Category: اہم ترین

پاکستان اور دنیا بھر سے اہم ترین خبریں جاننے کے لئے اے آر وائی نیوز کی اردو ویب سائٹ پر آئیں

Important Breaking News from Pakistan and World from ARY News Urdu

  • ڈیجٹیل دہشت گردی ، پاکستان کا سوشل میڈیا کمپنیوں سے صارفین کا ڈیٹا شیئر کرنے کا مطالبہ

    ڈیجٹیل دہشت گردی ، پاکستان کا سوشل میڈیا کمپنیوں سے صارفین کا ڈیٹا شیئر کرنے کا مطالبہ

    اسلا آباد : پاکستان نے ڈیجٹیل دہشت گردی کیخلاف عالمی تعاون کی اپیل کرتے ہوئے سوشل میڈیا کمپنیوں سے صارفین کے ڈیٹا شیئرنگ کا مطالبہ کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری اور وزیرمملکت قانون وانصاف بیرسٹر عقیل نے پریس کانفرنس کی۔

    طلال چوہدری نے کہا آزادی اظہار کو خاموش نہیں بلکہ دہشتگردی کیخلاف دیواربنارہے ہیں، پاکستان عالمی سطح پر دہشت گردی کیخلاف مضبوط مورچہ ہے۔

    وزیر مملکت برائے داخلہ کا کہنا تھا کہ دہشت گردی سےمنسلک سوشل میڈیاکے سیکڑوں اکاؤنٹس کا پتہ لگایا ہے، کالعدم تنظیمیں سوشل میڈیا کے ذریعے بھرتیاں کر رہی ہیں، سوشل میڈیا پر دہشت گردی سے متعلق 2417 شکایات زیرغور ہیں، سوشل میڈیا کمپنیوں کو اے آئی کے ذریعے دہشت گرد مواد فوراً ہٹانا ہوگا۔

    بیرسٹر عقیل نے ڈیجیٹل دہشت گردی کے خلاف عالمی تعاون کی اپیل کرتے ہوئے سوشل میڈیا کمپنیوں سے ڈیٹا شیئرنگ اور تعاون کا مطالبہ کیا، دہشت گرد پروپیگنڈا پیکا کے تحت قابل سزا جرم ہے

    ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی جانب سے غیر ملکی سوشل میڈیا کمپنیوں کو ملک میں دفاتر کھولنے کی دعوت دی، سوشل میڈیا پلیٹ فارمز دہشت گرد اکاؤنٹس کی بندش، خود کار بلاکنگ ،ڈیٹا تک رسائی دے۔

    وزیر مملکت نے کہا کہ ٹی ٹی پی، آئی ایس کے پی، بی ایل اے اور بی ایل ایف سوشل میڈیا کے ذریعے پراپیگنڈا اورنوجوانوں کی بھرتی کر رہی ہیں۔

    وزیر مملکت برائے داخلہ نے مزید کہا کہ ہم دہشت گردوں کے اکاؤنٹس کو بلاک کرناچاہتے ہیں، سوشل میڈیا پلیٹ فارمز صارفین کے ڈیٹا تک رسائی دے، سوشل میڈیا پلیٹ فارمز اکاؤنٹ ہولڈرز کی تفصیلات کو پاکستان سے شیئر کریں۔

  • فیلڈ مارشل عاصم منیر کی چین میں اعلی سیاسی و عسکری قیادت سے ملاقاتیں

    فیلڈ مارشل عاصم منیر کی چین میں اعلی سیاسی و عسکری قیادت سے ملاقاتیں

    بیجنگ : فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے چین کی اعلیٰ سیاسی اور عسکری قیادت سے ملاقاتیں کیں ، چینی قیادت نے پاکستانی افواج کو جنوبی ایشیا کے امن کی علامت قرار دیا۔

    تفصیلات کے مطابق آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے عوامی جمہوریہ چین کے سرکاری دورے کے دوران بیجنگ میں چین کی اعلیٰ سیاسی اور عسکری قیادت کے ساتھ اعلیٰ سطحی ملاقاتیں کیں۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے بیان میں کہا کہ آرمی چیف نے چین کے نائب صدر ہان ژینگ اور چین کے وزیر خارجہ سے ملاقات کی، جس میں علاقائی اور بین الاقوامی سیاسی پیشرفت، سی پیک کے تحت رابطے کے اقدامات اور مشترکہ جغرافیائی سیاسی چیلنجوں کے لئے مربوط ردعمل کی ضرورت پر توجہ مرکوز کی گئی۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ دونوں جانب سے مثالی دوطرفہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا اور مساوات، کثیرالجہتی تعاون اور طویل المدتی علاقائی استحکام کے لئے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا گیا۔ چینی قیادت نے پاکستان کی مسلح افواج کے عزم اور جنوبی ایشیا میں فروغ امن کے لئے اہم کردار کو سراہا۔

    فیلڈ مارشل عاصم منیر نے سینٹرل ملٹری کمیشن کے وائس چیئرمین جنرل ژانگ یوشیا، پی ایل اے آرمی کے پولیٹیکل کمشنر جنرل چن ہوئی اور پی ایل اے آرمی کے چیف آف اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل کائی ژائی جون سے ملاقاتیں کیں۔

    ترجمان نے کہا کہ پی ایل اے آرمی ہیڈ کوارٹر پہنچنے پر آرمی چیف فیلڈ مارشل کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، بعدازاں ملاقاتوں میں دفاعی اور سیکورٹی تعاون پر جامع بات چیت کی گئی، جس میں انسداد دہشت گردی تعاون، مشترکہ تربیت، دفاعی شعبے میں جدت اور اداروں میں روابط میں اضافہ شامل ہے ساتھ ہی ہائبرڈ اور بین الاقوامی خطرات کا مقابلہ کرنے کے لیے آپریشنل انٹرآپریبلٹی اور اسٹریٹجک کوآرڈینیشن کو بہتر بنانے پر زور دیا گیا۔

    چینی عسکری قیادت نے مستحکم دوطرفہ دفاعی شراکت داری پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور علاقائی امن کے فروغ میں پاکستان کے کلیدی کردار کا اعتراف کیا۔

    فیلڈ مارشل عاصم منیر نے چین کی مسلسل حمایت کو سراہا اور تمام شعبوں میں ملٹری ٹو ملٹری تعاون کو مزید وسعت دینے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

    ترجمان کے مطابق یہ دورہ دونوں برادر ممالک کے درمیان وسعت پاتے سیاسی اور فوجی تعلقات کی گہرائی کی عکاسی کرتا ہے اور پائیدار اعلیٰ سطحی بات چیت اور روابط کے ذریعے علاقائی سلامتی کو آگے بڑھانے کے لئے ان کے مشترکہ عزم کو اجاگر کرتا ہے۔

  • اسحاق ڈار آج امریکی وزیر خارجہ مارکوروبیو سے اہم ملاقات کریں گے

    اسحاق ڈار آج امریکی وزیر خارجہ مارکوروبیو سے اہم ملاقات کریں گے

    واشنگٹن : وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی آج امریکی وزیرخارجہ مارکوروبیو سے اہم ملاقات ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرخارجہ اسحاق ڈار آج امریکی ہم منصب مارکو روبیو سے ملاقات کریں گے۔

    ملاقات میں پاک امریکا تعلقات کے مختلف پہلوؤں پرگفتگو کی جائے گی، خصوصاً تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون فروغ دینے پرتوجہ مرکوز رکھی جائے گی۔

    دونوں رہنما باہمی دلچسپی کے علاقائی وبین الاقوامی امور پر بھی تبادلہ خیال کریں گے، جبکہ پاک بھارت جنگ بندی اور خطے کی صورتحال پر تفصیلی بات چیت ہوگی۔

    مزید پڑھیں : نائب وزیراعظم اسحاق ڈار ایک روزہ دورے پر امریکا پہنچ گئے

    وزیر خارجہ معروف امریکی تھنک ٹینک دی اٹلانٹک کونسل میں بھی خطاب کریں گے، علاقائی اور بین الاقوامی ایشوز پر پاکستان کا مؤقف پیش کریں گے۔

    امریکی تھنک ٹینک دی اٹلانٹک کونسل میں خطے کی صورتحال اورپاک امریکا تعلقات کے مستقبل پر روشنی ڈالیں گے۔

    گذشتہ روز نائب وزیراعظم ایک دن کے دورے پر واشنگٹن پہنچے تھے، پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ اور سفارت خانے کے سینئرحکام نے ان کا استقبال کیا تھا۔

  • فرانس کا ستمبر میں فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا اعلان

    فرانس کا ستمبر میں فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا اعلان

    پیرس(25 جولائی 2025): فرانسیسی صدر ایمانویل میکرون نے کہا ہے کہ فرانس ستمبر میں فلسطین کو تسلیم کرلے گا، یہ فیصلہ مشرقِ وسطیٰ میں منصفانہ اور پائیدار امن کیلئے کیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق فرانس نے مشرقِ وسطیٰ میں قیامِ امن کی سمت اہم پیش رفت ہوئی ہے، فرانسیسی صدر نے ریاستِ فلسطین کو تسلیم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے کہا کہ فلسطینی ریاست قبول کرنے کا وہ باقاعدہ اعلان ستمبر میں اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب میں کریں گے۔

    انہوں نے فلسطینی صدر محمود عباس کو لکھا گیا خط سوشل میڈیا پر شیئر کیا، جس میں لکھا کہ مشرق وسطیٰ میں پائیدار اور منصفانہ امن کے لیے فرانس نے فیصلہ کیا ہےکہ وہ ریاستِ فلسطین کوتسلیم کرے گا۔

    فرانسیسی صدر نے لکھا کہ ہمیں فوری جنگ بندی، تمام یرغمالیوں کی رہائی، اور غزہ کے عوام کے لیے بڑے پیمانے پر انسانی امداد کی ضرورت ہے، حماس کو غیر مسلح کرنا، غزہ کو محفوظ بنانا اور اس کی تعمیرِ نو کے ساتھ ساتھ فلسطینی ریاست کا قیام ہی خطے کے دیرپا امن کی ضمانت بن سکتا ہے۔

    فرانسیسی صدر کا کہنا تھا کہ فرانسیسی عوام مشرقِ وسطیٰ میں امن چاہتے ہیں، اور اب وقت آ گیا ہے کہ یورپی و بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ مل کر یہ ثابت کیا جائے کہ امن ممکن ہے۔

  • مستونگ میں  فورسز کی کارروائی میں 3 دہشت گرد ہلاک، میجر اور سپاہی شہید

    مستونگ میں فورسز کی کارروائی میں 3 دہشت گرد ہلاک، میجر اور سپاہی شہید

    راولپنڈی: مستونگ میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں بھارتی حمایت یافتہ 3 دہشت گرد ہلاک ہوگئے، میجر اور سپاہی نے جام شہادت نوش کیا۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فورسزز نے مستونگ میں بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کے خلاف انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کیا۔

    سیکیورٹی فورسز کی موثر کارروائی میں بھارتی حمایت یافتہ 3 دہشت گرد مارے گئے، فائرنگ کے تبادلے میں میجر زیاد اور سپاہی ناظم حسین بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوگئے۔

    ترجمان پاک فوج کے مطابق ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ، گولیاں اور دھماکا خیز مواد برآمد کیا گیا۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں ممکنہ دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے، سیکیورٹی فورسز بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔

  • روس میں مسافر طیارہ گر کر تباہ ،  تمام مسافر ہلاک

    روس میں مسافر طیارہ گر کر تباہ ، تمام مسافر ہلاک

    ماسکو: روس کے مشرقی علاقے میں ایک مسافر بردار طیارہ گر کر تباہ ہو گیا، ، جس کے نتیجے میں طیارے میں سوار تمام مسافر ہلاک ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق روس کے مشرقی علاقے میں ایک مسافر بردار طیارہ دوران پرواز گر کر تباہ ہو گیا، حادثے میں سوار تمام 49 افراد جان کی بازی ہار گئے۔

    روسی نیوز ایجنسیوں اور مقامی حکام نے حادثے کی تصدیق کردی، یہ Antonov An-24 طیارہ جسے 1976 میں تیار کیا گیا تھا، سائبیرین ایئر لائن Angara Airlines کی پرواز پر تھا۔

    سائبیریا کی انگارا ایئرلائن کا طیارہ چین کی سرحد سے متصل قصبے ٹائنڈا کے قریب ریڈار سے غائب ہوکر لاپتا ہو گیا تھا، طیارے میں 43 مسافر (جن میں 5 بچے بھی شامل تھے) اور 6 عملے کے افراد سوار تھے۔

    روس کی خبر رساں ایجنسی نے بتایا کہ طیارے کو لینڈنگ کے دوران موسم کی خرابی اور کم دکھائی دینے کے باعث حادثہ پیش آیا۔

    گورنر واسیلی اورلوف نے بتایا کہ تمام متعلقہ ریسکیو فورسز کو تلاش اور امدادی کارروائیوں کے لیے متحرک کر دیا گیا تھا۔ بعد ازاں، ایک Mi-8 ہیلی کاپٹر نے حادثے کے مقام پر طیارے کا جلا ہوا ملبہ دریافت کیا، جو ٹائندا سے 15 کلومیٹر جنوب میں واقع گھنے جنگلاتی علاقے میں پایا گیا۔

    حادثے کے وقت طیارہ لینڈنگ کی دوسری کوشش کر رہا تھا جب اچانک اس کا رابطہ ختم ہو گیا۔ علاقائی حکام کے مطابق طیارہ زمین سے ٹکرانے کے بعد آگ کی لپیٹ میں آگیا۔

    حادثے میں کوئی بھی فرد زندہ نہیں بچ سکا تاہم طیارے کے تباہ ہونے کی وجوہات جاننے کے لیے تفتیش جاری ہے۔

  • پاکستانیوں کے لئے ایک اور ملک میں ویزا  فری انٹری کی سہولت

    پاکستانیوں کے لئے ایک اور ملک میں ویزا فری انٹری کی سہولت

    ڈھاکہ : پاکستان اور بنگلہ دیش نے سفارتی و سرکاری پاسپورٹس کو ویزا فری انٹری کی سہولت دینے کا فیصلہ کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی بنگلہ دیش کے وزیر داخلہ جہانگیر عالم چوہدری سے ملاقات ہوئی۔

    وزیرداخلہ محسن نقوی کو وزارت داخلہ ڈھاکہ آمد پر گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور پاک بنگلہ دیش دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    پاکستان اور بنگلہ دیش نے سفارتی و سرکاری پاسپورٹس کو ویزا فری انٹری کی سہولت دینے کا فیصلہ کرلیا۔

    نیوزی لینڈ نے ویزا قوانین میں نرمی کردی

    دونوں وزرائے داخلہ کا انٹرنل سیکیورٹی اور پولیس ٹریننگ کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

    بنگلہ دیشی وزیر داخلہ نے کہا کہ ڈھاکہ آمد پر اپنے بھائی کو دل کی گہرائیوں سے خوش آمدید کہتے ہیں، آپ کا دورہ پاک بنگلہ دیش دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے کیلئے انتہائی اہم ہے.

    بنگلہ دیشی وزیر داخلہ نے پولیس ٹریننگ کی پیشکش پر وزیر داخلہ محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا۔

    ملاقات میں بنگلہ دیش کے ساتھ انسداد دہشت گردی،منشیات و انسداد انسانی اسمگلنگ کے حوالے سے گفتگو ہوئی۔

    اس کے ساتھ ہی پاک بنگلہ دیش دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کیلئے مشترکہ کمیٹی تشکیل دے دی گئی ، پاکستان کی طرف سے وفاقی سیکرٹری داخلہ خرم آغا کمیٹی کے سربراہ ہوں گے جبکہ بنگلہ دیش کا اعلیٰ سطح وفد جلدسیف سٹی پراجیکٹ اور نیشنل پولیس اکیڈمی کا دورہ کرنے اسلام آباد آئے گا۔

  • بلوچستان میں غیرت کے نام پر قتل کی گئی بانو کی والدہ کا بیان منظر عام پر ، نئی بحث چھڑ گئی

    بلوچستان میں غیرت کے نام پر قتل کی گئی بانو کی والدہ کا بیان منظر عام پر ، نئی بحث چھڑ گئی

    کوئٹہ: بلوچستان میں غیرت کے نام پر خاتون اور مرد کے قتل کیس میں نیا موڑ آیا ، مقتولہ بانو کی والدہ کا ویڈیو بیان سامنے آگیا۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان غیرت کے نام پر قتل کی جانے والی خاتون بانو کی والدہ کا ویڈیو بیان منظرِ عام پر آگیا۔

    جس میں انہوں نے اپنی بیٹی کے قتل کو "بلوچی رسم و رواج کے مطابق سزا” قرار دیتے ہوئے واقعے کے مرکزی کردار سردار شیر باز ساتکزئی کو بے قصور قرار دیا ہے۔

    ویڈیو بیان میں خاتون نے مؤقف اختیار کیا کہ بانو نے ایسی حرکت کی تھی جو قبیلے کے روایتی اصولوں کے خلاف تھی، اس لیے اسے سزا دی گئی۔

    ان کا کہنا تھا کہ اس فیصلے میں سردار شیر باز ساتکزئی کا کوئی کردار نہیں تھا اور نہ ہی وہ اس قتل کے ذمہ دار ہیں۔

    بانو کی والدہ نے اعلیٰ حکام سے اپیل کی کہ سردار شیر باز ساتکزئی اور دیگر گرفتار افراد کو فوری طور پر رہا کیا جائے۔

    غیرت کے نام پرقتل کی گئی مقتولہ کی والدہ کے ویڈیو بیان پرسماجی رہنما فرزانہ باری نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہمیں کہانیاں نہ سنائیں۔ ایک سنگین جرم ہوا ہے سزا ملنی چاہیے۔ اس جرم کے ویڈیو شواہد موجود ہیں۔

    وکیل لیاقت گبول کا بھی کہنا تھا کہ افسوس کی بات ہے اس وقت سردار کو بچانے کی کوشش کی جارہی ہے، ایسےمجرموں کو چھوڑ دیا گیا تو پھر ایسے واقعات کو روکنا مشکل ہوگا۔

    مزید پڑھیں : بلوچستان میں قتل ہونے والے مرد اورعورت کا 47 دن بعد پوسٹ مارٹم ، تہلکہ خیز انکشافات

    یاد رہے کہ بلوچستان کے دارلحکومت کے نواحی علاقے ڈگاری میں انیس جولائی کو بانو نامی خاتون اور احسان اللہ نامی شخص کے قتل کرنے کا واقعہ سامنے آیا تھا، فائرنگ کے دردناک مناظر کی ویڈیو سوشل میڈیا پروائرل ہوئی۔

    بتایا جاتا ہے میاں بیوی ڈیڑھ سال سے روپوش تھے، دونوں کو دعوت کے بہانے بلایا گیا، جرگے میں فیصلہ سنایا گیا اور پھر کھلے میدان میں لے جا کر گولیاں چلا دی گئیں۔

    بعد ازاں خاتون اور مرد کے سفاکانہ قتل کی وائرل ویڈیو کے سلسلے میں کوئٹہ پولیس نے بڑے پیمانے پر کارروائی کرتے ہوئے 20 ملزمان کی نشاندہی کر لی ہے۔

    پولیس کے مطابق واقعے میں ملوث 13 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے، جن میں مقتولہ کا کزن اور ساتکزئی قبیلے کے سربراہ سردار شیرباز ساتکزئی بھی شامل ہیں۔

    گذشتہ روز وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے دعویٰ کیا تھا کہ یہ شادی شدہ جوڑا نہیں تھا، خاتون شادی شدہ اور 5 بچوں کی ماں تھی۔ تاہم یہ قتل اور بربریت ہے، میری ساری ہمدردیاں قتل ہونے والے افراد کے ساتھ ہیں اور ہم مظلوم کے ساتھ کھڑے ہیں۔

    Balochistan Honor Killing Incident

  • شاہراہ بابوسر پر پھنسے تمام سیاح اور مسافر ریسکیو کر لیے گئے

    شاہراہ بابوسر پر پھنسے تمام سیاح اور مسافر ریسکیو کر لیے گئے

    گلگت: ترجمان گلگت بلتستان حکومت فیض اللہ فراق نے کہا ہے کہ شاہراہ بابوسر پر پھنسے تمام سیاح اور مسافر ریسکیو کر لیے گئے۔

    ترجمان فیض اللہ فراق نے بتایا کہ 250 کے قریب سیاح محفوظ مقامات پر منتقل کر دیے گئے ہیں جو شاہراہ بابوسر پر پھنسے ہوئے تھے، جب کہ لاپتا افراد کی تلاش جاری ہے۔

    ترجمان نے کہا کہ عینی شاہدین کے مطابق 10 سے 15 افراد لاپتا ہیں، وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کی ہدایت پر سرچ آپریشن لاپتا افراد کی تلاش تک جاری رہے گا، ان کا کہنا تھا کہ ریسکیو آپریشن میں مقامی رضاکار، پولیس، ضلعی انتظامیہ اور پاک فوج شریک رہی۔


    25 جولائی تک مون سون بارشوں سے کیا ممکنہ خطرات ہیں؟ نشان دہی کر دی گئی


    گلگت بلتستان حکومت کے ترجمان کے مطابق چلاس میں سیاحوں کے لیے مفت رہائش کا بندوبست کیا گیا ہے، جب کہ مقامی آبادی کے نقصانات کا تخمینہ بھی لگایا جا رہا ہے، ان کا کہنا تھا کہ رات کی تاریکی میں سرچ آپریشن میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، اس لیے آپریشن روک کر صبح پھر سے آغاز کر دیا جاتا ہے۔

    فیض اللہ فراق کے مطابق فوٹیج میں نظر آنے والی گاڑیوں کے تمام سیاح محفوظ ہیں، ضلع استور کے علاقے بولن میں سیلابی ریلوں نے تباہی مچائی، سیلابی ریلوں سے ضلع استور میں ایک خاتون جاں بحق ہوئی، دیوسائی میں پھنسے سیاحوں کو بھی ریسکیو کر لیا گیا ہے، دیامر تھور میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں، ضلع غذر میں بھی ریلیف سرگرمیوں میں انتظامیہ مصروف ہے۔

  • یاسمین راشد، میاں محمود الرشید، اعجاز چوہدری کو 10، 10 سال قید کی سزا

    یاسمین راشد، میاں محمود الرشید، اعجاز چوہدری کو 10، 10 سال قید کی سزا

    لاہور: اے ٹی سی نے پی ٹی آئی رہنما یاسمین راشد، میاں محمود الرشید، اعجاز چوہدری کو 10، 10 سال قید کی سزا سنادی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی جلاؤ گھیراؤ شیرپاؤ پل کیس کا فیصلہ سنایا جس میں شاہ محمود قریشی، حمزہ عظیم سمیت دیگر پانچ ملزمان کو بری کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

    عدالت نے یاسمین راشد، میاں محمود الرشید، اعجاز چوہدری کو 10، 10 سال قید کی سزا سنائی ہے۔

    علی حسن، افضال عظیم پاہٹ، عمر سرفراز، خالد قیوم، ریاض حسین کو بھی 10، 10 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔

    یہ پڑھیں: 9 مئی کیس: پنجاب اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر سمیت 32 پی ٹی آئی کارکنوں کو سزا سنا دی گئی

    اس سے قبل انسداد دہشتگردی کی عدالت سرگودھا میں 9 مئی میانوالی ہنگامہ آرائی اور توڑ پھوڑ کیس کی سماعت ہوئی تھی۔ عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ سنایا تھا۔

    اے ٹی سی کے جج محمد نعیم شیخ نے پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے پنجاب اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر احمد خان بھچر کو 10 سال قید کی سزا سنائی تھی۔

    عدالت نے احمد خان بھچر سمیت 32 کارکنوں کو دس، دس سال قید کی سزا سنائی تھی۔

     9 مئی واقعات پر اپوزیشن لیڈر احمد خان بھچر سمیت پی ٹی آئی کارکنوں پر دہشتگردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج تھا۔