Category: اہم ترین

پاکستان اور دنیا بھر سے اہم ترین خبریں جاننے کے لئے اے آر وائی نیوز کی اردو ویب سائٹ پر آئیں

Important Breaking News from Pakistan and World from ARY News Urdu

  • سعودی وزیر خارجہ شہزادہ سعود الفیصل آج پاکستان پہنچ رہے ہیں

    سعودی وزیر خارجہ شہزادہ سعود الفیصل آج پاکستان پہنچ رہے ہیں

    سعودی وزیر خارجہ شہزادہ سعود الفیصل آج پاکستان پہنچ رہے ہیں، وہ اسلام اآباد میں وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات میں اہم امور پر بات چیت کریں گے، دیگر امور سمیت سابق صدر پرویز مشرف کے حوالے سے بات چیت بھی خارج از امکان نہیں ہے۔

    سعودی عرب پاکستان کو خصوصی اہمیت دیتا ہے، اس نے کئی مشکلوں میں پاکستان کا ساتھ بھی دیا ہے، جنگِ خلیج کے موقع پر پاکستان کو تیل کی فراہمی انہیں اقدامات کا سلسلہ تھی لیکن اب یہ امداد بند کی جاچکی ہے، امداد و تعاون کے ساتھ ساتھ سعودی عرب سیاسی معاملات میں بھی پاکستان سے معاونت کرتا رہا ہے۔

    ضیا الحق کے دور میں ذوالفقار علی بھٹو کی سزائے موت ختم کرنے کی اپیل بھی اس وقت کے سعودی فرماں روا شاہ خالد نے کی تھی جبکہ نواز شریف کو طیارہ سازش کیس میں سزا سنائے جانے کے بعد سعودی عرب ہی تھا، جس نے شریف خاندان کی جنرل پرویز مشرف سے ڈیل کے بعد اپنے ملک میں پناہ دی۔

    اب شاید جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کی جان چھڑانے کی باری ہے، جو غداری کیس میں عدالت جانے سے گریزاں ہیں، ہوسکتا ہے سعودی وزیر خارجہ کی پاکستان آمد دیگر معاملات پر افہام و تفہیم کے ساتھ جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کی گلو خلاصی بھی ثابت ہو۔

  • مشرف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کیلئے صہبا مشرف آج درخواست دائرکرینگی

    مشرف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کیلئے صہبا مشرف آج درخواست دائرکرینگی

    وزارت داخلہ میں درخواست مسترد ہونے پر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کی اہلیہ نے اسلام آباد کورٹ جانے کا فیصلہ کرلیا، پرویز مشرف کا نام ای سی ایل سے نکلوانے کیلئے صہبا مشرف آج عدالت میں دراخوست دائر کریں گی۔

    وزارت داخلہ کی جانب سے پرویز مشرف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست مسترد ہونے کے بعد صہبا مشرف پیر کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کررہی ہیں۔

    سابق آرمی چیف کی اہلیہ صہباء مشرف نے درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ پرویز مشرف پاکستان کے سابق صدر اور آرمی چیف رہے ہیں اور باعزت پاکستانی شہری ہیں، ان کا نام ای سی ایل سے نکالا جائے۔

    اس سے پہلے وزارت داخلہ نے واضح طور پر صہباء مشرف کو عدالت سے رجوع کرنے کی ہدایت کی تھی، جس پر صہبا مشرف کے وکلاء الیاس صدیقی اور بیرسٹر شاہجہاں درانی پیر کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں دراخوست دائر کریں گے۔

  • پرویز مشرف غداری کیس کی سماعت آج پھر ہوگی

    پرویز مشرف غداری کیس کی سماعت آج پھر ہوگی

    پرویز مشرف غداری کیس کی سماعت آج پھر خصوصی عدالت میں ہوگی، گزشتہ تاریخ پر انھیں بیماری کے باعث استثنا دیا گیا تھا، سابق صدر پرویز مشرف اے ایف آئی سے اسپتال میں زیر علاج ہیں، سابق صدر پرویزمشرف کے علاج سات رکنی میڈیکل ٹیم کررہی ہے۔

     یاد رہے کہ غداری کیس میں پیشی کیلئے جاتے وقت سابق صدر پرویز مشرف کی طبیعت اچانک خراب ہوگئی تھی، جس کے باعث انہیں اے ایف آئی سی اسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔
       

  • سندھ دھرتی ماں ہےاورکوئی ماں کوتقسیم نہیں کرتا، الطاف حسین

    سندھ دھرتی ماں ہےاورکوئی ماں کوتقسیم نہیں کرتا، الطاف حسین

    متحدہ کے قائد الطاف حسین نے ایک بار پھر سندھ میں علیحدہ صوبے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر پی پی پی ہمارے حقوق نہیں دینا چاہتی تو پھر سندھ میں دو صوبے بنائیں جائیں، سندھ ون میں سندھی بولنے والوں کیلئے ہو اور سندھ ٹو ہمارے لیے ہو جس میں ہم دیگر تمام قومیتوں بلوچی، پٹھان، سرائیکی، پنجابی اور کشمیریوں کے ساتھ رہ لیں گے۔

    کرچی میں الہ دین گراؤنڈ میں بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر حکومت سندھ ، سندھ کے مہاجروں کو اپنا سمجھتی ہے توکوٹا سسٹم ختم کردے، ملک کے کسی صوبے میں کوٹا سسٹم نہیں تو پھر سندھ میں کیوں؟ سرکاری ملازمت میں شہری علاقوٕں کا 40 اور دیہی علاقوں کا 60 فیصد کوٹا ہے۔

    الطاف حسین  نے کہا کہ ایم کیوایم تمام زبانیں بولنے والوں کی نمائندہ جماعت ہے اور ایم کیوایم سندھ میں تمام لوگوں کے حقوق کی بات کرتی ہے، سندھ کوایک نگاہ سے نہیں دیکھتے تو پیپلزپارٹی کے سندھیوں کو سندھ ون اورجن کوپیپلزپارٹی والے سندھی نہیں مانتے ان کو سندھ ٹودےدیجئے۔

    عدالت نے حلقہ بندی کرنے والے افسر کے اختیار کو غیر آئینی قرار دے دیا، عدالت نے کہا حلقہ بندی ڈپٹی کمشنرز کے بجائے آزاد کمیشن سے کرائی جائیں، عدالت نے حلقہ بندی کرنےوالے شخص کے اختیارکوغیرآئینی قراردے دیاہے۔

    متحدہ قائد نے کہا کہ پیراگراف 49 پر عدالت نے اس بات کا سختی سے نوٹس لیا ہے کہ غیرقانونی طورپرکئی حلقوں کو شہری حلقوں میں شامل کردیا گیا ہے۔

     

  • ذوالفقارعلی بھٹو مرحوم کی 86ویں سالگرہ آج منائی جارہی ہے

    ذوالفقارعلی بھٹو مرحوم کی 86ویں سالگرہ آج منائی جارہی ہے

    پیپلزپارٹی کے بانی چئیرمین ذوالفقارعلی بھٹو کی 86ویں سالگرہ پاکستانی سیاست کو ڈرائینگ روم سے نکال کر عوام میں لانےوالے پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی ذوالفقار علی بھٹو کی چھیاسی ویں سالگرہ منائی جارہی ہے ۔

    ذوالفقار علی بھٹو صوبہ سندھ کے ایک با اثرخاندان میں 5جنوری 1928ءکو لاڑکانہ میں پیدا ہوئے۔ ذوالفقارعلی بھٹونے اپنے سیاسی کیرئیر کا آغاز30 سال کی عمرمیں صدر ایوب خان کے دور میں حکومت میں شامل سب سے کم عمر وزیرکی حیثیت سے کیا۔

    ۔1965۔کی جنگ کے دوران وہ پاکستان کے وزیر خارجہ اور ایوب خان کے مشیر تھے۔ انہوں نے اس دوران دنیا بھر میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔1967ءمیں انھوں نے پیپلزپارٹی کی بنیادرکھی اورپاکستا نی عوام کو طاقت کاسرچشمہ قرار دیکر پورے ملک میں انقلابی جدوجہد کے ایک نئے دور کا آغاز کیا۔

    سقوط ڈھاکہ کے بعد20 دسمبر 1971ءسے 13 اگست 1973ءتک ذوالفقارعلی بھٹوصدر پاکستان کے منصب پر فائز رہے۔1973ءکا متفقہ آئین بھٹوحکومت کا سب سے بڑاکارنامہ تصورکیا جاتا ہے، جسکے بعد انہوں نے عہدہ صدارت چھوڑ کر 14 اگست 1973ءکو وزیر اعظم کی حیثیت سے حکومتی اختیارات سنبھالے۔

    انہوں نےمسلم امہ کودنیاکےنقشےپرباوقارملت کادرجہ دینےکےلیےمسلم بلاک بنانےکی حکمت عملی شروع اور اس کےلیےانہوں نےسعودی عرب، سے فلسطین اور انڈونیشیا ودیگرمسلم ممالک کےسربراہان کےساتھ نہ صرف دوطرفہ تعلقات کوفروغ دیابلکہ انہیں مسلم بلاک کےتشکیل پرآمادہ کیامگران کایہ خواب تکمیل نہ پاسکا اوربیرونی اشارے پران کی حکومت کاتختہ الٹ دیاگیا۔

    پانچ جولائی1977 ءکو جنرل ضیا الحق نے مارشل لاءنافذ کرکے بھٹوحکومت کوبرطرف کردیا۔فوجی حکومت کے دورمیں 4اپریل 1979ءکو ذوالفقارعلی بھٹوکو نواب محمد احمد خاں کے قتل کے الزام میں راولپنڈی جیل میں پھانسی دے دی گئی ۔

    آ ج مرحوم ذوالفقار علی بھٹو کا عہد قصہ ءپا رینہ لگتا ہے لیکن ملکی معیشت ، دفاع اورخارجہ پالیسی پرنظرڈا لنے سے محسوس ہو تا ہے کہ اگر چہ بھٹو اس دنیا میں نہیں ،مگر اپنے عمل اور غیرمعمو لی خدما ت کی وجہ سے وہ لو گو ں کے دلوں میں زندہ ہیں۔ اس کے علاوہ پاکستانی جوہری پروگرام کا سنگ بنیاد بھی ان کے بڑے کارناموں میں سے ایک ہے۔
     

  • مشرف کے مقدمے کا مدعی آئینِ پاکستان ہے ، نواز

    مشرف کے مقدمے کا مدعی آئینِ پاکستان ہے ، نواز

    وزیراعظم نوازشریف کا کہناہےکہ پرویز مشرف کے مقدمےکااصل مدعی پاکستان کی ریاست اور آئین ہے۔

    سابق صدر پرویز مشرف پر چلنے والے غداری مقدمہ پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس کیس میں مدعی ریاست پاکستان اور آئین پاکستان ہے
    یہ مقدمہ فرد واحد کا نہیں ہے۔
     
    عدالت فیصلہ کرے کہ تین نومبر کو ایمرجینسی لگانے کا معاملہ آئین پاکستان میں موجود غداری کی شق آرٹیکل سکس کے دائرے میں آتا ہے یا نہیں عدالت اس بات کا فیصلہ کرے گی کہ تین نومبر کو ریاست کی توہین ہوئی کہ نہیں۔

     ان کا کہنا تھا کہ ہمیں یہ بھی فیصلہ کرنا ہوگا کہ ہم آئین اور قانون کا احترام کرنے والی جمہوری ریاست ہیںیا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ کرنا بھی عدالت کا کام ہے کہ پرویز مشرف معصوم ہیں یا مجرم انہوں نے کہا کہ عدالت کی نظر میں ہر ایک برابر ہے اس لئے ہر شہری کو عدالت کو جوابدہ ہونا چاہیے۔

    دوسری جانب میاں نوازشریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا ہے پاکستان کا مستقبل قانون کی بالادستی سے وابستہ ہے۔

    مریم نواز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان کا مستقبل قانون کی بالادستی سے وابستہ ہے، مریم نواز شریف نے اپنے پیغام میں لکھا ہے یہ بات سب کو سمجھنی چاہیئے کہ پاکستان بنانا ریپبلک نہیں ہے۔

  • الطاف حسین کے بیان کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا، رابطہ کمیٹی

    الطاف حسین کے بیان کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا، رابطہ کمیٹی

    ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے رکن خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ الطاف حسین نے سندھ کو توڑنےکی بات نہیں کی ان کے خطاب کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا۔

    فاروق ستار کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت نے صوبے کی دو بڑی اکائیوں میں منافرت پھیلانے کی کوشش کی۔

    کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے رکن ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ قائد تحریک الطاف حسین کے خطاب کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا، الطاف حسین نے سندھ کو توڑنے ک بات نہیں کی۔
     
    انکا کہنا تھا اس سے پہلے اسفندیار ولی کالا باغ ڈیم کے معاملے پر اور سراج الحق صوبے کے حق معاملے پر ملک ٹوٹنے کی بات کرچکے ہیں لیکن کوئی شور نہیں مچا۔

      ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ سندھ کی عملی زندگی میں اردو بولنے ولوں کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا جا رہا ہے ، فاروق ستار کا مزید کہنا تھا کہ حکومت نے من مانی حلقہ بندیاں کر کے ایم کیو ایم کے مینڈیٹ پر ڈاکا ڈالنے کی کوشش کی ہے۔

  • کراچی میں ٹارگٹ کلرز کا راج، 10 ہلاک ، 08 زخمی

    کراچی میں ٹارگٹ کلرز کا راج، 10 ہلاک ، 08 زخمی

    کراچی ایک مرتبہ پھر قتل و غارت گری کی زد میں آگیا ہے فائرنگ کے مختلف واقعات میں دو سگے بھائیوں اور پولیس اہلکار سمیت دس افراد جاں بحق اور آٹھ زخمی ہوگئے۔

    پولیس کے مطابق گلشن اقبال کے علاقے موتی محل کے قریب مسلح افراد کی فائرنگ سے دو افراد جاں بحق ہوگئے جن کی شناخت ساجد اور عابد کے ناموں سے ہوئی پولیس کے مطابق دونوں سگے بھائی ہیں جنھیں ٹارگٹ کرکے قتل کیا گیاواقعہ کیخلاف مشتعل افراد سڑکوں پر آگئے اور گلشن چورنگی سے سہراب گوٹھ جانیوالا ٹریفک بند کردیا گیا مشتعل افراد کی جانب سے سڑکوں پر ٹائر جلا کر احتجاج کیا گیا۔

     سہراب گوٹھ انڈس پلازہ کے قریب فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوا بلدیہ ٹاون بسم اللہ چوک کے قریب سے ایک شخص کی لاش ملی جسکی شناخت منیر ولد فرید کے نام سے ہوئی مقتول کو فائرنگ کرکے قتل کیا گیا۔

    رات گئے گلشن اقبال کے علاقے مسکن چورنگی کے قریب جوس کی دکان پر فائرنگ سے تین افراد جاں بحق اور پانچ زخمی ہوگئے۔ مقتولین کی شناخت سید نادر سید حسین اور غلام علی کے ناموں سے ہوئی۔

     تھانہ سچل کی حدود میں لینڈ مافیا کے کارندوں کیساتھ مبینہ پولیس مقابلے میں پولیس اہلکار محسن شدید زخمی ہوا جس نے اسپتال میں دوران علاج دم توڑ دیا جبکہ گلشنِ حدید لنک روڈ کے قریب سے پینتیس سالہ اقبال کی لاش ملی جسے فائرنگ کرکے قتل کیا گیا تھا اور لسبیلہ پل کے قریب سے بھی ایک شخص کی تشدد زدہ لاش ملی۔

     قائد آباد صالح محمد گوٹھ میں ذاتی جھگڑے کے دوران فائرنگ سے تین افراد زخمی ہوئے جنہیں ریسکیو ایمبولینس کے ذریعے اسپتال منتقل کردیا گیا ۔ 

  • مشرف کوعلاج کیلئے برطانیہ بھیجا جائیگا ،اسپتال ذرائع

    مشرف کوعلاج کیلئے برطانیہ بھیجا جائیگا ،اسپتال ذرائع

    سابق صدر پروپز مشرف کو علاج کیلئے برطانیہ بھیجا جائے گا، اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ پرویز مشرف پیر کو عدالت پیشی کی پوزیشن میں نہیں ہیں جبکہ مشرف کے صاحبزادے بلال مشرف امریکا سے اسلام آباد پہنچ گئے۔

    اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ پرویزمشرف کو مزید کچھ دن اسپتال میں رکھا جائے گا، پرویزمشرف پیر کو عدالت پیشی کی پوزیشن میں نہیں، وکلا پیر کے روز پرویز مشرف کی بیماری سے متعلق عدالت کو باضابطہ طور پر آگاہ کریں گے۔

    سابق صدر پرویزمشرف کی پیشی تک غداری کیس کا ٹرائل آگے نہیں بڑھ سکتا، سابق صدر پرویز مشرف کے اہلخانہ نے میڈیکل رپورٹ برطانیہ میں پاکستان ڈاکٹرز کو بھجوادی ہیں، پرویز مشرف کے وکیل احمد رضا قصوری نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ رپورٹس برطانوی ڈاکٹرزسے مشاورت کیلئے بھجوائی گئیں ہیں۔

    برطانوی ڈاکٹرز سے مشورے کے بعد انجیو پلاسٹی کا فیصلہ کیا جائے گا، مشرف کی صحت کے حوالے سے سات رکنی میڈیکل بورڈ کا کہنا ہے کہ پرویز مشرف کی حالت خطرے سے باہر ہے، اطلاعات کے مطابق ڈاکٹروں سے امور طے ہونے پر عدالت کو سابق صدر کی صحت کے بارے میں آگاہ کرکے ان کا نام ای سی ایل سے خارج کرنے کی درخواست کی جائے گی۔
       

  • بلدیاتی آرڈیننس:سندھ ہائیکورٹ کا فیصلہ، سپریم کورٹ میں چیلنج

    بلدیاتی آرڈیننس:سندھ ہائیکورٹ کا فیصلہ، سپریم کورٹ میں چیلنج

    حکومت سندھ نے سندھ ہائی کورٹ کی جانب سے بلدیاتی قوانین کی تیسری ترمیم کو غیر قانونی قرار دئیے جانے کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر کر دی ہے، جسکی سماعت آٹھ جنوری کو اسلام آباد میں ہوگی۔

    سندھ ہائی کورٹ کی جانب سے بلدیاتی قوانین میں تیسری ترمیم کو غیر قانونی قرار دئیے جانے کے خلاف حکومت سندھ نے سپریم کورٹ میں پٹیشن دائر کی، ایڈووکیٹ جنرل خالد جاوید کی جانب سے دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ بلدیاتی حلقہ بندیوں کی ساری کاروائی قانون کے تحت کی گئی ہے، اگر پینل کی شرط نہ رکھی جاتی تو ایک بیلٹ پیپر پچیس صفحات کا ہوگا، جسکے باعث بیلٹ پیپرز کی گنتی پر گھنٹوں نہیں دنوں کے حساب سے وقت لگے گا۔

    درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ سنہ دو ہزار ایک میں ایک یونین کونسل میں تیس سے ستر ہزار رکھے گئے تھے جبکہ نئے قانون میں یہ تعداد دس سے پچاس ہزار کی گئی ہے، انتخابی حد بندیوں کے قانون میں کوئی سقم نہیں تھا، اس قانون پر تنقید اور اعتراض بلا ضرورت ہے، حکومت سندھ کی درخواست کی سماعت 8جنوری کو اسلام آباد میں ہوگی۔

    بلدیاتی الیکشن سپریم کورٹ کے حکم پر ہورہے ہیں تو ہائی کورٹ اس حوالے سے کیسے فیصلہ جاری کرسکتی ہے، سندھ ہائی کورٹ نے جماعت اسلامی اور دیگر جماعتوں کی درخواست پر بلدیاتی قوانین کی تیسری ترمیم کو غیر قانونی قرار دیا تھا۔