Category: اہم ترین

پاکستان اور دنیا بھر سے اہم ترین خبریں جاننے کے لئے اے آر وائی نیوز کی اردو ویب سائٹ پر آئیں

Important Breaking News from Pakistan and World from ARY News Urdu

  • شفاف انتخابات ہی خونی انقلاب کا راستہ روک سکتے ہیں، عمران خان

    شفاف انتخابات ہی خونی انقلاب کا راستہ روک سکتے ہیں، عمران خان

    عمران خان نے کہا ہے جس دن ملک میں صاف شفاف الیکشن ہوئے تو انقلاب لانے کے لئے بندوق کی ضرورت نہیں پڑے گی۔

    خوشاب میں این اے ایک سو انہتر پر ضمنی انتخابات کے سلسلے میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا کہ ۔کرکٹ کی دنیا میں سب سے پہلے نیوٹرل امپائر لایا۔

    الیکشن میں بھی نیوٹرل امپائر چاہتے ہیں ، انھوں نے کہا کہ الیکشن میں دھاندلی کرنے والے پریزائڈنگ اور ریٹرننگ افسران پر بھی مشرف کی طرح آرٹیکل سکس لگتا ہے۔

    عمران خان کا کہنا تھا جس دن ملک میں صاف شفاف الیکشن ہوئے تو انقلاب لانے کے لئے بندوق کی ضرورت نہیں پڑے گی ، اس سے پہلے جب عمران خان جلسہ گاہ پہنچے تو ان کا خیر مقدمی نعروں سے شاندار استقبال کیا گیا، جلسے سے تحریک انصاف کے دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا ۔
        
       

  • پاکستان اور بھارت کے درمیان تجارتی مذاکرات کا نئی دہلی میں آغاز

    پاکستان اور بھارت کے درمیان تجارتی مذاکرات کا نئی دہلی میں آغاز

    پاکستان اور بھارت کےدرمیان تجارتی مذاکرات نئی دہلی میں شروع ہوگئے ۔پہلے مرحلے پر پاکستانی سیکٹریری تجارت قاسم نیاز کی اپنےہم منصب ایس آر راو سے ملاقات نئی دہلی میں جاری ہے۔

    پاکستان اور بھارت کے تجارت سے متعلق مذاکرات سولہ ماہ کے تعطل کے بعد دوبارہ شروع ہو گئے، تجارتی مذاکرات کے پہلے مرحلے میں دونوں ملکوں کے سیکریٹری تجارت کی ملاقات نئی دہلی کے ادیوگ بھون میں جاری ہے۔

    اس بیٹھک میں دونوں ملکوں کے درمیان تجارت بڑھانے اور کاروباری حضرات کیلئے ویزہ کا حصول آسان بنانے سے متعلق معاملات زیرغور ہیں، اس موقع پر دونوں ممالک کے کسٹم حکام بھی موجود ہیں۔

    سولہ جنوری کو وزیرمملکت برائے تجارت خرم دستگیر خان بھارتی دارالحکومت نئی دہلی پہنچیں گے، جہاں وہ سارک بزنس لیڈرز اجلاس میں شرکت کرینگے، خرم دستگیر خان اٹھارہ جنوری کو بھارتی ہم منصب آنند شرما سے ملاقات بھی کریں گے۔

    ماہرین کا کہنا پاک بھارت تجارتی سیکریٹریز کے درمیان ملاقات سے مستقبل قریب میں مزید ہم آہنگی پیدا ہوگی اور اہم اعلانات متوقع ہیں۔
       

  • نوابشاہ:اسکول وین اورٹرک میں ہولناک تصادم،21 بچے جاں بحق

    نوابشاہ:اسکول وین اورٹرک میں ہولناک تصادم،21 بچے جاں بحق

    نوابشاہ میں کئی گھرانوں پر قیامت ٹوٹ پڑی، اسکول وین اور ٹرک میں تصادم کے نتیجے میں اکیس بچے جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے، بدقسمت اسکول وین میں پچیس بچے سوار تھے۔

    زمین کانپ گئی، آسمان لرز اٹھا، ایک ٹریفک حادثے نے کئی چراغ گل کر دیئے، نوابشاہ روہڑی کینال کے قریب علم کی پیاس بھجانے نکلے بچے ہولناک ٹریفک حادثے کا شکار ہوگئے، ہولناک ٹریفک حادثے نے کئی گھروں میں صف ماتم برپا کردی۔

    تفصیلات کے مطابق دولت پور سے نوابشاہ جانے والی اسکول وین تیز رفتاری کے باعث اس وقت حادثے کا شکار ہوئی، جب وہ روہڑی کینال سے گزر رہی تھی، وین اسکول کے بچوں سے بھری ہوئی تھی، حادثے کے فوری بعد امدادی ٹیموں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔

    جاں بحق بچوں کی لاشیں اور اور زخمی بچوں کو نوابشاہ اسپتال منتقل کیا گیا، زخمی ہونے والے متعدد بچوں کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔

  • پی سی بی کے برطرف چیئرمین ذکا اشرف اپنے عہدے پر بحال

    پی سی بی کے برطرف چیئرمین ذکا اشرف اپنے عہدے پر بحال

    اسلام آباد ہائی کورٹ نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے برطرف چیئرمین ذکا اشرف کو ان کے عہدے پر بحال کر دیا۔

    پی سی بی کے سابق چیئرمین ذکا اشرف اپنے عہدے پر بحال ہوگئے، ذکا اشرف نے اپنی برطرفی کے خلاف انٹرا کورٹ اپیل دائر کر رکھی تھی، ذکا اشرف کی بحالی کا فیصلہ جسٹس ریاض احمد اور جسٹس نورالحق پر مشتمل ڈویژن بینچ نے دیا۔

    بنچ نے پی سی بی کے موجود عبوری سربراہ نجم سیٹھی کو انکے عہدے سے ہٹا دیا، اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے ذکاء اشرف کو جولائی 2013 دو ہزار تیرہ کو ان کے عہدے سے بدعنوانی کے الزام پر ہٹایا تھا، عدالت نے ذکا اشرف کی اپیل پر پندرہ روز پہلے فیصلہ محفوظ کرلیا تھا ۔
           

  • بلوچستان بدامنی کیس: چیئرمین وائس آف مسنگ پرسن طلب

    بلوچستان بدامنی کیس: چیئرمین وائس آف مسنگ پرسن طلب

    سپریم کورٹ نے بلوچستان بدامنی کیس میں چیئرمین وائس آف مسنگ پرسن کوطلب کرلیا، عدالت نے آئی جی ایف سی کی جانب سے جمع کرائی گئی رپورٹ کی نقل بھی دراخوست گزار کو فراہم کرنے کا حکم دیا۔

    بلوچستان بدامنی کیس کی سماعت جسٹس ناصرالملک اور جسٹس ثاقب نثار پر مشتمل بینچ نے کی، بلوچستان حکومت کے وکیل شاہد حامد نے عدالت کو بتایا کہ تیرہ افراد کو لاپتہ کرنے کا الزام ایف سی پر ہے۔

    آٹھ افراد کے بارے میں ایم آئی کو مدد کا الزام دیا جارہا ہے جبکہ چھ افراد کے بارے میں دعوی ہے کہ انہیں پولیس لے گئی، دیگر تئیس افراد کے بارے میں معلوم نہیں ہوسکا کہ وہ کہاں گئے۔

    اعلیٰ عدالت نے چیئرمین وائس آف مسنگ پرسن نصراللہ بلوچ کو طلب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ تمام لاپتہ افراد سے متعلق تفصیلات تحریری طور پر فراہم کریں تاکہ مناسب کاروائی کی جائے۔

    عدالت نے آئی جی ایف سی کی جانب سے جمع کرائی گئی رپورٹ کی نقل دراخوست گزار کو فراہم کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت تیس جنوری تک ملتوی کردی۔
           

  • پاکستان اور بھارت تجارتی مزاکرات کا آغاز آج نئی دہلی میں ہورہا ہے

    پاکستان اور بھارت تجارتی مزاکرات کا آغاز آج نئی دہلی میں ہورہا ہے

    پاکستان اور بھارت کےدرمیان سولہ ماہ سے تعطل کا شکار تجارتی مذاکرات آج سے نئی دہلی میں شروع ہو رہے ہیں، پہلے مرحلے پر پاکستانی سیکٹریری تجارت نیاز قاسم اپنے ہم منصب شری ایس آر راؤ سے ملاقات کریں گے۔

              پاکستان اور بھارت کے تجارت سے متعلق مذاکرات دوبارہ شروع ہو رہے ہیں، خطے کے دو اہم ہمسایوں کے درمیان تجارتی مذکرات کو اہمیت کے حامل سمجھا جارہا ہے۔

    پاک بھارت تجارتی مذاکرات میں پہلے مرحلے میں دونوں ملکوں کے سیکریٹری تجارت ملاقات آج نئی دہلی میں ادیو بھون میں ملاقات کرینگے، ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان تجارت بڑھانے اور کاروباری حضرات کیلئے ویزہ کا حصول آسان بنانے سے متعلق معاملات زیر بحث آئیں گے۔

    سولہ جنوری کو وزیرمملکت برائے تجارت خرم دستگیر خان بھارتی دارالحکومت نئی دہلی پہنچیں گے، جہاں وہ سارک بزنس کانفرنس میں شرکت کرینگے، خرم دستگیر خان آٹھارہ جنوری کو بھارتی ہم منصب آنند شرما سے ملاقات بھی کریں گے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ پاک بھارت تجارتی سیکریٹریز کے درمیان ملاقات سے مستقبل قریب میں مزید ہم آہنگی پیدا ہوگی اور اہم اعلانات متوقع ہیں۔

  • اسلام آباد:لاپتہ افراد کیس کی سماعت آج ہورہی ہے

    اسلام آباد:لاپتہ افراد کیس کی سماعت آج ہورہی ہے

    سپریم کورٹ میں لاپتہ افراد کیس کی سماعت آج ہورہی ہے۔

    گزشتہ سماعت میں سپریم کورٹ نے لاپتہ مسعود جنجوعہ کی بازیابی کے حوالے سے مقدمے کی سماعت ملتوی کی تھی جبکہ وزارت دفاع اور حکومت پنجاب سے تین ہفتوں میں رپورٹ طلب کی گئی ہے۔

    عدالت نے وزارت دفاع کی جانب سے 11 میں سے 4 ذمہ داروں کے جمع کرائے گئے بیانات حلفی کو خفیہ رکھنے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے باقی ذمہ داروں کے بیان حلفی بھی داخل کرانے کی ہدایت کی تھی۔
       

  • اسلام آباد: پبلک اکاونٹس کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا

    اسلام آباد: پبلک اکاونٹس کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا

    وزارت اطلاعات اوراسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے مالی اعتراضات کا جائزہ لینے کیلئے پبلک اکاونٹس کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا۔

    ذرائع کے مطابق اپوزیشن لیڈر سید خورشید احمد شاہ کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ وزارت اطلاعات اور اسٹیبلشمنٹ ڈویثرن کے مالی اعتراضات کا جائزہ لیا جائے گا جبکہ اجلاس 3 دن تک جاری رہے گا۔

    اجلاس میں کابینہ ڈویثرن وزارت پیڑولیم اور وزارت لوکل گورنمنٹ رورل ڈویلپمنٹ کے 1998 سے لے کر مالی اعتراضات کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔
        

       

  • ملک کے کئی بالائی علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے

    ملک کے کئی بالائی علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے

    ملک کے کئی بالائی علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں ، زلزلے کی شدت پانچ ریکارڈ کی گئی ہے۔

    زلزلے کے جھٹکے چترال،مالاکنڈ، مینگورہ ، دیامراورغذرمیں زلزلےکےجھٹکے محسوس کیے گئے۔ ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت پانچ ریکارڈ کی گئی۔ زلزلے کی وجہ سے پھیل گیا اور لوگ شدید سرد موسم کے باوجود گھروں سے باہر نکل آئے۔ زلزلےکامرکز افغانستان میں ہندوکش کےپہاڑی علاقے میں ستر کلومیٹر زیر زمین تھا۔

  • ۔سعودی عرب میں قید پاکستانیوں پر خاموشی افسوسناک ہے، عمران خان

    ۔سعودی عرب میں قید پاکستانیوں پر خاموشی افسوسناک ہے، عمران خان

    تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان نے سعودی عرب کی جیلوں میں قید پندرہ ہزار پاکستانیوں کے حوالے سے حکومت کی خاموشی کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کی مدد کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔

    اسلام آباد سے جاری بیان میں تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان نے سعودی عرب کی جیلوں میں قید پندرہ ہزار سے زائد پاکستانیوں کے حوالے سے حکومت کی خاموشی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ غریب پاکستانیوں کو ان کے حال پر چھوڑ دینا شرمناک ہے اور بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کی مدد کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ حکومت کا غیر انسانی رویہ قابل مذمت اور انسانی حقوق کے اداروں کی خاموشی افسوسناک ہے۔ عمران خان نے مطالبہ کیا کہ سعودی عرب میں پاکستانی مشن ان افراد کو قانونی مدد فراہم کرے۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کی جیلوں پر پھنسے پاکستانیوں کی مدد نہ کی گئی تو تحریک انصاف سپریم کورٹ میں انسانی حقوق کے حوالے سے پٹیشن دائر کرے گی۔