Category: اہم ترین

پاکستان اور دنیا بھر سے اہم ترین خبریں جاننے کے لئے اے آر وائی نیوز کی اردو ویب سائٹ پر آئیں

Important Breaking News from Pakistan and World from ARY News Urdu

  • پاکستان سے دوستانہ تعلقات چاہتے ہیں،من موہن سنگھ

    پاکستان سے دوستانہ تعلقات چاہتے ہیں،من موہن سنگھ

    بھارت کے وزیراعظم من موہن سنگھ نے کہا ہے کہ پاکستان سے اچھے اور دوستانہ تعلقات چاہتے ہیں، وزارت عظمی کی مدت پوری ہونے سے پہلے پاکستان کا دورہ کرنا چاہتا ہوں۔

    بھارتی دارالحکومت نئی دلی میں میڈیا سے گفتگو میں وزیراعظم من موہن سنگھ نے کہا کہ پاکستان سے دوستانہ تعلقات چاہتے ہیں، اقتدار کی مدت چھوڑنے سے پہلے سازگار ماحول میں پاکستان کا دورہ کرنا چاہتا ہوں، راہول گاندھی وزارت اعظمی کے لئے بہترین امیدوار ہیں۔

    کانگریس کی جانب سے وزیراعظم کے امیدوار کا نام کا اعلان مناسب وقت پر کیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ آئندہ چند ماہ وزارت اعظمی نئے وزیراعظم کے حوالے کردیں گے، بھارتی وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ نئے وزیراعظم کا تعلق بھی یو پی اے کے اتحاد سے ہوگا۔

    من موہن سنگھ کا کہنا تھا کہ بی جے پی کے رہنما نریندر مودی وزیراعظم بن گئے تو ملک کے لئے تباہ کن ہوگا، انہوں نے کبھی استعفی دینے کے بارے میں نہیں سوچا، ہمیشہ اپنے کام کو انجوائے کیا، وزیراعظم کے منصب کو ملک کی خدمت کے لئے استعمال کیا دوستوں اور رشتے داروں کو فائدہ پہنچانے کے لئے نہیں۔

    ریاستی انتخابات میں کانگریس کی شکست پر من موہن سنگھ کا کہنا تھا کہ مہنگائی میں اضافہ انتخابات میں شکست کا سبب بنا۔
           

  • رینٹل پاورکیس:سابق وزیراعظم راجا پرویز اشرف عدالت میں پیش

    رینٹل پاورکیس:سابق وزیراعظم راجا پرویز اشرف عدالت میں پیش

    سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف رینٹل پاور کیس میں احتساب عدالت میں پیش ہوئے، عدالت نے ریفرنس سے غیر متعلقہ افراد کے نام نکالنے کے لیے نیب کو سترہ جنوری تک کی مہلت دے دی۔

    رینٹل پاور کرپشن کیس کی سماعت احتساب عدالت میں ہوئی، سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف بطور ملزم عدالت میں پیش ہوئے، اُن کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے استدعا کی کہ مالی کرپشن سے راجہ پرویز اشرف کا کوئی تعلق نہیں اور نہ ہی وہ ابھی تک مجرم ہیں۔

    کیس کے دو ملزمان نے لاہور ہائی کورٹ سے حکم امتناع لے رکھا ہے، وکیل صفائی کے دلائل پرعدالت نے ریفرنس سے غیر متعلقہ افراد کے نام نکالنے کے لیے نیب کو سترہ جنوری تک مہلت دیتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔

    اس موقع پر سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ وہ خود عدالت آنا چاہتا تھے تاکہ حقائق سے آگاہ کرسکیں، وہ پرویز مشرف کی صحت یابی کے لیے دعا گو ہیں، فاروق نائیک کا کہنا تھا کہ راجہ پرویز اشرف پر فرد جرم عائد ہوئی توبھرپور دفاع کریں گے۔

  • پرویزمشرف کو بیرون ملک جانے سے روکنے کیلئے درخواست دائر

    پرویزمشرف کو بیرون ملک جانے سے روکنے کیلئے درخواست دائر

    لال مسجد شہدا فاؤنڈیشن نے پرویز مشرف کو بیرون ملک جانے سے روکنے کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی۔

    سابق صدر پرویز مشرف کو بیرون ملک جانے سے روکنے کی درخواست لال مسجد کے ترجمان احتشام الحق نے اپنے وکیل کے ذریعے دائر کی،  شہدا فائونڈیشن کی جانب سے دائر کروائی گئی درخواست میں وفاقی وزیر داخلہ، سیکرٹری داخلہ اور آئی جی اسلام آباد کو فریق بنایا گیا ہے۔

    درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ سابق صدر پرویز مشرف غازی عبدالرشید کیس اور مقدمات میں ملوث ہیں، اس لئے انھیں پاکستان میں علاج کی بہترین سہولیات فراہم کی جائیں، پرویز مشرف عسکری ادارہ برائے امراض قلب میں زیر علاج ہیں، انہیں علاج کے لئے بیرون ملک منتقل کئے جانے کی افواہیں گرم ہیں۔

  • عدالت نے پرویز مشرف کو حاضری سے عارضی استثنیٰ دیدیا

    عدالت نے پرویز مشرف کو حاضری سے عارضی استثنیٰ دیدیا

    سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف غداری کے مقدمہ کی سماعت کرنے والی خصوصی عدالت نے علالت کے باعث پرویز مشرف کو عدالت میں حاضری سے عارضی استثنیٰ دیدیا، وارنٹ گرفتاری کی درخواست بھی مسترد کردی، احمد رضا قصوری کا کہنا ہے کہ سیاسی لوگوں کے فیصلے سیاسی طریقے سے ہوتے ہیں۔

    سابق صدر پرویز مشرف نکلے تو عدالت جانے کیلئے تھے لیکن اسپتال پہنچ گئے، جمعرات کی صبح تقریباً گیارہ بجے سابق صدر پرویز مشرف سخت سیکیورٹی حصار میں اپنے فارم ہاؤس سے نکلے لیکن دل میں تکلیف کے باعث انھیں راستے سے ہی آرمڈ فورسز انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی راولپنڈی منتقل کردیا گیا۔

    سابق صدر پرویز مشرف کےخلاف غداری کے مقدمہ کی سماعت کرنے والی خصوصی عدالت نے پرویز مشرف کو بیماری کے باعث ایک دن حاضری  سے استثنیٰ دیدیا، خصوصی عدالت کے جسٹس فیصل عرب نے سابق صدر کی عدم پیشی پر وارنٹ گرفتاری کی استدعا مسترد کرتے ہوئے قرار دیا کہ پیر کو صورتحال دیکھ کر فیصلہ دیا جائے گا۔

    پرویز مشرف کے وکلا میں شامل بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ عدالت نے حالات کو مدنظر رکھ کر فیصلہ دیا، بیرسٹر احمد رضا قصوری نے کہا کہ ان کی پرویز مشرف سے ملاقات نہیں ہوسکی لیکن سیاسی لوگوں کے فیصلے سیاسی طریقے سے ہوتے ہیں، عدالتوں سے نہیں، اس سے پہلے سابق صدر پرویز مشرف غداری کے مقدمہ میں خصوصی عدالت میں پیش نہ ہوئے توعدالت نے برہمی کا اظہار کیا۔

    جسٹس فیصل عرب نے قرار دیا کہ پرویز مشرف ہر صورت پیش ہوں بصورت دیگر ان کے وارنٹ جاری کئے جاسکتے ہیں لیکن دل کے عارضے کے باعث عدالت نے عبوری حکم جاری کرتے ہوئے سابق صدر پرویز مشرف کو حاضری سے استثنیٰ دے دیا اور سماعت پیر تک ملتوی کردی۔
        

       

  • کراچی سمیت سندھ میں سی این جی آج صبح سے پھر 2روز کیلئے بند

    کراچی سمیت سندھ میں سی این جی آج صبح سے پھر 2روز کیلئے بند

    کراچی سمیت سندھ بھر میں دو روز کی بندش کے بعد چوبیس گھنٹے کیلئے سی این جی فراہم کی گئی، جس کے بعد آج سے دوبارہ اگلے اڑتالیس گھنٹے کیلئے سی این جی بند کر دی گئی ہے۔

    رواں ہفتے کے لئے کراچی سمیت سندھ بھر میں سی این جی اسٹیشنز کی بندش کا نیا شیڈول جاری کر دیا گیا ہے، دو روز کی بندش کے بعد کھلنے والے سی سی این جی اسٹیشن اب جمعہ تین جنوری صبح آٹھ بجے سے اتوار پانچ جنوری صبح آٹھ بجے تک اڑتالیس گھنٹوں کے لیے دوبارہ بند کر دیئے گئے۔

    سی این جی اسٹیشن پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگی ہوئیں ہیں، جس سے ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہو رہی ہے ۔
       

  • پاکستان میں ربیع الاول کا چاند نظر آگیا ہے

    پاکستان میں ربیع الاول کا چاند نظر آگیا ہے

    پاکستان میں ربیع الاول کا چاند نظر آگیا ہے،  یکم ربیع الاول تین جنوری اور بارہ ربیع الاول چودہ جنوری کو ہو گی۔

    رویت ہلال کمیٹی کے مطابق چاند نظر آنے کے بعد بارہ ربیع الاول چودہ جنوری دو ہزار چودہ کو ہو گی ربیع الاول کا چاند نظر آنے کے ساتھ ہی کراچی سمیت سندھ بھر کی بیشتر مساجد کو برقی قمقموں سے سجانے کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے۔

    محمکہ تعلیم حکومت سندھ کی جانب سے آٹھ ربیع الاول سے بارہ ربیع الاول تک مقابلہ نعت خونی کا اہتمام کیا جائے گا جبکہ جامعہ کراچی سمیت سندھ کی تمام جامعات میں سیرت نبوی کے حوالے سے خصوصی پروگرامات منعقد کیئے جائیں گے۔ 

  • سابق صدرجنرل پرویزمشرف غداری کے مرتکب ہورہے ہیں،نثار کھوڑو

    سابق صدرجنرل پرویزمشرف غداری کے مرتکب ہورہے ہیں،نثار کھوڑو

    سندھ کے سینیئروزیرنثارکھوڑو کا کہنا ہے کہ ایک ہی بیان کے بعد بلا بیمار پڑ گیا، سابق صدرجنرل پرویزمشرف اداروں کوملوث کرکے غداری کے مرتکب ہورہے ہیں ۔

    نثارکھوڑو سے سندھ اسمبلی کراچی میں قائم مقام امریکی قونصل جنرل نے ملاقات کی اورباہمی دلچسپی کے امور پرتبادلہ خیال کیا۔ ملاقات کے بعدمیڈیا سے گفتگومیں نثارکھوڑوکا کہنا تھا کہ سندھ اسمبلی نے دوہزارنومیں جنرل مشرف کا لایا ہوا بلدیاتی نظام ختم کردیا تھا، اب وہ حلقہ بندیاں بھی نہیں رہیں۔

    دو ہزار ایک کی حلقہ بندیوں پر انتخابات نہیں ہوسکتے، ان کا کہنا تھا حلقہ بندیاں کرانا حکومت کا صوابدیدی اختیارہے۔ بلدیاتی انتخابات میں تاخیر کا ذمہ دار الیکشن کمیشن ہے، ایک سوال پر نثار کھوڑو نے کہا کہ بلا ایک ہی بیان کے بعد بیمار ہوگیا۔

  • سعودی عرب کے وزیر خارجہ منگل کو پاکستان کا دورہ کرینگے

    سعودی عرب کے وزیر خارجہ منگل کو پاکستان کا دورہ کرینگے

    سعودی عرب کے وزیر خارجہ سعود الفیصل منگل کو پاکستان کا دورہ کرینگے، دورے میں پاکستان اور سعودی عرب کے دوطرفہ تعلقات، تجارتی تعاون، دہشت گردی کے خلاف جنگ سمیت اہم امور پر بات چیت شامل ہوگی۔

    ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق سعودی وزیر خارجہ اہم دورے پر منگل کو پاکستان آئیں گے، دورے کے دوران دونوں ملکوں کے اسٹریٹجک مفادات،علاقائی مسائل اور عالمی معاملات پر تبادلہ خیال ہوگا۔

    سعودی عرب کی کسی اعلیٰ سطح کی شخصیت کا یہ دورہ طویل وقفے کے بعد ہو رہا ہے، وفد میں کئی اہم سعودی عہدیدار بھی شامل ہوں گے، سعودی وفد شاہ عبداللہ کا اہم پیغام بھی پاکستانی قیادت کو پہنچائے گا۔
       

  • آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس

    آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس

    آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی سربراہی میں کور کمانڈر کانفرنس ہوئی، کانفرنس میں فوج کے پیشہ وارانہ امور اور ملک کی سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی غور کیا گیا۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کی زیر صدارت جنرل ہیڈ کوارٹر راولپنڈی میں منعقد ہونے والی کور کمانڈرز کانفرنس میں جنوبی اور شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف جاری کاروائیوں کا جائزہ لیا گیا۔

    اجلاس مین فوج کے پیشہ وارانہ امور اور ملک کی مجموعی سیکیورٹی کی صورتحال پر تفصیلی غور کیا گیا، آئی ایس پی آر کے مطابق کور کمانڈر کانفرنس معمول کے مطابق ہر ماہ ہوتی ہے۔
      
     
       

  • غداری کیس:مشرف کے پیش نہ ہونے پر فیصلہ محفوظ

    غداری کیس:مشرف کے پیش نہ ہونے پر فیصلہ محفوظ

    غداری کیس میں خصوصی عدالت نے مشرف کی عدم پیشی سے متعلق فیصلہ چار بجے تک محفوظ کرلیا، پراسیکیوٹر اکرم شیخ نے کہا کہ مشرف کو دل کی تکلیف کا بہانہ کیا گیا ہے، ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کئے جائیں۔

    غداری کیس میں پرویز مشرف پر فرد جرم عائد کرنے کیلئے تیسری سماعت ہوئی، سابق صدر آج بھی پیش نہیں ہوئے، فرد جرم عائد ہوتے وقت ملزم کا عدالت میں حاضر ہونا لازمی ہوتا ہے۔

    مشرف کے وکیل شریف الدین پیرزدہ نے سماعت پیر تک ملتوی کرنے کی استدعا کی، عدالت نے مشرف کے پیش نہ ہونے پر ریمارکس دئیے کہ آج مشرف پیش نہیں ہوئے تو پھر قانون کے مطابق کاروائی ہوگی۔

    عدالت کا بیشتر وقت پراسیکویٹر اور مشرف کے وکلا کے درمیان تلخ کلامی میں گزرا، عدالت نے گیارہ بجے یہ ہدایت دیتے ہوئے سماعت آدھے گھنٹے کے لئے ملتوی کی کہ پرویز مشرف کو آج لازمی پیش کیا جائے۔

    مشرف کا قافلہ گھر سے پونے گیارہ بجے کے بعد نکلا تو قیاس کیا جارہا تھا کہ وہ عدالت جارہے ہیں لیکن قافلہ آرمی اسپتال راولپنڈی چلا گیا، اس دوران سماعت کا وقت دوبارہ شروع ہوگیا، عدالت نے پوچھا کہ پرویز مشرف کہاں ہیں۔

    ڈی آئی جی سیکیورٹی جان محمد نے عدالت کو بتایا کہ مشرف کو عدالت لایا جارہا تھا کہ ان کی راستے میں طبیعت خراب ہوگئی، انہیں عسکری ادارہ برائے امراض قلب منتقل کیا گیا ہے ، آج ان کی پیشی ممکن نہیں۔

    اس موقع پر پراسیکیوٹراکرم شیخ نے کہا کہ دل کی تکلیف کا بہانہ کیا گیا ہے، پرویزمشرف کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کئے جائیں، تاہم عدالت نے عدم پیشی پر چار بجے تک فیصلہ محفوظ کرتے ہوئے سماعت پیرتک ملتوی کردی۔