Category: اہم ترین

پاکستان اور دنیا بھر سے اہم ترین خبریں جاننے کے لئے اے آر وائی نیوز کی اردو ویب سائٹ پر آئیں

Important Breaking News from Pakistan and World from ARY News Urdu

  • پاکستان کی خودمختاری اور سالمیت کو نقصان پہنچانے کی کوشش کا فوری اور تکلیف دہ جواب دیا جائے گا، فیلڈ مارشل

    پاکستان کی خودمختاری اور سالمیت کو نقصان پہنچانے کی کوشش کا فوری اور تکلیف دہ جواب دیا جائے گا، فیلڈ مارشل

    فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا ہے کہ کسی بھی مہم جوئی، پاکستان کی خودمختاری اور سالمیت کونقصان پہنچانے کی کوشش کا فوری جواب دیا جائے گا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نشان امتیاز (ملٹری) نے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد کا دورہ کیا اور اس موقع پر نیشنل سیکیورٹی اینڈ وار کورس کرنے والے مسلح افراج کے فارغ التحصیل افسران سے خطاب کرتے ہوئے جنگی جنون کا شکار بھارت کو واضح اور دوٹوک انداز میں جواب دیا ہے۔

    فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ کسی بھی مہم جوئی، پاکستان کی سالمیت کونقصان پہنچانے کی کوشش کا فوری جواب دیا جائے گا اور خود مختاری کی خلاف ورزی کا بغیر کسی ہچکچاہٹ منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

    انہوں نے متنبہ کیا کہ ہماری آبادی کے مراکز، فوجی اڈوں کو نشانہ بنانے پر سخت جواب دیا جائے گا جب کہ اقتصادی مراکز، بندرگاہوں کو نشانہ بنانے پر بھی تکلیف دہ اور سوچ سے بڑھ کر جواب دیا جائے گا اور اس ساری کشیدگی کی اصل ذمہ داری بصیرت سے محروم اور مغرور جارح بھارت پر عائد ہوگی۔

    فیلڈ مارشل نے کہا کہ بھارت کے منفی میڈیا پروپیگنڈے پر کہا کہ آپریشن بنیان مرصوص میں پاکستان کی کامیابی میں بیرونی حمایت جیسے بھارتی الزامات غیر ذمہ دارانہ ہیں۔ اپنی ناکامی کی غیر منطقی توجیہات پیش کرنا دراصل اسٹریٹجک دور اندیشی کی کمی ثابت کرتا ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ بھارت آپریشن سندور کے دوران مقرر کردہ فوجی اہداف حاصل کرنے میں ناکام رہا۔

    آرمی چیف کا کہنا تھا کہ جنگیں میڈیا کی بیان بازی، فینسی جنگی ساز وسامان یا سیاسی نعرے بازی سے نہیں بلکہ جنگیں یقین، محکم اور پیشہ ورانہ قابلیت، آپریشنل شفافیت، مضبوط اداروں، قومی عزم سے جیتی جاتی ہیں۔ بھارت کا ناکامی کی غیر منطقی توجیہات پیش کرنا دراصل اسٹریٹجک دور اندیشی کی کمی ثابت کرتا ہے۔ وہ خودمختار ایٹمی ریاست کیخلاف اشتعال انگیزی سے پیدا ممکنہ تباہ کن نتائج کے ادراک میں ناکام رہا۔

    ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے اقوام عالم میں اصولی سفارت کاری پر مبنی دیرپا، باہمی احترام اور امن سےتعلقات قائم کیے اور خود کو خطے میں نیٹ ریجنل اسٹیبلائزر ثابت کیا ہے۔ اس کے برعکس خطے کے ممالک بھارت کے جارحانہ اور ہندو توا نظریے سے تنگ ہیں۔

    فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ اس قسم کے بھارتی بیانات پاکستان کی کامیابی تسلیم کرنے میں روایتی ہچکچاہٹ کی عکاسی ہیں اور بھارت پاکستان کی حکمت عملی، مقامی صلاحیت، مضبوط اداروں کی بنیاد پر کامیابی تسلیم کرنے سے گریزاں ہے۔ دو طرفہ فوجی تصادم میں دیگر ملکوں کو شامل کرنا بھارت کی خالصتاً ناقص سیاسی کوشش ہے اور اس کے بے بنیاد بیانات کا مقصد فرضی ’’نیٹ سیکیورٹی پر وائڈر‘‘ کے خودساختہ رول کی ناکام کوشش ہے۔

    عاصم منیر نے اس موقع پر پاکستان کی مسلح افراد کی پیشہ ورانہ مہارت، جذبے اور جنگی تیاری پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور فارغ التحصیل افسران پر زور دیا کہ وہ دیانتداری، بے لوث خدمت، قوم کے لیے غیر متزلزل عزم پر ثابت قدم رہیں۔

  • لیاری میں عمارت گرنے کا واقعہ،  ڈی جی سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کو عہدے سے ہٹا دیا گیا

    لیاری میں عمارت گرنے کا واقعہ، ڈی جی سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کو عہدے سے ہٹا دیا گیا

    کراچی: سندھ حکومت نے لیاری میں عمارت گرنے پر ڈی جی سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی ( ایس بی سی اے ) محمد اسحاق کھوڑو کو عہدے سے ہٹا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق لیاری عمارت گرنے کے واقعے پر اسحاق کھوڑو کیخلاف محکمہ جاتی کارروائی شروع کردی گئی۔

    ڈی جی سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی ( ایس بی سی اے ) محمد اسحاق کھوڑو کو عہدے سے ہٹا دیا گیا اور نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔

    محمد اسحاق کھوڑو کی جگہ شاہ میر خان بھٹو نئے ڈی جی ایس بی سی اے تعینات کر دیے گئے۔

    اس سے قبل وزیراطلاعات سندھ شرجیل میمن نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ ڈی جی ایس بی سی اے کو معطل کر دیا گیا ہے۔

    انھوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ سندھ نے ملوث افراد پر ایف آئی آر درج کرنے کا حکم دیا ہے، واقعے کے ذمہ داران کیخلاف سخت سے سخت کارروائی ہوگی اور عمارت گرنے میں ملوث افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے گا۔

    زیراطلاعات سندھ کا کہنا تھا کہ لیاری میں درد ناک واقعہ ہوا، عمارت گرنے سے معصوم جانوں کا ضیاع ہوا، دکھ کی گھڑی میں لواحقین سے افسوس کا اظہار کرتے ہیں، وزیراعلیٰ سندھ نے آج ایک اہم اجلاس طلب کیا۔

    شرجیل میمن نےکہا بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کا عملہ عمارت گرنے کا ذمے دار ہے، فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ کیلئے دو دن کا وقت دیا گیا ہے فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کی رپورٹ پر ایکشن ہوگا۔

    انھوں نے بتایا کہ کنٹونمنٹ سے باہر ایریاز میں بلڈنگ کنٹرول، کے ایم سی اور ڈی ایم سی کا رول ہے، وزیراعلیٰ سندھ نے کہا ہے جو بھی ذمہ دار ہیں فوری ایکشن لیں، پہلے کے بی سی تھا اب سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی ہے۔

    صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ ایس بی سی اے کسی میئر یا ڈسٹرکٹ کونسل کے انڈر نہیں ہوسکتا، گھر، پلاٹ یا فلیٹ کی خرید کے وقت دیکھیں این او سی ہے یا نہیں۔

    انھوں نے مزید بتایا کہ کراچی میں 51 عمارتوں پر فوری ایکشن کیا جا رہا ہے، کہیں پر کوئی ایمرجنسی ہوگی تو حکومت متبادل فراہم کرے گی ، ایمرجنسی میں سیلاب زدگان اور کورونا متاثرین کی بھی مدد کی گئی تھی۔

  • کراچی میں انتہائی خستہ عمارتوں کو گرانے کا فیصلہ

    کراچی میں انتہائی خستہ عمارتوں کو گرانے کا فیصلہ

    کراچی : سندھ حکومت نے انتہائی خستہ عمارتوں کو گرانے کا فیصلہ کرلیا اور 588 عمارتیں مخدوش قرار دے دی گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے شہرقائد میں انتہائی خستہ عمارتوں کو گرانے کا فیصلہ کرلیا اور شہر کی 588 عمارتیں مخدوش قرار دے دی گئیں۔

    اس سلسلے میں سینئر وزیر شرجیل میمن، وزیربلدیات سعید غنی اور وزیر داخلہ ضیا لنجار نے پریس کانفرنس میں تفصیلات بتائیں۔

    وزیر بلدیات سعید غنی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں 588 اور پورے سندھ میں 740عمارتوں کو خطرناک قرار دیا گیا ہے۔

    وزیر بلدیات کا کہنا تھا کہ غیر قانونی کام میں جو لوگ ملوث ہیں ان کیخلاف بھی کارروائی ہوگی، غیرقانونی ،خطرناک عمارتوں کی نشاندہی کیلئے ڈی سی کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دی گئی تھی، کمشنر دو ہفتے میں خطرناک عمارتوں پر تفصیلی رپورٹ جمع کرائیں گے۔

    صوبائی وزیر نے بتایا کہ ڈائریکٹر، ڈپٹی ڈائریکٹر اور انسپیکشن انسپکٹر کو پہلے روز معطل کیا گیا، لیاری میں 2022 سے ابتک تعینات ایس بی سی اے افسران سے تحقیقات ہوں گی ، کمیٹی کو واقعے کے بعد رپورٹ کیلئے مزید 48 گھنٹے دیئے گئے تھے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ہم نے جو افسران معطل کئے وہ اس علاقے میں تعینات تھے، 2022 میں جب اس عمارت کا سروے ہوا تو خطرناک ڈکلیئر کیا گیا، اگرکوئی افسر غفلت کا مرتکب ہوا تو ایف آئی آر کی زد میں آئے گا۔

    وزیر بلدیات نے اعلان کیا کہ سندھ حکومت لیاری میں عمارت گرنے سے جاں بحق 27 افراد کے اہلخانہ کو فی کس 10لاکھ روپے دے گی۔

    انھوں نے مزید کہا کہ ڈی جی ایس بی سی اے کی بھی غفلت پائی گئی تو ان کا نام ایف آئی آرمیں شامل ہوگا، 2022 میں جب اس عمارت کا سروے ہوا تھا تب بھی یہی ڈی جی ایس بی سی اے تھے، ہم نے دیکھنا ہے کہ ڈی جی ایس بی سی اےکی طرف سےغفلت ہوئی ہے یا نہیں۔

    سعید غنی کا کہنا تھا کہ لوگوں کو مخدوش عمارتوں سے نکالنا بھی ضروری ہوتا ہے، غیر قانونی تعمیرات کے خلاف سخت قانون لا رہے ہیں، ایس بی سی اے کے قانون میں ترامیم کے لیے دو ہفتے کا وقت دیا گیا ہے۔

    انھوں نے بتایا کہ بلڈنگ کنٹرول قانون میں ترامیم کے ذریعے سختیاں نافذ کرنا چاہتے ہیں، ہم نے قانون میں ترامیم کیلئے کچھ چیزیں اسٹیک ہولڈرزسےشیئرکی ہیں، دیکھنا یہ ہے کہ میونسپل اور بلدیاتی اداروں کا کیا کردار ہوسکتا ہے۔

  • کراچی : لیاری میں عمارت گرنے کا واقعہ،   3 رکنی تحقیقاتی کمیٹی  قائم

    کراچی : لیاری میں عمارت گرنے کا واقعہ، 3 رکنی تحقیقاتی کمیٹی قائم

    کراچی : لیاری میں عمارت گرنے کے واقعے کی تحقیقات کے لئے 3 رکنی کمیٹی بنادی گئی ، تحقیقات کی روشنی میں واقعے کا مقدمہ درج ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے لیاری میں عمارت گرنے کے واقعے پر ڈپٹی کمشنرساؤتھ نے 3 رکنی تحقیقاتی کمیٹی بنادی۔

    ذرائع نے بتایا کہ اسسٹنٹ کمشنر ساؤتھ کی سربراہی میں کمیٹی تحقیقات کرے گی، تحقیقاتی کمیٹی کی تحقیقات کی روشنی میں واقعے کا مقدمہ درج ہوگا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے افسران سے بھی انکوائری کی جائے گی اور ایس بی سی اے نے مخدوش عمارت ہونے کا جو نوٹس جاری کیا وہ پیش کیا جائے۔

    کمیٹی کی جانب سے کہا گیا کہ ایس بی سی اے نے دیوار پر نوٹس چسپاں کیا تھا تو ثبوت پیش کیا جائے۔

    کمیٹی نے سوال کیا نوٹس کس نے وصول کیا ؟ کیا نوٹس کے بعد بجلی منقطع کیلئےکے الیکٹرک کو لکھا گیا ، ایس بی سی اے نے واٹر بورڈ کو مخدوش عمارت کا پانی ،سیوریج بند کرنے کیلئے لکھا ؟ کیا ایس بی سی اے نے مخدوش عمارت کے سوئی گیس کنکشن منقطع کیلئے لکھا ؟

    مزید پڑھیں : کراچی، لیاری میں عمارت گرنے کا واقعہ، ریسکیو آپریشن مکمل، 27 لاشیں نکال لی گئیں

    خیال رہے کراچی میں ستائیس جانیں غفلت کی بھینٹ چڑھ گئیں، لیاری بغدادی میں گرنے والی رہائشی عمارت کےحادثے میں سولہ مرد، نو خواتین اور دو بچے جان سے گئے، جن مین زیادہ تر افرادکا تعلق ہندو کمیونٹی سے ہے۔

    عمارت کے ملبے تلے دب کر50 سے زائد رکشوں اور موٹر سائیکلوں کو بھی نقصان پہنچا۔

  • پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں نیا ریکارڈ قائم ، انڈیکس ایک لاکھ 33 ہزار کی حد عبور کرگیا

    پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں نیا ریکارڈ قائم ، انڈیکس ایک لاکھ 33 ہزار کی حد عبور کرگیا

    کراچی : پاکستان اسٹاک مارکیٹ نے نیا ریکارڈ قائم کرتے ہوئے 100 انڈیکس  نے پہلی بار ایک لاکھ 33 ہزار کی حد عبور کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں آج کاروباری ہفتے کے پہلے دن تیزی سے آغاز ہوا اور ہنڈریڈ انڈیکس نے نیا ریکارڈ قائم کردیا۔

    اسٹاک ایکسچینچ نے ایک اور سنگ میل عبور کرتے ہوئے پہلی بار ایک لاکھ 33 ہزار کی سطح عبور کرلی۔

    1658 پوائنٹس اضافے سے انڈیکس ایک لاکھ تینتیس ہزارچھ سوسات پوائنٹس پر ٹریڈ کر رہا ہے۔

    اسٹاک ماہرین کا کہنا ہے پاکستان کی معیشت ایک نئے موڑ پرہے، امریکا سے جلد ایکسپورٹ ڈیل ہونے والی ہے، تمام معاشی اشاریے مثبت ہیں، جس کی وجہ سے ملکی اور غیرملکی سرمایہ داروں میں اعتماد دیکھا جا رہا ہے۔

    https://urdu.arynews.tv/dollar-currency-rate-pakistan-today/

    خیال رہے پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں نئے مالی سال کا شاندار آغاز ہوا اور گزشتہ ہفتے ریکارڈ پر ریکارڈ قائم کیے۔

    پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ایک ہفتے میں سات ہزار پانچ سوسترپوائنٹس کا ریکارڈ اضافہ ہوا اور ہنڈرڈ انڈیکس ایک لاکھ اکتیس ہزارنو سو اننچاس پوائنٹس تک پہنچا۔

    ہفتے بھر میں چار اعشاریہ آٹھ ارب شیئرز کا لین دین، دو سو چھ ارب روپے کا کاروبار، جبکہ مارکیٹ کیپٹلائزیشن میں آٹھ سو سینتالیس ارب روپے کا اضافہ ہوا۔

    ماہرین کے مطابق یہ تیزی سرمایہ کاروں کے اعتماد، آئی ایم ایف معاہدے کی امید، بجٹ اقدامات اور روپے کی بہتری کا نتیجہ ہے۔

  • کراچی، لیاری میں عمارت گرنے کا واقعہ، ریسکیو آپریشن مکمل، 27 لاشیں نکال لی گئیں

    کراچی، لیاری میں عمارت گرنے کا واقعہ، ریسکیو آپریشن مکمل، 27 لاشیں نکال لی گئیں

    کراچی کے علاقے لیاری بغدادی میں زمین بوس ہونے والی کثیرالمنزلہ رہائشی عمارت کا ریسکیو آپریشن مکمل کر لیا گیا۔

    ریسکیوحکام کے مطابق عمارت کےملبے سے 27 افراد کی لاشیں نکالی گئی ہیں اور ریسکیو عمل مکمل ہونے کے بعد ہیوی مشینری چلی گئی۔

    ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ واقعے کی جگہ کو سیل کرے گی۔

    4 جولائی 2025 کی صبح لیاری کے علاقے بغدادی میں 6 منزلہ رہائشی عمارت گر گئی تھی جس کے نتیجے میں 27 افراد دب کر جاں بحق اور خواتین سمیت آٹھ افراد زخمی ہوگئے تھے۔

    ملبے سے تین ماہ کی بچی کو زندہ نکالا گیا۔

    ادھر وزیراعلیٰ سندھ نے سانحہ لیاری پر تفصیلی اجلاس کل طلب کرلیا۔ وزیراعلیٰ مرادعلی شاہ عمارت گرنےکی وجوہات معلوم کریں گے اور غفلت برتنے والوں کو سزا بھی دیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ کراچی میں 480 زائد عمارتیں خطرناک قرار دی گئی ہیں ان سے گھر خالی کرنے کا کہو تو لوگ تحفظ مانگتے ہیں۔

  • اپوزیشن ارکان کیخلاف نااہلی ریفرنس، سینئر (ن) لیگی رہنما اسپیکر پنجاب اسمبلی سے ناخوش

    اپوزیشن ارکان کیخلاف نااہلی ریفرنس، سینئر (ن) لیگی رہنما اسپیکر پنجاب اسمبلی سے ناخوش

    پنجاب اسمبلی کے 26 اپوزیشن ارکان کے خلاف نااہلی ریفرنس الیکشن کمیشن بھیجنے پر چند سینئر (ن) لیگی رہنما اسپیکر ملک محمد احمد خان سے ناخوش ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کو ذرائع نے بتایا کہ اسپیکر صوبائی اسمبلی ملک محمد احمد خان کی چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ سے ملاقات پر بھی (ن) لیگی رہنماؤں کو اعتراض ہے۔

    ذرائع نے بتایا کہ سینئر (ن) لیگی رہنماؤں نے پارٹی قیادت سے ملک محمد احمد خان کے کنڈکٹ پر ناپسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہلڑ بازی اور شور شرابے پر ارکان کی معطلی ایوان میں داخلے پر پابندی تک رہنی چاہیے تھی۔

    یہ بھی پڑھیں: پنجاب اسمبلی میں معطل اپوزیشن ارکان نئی مشکل میں پھنس گئے

    (ن) لیگی رہنماؤں نے کہا کہ اپوزیشن کے ان ارکان کا طرز عمل ناقابل قبول ہے لیکن نااہلی بڑا قدم ہوگا، اسپیکر صوبائی اسمبلی کا چیف الیکشن کمشنر سے ملنا اور نااہلی ریفرنس غیر ضروری ہے۔

    3 جولائی 2025 کو اپوزیشن جماعت سنی اتحاد کونسل کے 26 ارکان پنجاب اسمبلی کے خلاف الیکشن کمیشن میں نااہلی ریفرنس دائر کیا گیا تھا۔

    اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان الیکشن کمیشن پہنچے تھے جہاں انہوں نے 26 اپوزیشن ارکان کے خلاف نااہلی ریفرنس دائر کیے۔

    واضح رہے کہ پنجاب اسمبلی میں وزیر اعلیٰ مریم نواز کی تقریب کے دوران ہنگامہ آرائی کرنے پر اپوزیشن کے 26 ارکان کو معطل کیا گیا تھا۔

    28 جون کو اسپیکر ملک محمد احمد خان نے معطل کیے گئے ارکان کے خلاف ریفرنس الیکشن کمیشن بھجوانے کا اعلان کیا تھا۔

    ملک محمد احمد خان نے پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ معطل پی ٹی آئی ارکان کے خلاف ریفرنس الیکشن کمیشن کو بھجواؤں گا، اپوزیشن ارکان اپنے لیڈر کی بات نہیں سنتے تو آئین مجھے حق دیتا ہے ریفرنس بھجواؤں، سابق چیف جسٹس پاکستان عمر عطا بندیال کا اس ضمن میں فیصلہ بالکل واضح ہے۔

  • نیتن یاہو کا حماس کیساتھ جنگ بندی پر مذاکرات کیلیے وفد قطر بھیجنے کا اعلان

    نیتن یاہو کا حماس کیساتھ جنگ بندی پر مذاکرات کیلیے وفد قطر بھیجنے کا اعلان

    اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے ساتھ جنگ بندی پر مذاکرات کیلیے وفد قطر بھیجنے کا اعلان کر دیا۔

    قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کے دفتر کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ حماس جنگ بندی کی تازہ تجویز میں جو ترامیم شامل کرنا چاہتی ہے وہ اسرائیل کیلیے ناقابل قبول ہیں۔

    بیان میں کہا گیا کہ اس کے باوجود اسرائیل کی جانب سے اتوار کو ایک وفد قطر کے دارالحکومت دوحہ جائے گا جہاں وہ مذاکرات کاروں سے ملاقات کرے گا تاکہ دونوں فریقوں کے درمیان خلیج کو ختم کرنے کی کوشش کی جا سکے۔

    یہ بھی پڑھیں: حماس نے جنگ بندی معاہدے کیلیے کیا ضمانت مانگ لی؟

    دریں اثنا، نیتن یاہو حماس کے ساتھ جنگ بندی پر بات کرنے کیلیے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کیلیے واشنگٹن جا رہے ہیں۔

    نیتن یاہو پر جنگ بندی اور حماس کے ہاتھوں یرغمال شہریوں کی بحفاظت رہائی کیلیے ملکی اور بین الاقوامی سطح پر کافی دباؤ ہے۔

    ملک میں اسرائیلی یرغمالیوں کے اہل خانہ ہیں جو تقریباً 650 دنوں سے احتجاج کر رہے ہیں۔ سیاسی میدان میں دائیں بازو کے حکومتی اتحادی حماس کے ساتھ کوئی بھی معاہدہ نہیں چاہتے اور نیتن یاہو سے یہ یقین دہانی چاہتے ہیں کہ جنگ مکمل ختم نہ ہو۔

    تاہم اسرائیلی وزیر اعظم کی جانب سے اس معاملے میں لچک دکھانے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ اسرائیلی میڈیا کے اندر بہت سی مختلف رپورٹس اس حقیقت کا حوالہ دے رہی ہیں کہ نیتن یاہو آخر کار یہ آمادگی ظاہر کر رہے ہیں اور اس کی وجہ یورپی اتحادیوں اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا دباؤ ہے۔

  • یوم عاشور آج مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے، صدر و وزیر اعظم کے پیغامات

    یوم عاشور آج مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے، صدر و وزیر اعظم کے پیغامات

    ملک بھر میں یوم عاشور آج مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے، اس موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف نے پیغام کیا ہے۔

    نواسہ رسولؐ حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ اور ان کے جاں نثاروں کی عظیم قربانی کی یاد میں عاشورہ محرم کے جلوس نکالے جا رہے ہیں۔ کراچی میں ایم اے جناح روڈ کو سیل کر دیا گیا ہے، لاہور میں شبیہ ذوالجناح کا مرکزی جلوس نثار حویلی سے برآمد ہو کر روایتی راستے پر رواں دواں ہے۔

    پشاور، اسلام آباد اور کوئٹہ میں بھی انتہائی سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔ ہزاروں پولیس اہلکار اور نیم فوجی دستے عزاداروں کی حفاظت پر مامور ہیں۔

    کراچی میں دس محرم الحرام کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوگا جو ایم اے جناح روڈ تبت سینٹر سے ہوتا ہوا حسینیہ ایرانیان کھارادر پر ختم ہوگا۔

    کوئٹہ اور پشاور سمیت چھوٹے بڑے تمام شہروں سے یوم عاشور کے جلوس برآمد ہوں گے، یوم عاشور پر موبائل فون سروس بند رکھی جائے گی۔

    اس موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ یوم عاشور قربانی، صبر اور حق گوئی کا درخشاں باب ہے، حضرت امام حسینؓ کی شہادت باطل کے خلاف ابدی جدوجہد کی علامت ہے، کربلا صرف میدان جنگ نہیں، ضمیر اور دین کی اصل روح کا امتحان تھا۔

    آصف علی زرداری نے کہا کہ امام عالی مقام کا مشن صداقت، عدل اور خدا کی رضا پر مبنی تھا، نواسہ رسولؐ نے ظلم و جبر کے سامنے نہ جھکنے کا درس دیا، قربانی اور وفا کی جو مثال کربلا میں قائم ہوئی وہ رہتی دنیا تک یاد رہے گی، آج ہمیں بطور قوم حسینی کردار اپنانے کی ضرورت ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں 9 محرم کے مرکزی جلوس اور مجالس

    انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے نظام کو ایمانداری، عدل اور فلاح عامہ پر استوار کرنا ہوگا، پاکستان کو امام حسینؓ کے پیغام حریت و عدل کا مظہر بنائیں گے، بھائی چارے، رواداری اور قومی یکجہتی کو فروغ دینا ہوگا، اللہ ہمیں امام حسینؓ کے راستے پر چلنے کی توفیق دے، اللہ پاکستان کو خوشحال، مستحکم اور محبت کا گہوارہ بنائے۔

    ادھر، وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ یوم عاشور تاریخ اسلام کا ایک عظیم اور سبق آموز دن ہے، یہ صبر، قربانی اور اصولوں پر ڈٹے رہنے کی مثال عطا کرتا ہے، ان کی مثال قیامت تک انسانیت کے ضمیر کو روشنی دکھاتی رہے گی۔

    وزیر اعظم نے کہا کہ میدان کربلا کا معرکہ رہتی دنیا تک ایک دائمی پیغام ہے، حضرت امام حسینؓ نے خاندان ارو جانثار رفقا کے ہمراہ سچائی کیلیے جانوں کا نذرانہ پیش کیا، حضرت امام حسینؓ نے عدل اور دین کی سر بلندی کیلیے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔

    شہباز شریف نے کہا کہ اسلام کی اصل روح انسانی وقار، عدل، رحم، اصول پرستی اور حریت میں پنہاں ہے، حق کا راستہ کٹھن ہے لیکن یہی وہ راستہ ہے جو اللہ تعالیٰ کی رضا کا ذریعہ بنتا ہے، حضرت امام حسینؓ کا پیغام صرف ان کے زمانے تک محدود نہیں بلکہ ایک ہمہ گیر پیغام ہے، حضرت امام حسینؓ کا پیغام ہمیں باور کراتا ہے مسلمان حق کیلیے کھڑا ہوتا ہے۔

    ’آج جب ہماری قوم کو کئی چیلنجز کا سامنا ہے۔ ہمیں حضرت امام حسینؓ کی سیرت سے رہنمائی لینے کی پہلے سے کہیں زیادہ ضرورت ہے۔ ہمیں اپنی قومی زندگی میں دیانت، برداشت اور صبر کو جگہ دینا ہوگی۔ ہمیں اپنی قومی زندگی میں قربانی اور اصول پسندی جیسے اوصاف کو جگہ دینا ہوگی۔‘

    انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسینؓ کی عظیم قربانی پوری امت مسلمہ کا مشترکہ سرمایہ ہے، میری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو امن، اتحاد اور ترقی کی راہ پر گامزن رکھے، دعا ہے اللہ تعالیٰ پاکستان کو داخلی و خارجی فتنوں سے محفوظ فرمائے۔

  • لیاری عمارت سانحے میں جاں بحق افراد کی تعداد 17 ہو گئی، ہیومن باڈی ڈکٹیکٹر کی مدد سے سرچنگ جاری

    لیاری عمارت سانحے میں جاں بحق افراد کی تعداد 17 ہو گئی، ہیومن باڈی ڈکٹیکٹر کی مدد سے سرچنگ جاری

    کراچی: شہر قائد میں لیاری عمارت سانحے میں جاں بحق افراد کی تعداد بڑھ کر 17 ہو گئی ہے، بغدادی میں منہدم عمارت کے ملبے سے کچھ دیر قبل ایک اور لاش نکال لی گئی۔

    لیاری بغدادی میں 5 منزلہ رہائشی عمارت گرنے سے کئی خاندانوں پر قیامت گزر گئی ہے، منہدم عمارت کے ملبے تلے ابھی تک کئی افراد دبے ہوئے ہیں، ریسکیو 1122 کے مطابق آج ملبے سے ایک خاتون کی لاش بھی نکالی گئی ہے۔

    ڈی سی ساؤتھ جاوید نبی نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ ریسکیو ٹیمیں ہیوی مشینری کے ساتھ جائے وقوعہ پر مصروف عمل ہیں اور جدید ہیومن باڈی ڈکٹیکٹر کی مدد سے سرچ اینڈ اسکریننگ بھی کی جا رہی ہے، ملبہ ہٹاتے ہوئے احتیاط کو ملحوظ خاطر رکھا جا رہا ہے۔


    لیاری حادثے میں لاپتا افراد ملبے تلے نہیں دبے ہوئے تو پھر کہاں ہیں؟


    ان کا کہنا تھا کہ منہدم بلڈنگ کے اطراف بھی متعدد مخدوش عمارتیں موجود ہیں، جنھیں خالی کرا لیا گیا ہے، منہدم بلڈنگ کے مکینوں کی بحالی اور رہائش کے لیے اقدامات کر رہے ہیں، ڈی سی کے مطابق متاثرین کو کمیونٹی سینٹر میں بھی رہائش فراہم کی گئی ہے، کچھ متاثرہ خاندان اپنے رشتہ داروں کے یہاں رہائش پذیر ہیں۔

    ریسکیو کے مطابق اس واقعے میں زخمی ہونے والے 8 افراد اسپتال میں زیر علاج ہیں، جب کہ امدادی کارروائیوں کو 24 گھنٹے سے زائد کا وقت گزر چکا ہے، اور آپریشن مکمل کرنے کے لیے مزید 8 گھنٹے سے زائد کا وقت درکار ہوگا۔ ریسکیو کا کہنا ہے کہ عمارت کے ملبے میں مزید 6 سے 7 افراد دبے ہونے کا خدشہ ہے۔

    امدادی ٹیمیں ہیوی مشینری کے ذریعے منہدم عمارت کا ملبہ ہٹانے میں مصروف ہے، ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے کہ متاثرہ عمارت کا ملبہ منی ڈمپر کی مدد سے دوسری جگہ منتقل کیا جا رہا ہے، جب کہ متاثرہ رہائشیوں کو گورنمنٹ کوارٹرز میں رکھا گیا ہے۔