Category: اہم ترین

پاکستان اور دنیا بھر سے اہم ترین خبریں جاننے کے لئے اے آر وائی نیوز کی اردو ویب سائٹ پر آئیں

Important Breaking News from Pakistan and World from ARY News Urdu

  • پاکستان نے عالمی عدالت میں کشن گنگا ڈیم کیس جیت لیا

    پاکستان نے عالمی عدالت میں کشن گنگا ڈیم کیس جیت لیا

    پاکستان نے عالمی عدالت میں کشن گنگا ڈیم کیس جیت لیا، عالمی عدالت نے مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے زیر تعمیر کشن گنگا ہائیڈرو الیکٹراک پروجیکٹ کے ڈئزاین پر پاکستان کے اعتراض کو تسلیم کرلیا ہے۔

    ہیگ کی عالمی عدالت نے کشن گنگا ہائیڈرو الیکٹراک پروجیکٹ کے ڈیزائن میں تبدیلی کے پاکستان کے موقف کو تسلیم کرتے ہوئے بھارت کو منصوبے کے نقشے میں تبدیلی کی ہدایت کی ہے۔

    عدالت نے بھارت کو نو کیوبک فٹ پانی فی سیکنڈ چھوڑنے کی ہدایت بھی کی ہے، ہیگ کی عالمی عدالت نے رواں سال کے شروع میں اس تنازعے کا عبوری فیصلہ سنایا تھا، جس میں پاکستانی موقف کو تسلیم کیا گیا تھا۔

    عدالت نے حتمی فیصلے سے قبل بھارت اور پاکستان سے پانی کے بہاؤ اور متعلقہ ماحولیاتی پہلوؤں کی مکمل تفصیل طلب کی تھی، جس کی بنیاد پر حتمی فیصلہ جاری کیا گیا، تین سو تیس میگا واٹ کا یہ ڈیم مقبوضہ کشمیر میں تعمیر کیا جانا تھا۔
       

  • کراچی:پرانی سبزی منڈی کے قریب دھماکا2 افراد جاں بحق، ایس ایچ او شفیق تنولی زخمی

    کراچی:پرانی سبزی منڈی کے قریب دھماکا2 افراد جاں بحق، ایس ایچ او شفیق تنولی زخمی

    کراچی میں پرانی سبزی منڈی کے قریب دھماکے کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق اور ایس ایچ او موچکو شفیق تنولی سمیت چار پولیس اہلکار جبکہ مجموعی طور پر پچیس افراد زخمی ہوگئے۔

    کراچی میں جاری آپریشن کے دوران قانون نافذ کرنے والوں پر ایک اور حملہ کیا گیا ہے، تازہ حملے میں ایس ایچ او موچکو شفیق تنولی کی گاڑی کو اس وقت بم دھماکے کا نشانہ بنایا گیا، جب وہ محافظوں کے ہمراہ پرانی سبزی منڈی کے علاقے میں واقع اپنے گھر جا رہے تھے۔

    دھماکے کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق جبکہ ایس ایچ او شفیق تنولی اور تین اہلکاروں سمیت پچیس افراد زخمی ہوگئے، دھماکا انتہائی زوردار تھا، جس کی آواز گلشن اقبال، ناظم آباد، گلبہار اور گارڈن تک سنی گئی، دھماکے سے قریبی عمارتوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔

    دھماکے کے بعد پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا، ایس ایس پی چوہدری اسلم ، ایڈیشنل آئی جی کراچی شاہد حیات نے جائے وقوعہ کا معائنہ کیا۔

    ایڈیشنل آئی جی شاہد حیات نے نجی اسپتال میں زیر علاج شفیق تنولی کی عیادت کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ شفیق تنولی اور دیگر اہلکاروں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

    بم ڈسپوزل اسکواڈ کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق دھماکے میں 2 سے 3 کلو بارودی مواد استعمال کیا گیا، جس میں بال بیرنگز بھی موجود تھے۔

  • ایف آئی اے نے اصغر خان کیس کی تحقیقات کا با قاعدہ آغاز کردیا

    ایف آئی اے نے اصغر خان کیس کی تحقیقات کا با قاعدہ آغاز کردیا

    سپریم کورٹ کے دو ہزار بارہ کے فیصلے کی روشنی میں ایف آئی اے نے اصغر خان کیس کی تحقیقات کا با قاعدہ آغاز کردیا اور ایف آئی اے نے کیس کے محرک اصغر خان کا بیان ریکا رڈ کرلیا ہے۔

    سپریم کورٹ کے اصغرخان کیس پر فیصلے کے ایک سال کے بعد ایف آئی اے نے تحقیقات کا با قاعدہ آغاز کردیا ہے اور اصغر خان نے ایف آئی اے کو اس ضمن میں اپنا بیان ریکارڈ کرادیا ہے۔

    سپریم کورٹ نے گزشتہ سال اکتوبر میں اصغرخان کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے کہا تھا کہ انیس سو نوے کے انتخابات میں دھاندلی کے لیے اس وقت کے آرمی چیف اور ڈی جی آئی ایس آئی نے سیاستدانوں میں رقوم تقسیم کی تھیں۔

    سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں اُس وقت کے صدر سے متعلق کہا تھا کہ غلام اسحاق خان نے ایوانِ صدرمیں جو سیاسی سیل قائم کیا وہ غیر آئینی اورغیر قانونی تھا، عدالت نے اپنے فیصلے میں لکھا تھا کہ صدر وفاق کی علامت ہے اور وہ کسی گروہ یا جماعت کی حمایت نہیں کرسکتا۔

    ایف آئی اے کو ابھی سابق آرمی چیف اسلم بیگ اور مہران بینک اسکینڈل کے مرکزی کردار یونس حبیب کا بیان بھی ریکارڈ کرنا ہے، سپریم کورٹ نے اس کیس کا فیصلہ کرنے میں سولہ سال کا وقت لیا تھا، دیکھنا ہے کہ اب ایف آئی اے اس تحقیقات میں کتنا وقت لیتی ہے۔

  • کراچی دھماکہ: گورنر سندھ ، وزیراعلیٰ نے نوٹس لے لیا

    کراچی دھماکہ: گورنر سندھ ، وزیراعلیٰ نے نوٹس لے لیا

    وزیراعلی سندھ سید قائم علی شاہ کی پرانی سبزی میں منڈی کے قریب دھماکے کا نوٹس لے لیا ملزمان کے فوری گرفتاری کے احکامات جاری کردئے ہیں، وزیراعلی سندھ نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ پولیس سے رپورٹ طلب کرلی ہے اور زخمیوں کو بہترین طبی امداد دی جائے۔

     قائم علی شاہ کا دھماکے کے سبب شہید اور زخمی ہونے والوں کے لواحقین سے اظہارتعزیت کی ہے انہوں نے صوبائی سیکریٹری صحت کو زخمی افراد کو فوری طور پر بہترین طبی امداد فراہم کرنے کے احکامات دیتے ہوئے دھماکے کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین سے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔
     
    گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے پرانی سبزی منڈی کے قریب بم دھماکے کی مذمت کی ہے اورواقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ پولیس سے رپورٹ طلب کرلی ہے ۔

    انہوں نے کہا کہ دہشت گردی میں ملوث عناصر کو گرفت میں لانے کے لئے فوری اور موثر کوششیں کی جائیں اور شہر بھر میں سیکیورٹی کے انتظامات کو مزید موئثر بنایا جائے.

     

  • Untitled post 4807

    سندھ اسمبلی میں اپوزیشن کے بھرپور احتجاج کے دوران لوکل گورنمنٹ ترمیمی بل دوہزار تیرہ منظورکرلیا گیا، جلاس میں اپوزیشن ارکان کو بولنے کا موقع نہ ملا تو وہ ہنگامہ ہوا کہ کانوں پڑی آواز سنائی نہ دیتی تھی

    سندھ اسمبلی کے اجلاس میں اسپیکر نے ن لیگ کے رکن عرفان اللہ مروت نے قرار داد پیش کرنے سے روک دیا، جس کے بعد اپوزیشن کا احتجاج شروع ہوگیا۔

    ارکان نے اجلاس سے واک آؤٹ کرنے کے بعد اسمبلی کے باہر دھرنا دے ڈالا، جہاں سیڑھیوں پر ہی اجلاس شروع کردیا گیا
       

  • وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار کا لفظ ’’تماشا‘‘ واپس لینےسےانکار

    وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار کا لفظ ’’تماشا‘‘ واپس لینےسےانکار

    وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی اور سینٹ کی کاروائی کسی کی مرضی اور تعصب کے تحت نہیں قانون اور ضابطے کے مطابق چلے گی۔

    قومی اسمبلی میں خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چودھری نثار نے کہا کہ لفظ تماشا پارلیمانی تاریخ میں سینکڑوں بار استعمال ہو چکا ہے یہ کوئی غیر پارلیمانی لفظ نہیں جو واپس لیا جائے انہوں نے کہا کہ ماضی میں اس لفظ پر کوئی اعتراض نہیں کیا گیا اپوزیشن اسمبلی کو یر غمال اور ہائی جیک کر نا چاہتی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ حکومت بلیک میل ہو گی نہ اسمبلی کی کاروائی ہائی جیک ہو نے دے گی چودھری نثار نے کہا کہ دھرنے الیکشن کمیشن اور سپریم کورٹ کے معاملات یہ تحریک انصاف کا تماشا نہیں تو اور کیا ہے ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن ٹی اے ڈی اے بھی لے رہی ہے اور بائیکاٹ بھی کر رہی ہے اپوزیشن کو عوامی مسائل سے کوئی غرض نہیں ہے۔

  • آرمی چیف اور چیئرمین جوائنٹ چیفس کے لئے نشان امتیاز

    آرمی چیف اور چیئرمین جوائنٹ چیفس کے لئے نشان امتیاز

    چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل راشدمحمود کو نشان امتیاز سے نوازا گیا ہے۔

    چیئرمین جوائنٹ چیفس اورآرمی چیف کو نشان امتیازملٹری دینے کی تقریب اسلام آباد میں منقعد ہوئی، جس میں صدرممنون حسین اور وزیراعظم نواز شریف کے علاوہ مسلح افواج کےسربراہان اوروفاقی وزرا شریک ہوئے۔
        
       

  • بنگلہ دیش کوماضی بھول کر آگے بڑھنا چاہیے، دفترخارجہ

    بنگلہ دیش کوماضی بھول کر آگے بڑھنا چاہیے، دفترخارجہ

    دفترخارجہ نے کہا ہے کہ بنگلہ دیش کو ماضی کو بھول کر آگے بڑھنا چاہیئے، عراق میں ہونے والے بس حملے میں کوئی پاکستانی ہلاک نہیں ہوا۔

    ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ تسنیم اسلم نے کہا کہ امید ہے بنگلہ دیش انیس سو چوہترکے معاہدے کے تحت مفاہمت کی پالیسی اپنائے گا، پاکستان کی پارلیمنٹ میں ایک خود مختار ادارہ ہے، پارلیمنٹ میں بنگلہ دیش میں جماعت اسلامی کے لیڈر کو پھانسی دیئے جانے کی مذمتی قرارداد یہ جذبہ ظاہر کرتا ہے کہ بنگلہ دیش کو ماضی کو بھول کر آگے بڑھنا چاہیے۔

    پاکستان کی امداد کو نیٹو سپلائی سے مشروط کرنے پر میڈیا کی رپورٹ سے متعلق ترجمان نے کہا کہ امریکا نے اس بارے میں آگاہ نہیں کیا، پاکستان کسی قسم کی شرائط قبول نہیں کرے گا، پاکستان نے بے پناہ قربانیاں دی ہیں اور پاکستان کی نیت پر شک نہیں کیا جانا چاہیے، ترجمان نے کہا کہ عراق میں ہونے والے بس حملے میں کوئی پاکستانی ہلاک نہیں ہوا۔

    ترجمان کا کہنا تھا پاک بھارت ڈی جی ایم اوز 24 دسمبر کو ملاقات کرینگے، پاکستان نے تجویز دی تھی کہ ملاقات میں دفتر خارجہ کے حکام بھی شامل ہوں لیکن انہوں نے یہ تجویز نہیں مانی۔
           

  • لا پتا افراد کا معاملہ،وزارت داخلہ کا سینیٹ میں تحریری جواب جمع

    لا پتا افراد کا معاملہ،وزارت داخلہ کا سینیٹ میں تحریری جواب جمع

    وزارت داخلہ کی جانب سے سینیٹ میں لاپتا افراد کیسز کے حوالے سے تحریری جواب جمع کرا دیا گیا ہے، وزارت داخلہ کے مطابق ملک میں لاپتہ افراد کیسز کی تعداد چودہ سو اٹھائیس ہے۔

    لاپتہ افراد سے متعلق وزارت داخلہ سینیٹ میں جمع کرائے گئے تحریری جواب کے مطابق ملک میں لاپتہ افراد کیسز کی تعداد چودہ سو اٹھائیس ہے، سپریم کورٹ میں ان کیسز کی تعداد تین سو چار ہے جبکہ لاہور ہائی کورٹ میں لاپتہ افراد کیسز کی تعداد چودہ ہے۔

    سندھ ہائی کورٹ میں ان کیسز کی تعداد ایک سو چوہتر ہے، وزارت داخلہ کے اعداد و شمار کے مطابق پشاور ہائی کورٹ میں ایک سو ایک لاپتہ افراد کے کیسز ہیں جبکہ بلوچستان ہائیکورٹ میں کیسز کی تعداد بائیس ہے۔

    وزارت داخلہ کے تحریری جواب کے مطابق انکوائری کمیشن میں لاپتہ افراد کی تعداد آٹھ سو تیرہ ہے، خیبر پختونخوا میں سب سے زیادہ افراد لاپتہ ہیں، جن کی تعداد تین سو انسٹھ ہے، سندھ میں لاپتا افراد کی تعداد ایک سو انہتر ہے جبکہ پنجاب میں ایک سو پینسٹھ افراد لاپتہ ہیں۔

    انکوائری کمیشن کے مطابق اسلام آباد سے سترہ افراد لاپتہ ہیں میں کے بلوچستان میں لاپتہ افراد کی تعداد اکہتر ہے جبکہ فاٹا اکیس اور آزاد کشمیر میں دس افراد لاپتہ ہیں گلگت بلتستان میں بھی لاپتہ افراد کا ایک کیس ہے، وزارت داخلہ کے مطابق دو ہزارایک سے اب تک اسلام آباد سے بارہ مسخ شدہ لاشیں بھی برآمد ہوئیں۔

  • پنجاب کے بلدیاتی انتخابات کیلئے ضابطہ اخلاق جاری

    پنجاب کے بلدیاتی انتخابات کیلئے ضابطہ اخلاق جاری

    الیکشن کمیشن نے پنجاب میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے لئے ضابطہ اخلاق جاری کردیا، جس کے تحت کوئی منتخب نمائندہ یا سرکاری اہلکار الیکشن پر اثر انداز نہیں ہوسکتا ہے۔

    پنجاب بھر میں تیس جنوری دو ہزار چودہ کو ہونے والے انتخابات کا ضابطہ اخلاق جاری کردیا ہے، جس کے تحت بلدیاتی انتخابات کی مہم کے دوران ترقیاتی منصوبوں کےاعلان پر پابندی ہوگی، اس کے علاوہ انتخابی حلقوں میں وزیراعظم، وزیراعلٰی کے علاوہ اسپیکر، ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی، صوبائی، وفاقی وزرا کے دورے پر بھی پابندی عائد ہوگی۔

    الیکشن کمیشن نے مختلف بلدیاتی امیدواروں کے لئے انتخابی مہم کے اخراجات کی حد بھی مقرر کردی ہے، میٹرو پولیٹن کارپوریشن اور میونسپل کارپوریشن کے میئر اور ڈپٹی میئر کے امیدوارانتخابی مہم پر دو لاکھ روپے خرچ کرسکیں گے، یونین کونسل کے چیرمین اور وائس چیرمین انتخابی مہم پر ایک لاکھ روپے خرچ کرسکیں گے۔

    ڈسٹرکٹ کونسل کے چیرمین اور وائس چیرمین کے امیدوار کی انتخابی مہم کے لئے پچاس ہزار روپے اخراجات کی حد مقرر کی گئی ہے، اس کے علاوہ یونین کونسل کے جنرل کونسلرز تیس ہزار روپے تک انتخابی مہم پر خرچ کرسکیں گے اور یونین کونسل، ڈسٹرکٹ کونسل، میونسپل کارپوریشن اورمیٹروپولیٹن کارپوریشن کی مخصوص نشستوں کے امیدوار زیادہ سے زیادہ بیس ہزار روپے خرچ کرسکیں گے۔