Category: اہم ترین

پاکستان اور دنیا بھر سے اہم ترین خبریں جاننے کے لئے اے آر وائی نیوز کی اردو ویب سائٹ پر آئیں

Important Breaking News from Pakistan and World from ARY News Urdu

  • کراچی:مزارقائد پرگارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب

    کراچی:مزارقائد پرگارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب

    برصغیر کے مسلمانوں کے میرکارواں بابائے قوم، قائداعظم محمد علی جناح کا یوم ولادت آج عقیدت و احترام سے منایا جارہا ہے۔

    بابائے قوم محمد علی جناح کے یوم ولادت کے موقع پر مزار قائد پر گارڈز تبدیلی کی پر وقار تقریب منعقد ہوئی، کمانڈنٹ ملٹری اکیڈمی میجر جنرل ندیم بٹ نے مزار قائد پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔

    بابائے قوم کے یوم ولادت کی تقریبات کا آغاز صبح کراچی میں مزار پر گارڈز کی تبدیلی سے ہوا، پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول کے چاک و چوبند دستے نے پاک فضائیہ کے کیڈٹس کی جگہ گارڈز کے فرائض سنبھالے۔

    اس سے قبل مزار قائد پر پاک فوج کے چاک و چوبند دستے نے سلامی پیش کی، پاک فوج کے جوانوں نے فوجی بینڈ کی مختلف دھنوں پر پریڈ کا مظاہرہ بھی کیا۔

    کمانڈنٹ ملٹری اکیڈمی میجر جنرل ندیم بٹ نے پریڈ کا معائنہ کیا اور اس کے بعد مزار قائد پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی، تینوں مسلح افواج کے دستوں نے مزار پر حاضری دی پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔
       

  • قائد اعظم محمد علی جناح کا آج 137 واں یوم پیدائش شایان شان طریقے سے منایا جا رہا ہے

    قائد اعظم محمد علی جناح کا آج 137 واں یوم پیدائش شایان شان طریقے سے منایا جا رہا ہے

    قائداعظم محمد علی جناح کا آج 137 واں یوم پیدائش منایا جارہا ہے۔

    پچیس دسمبراٹھارہ سوچھیترکو کراچی میں جناح پونجا کے گھرجنم لینے والے بچے نے برصغیر کی نئی تاریخ رقم کی اور مسلمانوں کی ایسی قیادت کی جس کے بل پر پاکستان نے جنم لیا ، بہت کم لوگ ایسے ہوتے ہیں جو تاریخ کا دھارا بدل دیتے ہیں اور ایسے لوگ تو اور بھی کم ہوتے ہیں جو دنیا کا نقشہ بدل کر رکھ دیتے ہیں۔

    قائداعظم محمد علی جناح ان میں سے ایک ہیں، قائد اعظم محمدعلی جناح کی زندگی جرات،انتھک محنت ،دیانتداری عزم مصمم ،حق گوئی کاحسن امتزاج تھی، برصغیر کی آزادی کے لئے بابائے قوم کامؤقف دو ٹوک رہا،  نہ کانگریس انہیں اپنی جگہ سے ہلا کسی نہ انگریز سرکار ان کی بولی لگا سکی ۔

    پاکستانیوں کے حوالے سے بھی ان کا وژن واضح تھا ، پچیس مارچ انیس سو اڑتالیس کو مشرقی پاکستان میں سرکاری افسران سے خطاب کے الفاظ سنہری حروف سے لکھنے کے قابل ہے، قائد اعظم نےسرکاری افسران کومخاطب کرتے ہوئے فرمایا ، آپ کسی بھی فرقے ذات یا عقیدے سے تعلق کیوں نہ رکھتے ہوں اب آپ پاکستان کے خادم ہیں، وہ دن گئے جب ملک پرافسرشاہی کاحکم چلتاتھا، آپ کواپنافرض منصبی خادموں کی طرح انجام دیناہے، آپ کو کسی سیاسی جماعت سے کوئی سروکار نہیں رکھنا چاہیئے۔

    شیکسپیئرکا کہنا ہے کہ کچھ لوگ پیدائشی عظیم ہوتے ہیں اور کچھ اپنی جدوجہد اور کارناموں کی بدولت عظمت پاتے ہیں ۔ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کا شمار بھی ان لوگوں میں ہوتا ہے جو اپنی جدوجہد اور لازوال کارناموں کی بدولت عظمت کے میناروں کو چھوتے ہیں۔ 

    جہاں ایک طرف اقبال  نے اپنی انقلابی شاعری سے قوم کو جھنجوڑا وہاں آپ نے اپنی سیاسی بصیرت ،فہم و فراست اور ولولہ انگیز قیادت کے ذریعے ان کو آل انڈیا مسلم لیگ کے پلیٹ فارم پر یکجا کیا۔ یوں پاکستان کا قیام جو بظاہر دیوانے کا خواب دکھائی دیتا تھا ممکن بنا۔

    تعمیر پاکستان بلاشبہ ایک مشکل مرحلہ تھا مگر تکمیل پاکستان اس سے بھی کٹھن کام ہے، آج بانی پاکستان کے یوم ولادت کے دن تجدید عہدکرتے ہیں کہ ہم ہر قسم کے نسلی ،مذہبی اور فرقہ ورانہ تعصبات سے بالاتر ہو کرصرف اورصرف ملک کی تعمیر و ترقی میں کردار ادا کریں گے۔ یہ تبھی ممکن ہوگا جب قائدکے افکا ر کو سمجھا جائے اور ان پر عمل کیا جائے۔

    ہم تو مر جائیں گے اے ارض وطن پھر بھی

    تجھے زندہ رہنا ہے قیامت کی سحر ہونے تک

            

     

  • پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں اضافہ مسترد کرتے ہیں،عمران خان

    پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں اضافہ مسترد کرتے ہیں،عمران خان

    پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ نئے سال کے آغاز پریٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مجوزہ اضافہ مسترد کرتے ہیں کیونکہ اس سے عوام مہنگائی کی چکی میں پس جائیں گے۔

    لاہور میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اعجاز چوہدری کے بیٹے کی دعوت ولیمہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ پیٹرول اور ڈیزل مہنگا کر کے حکومت چلانی ہے تو پھر وزیر خزانہ کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔

    پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں بڑھنے سے ہر چیز مہنگی ہو گی اور تحریک انصاف مہنگائی کے خلاف بھرپور احتجاج کرے گی، عمران خان کا کہنا تھا کہ جب تک ٹیکس چوری اور کرپشن ختم نہیں ہو گی مہنگائی بڑھتی رہے گی اور ہم احتجاج کرتے رہیں گے۔

  • کنٹرول لائن پرسیزفائر،ہاٹ لائن رابطہ برقرار رکھنے پراتفاق

    کنٹرول لائن پرسیزفائر،ہاٹ لائن رابطہ برقرار رکھنے پراتفاق

    پاکستان اور بھارت کنٹرول لائن پرجنگ بندی برقراررکھنے اور بریگیڈ کمانڈرزکی جلد فلیگ میٹنگ بلانے پر اتفاق کیا ہے، ڈی جی ایم اوز ملاقات کےمشترکہ اعلامیہ میں ڈی جی ایم اوز کے درمیان ہاٹ لائن رابطوں کو موثر بنانے پر بھی زور دیا گیا ہے۔۔

    واہگہ سرحد پر ہونے والی پاکستان اور بھارت ڈائرکٹر جنرلز ملٹری آپریشنز کی ملاقات میں سرحدی امور پر بات چیت ہوئی،جس کے بعدجاری کئے جانے والے مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا ہےکہ دونوں ملک لائن آف کنٹرول پر سیزفائربرقراررکھیں گے،ملاقات میں ڈی جی ایم اوزکے درمیان ہاٹ لائن رابطےکومزیدمؤثراورنتیجہ خیز بنانےپراتفاق کیا گیا ، تاکہ موجودہ اعتمادسازی کےمیکنزم کوبرقراررکھاجا سکے۔

    دونوں جانب سے یہ بھی طے کیا گیا کہ سرحدی امن کے قیام کے لئے بریگیڈ کمانڈرزکی جلدفلیگ میٹنگ کا جلد انعقاد کیا جائے گا ۔ مشترکہ اعلامیہ مین کہا گیا ہے کہ غلطی سےسرحدپارکرنیوالوں کی جلد واپسی یقینی بنانے کے لئے اقدامادت کئے جائیں گے ۔ ڈی جی ایم اوز ملاقات میں پاکستان کی نمائندگی میجر جنل عامر ریاض جبکہ بھارت کی نمائندگی لیفٹیننٹ جنرل ونود بھاٹیہ نے کی۔۔

  • کراچی: چہلم امام حسین کا جلوس حسینیہ ایرانیان میں اختتام پذیر

    کراچی: چہلم امام حسین کا جلوس حسینیہ ایرانیان میں اختتام پذیر

    کراچی میں حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ کے چہلم کا جلوس حسینیہ ایرانیان کھارا در پہنچ کر اختتام پذیر ہو گیا، کراچی میں حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ کے چہلم کے سلسلے میں نشتر پارک میں مجلس عزا منعقد ہوئی جس میں مولانا شہنشاہ حسین نقوی نے واقعات کربلا اور امام حسین اور ان کے رفقا کے مصائب بیان کیے ، مجلس کے بعد ماتمی جلوس برآمد کیا گیا.

    جلوس کے شرکا نے ایم اے جناح روڈ پر امام بارگاہ علی رضا کے سامنے نماز ظہرین ادا کی ۔ جس کے بعد اسرائیل اور امریکا کے پرچم نذر آتش کیے گئے۔ بڑی تعداد میں علم ، شبیہ تابوت ، تعزیے اور شبیہ ذوالجناح جلوس کے ہمراہ ہیں۔ جلوس کے شرکا نوحہ خوانی اور ماتم کر کے شہدائے کربلا کو خراج عقیدت پیش کر رہے ہیں۔ جلوس اپنے روایتی راستوں ایم اے جناح روڈ ، ایمپریس مارکیٹ ، تبت سینٹر سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسینیہ ایرانیان کھارادر میں اختتام پذیر ہوا۔
       

  • پاک ترک وزیراعظم ملاقات کے بعد مشترکہ اعلامیہ جاری

    پاک ترک وزیراعظم ملاقات کے بعد مشترکہ اعلامیہ جاری

    ترک وزیر اعظم رجب طیب اردوان کے دورہ پاکستان پر مشترکہ اعلامیہ جاری کردیا گیا، جس میں دہشتگردی اورمنظم جرائم پر تعاون کےفروغ پرزور دیا گیا ہے، دونوں ملکوں کے درمیان مختلف معاہدوں پر دستخط بھی کئے گئے، پاک ترک وزرائے اعظم نے مشترکہ پریس کانفرنس بھی کی۔

    اسلام آباد میں پاک ترک وزیراعظم ملاقات اور وفود کی سطح پر مذاکرات کے بعد مشترکہ اعلامیہ جاری کردیا گیا، دونوں ملکوں نے دہشتگردی اورمنظم جرائم کیخلاف تعاون کے فروغ پرزور دیا، پاکستان اور ترکی میں سیاسی مشاورتی عمل اور اعلیٰ سطح پر رابطوں کو فروغ دیاجائےگا۔

    ساتھ ہی ساتھ تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے پربھی اتفاق کیا گیا، دونوں ملکوں کے مابین مختلف معاہدوں پردستخط کی تقریب بھی منعقد ہوئی، مشترکہ پریس کانفرنس میں وزیراعظم نوازشریف کا کہنا تھا کہ رجب طیب اردوان کا دورہ پاکستان باہمی تعلقات میں اہم سنگ میل ہے۔

    نوازشریف وزیراعظم پاکستان ترک وزیر اعظم رجب طیب اردوان نے کہا کہ پاکستانی عوام کی مہمان نوازی قابل تعریف، پاکستان ہمارا بھائی ہے،اور دونوں ملکوں کے سیاسی تعلقات بہت مضبوط ہیں۔

    رجب طیب اردوان،وزیراعظم ترکی ترک وزیراعظم کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک کومختلف شعبوں میں شراکت داری قائم کرناہوگی۔ وزیراعظم نوازشریف نے جہاں ترک ہم منصب کے ساتھ تجارتی وفدکی آمد کو سرمایہ کاروں کااعتماد قراردیا۔

    وہیں ترک وزیراعظم رجب طیب اردوان نے پریس کانفرنس کے اختتام پر پاک ترک زندہ باد کانعرہ لگا کر پاک ترک دوستی کو دوام بخشا۔
       

  • غداری کیس:پرویز مشرف پر فرد جرم یکم جنوری کو عائد کی جائے گی

    غداری کیس:پرویز مشرف پر فرد جرم یکم جنوری کو عائد کی جائے گی

    غداری کیس کی پہلی سماعت پر پرویز مشرف سیکورٹی خدشات پرعدالت میں پیش نہ ہوسکے، عدالت نے یکم جنوری کو حاضری یقینی بنانے کا حکم دے دیا، پرویز مشرف پر اسی دن فرد جرم عائد کی جائے گی۔

    پرویز مشرف کے خلاف سنگین غداری کیس کی آج پہلی سماعت خصوصی عدالت میں شروع ہوئی، تو سابق صدر کے وکلاء نے اپنےموکل کی سیکیورٹی اورعدم پیشی کا معاملہ اُٹھایا۔

    وکیل صفائی انور منصور نے کہا کہ سابق صدر کی جان کو خطرہ ہے، جس پر تین رکنی بینچ کے سربراہ جسٹس فیصل عرب نے ریمارکس میں کہا کہ پرویز مشرف کو درپیش سیکیورٹی خدشات سے آگاہ ہیں لیکن یہ ایک کرمنل ٹرا ئل ہے۔

    دلائل پر سابق صدر کو پہلی سماعت پر پیشی سے استثناء دے دیا گیا، اس موقع پر استغاثہ کی جانب سے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کرنے کی استدعا کرتے ہوئے کہا گیا کہ جرم ناقابل ضمانت ہے، مشرف پیش نہ ہوئے تو مفرور تصورکیا جائے۔

    تاہم عدالت نے سابق صدرکے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کرنے کی استدعا مسترد کردی، وکیل صفائی انورمنصور نے بینچ کے روبرو موقف اختیارکیا کہ ہمیں خصوصی عدالت کی تشکیل پر اعتراضات ہیں، جس پر خصوصی عدالت نے اعتراضات تحریری طور پر طلب کرلئے۔

    پرویز مشرف کے وکلا احمد رضا قصوری اور خالد رانجھا کا کہنا تھا کہ عدالت نے ہماری درخواستیں سماعت کیلئے منظورکرلی ہیں، مشرف کی سیکیورٹی یقینی بنانےکیلئےکہا گیا ہے۔
       

  • کراچی:اورنگی ٹاؤن میں 2دھماکے،3افراد جاں بحق 22زخمی

    کراچی:اورنگی ٹاؤن میں 2دھماکے،3افراد جاں بحق 22زخمی

    کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں یکے بعد دو دھماکے ہوئے، جس کے نتیجے میں تین افراد جاں بحق اور بائیس زخمی ہوگئے۔

    زرائع کے مطابق کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن دس نمبر میں دو دھماکے ہوئے، دھماکوں کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیموں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر زخمیوں کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا، جہاں کئی زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

    پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔

  • کراچی: نمائش چورنگی کے قریب دھماکہ

    کراچی: نمائش چورنگی کے قریب دھماکہ

    کراچی میں نمائش کے قریب دھماکہ سنا گیا، دھماکہ بہت روزدار تھا لیکن کوئی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

    پولیس کے مطابق اسی جگہ پر نماز ظہرین ادا کی جانی تھی، ریسکیو اور بم ڈسپوزل اسکوڈ کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئی ہے اور تحقیقات شروع کر دی ہے۔

    دھماکے کے بعد سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے جبکہ جلوس کے شرکاء نے احتجاج شروع کردیا گیا ہے، بم ڈسپوزل اسکوڈ کے مطابق بارودی مواد بل بورڈ میں نصب کیا گیا تھا۔

     

     

    ،

     

  • بگٹی قتل کیس:مشرف کو 3 فروری کو پیش ہونے کا حکم

    بگٹی قتل کیس:مشرف کو 3 فروری کو پیش ہونے کا حکم

    کوئٹہ میں انسداددہشتگردی کی خصوصی عدالت نے نواب بگٹی قتل کے مقدمے میں سابق صدر پرویز مشرف سمیت دیگر ملزمان کو تین فروری کو عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیدیا ہے۔،

    انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت کے جج طارق انور کاسی نے مقدمے کی سماعت کی ، سابق صدر پرویز مشرف آرٹیکل چھ کے مقدمے میں اسلام آباد میں پیش ہونے کی وجہ سے عدالت میں پیش نہ ہوسکے جبکہ سابق وفاقی وزیر داخلہ آفتاب احمد شیر پاؤ اور سابق صوبائی وزیر داخلہ شعیب نوشیروانی عدالت میں پیش ہوئے۔

    عدالت نے آفتاب احمد شیرپاؤ اور شعیب نوشیروانی کی عبوری ضمانت کی درخواست پر بحث تین فروری کو کرانے اور سابق صدر مشرف اور ان کے ضمانتی سمیت دیگر نامزد ملزمان کو آئندہ پیشی میں عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔