Category: اہم ترین

پاکستان اور دنیا بھر سے اہم ترین خبریں جاننے کے لئے اے آر وائی نیوز کی اردو ویب سائٹ پر آئیں

Important Breaking News from Pakistan and World from ARY News Urdu

  • چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ نے مخصوص نشستوں پر حلف لینے کیلیے گورنر کو نامزد کر دیا

    چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ نے مخصوص نشستوں پر حلف لینے کیلیے گورنر کو نامزد کر دیا

    پشاور (20 جولائی 2025): چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ عتیق شاہ نے مخصوص نشستوں پر اراکین کا حلف لینے کیلیے گورنر فیصل کریم کنڈی کو نامزد کر دیا۔

    الیکشن کمیشن نے چیف جسٹس ہائیکورٹ عتیق شاہ کو اراکین سے حلف لینے کیلیے کسی کو نامزد کرنے کا خط لکھا تھا۔ چیف جسٹس آرٹیکل 255 (2) کے تحت کسی بھی ممبران سے حلف لینے کیلیے نامزد کر سکتے ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں: اپوزیشن لیڈر کے پی اسمبلی کا اراکین کی حلف برداری کے حوالے سے اہم اعلان

    پشاور ہائیکورٹ کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا کہ جتنا جلد ممکن ہو گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی اراکین سے حلف لیں۔

    گورنر فیصل کریم کنڈی نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو میں کہا کہ پشاور ہائیکورٹ کے حکم کے بعد میٹنگ کال کی ہے، کوشش ہے آج یا کل مخصوص نشستوں کے ارکان سےحلف لے لیں۔

    فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ حلف برداری ہوجائے گی اور کل سینیٹ الیکشن بھی ہو جائے گا، 2008 میں بھی ہارس ٹریڈنگ روکنے کیلیے بلامقابلہ الیکشن کرائے تھے۔

    انہوں نے کہا کہ اگر ان کے امیدوار بات نہیں مان رہے تو ایم پی اے کیسے مانیں گے، مقابلہ ہوا تو کوشش کرینگے 5 کے بجائے 6 سینیٹ نشستیں جیتیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ کےپی کے مخصوص نشستوں کے ارکان سے آج یا کل حلف ہوجائےگا، سینیٹ الیکشن کل اپنے وقت پر ہوگا، ہائیکورٹ کے آرڈر کے بعد کسی بھی وقت حلف لے سکتا ہوں، سینیٹ الیکشن سے پہلے مخصوص نشستوں کے ارکان سےحلف لے لوں گا۔

  • پی ٹی آئی کورنگ امیدواروں کے کاغذات واپس نہ لینے کی وجہ اے آر وائی نیوز سامنے لے آیا

    پی ٹی آئی کورنگ امیدواروں کے کاغذات واپس نہ لینے کی وجہ اے آر وائی نیوز سامنے لے آیا

    اسلام آباد (20 جولائی 2025): پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کورنگ امیدواروں کے کاغذات واپس نہ لینے کی وجہ اے آر وائی نیوز سامنے لے آیا۔

    ذرائع نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ اپوزیشن جماعتوں اور ناراض گروپ نے پی ٹی آئی سے ٹیکنوکریٹ سیٹ لینے کی منصوبہ بندی کی، سیٹ پر آزاد امیدوار قاضی وقار کو اپوزیشن اور چند حکومتی ایم پی ایز کی حمایت حاصل ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: ’کل ہونے والا سینیٹ الیکشن ناممکن ہے‘

    ذرائع نے بتایا کہ قاضی وقار کو پس پردہ پی ٹی آئی کے عہدیدار اور بانی پی ٹی آئی عمران خان کے قریبی ساتھیوں کی بھی حمایت حاصل ہے، مسلم لیگ (ن)، پاکستان پیپلز پارٹی اور عوامی نیشنل پارٹی نے پی ٹی آئی امیدوار اعظم سواتی کے مقابلے میں امیدوار کھڑا نہیں کیا، ارب پتی بزنس مین نے پی ٹی آئی اور (ن) لیگ کے ٹکٹ کی کوشش بھی کی تھی۔

    قاضی وقار نے ہیڈ آف انویسٹی گیٹیو سیل نعیم اشرف بٹ کو بتایا کہ میں اور شاندانہ گلزار جیل میں بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملے تھے، مجھے اپوزیشن جماعتوں اور پی ٹی آئی ایم پی ایز کی سپورٹ حاصل ہے۔

    آزاد امیدوار قاضی وقار نے بتایا کہ کل سب کو پتا چل جائے گا پی ٹی آئی ایم پی ایز کے پی حکومت سے ناراض ہیں، بڑا ڈونر ہوں شوکت خانم اسپتال کا آپریشن تھیٹر میری والدہ کے نام پر ہے۔

  • کورم پورا نہ ہونے پر کے پی اسمبلی کا اجلاس 24 جولائی تک ملتوی

    کورم پورا نہ ہونے پر کے پی اسمبلی کا اجلاس 24 جولائی تک ملتوی

    پشاور: کورم پورا نہ ہونے پر کے پی اسمبلی کا اجلاس 24 جولائی تک ملتوی ہو گیا۔

    اسپیکر خیبرپختونخوا بابرسلیم سواتی کے مطابق اسمبلی اجلاس کی ریکوزیشن ہوئی تھی، اور صوبائی حکومت کی ایڈوائس پر گورنر نے اسمبلی اجلاس طلب کیا تھا، تاہم آج جب اسمبلی اجلاس شروع ہوا تو پی ٹی آئی کے رکن شیر علی آفریدی نے کورم کی نشان دہی کر دی، جس پر اجلاس ملتوی کرنا پڑا۔

    اسپیکر کے پی اسمبلی نے کہا کورم پورا نہیں ہے، اس لیے اجلاس 24 جولائی جمعرات 2 بجے تک ملتوی کیا جاتا ہے، کورم پورا نہ ہونے پر اراکین کی حلف برداری بھی نہ ہو سکی۔

    خیبر پختونخوا اسمبلی کا اجلاس شروع ہوتے ہی کورم کی نشان دہی پر اپوزیشن نے شور شرابا شروع کر دیا تھا، تاہم اسپیکر نے کہا کورم کی نشان دہی ہو چکی ہے ارکان کی گنتی کی جائے، بعد ازاں انھوں نے کہا 25 اراکین موجود ہیں اور کورم پورا نہیں، گھنٹیاں بجائیں۔


    پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی میں بھی اختلافات سامنے آگئے


    قبل ازیں پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا جس میں ارکان نے اسمبلی اجلاس سے بائیکاٹ کا فیصلہ کیا، اور پی ٹی آئی رکن اسمبلی عبدالغنی آفریدی کی ڈیوٹی اسمبلی گیٹ پر لگائی گئی، جو دروازے پر کھڑے ہو کر پی ٹی آئی کے آنے والے اراکین کو واپس گھر بھجوتے رہے۔

    چیف وہپ اکبر ایوب کی زیر صدارت پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں اسپیکر بابر سلیم اور ڈپٹی اسپیکر ثریا بی بی شریک ہوئیں، اور مخصوص نشستوں پر نومنتخب اراکین کی حلف برداری سے متعلق لائحہ عمل پر مشاورت کی گئی۔

  • کراچی سے مانسہرہ اور کینجھر جھیل جانے والی 2 بسیں الٹنے سے 9 مسافر جاں بحق

    کراچی سے مانسہرہ اور کینجھر جھیل جانے والی 2 بسیں الٹنے سے 9 مسافر جاں بحق

    کراچی/خیرپور: کراچی سے مانسہرہ اور کینجھر جھیل جانے والی 2 بسیں راستے میں الٹنے کے باعث 9 مسافر جاں بحق ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی سے پکنک پر کینجھر جھیل جانے والی ایک بس ٹھٹھہ بائی پاس کے قریب الٹ گئی ہے، جس کے باعث 6 مسافر جاں بحق اور 12 زخمی ہو گئے۔

    ریسکیو حکام کے مطابق ٹھٹھہ بائی پاس پر بس الٹ کر کھائی میں گر گئی تھی، لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد کا تعلق اورنگی ٹاؤن سے ہے، حادثے کی شکار بس کے مسافر کینجھر جھیل پکنک کے لیے جا رہے تھے۔

    دوسرے واقعے میں کراچی سے مانسہرہ جانے والی ایک مسافر بس خیرپور میں ٹنڈو مستی کے قریب قومی شاہراہ پر پھسلن کے باعث الٹ گئی، اس حادثے میں 3 افراد جاں بحق، اور 15 زخمی ہو گئے ہیں۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، بعض زخمیوں کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے، جب کہ مرنے والوں میں ایک خاتون اور ڈرائیور بھی شامل ہے۔

  • پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی میں بھی اختلافات سامنے آگئے

    پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی میں بھی اختلافات سامنے آگئے

    پشاور: سینیٹ نشستوں کے معاملے پر پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی میں بھی اختلافات سامنے آگئے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق مردان سے حکومتی رکن طارق محمود آریانی نے بھی عرفان سلیم کو ووٹ دینے کا اعلان کیا ہے۔

    طارق محمود نے کہا کہ عرفان سلیم کو بتا دیا ہار جیت سے ہٹ کر آپ کے ساتھ ڈٹ کر کھڑا ہوں، وزیر اعلیٰ اپوزیشن کو اضافی نشستیں دے کر 27ویں ترمیم کی راہ ہموار کررہے ہیں۔

    پی ٹی آئی ایم پی اے شکیل خان نے بھی عرفان سلیم کو ووٹ دینے کا اعلان کررکھا ہے۔

    اس سے قبل ایکس پر ویڈیو پیغام میں پی ٹی آئی رہنما خرم ذیشان نے کہا تھا کہ بات سینیٹ الیکشن سے بہت آگے نکل چکی ہے، عمران خان جن سے بات نہیں کرنا چاہتے ان سے گٹھ جوڑ نامنظور ہے۔

    یہ پڑھیں: سینیٹ کی نشست کے لیے مشال یوسفزئی کی نامزدگی ! بشریٰ بی بی کی بہن میدان میں آگئیں

    انہوں نے کہا کہ سیاسی مصلحتوں، گٹھ جوڑ، بندر بانٹ میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنا ہے، ہمارا انتخاب 100 میں سے 100 بار مزاحمت ہی ہوگا۔

    خرم ذیشان نے کہا کہ نہ جھکیں گے، نہ دستبردار ہوں گے، مصلحتوں سے انکار ہے، ہم سیاست نہیں جہاد کرتے ہیں، بھاڑ میں جائے سیاست اور نشستیں، اصول پر کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے۔

    پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ مجھے دستبردار ہونے کی لالچ اور دھمکیاں نہ دی جائیں۔

  • خیبرپختونخوا میں پولیس کا آپریشن، 5 خارجی دہشتگرد ہلاک، ڈی پی او، ایس ایچ او زخمی

    خیبرپختونخوا میں پولیس کا آپریشن، 5 خارجی دہشتگرد ہلاک، ڈی پی او، ایس ایچ او زخمی

    ہنگو(19 جولائی 2025): خیبرپختونخوا (کے پی) پولیس نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کیساتھ مل کر دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کرکے 5 خوارج کو جہنم واصل کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا کے ضلع ہنگو کے علاقے زرگیری اور شناوڑی میں پولیس اور ٹل اسکاوٹس کی جانب سے خارجی دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کے دوران 5 خوارج ہلاک ہوگئے۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کی فائرنگ سے ڈسٹرکٹ پولیس افسر (ڈی پی او) خالد خان اور اسٹیشن ہاؤس افسر (ایس ایچ او) نبی خان بھی زخمی ہوئے جنہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

    آپریشن کے دوران دہشت گردوں نے بھی پولیس پر فائرنگ کی، گولیاں لگنے سے ڈی پی او خالد خان اور ایس ایچ او دوآبہ نبی خان زخمی ہوئے جنہیں علاج کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

    اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ڈی پی او خالد خان کو 4 گولیاں لگی ہیں، ایس ایچ او نبی خان معمولی زخمی ہوئے ہیں۔

    پولیس حکام کے مطابق آپریشن کا سلسلہ تاحال جاری ہے، علاقے میں کلیئرنس تک آپریشن جاری رکھا جائے گا۔

  • کراچی میں شہری نے ڈکیتی کی کوشش کیسے ناکام بنائی؟ سی سی ٹی وی فوٹیج دیکھیں

    کراچی میں شہری نے ڈکیتی کی کوشش کیسے ناکام بنائی؟ سی سی ٹی وی فوٹیج دیکھیں

    کراچی میں شہری نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ڈکیتی کی کوشش ناکام بنا دی اور فائرنگ کر کے ڈاکوؤں کو بھاگنے پر مجبور کر دیا۔

    ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں روز متعدد اسٹریٹ کرائمز کی وارداتیں ہوتی ہیں۔ ان وارداتوں میں شہری اپنی قیمتی چیزیں کھو دیتے ہیں اور بعض واقعات میں ڈاکو ان کی جان لینے سے بھی گریز نہیں کرتے۔

    تاہم اب ایک ایسی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آئی ہے جس میں شہری کو بہادری سے ڈاکوؤں کا مقابلہ کرتے اور پھر انہیں ناکام وہاں سے بھاگتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

    30 سال قبل شہری کو قتل کرنے والا اشتہاری ملزم کیسے پکڑا گیا؟

    یہ واقعہ کراچی کے علاقے عزیز آباد گلشن شمیم میں پیش آیا ہے جہاں ہوٹل پر بیٹھے شہریوں سے ڈکیتی کی کوشش کی گئی، جسے بہادر شہری نے ناکام بنادی۔

    واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج  اےآروائی نیوز نے حاصل کرلی، پولیس حکام کے مطابق موٹر سائیکل پر سوار تین مسلح ملزمان نے لوٹ مار کی کوشش کی۔

    اس دوران بہادر نوجوان نے ڈاکوؤں پر فائرنگ کردی، شہری کی فائرنگ سے ایک ڈاکو ہلاک جبکہ اس کے دو ساتھی فرار ہوگئے جس کی تلاش جاری ہے۔

  • کراچی اور لاہور کے تاجروں کا آج ہڑتال کا اعلان، کاروباری مراکز بند رہیں گے

    کراچی اور لاہور کے تاجروں کا آج ہڑتال کا اعلان، کاروباری مراکز بند رہیں گے

    کراچی اور لاہور چیمبر آف کامرس نے آج ہڑتال اور کاروباری مراکز بند رکھنے کا اعلان کردیا۔

    کراچی چیمبر آف کامرس کے صدر جاوید بلوانی نے کہا کہ کراچی میں آج کاروباری مراکز بند رہیں گے، مسئلہ حل نہ ہوا تو احتجاج ہوگا۔

    جاوید بلوانی نے کہا کہ حکومتی ٹیم کو تحریری طور پر یقین دہانی کروانے کا کہا لیکن تحریری طور پر کچھ نہیں دیا گیا، آئندہ اجلاس میں بھی تحریری کچھ نہیں دیا تو دوبارہ ہڑتال کریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ ہفتے میں ایک اور دو دن بھی ہڑتال کرسکتے ہیں، مطالبات نہ مانے گئے تو پورے ہفتے بھی ہڑتال کی جاسکتی ہے۔

    کراچی چیمبر کے صدر نے کہا کہ کراچی سمیت ملک بھر میں پرامن ہڑتال ہوگی۔

    صدر لاہور چیمبر میاں ابو ذر شاد نے بھی آج ہڑتال کا اعلان کیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ آج تاجروں کے احتجاج میں شرکت کریں گے، تاجروں کی مختلف تنطیمیں کل ہڑتال کریں گی۔

    انہوں نے کہا کہ حکومت سے اب وعدے نہیں عملدرآمد چاہیے۔

    واضح رہے کہ قبل ازیں، فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) نے کہا تھا کہ ملک بھر کی بزنس کمیونٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ ہڑتال نہیں کی جائے گی۔

    دریں اثنا، سیالکوٹ، ملتان، راولپنڈی اور گوجرانولہ چیمبر نے 19 جولائی (کل) کی ہڑتال موخر کرنے کا اعلان کر دیا۔

    اسی طرح راولپنڈی اور گوجرانولہ چیمبرز آف کامرس نے بھی ہڑتال نہ کرنے کا اعلان کیا۔ واضح رہے کہ تاجر برادری حکومت نے فنانس ایکٹ کے آرٹیکل 37 اے کے خلاف ہڑتال کررہی ہے۔

     

  • حکومت سے مذاکرات کامیاب، تاجروں کا کل ہڑتال نہ کرنے کا اعلان

    حکومت سے مذاکرات کامیاب، تاجروں کا کل ہڑتال نہ کرنے کا اعلان

    حکومت اور بزنس کمیونٹی میں فنانس بل کی متنازع شقوں پر مذاکرات کامیاب ہو گئے جس کے بعد صدر ایف پی سی سی آئی نے کل ہڑتال نہ کرنے کا اعلان کر دیا۔

    صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام کے مطابق حکومت نے فنانس بل اور سیلزٹیکس ایکٹ کی متنازع شقوں پر لچک دکھائی ہے حکومت نے متنازع شقیں واپس لینے کا اعلان کیا ہے حکومت نے بزنس کمیونٹی کےتمام مطالبات تسلیم کیے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ملک بھر کے چیمبرز ہڑتال نہ کرنے پر ہمارے ساتھ ہیں کچھ دوست ناراض تھے آج کی میٹنگ کے بعد وہ بھی ہم سےمتفق ہیں، کسی ایک بندے نے کال دی تو انفرادی حیثیت میں ہو گی اس کا بزنس کمیونٹی سےتعلق نہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے بزنس کمیونٹی کے تحفظات بہت اچھے طریقے سے سنے کل بزنس کمیونٹی کی جانب سےہڑتال نہیں ہو گی۔

    صدر انجمن تاجران پاکستان اجمل بلوچ نے کہا کہ پہلی بار ایف پی سی سی آئی اور انجمن تاجران ایک پیج پر ہیں حکومت نے تمام مسئلے حل کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے ایک ماہ میں مسئلےحل ہو جائیں گے،ابھی ہڑتال کی ضرورت نہیں جب ضرورت پڑی تو انجمن تاجران اور تمام چیمبرز مل کر بڑی ہڑتال کریں گے۔

    گروپ لیڈر راولپنڈی چیمبر سہیل الطاف نے کہا کہ حکومتی یقین دہانی پر احتجاج کی کال مؤخر کر رہے ہیں ضرورت پڑی توسب مل کر احتجاج کرینگے۔

    صدرسیالکوٹ چیمبر اکرام الحق نے واضح کیا کہ حکومت سے اگلی میٹنگ تک احتجاج مؤخر کرنے کا اعلان کرتے ہیں حکومت نے آج کے اجلاس میں مثبت رویہ اپنایا۔

  • سرکاری ملازمین کے لئے ایک اور بڑی خوشخبری آگئی

    سرکاری ملازمین کے لئے ایک اور بڑی خوشخبری آگئی

    کوئٹہ : سرکاری ملازمین کے لیے تنخواہ میں اضافے کے بعد ایڈہاک ریلیف الاؤنس کے حوالے سے بڑی خوشخبری آگئی۔

    تفصیلات کے مطابق سرکاری ملازمین کو 2025 کے لیے 10 فیصد ایڈہاک ریلیف الاؤنس دینے کی منظوری دے دی گئی۔

    محکمہ خزانہ کی جانب سے جاری کردہ ایک باضابطہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہت کہ بلوچستان حکومت نے بنیادی تنخواہ سکیل ون سے 22 تک تمام سرکاری ملازمین کو بنیادی تنخواہ کا 10 فیصد ایڈہاک ریلیف الاؤنس دیا جائے گا، جو یکم جولائی 2025 سے نافذ العمل ہے۔

    الاؤنس کا خرچ بجٹ کے نظرثانی شدہ تخمینوں میں ایڈجسٹ کیا جائے گا ، تاہم الاؤنس ایسے ملازمین کو نہیں دیا جائے گا جو بیرون ملک پوسٹنگ یا ڈیپوٹیشن پر ہوں۔

    یہ اقدام صوبائی بجٹ میں اعلان کردہ وسیع تر مالی امدادی اقدامات کا حصہ ہے، یہ 2025-26 کے بجٹ کے تحت تنخواہ دار طبقے کے لیے وفاقی حکومت کے اپ ڈیٹ کردہ انکم ٹیکس ڈھانچے کی پیروی کرتا ہے۔

    سالانہ 600,000 روپے تک کی آمدنی انکم ٹیکس سے مکمل مستثنیٰ رہے گی، 600,001 سے 1.2 ملین روپے کے درمیان کی آمدنی پر 600,000 روپے سے زیادہ کی رقم پر 1 فیصد ٹیکس لگے گا۔

    مزید پڑھیں : پنجاب میں سرکاری ملازمین کو ایڈہاک ریلیف الاؤنس دینے کا اعلان

    1.2 ملین سے 2.2 ملین روپے کے درمیان آمدنی پر، 6,000 روپے کا فکسڈ ٹیکس لاگو ہوگا، اس کے علاوہ 1.2 ملین روپے سے زیادہ کی رقم پر 11 فیصد۔
    2.2 ملین سے 3.2 ملین روپے کے درمیان کمانے والے 2.2 ملین روپے سے زائد رقم پر 116,000 روپے کے علاوہ 23 فیصد ٹیکس ادا کریں گے۔

    3.2 ملین سے 4.1 ملین روپے کے درمیان آمدنی والے افراد پر 346,000 روپے کے علاوہ 3.2 ملین روپے سے زیادہ کی رقم پر 30 فیصد ٹیکس عائد کیا جائے گا۔

    پاکستان میں آج ڈالر کی قیمت

    4.1 ملین روپے سے زیادہ کی آمدن اس حد سے زیادہ رقم پر 35 فیصد ٹیکس کے ساتھ مقررہ ٹیکس کی مد میں 616,000 روپے حاصل کرے گی۔

    حکومت کا مقصد پبلک سیکٹر کے کارکنوں کو کچھ مالی ریلیف فراہم کرنا ہے جبکہ محصولات کی پیداوار میں مدد کے لیے ایک ترقی پسند ٹیکس ڈھانچہ کو برقرار رکھنا ہے۔