Category: اہم ترین

پاکستان اور دنیا بھر سے اہم ترین خبریں جاننے کے لئے اے آر وائی نیوز کی اردو ویب سائٹ پر آئیں

Important Breaking News from Pakistan and World from ARY News Urdu

  • حکومت کی اپیل پر ایم کیوایم کا مؤقف سنے بغیرحکم نہ دیا جائے،فاروق ستار

    حکومت کی اپیل پر ایم کیوایم کا مؤقف سنے بغیرحکم نہ دیا جائے،فاروق ستار

    متحدہ قومی موومنٹ نے بلدیاتی قانون میں ترمیم پر سپریم کورٹ میں اپیل دائر کردی، ڈاکٹر فاروق ستار کہتے ہیں حکومت کی اپیل پر ایم کیو ایم کا موقف سنے بغیر حکم نہ دیا جائے۔

    سندھ میں اٹھارہ جنوری کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات کھٹائی میں پڑتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں، بلدیاتی قانون میں ترمیم پر متحدہ قومی موومنٹ کی جانب ڈاکٹر فاروق ستار نے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کردی۔

    بلدیاتی قانون پر فاروق ستار کی درخواست حکومت کی اپیل سے پہلے داخل کی گئی، ایم کیوایم کی جانب سے درخواست ایڈووکیٹ مظہر چوہان نے دائر کی، حکومت سندھ نے سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے کیخلاف آج اپیل داخل کرنا ہے۔

    ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ حکومت کی اپیل پر ایم کیوایم کا موقف سنے بغیر حکم نہ دیا جائے، سندھ ہائی کورٹ میں ایم کیو ایم سمیت مسلم لیگ ن، فنکشنل لیگ، جماعت اسلامی اور دیگر اپوزیشن جماعتوں نے صوبے میں پیپلز پارٹی کی جانب سے بلدیاتی حلقہ بندیوں اور لوکل گورنمنٹ ترمیمی ایکٹ کے خلاف درخواستیں دائر کیں تھی، جس پر عدالت نے صوبائی حکومت کی جانب سے منظور کردہ ترامیم کو کالعدم قرار دے دیا تھا۔
           

  • قرضہ اسکیم نوجوانوں سے کئے گئے وعدے کی تکمیل ہے، نواز شریف

    قرضہ اسکیم نوجوانوں سے کئے گئے وعدے کی تکمیل ہے، نواز شریف

    وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ قرضہ اسکیم نوجوانوں سے کئے گئے وعدے کی تکمیل ہے۔

    اوکاڑہ میں نوجوانوں کیلئے قرضہ اسکیم سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ انتخابات کے دوران اوکاڑہ میں ملنے والا پیار آج تک نہیں بھولا، قرضہ اسکیم کے ذریعے نوجوانوں سے کیا گیا وعدہ پورا کررہا ہوں۔ 

    وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ یقین ہے نوجوان پاکستان کو ترقی کی منزلوں تک لے جائیں گے، نوجوانوں میں کچھ کر گزرنے کا جذبہ ہے اور قرضہ اسکیم کچھ کر گزرنے والے نوجوانوں کو مواقعے فراہم کررہی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ قوم پر اعتبار کرنا سیکھنا ہوگا، مجھے یقین ہے کہ نوجوان قرض کی ایک ایک پائی واپس کریں گے۔

     

  • سابق صدر مشرف کی میڈیکل رپورٹ برطانیہ بھجوادی گئی

    سابق صدر مشرف کی میڈیکل رپورٹ برطانیہ بھجوادی گئی

    سابق صدر مشرف کی میڈیکل رپورٹ برطانیہ میں پاکستانی ڈاکٹرز کو بھجوا دی، سابق صدر پرویز مشرف کے آج صبح پھر خون کے نئے نمونے معائنے کیلئے لیب بھجوا دیئے گئے۔

    سابق صدر پرویز مشرف کی میڈیکل رپورٹ برطانیہ میں پاکستانی ڈاکٹرز کو بھجوا دی گئی، میڈیکل رپورٹ پرویز مشرف کے اہلخانہ نے برطانیہ بھجوائی، مشرف کی صحت کے حوالے سے سات رکنی میڈیکل بورڈ کا کہنا ہے کہ پرویز مشرف کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

    گزشتہ روز میڈیکل بورڈ کے اجلاس میں سابق صدر پرویز مشرف کو اسٹنٹ ڈالنے یا بائی پاس کرنےاور علاج کیلئے دبئی یا برطانیہ بھیجنے پر بھی غور کیا گیا، میڈیکل بورڈ کی ٹیم نے بیرون ملک ڈاکٹروں سے بھی رابطے کیئے۔۔۔ سابق صدر کے پہلے دن لے جانے والے خون کے نمونوں کی رپورٹ بھی آگئی ہے۔


           

  • اسلام آباد:اہل سنت والجماعت کے رہنما مفتی منیر کی نماز جنازہ ادا

    اسلام آباد:اہل سنت والجماعت کے رہنما مفتی منیر کی نماز جنازہ ادا

    اہلسنت والجماعت اسلام آباد کے جنرل سیکریٹری مفتی منیر معاویہ اور ان کے ساتھی اسد محمود کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔ ادائیگی کے بعد میتیں پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے رکھ کر احتجاجی دھرنا دیا جارہا ہے۔

    اسلام آباد پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے مفتی منیر معاویہ اور ان کے ساتھی اسد محمود کی میت رکھ کر دھرنا دیا گیا، اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے ہیں، اس سے قبل اہلسنت والجماعت کی جانب سے مفتی منیر کی میت سڑک پر رکھ کر احتجاج اور اقوام متحدہ کے دفتر کے سامنے نماز ادا کرنے کا اعلان کیا تھا۔

    کمشنر اسلام آباد سے مذاکرات کے بعد مفتی منیر کی نماز جنازہ پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے ادا کی گئی، پولیس کے مطابق مفتی منیر معاویہ سیکٹر آئی ایٹ میں جامع عبداللہ ابن مسعود میں نماز جمعہ کے بعد اپنے ساتھی اسد محمود کے ساتھ کار میں جارہے تھے کہ نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے فائرنگ کردی، جس سے دونوں موقع پر جاں بحق ہوگئے۔

    مفتی منیر معاویہ کو ایک روز قبل ہی اڈیالہ جیل سے رہا کیا گیا تھا، آئی جی اسلام آباد سکندر حیات کے مطابق واقعہ بظاہر ٹارگٹ کلنگ ہے، جائے وقوعہ سے گولیوں کے گیارہ خول ملے ہیں، قاتلوں کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔

  • پرویزمشرف کی میڈیکل ٹیم 6جنوری کو عدالت میں رپورٹ پیش کرے گی

    پرویزمشرف کی میڈیکل ٹیم 6جنوری کو عدالت میں رپورٹ پیش کرے گی

    سابق صدر پرویز مشرف کے آج صبح پھر خون کے نئے نمونے معائنے کیلئے لیب بھجوا دیئے گئے، میڈیکل بورڈ چھ جنوری کو عدالت میں رپورٹ پیش کرے گا، پرویز مشرف سے ملاقات کی تاحال کسی کو اجازت نہیں دی گئی۔

    سابق صدر پرویز مشرف کی صحت کے حوالے سے سات رکنی میڈیکل بورڈ کا کہنا ہے کہ پرویز مشرف کی حالت خطرے سے باہر ہے، گزشتہ روز میڈیکل بورڈ کے اجلاس میں سابق صدر پرویز مشرف کو اسٹنٹ ڈالنے یا بائی پاس کرنےاور علاج کیلئے دبئی یا برطانیہ بھیجنے پر بھی غور کیا گیا۔

    میڈیکل بورڈ کی ٹیم نے بیرون ملک ڈاکٹروں سے بھی رابطے کئے، سابق صدر کے پہلے دن لئے جانے والے خون کے نمونوں کی رپورٹ بھی آگئی ہے، مشرف کی حالت بہتر ہو رہی ہے۔

    پرویزمشرف کے علاج کیلئے سات رکنی میڈیکل ٹیم کام میں مصروف ہے، اطلاعات کے مطابق ڈاکٹروں سے امور طے ہونے پر عدالت کو سابق صدر کی صحت کے بارے میں آگاہ کرکے ان کا نام ای سی ایل سے خارج کرنے کی درخواست کی جائے گی۔

    سابق صدر کے بیرون ملک جانے کی ضرورت کے پیش نظر پرویز مشرف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے حوالے سے وزارت داخلہ حکومتی فیصلے کی روشنی میں لائحہ عمل مرتب کرے۔

  • کراچی:ٹارگٹ کلنگ کا سلسلہ جاری، 9افراد جاں بحق

    کراچی:ٹارگٹ کلنگ کا سلسلہ جاری، 9افراد جاں بحق

    کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کا سلسلہ تھم نہ سکا، شہر کے مختلف علاقوں میں دندناتے قاتلوں نے نو زندگیوں کے چراغ گل کر دیئے۔

    کراچی میں گولیوں کی گھن گرج اور پر تشدد کاروائیاں انتہا کو پہنچ گئیں، شہر بے اماں میں شعلہ اگلتی بندوقوں نے کئی گھروں میں صف ماتم بچھا دی، آپریشن کلین اپ بھی جاری لیکن خوف کا عفریت سیاہ بادل کی طرح اب بھی شہر کراچی پر منڈلا رہا ہے۔

    آج صبح گلشن اقبال کے علاقے موتی محل کے قریب نامعلوم مسلح ملزمان نے مدرسے میں زیر تعلیم دو سگے بھائیوں کو فائرنگ کرکے قتل کر دیا، جاں بحق نوجوانوں کی شناخت ساجد اور عابد کے نام سے ہوئی، گلشن حدید لنک روڈ کے قریب مسلح ملزمان نے فائرنگ کرکے ایک شخص کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔

    رات گئے گلشن اقبال کے علاقے مسکن چورنگی پر مسلح افراد نے جوس کی دکان پر گولیاں برسا دیں، دہشتگردوں کی فائرنگ سے تین افراد جاں بحق اور پانچ زخمی ہوگئے، سہراب گوٹھ انڈس پلازہ کے قریب فائرنگ کرکے ایک شخص کو ابدی نیند سلادیا گیا۔

    بلدیہ ٹاؤن بسم اللہ چوک کے قریب سے ایک شخص کی لاش ملی، جسکی شناخت منیر ولد فرید کے نام سے ہوئی، پولیس کے مطابق مقتول کو فائرنگ کرکے قتل کیا گیا۔

  • مرجائیں گے سندھ نہیں دیں گے، الطاف حسین کے بیان پر پیپلز پارٹی کا سخت ردعمل

    مرجائیں گے سندھ نہیں دیں گے، الطاف حسین کے بیان پر پیپلز پارٹی کا سخت ردعمل

    پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ مر جائیں گے، لیکن سندھ نہیں دیں گے۔ 

    بلاول بھٹو  زرداری نے متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کی جانب سے اردو بولنے والے سندھیوں کے لیے الگ صوبے کے مطالبے کا جواب دیتے ہوئے  اپنے 

    سوشل میڈیا پیغام میں کہا ہے کہ مرجائیں گے لیکن سندھ نہیں دیں گے ، انہوں نے سندھی زبان میں ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرسوں مرسوں سندھ نہ ڈیسوں۔ یہ الفاظ  ریاست خیرپور  کے تالپور حکمرانوں کے حریت پسند جرنیل ہوشو شیدی نے انگریزوں کے خلاف جنگ کی قیادت کرتے ہوئے ادا کیے تھے

    دوسری جانب پیپلز پارٹی کی رہنما شازیہ مری نے کہا ہے کہ الطاف حسین ماضی میں بھی ایسے بیان دیتے رہیں ہے اور سندھ کے عوام نے نا پہلے ایسے بیانات کو خوش آمدید کہا اور نا اب کہیں گے، لسانی بنیادوں پر نا پہلے پاکستان کی تقسیم ہوسکی اور نا اب ہوگی۔

    شرجیل میمن کا اس بیان پر کہنا تھا کہسندھ دھرتی پلیٹ نہیں کہ ٹکرے کردیں سندھ کبھی تقسیم نہیں ہوگا اور نا ہی ہم کسی کو ایسا کرنے دیں گے، اردو بولنے والوں کو سندھ بولنے والوں نے اپنی آنکھوں پر رکھا ہوا ہے۔ 

    قمر الزمان کائرہ کا کہنا تھا کہ یہ کوئی درست طریقہ نہیں کہ کوئی بھی شخص یکدم کھڑا ہوکر صوبے کا مطالبہ کردے۔

    اپنے خوابوں کے حوالے سے مشہور منظور وسان نے ماحول کی گرمی کو ٹھنڈا کرنے کے لئے کہا کہ پہلے الطاف حسین حلیم بنا کر کھلائیں پھر صوبے کی بات ہوگی۔

  • اردو بولنے والے پسند نہیں تو الگ صوبہ بنا دیا جائے، الطاف حسین

    اردو بولنے والے پسند نہیں تو الگ صوبہ بنا دیا جائے، الطاف حسین

     

    حیدرآباد میں متحدہ قومی موومنٹ نے آج شام ایک جلسہ منعقد کرکےاپنی سیاسی قوت کا مظاہرہ کیا جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے کہا کہ اگر اردو بولنے والے ناپسند ہیں تو علیحدہ صوبہ بنادیں، بات آگے بڑھی تو پھرملک بھی بن سکتا ہے۔

    ایم کیو ایم کے قائد کا کہنا تھا اگر ایمانداری سے مردم شماری کروائی جائے تو شہری آبادی دیہی آبادی سے زیادہ نکلے گی  لہذا آرام سے میز پر بیٹھ کر شہری آ بادی کے برابر کے حق کو تسلیم کرلیا جائے۔

    الطاف حسین نے مزید کہا کہ ہم پاکستان کے بانیوں کی اولاد ہیں نا تو ہم یہاں کسی کو غلام بنانے آئے تھے اور نا ہی غلام بننے کیلئے آئے تھے ،ہمارے  حقوق منظور نہیں تو  اردو بولنے والے سندھیوں کیلئے صوبہ بنادیا جائے۔

    انکا کہنا تھے کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ سندھ کارڈ استعمال کر کے حکومت میں آتی رہی ہے تو پھر وہ اسی سندھ کی آدھی  آبادی کو سمندر میں کیوں پھینکنا چاہتی ہے۔

    انکا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے کبھی بلدیاتی انتخابات نہیں کروائے اور اب بھی اپنی مرضی کی حلقہ بندیاں کی گئیں ہیں کہ ایم کیو ایم ہار جائے اور پیپلز پارٹی ہار جائے۔

    انھوں نے یہ بھی کہا کہ پرویز مشرف ہوا میں تھے جو زمین پر تھے مارشل لا کےذمہ دار وہ خود ہیں اگر مشرف سزا کے مستحق ہیں تو جنرل کیانی ، چوہدری افتخار اور الطاف حسین کو بھی سزا دی جائے۔  

  • اسلام آباد: نامعلوم افرادکی فائرنگ، اہلسنت والجماعت کےرہنماجاں بحق

    اسلام آباد: نامعلوم افرادکی فائرنگ، اہلسنت والجماعت کےرہنماجاں بحق

    اسلام آباد کے سیکٹر آئی ایٹ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے اہلسنت والجماعت کے رہنما مفتی منیر معاویہ جاں بحق ہو گئے۔

    اسلام آباد کے سیکٹر آئی ایٹ میں نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے اہلسنت والجماعت اسلام آباد کے جنرل سیکرٹری مفتی منیر معاویہ کی گاڑی پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں مفتی منیر معاویہ اور ان کے ساتھ اسد محمود موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔ 

    مفتی مفتی اور ان کے ساتھی کو اس وقت نشانہ بنایا گیا جب وہ گولڑہ جانے کیلئے آئی ایٹ سے گزر رہے تھے۔

    اہلسنت والجماعت کے کارکن واقعہ کی اطلاع ملتے ہی آئی ایٹ پہنچ گئے اور مفتی منیر اور اسد محمود کے قتل کے خلاف احتجاج کیا۔

  • سابق چیف جسٹس کو 3دن میں بلٹ پروف گاڑی فراہم کرنے کا حکم

    سابق چیف جسٹس کو 3دن میں بلٹ پروف گاڑی فراہم کرنے کا حکم

    اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کو تین دن میں بلٹ پروف گاڑی فراہم کر نے کا حکم دے دیا، عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ گاڑی نہیں ہے تو کسی پارلیمنٹرین سے لے کر دی جائے، اب کوئی بہانہ نہیں چلے گا۔

    سابق چیف جسٹس افتخار چوہدری کو سیکیورٹی دینے سے متعلق کیس کی سماعت اسلام آباد ہائی کورٹ میں ہوئی، عدالت نے سابق چیف جسٹس کوتین دن میں بلٹ پروف گاڑی فراہم کر نے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ گاڑی نہیں ہے تو کسی پارلیمنٹرین سے لیکردی جائے۔

    دوران سماعت کیبنٹ ڈویژن کے جوائنٹ سیکٹریری ضیا الحق اور آئی جی اسلام آبادعدالت میں پیش ہوئے، جسٹس شوکت صدیقی نے ریمارکس میں کہا کہ چیف جسٹس کی سیکیورٹی سے متعلق عدالت کو گمراہ کیا گیا، عدالت نے جوائنٹ سیکریٹری کے جھوٹ بولنے پراظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ سابق چیف جسٹس نے اپنے دور میں افسران کو بلا کران کی سرزنش کی، اب اُن سے بدلہ لیا جا رہا ہے۔

    جسٹس شوکت صدیقی کا کہنا تھا کہ ایسی گاڑی چیف جسٹس کو فراہم کی گئی جو ٹو کرکے واپس لے لی، ایسی گاڑی کو پارلیمنٹ ہاوس کے سامنے نمائش کے لئے رکھنا چاہئے، اب کوئی عذر نہیں چلے گے، آپ کے لئے شرمندگی کا مقام ہے، جنہوں نے آئین توڑا اور ڈرامہ کیا انکے لئے ہزاروں اہلکار ہیں، مزید سماعت نو جنوری تک ملتوی کردی گئی۔