Category: اہم ترین

پاکستان اور دنیا بھر سے اہم ترین خبریں جاننے کے لئے اے آر وائی نیوز کی اردو ویب سائٹ پر آئیں

Important Breaking News from Pakistan and World from ARY News Urdu

  • ججزکیس :مشرف کی سیکیورٹی پر وزارت داخلہ سے رپورٹ طلب

    ججزکیس :مشرف کی سیکیورٹی پر وزارت داخلہ سے رپورٹ طلب

    اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے ججز نظر بندی کیس میں وزارت داخلہ کو پرویز مشرف کی سکیورٹی سے متعلق مفصل رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کردی۔

    ججز نظر بندی کیس کی سماعت انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج عتیق الرحمٰن نے کی، دوران سماعت پرویز مشرف کی سکیورٹی کے حوالے سے رپورٹ جمع کروائی گئی۔

    عدالت نے رپورٹ پر آئی جی اسلام آباد کے دستخط نہ ہونے پر رپورٹ دوبارہ جمع کروانے کی ہدایت کر دی جبکہ پرویز مشرف کے ضامن کو بھی طلب کرلیا۔

    ضامن نے عدالت کو بتایا کہ پرویز مشرف کو سکیورٹی دینا حکومت کا کام ہے، سیکیورٹی دے دی گئی تو پرویز مشرف عدالت میں پیش ہو جائیں گے، عدالت نے سکیورٹی کے حوالے سے سیکرٹری داخلہ کو طلب کرلیا ہے۔

    جس پر وزارت داخلہ کی جانب سے طارق لودھی پیش ہوئے اور استدعا کی کہ انھیں رپورٹ جمع کروانے کیلئے مہلت دی جائے، جس پرعدالت نے نو جنوری تک رپورٹ جمع کروانے کی مہلت دیتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔

  • پاکستان،افغانستان،بھارت کے پاس دوستی کے علاوہ کوئی آپشن نہیں،نوازشریف

    پاکستان،افغانستان،بھارت کے پاس دوستی کے علاوہ کوئی آپشن نہیں،نوازشریف

    وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور افغانستان اور انڈیا کے پاس اچھا دوست بننے کے علاوہ کوئی اور آپشن نہیں ہے، پڑوسی تبدیل نہیں ہو سکتے ہم سب نے اکٹھے ہی رہنا ہے۔

    ترک ٹیلی ویژن کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیراعظم نوازشریف نے پاکستان کے افغانستان سمیت پڑوسی ملکوں سے تعلقات پر کہا ہے کہ وہ اور حامد کرزئی اس بات پر متفق ہیں ایک دوسرے کے خلاف اپنی سرزمین استعمال نہیں ہوگی۔

    نوازشریف کا کہنا تھا کہ ہمسائے تبدیل نہیں ہوسکتے، انھوں نے کہا کہ پاکستان، افغانستان اور بھارت کے پاس ایک ہی آپشن ہے کہ وہ اچھے دوست بن جائیں۔

    وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ خطے میں امن اور خوشحالی کیلئے ضروری ہے کہ پاکستان افغانستان اور انڈیا تعلقات بہتر کریں اور ایک دوسرے کے خلاف اپنی سرزمین استعمال نہ ہونے دیں۔

    نوازشریف نے کہا کہ افغان صدراس پر متفق ہیں کہ انتہا پسندی کے خاتمے کیلئے پاک افغان تعلقات معمول پر آنا اور دہشت گردوں کو مشترکہ دشمن تصور کیا جانے ضروری ہے۔
           

  • نیٹوسپلائی نہ کھلنے پرامداد روک دی جائے گی،امریکی دھمکی

    نیٹوسپلائی نہ کھلنے پرامداد روک دی جائے گی،امریکی دھمکی

    امریکا نے اپنی فوج کے لیے سال دو ہزار چودہ کے مجوزہ بجٹ میں کہا ہےکہ طورخم کے راستے نیٹو سپلائی نہ کھلنے پر پاکستان کودہشت گردی کے خلاف ملنے والی امداد روک دی جائے گی۔

    امریکا نے طورخم کے راستے نیٹو سپلائی نہ کھلنے پر پاکستان کی امداد روکنے کی دھمکی دے دی، دوہزار چودہ کے بجٹ میں پاکستان کو امداد نیٹو سپلائی کی بحالی سے مشروط کر دی گئی ہے۔

    ایوان نمائندگان نے دفاعی بجٹ تجاویز کی منظوری دے دی ہے، اب سینیٹ سے منظوری لی جائے گی، مشروط امداد کے تحت کہا گیا ہے کہ امریکی وزیر دفاع سے فوجی سامان کی محفوظ ترسیل کی ضمانت کے بغیر رقم جاری نہیں کی جائے۔

    امریکا کے دفاعی بجٹ میں پاکستان کو امداد میں ایک سال توسیع کی تجویز ہے مگر مجموعی مالیت کم کر دی گئی ہے، فوجی بجٹ میں پاکستان کو امداد کیلئے نئی شرائط بھی رکھی گئی ہیں، اب القاعدہ، تحریک طالبان پاکستان اور حقانی نیٹ ورک اور کوئٹہ شوریٰ طالبان کے خلاف کاروائی پر کانگریس کا اطمینان ضروری ہوگا۔

    کانگریس کو یہ یقین بھی دلانا ہوگا کہ پاکستانی سرحد کے اندر امریکی یا افغان فوج پر ہونے والے حملوں کو روکنے کے لیے اسلام آباد مؤثر قدم اٹھا رہا ہے، ساتھ ہی امریکی فوجی امداد کے درست استعمال کے شواہد بھی پیش کرنا ہوں گے۔

  • چہلم امام حسین،ملک بھر میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات

    چہلم امام حسین،ملک بھر میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات

    حضرت امام حسین کے چہلم کے موقع پر ملک بھر میں سیکیورٹی سخت کی جا رہی ہے، کئی شہروں میں موٹرسائیکل کی ڈبل سواری اور موبائل فون سروس بند رہے گی۔

    حضرت امام حسین اور شُہدائے کربلا کے چہلم کے موقع پر کسی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کیلئے ملک بھر میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے جارہے ہیں، چہلم امام حسین کے موقع پر اسلام آباد میں تمام اہم امام بارگاہوں اورمساجد پرسکیورٹی بڑھا دی گئی ہے ، فوج تیار حالت میں رہے گی اور پولیس کے تین ہزاراہلکارتعینات ہونگے۔

    اس موقع پر سندھ میں سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے صوبائی سیکرٹری داخلہ کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا، جس میں فیصلہ کیا گیا کہ کراچی اور حیدرآباد سمیت صوبے کے چھ شہروں میں موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کی جائے گی اور اہم شہروں میں موبائل سروس بند کرنے اور فوج کو اسٹینڈ بائی رہنےکیلئے وزارت دفاع کو خط لکھا جائے گا۔

    سی سی پی او لاہور چوہدری شفیق کے مطابق میں چہلم حضرت امام حسین، حضرت داتا گنج بخش کے عرس اور کرسمس کے لئے سکیورٹی کے لئے انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں، اس موقع پر موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی رہے گی جبکہ موبائل فون سروس کی بندش کا فیصلہ چہلم سے ایک روز پہلے کیا جائے گا۔

    فیصل آباد میں ڈویژنل انٹیلی جنس کمیٹی کے اجلاس میں چہلم محرم اور کرسمس سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔
        

        
        
        
       

  • امن کیلئے بھیک مانگنے پر یقین نہیں رکھتا، پرویز مشرف

    امن کیلئے بھیک مانگنے پر یقین نہیں رکھتا، پرویز مشرف

    اے آر وائی نیوز کے اینکر مبشر لقمان کو دیئے گئے خصوصی انٹرویو میں سابق صدر پرویز مشرف نےکہا ہےکہ پاکستان سے بھاگوں گا نہیں، مقدمات لڑکر ختم کرنا چاہتا ہوں تاکہ دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہوجائے، ضمانت پر رہائی کے بعد پرویز مشرف کا پہلا انٹرویو۔

    اے آر وائی نیوز کے اینکر مبشر لقمان کو دیئے گئے خصوصی انٹرویو میں پرویز مشرف کا قریبی ساتھیوں کے ساتھ چھوڑ جانے کے حوالے سے کہنا تھا کہ زندگی میں نشیب و فراز آتے رہتے ہیں، آئندہ بھی اگر موقع ملاتو وہ ہی کرونگا جو ملک کیلئے بہتر سمجھتا ہوں۔

    نواز شریف سے اختلاف اپنی جگہ لیکن پاکستان سب سے پہلے ہے، طالبان کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر سابق آرمی چیف نے کہا کہا امن کیلئے بھیک مانگنے پر یقین نہیں رکھتا، پرویز مشرف نے اس خواہش کا اظہار کیا کہ وہ اپنے خلاف دائر تمام مقدمات لڑکر ختم کروانا چاہتے ہیں، سابق صدر پاکستان نے انکشاف کیا کہ میڈیا کو آذاد کرنے کی اُس وقت کے نوے فیصد حکومتی عہدیداروں نے مخالفت کی لیکن میں نے پھر بھی میڈیا کو آذاد کرنے کا فیصلہ کیا۔

      پرویز مشرف دعوی کیاکہ پاکستان میں اصل جمہوریت ہم لیکر آئے، ضلعی حکومتوں کا نظام بناکر عوام کو بااختیار کیا، عورتوں اور اقلیتوں کو حقوق دیئے، ایک سوال پر اُن کا کہنا تھاکہ ایک بڑے چینل کے معروف اینکر نے کہا کہ آپ لال مسجد پر حملہ کیوں نہیں کررہے۔

    پرویز مشرف نے ماضی میں کئے گئے اپنے کئی متنازعہ فیصلوں کے حوالے سے کہا کہ جوکچھ کیا پاکستان اور عوام کیلئے کیا، ملک میں جاری دہشت گردی کے حوالے سے سابق آرمی چیف نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ فرقہ وارانہ،،بلوچستان میں شورش اور طالبان کے حملے ان سب میں بیرونی ہاتھ ملوث ہے اور اس کا مقابلہ پورے ملک کو مل کر کرنا ہوگا۔

  • ترک وزیر خارجہ احمد د اوگلو کی وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات

    ترک وزیر خارجہ احمد د اوگلو کی وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات

    وزیراعظم محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان ترکی کے ساتھ اپنے تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔ ترکی کے ساتھ تجارت کا حجم دگنا کرنے کیلئے تمام ترکوششیں بروکار لائی جائیں گی۔

      ترک وزیر خارجہ احمد د اوگلو نے ایوان وزیراعظم میں وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کی ملاقات میں دوطرفہ تعلقات اور علاقائی امور پر تبادلہ خیال ہوا وزیراعظم نے اس موقع ترکی کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو پاکستان کی جانب سے دی جانے والی اہمیت کا اعادہ کیا ۔

    وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور ترکی علاقائی اور عالمی سیاست میں یکساں وژن رکھتے ہیں ۔ ہم ترکی کے ساتھ تجارت کا حجم دگنا کرنے کیلئے کوششیں کریں گے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے تحفظ کیلئے مضبوط جمہوریت ‘ فعال عدلیہ اور سرگرم ذرائع ابلاغ موجود ہیں۔

    ترکی وزیر خارجہ نے کہا کہ برادر ملک پاکستان کو بین الاقوامی تعلقات میں ہر ممکن حمایت فراہم کریں گے انہوں نے کہا کہ پاکستان ابھرتی ہوئی اقتصادی قوت اور تابناک مستقبل کا حامل ملک ہے ۔اقتصادی اور مستحکم جمہوریت کی حیثیت سے پاکستان صحیح سمت میں گامزن ہے ۔

    انہوں نے کہا کہ وزیراعظم طیب اردوان قریبی اقتصادی روابط کے قیام کے لئے ایک بہت بڑے کاروباری وفد کے ساتھ پاکستان آرہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ترکی اقتصادی خوشحالی کی شاہراہ پر پاکستان کا شراکت دار بننے کیلئے تیار ہے ۔

  • کوئٹہ: پشتون آباد کے علاقے میں دھماکہ 1 جاں بحق اور 28 سے زائد زخمی

    کوئٹہ: پشتون آباد کے علاقے میں دھماکہ 1 جاں بحق اور 28 سے زائد زخمی

    صوبائی دارلحکومت کے نواحی علاقے پشتون آباد میں مٹھا چوک کے قریب اس وقت زور دار دھماکہ ہواجب وہاں لوگ خریداری میں مصروف عمل تھے،عینی شاہدین کے مطابق دھماکہ ہونے پربھگدڑ مچ گئی اورلوگ مدد کے لئے چیخ وپکار میں مبتلا ہوگئے۔

    ،دھماکہ کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور اٹھائیس افراد سے زائد زخمی ہوگئے جن میں آٹھ بچوں کے علاوہ کثیر تعداد مدرسے کے طلباء کی ہے، دھماکہ سے متعدد دوکانوں کو نقصان پہنچ گیا جبکہ قرب وجوار میں عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے ،زخمیوں کو سول ہسپتال لایا گیا جہاں سے متعدد کو سی ایم ایچ منتقل کردیا گیا،بم ڈسپوزل اسکواڈ کے مطابق دھماکہ میں دو سے ڈھائی کلو گرام بارودی مواد استعمال کیا گیا۔ 

  • چہلم پرسندھ کے 6 شہروں میں ڈبل سواری پر پابندی کافیصلہ

    چہلم پرسندھ کے 6 شہروں میں ڈبل سواری پر پابندی کافیصلہ

    چہلم امام حسین پرکراچی سمیت سندھ کےچھ شہروں میں ڈبل سواری پر پابندی کافیصلہ کرلیا گیا۔ چوبیس دسمبر کو اہم شہروں میں موبائل سروس بندکرنےکےلئےوفاق کو خط بھی لکھا جائے گا۔

    چہلم امام حسین کے جلوس کی سیکیورٹی سے متعلق اہم اجلاس سیکریٹری داخلہ کی زیرصدارت ہوا۔ جس میں سندھ کے چھ شہروں میں موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پرپابندی کا فیصلہ کیا گیا۔

    جن شہروں میں پابندی لگے گی ان میں کراچی، حیدر آباد ، سکھر ، لاڑکانہ ، خیر پور اور جام شورو شامل ہیں۔ اجلاس میں چہلم کے روز چوبیس دسمبر کو اہم شہروں میں موبائل سروس بندکرنےکے لئےوفاق کو خط لکھنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

    جبکہ فوج کو بھی اسٹینڈ بائی رہنے کے لئےوزارت دفاع کو خط لکھنے پر غور کیا گیا جس کا فیصلہ وزیر اعلیٰ سندھ کی زیر صدارت اجلاس میں کیا جائے گا۔ چہلم کے روز اسلحہ لے کر چلنے پر پابندی اوراسلحے کے خصوصی اجازت نامے بھی منسوخ ہوں گے۔

  • سندھ:اسلحہ لائسنس کی تجدید،تاریخ میں 30 جنوری تک توسیع

    سندھ:اسلحہ لائسنس کی تجدید،تاریخ میں 30 جنوری تک توسیع

    سندھ حکومت نے اسلحہ لائسنس کی تجدیدکیلئے تاریخ میں ایک ماہ کی توسیع کردی، اب لائسنس کی تجدیدتیس جنوری تک کرائی جاسکے گی۔

    ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ سندھ ممتاز شاہ کے مطابق اسلحہ لائسنس کی تجدیدکی آخری تاریخ اکتیس دسمبر تھی جسےبڑھا کرتیس جنوری کردیا۔

    یہ فیصلہ وزیراعلیٰ سندھ کی منظوری کے بعدکیاگیا ہے۔ سندھ میں لائسنس کی تجدیدکا عمل یکم نومبر سے جاری ہے۔

    اس دوران پولیس سے تجدیدمیں تاخیر اور نادرا کے کاﺅٹرز کم ہونے سے لائسنس کی تجدید میں مشکلات کی شکایات موصول ہورہی تھیں۔

    صوبے کے تمام ڈپٹی کمشنرزسے سفارش کی گئی تھی کہ تاریخ میں توسیع کی جائے اورہرضلع میں کم از کم چارکاﺅٹرز قائم کئے جائیں۔

    صوبائی حکومت نےہرضلع میں چار کاﺅنٹرز بنا نےکا اصولی فیصلہ کرلیاہےجوجلد کام شروع کردیں گے۔
       

  • کامران فیصل قتل کیس ، نیا میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کا حکم

    کامران فیصل قتل کیس ، نیا میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کا حکم

    سپریم کورٹ نے کامران فیصل قتل کیس کی تحقیقات کیلئے نئی مشترکہ تفتیشی کمیٹی اور نیا میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کا حکم دیدیا۔

    عدالت نے حکم دیا ہے کہ نئی تفتیشی ٹیم کی سربراہی اے آئی جی کریں گے جبکہ نیا میڈیکل بورڈ سینئر اسپیشلسٹ ڈاکٹر ز پر مشتمل ہو گا۔

    عدالت نے یہ احکامات کامران فیصل کے والد کے وکیل کی جانب سے تفتیشی ٹیم اور میڈیکل بورڈ پر عدم اعتماد اور اٹھائے گئے اعتراضات کی بنیاد پر کیا ۔

    عدالت نےکامران فیصل کے وکیل کی جانب سے نئی ایف آئی آر کے اندراج کی درخواست مستر دکر دی۔