Category: اہم ترین

پاکستان اور دنیا بھر سے اہم ترین خبریں جاننے کے لئے اے آر وائی نیوز کی اردو ویب سائٹ پر آئیں

Important Breaking News from Pakistan and World from ARY News Urdu

  • تحریک طالباان پاکستان نےچوہدری اسلم پرحملےکی ذمہ داری قبول کرلی

    تحریک طالباان پاکستان نےچوہدری اسلم پرحملےکی ذمہ داری قبول کرلی

    تحریک طالبان پاکستان نے ایس پی سی آئی ڈی کراچی چوہدری اسلم پر حملے کی ذمہ داری قبول کر لی۔ طالبان کے ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ ساتھیوں کے قتل کا انتقام ہے۔

    تحریک طالبان پاکستان کے ترجمان احسان اللہ احسان نے کہا ہے کہ کراچی میں ایس پی سی آئی ڈی چوہدری اسلم پر ہونے والا حملہ ان کے ساتھیوں کے قتل کی انتقامی کارروائی ہے۔ احسان اللہ احسان نے مزید کہا ہے کہ ان کے جو ساتھی قید خانوں میں بند ہیں اور ان پر تشدد ہورہا ہے اسکا بدلہ بھی اسی طرح سے لیا جائے گا اور سی آئی ڈی افسران اور اہلکاروں پر حملے جاری رکھے جائینگے ۔
       

  • کراچی میں دھماکہ چوہدری اسلم شہید، متعدد زخمی

    کراچی میں دھماکہ چوہدری اسلم شہید، متعدد زخمی

    کراچی میں عیسیٰ نگری کے قریب ہونے والے بم دھماکے میں ایس پی سی آئی ڈی چوہدری اسلم کی گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی، گاڑی بم پروف تو کیا مکمل طور پر بلٹ پروف بھی نہیں تھی، تحقیقات شروع کردی گئیں۔

    کراچی میں دہشت گردوں اور کالعدم تنظیموں کے خلاف برسرپیکار دلیر پولیس افسر چوہدری اسلم کے اپنے حفاظتی انتظامات کا بھانڈا بم دھماکے سے پھوٹ گیا، دھماکے سے گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی، جس کے بعد تحقیقاتی ادارے اس بات کی تحقیق کررہے ہیں کہ گاڑی بلٹ پروف تھی یا نہیں، گاڑی کی حالت دیکھ کر لگتا ہے کہ گاڑی بم پروف تو کیا مکمل طور پر بلٹ پروف بھی نہیں تھی۔

    گاڑی کے اگلے دروازے بلٹ پروف تھے جو اس ٹوٹے ہوئے شیشے سے ظاہر ہوتے ہیں جبکہ پوری گاڑی اس حملے میں تباہ ہوئی، یہ سوال بھی اٹھتا ہے کہ اتنے اہم مشن پر مامور افسر کے حفاظتی انتظامات اتنے غیر اہم کیوں سمجھے گئے؟ گاڑی مکمل طور پر بم اور بلٹ پروف کیوں نہیں تھی ؟ تحقیقاتی اداروں کو اس پہلو کو ہی مدنظر رکھنا ہوگا۔

  • پرویزمشرف کو 16جنوری کو پیش ہونے کا حکم

    پرویزمشرف کو 16جنوری کو پیش ہونے کا حکم

    پرویز مشرف کے خلا ف آرٹیکل چھ کے تحت مقدمے کی سماعت کرنے والی خصوصی عدالت نے میڈیکل رپورٹ کا جائزہ لے کر سابق صدر کو سولہ جنوری کو عدالت میں پیش ہونے کا حکم دے دیا۔

    اسلام آباد کی خصوصی عدالت نے سابق صدر پرویز مشرف کے کیس کی سماعت جسٹس فیصل عرب کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کی، عدالت نے پرویز مشرف کی میڈیکل رپورٹ کا جائزہ لینے کے بعد سابق صدر مشرف کو سولہ جنوری کو عدالت پیش ہونے کا حکم دے دیا۔

    جسٹس فیصل عرب کا کہنا تھا کہ مشرف پیش نہ ہوئے تو مناسب حکم جاری کریں گے، اس سے قبل پرویز مشرف کے وکیلوں نے بیرون ملک علاج اور عدالت میں پیشی سے استثنیٰ کے حوالے سے مختلف نظیریں پیش کیں، پرویز مشرف کے وکیل احمد رضا قصوری نے ماضی میں سرکاری خرچ پر بیرون ملک علاج کروانے والوں کی فہرست عدالت میں پیش کی۔

    فہرست میں متعدد سیاستدانوں کے نام بھی شامل ہیں، احمد رضا قصوری نے کہا کہ بیرون ملک علاج کروانا غیر قانونی نہیں، ماضی میں متعدد افراد کا بیرون ملک علاج ہوچکا ہے، پرویز مشرف کے وکیل شریف الدین پیر زادہ نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ مشرف کے دل کی مین شریان میں رکاوٹ تشخیص کی گئی ہے یہ بیماری جان لیوہ ثابت ہوسکتی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ بیماری کی حالت میں بیان دینے پر مجبور کرنا تشدد کے زمرے میں آتا ہے، گواہی حاصل کرنے کیلئے کسی شخص پر تشدد کرنا منع ہے، انہوں نے کہا کہ گاندھی اور مولانا حسرت موہانی کو بھی بیماری کی بناء پر رعایت دی گئی تھی، اکرم شیخ نے بھی طبی بنیادوں پر سپریم کورٹ سے استثنی لیا تھا۔

    اکرم شیخ کی جانب سے لیا گیا ستثنی سپریم کورٹ کے ریکارڈ کا حصہ ہے، جس پر اکرم شیخ کا کہنا تھا کہ میری بیماری کا علاج پاکستان میں موجود نہیں، جس کے بعد عدالت نے فیصلہ محفوظ کرلیا اور کچھ  دیر کے وقفے کے بعد فیصلہ سنایا۔
                   

  • کنٹونمنٹ بورڈز کے انتخابات ، سپریم کورٹ نے تاریخ مانگ لی

    کنٹونمنٹ بورڈز کے انتخابات ، سپریم کورٹ نے تاریخ مانگ لی

    سپریم کورٹ نے کنٹونمنٹ بورڈز کے انتخابات کے لئے حکومت سے حتمی تاریخ مانگ لی، چیف جسٹس تصدق حسین جیلانی کا کہنا ہے کہ آئندہ سماعت میں سیکرٹری دفاع کے خلاف توہین عدالت کا معاملہ بھی زیر غور آئے گا۔

    کنٹونمٹ بورڈز میں انتخابات کیس کی سماعت چیف جسٹس تصدق حسین جیلانی کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کی، چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ حکومت کنٹونمنٹ بورڈ میں انتخابات کی حتمی تاریخ دے، عدالت غیر ضروری تاخیر برداشت نہیں کرے گی۔

    چیف جسٹس نے کہا کہ آئندہ سماعت میں سیکرٹری دفاع کے خلاف توہین عدالت معاملے کو بھی سماعت میں شامل کیا جائے گا، ایڈیشنل اٹارنی جنرل شاہ خاور نے عدالت میں دلائل دیتے ہوئے کہا کہ کنٹونمنٹ لاء، ترمیمی بل پارلیمنٹ میں منظوری کے لیے موجود ہے، بل منظور ہوتے ہی انتخابات کروا دیے جائیں گے۔

    جس پر جسٹس عظمت سعید نے کہا کہ بل پاس ہونا ضروری نہیں آپ انتخابات کروائیں ، بل پاس ہوتا رہے گا، مقدمے کی سماعت سولہ جنوری تک ملتوی کرتے ہوئے سرکاری وکیل کو انتخابات کی حتمی تاریخ کے ساتھ پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔

     

  • مشرف کی میڈیکل رپورٹ پر دلائل مکمل، فیصلہ 2بجے سنایا جائیگا

    مشرف کی میڈیکل رپورٹ پر دلائل مکمل، فیصلہ 2بجے سنایا جائیگا

    اسلام آباد میں خصوصی عدالت نے پرویز مشرف کی میڈیکل رپورٹ کا جائزہ لے کر فیصلہ محفوظ کرلیا، فیصلہ دو بجے سنایا جائے گا۔

    اس سے قبل پرویز مشرف کے وکیلوں نے بیرون ملک علاج اور عدالت میں پیشی سے استثنیٰ کے حوالے سے مختلف نظیریں پیش کیں، پرویز مشرف کے وکیل احمد رضا قصوری نے ماضی میں سرکاری خرچ پر بیرون ملک علاج کروانے والوں کی فہرست عدالت میں پیش کی، فہرست میں متعدد سیاستدانوں کے نام بھی شامل ہیں۔

    احمد رضا قصوری نے کہا کہ بیرون ملک علاج کروانا غیر قانونی نہیں، ماضی میں متعدد افراد کا بیرون ملک علاج ہوچکا ہے، پرویز مشرف کے وکیل شریف الدین پیرزادہ نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ مشرف کے دل کی مین شریان میں رکاوٹ تشخیص کی گئی ہے یہ بیماری جان لیوہ ثابت ہو سکتی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ بیماری کی حالت میں بیان دینے پر مجبور کرنا تشدد کے زمرے میں آتا ہے، گواہی حاصل کرنے کیلئے کسی شخص پر تشدد کرنا منع ہے، گاندھی اور مولانا حسرت موہانی کو بھی بیماری کی بناء پر رعایت دی گئی تھی، اکرم شیخ نے بھی طبی بنیادوں پر سپریم کورٹ سے استثنی لیا تھا، اکرم شیخ کی جانب سے لیا گیا استثنی سپریم کورٹ کے ریکارڈ کا حصہ ہے۔

    جس پر اکرم شیخ کا کہنا تھا کہ میری بیماری کا علاج پاکستان میں موجود نہیں، سابق صدر مشرف کے وکیل انور منصور کا کہنا تھا کہ پہلے انہیں لاہور میں ٹارگٹ کیا گیا اب کرا چی میں، ان کے ڈرائیور کو کہا گیا کہ اگر انور منصور کیساتھ کام کرو گے تو مارے جاؤگے۔

    جسٹس فیصل عرب نے کہا کہ ہم کسی کو ایسا نہیں کرنے دینگے، کیا آپ کے پاس کوئی شواہد ہیں، جس پر انور منصور نے کہا کہ میرے پاس فون نمبر ہے جہاں سے کال آتی ہے۔
           

  • آصف علی زرداری نیب عدالت میں پیش ہوگئے

    آصف علی زرداری نیب عدالت میں پیش ہوگئے

    سابق صدر آصف علی زرداری پولو گراؤنڈ کیس میں نیب عدالت میں حاضر ہوئے، احتساب عدالت میں پولو گراؤنڈ اور کو ٹیکنا ریفرنس میں سابق صدر آصف علی زرداری کے خلاف فرد جرم عائد نہ کی جاسکی، کیس کی مزید سماعت18جنوری تک ملتوی کردی گئی۔

    آصف علی زرداری کے پیشی پر جانے سے پہلے ہی درجنوں جیالے ان کے گھر زرداری ہائوس پہنچ چکے تھے، آصف علی زرداری کو سخت حفاظتی پہرے میں نیب عدالت پہنچایا گیا، انکے ساتھ سابق وزیر داخلہ رحمان ملک بھی تھے۔

    کیس کی سماعت احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے کی، سماعت کے دوران سابق صدر کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے عدالت کو بتایا کہ پولو گراؤنڈ کیس جھوٹا اور بے بنیاد ہے، آصف علی زرداری پر فرد جرم عائد نہیں کی جاسکتی، اس حوالے سے ہم مزید بحث کرنا چاہتے ہیں۔

    نیب کے پراسیکیوٹر کی جانب سے کہا گیا کہ فرد جرم تو عائد ہونی چاہئے ہم بحث کیلئے تیار ہیں، عدالت میں سماعت کے دوران جج نے کہا کہ سابق صدر کو کہا کہ آپ یہاں آگئے ہیں آپ جاسکتے ہیں، جس پر سابق صدر آصف علی زرداری عدالت سے چلے گئے،عدالت نے دونوں کیسز پر بحث کیلئے سماعت 18جنوری تک ملتوی کردی۔

     اس سے قبل رحمٰن ملک کا کہنا تھا کہ سابق صدر نے عدالت میں پیش ہو کر پیپلزپارٹی کی جانب سے عدالت کے احترام کے سلسلہ کو قائم رکھا ہے، آصف علی زرداری کے سینئر وکیل فاروق ایچ نائک کا کہنا ہے کہ آصف علی زرداری پر قائم مقدمہ بے بنیاد ہے، جس سے سابق صدر سرخرو ہو کر نکلیں گے۔
           

  • پرویزمشرف کی عدالت میں پیشی سے استثنی پر فیصلہ آج متوقع

    پرویزمشرف کی عدالت میں پیشی سے استثنی پر فیصلہ آج متوقع

    سابق صدر پرویز مشرف کتنے بیمار ہیں اور کیا انہیں عدالت میں حاضری سے استثنا دیا جائے، اس معاملے پر خصوصی عدالت آج غور کرے گی۔

    خصوصی عدالت کی آج ہونے والی سماعت میں جنرل پرویز مشرف کی میڈیکل رپورٹ پر فریقین کے دلائل کو سنا جائے گا گذشتہ روز سابق صدر کو گرفتار کرکے پیش کرنے کے معاملے پر فیصلہ محفوظ کرلیا تھا۔

    آج ہونے والی سماعت میں توقع کی جارہی ہے کہ پرویز مشرف کے عدالت میں پیش ہونے سے استثنی پر فیصلہ دیا جاسکتا ہے، پرویز مشرف اب تک خصوصی عدالت میں پیش نہیں ہوئے ہیں۔

    بدھ کے روز سماعت کے موقع پر سرکار کے وکیل ایم اکرم شیخ نے موقف اختیار کیا کہ خصوصی عدالت بوقت ضرورت ضابطہ فوجداری کا اطلاق کرسکتی ہے، خصوصی قانون کے تحت عدالت کو ملزم کو طلب کرنے، گرفتار کرنے اور مقدمے کی کاروائی بلارکاوٹ چلانے کے مکمل اختیارات حاصل ہیں۔

    اس موقع پر جسٹس فیصل عرب نے سوال کیا کہ خصوصی عدالت عدالت عام قانون کے تحت ملزم کی ضمانت منظور کرسکتی ہے، اکرم شیخ نے جواب میں کہا کہ ایسا اختیار ہائی کورٹ کے پاس ہے، خصوصی عدالت کے پاس نہیں۔

  • سابق صدر آصف زرداری آج نیب عدالت میں پیش ہونگے

    سابق صدر آصف زرداری آج نیب عدالت میں پیش ہونگے

    سابق صدرآصف زرداری اسلام آباد پہنچ گئے، سابق صدر آصف علی زرداری صدارتی استثنیٰ ختم ہونے کے بعد آج پہلی مرتبہ نیب کورٹ کے سامنے پیش ہونگے،سیکیورٹی کیلئے حفاظتی انتظامات کرلئے گئے ہیں۔ 

    سابق صدر آصف زرداری نیب میں پیشی کیلئے اسلام آباد پہنچ گئے، کارکنوں کی بڑی تعداد نے سابق صدر کا استقبال کیا، اے آر وائی نیوز سے گفتگو میں آصف زرداری کے وکیل اور سینیٹر اعتزاز احسن کا کہنا ہے کہ سابق صدر پھر قوم کو بتائیں گے کہ جرنیل اور سیاست دان میں کیا فرق ہے۔

    اعتزاز احسن کا کہنا ہے کہ سیاستدان عدالت کا سامنا کرتے ہیں اور جرنیل بیمار پڑجاتے ہیں، سابق صدرآصف زرداری کی اسلام آباد آمد پر سابق وزیر داخلہ رحمان ملک کا کہنا تھا کہ حکومت نے شروعات کردی ہیں، ہتھکڑیاں، جیلیں اور عدالتیں پیپلزپارٹی والوں کیلئے نئی بات نہیں۔

    صف زرداری کی نیب عدالت میں متوقع آمد کا سیکیورٹی پلان بھی تیار کرلیا گیا، فول پروف سیکیورٹی فراہم کی جائے گی، زرداری ہاؤس اور نیب عدالت کے باہر اضافی نفری تعینات کی گئی ہے، حفاظتی انتظامات کی نگرانی ایس پی، ڈی ایس پی اور دو انسپکٹر کریں گے، سیکیورٹی کے لئے ساٹھ سے زائد پولیس اہلکار بھی تعینات کئے گئے ہیں۔
       

  • سابق صدر آصف زرداری کل نیب کی عدالت میں پیش ہوں گے

    سابق صدر آصف زرداری کل نیب کی عدالت میں پیش ہوں گے

    سابق صدر آصف زرداری اسلام آباد پہنچ گئے کل وہ نیب کی عدالت میں پیش ہوں گے،حفاظتی انتظامات کرلئے گئے، اعتزاز کہتے ہیں سیاستدان عدالت کا سامنا کرتے ہیں اور جرنیل بیمار پڑجاتے ہیں،رحمان ملک کا کہناہے کہ ہتھکڑیاں،جیلیں،عدالتیں پیپلزپارٹی کیلئے نئی بات نہیں۔

    سابق صدر آصف زرداری نیب میں پیشی کیلئے اسلام آباد پہنچ گئے،کارکنوں کی بڑی تعداد نے سابق صدر کا استقبال کیا۔اے آر وائی نیوز سے گفتگو میں آصف زرداری کے وکیل اور سینیٹر اعتزاز احسن کا کہناہے کہ سابق صدر پھر قوم کو بتائیں گے کہ جرنیل اور سیاست دان میں کیا فرق ہے۔ سیاستدان عدالت کا سامنا کرتے ہیں جبکہ جرنیل بیمار پڑ جاتے ہیں،سابق صدرآصف زرداری کی اسلام آباد آمد پر سابق وزیر داخلہ رحمان ملک کا کہناتھا کہ حکومت نے شروعات کردی ہیں، ہتھکڑیاں ،جیلیں اور عدالتیں پیپلزپارٹی والوں کیلئے نئی بات نہیں۔

    آصف زرداری کی نیب عدالت میں متوقع آمدکا سیکیورٹی پلان بھی تیار کر لیا گیا ،فول پروف سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔ زرداری ہاؤس اورنیب عدالت کے باہر اضافی نفری تعینات کی جائے گی ،حفاظتی انتظامات کی نگرانی ایس پی،ڈی ایس پی اور دو انسپکٹر کریں گے،سیکیورٹی کے لئے ساٹھ سے زائد پولیس اہلکار بھی تعینات ہوں گے ۔
       

  • مری: بس حادثہ میں15 افراد جاں بحق، متعدد زخمی

    مری: بس حادثہ میں15 افراد جاں بحق، متعدد زخمی

    مری سے واپس آنے والی دو کوسٹرز گہری کھائی میں گرنے سے چار خواتین سمیت پندرہ افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔

    مری سے آتے ہوئے سالگراں کے مقام پر دو کوسٹرز گہری کھائی میں جا گریں ۔حادثے کے بعد ہر طرف چیخ و پکار سنائی دیتی تھی، حادثے کے بعد مقامی لوگوں نے اپنی مد د آپ کے تحت زخمیوں اور لاشوں کو کھائی سے نکالا اور ذاتی گاڑیوں میں اسلام آباد منتقل کیا۔

    ریسکیو کا عملہ خاصی تاخیر کے بعد جائے وقوع پر پہنچا ۔عینی شاہدین کے مطابق حادثہ اوور ٹیکنگ کے باعث پیش آیا، امدادی کارروائیوں کیلئے پاک فوج کے جوانوں کی مدد بھی حاصل کر لی گئی ہے۔

    جبکہ اسلام آباد کے اسپتالوں پولی کلنک اور پمز میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ وزیراعظم نوازشریف نےحادثےکانوٹس لیتے ہوئے ڈی سی او راولپنڈی کو امدادی کاموں کی نگرانی کی ہدایت کی ہے۔