Category: اہم ترین

پاکستان اور دنیا بھر سے اہم ترین خبریں جاننے کے لئے اے آر وائی نیوز کی اردو ویب سائٹ پر آئیں

Important Breaking News from Pakistan and World from ARY News Urdu

  • انسداددہشت گردی عدالت نے شاہ محمود قریشی کو بری کردیا

    انسداددہشت گردی عدالت نے شاہ محمود قریشی کو بری کردیا

    لاہور: انسداددہشت گردی عدالت نے شیرپاؤ پل کیس کا فیصلہ سنا دیا، انسداددہشت گردی عدالت نے شاہ محمود قریشی کو بری کردیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق 9 مئی جلاؤ گھیراؤ شیر پاؤ پل کیس میں انسداددہشت گردی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما شاہ محمود قریشی کو بری کردیا ہے۔

    اے ٹی سی نے 9 مئی جلاؤ گھیراؤ شیرپاؤ پل کیس کا فیصلہ سنایا، عدالت نے حمزہ عظیم سمیت 5 ملزمان کو بری کرنے کا حکم دیا ہے۔

    شاہ محمود قریشی دل میں تکلیف کے باعث جیل سے پی آئی سی منتقل

    تاہم انسداد دہشت گردی عدالت نے یاسمین راشد، میاں محمودالرشید اور اعجازچوہدری کو 10،10 سال قید کی سزا سنادی ہے۔

    اس کے علاوہ علی حسن، افضال عظیم پاہٹ، عمر سرفراز، خالد قیوم اور ریاض حسین کو بھی 10،10 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔

    https://urdu.arynews.tv/raja-basharat-surrendered-in-court-in-both-cases/

  • 200 یونٹ بجلی استعمال کرنے والے صارفین کیلیے بڑی خبر، حکومت نے اہم فیصلہ کر لیا

    200 یونٹ بجلی استعمال کرنے والے صارفین کیلیے بڑی خبر، حکومت نے اہم فیصلہ کر لیا

    اسلام آباد (22 جولائی 2025): حکومت نے پروٹیکٹڈ صارفین کی کیٹیگری ختم کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے 200 یونٹ بجلی استعمال کرنے والے شہریوں کو ریلیف سے محروم کرنے کی تیاری کر لی۔

    چیئرمین جنید اکبر خان کی زیرِ صدارت پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) کا اجلاس ہوا جس میں سیکرٹری پاور ڈویژن ڈاکٹر فخر عالم عرفان نے بتایا کہ حکومت نے 2027 تک پروٹیکٹڈ صارفین کی کیٹیگری ختم کرنے کا ٖفیصلہ کیا ہے۔

    سیکرٹری پاور ڈویژن نے بتایا کہ ڈیڑھ سال تک 200 یونٹ بجلی کے معاملے سے نکل جائیں گے، پروٹیکٹڈ صارفین کی تعداد 11 ملین سے بڑھ کر 18 ملین ہوگئی ہے اور ملک کے 58 فیصد صارفین 200 یونٹ استعمال کرنے والے ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں: 150 سے 200 یونٹ استعمال کرنے والے صارفین کیلیے بڑی خوشخبری

    ڈاکٹر فخر عالم عرفان نے بتایا کہ ہم بجلی پر سبسڈی بتدریج کم کرتے جا رہے ہیں، 2027 یعنی ڈیڑھ سال تک بجلی پر سبسڈی ختم کر دیں گے، 200 یونٹ والوں کو سب سے زیادہ 60 سے 70 فیصد سبسڈی دی جا رہی ہے۔

    ان کے مطابق ہم جو پالیسی بناتے ہیں سب سے پہلے آئی ایم ایف سے منظوری حاصل کرتے ہیں، اس پالیسی کی بعد میں وفاقی کابینہ سے منظوری حاصل کی جاتی ہے۔

    ’ہمارے پاس ملک میں اضافی بجلی دستیاب ہے جس کے حوالے سے دو تجویز زیر غور ہیں؛ پہلی تجویز یہ ہے کہ اضافی بجلی انڈسٹری کو رعایتی نرخ پر دی جائے جبکہ دوسری تجویز ہے نئی انڈسٹری کو یہ سستی بجلی فراہم کی جائے۔

    سیکرٹری پاور ڈویژن کے مطابق ورلڈ بینک نے اس تجویز کو سراہا ہے، ان تجاویز پر آئی ایم ایف سے بات چل رہی ہے تاہم ان سے اب تک منظوری نہیں ملی۔

  • گلگت بلتستان میں سیلاب میں لاپتا سیاحوں کے لیے سرچ آپریشن جاری، 5 افراد کی لاشیں مل گئیں

    گلگت بلتستان میں سیلاب میں لاپتا سیاحوں کے لیے سرچ آپریشن جاری، 5 افراد کی لاشیں مل گئیں

    چلاس: گلگت بلتستان میں سیلاب میں لاپتا سیاحوں کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے، 5 افراد کی لاشیں مل گئی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق گلگت بلتستان میں طوفانی بارشوں سے چلاس میں آبی ریلے نے تباہی مچا دی، سیاحوں کی 15 سے زیادہ گاڑیاں ریلے میں بہہ گئیں، 5 لاشیں نکال لی گئی ہیں جب کہ 4 افراد کو ریسکیو کر لیا گیا۔

    لاپتا باقی سیاحوں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے، ترجمان گلگت بلتستان حکومت فیض اللہ فراق نے بتایا کہ لاپتہ سیاحوں کی تلاش جاری ہے، رات کی تاریکی سے سرچ آپریشن متاثر ہوا تھا۔

    انھوں نے بتایا کہ پاک فوج بھی ریسکیو آپریشن میں حصہ لے رہی ہے، 200 سےزائد سیاحوں کو مقامی لوگوں اور حکومت نے ریسکیو کیا، اور 100 سے زائد سیاحوں کو تھک بابو سر کے لوگوں نے گھروں میں پناہ دی، جب کہ شہر کے تمام ہوٹلز اور گیسٹ ہاؤسز سیاحوں کے لیے مفت کھول دیے گئے ہیں۔


    ویڈیو : سیلابی ریلے نے تباہی مچادی : چلاس کا دل دہلا دینے والا حادثہ


    انھوں نے ہدایت کی کہ مسافر اور سیاح غیر ضروری سفر سے گریز کریں، ادھر دیامر کے 20 مقامات پر شاہراہ بابوسر اور ریشم بند ہو گئی ہے، 8 کلو میٹر کا علاقہ تباہ ہو گیا ہے، جی بی حکومت نے متاثرہ علاقوں میں راشن پیکٹس اور خیمے فراہم کرنے کا آغاز کر دیا ہے۔

    گلگت بلتستان کے ضلع دیامر میں کلاؤڈ برسٹ، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث قراقرم ہائی وے مختلف مقامات پر بند ہو گئی ہے، چیئرمین نیشنل ہائی وے اتھارٹی کی ہدایت پر این ایچ اے کی ٹیمیں سرگرم عمل ہو گئی ہیں۔

  • 8 بجلی کمپنیاں اربوں روپے کی اوور بلنگ میں ملوث، آڈٹ رپورٹ

    8 بجلی کمپنیاں اربوں روپے کی اوور بلنگ میں ملوث، آڈٹ رپورٹ

    پاور ڈویژن کے ماتحت اداروں میں بڑے پیمانے پر مالی بے ضابطگیوں کاانکشاف ہوا ہے، آڈٹ رپورٹ کے مطابق بجلی کی 8تقسیم کار کمپنیاں 244 ارب روپے کی اوور بلنگ میں ملوث نکلیں۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق آئیسکو، لیسکو، حیسکو، میپکو، پیسکو، کیسکو، سیپکو اور ٹیسکو شامل ہیں۔ مذکورہ 8 کمپنیاں لائن لاسز، بجلی چوری، ناقص کارکردگی چھپانے کیلئے اووربلنگ کرتی تھیں۔

    گھریلو صارفین،زرعی ٹیوب ویلز، وفات پا نے والےافراد بھی اووربلنگ سے بچ نہ سکے، دستاویزات کے مطابق ملتان الیکٹرک کمپنی نے مردہ افراد کو 4 کروڑ 96 لاکھ روپے کا بجلی بل بھیجا، 5 تقسیم کار کمپنیوں نے صارفین کو 47 ارب روپے سے زائد کی اوور بلنگ کی۔

    دستاویز کے مطابق ملتان الیکٹرک کمپنی نے مردہ افراد کو4کروڑ 96لاکھ روپے کا بجلی بل بھیج دیا،
    استعمال شدہ بجلی یونٹ صفر،بل میں12لاکھ 21 ہزار 790 یونٹ ڈال دیےگئے۔

    آڈٹ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ 5تقسیم کارکمپنیوں نے صارفین کو47.81ارب کی اوور بلنگ کی،
    ایک ماہ میں2لاکھ78ہزار649صارفین کو بجلی کا 47ارب81 کروڑ کا اضافی بل بھیجا گیا۔

    حکومت کی آمدنی بڑھانے کے چند مفید نسخے

    لائن لاسز،بجلی چوری چھپانے کیلئے اووربلنگ میں ملوث افسران کیخلاف کارروائی بھی نہیں کی گئی،
    سال 2023-24میں صارفین کو90کروڑ46لاکھ بجلی یونٹس کا اضافی بل بھیجا گیا۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بعض کیسز میں صارفین کو اربوں روپے ریفنڈ کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے آڈٹ حکام نے تصدیق کیلئے ریکارڈ مانگ لیا۔

    دستاویز کے مطابق لائن لاسز پورے کرنے کیلئےصارفین پر اضافی لوڈ کی مد میں 22 ارب کی اوربلنگ کا انکشاف ہوا ہے۔ آڈٹ حکام نے 8 بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں سے وضاحت مانگ لی۔

    کیسکو کی جانب سے زرعی صارفین کو اووربلنگ 148 ارب روپے سے تجاوز کرنے کا بھی انکشاف ہوا ہے، کمپنی نے ناقص کارکردگی چھپانے کیلئے سال 2023-24 تک زرعی ٹیوب ویلز کو اووربلنگ کی۔

    بجلی کی 10تقسیم کار کمپنیوں نے 1432 فیڈرز کو 18 ارب 64 کروڑ کا اضافی بل بھجوایا، ریکارڈ طلب کرنے کے باوجود آڈٹ حکام کو فراہم نہیں کیا گیا۔

    آڈٹ رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ غلط میٹر ریڈنگ کی مد میں صارفین کو 5.29 ارب روپے کی اووربلنگ کی رقم ریفنڈ کر دی گئی۔ پیسکو کی جانب سے صارفین کو 2.18 ارب کی ملٹی کریڈٹ ایڈجسٹمنٹ دی گئی۔

  • الیکشن کمیشن نے سینیٹ انتخابات کے مکمل نتائج جاری کردیے

    الیکشن کمیشن نے سینیٹ انتخابات کے مکمل نتائج جاری کردیے

    پشاور: الیکشن کمیشن نے سینیٹ انتخابات کے مکمل نتائج جاری کردیے ہیں۔

    الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ مکمل نتائج کے مطابق مجموعی طور پر 143 ووٹ کاسٹ ہوئے، خواتین کی نشست پر پی ٹی آئی کی روبینہ ناز نے 89 ووٹ حاصل کیے، پیپلزپارٹی کی روبینہ خالد نے 52 ووٹ حاصل کیے۔

    خواتین کی نشست پر عائشہ بانو اور ماہ وش علی خان کوئی ووٹ حاصل نہ کرسکیں۔

    الیکشن کے مطابق جنرل نشست پر پی ٹی آئی کے مراد سعید 26، فیصل جاوید 22 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے، جنرل نشست پر مرزا آفریدی 21 اور نور الحق قادری 21 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے۔

    یہ پڑھیں: حکمران اتحاد کو سینیٹ میں دوتہائی اکثریت حاصل ہو گئی

    جنرل نشست پر جے یو آئی کے عطا الحق درویش18، ن لیگ کے نیاز احمد 18 ووٹ لیکر کامیاب ہوئے، جنرل نشست پر پیپلزپارٹی کے طلحہٰ محمود 17 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے۔

    جنرل نشست پر آصف رفیق، اظہرقاضی مشوانی، خرم ذیشان، دلاورخان ووٹ نہ لے سکے، شفقت ایاز، عرفان سلیم، فیض الرحمان، وقاص اوکرزئی ووٹ نہ لے سکے۔

    الیکشن کمیشن کے مطابق ٹیکنوکریٹ نشست پر اعظم سواتی 89 اور جے یو آئی کے دلاور خان 54 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے، خالد مسعود، ارشاد حسین، نور الحق قادری، وقار احمد قاضی کوئی ووٹ حاصل نہ کرسکے۔

  • سینیٹ الیکشن، کے پی اسمبلی میں تمام 11 نشستوں کے نتائج آگئے

    سینیٹ الیکشن، کے پی اسمبلی میں تمام 11 نشستوں کے نتائج آگئے

    خیبرپختونخوا اسمبلی میں سینیٹ کی تمام 11 نشستوں کے نتائج سامے آگئے، حکومت کے 6 اور اپوزیشن کے 5 سینیٹر منتخب ہوئے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کے پی اسمبلی میں 7 جنرل نشست پر پی ٹی آئی کے 4 اور اپوزیشن کے تین سینیٹرز کامیاب ہوئے ہیں۔

    مراد سعید جنرل نشست پر 26 ووٹ لے کر سینیٹر منتخب ہوئے، فیصل جاوید، مرزا محمد آفریدی، نور الحق قادری جنرل نشست پر منتخب ہوگئے۔

    فیصل جاوید نے 22، مرزا محمد آفریدی نے 21 اور نور الحق قادری نے بھی 21 ووٹ لیے۔

    خیبرپختونخوا سے ٹیکنوکریٹ کی نشست پر اعظم سواتی، دلاور خان کامیاب ہوئے، اعظم سواتی نے 89 اور جے یو آئی کے دلاور خان نے 54 ووٹ حاصل کیے۔

    اپوزیشن کے مولانا عطا الحق 18، طلحہ محمود 17 اور نیاز احمد 18 ووٹ لے کر سینیٹر منتخب ہوئے۔

    کے پی سے خواتین کی نشست پر حکومتی امیدوار روبینہ ناز 89 ووٹ لے کر کامیاب ہوئیں، خواتین کی دوسری نشست پر پی پی کی روبینہ خالد 52 ووٹ لے کر سینیٹر منتخب ہوئیں۔

    یہ پڑھیں: سینیٹ الیکشن کے لیے پولنگ مکمل، کے پی اسمبلی ارکان نے ووٹ کاسٹ کرلیا

    وزیر اعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور نے کامیاب سینیٹرز کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ جنرل نشستوں پر پارٹی ووٹ کسی اور کو کاسٹ نہیں ہوا۔

    انہوں نے کہا کہ 144 ووٹوں میں سے ایک خالی تھا دو مسترد ہوئے ہیں، اپوزیشن کو 53 ووٹ پڑے ہیں جتنی ان کی تعداد تھی۔

    علی امین نے کہا کہ ٹیکنوکریٹ کی سیٹ پر ہمارا ایک ووٹ اپوزیشن کو ملا ہے، تاریخ میں پہلی بار خیبرپختونخوا میں کامیابی ملی ہے، ثابت ہوا کہ ہم نہ بکنے والے ہیں اور نہ جھکنے والے ہیں۔

  • قتل ہونے والا جوڑا شادی شدہ  نہیں تھا، وزیر اعلیٰ بلوچستان

    قتل ہونے والا جوڑا شادی شدہ نہیں تھا، وزیر اعلیٰ بلوچستان

    کوئٹہ (21 جولائی 2025): وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے بلوچستان میں قتل ہونے والے جوڑے سے متعلق دعویٰ کیا ہے کہ یہ شادی شدہ جوڑا نہیں تھا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے قتل ہونے والا شادی شدہ جوڑا نہیں تھا۔ خاتون شادی شدہ اور 5 بچوں کی ماں تھی۔ تاہم یہ قتل اور بربریت ہے۔ میری ساری ہمدردیاں قتل ہونے والے افراد کے ساتھ ہیں اور ہم مظلوم کے ساتھ کھڑے ہیں۔

    وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ مذکورہ واقعہ سے متعلق سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے سے پہلے ہی مل گئی تھی، جس کے بعد آئی جی بلوچستان کو فوری طور پر واقعہ کا نوٹس لینے کا کہا اور قبائلی سردار کو گرفتار بھی کیا گیا ہے۔

    سرفراز بگٹی نے کہا کہ حکومت واقعہ کی شفاف تحقیقات کرا رہی ہے اور دہرے قتل میں قبائلی سردار سمیت 11 افراد گرفتار ہیں جب کہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو نے مجھے کال کر کے اسے ٹیسٹ کیس کے طور پر دیا ہے۔ جو بھی اس میں ملوث ہیں، ان کو قانون کے کٹہرے میں لائیں گے۔ ہم کسی جرگے کی حمایت نہیں کریں گے بلکہ آئینی اور قانونی راستہ اختیار کریں گے۔

    وزیراعلیٰ بلوچستان نے مزید کہا کہ وکٹم بلیمنگ پر نہیں جانا چاہتا، مگر حقائق بیان کرنا ضروری ہے۔ قتل کے اس کیس میں دونوں فریقین ایف آئی آر درج کرانے کو تیار نہیں۔ قتل کے واقعہ پر متعلق ڈی ایس پی کو معطل کیا جا چکا ہے۔ اس طرح کے جرگے ہوتے ہیں، جن کو روکنا حکومت کا کام ہے اور ہم نے روک کر ایکشن بھی لیا ہے۔

    انہوں نے یہ بھی بتایا کہ گاؤں کے مرد فرار ہیں۔ پولیس جب وہاں جاتی ہیں، تو خواتین پتھراؤ کرتی ہیں۔ یہاں قبائلی معاشرہ ہے اور یہ حقیقت ہے کہ خطہ اسلحہ سے پاک نہیں۔

    سرفراز بگٹی نے صوبے میں دہشتگردی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کی روک تھام کے لیے آپریشنز کیے اور مزید اقدامات بھی کر رہے ہیں۔ ایک سال میں 300 دہشتگردوں کو مارا گیا ہے۔ بسوں پر حملوں میں ملوث 10 دہشتگردوں کو جہنم واصل کر چکے۔ بلوچستان کی جو تصویر دکھائی جا رہی ہے، ایسا بالکل نہیں، چیزیں بہتر ہو رہی ہیں۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز سوشل میڈیا پر میاں بیوی کے قتل کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی۔ جس کے بعد بلوچستان حکومت کی مدعیت قتل کا مقدمہ درج کر لیا گیا تھا۔

    بلوچستان میں پسند کی شادی کرنے والے خاتون اور مرد کے قتل کے واقعے کا مقدمہ تھانہ ہنہ اورڈک میں درج کیا گیا جب کہ اس قتل کے حوالے سے اہم اور سنسنی خیز انکشافات بھی سامنے آئے۔

    https://urdu.arynews.tv/balochistan-couple-incident-case-registered/

  • بلوچستان میں پسند کی شادی کرنے والے جوڑے کے  قتل کا مقدمہ  درج، اہم انکشافات

    بلوچستان میں پسند کی شادی کرنے والے جوڑے کے قتل کا مقدمہ درج، اہم انکشافات

    کوئٹہ : بلوچستان میں پسند کی شادی کرنے والے جوڑے کے قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا، جس میں بتایا کہ سردار کے فیصلے کے بعد مرد اور خاتون کو گاڑیوں میں سنجیدی ڈیگاری مارگٹ لاکر قتل کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان میں پسند کی شادی کرنے والے خاتون اور مرد کے قتل کے واقعے کا مقدمہ تھانہ ہنہ اورڈک میں درج کرلیا گیا۔

    مقدمہ انسداد دہشت گردی اور دیگر دفعات کے تحت متعلقہ ایس ایچ او نوید اختر کی مدعیت میں درج کیا گیا۔

    مدعی مقدمے نے بتایا کہ خاتون اور مرد کے فائرنگ سےقتل کی ویڈیووائرل ہوئی، پولیس نفری کے ساتھ جائے وقوعہ سنجیدی ڈیگاری مارگٹ پہنچا، معلومات کرنے پر علم ہوا کہ واقعہ عیدالاضحیٰ سے 3 روز قبل کا ہے۔

    مدعی کا کہنا تھا کہ فائرنگ کرکے بانو بی بی اور احسان اللہ کو قتل کیا گیا ، فائرنگ کرنے والے ملزمان میں شاہ وزیر، جلال،ٹکری منیر ، بختیار، ملک امیر، عجب خان، جان محمد سمیت15 نامعلوم ملزمان شامل ہیں۔

    مقدمے میں مزید کہا گیا کہ ملزمان مرد اور خاتون کو قتل کرنے سے قبل سردار شیر باز خان کےپاس لیکر گئے، سردار نے فیصلہ سنایا کہ دونوں کاروکاری کےمرتکب ہوئےہیں، قتل کیا جائے اور سردار کے فیصلے کے بعد مرد اور خاتون کو گاڑیوں میں سنجیدی ڈیگاری مارگٹ لاکر قتل کیا گیا۔

    مزید پڑھیں : بلوچستان : میاں بیوی کے قتل میں ملوث قبیلے کے سردار سمیت 11 گرفتار

    ویڈیوبناکرسوشل میڈپر اپ لوڈ کرکے عوام میں خوف وہراس پھیلا گیا۔

    یاد رہے گذشتہ روز بلوچستان میں پسند کی شادی کرنے والے جوڑے کو قتل کرنے کا واقعہ سامنے آیا تھا، فائرنگ کے دردناک مناظر کی ویڈیو سوشل میڈیا پروائرل ہوئی۔

    بتایا جاتا ہے میاں بیوی ڈیڑھ سال سے روپوش تھے، دونوں کو دعوت کے بہانے بلایا گیا، جرگے میں فیصلہ سنایا گیا اور پھر کھلے میدان میں لے جا کر گولیاں چلا دی گئیں۔

    وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے ایکس پر بتایا مقتولین کی شناخت ہوگئی ہے اور قاتل کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

  • ڈاکٹر عافیہ صدیقی کیس : وفاقی کابینہ کو توہین عدالت  کا شوکاز نوٹس جاری

    ڈاکٹر عافیہ صدیقی کیس : وفاقی کابینہ کو توہین عدالت کا شوکاز نوٹس جاری

    اسلام آباد : اسلام آباد ہائیکورٹ نے وفاقی کابینہ کو توہین عدالت کاشوکاز نوٹس جاری کردیا، جسٹس سردار اسحاق  نے کہا کہ چھٹیاں ختم ہونے کے بعد پہلے ورکنگ ڈے پر سماعت ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی اوروطن واپسی کیس کی سماعت ہوئی ، جسٹس سردار اعجازاسحاق ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کی درخواست پرسماعت کی۔

    درخواست گزار کی جانب سے وکیل عمران شفیق عدالت میں پیش ہوئے ، جسٹس اعجاز اسحاق نے کہا اسلام آباد ہائیکورٹ کے جج کا روسٹر چیف جسٹس آفس ہینڈل کرتاہے، حکومت نے سپریم کورٹ میں میرے فیصلے کیخلاف اپیل دائر کی، جج اگر چاہے بھی تو چھٹیوں میں کام نہیں کرسکتا، میری چھٹیاں آج سے شروع ہونا تھیں۔

    جسٹس سردار اعجاز نے ریمارکس دیئے فوزیہ صدیقی کیس دیگرکیسز کیساتھ آج سماعت کیلئےمقررکیاتھا، جمعرات کو بتایاگیا کازلسٹ جاری نہیں ہوگی جب تک تبدیلی نہیں کی جاتی، پرسنل سیکریٹری سے کہا کازلسٹ پر چیف جسٹس کو درخواست لکھیں، چیف جسٹس کو 30 سیکنڈ بھی درخواست پر دستخط کرنے کیلئے نہیں ملے۔

    اسلام آباد ہائی کورٹ کے جج کا کہنا تھا کہ ماضی میں ججز کا روسٹرمخصوص کیسزکے فیصلوں کیلئےاستعمال ہو چکا، فوزیہ صدیقی پاکستان کی بیٹی ہیں، اپیل سپریم کورٹ میں مقررہے، جج چھٹی کے دن عدالت میں انصاف مہیاکرنے کیلئے بیٹھنا چاہتا ہے لیکن ایک بار پھر ایڈمنسٹریٹو پاور کو جوڈیشل پاور کیلئے استعمال کیاگیا۔

    جسٹس اعجاز نے مزید کہا کہ میں انصاف کو شکست کا سامنا نہیں کرنے دوں گا، ہائیکورٹ کی عزت برقرار رکھنے کیلئے اپنی جوڈیشل پاورز کا استعمال کروں گا، وفاقی کابینہ کے ہر ممبر کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کرتا ہوں۔

    جسٹس اعجاز اسحاق نے وفاقی کابینہ کو توہین عدالت کا شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے کہا عافیہ صدیقی کیس میں رپورٹ پیش نہ کرنے پر نوٹس جاری کیا ، چھٹیاں ختم ہونے کے بعد پہلے ورکنگ ڈے پر کیس کی آئندہ سماعت ہو گی۔

    گزشتہ روز جاری ججز ڈیوٹی روسٹر کے مطابق جسٹس اعجاز اسحاق کا نام شامل نہیں تھا ، جسٹس اعجاز اسحاق کی عدالت کی آج کی کازلسٹ بھی جاری نہیں کی گئی تھی۔

  • خیبر پختونخوا اسمبلی کی 25 مخصوص نشستوں پر ارکان نے حلف اٹھالیا

    خیبر پختونخوا اسمبلی کی 25 مخصوص نشستوں پر ارکان نے حلف اٹھالیا

    خیبر پختونخوا اسمبلی کی 25 مخصوص نشستوں پر ارکان نے حلف اٹھالیا، گورنر فیصل کریم کنڈی نے منتخب ارکان سے حلف لیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق خیبر پختونخوا اسمبلی میں مخصوص نشست کےلیے پاکستان مسلم لیگ ن کی 7خواتین، اقلیت پر ایک رکن اسمبلی نے حلف اٹھایا، ن لیگ کی خواتین نشستوں پر فرح خان، آمنہ سردار، فائزہ ملک اور شازیہ جدون نے حلف اٹھایا۔

    افشا حسین، جمیلہ پراچہ، سونیا حسین اور سریش کمار نے اقلیتی نشست پر حلف اٹھایا، جے یوآئی کی 7خواتین، اقلیت کے 2ارکان نے حلف اٹھایا۔

    جے یوآئی کی بلقیس، ستارہ آفرین، ایمن جلیل، مدیحہ گل، رابعہ شاہین، نیلوفر بیگم اور ناہید نور نے حلف اٹھایا، اقلیت کی نشست پر جے یو آئی کے عسکر پرویز اور گرپال سنگھ نے حلف اٹھایا۔

    پیپلزپارٹی کی 4 خواتین، اقلیت کی نشست پر ایک رکن نے حلف اٹھایا، پی پی سے شازیہ طہماس، ساجدہ تبسم، مہر سلطانہ، آسبر جان جدون، فرزانہ شیرین نے حلف اٹھایا، پیپلز پارٹی سے اقلیت کی نشست پر بہاری لعل نے حلف اٹھایا۔

    اے این پی کی 2 خواتین خدیجہ بی بی، شاہدہ وحید نے مخصوص نشست پر حلف اٹھایا، پی ٹی آئی پارلیمنٹرین کی نادیہ شیر نے خواتین کی مخصوص نشست پرحلف اٹھایا۔

    https://urdu.arynews.tv/opposition-leader-kp-20-07-2025/