سے 12 بجے تک ہوگی۔

    پرائمری اسکولوں کی ٹائمنگ (ڈبل شفٹ)

    پہلی شفٹ پیر سے جمعرات اور ہفتہ تک صبح 7:30 بجے سے دوپہر 12:30 بجے تک ہوگی جبکہ جمعہ کو دوپہر 12 بجے تک ہوگی۔ دوسری شفٹ کے اوقات پیر سے ہفتہ تک دوپہر 1:00 بجے سے شام 5:00 بجے تک ہوں گے۔

    سنگل شفٹ اسکول (سیکنڈری اور ہائر سیکنڈری لیول)

    سیکنڈی اور ہائیر سیکنڈی اسکول یکم اگست سے ان اوقات کار کی پابندی کریں گے:

    • پیر تا جمعرات اور ہفتہ (صبح 8:00 سے دوپہر 1:30 بجے تک)
    • جمعہ (صبح 8:00 بجے سے دوپہر 12:00 بجے تک)
    • سیکنڈری اسکولوں کی ٹائمنگ (ڈبل شفٹ)

    نوٹیفکیشن کے مطابق پہلی شفٹ پیر سے جمعرات اور ہفتہ تک صبح 7:30 بجے سے دوپہر 12:30 بجے تک ہوگی جبکہ جمعہ کو صبح 10:30 بجے تک ہوگی۔ دوسری شفٹ دوپہر 1:00 بجے سے شام 5:00 بجے تک ہوگی۔

    کالجز کی ٹائمنگ

    کالجز ان اوقات کار کی پابندی کریں گے:

    • پیر سے جمعرات اور ہفتہ (صبح 8:30 بجے سے دوپہر 1:30 بجے تک)
    • جمعہ (صبح 8:30 سے 11:30 تک)

    کالجز میں شام کی شفٹ

    • پیر تا جمعرات اور ہفتہ (3:00 بجے سے شام 7:00 بجے تک)
    • جمعہ (2:30 بجے سے شام 5:00 بجے تک)

    نوٹ: یہ اوقات کار صرف سندھ کے تعلیمی اداروں کیلیے ہیں۔

  • بابوسر تھک میں 100 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، سیاحتی وادی میں خاموشی

    بابوسر تھک میں 100 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، سیاحتی وادی میں خاموشی

    چلاس: دیامر میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے آنے والا سیلابی ریلا تباہی کی داستان چھوڑ گیا ہے، بابوسر تھک میں تباہی کا 100 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، اور اس سیاحتی وادی میں خاموشی طاری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بابوسر تھک میں بارشوں کے بعد سیلابی ریلے میں قیمتی جانیں بھی ضائع ہوئیں، گاڑیاں، مکانات اور فصلیں تباہ ہو گئیں، سڑکیں، بجلی اور پانی کا نظام درہم برہم ہو گیا، او اب لوگ کھلے آسمان تلے رہنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔

    سیلاب زدہ علاقوں کے مناظر ہر طرف المناک داستان بن گئے ہیں، بارش اور سیلاب متاثرین فلاحی اداروں سے امدادی کارروائیوں کی اپیل کر رہے ہیں۔

    سیلابی ریلے سے بابوسر تھک میں شاہراہ کا 9 کلو میٹر نقشہ بدل گیا ہے، تاہم حکام کا کہنا ہے کہ اس کی بحالی کا کام جاری ہے، علاقے میں بابوسرتھک، نیاٹ، کھنر، بٹوگاہ، تھور اور تانگیر سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں، جہاں سیکڑوں مکانات، واٹر چینلز، رابطہ پل، فصلیں، اور مویشی خانے تباہ ہوئے، انتظامیہ نے بابوسر تھک میں ملبہ ہٹانے کے لیے فضائی جائزہ بھی لے لیا ہے۔

    ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ سیلاب میں بہہ جانے والے افراد کا سراغ نہیں مل سکا ہے، تاہم ریسکیو آپریشن چوتھے روز بھی جاری ہے، نیاٹ ویلی میں شدید سیلاب نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی، جہاں کئی مقامات زمینی نقشے سے مٹ گئے ہیں، تھور منیار میں لینڈسلائیڈنگ سے شاہراہ قراقرم بند ہو گئی ہے، جہاں مسافر اور سیاح پھنس گئے تھے، جنھیں ریسکیو کر لیا گیا ہے۔

    انتظامیہ کا کہنا ہے کہ شاہراہ قراقرم کو سیلابی ریلا گزرنے کے بعد بحال کیا جائے گا، تھور میں گزشتہ روز کے سیلابی ریلے میں لاپتا ہونے والے 2 افراد تاحال نہیں مل سکے ہیں، تھور کے مقامی صحافی رپورٹنگ کے دوران ریلے سے بال بال بچے، تھور ویلی میں مکانات، فصلیں اور رابطہ پل سیلاب کی نذر ہو گئے ہیں۔

    موسمیات کی جانب سے موسمی الرٹ جاری کیا گیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ 27 سے 31 جولائی تک شدید بارشوں کی پیشگوئی ہے، آندھی، ژالہ باری، لینڈسلائیڈنگ، ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے، اس لیے عوام غیر ضروری سفر سے گریز کریں ار ندی نالوں، پہاڑی علاقوں سے دور رہیں۔

  • اسحاق ڈار کی امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو سے ملاقات، اہم امور پر تبادلہ خیال

    اسحاق ڈار کی امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو سے ملاقات، اہم امور پر تبادلہ خیال

    نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو سے اہم ملاقات ہوئی ہے۔

    امریکی محکمہ خارجہ پہنچنے پر حکام نے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کا استقبال کیا اس موقع پر پاکستان کے سفیر رضوان سعید بھی موجود تھے۔

    وفود کی سطح پر ہونے والی ملاقات میں دونوں فریقین کی جانب سے سینئر حکام نے شرکت کی اور اس دوران پاک امریکا تعلقات اور مختلف شعبہ جات میں تعاون پر بات چیت ہوئی۔

    دو طرفہ تجارتی و اقتصادی روابط کے فروغ، سرمایہ کاری ودیگر شعبہ جات میں تعاون پر گفتگو کی گئی، انسداد دہشت گردی اور علاقائی امن سے متعلق بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

    اسحاق ڈار نے عالمی امن کے فروغ میں صدر ٹرمپ اور امریکی قیادت کی کوششوں پر خراج تحسین پیش کیا۔

    انہوں نے کہا کہ پاک بھارت کشیدگی میں صدر ٹرمپ کا کردار اور کاوشیں لائق تحسین ہیں، پاک امریکا تعلقات میں مزید وسعت اور استحکام کے خواہاں ہیں، دونوں ملکوں کے درمیان جاری ٹریڈ ڈائیلاگ میں مثبت پیش کے لیے پرامید ہیں۔

    نائب وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان امریکی کاروباری برادری اور سرمایہ کاروں کے لیے پرکشش منزل ہے، علاقائی امن کے لیے دونوں ممالک کے نقطہ نظر اور مفادات میں ہم آہنگی ہے، امریکا میں پاکستانی کمیونٹی دونوں ممالک کے درمیان پل کا کردار ادا کررہی ہے۔

    دوسری جانب امریکی وزیر نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ عالمی و علاقائی امن کے لیے پاکستان نے ہمیشہ مثبت کردار ادا کیا ہے۔

    اسحاق ڈار اور مارکو روبیو نے دو طرفہ تعلقات کے فروغ اور مضبوط روابط استوار کرنے کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

  • کراچی کے 25 ٹاؤنز میں پارکنگ فیس ختم ، نوٹیفکیشن جاری

    کراچی کے 25 ٹاؤنز میں پارکنگ فیس ختم ، نوٹیفکیشن جاری

    کراچی : شہر قائد کے 25 ٹاؤنز میں پارکنگ فیس ختم کردی گئی اور خبردار کیا شہریوں سے غیر قانونی پارکنگ فیس لینے والوں کیخلاف کارروائی ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق میئر مرتضیٰ وہاب کا کراچی بھر میں پارکنگ مفت کرنے کا خواب پورا ہوگیا ، سندھ حکومت نے 25 ٹاؤنز میں جاری پارکنگ فیس مکمل ختم کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

    شہر کی تمام سڑکوں پر چارجڈ پارکنگ فیس لینے پرمکمل پابندی عائد کردی، فیس اب صرف پلازہ، پلاٹس یا مخصوص کونسلز کے مخصوص علاقوں میں لی جائے گی۔

    نوٹیفکیشن میں تمام ٹاؤن میونسپل کارپوریشنز کو فیس ختم اور فوری عملدرآمد کی ہدایات جاری کردی گئیں ہیں۔

    محکمہ بلدیات کی ہدایت پر پارکنگ فیس ختم کرنے کی باضابطہ مہم کا آغاز کردیا ہے ، شہریوں سے غیر قانونی پارکنگ فیس لینے والوں کیخلاف کارروائی ہوگی

    کے ایم سی کے بعد 25 ٹاؤنز کی سڑکوں پر بھی پارکنگ فیس مکمل طور پربند ہے، چیف منسٹر سندھ کی ہدایت پر محکمہ بلدیات نے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔

    میئر مرتضیٰ وہاب کا مؤقف تھا کہ پارکنگ فیس کا خاتمہ عوامی مفاد میں کیا گیا تاہم میونسپل کمشنرز کو سختی سے عملدرآمد کی ہدایت کرتے ہوئے کہا عمل نہ کرنے پرکارروائی ہوگی۔

    واضح رہے کہ کراچی میں چارجڈ پارکنگ کی تاریخ پیچیدگیوں سے بھری پڑی ہے، جس میں شہریوں کی شکایات اور غیر قانونی وصولیوں کا لمبا سلسلہ شامل ہے۔ پارکنگ کی جگہوں کی کمی اور ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانے کے لیے میونسپل اداروں نے چارجڈ پارکنگ کا نظام متعارف کرایا۔ تاہم، جلد ہی یہ نظام غیر قانونی وصولیوں کا گڑھ بن گیا، جہاں ٹھیکیدار من مانی فیسیں وصول کرنے لگے اور اکثر جعلی یا بغیر رسید کے کام چلایا جاتا تھا۔ اس صورتحال نے شہریوں میں شدید بے چینی پیدا کی اور حکومت کو بھی ریونیو کا بھاری نقصان ہوا۔

    اس بڑھتے ہوئے مسئلے پر قابو پانے کے لیے حکومتی اور عدالتی سطح پر کئی اقدامات کیے گئے۔ ٹریفک پولیس نے غیر قانونی پارکنگ سائٹس کی نشاندہی کی، جبکہ میئر کراچی اور سندھ ہائی کورٹ نے بھی اس معاملے پر سخت نوٹس لیا۔ سب سے اہم پیش رفت حال ہی میں سامنے آئی ہے، جب سندھ حکومت نے سڑکوں پر چارجڈ پارکنگ فیس کے مکمل خاتمے کا نوٹیفکیشن جاری کیا۔ اب پارکنگ فیس صرف مخصوص پلازوں، پلاٹوں یا کونسلز کے نامزد علاقوں میں لی جائے گی۔

    اس فیصلے کے بعد کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) نے بھی اپنی 25 مخصوص پارکنگ سائٹس پر فیس ختم کر دی ہے، جبکہ 11 کورڈ پارکنگ سائٹس پر فیس بدستور برقرار ہے۔ کے ایم سی سمارٹ ڈیجیٹل پارکنگ سروسز شروع کرنے کا ارادہ رکھتی ہے تاکہ پارکنگ کے نظام کو مزید شفاف اور منظم بنایا جا سکے۔ اگرچہ سڑکوں پر چارجڈ پارکنگ کا خاتمہ ایک خوش آئند قدم ہے، لیکن اس بات پر نظر رکھنا ضروری ہے کہ ان اقدامات پر کتنا موثر طریقے سے عملدرآمد ہوتا ہے اور کیا یہ واقعی غیر قانونی چارجڈ پارکنگ کے مسئلے کا مستقل حل ثابت ہوتے ہیں۔

    ویزا اور امیگریشن سے متعلق خبریں