Category: اہم ترین

پاکستان اور دنیا بھر سے اہم ترین خبریں جاننے کے لئے اے آر وائی نیوز کی اردو ویب سائٹ پر آئیں

Important Breaking News from Pakistan and World from ARY News Urdu

  • میرانشاہ: شمالی وزیرستان کے قاضی خیل پر ڈورن حملہ،4افرادجاں بحق

    میرانشاہ: شمالی وزیرستان کے قاضی خیل پر ڈورن حملہ،4افرادجاں بحق

    شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ کے قریب ڈرون حملے میں چار افراد جاں بحق ہوگئے۔

    بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب میرانشاہ کے قاضی خیل نامی گاؤں پر امریکی ڈورن طیارے نے چار میزائل فائر کیے، حملے کے نتیجے میں چار افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ متعدد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ امریکی ڈورن حملے کے بعد علاقے میں شدید خوف و ہراس پایا جاتا ہے۔

  • سپریم کورٹ:آئی جی ایف سی پر آج فرد جرم عائد کئے جانے کا امکان

    سپریم کورٹ:آئی جی ایف سی پر آج فرد جرم عائد کئے جانے کا امکان

    سپریم کورٹ میں بلوچستان بدامنی کیس کی سماعت میں آئی جی ایف سی پر آج توہین عدالت کرنے پر فرد جرم عائد کئے جانے کا امکان ہے۔

    ذرائع کے مطابق عدالت کے حکم پر آئی جی ایف سی کی عدم پیشی کی صورت ان کے خلاف توہین عدالت کے تحت فرد جرم عائد کیا جاسکتا ہے، یاد رہے کہ گزشتہ سماعت میں عدالت نے آئی جی ایف سی کو ہدایت کی تھی کہ وہ پیش ہو کرلاپتہ افراد کو ڈھونڈنے کے حوالے سے پیش رفت پر رپورٹ کریں کہ کتنے لوگ اب تک لاپتہ ہیں اور کتنوں کو ڈھونڈ نکالا گیا ہے۔
       

  • بلدیاتی انتخابات:سندھ میں آج سے کاغذات نامزدگی وصول کئے جائینگے

    بلدیاتی انتخابات:سندھ میں آج سے کاغذات نامزدگی وصول کئے جائینگے

    چھ سالہ جمہوری دور میں سندھ میں پہلے بلدیاتی انتخابات کیلئے امیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی آج سے وصول کئے جائیں گے۔

    مختلف نشستوں کے لئے حکمران جماعت پیپلزپارٹی، متحدہ قومی موومنٹ اور دیگر جماعتوں کے ارکان کی جانب سے کاغذات وصول کئے جاچکے ہیں، کاغذات جمع کرانے کا سلسلہ 29دسمبر تک جاری رہے گا۔

    جانچ پڑتال اور اعتراضات کے بعد 13 جنوری کو امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کی جائے گی، یاد رہے کہ صوبائی حکومت کی جانب سے بلدیاتی انتخابات کی تاریخ میں تبدیلی کرانے کی درخواست کے باوجود انتخابات الیکشن کمیشن کی مقررکردہ تاریخ پر ہی کرائے جارہے ہیں۔

  • پاکستان نے سری لنکا کو8 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز اپنے نام کرلی

    پاکستان نے سری لنکا کو8 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز اپنے نام کرلی

    پاکستان نے چوتھے ون ڈے میچ میں تباہ کن بولنگ اور محمد حفیظ کی شاندار سنچری کی بدولت سری لنکا کو با آسانی آٹھ وکٹوں سے ہرا کر سیریز تین ایک سے اپنے نام کرلی، پاکستان نے رواں سال سات سیریز جیتنے کا ریکارڈ بھی قائم کردیا۔

    ابوظہبی میں کھیلے گئے ون ڈے سیریز کے چوتھے میچ میں پاکستانی ٹیم کی کارکردگی نے شائقین کے دل جیت لیے، پہلے بولرز نے کمال دکھایا پھر محمد حفیظ کی شاندار اننگز نے پاکستان کو باآسانی آٹھ وکٹوں سے کامیابی دلا دی۔

    شاہینوں کی تباہ کن بولنگ کے آگے سری لنکن ٹائیگرز نہ جم سکے اوردوسو پچیس رنز پر ڈھیر ہوگئے، عمر گل نے ابتدائی تین وکٹیں حاصل کرکے سری لنکا کو دباؤ میں لے لیا، آشان پریانجن اور کمار سنگاکارا نے کچھ مزاحمت کی، پریانجن نے چوہتر رنز اور کمار سنگاکارا اکیاون رنز بناسکے۔

    سعید اجمل نے چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کرکے رہی سہی کسر پوری کردی، جنید خان نے بھی بہتی گنگا میں ہاتھ دھوئے اور دو کھلاڑیوں کو شکار کیا، پاکستانی ٹیم کی پہلی وکٹ اکتیس رنز پر گری جسکے بعد محمد حفیظ اور احمد شہزاد نے سری لنکن بولرز کو آڑے ہاتھوں لیا اور خوب درگت بناڈالی۔

    احمد شہزاد چوالیس رنز بناسکے، صہیب مقصود چھیالیس رنز اور محمد حفیظ نے ایک سو تیرہ رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلیں، محمد حفیظ میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے، سیریز کا پانچواں اور آخری میچ ستائیس دسمبر کو ابوظہبی میں ہی ہوگا۔

     

  • فلم جلیبی جلد نمائش کے لئے پیش کی جائے گی

    فلم جلیبی جلد نمائش کے لئے پیش کی جائے گی

    اے آر وائی فلمز اور ری ڈرم فلمز سرمد فلمزاور جس ول فلمز کے اشتراک سے بنائی جانے والی فلم جلیبی جلد نمائش کے لئے پیش کی جائے گی۔

    اے آر وائی فلمز اور ریڈرم فلمز سرمد فلمزاور جس ول فلمز کے اشتراک سے بنائی جانے والی فلم جلیبی جلد نمائش کے لئے پیش کر دی جائے گی۔

    فلم کے نمایاں اداکاروں مین شامل ہیں عدنان جعفر،علی سفینہ ، دانش تیمور، عُزیر جس ول، وقار علی خان،اور ژالے سرحدی ، اس فلم کی ہدایات یاسر جس ول نے دی ہیں ۔۔فلم جیلبی کو اے آر وائی فلمز آئندہ برس جاری کرے گی۔
       

  • وینا ملک دبئی کے بزنس مین اسد بشیر سے شادی کے بندھن میں بندھ گئیں

    وینا ملک دبئی کے بزنس مین اسد بشیر سے شادی کے بندھن میں بندھ گئیں

     وینا کی دبئی کے بزنس مین اسد بشیر سے شادی خانہ آبادی ہو گئی، نرالے ریکارڈز، اسکینڈلز کی بھر مار اور خبروں میں ان رہنے والی وینا کی اپنی ہی خبروں کو بریک لگ گیا اور پھر دھڑکتے دلوں کو بریک کرنے والی وینا ملک نے اپنے نکاح کی تصدیق بھی کردی، وینا ملک کے والد ملک اسلم نے بیٹی کے نکاح کی تصدیق کردی۔

     ویسے وینا کی شادی خبریں تو متعدد بار سننے کو ملیں لیکن کبھی کسی کے ذریعے کبھی خود انکی زباں سے اور کبھی سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر دی کبھی خبر کبھی پریس کانفرنس میں اعتراف کیا ۔

    دو ہزار دس میں آصف کے سنگ کبھی سنی گئی افواہیں جس کا وینا نے باقائدہ خود اعلان کیا تھا، پھر خبر آئی کے دو ہزار پندرہ میں یہ کام سر انجام دیں گیں،  وینا کی کبھی ہاں اور کبھی نا کے سبب زیادہ تر لوگوں کا کہناہے کہ سب کو چونکا دینے میں وینا کومزہ آتا ہے۔

  • ارکان پارلیمنٹ کے اثاثوں کی تفصیلات ویب سائٹ پرجاری

    ارکان پارلیمنٹ کے اثاثوں کی تفصیلات ویب سائٹ پرجاری

    الیکشن کمیشن نے ارکان اسمبلی کے اثاثہ جات کی وہ تفصیلات افشا کی ہیں جو سیاستدانوں انہیں فراہم کیں، ملک کی بڑی سیاسی جماعتوں، ن لیگ، تحریک انصاف اور پیپلزپارٹی کے سربراہان کے ظاہر کردہ اثاثے الیکشن کمیشن نے اپنی ویب سائٹ پر جاری کر دیئے ہیں۔

    غریب ملک کے امیر سیاستدان، الیکشن کمیشن نے اثاثوں کی تفصیلات جاری کردیں، وزیراعظم نواز شریف ایک ارب ،بیاسی کروڑ، چالیس لاکھ، چوالیس ہزار دو سو تینتیس روپے کے مالک ہیں، وزیراعظم کی اہلیہ کے زیورات کی مالیت پندرہ لاکھ ظاہر کی گئی، حمزہ شہباز کے اثاثوں کی مالیت پچیس کروڑ ہے، جسمیں شریف پولٹری فارم فقط دس ہزار اور کرسٹل پرائیویٹ کی مالیت صرف پینتالیس ہزار بتائی گئی ہے۔

    تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے اثاثے دو کروڑ چھیانوے لاکھ ظاہر کئے، ان کا بنی گالہ کا گھر تحفے میں جبکہ لاہور کا گھر ،میانوالی اور بھکر کی اراضی وراثت میں ملی ہے، جن کی مالیت ظاہر نہیں کی گئی، پیپلز پارٹی کے صدر امین فہیم راولپنڈی میں فارم ہاوس، دبئی میں اپارٹمنٹ پانچ بنگلوں اور ان کے بچے تین سو ایکڑ زرعی اراضی کے مالک ہیں، مولانا فضل الرحمان کے کل اثاثے تہتر لاکھ اٹھارہ ہزار تین سو اسی روپے کے ہیں،

    مولانا کے بینک اکاوٴنٹس میں سولہ لاکھ آٹھ ہزارتین سو اسی روپے جبکہ زیورات کی مالیت ساڑھے نولاکھ کے لگ بھگ ہے، فاروق ستار کے کل اثاثوں کی مالیت چھتیس لاکھ اکتالیس ہزار ایک سو اڑسٹھ روپے ظاہر کی گئی ہے، فہمیدہ مرزا کے بینک اکاؤنٹ میں بیالیس لاکھ اڑتالیس ہزار روپے ہیں، کروڑوں کی زمین اور گھر بھی ان کے نام ہیں، شازیہ مری کے پاس پانچ تولے سونا اور پچیس ہزار روپے نقد کے علاوہ بینک میں ایک لاکھ باہتر ہزار روپے ہیں، ان کے پاس کوئی گاڑی نہیں۔

    فریال تالپور کے مطابق ان کے پاس پندرہ کروڑ اٹھہتر لاکھ ننانوے ہزارنو سو ننانوے روپے ہیں، نوید قمر کے اثاثوں کی مالیت سترہ کروڑ باہتر ہزار سے زیادہ ہے، خورشید شاہ کے مطابق ان کے پاس ہیں پچھتر لاکھ روپے کے بانڈز، کیش اور ان کے نام سوا کروڑ کی زمین بھی ہے لیکن ان کے پاس کوئی گاڑی نہیں، شفقت محمود کی گھرکی مالیت پچیس لاکھ اور تیرہ کروڑ چالیس لاکھ کے پلاٹ ہے۔

    اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے گھرکی قیمت پانچ کروڑ روپے اور کل اثاثے سترہ کروڑ روپے سے زائد ہیں، خواجہ سعد رفیق  سینتیس لاکھ کا کاروبار کرتےہیں، ان کے پاس ایک کروڑ دو لاکھ کا گھرسڑسٹھ لاکھ ننانوے ہزار کا پلاٹ اکتیس لاکھ کی دو گاڑیاں ہیں، غلام ربانی کھر کے اثاثوں میں پانچ لاکھ کا گھر بیوی کے نام، بیس لاکھ کا کاروبار اور چھیاسی لاکھ کی پانچ گاڑیاں بیوی کے نام، پچاس لاکھ کا زیور تحفے میں ملا۔

    اویس لغاری کے پاس تیرہ کروڑ سے زائد مالیت کے اثاثے ہیں، شاہ محمود قریشی کا ملتان میں پلاٹ ہے، جس کی مالیت ساڑھے ستاون لاکھ روپے ہیں، بیٹے کے نام ایک کروڑ مالیت کی زمین لاہور اور اسلام آباد میں گھر اور بینکوں میں دو کروڑ روپے سے زائد رقم موجود ہے، جاوید ہاشمی کے اثاثوں میں زرعی زمین کی مالیت پانچ کروڑ، شہری جائیداد دو کروڑ روپے کی اور تین لاکھ کے پرائز بانڈ، سونا ساڑھے پانچ لاکھ روپے کا ہے۔

    عابد شیرعلی ساڑھے تین کروڑ روپے سے زائد اثاثوں کے مالک ہیں، چوہدری پرویزالٰہی کے اثاثوں میں پچاس لاکھ چالیس ہزار کی زمین، ننانوے لاکھ ستتر ہزار کا کاروبار، ڈھائی کروڑ کے شیئرز، سات کروڑ انسٹھ ہزار روپے کا قرضہ، دو کروڑ مالیت کی گاڑیاں، چار کروڑ چھیاسٹھ لاکھ کیش شامل ہیں، چوہدری نثار گھر کے اثاثوں میں فارم ہاؤس نوفلیٹس ہیں جو سب ورثے میں ملے۔

    شیخ رشید کے پاس صرافہ بازار راولپنڈی میں مارکیٹ ساڑھے سولہ لاکھ روپے ، بحریہ ٹاون میں گھر، ذاتی استعمال کی گاڑی اٹھارہ لاکھ اکسٹھ ہزار روپے کی ہے، کیپٹن (ر)محمد صفدرعباسی کے پاس دو پلاٹ جس کی مالیت دس لاکھ روپے، بی ایم ڈبلیو گاڑی جس کی مالیت ساٹھ لاکھ روپے ہیں، پی ٹی آئی کے مراد سعید کا کوئی کاروبار ہے نہ گھر نہ گاڑی اور نہ زیور ہیں۔

    اسد عمر کے پاس گیارہ کروڑ کے کراچی میں ڈی ایچ اے میں پلاٹس تیس کروڑ تیس لاکھ کے گھر بیوی کے نام، نو لاکھ ترانوے ہزار کے شیئرز، انتالیس کروڑ گیارہ لاکھ  کے یونٹ سرٹیفکیٹس ہیں، اسد عمر کے کل اثاثے اکسٹھ کروڑ بانوے لاکھ روپے سے زائد ہیں۔
        
       

     

  • عراق کے دارلحکومت بغداد میں چرچ کے باہر دھماکہ،15افراد ہلاک

    عراق کے دارلحکومت بغداد میں چرچ کے باہر دھماکہ،15افراد ہلاک

    عراق کے دارلحکومت بغداد میں چرچ کے باہر کار بم دھماکے میں پندرہ افراد ہلاک اور کئی افراد زخمی ہوگئے۔

     ذرائع کے مطابق حادثہ کرسمس کے موقع پر جاری دعائیہ تقریب کے وقت پیش آیا، جب سینکڑوں افراد کرسمس پر ہونے والی خصوصی دعائیہ تقریب میں شامل ہونے چرچ آئے تھے، جائے حادثے پر امدادی ٹیمیں روانہ کردی گئیں اور ریسکیو کا کام جاری ہے۔

     

  • بانی پاکستان یومِ پیدائش: گورنر اور وزیراعلی سندھ کی مزار پرحاضری

    بانی پاکستان یومِ پیدائش: گورنر اور وزیراعلی سندھ کی مزار پرحاضری

    قائداعظم کے یوم پیدائش پر گورنرعشرت العباد، وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ اور اراکین صوبائی کابینہ نے بابائے قوم کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے مزار پر حاضری دی پھول چڑھائے، فاتحہ خوانی کی اور مہمانوں کی کتاب پر اپنے تاثرات درج کیے۔

    اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنرعشرت العباد کا کہنا تھا کہ ۔۔۔ جس جدو جہد اور قائد اصولوں کے مطابق پاکستان حاصل کیا گیا اسے اسی طرح چلایا جائے۔

    وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا کہ پاکستان قائداعظم اور مسلمانان برصغیر کی تاریخی جدوجہد کا ثمر ہے، بلدیاتی قانون کا معاملہ عدالت میں ہے جو فیصلہ آئے گا قبول کریں گے، وزیراعلی کا کہنا تھا کہ ادارے مضبوط ہو رہے ہیں،ملکر عوام کی خدمت کریں گے۔
           

  • مسیحی برادری کرسمس کا تہوار مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منارہی ہے

    مسیحی برادری کرسمس کا تہوار مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منارہی ہے

    حضرت عیسٰی علیہ السلام کا یوم ولادت یا کرسمس دنیا بھر میں موجود مسیحی برادری مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منارہی ہے۔

    مشرق وسطٰی میں موجود عرب ممالک میں بھی کرسمس کا تہوار انتہائی عقیدت اور مذہبی جوش وخروش کے ساتھ منایا جارہاہے، عرب ممالک میں موجود مسیحی برادری اپنے مسلمان بھائیوں کو اس موقع پر مبارکباد دیتی ہے اور مٹھائی سے انکی تواضع کی جاتی ہے۔

    فلسطینی صدر محمود عباس اس موقع پر بیت اللحم میں واقع نیٹیویٹی چرچ پہنچ گئے، اس چرچ کے بارے میں یہ خیال کیا جاتا ہے کہ حضرت عیسٰی علیہ السلام اسی مقام پر دنیا میں تشریف لائے تھے، اس موقع پر سرد موسم کے باوجود رات گئے تک شرکاء کا رش لگا رہا۔

    عراق میں بھی کرسمس کا تہوار عیسائیوں سمیت ہر مسلک سے تعلق رکھنے والے مسلمان بھی جوش وخروش سے منارہے ہیں، اس مرتبہ جوش وخروش زیادہ ہونے کی وجہ اس تہوار کا سالانہ چھٹیوں کے موقع پر آنا ہے، جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے عراق میں موجود مسلمان اپنے مسیحی بھائیوں کے ساتھ کرسمس کی خوشیوں میں شریک ہیں۔

    خانہ جنگی کے شکار ملک شام میں بھی عیسائی مذہب کے پیروکار بھرپور جوش وخروش کے ساتھ کرسمس کا تہوار منا رہے ہیں، دمشق کے مریمہ چرچ میں ہونے والی مرکزی تقریب میں شرکاء نے مذہبی رسومات کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ ملک میں جاری ڈھائی سالہ خانہ جنگی کے خاتمے کے لئے بھی خصوصی دعا کی۔