Category: اہم ترین

پاکستان اور دنیا بھر سے اہم ترین خبریں جاننے کے لئے اے آر وائی نیوز کی اردو ویب سائٹ پر آئیں

Important Breaking News from Pakistan and World from ARY News Urdu

  • پرویزمشرف کی عدالت طلبی کیخلاف حکم امتناع کی درخواست مسترد

    پرویزمشرف کی عدالت طلبی کیخلاف حکم امتناع کی درخواست مسترد

    خصوصی عدالت نے سابق صدر پرویز مشرف کی عدالت طلبی کے خلاف حکم امتناعی کی درخواست مسترد کردی۔

    جسٹس فیصل عرب کی سربراہی میں خصوصی عدالت کے تین رکنی بینچ نے درخواست کی سماعت کی،  فیصلے میں کہا گیا ہے کہ خصوصی عدالت نے سولہ جنوری کو پرویز مشرف کو طلب کر رکھا ہے، عدالت کے پاس اختیار نہیں کہ وہ اپنے کسی حکم کو تبدیل کرسکے۔

    سابق صدر کے وکلاء نے پیشی کے حکم کے خلاف امتناع کی درخواست دائر کی تھی، جس میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ عدالتی دائرہ اختیار پر فیصلہ کیا جائے، خصوصی عدالت کے رجسٹرار نے تین رکنی بنچ کا فیصلہ جاری کیا۔

    جس میں کہا گیا ہے پرویز مشرف اس حوالے سے عدالت میں نظر ثانی کی درخواست دائر کر سکتے تھے لیکن یہ نظر ثانی کی درخواست نہیں ہے، اس لئے یہ قابل سماعت بھی نہیں رہی ۔
           

  • چیئرمین نادرا طارق ملک  اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے

    چیئرمین نادرا طارق ملک اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے

    چیئرمین نادرا طارق ملک نے اپنے عہدے سے استعفی دے دیا ہے، انھوں نے اپنا استعفی وزارت داخلہ کے زریعے وزیراعظم کو ارسال کر دیا ہے ۔

    چیئرمین نادرا کو وفاقی حکومت کی جانب سے برطرف کیا گیا تھا تاہم عدالت سے رجوع کرنے پر اسلام آباد ہائی کورٹ نے انھیں عہدے پر بحال کر دیا تھا، وفاقی حکومت کی نظر ثانی کی درخواست پر عدالت کی جانب سے فیصلہ محفوظ کر لیا گیا تھا جو ابھی تک نہیں سنایا گیا ۔

    دوسری جانب ایف آئی نے کینڈین شہریت چھپانے کے الزام میں چیئرمین نادرا کے خلاف تحقیقات بھی شروع کر دی تھیں اور چیئرمین نادرا نے اپنا بیان بھی اس حوالے سے ایف آئی اے کو ریکارڈ کروایا تھا ۔

    ذرائع کے مطابق چیئرمین نادرا ذہنی دباؤ کا شکار تھے، جس کے باعث انھوں نے اپنا استعفی وزارت داخلہ کے زریعے وزیر اعظم ہاؤس کو ارسال کر دیا ہے

     

  • چوہدری اسلم پرحملہ خودکش تھا، ابتدائی رپورٹ تیار

    چوہدری اسلم پرحملہ خودکش تھا، ابتدائی رپورٹ تیار

    تحقیقاتی ٹیموں نے چوہدری اسلم پرحملے کی ابتدائی رپورٹ تیار کرلی، ڈی آئی جی ظفر بخاری کا کہنا ہے کہ حملہ خودکش تھا، جس میں دو سو کلو باروداستعمال ہوا،  دو دن پہلے طالبان ترجمان نے چوہدری اسلم کو فون پردھمکیاں بھی دی تھیں۔

    تحقیقاتی ٹیمیں چوہدری اسلم پر حملے کی تفتیش کرنے میں مصروف ہیں، راجہ عمرخطاب کا کہنا ہے کہ چوہدری اسلم پر گاڑی میں موجود خودکش بمبار نے حملہ کیا، دھماکا چوہدری اسلم کے قریب آکر کیا گیا، ابتدائی رپورٹ کے مطابق دھماکا خیز مواد نیلے رنگ کے ڈبوں میں رکھا گیا تھا اور دو سو کلوبارود استعمال کیا گیا۔

    چوہدری اسلم کے گھر پر حملے اور اس حملے میں ایک جیسا مواد استعمال ہوا جبکہ امریکی سفارتخانے، سول لائنز میں دھماکا خیز مواد سے بھی مماثلت ہے، ڈی آئی جی ظفر بخاری نے کہا کہ حملے میں ہائی ایکسپلوز استعمال کیا گیا، اسپتال سے ٹیکسی ڈرائیور کو حراست میں لیا گیا ہے۔

    ظفربخاری نے کہا کہ دو دن پہلے چوہدری اسلم کی کالعدم تحریک طالبان کے ترجمان شاہد اللہ شاہد سے ٹیلی فون پر گفتگو ہوئی تھی جس میں کالعدم تحریک طالبان کی جانب سے دھمکیاں دی گئی تھیں تاہم چوہدری اسلم نے دہشت گردی کے خلاف لڑنے کے عزم کا اظہار کیا تھا۔

    تحقیقاتی ذرائع کا کہنا ہے دھماکے میں زخمی اہلکاروں سے بھی بیانات لیے جائیں گے، حملے کے دوسرے روز بھی راجہ عمرخطاب، نیاز کھوسو سمیت اعلیٰ افسران اور دیگرتحقیقاتی اداروں نے جائے وقوع کا جائزہ لیا اور مزید شواہد اکھٹے کئے۔

    لیاری ایکسپریس وے عام ٹریفک کیلئے بند رکھا گیا، فرانزک ٹیم دھماکے کے بعد کے شواہد اکھٹے کرنے کے عمل میں مصروف رہی، پولیس کی ہدایت پر لیاری ایکسپریس وے اور عیسیٰ نگری قبرستان سے حملے کے شواہد اکھٹے کئے گئے۔

     

  • چودھری اسلم کی دہشتگردی کیخلاف خدمات پر سینیٹ میں قرارداد منظور

    چودھری اسلم کی دہشتگردی کیخلاف خدمات پر سینیٹ میں قرارداد منظور

    کراچی میں دہشتگردی سے بنردآزما ایس پی سی آئی ڈی چودھری اسلم شہید کی خدمات کے اعتراف میں سینیٹ میں قرارداد اتفاق رائے سے منظور کرلی گئی۔

    سینیٹ میں چودھری اسلم کی خدمات کے اعتراف کی قرارداد سینیٹر سعید غنی نے پیش کی، جسے متفقہ طور پر منظور کرلیا گیا، قرارداد میں کہا گیا ہے کہ ایس پی چوہدری اسلم نے دہشتگردوں کیخلاف لڑتے ہوئے قوم کیلئے قربانی دی، وہ ایک ایک بہادر افسر تھے۔

    یہ ایوان دہشتگردی کے خلاف چودھری اسلم کی خدمات کو خراج تحسین اور شہید چودھری اسلم کو خراج عقیدت پیش کرتا ہے، قرارداد میں چوہدری اسلم کے لواحقین سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے ان سے اظہار ہمدردی کیا گیا۔

    سینیٹ میں چودھری اسلم اور قانون نافذ اداروں کے شہدا اور خیبر پختون خوا میں اسکول کے بچوں کو خودکش حملے سے بچانے والے اعتزاز کے درجات کی بلندی کیلئے بھی دعا کرائی گئی۔
           

  • اٹارنی جنرل منیر اے ملک اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے

    اٹارنی جنرل منیر اے ملک اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے

    اٹارنی جنرل منیر اے ملک اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے، منیر اے ملک نے اپنا استعفی وزیراعظم نواز شریف کو ارسال کر دیا۔

    سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سابق صدر اور موجودہ اٹارنی جنرل اے منیر ملک نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا، تجزیہ کار منیر اے ملک کے اٹارنی جنرل بننے پر محو حیرت تھے، ان کے مستعفی ہونے پر نہیں جب کہ منیر اے ملک نے مستعفی ہونے کا سبب گھریلو مصروفیا ت بتایا۔

    چالیس برسوں سے وکالت سے منسلک منیر اے ملک عہدہ سنبھالنے سے پہلے بخوبی واقف تھے کہ اٹارنی جنرل کا عہدہ کتنے وقت کا متقاضی ہوتا ہے ؟ منیر اے ملک جن کی قیادت میں وکلا تحریک کا آغاز ہوا تھا۔

    اس طرح عہدے سے مستعفی ہونا کئی سوالات کو جنم دیتا ہے، ان رازوں سے پردہ منیر ملک خود کب اٹھاتے ہیں یا کوئی اور اس فریضے کو انجام دے گا، فی الوقت تو منیر اے ملک مستعفی ہوچکے ہیں۔
           

  • چوہدری اسلم شہید کی نمازجنازہ آج نمازعصر کے بعد ادا کی جائیگی

    چوہدری اسلم شہید کی نمازجنازہ آج نمازعصر کے بعد ادا کی جائیگی

    ایس پی سی آئی ڈی چوہدری اسلم شہید کی نماز جنازہ آج بعد نمازِ عصر پولیس ہیڈ کوارٹر حسن اسکوائر میں ادا کی جائے گی، چوہدری اسلم کی میت کو تھانوی مسجد میں غسل دینے کے بعد گھر پہنچا دیا گیا۔

    چودھری اسلم کی نماز جنازہ کے موقع پر سیکورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے گئے ہیں، جس میں اعلیٰ پولیس افسران سمیت سیاسی رہنماؤں کی شرکت بھی متوقع ہے۔ 

    کراچی کے علاقے گلشن اقبال کے قریب لیاری ایکسپریس وے پر شام ساڑھے چار بجے چوہدری اسلم کے قافلے پر حملہ کیا گیا، جس میں ایس پی سی آئی ڈی چوہدری اسلم اور دو پولیس اہلکار فرحان اور کامران شہید ہوئے،

    دھماکا اتنا شدید تھا کہ قریبی علاقے لرز اٹھے، دھماکے سے ان کے قافلے میں شامل پولیس کی تین موبائلیں اور ان کی بلٹ پروف گاڑی تباہ ہوگئی، دھماکے کی جگہ پرپانچ فٹ گہرا گڑھا اور سڑک میں دراڑیں پڑ گئیں۔

    سڑک کو تقسیم کرنے والے کنکریٹ بلاک جڑ سے اکھڑ گئے اور چوہدری اسلم کی گاڑی پندرہ سے بیس میٹر دور جاگری، حملے میں زخمی بارہ اہلکار زیر علاج ہیں۔

    پوسٹ مارٹم کرنے والے پولیس سرجن ڈاکٹر جلیل قادرکے مطابق چوہدری اسلم کو مردہ حالت میں اسپتال لایا گیا، حملے میں چوہدری اسلم کا سر،سینہ اور ٹانگیں بری طرح متاثر ہوئیں۔

  • مشرف کیس میں فوجداری قوانین کے اطلاق سے متعلق فیصلہ سنا دیا

    مشرف کیس میں فوجداری قوانین کے اطلاق سے متعلق فیصلہ سنا دیا

    خصوصی عدالت نے مشرف کیس میں فوجداری قوانین کے اطلاق سے متعلق فیصلہ سنا دیا ، پرویز مشرف کی جانب سے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کردی ، پرویز مشرف سولہ جنوری کو آرٹیکل چھ کے تحت مقدمے میں سولہ جنوری کو سماعت پر حاضر نہ ہوئے تو ان کے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کا اختیار ہوگا۔

    پرویز مشرف کے خلاف مقدمے کی سماعت کرنے والی خصوصی عدالت نے ضابطہ فوجداری کے اطلاق پر فیصلہ سات جنوری کو محفوظ کیا تھا، ضابطہ فوجداری کے اطلاق سے متعلق فیصلہ جسٹس فیصل عرب نے سنایا۔

    عدالت کے فیصلے پر پرویز مشرف کی جانب سے استشنیٰ ختم کئے جانے کے خلاف خصوصی عدالت میں اپیل دائر کردی گئی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ پہلے ہماری زیر التوا درخواستوں کا فیصلہ سنایا جائے اس کے بعد استشنیٰ کے حوالے سے فیصلہ کیا جائے۔

    اس سے قبل عدالت میں دلائل دیتے ہوئے پراسیکیوٹر اکرم شیخ نے کہا کہ پرویز مشرف کی نئی درخواست کو نظر انداز کردیا جائے، اس پر سماعت نہ کی جائے، جس پر وکیل صفائی انور منصور کا کہنا تھا کہ عدالت میں جب ایک درخواست ہوجائے تو سماعت لازمی ہوتی ہے نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔

    تاہم درخواست کو مسترد یا منظور کرنا عدالت کا کام ہے، جو بھی درخواست عدالت میں دائر ہوتی ہے، اسکی سماعت کی جانی چاہئے، تین رکنی بنچ کے سربراہ جسٹس فیصل عرب نے انور منصور سے کہا کہ یہ پاکستان کی تاریخ کا پہلا کیس ہے اسے دس روز میں نہیں نمٹایا جا سکتا۔

    انہوں نے کہا کہ وکلا کو ملنے والی دھمکیوں کے معاملے کا بھی جائزہ لے رہے ہیں، آپ ہمیں وکلا کی سیکورٹی کے حوالے سے تجاویز دیں، ان کی روشنی میں حکم جاری کیا جائے گا، جسٹس فیصل عرب نے کہا کہ ہم نے نوٹ کیا ہے کہ بعض اخبارات میں مس رپورٹنگ ہورہی ہے،عدالت کسی کے میڈیا ٹرائل کی اجازت نہیں دے گی۔

    اکرم شیخ نے تجویز دی کہ دونوں جانب سے وکلا ٹی وی پر نہ آئیں، خصوصی عدالت میں پرویز مشرف کیس کی سماعت سولہ جنوری تک ملتوی کردی گئی ۔

  • شہدائے کربلا کے غم کا آخری دن، چپ تعزیئے کے جلوس برآمد

    شہدائے کربلا کے غم کا آخری دن، چپ تعزیئے کے جلوس برآمد

    ملک بھر کی طرح کراچی میں ایام عزا کے آخری چپ تعزیے جلوس نشتر پارک سے صبح سات بجے برآمد ہوا، جلوس ہرسال آٹھ ربیع الاول کو نشتر پارک سے برآمد ہوتا ہے۔

    جلوس مقررہ روایتی راستوں ایم اے جناح روڈ، سی بریز، صدر، ریگل، تبت سینٹر، جامع کلاتھ، بولٹن مارکیٹ، حسینیہ ایرانیاں کھارادر سے ہوتا ہوا نور باغ مسافر خانے پراختتام پذیر ہوگا۔

    جلوس میں شامل عزادار ان شہدائے کربلا نوحہ خوانی اور سینہ کوبی کر رہے ہیں، اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں، جلوس کے راستے بم ڈسپوزل اسکواڈ اور سراغ رساں کتوں کے ذریعے کلیئر قرار دیے جا چکے ہیں۔

    جلوس کے مقررہ راستے نمائش سے ٹاور تک ایم اے جناح روڈ کے تمام لنک روڈز بند کر دیئے گئے ہیں، اس موقع پر پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری بھی تعینات کی گئی ہے، جلوس کے راستوں پر بلند عمارتوں پر ماہر نشانہ باز تعینات کیے گئے ہیں۔

    ڈائریکٹرجنرل رینجرز میجر جنرل رضوان اختر کی سربراہی میں گذشتہ روز رینجرز ہیڈ کوارٹرز میں چپ تعزیے کی سیکیورٹی کے حوالے سے فول پروف انتظامات کو حتمی شکل دی گئی، جلوس کے روٹس کی سراغ رساں کتوں کے ذریعے چیکنگ کرائی گئی ہے جبکہ جلوس کی فضائی نگرانی بھی کی جا رہی ہے۔
       

  • آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی ایس پی سی آئی ڈی چوہدری اسلم پر حملے کی مذمت

    آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی ایس پی سی آئی ڈی چوہدری اسلم پر حملے کی مذمت

    آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کراچی میں ایس پی سی آئی ڈی چوہدری اسلم پر حملے کی مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف پوری قوم متحد ہے، گورنر سندھ نے چوہدری اسلم کو سول ایوارڈ دینے کی سفارش کی ہے۔

    آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی چوہدری اسلم پرحملےکی مذمت کرتے ہوئے انھیں خراج عقیدت پیش کیا، آرمی چیف کا کہنا تھاکہ چوہدری اسلم نےدہشت گردی کیخلاف شاندارخدمات انجام دیںاور پوری قوم دہشت گردی کےخاتمےکیلئےمتحدہے، سندھ رینجرزنے بھی دھماکے کی مذمت کی ہے۔

    ترجمان سندھ رینجرز کا کہنا ہے کہ چوہدری اسلم ایک بہادر اور دلیر افسرتھے،انکی شہادت سےمزید چوہدری اسلم پیدا ہوں گے، گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے چوہدری اسلم کے لئے سول ایوراڈ کی سفارش ہے ان کا کہنا ہے کہ چوہدری اسلم نے بہادری اور جواں مردی کی زندگی گزاری، گورنر سندھ کی سفارش پر پہلے بھی چوہدری اسلم کو قومی اعزازت سے نوازا جا چکا ہے۔

     

  • اے آر وائی نیوز کے خلاف جیو گروپ کی درخواستیں مسترد

    اے آر وائی نیوز کے خلاف جیو گروپ کی درخواستیں مسترد

    اسلام آباد ہائیکورٹ نے اے آر وائ نیوز اور مبشر لقمان کے خلاف جیو گروپ کی جانب سے دائر دو نئی درخواستیں مسترد کر دیں ۔

    حق اور سچ کی آواز کو ایک اور فتح نصیب ہوئی ہے اور اسلام آباد ہائیکورٹ نے اے آر وائی نیوز اور سینئر پروگرام اینکر مبشر لقمان کے خلاف جیو گروپ کی طرف سے دائر کی گئی دو درخواستیں مسترد کر دی ہیں۔

    نئی درخواستوں میں اے آر وائی نیوز اور مبشر لقمان کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی استدعا کی گئی تھی، اے آروائی نیوز اور مبشرلقمان کی جانب سے عدالت میں بیرسٹر گوہر پیش ہوئے۔