Category: اہم ترین

پاکستان اور دنیا بھر سے اہم ترین خبریں جاننے کے لئے اے آر وائی نیوز کی اردو ویب سائٹ پر آئیں

Important Breaking News from Pakistan and World from ARY News Urdu

  • ’حمیرا اصغر کی موت طبعی نہیں بلکہ اسے قتل کیا گیا‘

    ’حمیرا اصغر کی موت طبعی نہیں بلکہ اسے قتل کیا گیا‘

    کراچی: ماڈل و اداکارہ حمیرا اصغر علی کی لاش ڈی ایچ اے کے فلیٹ سے برآمد ہونے کا معاملہ کراچی کے سٹی کورٹ جا پہنچا ہے۔

    حمیرا اصغر 8 جولائی کو کراچی کے علاقے ڈی ایچ اے کے فلیٹ سے مردہ حالت میں ملی تھیں، ابتدائی طور پر پولیس نے بتایا تھا کہ ان کی لاش 20 دن تک پرانی لگی ہے، تاہم بعد ازاں حیران کن انکشافات سامنے آئے۔

    پولیس نے 9 جولائی کو بتایا کہ ممکنہ طور پر حمیرا اصغر کی لاش 6 ماہ سے زائد عرصے سے پرانی تھی، لاش سے خون کے نمونے تک حاصل نہیں کیے جا سکے تھے جب کہ گھٹنوں سے بھی لاش گلنا شروع ہوگئی تھی۔

    تاہم اب اداکارہ کی لاش گھر سے برآمد ہونے کا معاملہ عدالت جاپہنچا جہاں شہری نے حمیرا اصغر کی موت کو قتل قرار دیا ہے، کراچی کے شہری شاہزیب سہیل نے واقعے کا مقدمہ درج کروانے کے لئیے درخواست دائر کردی۔

    حمیرا اصغر کیس سے متعلق تمام خبریں

    درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ حمیرہ اصغر علی کی موت طبعی نہیں بلکہ اسے قتل کیا گیا ہے، پولیس نے بھی واقعہ کو تشویش ناک بتایا ہے اس واقعہ کی وجہ سے عام لوگوں میں تشویش پائی جاتی ہے حمیرہ اصغر علی ایک میڈیا بااثر خاتون تھی وقوعہ کی ویڈیو دیکھ کر ایسا معلوم ہوتا ہے جیسا انکا قتل کیا گیا ہو۔

    درخواست میں کہا گیا ہے کہ اداکارہ کے خاندان کا انکے ساتھ قطع تعلق ہونے بھی حیرت میں مبتلا کرتا ہے عدالت سے استدعا ہے کہ مقدمہ میں انکے خاندان کو بھی نامزد کرکے تحقیقات کروائی جائیں۔

    درخواست گزار نے کہا کہ قانونی طور پر جو بھی ممکنہ کوشش کی جاسکتی ہے عدالت کی جانب سے کی جائے، درخواست میں ایس ایس پی ساوٴتھ اور ایس ایچ او گزری کو فریق بنایا گیا ہے۔

    مزید پڑھیں : حمیرا اصغر کی کئی روز پرانی لاش ڈیفنس میں فلیٹ سے برآمد

    پاکستانی اداکارہ و ماڈل حمیرا، جن کی عمر بیالیس برس تھی، کی لاش 8 جولائی 2025ء کو کراچی کے ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی (ڈی ایچ اے) فیز VI میں ان کے کرائے کے اپارٹمنٹ سے ملی۔ یہ دریافت بقایا کرایہ نہ ادا کرنے کی وجہ سے عدالتی حکم پر بے دخلی کے دوران ہوئی۔ لاش انتہائی گل سڑی حالت میں تھی، جو اس بات کی طرف اشارہ کرتی ہے کہ ان کی وفات ممکنہ طور پر اکتوبر 2024ء میں ہوئی۔ پولیس نے ابتدائی طور پر قتل کا امکان مسترد کر دیا ہے، کیونکہ اپارٹمنٹ اندر سے بند تھا اور کوئی زبردستی داخلے کے آثار نہیں ملے۔ فورنزک رپورٹس کا انتظار ہے تاکہ موت کی وجہ معلوم ہو سکے۔

    فورنزک شواہد، جیسے کہ ستمبر 2024ء کی میعاد ختم ہونے والی خوراک، بجلی کی بندش، اور غیر فعال فون، سے ظاہر ہوتا ہے کہ حمیرہ کی وفات چھ ماہ قبل ہوئی تھی۔ پولیس ان کے فون کے کال ریکارڈز کی چھان بین کر رہی ہے۔ حمیرہ کے خاندان نے لاش وصول کرنے میں لاتعلقی دکھائی، تاہم ان کے بہنوئی نے حال ہی میں رابطہ کیا ہے۔

    حمیرا تماشا گھر اور فلم جلیی (2015) میں اپنے کرداروں کی وجہ سے مشہور تھیں۔ وہ ایک ماہر مصورہ اور مجسمہ ساز بھی تھیں، جن کے انسٹاگرام پر 715,000 فالوورز تھے۔ ان کی آخری پوسٹ 30 ستمبر 2024ء کو تھی۔ ان کی موت نے شوبز انڈسٹری میں صدمے کی لہر دوڑا دی، جہاں سونیا حسین، عتیقہ اوڈھو اور دیگر نے افسوس کا اظہار کیا۔ یہ کیس تنہائی اور ذہنی صحت کے مسائل پر بحث چھیڑ گیا ہے

  • لاہور میں  8 گھنٹے بارش کا تاریخی اسپیل، نیا ریکارڈ بن گیا

    لاہور میں 8 گھنٹے بارش کا تاریخی اسپیل، نیا ریکارڈ بن گیا

    لاہور : پنجاب کے دارلحکومت لاہور میں 8 گھنٹے سے بارش کا تاریخی اسپیل جاری ہے ، اوسطاً 136 ملی میٹربارش کا نیا ریکارڈ بن گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں مون سون بارشوں کا زوردار اسپیل جاری ہے، آٹھ گھنٹوں سے جاری موسلا دھار بارش سے نشیبی علاقے زیرآب آگئے۔

    ماہرین موسمیات نے اسے سنچری بارش قرار دیا ہے، جو مون سون کی شدت کی واضح علامت ہے۔

    سمن آباد کا علاقہ دریا کا منظرپیش کرنے لگا، جس سے شہریوں کیلئے آمدورفت مشکل ہوگئی، سب سے زیادہ بارش نشتر ٹاؤن میں ایک سو اٹھہتر ملی میٹر ریکارڈ کی گئی جبکہ اقبال ٹاؤن اور پانی والا تالاب میں ایک سو پچھہتر ملی میٹربارش ہوئی۔

    لاہور سٹی 115، لکشمی چوک 110، چوک ناخودا اور سمن آباد 109، نشتر ٹاؤن 108 ، فرخ آباد 102، گلشن راوی 98، گلبرگ 97، قرطبہ چوک 96، جیل روڈ 94، مغل پورہ 87، اور ایئرپورٹ 33 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی ۔

    زیر آب آنے والے علاقوں سے پانی کی نکاسی جاری ہے، واسا کی ٹیمیں اور افسران فیلڈ میں موجود ہیں۔

    موسم سے متعلق خبریں

    موسلا دھار مون سون بارش تاحال وقفے وقفے سے جاری ہے، جس نے شہر بھر میں معمولات زندگی کو متاثر کیا ہے۔

    محکمہ موسمیات نے بارش کا سلسلہ جاری رہنے کی پیش گوئی کی ہے تاہم مون سون بارشوں کا دوسرا اسپیل 13 جولائی تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

    پی ڈی ایم اے پنجاب نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کچے گھروں، بوسیدہ عمارتوں اور بجلی کے کھمبوں یا کھلی تاروں سے دور رہیں، کیونکہ مزید بارشوں کی پیش گوئی کے باعث حادثات کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔

    نشیبی علاقوں کے مکینوں کو خصوصی احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے، ریسکیو اور واسا ٹیموں کو فیلڈ میں رہتے ہوئے نکاسی آب کے عمل کو تیز کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں میں لاہور سمیت بالائی پنجاب کے دیگر شہروں میں مزید بارش کا امکان ہے، جس کے نتیجے میں سیلابی کیفیت پیدا ہو سکتی ہے۔

    شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور بارش سے متعلق الرٹس پر توجہ دیں۔

  • حمیرا اصغر کی لاش 6 ماہ سے بھی زائد پرانی نکلی

    حمیرا اصغر کی لاش 6 ماہ سے بھی زائد پرانی نکلی

    اداکارہ حمیرا اصغر کی لاش 6 ماہ سے بھی زائد پرانی نکلی ہے۔

    ماڈل و اداکارہ حمیرا اصغر علی کی فلیٹ سے لاش ملنے کے کیس میں اہم پیش رفت ہوئی ہے،فلیٹ میں کہیں پر بھی تازہ خون کے نشانات نہیں ملے، لاش اتنی پرانی تھی کہ گھٹنوں کے جوڑ بھی گلنا شروع ہوگئے تھے۔

    اداکارہ نے بجلی کا بل بھی ادا نہیں کیا تھا، کے الیکٹرک کی جانب سے اکتوبر کے آخر میں بجلی کاٹ دی گئی تھی۔

    حمیرا اصغر کی موت کی وجہ تاحال سامنے نہیں آسکی، انہوں نے آخری مرتبہ مئی 2024 میں کرایہ ادا کیا تھا۔

    لیڈی میڈی کو لیگل افسر کی جانب سے ابتدائی رپوٹ تیار کرلی ہے۔

    حمیرا اصغر کیس سے متعلق تمام خبریں

    ڈیفنس فیز 6 میں فلیٹ کو ڈی سیل کردیا گیا ہے، پویس کی جانب سے فلیٹ کو مکمل طور پر سرچ کیا گیا، فرج میں رکھے گئے تمام کھانے اکتوبر 2024 میعاد تک کے تھے۔

    پولیس حکام فلیٹ سرچ کرنے کے بعد واپس روانہ ہوگئی۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز جب عدالتی حکم پر ٹیم حمیرا اصغر کے گھر پہنچی تو دروازہ نہ کھولنے پر توڑا گیا تو اندر سے لاش برآمد ہوئی تھی۔

    یاد رہے کہ حمیرا اصغر نے 2022 میں اے آر وائی ڈیجیٹل کے رئیلٹی شو ’تماشہ‘ میں شرکت کی تھی۔

  • کراچی کے لیے شہریوں کے لیے خوشخبری، بجلی کی قیمت میں کمی

    کراچی کے لیے شہریوں کے لیے خوشخبری، بجلی کی قیمت میں کمی

    نیپرا نے ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کے الیکٹرک صارفین کے لیے بجلی 4 روپے 3 پیسے فی یونٹ سستی کردی۔

    نیپرا کی جانب سے کراچی کے سوا پاکستان بھر کے لیے بجلی 5 پیسے فی یونٹ سستی کی گئی ہے جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

    بجلی صارفین کو جولائی کے بلوں میں ریلیف ملے گا۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق کے الیکٹرک کے لیے اپریل 2025 ماہانہ ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی سستی کی گئی ہے۔

    باقی ملک کے لیے مئی 2025 کی ایڈجسٹمنٹ میں بجلی کی قیمت کم کی گئی ہے، کے الیکٹرک نے اپریل کے لیے 4 روپے 69 پیسے فی یونٹ کمی کی درخواست کی تھی۔

  • اداکارہ حمیرا اصغر کی ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آگئی

    اداکارہ حمیرا اصغر کی ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آگئی

    کراچی کے علاقے ڈیفنس کے فلیٹ سے ملنے والی ماڈل و اداکارہ حمیرا اصغر کی لاش کا ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آگئی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی (ڈی ایچ اے) فیز6 کے اتحاد کمرشل ایریا میں واقع ایک فلیٹ سے ملنے والی ماڈل و اداکارہ حمیرا اصغر کی لاش کا ابتدائی پوسٹ مارٹم جناح ہسپتال میں مکمل کر لیا گیا ہے۔

    پولیس سرجن ڈاکٹر سمعیہ کے مطابق لاش کا ابتدائی معائنہ کیا گیا ہے اداکارہ کی لاش ڈی کمپوز اسٹیج کے ایڈوانس اسٹیج پر ہے، لاش اس قابل نہیں ہے اس سے وجہ موت بتائی جاسکے۔

    مزید پڑھیں : حمیرا اصغر کی کئی روز پرانی لاش ڈیفنس میں فلیٹ سے برآمد

    ڈاکٹر سمعیہ نے بتایا کہ وجہ موت ہم نے ریزور کرلی ہے، ڈی این اے، کیمکل ایکزمین کے لیے سیمپل لئے ہیں، سیمپل کے ایگزیمن کے بعد ہی حقائق سامنے آئیں گے۔

    پولیس سرجن کے مطابق ابتدائی طور پر وجہ موت کے حوالے سے کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا جبکہ سیمپل کے ذریعے ہی ڈرگز کے استعمال کے حوالے سے بھی حقائق سامنے آئیں گے۔

    حمیرا اصغر کیس سے متعلق تمام خبریں

    واضح رہے کہ گذشتہ روز کراچی میں ڈیفنس فیز 6 اتحاد کمرشل میں فلیٹ سے خاتون کی لاش ملی تھی، پولیس نے بتایا تھا کہ 35 سالہ حمیرہ اصغر فلیٹ میں 7 سال سے اکیلی رہ رہی تھیں، خاتون نے 2018 میں فلیٹ رینٹ پر لیا تھا اور 2024 سے کرایہ نہیں دیا۔

     پولیس کی جانب سے اہل خانہ سے رابطے کی کوششیں کی گئیں، تاہم انہوں نے لاش وصول کرنے سے انکار کر دیا، ان کا مؤقف تھا کہ وہ کچھ عرصہ قبل حمیرا اصغر سے تمام تعلقات ختم کر چکے تھے۔

    Humaira Asghar case: All You Need to Know

  • اداکارہ حمیرا اصغر کی افسوسناک موت سے متعلق ویڈیو رپورٹ

    اداکارہ حمیرا اصغر کی افسوسناک موت سے متعلق ویڈیو رپورٹ

    کراچی کے پوش علاقے میں فلیٹ سے ایک خاتون کی لاش ملی، تو ابتدائی تحقیقات سے پتا چلا کہ لاش ماڈل حیمرا اصغر علی کی ہے، جو 7 سال سے کرائے پر اکیلے رہ رہی تھی، اور ایک سال سے کرایہ نہ دینے پر مالک مکان نے سی بی سی میں کیس دائر کر دیا تھا، جب بیلف آیا تو لاش مل گئی۔

    کراچی ڈیفنس فیز 6 میں فلیٹ سے ملنے والی لاش ابتدائی رپورٹ کے مطابق ایک ماہ پرانی تھی، علاقہ مکینوں نے بتایا تھا کہ خاتون اداکارہ اور مڈل تھی، گھر میں اکیلی رہتی تھیں، اور 2018 میں فلیٹ کرائے پر لیا تھا، اس کے گھر سے کبھی کبھی چیخیں بھی سنائی دیتی تھیں، شاید وہ ڈپریشن میں تھی۔


    اداکارہ حمیرا اصغر کی لاش وصول کرنے کوئی نہیں پہنچا


    پولیس کے مطابق کمرے سے موبائل فون اور حمیرا اصغر علی کی تصاویر والا میگزین ملا، موبائل سم حمیرا اصغر کے نام سے رجسٹرڈ ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اداکارہ حمیرا اصغر کے اہل خانہ سے رابطہ کی کوشش کی گئی لیکن بھائی اور والد نے لاتعلقی کا اظہار کر دیا۔


    حمیرا اصغر علی کیس سے متعلق تمام خبریں

  • حمیرا اصغر کی کئی روز پرانی لاش ڈیفنس میں فلیٹ سے برآمد

    حمیرا اصغر کی کئی روز پرانی لاش ڈیفنس میں فلیٹ سے برآمد

    شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ حمیرا اصغر کی لاش ڈیفنس میں فلیٹ سے برآمد ہوئی ہے۔

    پولیس حکام کے مطابق ڈیفنس فیز 6 اتحاد کمرشل میں فلیٹ سے خاتون کی لاش برآمد ہوئی ہے، 35 سالہ حمیرا اصغر فلیٹ میں 7 سال سے اکیلی رہ رہی تھیں۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ علاقہ مکینوں نے بتایا کہ خاتون ماڈل و اداکارہ تھیں، خاتون نے 2018 میں فلیٹ کرایہ پر لیا تھا اور 2024 سے کرایہ نہیں دیا تھا، سی بی سی میں مالک مکان نے کیس کیا ہوا تھا آج بیلف آیا تو لاش دیکھی۔

    تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ واقعہ ابتدائی طور پر طبعی معلوم ہوتا ہے، لاش کو جناح اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، پوسٹ مارٹم کے بعد مزید کچھ پتا چل سکے گا۔

    ایس ایس پی ساؤتھ کا کہنا ہے کہ فلیٹ کو سیل کردیا گیا ہے، مزید تحقیقات جاری ہیں، متوفی خاتون حمیرا اصغر علی کی لاش کئی روز پرانی ہے۔

    ایس ایس پی کے مطابق لاش کئی روز پرانی ہونے کے باعث شناخت ممکن نہیں، ڈی این اے سیمپلز کی مدد سے ہی شناخت ممکن ہوسکے گی، بلڈنگ کے مکینوں کے مطابق خاتون کا نام حمیرا اصغر ہے اور وہ ماڈل، اداکارہ تھیں۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر موجود تصاویر دیکھ کر کہنا مشکل ہے یہ لاش اسی خاتون کی ہے، اب تک خاتون کا کوئی بھی قریبی عزیز سامنے نہیں آیا ہے۔

    حمیرا اصغر کیس سے متعلق تمام خبریں 

    بعدازاں پولیس حکام نے بتایا کہ خاتون کے کمرے سے حمیرا اصغر کا موبائل فون ملا ہے، موبائل سم کے مطابق شناختی کارڈ کا ریکارڈ منگوایا ہے جس کے بعد مزید تفصیلات سامنے آجائیں گی۔

    واضح رہے کہ حمیرا اصغر نے 2022 میں اے آر وائی ڈیجیٹل کے رئیلٹی شو ’تماشہ گھر‘ میں شرکت کی تھی۔

  • 27 معروف یوٹیوب چینلز بلاک کرنے کا حکم

    27 معروف یوٹیوب چینلز بلاک کرنے کا حکم

    اسلام آباد : عدالت نے ایف آئی اے کی درخواست پر 27 معروف یوٹیوب چینلز بلاک کرنے کا حکم دے دیا۔ 

    اسلام آباد کی مقامی عدالت میں جوڈیشل مجسٹریٹ عباس شاہ نے یوٹیوب چینل بلاک کی درخواست پر سماعت کی۔

    ایف آئی اے کی درخواست پر عدالت نے دو صفحات کا تحریری حکم نامہ جاری کر دیا ، جس میں کہا کہ ریاست مخالف مواد کے حوالے سے ایف آئی اے نے 2 جون کو انکوائری شروع کی ، عدالت نے انکوائری افسرکو سنا اور دستیاب ریکارڈ کا جائزہ لیا۔

    حکم نامے میں کہا گیا شواہد کی بنیاد پر عدالت سمجھتی ہے معاملہ پیکاایکٹ اورتعزیرات پاکستان کے تحت قابل سزا جرم ہے۔

    عدالت نے اپنے فیصلے میں یوٹیوب کے افسر انچارج کو حکم دیا کہ مذکورہ ستائیس چینلز کو مکمل طور پر بند کرے۔

    تحریری حکم نامے کے مطابق مطیع اللہ جان ، صابر شاکر ، عبد القادر ، حیدر مہدی ، عمران ریاض ، اوریا مقبول جان ، مخدوم شہاب الدین، وجاہت سعید خان، عبدالقادر، ساجد گوندل، اسد طور ، صدیق جان کے علاوہ پاکستان تحریک انصاف ، نیا پاکستان اور ڈیلی قدرت کے یوٹیوب چینلز بند کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

  • میٹرک کے نتائج کا اعلان کردیا گیا

    میٹرک کے نتائج کا اعلان کردیا گیا

    کوئٹہ : میٹرک کے سالانہ امتحانات کے نتائج کا اعلان کردیا گیا ، نتائج میں کامیابی کا مجموعی تناسب 68.10 فیصد رہا۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے دارلحکومت کوئٹہ میں میٹرک کے سالانہ امتحانات کے نتائج کا اعلان کردیا گیا۔

    چیئرمین بورڈ محمد اسحاق نے نتائج کا باضابطہ اعلان کیا، جس کے تحت بلوچستان رزیڈینشل کالج کے طالبعلم آفتاب عالم نے1051نمبرحاصل کرکےپہلی پوزیشن حاصل کی۔

    چیئرمین بورڈ نے بتایا کہ محمد حاشر نے 1043 نمبر لے کر دوسری پوزیشن ، محمد طفیل اور ثاقب علی نے 1038 نمبر لے کر تیسری پوزیشن حاصل کی۔

    میٹرک سالانہ امتحان میں 1 لاکھ 48 ہزار 114 طلباو طالبات نے حصہ لیا اور امتحان میں 1 لاکھ 870 امیدوار کامیاب ہوئے، جس کے تحت کامیابی کا مجموعی تناسب 68.10 فیصد رہا۔

    نہم میں 69275 طلبہ شریک ہوئے، جن میں سے 32067 نے کامیابی حاصل کی، کامیابی کا تناسب 46.29 فیصد رہا جبکہ دہم میں 78839 طلبہ نے شرکت کی جن میں 68803 کامیاب قرار پائے، کامیابی کا تناسب 87.27 فیصد رہا۔

  • حکومت نے 500 ارب کا قرضہ قبل از وقت ادا کردیا

    حکومت نے 500 ارب کا قرضہ قبل از وقت ادا کردیا

    اسلام آباد : حکومت پاکستان نے 500 ارب روپے کا قرضہ میچورٹی سے 4 سال پہلے ادا کردیا ہے، قرض کی ادائیگی 2029 میں شیڈول تھی۔

    اس حوالے سے ترجمان وزارت خزانہ خرم شہزاد کا کہنا ہے کہ پاکستان نے 500 ارب روپے کا قرضہ میچورٹی سے 4 سال پہلے ادا کردیا، قرض 4سال بعد 2029 میں میچور ہونا تھا۔

    ترجمان کے مطابق قرض کی جلد ادائیگی پاکستان کی قرض انتظام کی حکمت عملی میں اہم پیشرفت ہے،
    قرض کی ابتدائی ریٹائرمنٹ قرض لینے پرانحصار روک کر میکرو اکنامک بنیادیں مضبوط کرتی ہے۔،

    خرم شہزاد نے کہا کہ قرض کی ابتدائی ریٹائرمنٹ ملک کو ڈیفالٹ کے خطرے سے بچاتی ہے، سال2025میں 1.5ٹریلین قرض کی جلد ریٹائرمنٹ کی گئی۔

    وزارت خزانہ کے ترجمان خرم شہزاد کا کہنا ہے کہ قرض کی جلد واپسی معاشی اعتماد اور اصلاحات کا مضبوط اشارہ ہے، پاکستان کا جی ڈی پی کے لحاظ سے قرض75فیصدسے 69 فیصد تک کم ہوا۔

    مزید پڑھیں : حکومت کے گردشی قرضہ بوجھ بجلی صارفین اٹھائیں گے

    واضح رہے کہ گردشی قرضہ کم کرنے کیلئے حکومت نے کمرشل بینکوں سے 1270ارب روپے کا قرضہ لیا تھا، جس کی واپسی کا بوجھ بجلی صارفین پر ڈالا جائے گا۔

    اس حوالے سے سلیم مانڈوی والا کی زیرِصدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کا اجلاس میں بریفنگ دی گئی تھی جس میں بتایا گیا کہ بجلی بلوں میں اضافی ڈیٹ سروس سرچارج لگ کر آئے گا۔