Category: اہم ترین

پاکستان اور دنیا بھر سے اہم ترین خبریں جاننے کے لئے اے آر وائی نیوز کی اردو ویب سائٹ پر آئیں

Important Breaking News from Pakistan and World from ARY News Urdu

  • سابق صدر مشرف دل کی تکلیف کے باعث ملٹری اسپتال منتقل

    سابق صدر مشرف دل کی تکلیف کے باعث ملٹری اسپتال منتقل

    سابق صدر پرویزمشرف عارضہ قلب میں مبتلا ہوگئے، پرویزمشرف عدالت پیشی پر جانے کےلئے نکلے تو راستے میں دل کا دورہ پڑگیا، ای سی جی سمیت دیگر ٹیسٹ اور طبی معائنہ جاری ہے۔

    تقریبا پونے بارہ بجے کا وقت چک شہزاد سے ایک کارواں نکلا، سیکیورٹی قافلہ پرویز مشرف کو خصوصی عدالت کے سامنے پیش کرنے کے لئے لے جارہا تھا کہ سابق آرمی چیف کو دل کا دورہ پڑگیا، لمحے بھر میں گاڑیوں کا رخ آرمڈ فورسز انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کی جانب ہوگیا۔

      اے ایف آئی سی میں سابق آرمی چیف کو ایمرجنسی میں داخل کرایا گیا، جہاں ان کا ای سی جی کیا گیا، ای سی جی رپورٹ کے ساتھ ہی خون کے نمونے اور دیگر ٹیسٹ لیبارٹری بھجوا دیئے گئے ہیں، اسپتال ذرائع کے مطابق پرویز مشرف کو ذہنی دباؤ کی وجہ سے دل کی تکلیف ہوئی۔

  • سابق صدر مشرف خصوصی عدالت میں پیشی کیلئے روانہ

    سابق صدر مشرف خصوصی عدالت میں پیشی کیلئے روانہ

    اسلام آباد میں سابق صدر پرویز مشرف غداری کیس میں خصوصی عدالت میں پیشی کیلئے خصوصی عدالت روانہ ہوگئے،  اطراف میں سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے ہیں، بم ڈسپوزل اسکواڈ نے مشرف کی رہائش گاہ سے عدالت تک سرچنگ بھی کی۔

    سابق صدر پرویز مشرف کی خصوصی عدالت میں پیشی کے لئے سخت ترین سیکیورٹی کا انتظام کیا گیا، مشرف کی رہائش گاہ سے خصوصی عدالت تک رینجرز اور پولیس کے پندرہ سو اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔

    گزرگاہ کے اطراف میں واقع مقامات عمارات کی سیکیورٹی کو بھی سخت کردیا گیا ہے، پولیس اور رینجرز اہلکاروں کے ساتھ بی ڈی ایس کا عملہ بھی موجود ہے۔

    مشرف فارم ہاؤس کے قریب سے گزشتہ روز ملنے والے بارودی مواد کی ایف آئی آر ایکسپلوسیر ایکٹ کے تحت تھانہ شہزاد ٹاؤن میں درج کرلی گئی، اس سے قبل بھی چوبیس دسمبر کو بھی پانچ کلو گرام بارودی مواد، ڈیٹونیٹر اور اسلحہ برآمد ہوا تھا۔

    اب تک سابق صدر پرویز مشرف کے گھر کے پاس سے بارودی مواد سے بھری ایک مشتبہ گاڑی جب کہ تین مرتبہ سڑک کے اطراف سے باورودی مواد برآمد ہوچکا ہے۔
           

  • پرویزمشرف کےخلاف غداری کیس کی تیسری سماعت شروع

    پرویزمشرف کےخلاف غداری کیس کی تیسری سماعت شروع

    پرویزمشرف کے خلاف غداری کیس کی تیسری سماعت شروع ہوئی تو معاملہ پھر وہی تھا، پرویز مشرف کو پیش کیا جائے، وکلا کا اصرار تھا سیکورٹی خدشات شدید ہیں، اس کت ساتھ ہی سابق صدر کے وکلاء نے خود کو ملنے والوں دھمکیوں کا معاملہ بھی اُٹھایا۔

    پرویز مشرف کے وکیل نے بتایا کہ ان کی کار پرحملہ کیا گیا، دھمکیاں دی گئیں، جاسوسی بھی کی جارہی ہے، رات ایک بجے سے صبح پانچ بجے تک گھر کی گھنٹی بجائی جاتی رہی، رات بھر نہیں سو سکا، ان حالات میں دلائل نہیں دے سکتے، مشرف کو نہ بلایا جائے۔

    جس پر جسٹس فیصل عرب نے کہا ہم آپ کو سیکیورٹی فراہم کرنے کا حکم جاری کرتے ہیں، مشرف کی حاضری یقینی بنائیں، اسکے بعد ریلیف دیدیا جائیگا، دوران سماعت پرویز مشرف اور حکومتی وکلاء کے درمیان تلخ کلامی بھی ہوئی۔

    سابق صدر کے وکیل ابراہیم ستی نے بتایا کہ اکرم شیخ نے کہا میرا نشانہ قصوری نہیں پیر زادہ ہوگا، جس پراکرم شیخ نے کہا انھوں نے دھمکی نہیں دی بلکہ درخواست کی تھی کہ ایک دوسرے کی ذات پر حملے نہیں کیے جائیں۔

    ایک موقع پر مشرف کے وکیلوں نے عدالتی کاروائی کا بائیکاٹ کردیا، تاہم بعد میں وہ عدالت میں واپس آگئے، وکلاء کے آپس میں بات کرنے پر پابندی لگاتے ہوئے جسٹس فیصل عرب نے کہا آپس میں بات کی گئی تو اسے عدالتی کاروائی میں مداخلت سمجھا جائیگا۔

  • مشرف  کی رہائش گاہ کے قریب بارودی مواد ملنے کا وزیراعظم نے نوٹس لے لیا

    مشرف کی رہائش گاہ کے قریب بارودی مواد ملنے کا وزیراعظم نے نوٹس لے لیا

    سابق صدر پرویز مشرف کی رہائش گاہ کے قریب دھماکا خیز ملنے کی خبرکا نوٹس لیتے ہوئے وزیراعظم نوازشریف نے تحقیقات کا حکم دے دیا۔

    سابق صدر پرویز مشرف رہائش گاہ کے قریب سے بارودی مواد ملنے کا وزیر اعظم نے نوٹس لیتے ہوئے وزارت داخلہ سے رپورٹ طلب کرلی، وزیراعظم نے وزارت داخلہ کو ہدایات جاری کیں ہیں کہ سابق صدر مشرف کی عدالت میں پیشی کو یقینی بنایا جائے۔

    سابق صدرکو عدالت کے سامنے پیش ہونے کے لئے جس راستے سے گزرنا ہے، اس میں بہت سی اہم عمارات ہیں، چک شہزاد سے خصوصی عدالت کے درمیان سپریم کورٹ کی عمارت ہے، تھوڑے ہی فاصلے پر مختلف ممالک کے سفارتخانے ہیں۔

    جہاں بڑی تعداد میں ملکی و غیرملکی افراد پر مشتمل عملہ بین الاقوامی روابط کے لئے خدمات انجام دے رہے ہیں، اس سے تھوڑے فاصلے پر سرینا ہوٹل کی عمارت ہے، جہاں غیرملکیوں اوربیوروکریٹس کی بڑی تعداد موجود ہوتی ہے، خصوصی عدالت کے راستے میں اسلام آباد کلب بھی ہے۔

    سابق صدرکی عدالت حاضری اور ممکنہ دہشتگردی حملے کے سبب ان مقامات کی سیکیورٹی کو بھی خطرات لاحق ہیں، ایک ہفتے کے دوران سابق صدرکی رہائش گاہ کے اطراف سے دھماکا خیز مواد ملنے کے تین واقعات رونما ہوچکے ہیں، صدر مشرف کی دو پیشیوں کے موقع پر اس گزرگارہ سے پہلے بھی دوبار بارودی مواد ملا تھا۔

  • کوئٹہ:زائرین کی بس پرخودکش حملہ، 2 افراد جاں بحق،30 سےزائد زخمی

    کوئٹہ:زائرین کی بس پرخودکش حملہ، 2 افراد جاں بحق،30 سےزائد زخمی

    کوئٹہ میں زائرین کی بس پر خودکش حملے کے نتیجے میں دو زائرین جاں بحق اور تیس سے زائد زخمی ہوگئے ہیں، خودکش حملے کا مقدمہ سیالکوٹ تھانے میں درج کر لیا گیاہے۔

    دہشت گردی کے عفریت نے دو ہزار چودہ میں بھی پاکستان کا پیچھا نہ چھوڑا، نئے سال کے پہلے روز کوئٹہ میں دہشت گردی کا پہلا واقعہ پیش آیا جس میں دہشتگردوں نے ایران سے واپس آنے والے زائرین کے قافلے کو نشانہ بنایا، حملہ آور پک اپ میں سوار تھا، جس نے قمبرانی روڈ پر اختر آباد کے قریب اپنی گاڑی کو زائرین کی بس سے ٹکرا دیا۔

    جس کے نتیجے میں زوردار دھماکا ہوا اور بس میں آگ لگ گئی، دھماکے سے خواتین اور بچوں سمیت درجنوں افراد زخمی ہوگئے، جنہیں بولان میڈیکل کمپلیکس اور دیگر اسپتالوں میں منتقل کیا گیا، بس میں لگنے والی آگ پر قابو پانے کیلئے فائر بریگیڈ کو بھی طلب کر لیا گیا، دھماکے کے بعد افراتفری دیکھنے میں آئی۔

    پولیس وین بھی دھماکے کی زد میں آئی، جس سے چار اہلکار زخمی بھی ہوئے، بم ڈسپوزل اسکواڈ کے مطابق دھماکہ خیز مواد کا وزن سو کلوگرام تک تھا۔
       

  • کراچی: سردی نے کرادئیے بچوں کے مزے، اسکول8 جنوری تک بند

    کراچی: سردی نے کرادئیے بچوں کے مزے، اسکول8 جنوری تک بند

    سندھ میں شدید سرد موسم نے کرادئیے بچوں کے مزے اور ہوگئے اسکول مزید سات دنوں کے لئے بند، وزیر تعلیم سندھ نثار کھوڑو نے موسم سرما کی چھٹیوں میں ایک ہفتے کی توسیع کا اعلان کردیا۔

    سردی سردی غضب کی سردی , کوئٹہ کی یخ بستہ ہواوں نے کراچی کا رخ کیا تو اہلیان کراچی سردی سے تھر تھر کانپنے لگے، سردی نے جہاں عوام کو پریشانی میں مبتلا کر دیا وہیں اسکول جانے والے بچوں کی موجیں بھی کرادی ۔۔۔کڑاکے کی سردی کے باعث بچوں کے والدین نے درخواست کی اتنی سردی میں بچے بیمار ہوجائیں گے۔

    پہلے تو انکار ہواکہ چھٹیاں نہیں دی جاسکتیں ۔۔بچوں کے چہرے یہ سن کر مرجھا گئے شاید وزیر تعلیم صاحب کو بچوں کے معصوم چہروں پر رحم آہی گیا اور انہوں نے تمام سرکاری اور نجی اسکولوں میں دو سے آٹھ جنوری تک سرما کی تعطیلات میں توسیع کا اعلان کردیا۔ جس سے بچوں کے مرجھائے چہرے کھل اٹھے وزیر تعلیم نثار کھوڑو کا کہنا ہے کہ چھٹیوں میں اضافہ بچوں کے والدین کی درخواست پر کیا گیا ہے۔

  • بجلی بحران ماضی کی غلط پالیسیوں کانتیجہ ہے، نوازشریف

    بجلی بحران ماضی کی غلط پالیسیوں کانتیجہ ہے، نوازشریف

    وزیر اعظم نواز شریف کہتے ہیں توانائی بحران سے نمٹنے کے لئے حکمت عملی پر عمل پیرا ہیں اسلام آباد میں وفاقی کابینہ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ معیشت کی بحالی اولین ترجیح ہے ماضی کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے بجلی بحران کا سامناہےوزیر اعظم نے کہا کہ لائن لاسزکم اورترسیل کانظام بہتر بنانے کیلئے اقدامات کررہےہیں۔

    وفاقی کابینہ کے خصوصی اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے وزیر خزانہ نے بتایا کہ پینتالیس اداروں کو اخراجات میں کمی کی ہدایت کی گئی ہے، انہوں نے بتایا کہ ملک میں اسلمی بینکاری کے لئے کمیتی قائم کر دی گئی ہے، جبکہ سماجی شعبے میں مستحق افراد کی امداد کے لئے پچھتر ارب روپے مختص کئے گئے ہیں
       

  • فاٹا میں قیام امن کی کوششیں جاری رکھیں گے ، چوہدری نثار علی خان

    فاٹا میں قیام امن کی کوششیں جاری رکھیں گے ، چوہدری نثار علی خان

    وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہاہے کہ فاٹا کے عوام امن چاہتے ہیں اور وفاقی حکومت فاٹا میں امن و امان کے لئے اپنی کوشیش جاری رکھے گی۔

    اسلام آباد میں جمعیت علمائے اسلام کے امیر مولانا فضل الرحمان سے ملاقات میں وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ حکومت طالبان کے ساتھ مذاکرات سے مسئلے کا حل نکالنا چاہتی ہے۔

    چودھری نثار کا کہنا تھاکہ کچھ طالبان مذاکرات عمل کے حق میں نہیں ، حکومت کی کوشش ہے کہ اس ذہنیت کو تبدیل کیاجائے ، وفاقی وزیر داخلہ سے مولانا فضل الرحمان کی ملاقات میں دیگر اہم ملکی امور پر بھی بات چیت کی گئی ۔

  • کوئٹہ: قمبرانی روڈ پر زائرین کی بس پر خودکش حملہ،2جاں بحق

    کوئٹہ: قمبرانی روڈ پر زائرین کی بس پر خودکش حملہ،2جاں بحق

    کوئٹہ میں نئے سال کے پہلے روز زائرین کی بس کو نشانہ بنایا گیا ہے ، جس کے نتیجےمیں دو زائرین جاں بحق اور تیس سے زائد زخمی ہو گئے ہیں، بم ڈسپوزل اسکواڈ کے مطابق دھماکا خودکش تھا۔

    دہشت گردی کے عفریت نے دو ہزار چودہ میں بھی پاکستان کا پیچھا نہ چھوڑا۔ نئے سال کے پہلے روز کوئٹہ میں دہشت گردی کا پہلا واقعہ پیش آیا اور دہشت گردوں نے ایران سے واپس آنے والے زائرین کے قافلے کو نشانہ بنایا۔

    زائرین کا قافلہ تین بسوں پر مشتمل تھا جو کوئٹہ کے قمبرانی روڈ پر اخترآباد کے علاقے سے گزر رہا تھا ۔دھماکا زائرین کی بس کے قریب کیا گیا جس کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت متعدد افراد زخمی ہو گئے ۔

    جنہیں بولان میڈیکل کمپلیکس اور دیگر اسپتالوں میں منتقل کیا گیا، ریسکیو ذرائع کے مطابق دو لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا ۔

    دھماکے کے بعد بس آگ بھڑک اٹھی تو فائر بریگیڈ کوبھی طلب کر لیا گیا۔ دھماکے کے بعد افراتفری دیکھنے میں آئی، پولیس وین بھی دھماکے کی زد میں آئی جس سے چار اہلکار زخمی بھی ہوئے۔

    صوبائی وزیر اطلاعات اور پولیس حکام کے مطابق دھماکا خیز مواد سڑک کنارے کھڑی ایک گاڑی میں نصب تھا۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ کے مطابق دھماکہ خیز مواد کا وزن اسی سے سو کلوگرام تک تھا۔
       

  • غداری کیس:پرویز مشرف کو کل ہرصورت میں پیش ہونے کا حکم

    غداری کیس:پرویز مشرف کو کل ہرصورت میں پیش ہونے کا حکم

    غداری کیس میں خصوصی عدالت نے پرویزمشرف کو کل ہر صورت میں پیش ہونے کا حکم دے دیا، عدالت نے تنبیہ کی سابق صدر حاضر نہ ہوئے تو گرفتاری کا حکم بھی دیا جاسکتا ہے۔

    غداری کیس کی دوسری سماعت پر بھی پرویزمشرف کے حاضر نہ ہونے پرخصوصی عدالت نے مشرف کو کل ہر صورت پیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ سابق صدر نہ آئے تو گرفتاری کا حکم بھی دے سکتے ہیں، جسٹس فیصل عرب کا کہنا تھا کہ سابق صدر اور آرمی چیف ہوتے ہوئے عدالت نے پرویز مشرف کو صرف سمن جاری کیے، وارنٹ گرفتاری بھی جاری ہوسکتے تھے، ضابطہ فوجداری کے تحت یہ ناقابل ضمانت جرم ہے۔

    وکلا صفائی نے دلائل میں کہا کہ خطرہ پرویز مشرف کو نہیں، وکلا اور ججز کو بھی ہے، عدالت کو دھماکے سے اڑایا جاسکتا ہے، عدالت نے کہا کہ دھمکیاں نہ دیں دلائل دیں، سابق صدر کے وکیل خالد رانجھا نے موقف اختیار کیا کہ اخبارات میں وزیراعظم کا مشرف کے خلاف بیان شائع ہوا ہے، جو مقدمے کو متاثر کرنے کے مترادف ہے، انھوں نے استدعا کی کہ وزیراعظم کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کیا جائے۔

    جس پر جسٹس فیصل عرب نے کہا کہ آپ ہمیں تحریری درخواست دیں، ایک موقع پر احمد رضا قصوری نے کہا کہ خصوصی عدالت شیکسپئیر کا تھیٹر لگ رہی ہے، ان کے اور حکومتی وکیل اکرم شیخ کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا، خصوصی عدالت کے اختیار سماعت پر دلائل میں انور منصور کا کہنا تھا کہ فوجداری قانون لاگو نہیں ہوتا، پرویز مشرف پر غلط مقدمہ دائر کرنے والوں کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے۔

    انکا کہنا تھا کہ موجودہ وزیراعظم انتقام اور تعصب کے جذبات رکھتے ہیں، یہ عدالت چہھتر کے قانون کے تحت بنی جب صرف تین ہائیکورٹس تھیں، اس لیے صرف تین ججز کا ذکر ہے، اب پانچ ہائیکورٹس ہیں اور صرف تین جج ہیں، عدالت کی تشکیل میں ترامیم نہ کرنا بدنیتی ہے، ججز کی جانبداری پر دلائل میں وکلا صفائی نے کہا کہ جسٹس فیصل عرب پی سی او کے حلف کی پیشکش نہ ہونے پرمشرف کے خلاف تعصب رکھتے ہیں۔

    جس پر جسٹس فیصل نے کہا کہ انھیں تین بار پیشکش ہوئی لیکن حلف نہیں اٹھایا، انور منصور نے کہا کہ اس کا مطلب ہے کہ حلف نہ اُٹھانے کی وجہ مشرف کے اقدام کو غیر قانونی سمجھنا تھا، جسٹس فیصل عرب نے کہا آپ کہنا چاہتے ہیں کہ میں ذاتی تعصب رکھتا ہوں، جس پر انور منصور نے کہا وہ یہی ثابت کر رہے ہیں۔