Category: اہم ترین

پاکستان اور دنیا بھر سے اہم ترین خبریں جاننے کے لئے اے آر وائی نیوز کی اردو ویب سائٹ پر آئیں

Important Breaking News from Pakistan and World from ARY News Urdu

  • وزیرداخلہ کی ایم کیو ایم کو تحفظات دورکرانے کی یقین دہانی

    وزیرداخلہ کی ایم کیو ایم کو تحفظات دورکرانے کی یقین دہانی

    وزیرداخلہ نے ایم کیو ایم کو تحفظات دور کرانے کی یقین دہانی کرادی، چوہدری نثار کا کہنا ہے کہ دہشتگردوں کی سرکوبی تک آپریشن جاری رہے گا، ایم کیو ایم اور ن لیگ کا سیاسی روابط بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

    گورنرہاؤس کراچی میں متحدہ قومی موومنٹ کے وفد نے وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثارعلی خان سے ملاقات کی، ملاقات میں شہر کی امن و امان کی صورتحال سمیت کراچی میں جاری آپریشن پر بات چیت کی گئی۔

    ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم کے وفد نے فاروق ستار کی قیادت میں وفاقی وزیر کو تحفظات سے آگاہ کیا، چوہدری نثار نے ایم کیو ایم کے تحفظات کو دورکرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ کراچی میں آپریشن جرائم پیشہ عناصرکے خلاف ہے، کسی خاص جماعت کے خلاف نہیں، آپریشن کے تیسرے مرحلےکو مزید مربوط اور فعال بنایا جائے گا۔

    گورنرسندھ ڈاکٹرعشرت العباد سے ملاقات میں شہر میں جاری آپریشن کے نتیجے میں ملنےوالی کامیابیوں پر بھی گفتگو کی گئی، چوہدری نثار نے کہا کہ کراچی میں امن و امان اولین ترجیح ہے، دہشت گردوں کی مکمل سرکوبی تک آپریشن جاری رہے گا۔

    ملاقات میں مشترکہ سیاسی صورتحال پر حکمت عملی بنانے پر بھی غورکیا گیا، دونوں سیاسی جماعتوں نے مستقبل میں روابط بڑھانے پر بھی اتفاق ہوا۔
       

  • سمندری حدود کا دفاع ناقابل تسخیر ہے، وزیراعظم

    سمندری حدود کا دفاع ناقابل تسخیر ہے، وزیراعظم

    وزیراعظم نے کہا ہے سمندری حدود کا دفاع ناقابل تسخیرہے، بحری فوج جدید ٹیکنالوجی اور بہترین ہتھیاروں سے لیس ہے، وزیراعظم نے مڈ شپ مین کیڈٹس کی سوویں پاسنگ آؤٹ کی تقریب میں کامیاب کیڈٹس کو مبارکباد دی۔

    وزیراعظم نواز شریف نے پاکستان نیوی کی سوویں مڈ شپ مین پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی سمندری حدود کا دفاع ناقابل تسخیر ہے، پاکستان بحریہ بری اور فضائی حدود کی حفاظت میں بھی معاونت فراہم کرتی ہے۔

    وزیراعظم نے اکیڈمی کو بہترین تربیت گاہ بنانے پر حکام کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹزمیں اسناد تقسیم کی اور مبارک باد پیش کی، پاسنگ آؤٹ پریڈ میں وزیراعظم نواز شریف کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔

    مڈ شپ مین پاسنگ آؤٹ پریڈ میں نو غیر ملکیوں سمیت ایک سو ایک کیڈٹ پاس آؤٹ ہوئے، کیڈٹس چھ ماہ شپ پر گذارنے کے بعد لیفٹینینٹ کے عہدہ پر فائر ہوں گے، تقریب میں وزیر دفاع خواجہ آصف اور وزیراطلاعات پرویز رشید نے بھی شرکت کی، اس سے قبل کراچی آمد پر وزیراعظم نوازشریف کا گورنر ڈاکٹر عشرت العباد اور چیف سیکریٹری سندھ نے استقبال کیا۔
       

  • پرویزمشرف نے31جولائی کے فیصلےکو پھر چیلنج کردیا

    پرویزمشرف نے31جولائی کے فیصلےکو پھر چیلنج کردیا

    سابق صدر پرویز مشرف نے سپریم کورٹ کے اکتیس جولائی دو ہزار نو کے فیصلے کو ایک بار پھر چیلنج کر دیا، فیصلے پرنظر ثانی کی درخواست اعتراضات دور کرکے دوبارہ سپریم کورٹ میں جمع کروا دی ہے۔

    سابق صدرکے وکیل کی جانب سے دائرکی گئی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ دو ہزار نو میں پرویز مشرف کو سنے بغیر انہیں غاصب قرار دیا گیا تھا، اس سے قبل بھی پرویز مشرف نے نظرثانی کی درخواست سپریم کورٹ میں جمع کروائی تھی۔

    رجسٹرار سپریم کورٹ نے اعتراض لگایا تھا کہ درخواست مشرف کے وکیل شریف الدین پیر زادہ ہی دائر کر سکتے ہیں، لگائے جانے والے اعتراضات میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ نظر ثانی کی درخواست پر وکیل کا نام تو ہے لیکن ان کے دستخط نہیں ہیں۔
        

        
       

  • راولپنڈی:گھر میں آتشزدگی،3بچوں سمیت 5افراد جاں بحق

    راولپنڈی:گھر میں آتشزدگی،3بچوں سمیت 5افراد جاں بحق

    راولپنڈی کے علاقے نیو پھگواڑی گھر میں آتشزدگی سے ایک ہی خاندان کے تین بچوں سمیت پانچ افراد جاں بحق جبکہ دوشدید جھلس گئے۔

    راولپنڈی کے علاقے نیو پھگواڑی کامرس کالج کے قریب ایک گھر میں آتشزدگی کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے تین بچوں سمیت پانچ افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ دو افراد شدید جھلس گئے۔

    ریسکیو ڈبل ون ڈبل ٹو کے مطابق آگ علی اصبح پانچ بجے کے قریب لگی اور ابتدائی تحقیقات کے مطابق واقعہ شارٹ سرکٹ کے باعث پیش آیا تاہم پولیس کی جانب سے تفتیش جاری ہے۔

    ریسکیو ڈبل ون ڈبل ٹو کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں تیس سالہ راشد اور اس کی تین سالہ بیٹی زویہ جبکہ پانچ سالہ بچی زینب اور چھبیس سالہ عائشہ اور اسکا دو سالہ بیٹا عبداللہ شامل ہیں۔

    گھر کی خاتون سمیت دو افراد بھی جھلس گئے، جن کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے، اہل محلہ کے مطابق شدید سردی کے باعث ہیٹر جلا گیا تھا، جس کے باعث آتشزدگی ہوئی۔

    پولیس اس بات کی تحقیقات کر رہی ہے کہ ہیٹر بجلی کا تھا یا گیس کا یا آگ لگنے کی کوئی اور وجہ ہے، آتشزدگی میں جاں بحق افراد سمیت زخمیوں کو ہولی فیملی اسپتال منتقل کیا گیا۔

  • وزیراعظم نوازشریف آج کراچی پہنچ رہے ہیں

    وزیراعظم نوازشریف آج کراچی پہنچ رہے ہیں

    وزیراعظم نوازشریف آج کراچی میں امن قائم کرنے کے لئے جاری آپریشن کے تیسرے مرحلے کی حکمت عملی طے کریں گے، وزیراعظم پاک بحریہ کی تقریب میں شریک ہوں گے۔

    وزیراعظم نواز شریف آج کراچی میں امن قائم کرنے کے لئے جاری آپریشن کے تیسرے مرحلے کی حکمت عملی طے کریں گے ۔۔ زرائع کے مطابق اجلاس میں کراچی میں جاری ٹارگٹڈ آپریشن کے تیسرے مرحلے کے حوالےسے اہم فیصلے بھی متوقع ہیں۔

    وزیراعظم گورنر ہاوس میں امن وامان کے حوالے سے ہونے والے اجلاس کی صدارت بھی کریں گے، اجلا س میں گورنر ، وزیراعلیٰ اور قانون نافذ کرنے والے ادارے شریک ہونگے، وزیراعظم پاک بحریہ کی تقریب میں شریک ہوں گے۔
       

  • حکومت چلاناوزیراعظم کی ذمہ داری ہے صدر کی نہیں، پرویزمشرف

    حکومت چلاناوزیراعظم کی ذمہ داری ہے صدر کی نہیں، پرویزمشرف

    اے آروائی نیوز کے پروگرام سوال یہ میں گفتگو کرتےپہوئے سابق صدرجنرل ریٹائرڈ جنرل پرویزمشرف کاکہناتھا مقدمے میں سزا ہوئی تو معلوم نہیں کیاکروں گاالبتہ معافی مانگنے کاعادی نہیں۔

    سابق صدرپرویزمشرف کاکہناہے حکومت چلاناوزیراعظم کی ذمہ داری ہے صدر کی نہیں،مقدمات صرف میرےخلاف بنائےگئے،انصاف کی دھجیاں اڑائی گئیں، امید ہے آگے انصاف ہوگا۔

    کبھی سیاسی انتقام پریقین نہیں رکھا، پرویزمشرف کاکہناتھا مجھے الیکشن نہیں لڑنے دیاگیا قومی اسمبلی میں بیٹھے سب افراد صادق اورامین ہیں صرف میں ہی نہیں۔

    ایک سوال کے جواب میں پرویزمشرف کاکہناتھالال مسجد اوربگٹی قتل کے مقدمات کئی سال بعدقائم کیے گئے ہیں حالانکہ حکومت چلانا وزیراعظم کاکام ہے نہ کہ صدرکا،  پرویزمشرف کاکہناتھا اب تک انصاف کی دھجیاں اڑائیں گئیں، امیدکرتاہوں کہ میرے ساتھ اب آگے انصاف ہو گا،ان کاکہناتھا افتخارمحمدچوہدری کوجب سپریم کورٹ نے بحال کیاتومیں قبول کیا لیکن افتخارمحمدچوہدری نے انصاف نہیں دیا۔

  • سری لنکا نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو شکست دے دی

    سری لنکا نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو شکست دے دی

    سری لنکا نے پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد  2 وکٹوں سے شکست دے دی، پاکستان کرکٹ ٹیم پانچویں اور آخری ون ڈے میچ میں سری لنکا کو شکست نہ دے سکی، سری لنکنز دو وکٹوں سے کامیاب رہے، لیکن سیریز تین دو سے گرین شرٹس نے جیتی ہے۔

    پاکستان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ احمد شہزاد،شرجیل خان اور صہیب مقصود جلد آؤٹ ہوگئے۔ ان فارم بیٹسمین محمد حفیظ سے ایک اور سنچری کی امید تھی،بدقسمتی سے وہ اکتالیس رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ مصباح الحق نے ذمہ داری سے کھیلتے ہوئے ٹیم کا اسکور بڑھایا اور اکیاون رنز کی اننگز کھیلی۔ عمراکمل بیس رنز پر ہمت ہار گئے۔

    ایک سو چھتر رنز پر سات کھلاڑیوں کے آؤٹ ہوجانے کے بعد انور علی نے ٹیم کی ڈوبتی ناؤ کو پار لگانے کی کوشش کی، مگر انکا ساتھ دینے والے جلد وکٹیں گنوا بیٹھے، قومی ٹیم دو سو بتیس رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی، انور علی نے ناقابل شکست اکتالیس کی اننگز کھیلی۔ لاستھ ملنگا نے چارکھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، سری لنکن اوپنرز نے عمدہ آغاز فراہم کیا۔

    پریرا سینتالیس اور دلشن پینتالیس رنز بناکر آؤٹ کیا ہوئے۔۔ سری لنکن ٹیم کی وکٹیں گرنا شروع ہوگئی۔۔ چندی مل پاکستان کی کامیابی میں رکاوٹ بنے رہے، سنسنی خیز مقابلے کے بعد چھ گیندوں پر تین رنز درکار ہیں،  اجنتامینڈس نے گیند کو باؤنڈری پار پہنچا دیا اور سری لنکا دو وکٹوں سے کامیاب ہوگیا، جنید خان نے تین، سعید اجمل نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

     

     

  • پرویزمشرف پرغداری کے مقدمے میں یکم جنوری کوفردجرم عائد ہوگی

    پرویزمشرف پرغداری کے مقدمے میں یکم جنوری کوفردجرم عائد ہوگی

    سابق صدر اورملزم پرویزمشرف پرغداری کے مقدمے میں یکم جنوری کوفردجرم عائد ہوگی۔ خصوصی عدالت نے تحریری حکم نامہ جاری کردیا۔

    تین صفحات پرمشتمل اس حکم نامے پرتین ججز کے دستخط موجود ہیں۔ حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ ملزم کوسمن جاری کئے گئے لیکن وہ حاضر نہیں ہوا۔

    مشرف کے وکلاء نے خصوصی عدالت کے سامنے موقف اختیارکیا کہ وفاقی حکومت کی طرف سے مناسب سکیورٹی کے انتظامات ہونے تک مشرف عدالت میں حاضر نہیں ہوسکتے۔

    انھوں نے درخواست کی کہ مشرف کوحاضری سے مستثنی قراردیا جائے جس پرعدالت نے کہا کہ ملزم کاکیس ناقابل ضمانت ہے پہلے انھیں ضمانت لینی ہوگی۔

    ملزم کی جانب سے پیش کی جانیوالی درخواست میں کوئی خاص وجہ نہیں پیش کی جاسکی ملزم کوایک دن کیلئےاستثنی دیا جاچکاہےاورآئندہ سماعت پرملزم کوعدالت حاضر ہوناہوگا۔

    حکم نامے میں وفاقی حکومت کو کہاگیا ہے کہ وہ ملزم کی عدالت میں حاضری کویقینی بنانے کیلئے تمام سکیورٹی اقدامات کرے۔

  • ڈاکٹر طاہر القادری کل حکومت کے خلاف قرطاس ابیض جاری کریں گے

    ڈاکٹر طاہر القادری کل حکومت کے خلاف قرطاس ابیض جاری کریں گے

    پاکستان عوامی تحریک نے مہنگائی ، بدامنی ، بیروزگاری اور کرپشن کے خلاف لاہور میں انتیس دسمبر کی ریلی کے انتظامات مکمل کرلیے ، جبکہ ڈاکٹر طاہر القادری کل لاہور میں ویڈیو پریس کانفرنس کے دوران حکومت کے خلاف وائٹ پیپر جاری کریں گے ۔

    عوامی تحریک کی ریلی کی تیاریوں کے حوالے سے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے پارٹی کے مرکزی رہنما خرم نواز گنڈا پور کا کہنا تھا کہ عوام روٹی کے دو لقموں کو ترس رہی ہے اور حکومت نے ترک وزیر اعظم کیلئے ثقافتی پروگرام پر عوام کا دوکروڑ ضائع کردیتی ہے ۔

    انہوں نے کہا کہ عوامی تحریک کی ریلی اتوار کے روز ناصر باغ سے پنجاب اسمبلی چوک تک نکالی جائے گی جس کی قیادت ڈاکٹر طاہر القادری کے بیٹے حسین محی الدین کریں گے
       

  • قومی ائیرلائن کی پرواز پی کے758 تین روز کے بعد  لندن سے لاہور پہنچ گئی

    قومی ائیرلائن کی پرواز پی کے758 تین روز کے بعد لندن سے لاہور پہنچ گئی

    قومی ائیرلائن کی پرواز پی کے سیون فائیو ایٹ تین روز کی اذیت ناک تاخیر کے ساتھ لندن سے لاہور پہنچ گئی، صبرآزما سفر کے اختتام پرمسافروں نے شدیدناراضی کااظہار کیا۔

    شادیاں رک گئیں، خوشیوں کے رنگ پھیکے پڑگئے، لوگ پیاروں کے جنازے میں شرکت سے محروم رہے، باکمال سروس کا دعوی کرنے والی پی آئی اے نے مسافروں کورُلا دیا۔

    قومی ائیرلائن کی پرواز پی کے سیون فائیو ایٹ کے تین سوبیس مسافروں کا تکلیف دہ سفر بالآخر تمام ہوا اور وہ تین دن کی تاخیر سے لندن سے لاہور پہچننے میں کامیاب ہوگئے۔

    پی آئی اے کے جہاز کے کنٹرول پینل خراب ہونے کی قیمت مسافروں کو تین دن تک ذہنی اذیت کی شکل میں اٹھانا پڑی، مسافروں کے احتجاج کا پی آئی اے نے کوئی خاص نوٹس لیا نہ ہی سہولتیں فراہم کیں۔

    مسافروں کا کہنا تھا پی آئی اے سے سفر نے شادی بیاہ کی تقریبات کو بھی خطرے میں ڈال دیا، پی آئی اے کی نااہلی سے پریشان مسافروں کا کہنا تھا کہ پی آئی اے کوسروس بہتر بنانے پر توجہ دینا چاہئیے۔