Category: اہم ترین

پاکستان اور دنیا بھر سے اہم ترین خبریں جاننے کے لئے اے آر وائی نیوز کی اردو ویب سائٹ پر آئیں

Important Breaking News from Pakistan and World from ARY News Urdu

  • پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ

    پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ

    اسلام آباد : وفاقی حکومت نے آئندہ 15 روز کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا اعلان کردیا جس کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں اس بار پھر اضافہ کردیا گیا۔

    عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کا رجحان تاحال برقرار ہے جس کے باعث ملک میں آئندہ 15روز کے لیے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان کیا گیا ہے۔

    آئندہ 15 روز کے لیے پیٹرول کی قیمت میں 5 روپے 36 پیسے فی لیٹر جبکہ ڈیزل کی قیمت میں فی لیٹر 11روپے 37 پیسے اضافہ کیا گیا ہے۔

    وزارت خزانہ کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق 5 روپے 36 پیسے اضافے سے پیٹرول کی نئی قیمت 272 روپے 15 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔

    اس کے علاوہ 11 روپے 37 پیسے اضافے سے ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 284 روپے 35 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔

    پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے اعلان کے بعد اس کا اطلاق 16سے31جولائی تک کے لیے ہے۔

    علاوہ ازیں ذرائع کا کہنا ہے کہ مٹی کے تیل کی قیمت میں3روپے 10 پیسے فی لیٹر کمی جبکہ لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں ایک روپیہ 85 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے۔

  • اسلام آباد ہائیکورٹ کا توہین مذہب مقدموں میں کمیشن بنانے کا حکم

    اسلام آباد ہائیکورٹ کا توہین مذہب مقدموں میں کمیشن بنانے کا حکم

    اسلام آباد ہائیکورٹ نے توہین مذہب مقدموں میں کمیشن بنانے کا حکم دے دیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق عدالت نے وفاقی حکومت کو تیس روز میں کمیشن تشکیل دینے کا حکم سنایا ہے، کمیشن چار ماہ میں مقدموں کی تحقیقات کرے گا۔

    توہین مذہب کے مقدمات میں کمیشن تشکیل دینے کی درخواست پر سماعت اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان نے کی۔

    عدالت نے قرار دیا کہ کمیشن کو مزید وقت چاہیے ہو تو عدالت سے رجوع کر سکتا ہے۔

    اسلام آبادہائی کورٹ میں اس کیس کی 42 سماعتیں ہوئیں، فاضل جج حکم لکھوانے لگے تو ایک وکیل  نے مداخلت کی جس پر جسٹس سردار اعجاز نےسخت برہمی ظاہر کی۔

  • وزیر خزانہ نے تاجر برادری کو خدشات دور کرنے کی یقین دہانی کروادی

    وزیر خزانہ نے تاجر برادری کو خدشات دور کرنے کی یقین دہانی کروادی

    وفاقی وزیر برائے خزانہ محمد اورنگزیب سے ملاقات میں تاجر برادری نے 37 اے قانون مؤخر کرنے کا مطالبہ کردیا۔

    وزیرخزانہ محمد اورنگزیب کے تاجر برادری کے ساتھ مذاکرات کا اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے جس میں چیمبرز آف کامرس اور تاجروں کی تنظیموں کی نمائندے بھی شریک ہوئے۔

    اجلاس میں فنانس ایکٹ 2025 کے تحت متعارف کروائے گئے سیکشن 37 اے پر بھی غورو خوض کیا گیا، وزیر خزانہ نے کاروباری برادری کو حکومت کی جانب سے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔

    وزیر خزانہ سے ملاقات میں تاجر برادری نے 37 اے قانون موخر کرنے کا مطالبہ کردیا، ایف پی سی سی آئی کے صدر عاطف اکرم نے کہا کہ متنازع قانون پر کمیٹی ایک ماہ میں فیصلہ کرے گی، کراچی چیمبر آف کامرس نے بھی 37 اے سیکشن موخر کرنے کا مطالبہ کیا۔

    کراچی چیمبر کے صدر جواد بلوانی نے کہا کہ وزیر خزانہ سے 37 اے قانون موخر کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

    لاہور چیمبر کے صدر ابو ذرشاد نے کہا کہ حکومت نے 37 اے قانون ایک ماہ کے لیے موخر کیا تو ہڑتال نہیں کریں گے، حکومت نے اگر ایسا نہ کیا تو ہڑتال کریں گے۔

    وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت کا مقصد صرف بڑے پیمانے پر ٹیکس فراڈ کی روک تھام ہے، حکومت کا مقصد جائز اور دیانت دار کاروبار کو ہراساں کرنا نہیں ہے۔

    تاجروں کے تحفظات دور کرنے کے لیے معاون خصوصی ہارون اختر کی سربراہی میں کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا، کمیٹی میں وزیر مملکت بلال اظہر کیانی اور رانا احسان افضل خان شامل ہوں گے، چیئرمین ایف بی آر، بزنس کمیونٹی اور چیمبرز کے نمائندگان بھی شامل ہوں گے۔

    اعلامیے کے مطابق کمیٹی آئندہ 30 دن میں درپیش مسائل پر تفصیلی مشاورت کرے گی، متفقہ اور قابل عمل حل وزیراعظم اور کابینہ کو پیش کرے گی۔

  • حمیرا اصغر نے کب اور کس سے رابطہ کرنے کی کوشش کی؟ پولیس کو موبائل ڈیٹا سے اہم معلومات مل گئیں

    حمیرا اصغر نے کب اور کس سے رابطہ کرنے کی کوشش کی؟ پولیس کو موبائل ڈیٹا سے اہم معلومات مل گئیں

    کراچی (15 جولائی 2025): پولیس نے ڈیفنس فیز 6 میں گھر سے مردہ حالت میں ملنے والی اداکارہ و ماڈل حمیرا اصغر کے موبائل فون کا مکمل ڈیٹا حاصل کر لیا۔

    تفتیشی حکام نے بتایا کہ حمیرا اصغر کا مکمل موبائل ڈیٹا حاصل کر لیا گیا تاہم فون سے تاحال کوئی اہم شواہد نہیں ملے، اداکارہ نے 7 اکتوبر 2024 کو 14 افراد سے رابطہ کیا لیکن کسی نے جواب نہیں دیا۔

    یہ بھی پڑھیں: ’حمیرا اصغر مالی بحران کا شکار تھیں، 10 افراد کو واٹس ایپ پر ’ہیلو‘ کہا کسی نے جواب نہ دیا‘

    حکام نے بتایا کہ حمیرا اصغر نے جن سے رابطہ کیا ان میں شوبز کا ایک ڈائریکٹر بھی شامل ہے جو اس وقت اسلام آباد میں موجود ہیں، پولیس نے ان سے رابطہ کر لیا ہے۔

    حمیرا اصغر کیس سے متعلق تمام خبریں

    ’حمیرا اصغیر کے فلیٹ سے 3 موبائل فونز، ٹیبلٹ، ڈائری اور مختلف دستاویز ملے ہیں۔ اداکارہ کے زیر استعمال ٹیبلٹ خراب ہے تاحال نہیں کھولا جا سکا۔ ان کے نام پر 3 سمز تھیں جو موبائل فونز میں لگی تھیں۔‘

    تفتیش حکام کے مطابق ان کے 2 موبائل فونز پر کوئی پاسورڈ نہیں تھا جبکہ ڈائری میں ایک موبائل فون اور ٹیبلیٹ کا پاسورڈ لکھا تھا، ان کے تینوں موبائل میں 2215 نمبرز موجود ہیں، فون ریکارڈ کے مطابق اکتوبر 2024 کے ابتدا میں انہوں نے اپنے بھائی سے بھی رابطے کی کوشش کی تھی۔

    13 جولائی 2025 اداکارہ و ماڈل کی پراسرار موت کی تحقیقات کیلیے پولیس نے کمیٹی تشکیل دی جس کی سربراہی ایس پی کلفٹن عمران جاکھرانی کریں گے جبکہ کمیٹی میں ایس ڈی پی او ڈیفنس اورنگزیب خٹک، اے ایس پی ندا اور ایس ایچ او تھانہ گزری فاروق سنجرانی شامل ہیں۔

    اب تک کی تحقیقات کے حوالے سے پولیس حکام نے بتایا تھا کہ تحقیقاتی ٹیم نے حمیرا اصغر کے زیر استعمال موبائل فونز اور ٹیبلٹ کو ان لاک کر لیا جبکہ ان میں موجود ڈیٹا اور چیٹ کا تجزہ کیا جا رہا ہے۔

    پولیس حکام نے بتایا تھا کہ حمیرا اصغر کا لیپ ٹاپ ابھی ان لاک نہیں کیا گیا، اداکارہ و ماڈل کی ڈائری میں ان کے موبائل فونز اور ٹیبلٹ کے پاس ورڈ محفوظ تھے، ڈیٹا کی مدد سے مزید سراغ حاصل کرنے کی کوششیں تیز کر دیں۔

    انہوں نے بتایا تھا کہ حمیرا اصغر کی موت کے سلسلے میں دو افراد کے بیانات بھی ریکارڈ کیے جا چکے ہیں، بلڈنگ کے چوکیدار اور صفائی کا کام کرنے والوں کو بھی پوچھ گچھ کیلیے بلایا ہے جبکہ اداکارہ جس جم میں جاتی تھیں وہاں کے ٹرینر سے معلومات لی جائیں گی۔

    حمیرا اصغر جس بیوٹی پارلر میں جاتی تھیں وہاں سے اور متعلقہ افراد سے بھی معلومات لیں گے، اداکارہ کے اہل خانہ نے تاحال قانونی کارروائی کیلیے رابطہ نہیں کیا۔

    پس منظر

    اداکارہ و ماڈل حمیرا اصغر، جن کی عمر بیالیس برس تھی، کی لاش 8 جولائی 2025ء کو کراچی کے ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی (ڈی ایچ اے) فیز VI میں ان کے کرائے کے اپارٹمنٹ سے ملی۔ یہ دریافت بقایا کرایہ نہ ادا کرنے کی وجہ سے عدالتی حکم پر بے دخلی کے دوران ہوئی۔

    لاش انتہائی گل سڑی حالت میں تھی جو اس بات کی طرف اشارہ کرتی ہے کہ ان کی وفات ممکنہ طور پر اکتوبر 2024ء میں ہوئی۔

    پولیس نے ابتدائی طور پر قتل کا امکان مسترد کر دیا ہے کیونکہ اپارٹمنٹ اندر سے بند تھا اور کوئی زبردستی داخلے کے آثار نہیں ملے، فورنزک رپورٹس کا انتظار ہے تاکہ موت کی وجہ معلوم ہو سکے۔

    اداکارہ و ماڈل تماشا گھر اور فلم جلیبی (2015) میں اپنے کرداروں کی وجہ سے مشہور تھیں، وہ ایک ماہر مصورہ اور مجسمہ ساز بھی تھیں جن کے انسٹاگرام پر 715,000 فالوورز ہیں اور ان کی آخری پوسٹ 30 ستمبر 2024ء کو تھی۔

  • اسلام آباد کی نئی یادگار کو سوشل میڈیا صارفین کی تنقید کے بعد انتظامیہ نے گرانا شروع کردیا

    اسلام آباد کی نئی یادگار کو سوشل میڈیا صارفین کی تنقید کے بعد انتظامیہ نے گرانا شروع کردیا

    دارالحکومت اسلام آباد میں نصب کی گئی نئی یادگار اب صرف یادوں میں رہ جائے گی، انتظامیہ نے تنقید کے بعد اسے گرانا شروع کردیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق اسلام آباد میں نصب کی جانے والی نئی یادگار بحث کا موضوع بننے کے بعد گرائی جارہی ہے، انتظامیہ کی جانب سے بھاری بھرکم مشینوں کے ذریعے توڑ پھوڑ شروع کردی گئی ہے۔

    اسلام آباد انتظامیہ نے مارگلہ ایونیو چورنگی پر نئی یادگار نصب کی تھی، جس میں سہنری رنگ کے دو انسانی ہاتھوں کو دکھایا گیا تھا جبکہ ان ہاتھوں پر سفید گیند نما چیز بھی نصب کی گئی تھی۔

    سوشل میڈیا پر صارفین کا کہنا ہے کہ کچھ دنوں بعد یہ یادگار ‘یاد’ بن جائے گی لیکن پتا تو چلے آخر یہ کس کا ویژن تھا، سوشل میڈیا پر اس یادگار کے حوالے سے گزشتہ کچھ دنوں سے تابڑ توڑ سوالات کی بھرمار رہی ہے۔

    ایک شخص نے پوچھا کہ یہ کس کا ویژن تھا سر، ایک اور صارف نے لکھا کہ اس نئی یادگار کا مطلب یہی ہے کہ پاکستان کے ہاتھوں میں پاور ہے یہ ہاتھ کٹ سکتے ہیں لیکن جھک نہیں سکتے۔

    اسلام آباد میں یادگار کی تنصیب کے ساتھ ہی سوشل میڈیا پر نئی بحث چھڑ گئی تھی اور میمز کا طوفان آگیا، سوشل میڈیا پر توجہ ملنے کے بعد انتظامیہ کی دوڑیں لگ گئیں، پہلے تو اس نئی نویلی یادگار کو کپڑوں سے ڈھک دیا گیا پھر اس کے بعد اسے توڑنا شروع کردیا گیا۔

    اب اس یادگار کو گرایا جارہا ہے اور عوام کو قریب جانے سے روک یا گیا ہے، تاہم لوگ سوال کررہے ہیں کہ اسے کیا سوچ کر بنایا گیا تھا، اور اگر بناہی لیا گیا تھا تو پھر اسے ختم کرنے کا فیصلہ کیوں کیا گیا۔

    https://urdu.arynews.tv/islamabad-mci-actions-against-handcarts/

  • فرنٹیئر کانسٹیبلری ملک گیر فیڈرل فورس میں تبدیل، آرڈیننس جاری

    فرنٹیئر کانسٹیبلری ملک گیر فیڈرل فورس میں تبدیل، آرڈیننس جاری

    اسلام آباد (14 جولائی 2025): صدر مملکت آصف علی زرداری نے فرنٹیئر کانسٹیبلری ری آرگنائزیشن آرڈیننس 2025 جاری کر دیا۔

    آرڈیننس کے مطابق فرنٹیئر کانسٹیبلری اب فیڈرل کانسٹیبلری کہلائے گی، ملک بھر میں ایف سی کا دائرہ اختیار بڑھانے کا آرڈیننس جاری کیا جا رہا ہے، ایف سی ایکٹ 1915ء میں ترامیم منظوری کے بعد آرڈیننس جاری کیا گیا ہے۔

    آرڈیننس کے مطابق فیڈرل کانسٹیبلری چاروں صوبوں، اسلام آباد میں کام کرنے کا اختیار رکھے گی، فیڈرل کانسٹیبلری کوآزاد جموں وکشمیر، گلگت بلتستان میں بھی کام کرنے کا اختیار حاصل ہو گا۔

    فیڈرل کانسٹیبلری کا انسپیکٹر جنرل وفاقی حکومت تعینات کرے گی، فیڈرل کانسٹیبلری سے متعلق قواعد بنائے جائیں گے اور ہر ڈویژن میں ایک ونگ کمانڈر تعینات کیا جائے گا۔

    ڈویژنل ونگ کمانڈر کا رینک ڈپٹی انسپیکٹر جنرل کے برابر ہوگا، وفاقی حکومت لاء اینڈ آرڈر کے حصول کے لیے وفاقی ریزرو فورس بھرتی کر سکے گی، فیڈرل کانسٹیبلری کی ذمہ داری فسادات کنٹرول، داخلی سیکیورٹی، کاونٹر ٹیررزم اور تحفظ کی ہو گی۔

    آرڈیننس کے مطابق فیڈرل کانسٹیبلری کا ایک سیکیورٹی ڈویژن اور دوسرافیڈرل ریزرو ڈویژن ہوگا، فیڈرل کانسٹیبلری میں بھرتی  کے لیے ملک بھر میں دفاتر قائم کیے جائیں گے اور تنظیم نو فریم ورک کے تحت فیڈرل کانسٹیبلری کی کمانڈ پولیس سروس کے افسران کرینگے۔

  • حمیرا اصغر کی موت کیسے ہوئی؟ تحقیقات میں بڑی پیش رفت

    حمیرا اصغر کی موت کیسے ہوئی؟ تحقیقات میں بڑی پیش رفت

    کراچی : اداکارہ حمیرا اصغر کی موت کی وجہ جاننے کے لئے پوسٹ مارٹم اور گھر سے حاصل نمونے فرانزک لیبارٹری کو موصول ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے ڈیفنس سے ماڈل و اداکارہ حمیرا اصغر کی لاش ملنے کی تحقیقات جاری ہے۔

    حمیرا اصغر کے پوسٹ مارٹم اور گھر سے حاصل نمونے فرانزک لیبارٹری کو موصول ہوگئے ہیں ، تفتیشی ذرائع نے بتایا کہ مجموعی طور پر 9 سیمپلز جامعہ کراچی کی فرانزک لیبارٹری پہنچائے گئے۔

    تفتیشی ذرائع کا کہنا تھا کہ فرانزک لیب کو فراہم نمونوں میں حمیرا کے بھائی کا بلڈ سیمپل بھی شامل ہیں ، بھائی کے بلڈ سیمپل سے ڈی این اے کی تصدیق کی جائے گی۔

    ذرائع کے مطابق پوسٹ مارٹم اور فلیٹ معائنے کے دوران فرانزک ماہرین نے4،4سیمپلز لئے تھے ، فرانزک جانچ سے اداکارہ کی موت کی وجہ جاننے کی کوشش کی جائے گی۔

    خیال رہے اداکارہ حمیرا اصغر کو لاہورکے ماڈل ٹاؤن قبرستان میں سپردخاک کیا گیا تھا ، نماز جنازہ میں اس والد ڈاکٹر اصغر علی ، بھائی نوید اصغر اور چچا محمد علی سمیت دیگر عزیز واقارب اور اہل علاقہ شریک ہوئے تھے۔

    بھائی نوید اصغر کا کہنا تھا کہ ایک سال قبل حمیرا سے رابطہ منقطع ہوا ، ابھی پولیس کی تحقیقات باقی ہیں ہم اپنا معاملہ اللہ ہر چھورٹے ہیں۔

    چچا محمد علی نے بتایا تھا حمیرا کئی سالوں سے کراچی میں رہتی تھی رابطہ منقطع ہونے سے قبل لاہور اپنی فیملی کے پاس ہر دو سے تین ماہ بعد آتی تھی ، وہ کراچی میں کہاں رہتی تھی اسکا اتا پتا معلوم نہ تھا۔

    حمیرا اصغر کیس- Humaira Asghar Ali

    پس منظر

    اداکارہ و ماڈل حمیرا اصغر، جن کی عمر بیالیس برس تھی، کی لاش 8 جولائی 2025ء کو کراچی کے ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی (ڈی ایچ اے) فیز VI میں ان کے کرائے کے اپارٹمنٹ سے ملی۔ یہ دریافت بقایا کرایہ نہ ادا کرنے کی وجہ سے عدالتی حکم پر بے دخلی کے دوران ہوئی۔

    لاش انتہائی گل سڑی حالت میں تھی جو اس بات کی طرف اشارہ کرتی ہے کہ ان کی وفات ممکنہ طور پر اکتوبر 2024ء میں ہوئی۔

    پولیس نے ابتدائی طور پر قتل کا امکان مسترد کر دیا ہے کیونکہ اپارٹمنٹ اندر سے بند تھا اور کوئی زبردستی داخلے کے آثار نہیں ملے، فورنزک رپورٹس کا انتظار ہے تاکہ موت کی وجہ معلوم ہو سکے۔

    اداکارہ و ماڈل تماشا گھر اور فلم جلیبی (2015) میں اپنے کرداروں کی وجہ سے مشہور تھیں، وہ ایک ماہر مصورہ اور مجسمہ ساز بھی تھیں جن کے انسٹاگرام پر 715,000 فالوورز ہیں اور ان کی آخری پوسٹ 30 ستمبر 2024ء کو تھی۔

  • جہانگیر ترین کی پی پی میں شمولیت سے متعلق پھر ہاں ہی سمجھیں، ندیم افضل چن

    جہانگیر ترین کی پی پی میں شمولیت سے متعلق پھر ہاں ہی سمجھیں، ندیم افضل چن

    اسلام آباد : پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما ندیم افضل چن نے جہانگیر ترین کی پی پی میں شمولیت کا اشارہ دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما ندیم افضل چن نے اے آر وائی پروگرام اعتراض ہے نے گفتگو میں کہا کہ پارٹی کوئی گیم نہیں کھیلتی، کوئی مشکل میں پڑتا ہے تو جمہوریت کے پڑدے کے پیچھے چھپتا ہے، کوئی جمہوریت کے پڑدے کے پیچھے چھپتا ہے تو پارٹی کی مددکی ضرورت پڑ جاتی ہے۔

    رہنماوں کی پی پی میں شمولیت کے سوال پر ندیم افضل چن کا کہنا تھا کہ پنجاب میں متعدد لوگ پیپلزپارٹی میں آنا چاہتے ہیں لیکن حکومتی ہتھکنڈے پنجاب میں لوگوں کوپی پی میں شمولیت سے روکتے ہیں۔

    جہانگیر ترین کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ جہانگیر ترین پیپلزپارٹی میں آئے تو ہم انہیں خوش آمدید کہیں گے ، جہانگیر ترین نے کہا ہے اگر وہ سیاست کریں گے، تو مخدوم احمد محمود کے ساتھ کریں گے ، مخدوم احمد محمود پیپلزپارٹی جنوبی پنجاب کےصدراور سینئر رہنما ہیں، جہانگیر ترین کی پی پی میں شمولیت سے متعلق پھر ہاں ہی سمجھیں۔

    پی پی رہنما کا کہنا تھا کہ جب کوئی جمہوریت کےنام پراقتدار کے مزے لیتا ہے تو پی پی میں قباہتیں نظرآتی ہیں، جمہوریت کے لیے پیپلزپارٹی سے زیادہ کسی نے قربانیاں نہیں دیں۔

    انھوں نے بتایا کہ بے نظیر بھٹو کو مچھ جیل میں قید کیا گیا جہاں بجلی نہیں تھی، خاوند11سال جیل میں تھا، بے نظیر بھٹو کے بچے دربدر ہوگئے، انہوں نے کارکن کے ساتھ جدوجہد کی، کسی کی مشکلات کا موازنہ نہیں کیا جاتا، سہولتوں کا موازنہ کیا جاتا ہے۔

    عمران خان سے متعلق سوال پر پیپلز پارٹی کے رہنما نے کہا کہ کسی کےلیے مشکل ہو یا نہیں لیکن جیل جیل ہوتی ہے، میں نے جب بانی پی ٹی آئی سے پہلی بار ملاقات کی انہیں کہا تھا جیل ریفارمز کریں، جو آج جمہوریت کے چیمپئن بنے ہوئے ہیں وہ پہلےکہتے تھے اسمبلی سے استعفیٰ دیں، پیپلزپارٹی نے اس وقت کہا استعفے نہیں دیں گے آئینی راستہ اختیار کریں گے، پیپلزپارٹی نے پی ڈی ایم بنائی پھر ہمیں پی ڈی ایم چھوڑنی پڑ گئی۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ ابھی پیپلزپارٹی کے لیے ہوا سازگار بننے نہیں دی جارہی ، حکومت کی طرف سے پیپلزپارٹی کو اسپیس نہیں دیا جا رہا، پیپلزپارٹی نے مطالبہ کیا کہ ہمیں پنجاب میں اسپیس دیا جائے۔

    رہنما پی پی نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے بغیرکسی نے نظام چلانے کی کوشش کی تو وہ کامیاب نہیں ہوا، 2013 میں نواز شریف کے خلاف دھرنے لگے تو پیپلز پارٹی ساتھ کھڑی ہوئی، پیپلزپارٹی نظام کے ساتھ کھڑی رہی تو نظام سے فائدہ اٹھانے والے بچے رہیں گے۔

    ندیم افضل کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو نے دنیا میں پاکستان کے بیانیے کی جنگ لڑی ، پیپلزپارٹی چاہتی ہےکہ یہ نظام اور جمہوریت چلتی رہے۔

  • پولیس حمیرا اصغر کے فونز اور ٹیبلٹ کے پاس ورڈ تک کیسے پہنچی؟ تحقیقات میں اہم پیشرفت

    پولیس حمیرا اصغر کے فونز اور ٹیبلٹ کے پاس ورڈ تک کیسے پہنچی؟ تحقیقات میں اہم پیشرفت

    کراچی (13 جولائی 2025): ڈیفنس میں پاکستانی اداکارہ و ماڈل حمیرا اصغر کی پراسرار موت کی تحقیقات کیلیے پولیس نے کمیٹی تشکیل دے دی۔

    حمیرا اصغر کی موت کی وجہ جاننے کیلیے ایس ایس پی ساؤتھ مہزور علی نے تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی جس کی سربراہی ایس پی کلفٹن عمران جاکھرانی کریں گے جبکہ کمیٹی میں ایس ڈی پی او ڈیفنس اورنگزیب خٹک، اے ایس پی ندا اور ایس ایچ او تھانہ گزری فاروق سنجرانی شامل ہیں۔

    حمیرا اصغر کیس سے متعلق تمام خبریں

    اب تک کی تحقیقات کے حوالے سے پولیس حکام نے بتایا کہ تحقیقاتی ٹیم نے حمیرا اصغر کے زیر استعمال موبائل فونز اور ٹیبلٹ کو ان لاک کر لیا جبکہ ان میں موجود ڈیٹا اور چیٹ کا تجزہ کیا جا رہا ہے۔

    پولیس حکام نے بتایا کہ حمیرا اصغر کا لیپ ٹاپ ابھی ان لاک نہیں کیا گیا، اداکارہ و ماڈل کی ڈائری میں ان کے موبائل فونز اور ٹیبلٹ کے پاس ورڈ محفوظ تھے، ڈیٹا کی مدد سے مزید سراغ حاصل کرنے کی کوششیں تیز کر دیں۔

    انہوں نے بتایا کہ حمیرا اصغر کی موت کے سلسلے میں دو افراد کے بیانات بھی ریکارڈ کیے جا چکے ہیں، بلڈنگ کے چوکیدار اور صفائی کا کام کرنے والوں کو بھی پوچھ گچھ کیلیے بلایا ہے جبکہ اداکارہ جس جم میں جاتی تھیں وہاں کے ٹرینر سے معلومات لی جائیں گی۔

    حمیرا اصغر جس بیوٹی پارلر میں جاتی تھیں وہاں سے اور متعلقہ افراد سے بھی معلومات لیں گے، اداکارہ کے اہل خانہ نے تاحال قانونی کارروائی کیلیے رابطہ نہیں کیا۔

    پس منظر

    اداکارہ و ماڈل حمیرا اصغر، جن کی عمر بیالیس برس تھی، کی لاش 8 جولائی 2025ء کو کراچی کے ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی (ڈی ایچ اے) فیز VI میں ان کے کرائے کے اپارٹمنٹ سے ملی۔ یہ دریافت بقایا کرایہ نہ ادا کرنے کی وجہ سے عدالتی حکم پر بے دخلی کے دوران ہوئی۔

    لاش انتہائی گل سڑی حالت میں تھی جو اس بات کی طرف اشارہ کرتی ہے کہ ان کی وفات ممکنہ طور پر اکتوبر 2024ء میں ہوئی۔

    پولیس نے ابتدائی طور پر قتل کا امکان مسترد کر دیا ہے کیونکہ اپارٹمنٹ اندر سے بند تھا اور کوئی زبردستی داخلے کے آثار نہیں ملے، فورنزک رپورٹس کا انتظار ہے تاکہ موت کی وجہ معلوم ہو سکے۔

    اداکارہ و ماڈل تماشا گھر اور فلم جلیبی (2015) میں اپنے کرداروں کی وجہ سے مشہور تھیں، وہ ایک ماہر مصورہ اور مجسمہ ساز بھی تھیں جن کے انسٹاگرام پر 715,000 فالوورز ہیں اور ان کی آخری پوسٹ 30 ستمبر 2024ء کو تھی۔

  • کے پی میں اپوزیشن کے نمبرز پورے ہوں گے تو تبدیلی آئے گی، فیصل کریم کنڈی

    کے پی میں اپوزیشن کے نمبرز پورے ہوں گے تو تبدیلی آئے گی، فیصل کریم کنڈی

    پشاور (13 جولائی 2025): گورنر فیصل کریم کنڈی کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا میں اپوزیشن کے نمبرز پورے ہوں گے تو تبدیلی آئے گی۔

    اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو میں فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ مجھے پتا نہیں کہ صوبے میں وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور کی کوئی اے پی سی ہو رہی ہے، دیکھیں گے یہ کس لیے بلائی جا رہی ہے، مقصد کیا ہے اور سنجیدگی کتنی ہے، پارٹی کو دعوت دی گئی تو پھر دیکھیں گے لیکن مجھے ابھی تک دعوت نہیں دی گئی۔

    یہ بھی پڑھیں: مولانا فضل الرحمان نے کے پی میں تبدیلی کی خواہش ظاہر کردی

    فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ صوبے کو دہشتگردوں کے حوالے کیا ہوا ہے اور اب امن کیلیے اے پی سی بلائی جا رہی ہے، 2013 سے پی ٹی آئی نے صوبے کا جو حال کر دیا ہے سب کے سامنے ہے۔

    گورنر کے پی نے کہا کہ ہر صوبے میں تبدیلی آ سکتی ہے اگر اپوزیشن کے پاس نمبرز گیم پورے ہوں، کسی اور صوبے میں بھی نمبرز پورے ہوں گے تو وہاں بھی تبدیلی آئے گی۔

    انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف سے ہماری ملاقاتیں ہوتی رہتی ہیں، سیاسی صورتحال اور امن پر مولانا فضل الرحمان، امیر مقام اور ڈاکٹر عباد سے بات ہوئی، فضل الرحمان اور ن لیگ کے رہنماؤں سے سینیٹ الیکشن ساتھ مل کر لڑنے پر بات ہوئی، پرامید ہوں کہ اپوزیشن جماعتیں مل کر سینیٹ کا الیکشن لڑیں گی۔

    ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کب کے مائنس ہو چکے ان کی بہن علیمہ خانم کو ابھی پتا لگا کہ ان کا بھائی مائنس ہو چکا ہے۔

    فیصل کریم کنڈی نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا میں لوٹ مار، چوری اور کرپشن کا بازار گرم ہے، سوات میں 16 بندے دریا میں ڈوب گئے حکمران خاموش ہیں کہاں گئی مدینہ کی ریاست؟ مسائل بہت ہیں لیکن دیکھنا یہ ہے کون سی حکومت سنجیدہ ہے، بلوچستان حکومت امن کیلیے کافی سنجیدہ ہے انہوں نے سکیورٹی فورسز کی مدد طلب کی ہوئی ہے، سندھ میں بھی تھوڑے بہت مسائل ہیں لیکن بہت سارے حل بھی ہو چکے ہیں۔