Category: اہم ترین

پاکستان اور دنیا بھر سے اہم ترین خبریں جاننے کے لئے اے آر وائی نیوز کی اردو ویب سائٹ پر آئیں

Important Breaking News from Pakistan and World from ARY News Urdu

  • سینیٹ الیکشن: پی ٹی آئی میں اختلافات شدید، تنظیمی عہدیداروں کی قیادت کو وارننگ

    سینیٹ الیکشن: پی ٹی آئی میں اختلافات شدید، تنظیمی عہدیداروں کی قیادت کو وارننگ

    پشاور (18 جولائی 2025): خیبر پختونخوا میں سینیٹ الیکشن میں ٹکٹوں کی بندر بانٹ کے معاملے پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) میں اختلافات کھل کر سامنے آگئے۔

    پی ٹی آئی تنظیمی عہدیداروں نے پارٹی قیادت سے سینیٹ الیکشن میں پشاور سے عرفان سلیم کو ٹکٹ دینے کا مطالبہ کیا اور مطالبہ نہ ماننے کی صورت میں صوبائی اسمبلی، وزیر اعلیٰ ہاؤس اور ایم پی ایز کے گھروں کا گھیراؤ کرنے کی دھمکی دی۔

    پریس کانفرنس کے دوران پی ٹی آئی تنظیمی عہدیداروں نے کہا کہ عرفان سلیم کو ٹکٹ نہ دینے کا فیصلہ نظریے کے خلاف ہے، پارٹی کے دیرینہ کارکنان احتجاج میں شریک ہیں، عرفان سلیم کے کاغذات واپس نہیں لیں گے، وہ سینیٹ الیکشن کے امیدوار ہیں اور رہیں گے۔

    یہ بھی پڑھیں: سینیٹ الیکشن کی ٹکٹوں پر پی ٹی آئی میں کھینچا تانی، بیرسٹر سیف کی استعفے کی دھمکی

    تنظیمی عہدیداروں نے کہا کہ امید ہے پارٹی کی قیادت ہمارے جائز مطالبات کو مانے گی، ہمارا مطالبہ نہ مانا گیا تو وزیر اعلیٰ ہاؤس کے باہر احتجاج کریں گے، ہم اپنی پارٹی کے خلاف ریڈ زون میں بھی چلے جائیں گے، مطالبہ نہ مانا گیا سینیٹ الیکشن کے دن اسمبلی کا گھیراؤ کریں گے، کسی ایم پی اے کو اسمبلی کے اندر نہیں جانے دیں گے، ووٹ ڈالنے والوں کے گھروں کا گھیراؤ کریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ سینیٹ الیکشن میں حقیقی کارکنوں کی حلق تلفی دی گئی ہے، یہ ہماری نظریات کی جنگ ہے جو بانی پی ٹی آئی عمران خان نے شروع کی لیکن ختم ہم کریں گے۔

    اے ٹی ایمز کو ٹکٹ دیے جا رہے ہیں

    ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی ورکرز کو نہیں بلکہ اے ٹی ایمز کو ٹکٹ دیے جا رہے ہیں، اے ٹی ایمز کو سینیٹ کا ٹکٹ دے کر پارٹی اور کارکنوں کو دھوکا دیا جا رہا ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ عرفان سلیم سینیٹ الیکشن سے دستبردار نہیں ہوگا، عوامی نمائندوں سے یہ اختیار چھینے جا رہے ہیں، آج جو بیٹھے ہیں وہ ورکرز کے ساتھ غداری کر کے بیٹھے ہیں، ٹکٹ نہ ملا تو سینیٹ الیکشن کے بعد تحریک شروع ہوگی۔

    تنظیمی عہدیداروں نے کہا کہ 13 سے 15 ایم پی ایز نے یقین دلایا کہ وہ عرفان سلیم کو ووٹ دیں گے، پارٹی کا کسی سے اتحاد نہیں بلا مقابلہ منتخب کروانے کی کوششیں ہوئی ہیں، عرفان سلیم عمران خان کا نامزد کردہ امید وار ہے سوال ہی پیدا نہیں ہوتا دستبردار ہو۔

  • پاک افغان سرحد سے خوارج کی دراندازی ناکام، 5 مبینہ خودکش حملہ آور گرفتار

    پاک افغان سرحد سے خوارج کی دراندازی ناکام، 5 مبینہ خودکش حملہ آور گرفتار

    راولپنڈی : سیکیورٹی فورسز نے پاک افغان سرحد سے خوارج کی دراندازی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 5 مبینہ خودکش حملہ آوروں کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاک افغان سرحد سے خوارج کی دراندازی ناکام بناتے ہوئے 5 مبینہ خودکش حملہ آوروں کو گرفتار کرلیا گیا۔

    سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ 17 جولائی شام 5 بجے خوارج نے پاک افغان سرحدسےدراندازی کی کوشش کی ، جس پر سکیورٹی فورسز نے اطلاع ملتے ہی 5 مختلف مقامات پر ناکہ بندی کی۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ شام 6 بجکر25 منٹ پر خوارج سرحد سے پاکستانی حدودمیں داخل ہوئے اور دراندازی کے بعد خوارج نے عزیز خیل ، منڈی خیل کی سمت پیش قدمی کی، سیکیورٹی فورسز کی موجودگی کے باعث خوارج نے بیسی خیل میں پناہ لی۔

    سیکیورٹی ذرائع نے کہا کہ فورسز کے فوری محاصرے اور بہترین حکمت عملی پر خوارج نے ہتھیار ڈال دیئے، گرفتار خوارج افغان شہری ہیں اور 3 کے پاس افغان شناختی کارڈبھی موجودہے۔

    مزید پڑھیں : پاک افغان بارڈر سے دراندازی کی کوشش ناکام، کارروائی میں 54 خارجی ہلاک

    ذرائع کے مطابق گرفتار خوارج کی عمریں 15 سے 18 سال کے درمیان ہیں تاہم تمام خوارج کو مزید تفتیش کے لیے نا معلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے اور سیکیورٹی حکام نے سرحدی علاقوں میں سرچ آپریشن جاری رکھا ہوا ہے۔

    ذرائع نے بتایا کہ شمالی وزیرستان میں فورسز نے 25 سے27اپریل کےدوران 71 خوارج ہلاک کئے گئے ، سیکیورٹی فورسز  نے  4جولائی کو بھارتی حمایت یافتہ 30 خوارج ہلاک جبکہ 23 مارچ 2025 کو بھی سرحدی دراندازی کی کوشش پر 16 خوارج ہلاک کئے گئے تھے۔

  • نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار کے متوقع دورہ امریکا کی تفصیلات سامنے آگئیں

    نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار کے متوقع دورہ امریکا کی تفصیلات سامنے آگئیں

    اسلام آباد (18 جولائی 2025): نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار رواں ماہ امریکا کا اہم دورہ کریں گے جس کی تفصیلات سامنے آگئیں۔

    نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار 21 سے 24 جولائی 2025 تک امریکا کا دورہ کریں گے۔ پاکستان بطور صدر سلامتی کونسل 2 اہم ایونٹس کی میزبانی کرے گا، سلامتی کونسل میں 22 جولائی کو کثیر فریقی طریقہ کار پر مباحثہ ہوگا، تنازعات کے پرامن تصفیے کے ذریعے عالمی امن و سلامتی کے فروغ پر مباحثہ بھی ہوگا جس میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیرش کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔

    24 جولائی کو ’اقوام متحدہ و علاقائی تنظیموں کے تعاون‘ پر بریفنگ ہوگی جس میں یو این اور او آئی سی کے درمیان تعاون پر بھی بات ہوگی۔

    یہ بھی پڑھیں: اسحاق ڈار نے چینی وزیر خارجہ سے ملاقات، تعاون بڑھانے پر اتفاق

    نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ 22 جولائی کو سلامتی کونسل سے بطور صدر خطاب کریں گے۔ دورہ امریکا کے دوران ان کی سیکریٹری جنرل انٹونیو گوٹیریس سے ملاقات متوقع ہے۔

    23 جولائی کو اسحاق ڈار فلسطین کے مسئلے پر کونسل کے سہ ماہی مباحثے کی میزبانی کریں گے، وہ ممکنہ طور پر واشنگٹن بھی جائیں گے جہاں ان کی امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو و دیگر حکام سے ملاقاتیں متوقع ہیں۔

  • تاریخ پر تاریخ رقم ! پاکستان اسٹاک مارکیٹ نے ایک اورسنگ میل عبورکرلیا

    تاریخ پر تاریخ رقم ! پاکستان اسٹاک مارکیٹ نے ایک اورسنگ میل عبورکرلیا

    کراچی : پاکستان اسٹاک مارکیٹ تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی اور 100 انڈیکس نے ایک لاکھ 40 ہزار پوائنٹس کی سطح عبور کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق اسٹاک مارکیٹ میں ایک دن میں دو تاریخی ریکارڈز بن گئے، کاروباری ہفتے کے پانچویں اور آخری دن اسٹاک ایکسچینج میں 100 انڈیکس ایک ہی دن میں 1 لاکھ 39 اور 40 ہزار کی سطح عبور کرگیا اور پہلی بار تاریخ میں انڈیکس 1 لاکھ 40 ہزار کی سطح بھی عبور کرگیا۔

    کریکشن کے بعد ایک سو اکیس پوائنٹس اضافے سے ایک لاکھ 38 ہزار 786 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر ٹریڈ کررہا ہے۔

    گزشتہ روز بھی اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار کے اختتام پر 100 انڈیکس 2285 پوائنٹس اضافے سے ایک لاکھ 38 ہزار 665 پوائنٹس کی ریکارڈ بلندی پر بند ہوا جبکہ کاروباری دن میں 100 انڈیکس نے اپنی بلند ترین سطح ایک لاکھ 38 ہزار 943 بنائی۔

    https://urdu.arynews.tv/dollar-currency-rate-pakistan-today/

    بازار میں 78 کروڑ شیئرز کے سودے 39.75 ارب روپے میں طے ہوئے جبکہ مارکیٹ کیپٹلائزیشن 204 ارب روپے بڑھ کر 16617 ارب روپے ہوگئی تھی۔

    ماہرین کا کہنا ہے آئی ایم ایف کی جانب سے اصلاحاتی ایجنڈے پر اطمینان سے سرمایہ کار پُرامید ہیں، معاشی اصلاحات کے تسلسل اور مثبت معاشی اشاریے کی وجہ سے سرمایہ کاری میں اضافہ ہورہا ہے۔

  • بجلی کے 200 سے 400 یونٹ استعمال کرنے والوں کے لیے بڑی خبر

    بجلی کے 200 سے 400 یونٹ استعمال کرنے والوں کے لیے بڑی خبر

    لاہور : بجلی کے 200 سے 400 یونٹ استعمال کرنے والوں کے لیے اچھی خبر آگئی پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ایم پی اے نے حکومت سے بڑا مطالبہ کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ایم پی اے پیر اشرف رسول نے سپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) کو ایک خط لکھا ہے جس میں عوام کے بڑھتے ہوئے خدشات کو دور کرنے کے لیے بجلی کے بلوں میں فوری اصلاحات کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

    اپنے خط میں ایم پی اے نے حکومت سے سستے یونٹس کی حد 200 سے بڑھا کر 400 کرنے کا مطالبہ کیا ، جس کا مقصد کم آمدنی والے صارفین کو ریلیف فراہم کرنا ہے۔

    انہوں نے زور دے کر کہا کہ بجلی کے بلوں میں اصلاحات سے ڈیفالٹس کو کم کرنے اور بڑھتی ہوئی عوامی بے چینی کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔

    مزید پڑھیں : 201 یونٹ پر بجلی بل ! صارفین کے لئے اہم خبر

    پیر اشرف رسول نے یہ بھی سفارش کی کہ عوام کا اعتماد بحال کرنے کے لیے نیپرا اور ڈسکوز کو بلنگ کے تنازعات پر فوری کارروائی کرنے کی ہدایت کی جائے۔

    ن لیگی ایم پی اے اس بات پر زور دیا کہ توانائی کی قیمتوں میں کمی سے نہ صرف صارفین کو فائدہ پہنچے گا بلکہ ملک میں سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔

    یاد رہے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی توانائی کے اجلاس میں 200 اور 201 یونٹ پر بلوں میں فرق کا ایجنڈہ شامل کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا اور سوال کیا 200 یونٹ تک 5000 روپے بل اور 201 یونٹ ہوتے ہیں بل 15 ہزار کیوں؟

    رانا سکندر حیات کا کہنا تھا کہ لائف لائن والے صارفین کو 200 یونٹ تک 5000 روپے بل آتا ہے، رجیسے ہی 201 یونٹ ہوتے ہیں بل 15 ہزار ہو جاتا ہے، ایک یونٹ بڑھنے سے اگلے 6 ماہ تک وہ پروٹیکٹڈ صارف بھی نہیں رہتا، کم از کم اسی مہینے کیلئے نان پروٹیکٹڈ رکھ لیں چھ ماہ کیلئے کیوں۔

  • طوفانی بارشوں اور سیلابی صورتحال،  پنجاب میں رین ایمرجنسی نافذ

    طوفانی بارشوں اور سیلابی صورتحال، پنجاب میں رین ایمرجنسی نافذ

    لاہور : طوفانی بارشوں اورسیلابی صورتحال کے پیش نظر پنجاب میں رین ایمرجنسی نافذ کردی گئی اورانتظامیہ کو سائرن اور اعلانات کے ذریعے عوام کو آگاہ رکھنےکی ہدایت بھی کی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ طوفانی بارشوں اورسیلابی صورتحال پر پنجاب کے مختلف علاقوں میں رین ایمرجنسی نافذ کردی ہے۔

    وزیراعلیٰ پنجاب نے بتایا کہ سرکاری ادارےجذبے اور انتھک محنت سے کام کر رہےہیں، انتظامیہ کو سائرن اور اعلانات کے ذریعے عوام کو آگاہ رکھنے کی ہدایت کی ہے۔

    مریم نواز نے عوام سے اداروں سے مکمل تعاون اور حفاظتی ہدایات پر عمل کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا عوام کے جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔

    پنجاب میں طوفانی بارش نے تباہی پھیلادی، چھتیس گھنٹے میں مختلف حادثات میں تریسٹھ افراد جاں بحق ہوئے، دیہات زیرآب آگئے اور بڑے شہر بھی ڈوب گئے۔

    جڑواں شہروں میں دو سو تیس ملی میٹر سے زائد بارش کے بعد فلڈ ایمرجنسی لگا دی گئی۔

    لاہورمیں اکبری دروازے میں عمارت گرگئی، جس میں خاتون سمیت تین افرادجاں بحق ہوئے جبکہ فیصل آباد میں دو دن کے دوران حادثات میں گیارہ اموات ہوئیں۔

    چنیوٹ میں بجلی کے کھمبے اور تار ریلوے ٹریک پر گرنے سے ریلوے ٹریک میں کرنٹ آگیا، جس کے باعث ٹرینوں کی آمدورفت بند کردی گئی ہے۔

  • ٹرینوں کے کرایوں میں اضافہ، نوٹیفکیشن جاری

    ٹرینوں کے کرایوں میں اضافہ، نوٹیفکیشن جاری

    لاہور (17 جولائی 2025): پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد شہریوں کیلیے ٹرین سے سفر کرنا بھی مشکل بنا دیا گیا۔

    پاکستان ریلوے نے مسافر ٹرینوں کے کرایوں میں 2 فیصد اضافہ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ تمام میل، ایکسپریس، انٹر سٹی اور مسافر ٹرینوں کے کرایوں میں اضافہ کیا گیا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: پاکستان ریلوے نے بھی کرایوں میں اضافہ کردیا

    نوٹیفکیششن کے مطابق ٹرینوں کے کرایوں میں اضافے کا اطلاق 18 جولائی 2025 سے ہوگا۔

    2 جولائی 2025 کو پاکستان ریلوے نے ایک ماہ کے دوران دوسری بار مسافر، ایکسپریس اور میل ٹرینوں کے کرایوں میں اضافہ کیا تھا۔

    ایکسپریس اور مسافر ٹرین کے کرایوں میں 2 فیصد اضافہ کیا گیا تھا جس کا اطلاق 4 جولائی 2025 سے ہوا تھا، اضافہ ایڈوانس بکنگ پر بھی عائد کیا گیا۔

    ڈائریکٹر آئی ٹی اور ڈی ایس کو نئے کرایوں پر عملدرآمد کی ہدایات جاری کی گئی تھی، ڈیزل مہنگا ہونے سے ریلوے کو ماہانہ 10 کروڑ 90 لاکھ روپے کا نقصان ہو رہا تھا۔

    واضح رہے کہ 18 جون 2025 کو کرایوں میں 3 فیصد اور مال بردار ٹرینوں کے کرایوں میں 4 فیصد اضافہ کیا گیا تھا۔

  • بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 3 دہشت گرد ہلاک، میجر شہید

    بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 3 دہشت گرد ہلاک، میجر شہید

    بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 3 دہشت گرد ہلاک ہوگئے اور میجر سید رب نواز طارق نے جام شہادت نوش کیا۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ضلع اْوران میں فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے خلاف فورسز نے آپریشن کیا اس دوران بھارتی حمایت یافتہ 3 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

    ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے تبادلے میں میجر سید رب نواز طارق بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوگئے۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں ممکنہ دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے، فورسز بھارتی اسپانسرڈ دہشتگردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔

    ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ بہادر جوانوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید تقویت دیتی ہیں۔

    وزیراعظم شہباز شریف نے آواران آپریشن پر فورسز کو خراج تحسین پیش کیا اور فتنہ الہندوستان کے خلاف آپریشن میں فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتیں لائق تحسین قرار دیں۔

    شہباز شریف نے تین دہشت گروں کو ہلاک کرنے پر فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کی اور میجر سید رب نواز طارق کی شہادت پر خراج عقیدت پیش کیا۔

    انہوں نے شہید کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبرجمیل کی دعا کی۔

    وزیراعظم نے کہا کہ افسران و جوان دشمن کے ناپاک عزائم ناکام بنانے میں دن رات مصروف ہیں، دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک جنگ جاری رکھیں گے۔

  • حمیرا اصغر کی موت کی تحقیقات ، اہم شواہد مل گئے

    حمیرا اصغر کی موت کی تحقیقات ، اہم شواہد مل گئے

    کراچی : اداکارہ حمیرا اصغر کی موت کی تحقیقات میں پولیس کو گھر سے اہم شواہد مل گئے، جس میں بتایا گیا اداکارہ کی موت کب ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق اداکارہ حمیرا اصغر کی موت کی تحقیقات جاری ہے ، تفتیشی پولیس نے بتایا کہ فلیٹ سے یوٹیلیٹی بلز اور گھر کے کرائے کی سلپ مئی 2024 تک کی ملی ہے۔

    تفتیشی پولیس کا کہنا تھا کہ اداکارہ کی موت سے قبل کپڑے دھونے کے شواہد ملے ہیں، لاش بیڈ روم کے ساتھ والے کمرے میں موجود تھی، جس کمرے سے لاش ملی ہے، اس کے واش روم کے ٹب میں کپڑے موجود تھے اور جس کمرے میں لاش تھی وہاں بالکونی کا دروازہ کھلا ہوا تھا۔

    حکام نے بتایا کہ حمیرا کی موت 7 اکتوبر 2024 کو ہوئی، پڑوسیوں کو دسمبر2024 میں فلیٹ سے بدبو محسوس ہوئی لیکن 8 جولائی کو بیلف، پولیس اورلاک کاٹنے والے شخص کے ہمراہ فلیٹ پہنچا تو اداکارہ کی لاش ملی۔

    مزید پڑھیں : حمیرا اصغر کے شناختی کارڈ سے متعلق اہم انکشاف

    پولیس کے مطابق فلیٹ کے مین دروازے کو ڈبل لاک اندر کی جانب سے لگایا گیا تھا، کیمیکل ایگزامینیشن اورفائنل میڈیکل رپورٹ سے وجہ موت کاتعین ہوگا۔

    اس سے قبل حمیرا اصغیر کے فلیٹ سے 3 موبائل فونز، ٹیبلٹ، ڈائری اور مختلف دستاویز ملے ہیں۔ اداکارہ کے زیر استعمال ٹیبلٹ خراب ہے تاحال نہیں کھولا جا سکا۔ ان کے نام پر 3 سمز تھیں جو موبائل فونز میں لگی تھیں۔

    تفتیش حکام کے مطابق ان کے 2 موبائل فونز پر کوئی پاسورڈ نہیں تھا جبکہ ڈائری میں ایک موبائل فون اور ٹیبلیٹ کا پاسورڈ لکھا تھا، ان کے تینوں موبائل میں 2215 نمبرز موجود ہیں، فون ریکارڈ کے مطابق اکتوبر 2024 کے ابتدا میں انہوں نے اپنے بھائی سے بھی رابطے کی کوشش کی تھی۔

    حمیرا اصغر کیس – Humaira Asghar Ali

    پس منظر

    اداکارہ و ماڈل حمیرا اصغر، جن کی عمر بیالیس برس تھی، کی لاش 8 جولائی 2025ء کو کراچی کے ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی (ڈی ایچ اے) فیز VI میں ان کے کرائے کے اپارٹمنٹ سے ملی۔ یہ دریافت بقایا کرایہ نہ ادا کرنے کی وجہ سے عدالتی حکم پر بے دخلی کے دوران ہوئی۔

    لاش انتہائی گل سڑی حالت میں تھی جو اس بات کی طرف اشارہ کرتی ہے کہ ان کی وفات ممکنہ طور پر اکتوبر 2024ء میں ہوئی۔

    پولیس نے ابتدائی طور پر قتل کا امکان مسترد کر دیا ہے کیونکہ اپارٹمنٹ اندر سے بند تھا اور کوئی زبردستی داخلے کے آثار نہیں ملے، فورنزک رپورٹس کا انتظار ہے تاکہ موت کی وجہ معلوم ہو سکے۔

    اداکارہ و ماڈل تماشا گھر اور فلم جلیبی (2015) میں اپنے کرداروں کی وجہ سے مشہور تھیں، وہ ایک ماہر مصورہ اور مجسمہ ساز بھی تھیں جن کے انسٹاگرام پر 715,000 فالوورز ہیں اور ان کی آخری پوسٹ 30 ستمبر 2024ء کو تھی۔

  • بڑی خبر: برطانیہ نے پاکستانی ایئر لائنز پر عائد پابندیاں ختم کر دیں

    بڑی خبر: برطانیہ نے پاکستانی ایئر لائنز پر عائد پابندیاں ختم کر دیں

    اسلام آباد: پاکستان کا نام برطانیہ کی ایئر سیفٹی لسٹ سے نکال دیا گیا ہے، اور پاکستانی ایئر لائنز پر پابندیاں ختم ہو گئیں۔

    برطانوی ہائی کمیشن نے کہا ہے کہ برطانیہ نے پاکستانی ایئر لائنز پر عائد پابندیاں ختم کر دی ہیں، پاکستانی ایئرلائنز اب برطانیہ کے لیے پروازوں کی اجازت کی درخواست دے سکتی ہیں۔

    برطانوی ہائی کمیشن کے مطابق پابندیوں کے خاتمے کا فیصلہ ایوی ایشن سیفٹی میں بہتری پر یو کے ایئر سیفٹی کمیٹی نے کیا ہے، اب ایئر لائنز کو پروازوں کے لیے یو کے سول ایوی ایشن اتھارٹی سے اجازت لینا ہوگی۔

    ہائی کمیشن کا کہنا ہے کہ سیفٹی لسٹ سے اخراج آزاد اور تکنیکی عمل کے تحت ہوا ہے، پاکستانی ایئر لائنز اب برطانیہ کے لیے پروازوں کے لیے درخواست دے سکتی ہیں۔

    برطانوی ہائی کمشنر نے پاکستان اور یو کے ماہرین کے تعاون پر اظہار تشکر کیا اور کہا ’’میں پاکستانی ایئر لائن سے سفر کی منتظر ہوں، پاکستان کے ساتھ فضائی رابطوں میں بہتری خاندانوں کے ملاپ میں مدد دے گی۔‘‘

    برطانوی ہائی کمیشن کے مطابق پاکستان برطانیہ کا تیسرا بڑا تجارتی شراکت دار ہے، اور سالانہ تجارتی حجم 4.7 ارب پاؤنڈ ہے۔