Category: اہم ترین

پاکستان اور دنیا بھر سے اہم ترین خبریں جاننے کے لئے اے آر وائی نیوز کی اردو ویب سائٹ پر آئیں

Important Breaking News from Pakistan and World from ARY News Urdu

  • الیکشن کمیشن نے مخصوص نشستوں کی بحالی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا

    الیکشن کمیشن نے مخصوص نشستوں کی بحالی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا

    اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کے نظر ثانی اپیلوں پر فیصلے کے بعد مخصوص نشستوں کی بحالی کا نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے معطل اراکین کی رکنیت بحال کر دی۔

    الیکشن کمیشن کی جانب سے بتایا گیا کہ سپریم کورٹ نے نظر ثانی اپیلوں کا فیصلہ سنایا تھا، الیکشن کمیشن نے 24 اور 29 جولائی 2024 کے نوٹیفکیشن واپس لے لیے۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی کو خیبر پختونخوا سے قومی اسمبلی کی 2، 2 جبکہ جمعیت علمائے اسلام (ف) کو 1 نشست مل گئی۔

    (ن) لیگ کی غزالہ انجم اور شاہین، پیپلز پارٹی کی عاصمہ عالمگیر اور نائمہ کنول جبکہ جے یو آئی (ف) کی نعیمہ کشور خان کی مخصوص نشست پر کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔

    مسلم لیگ (ن) کو پنجاب سے قومی اسمبلی میں 10 مخصوص نشستیں مل گئیں جبکہ پیپلز پارٹی کو صوبے سے 1 مخصوص نشست ملی۔

    قومی اسمبلی میں اقلیتی نشستوں پر کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا جس کے مطابق (ن) لیگ، پیپلز پارٹی اور جے یو آئی (ف) کو 1، 1 اقلیتی نشست مل گئی۔

    الیکشن کمیشن نے خیبر پختونخوا اسمبلی میں خواتین کی 8 مخصوص نشستوں پر جے یو آئی (ف)، 6 پر (ن) لیگ اور 5 پر پیپلز پارٹی کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا جبکہ اے این پی اور پی ٹی آئی کو خواتین کی 1، 1 نشست پر کامیابی ملی۔

    اسی طرح پنجاب اسمبلی میں خواتین کی مخصوص نشستوں میں سے (ن) لیگ کو 21، پیپلز پارٹی، استحکام پاکستان پارٹی، (ق) لیگ کو 1، 1 نشست مل گئی۔ پنجاب اسمبلی میں اقلیتی نشستوں پر (ن) لیگ 2 اور پیپلز پارٹی کو ایک نشست ملی۔

    سندھ اسمبلی میں پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کو خواتین کی 1، 1 مخصوص نشست مل گئی جبکہ پیپلز پارٹی کو ایک اقلیتی نشست ملنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا۔

  • بجلی کے ماہانہ 100 سے 500 یونٹ تک استعمال کرنے والے صارفین کو بڑا ریلیف مل گیا

    بجلی کے ماہانہ 100 سے 500 یونٹ تک استعمال کرنے والے صارفین کو بڑا ریلیف مل گیا

    اسلام آباد : نیپرا نے بجلی کے ماہانہ 100 سے 500 یونٹ تک استعمال کرنے والے صارفین کو بنیادی ٹیرف میں بڑا ریلیف دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق نیپرا نے بنیادی ٹیرف میں 1.15 پیسے فی یونٹ تک کمی کی منظوری دے دی۔

    نیپرا نے بجلی کی بنیادی قیمت میں کمی کا فیصلہ جاری کیا اور اپنا فیصلہ نوٹیفکیشن کے لئے وفاقی حکومت کو بھجوا دیا ہے۔

    وفاقی حکومت کے نوٹیفکیشن کےبعد کمی کا اطلاق ہوجائے گا اور ملک بھر کے لیے بجلی سستی ہوجائے گی۔

    گھریلو صارفین کے لیے زیادہ سے زیادہ ٹیرف 47.69 روپے فی یونٹ ہوجائے گا تاہم ماہانہ 50 یونٹ تک کے گھریلو لائف لائن صارفین کا ٹیرف 3.95 روپے فی یونٹ کا ٹیرف برقرار رکھا گیا ہے۔

    مزید پڑھیں : 25 سال بعد بجلی بلوں سے پی ٹی وی لائسنس فیس ختم

    ماہانہ 51 سے 100 یونٹ تک لائف لائن صارفین کے لیے ٹیرف 7.74 روپے اور ایک سے 100 یونٹ تک پروٹیکٹڈ گھریلو صارفین کا ٹیرف 10.54 روپے فی یونٹ مقرر ہے۔

    101 سے 200 یونٹ تک پروٹیکٹڈ گھریلو صارفین کا ٹیرف 13.01 روپے جبکہ ایک سے 100 یونٹ تک نان پروٹیکٹڈ گھریلو صارفین کا ٹیرف 22.44 روپےفی یونٹ مقرر کیا گیا ہے۔

    اس کے علاوہ ماہانہ 101 سے 200 یونٹ تک کا ٹیرف 28.91 روپے ، ماہانہ 201 سے 300 یونٹ کا بنیادی ٹیرف 33.10 روپے، ماہانہ 301 سے 400 یونٹ کا ٹیرف 37.99 روپے فی یونٹ مقرر ہے۔

    ماہانہ 401 سے 500 یونٹ کا بنیادی ٹیرف 40.20 روپے ، ماہانہ 501 سے 600 یونٹ کا ٹیرف41.62 روپے، ماہانہ 601 سے 700 یونٹ کا ٹیرف 42.76 روپے اور ماہانہ 700 یونٹ سے زیادہ کا ٹیرف 47.69 روپے فی یونٹ ہوگا۔

  • باجوڑ: پھاٹک میلہ کے قریب دھماکا، اسسٹنٹ کمشنر نواگئی سمیت 4 افراد شہید

    باجوڑ: پھاٹک میلہ کے قریب دھماکا، اسسٹنٹ کمشنر نواگئی سمیت 4 افراد شہید

    باجوڑ: پھاٹک میلہ کے قریب دھماکے کے نتیجے میں اسسٹنٹ کمشنر نواگئی سمیت 4 افراد شہید ہوگئے۔ 

    تفصیلات کے مطابق باجوڑ میں افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں تحصیل خارمیں صدیق آبادپھاٹک کے قریب بم دھماکا ہوا ، جس کے نتیجے میں اسسٹنٹ کمشنر نواگئی سمیت 4 افراد شہید ہوگئے جبکہ متعدد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہے۔

    ڈی پی او وقاص رفیق کا کہنا ہے کہ شہید ہونے والے دیگر افراد میں تحصیلدار اور 2 سپاہی شامل ہیں۔

    پولیس ذرائع نے بتایا اسسٹنٹ کمشنر کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا ہے تاہم ریسکیو ٹیمیں امدادی کارروائی میں مصروف ہیں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا جارہا ہے۔

    مزید پڑھیں : باجوڑ میں سابق سینیٹر ہدایت اللہ بم دھماکے میں جاں بحق

    یاد رہے گذشتہ سال باجوڑ میں گاڑی پر بم حملے میں سابق سینیٹر ہدایت اللہ جاں بحق ہو گئے تھے۔

    پولیس کے مطابق ڈمہ ڈولہ میں سابق سینیٹر کی گاڑی کو بم سے اڑا دیا گیا تھا اور دھماکے میں سابق سینیٹر ہدایت اللہ سمیت 3افراد جاں بحق ہوئے تھے۔

    ہدایت اللہ کی گاڑی کو ریموٹ کنٹرول بم دھماکے میں نشانہ بنایا گیا تھا.

  • معیشت کے لیے بڑی خبر: پاکستان اور ٹرمپ انتظامیہ کا تجارتی معاہدے کو حتمی شکل دینے پر اتفاق

    معیشت کے لیے بڑی خبر: پاکستان اور ٹرمپ انتظامیہ کا تجارتی معاہدے کو حتمی شکل دینے پر اتفاق

    واشنگٹن: پاکستان اور امریکا کی ٹرمپ انتظامیہ نے تجارتی معاہدے کو حتمی شکل دینے پر اتفاق کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سیکریٹری تجارت جواد پال کی قیادت میں پاکستانی وفد کے ٹرمپ انتظامیہ سے مذاکرات ہو رہے ہیں، سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکا نے پاکستان کے معدنیات سیکٹر میں 500 ملین ڈالر سے ایک ارب ڈالر تک سرمایہ کاری کے لیے رضامندی کا اظہار کیا ہے۔

    واضح رہے کہ پاکستان امریکا کے درمیان تجارتی مذاکرات کا آغاز آج سے واشنگٹن ڈی سی میں ہو رہا ہے، پاکستانی وفد کی قیادت کامرس سیکریٹری جواد پال کر رہے ہیں، وہ امریکی تجارتی نمائندہ جیمیسین گریر اور دیگر اہم امریکی نمائندوں سے ملاقاتیں کریں گے۔

    کامرس سیکریٹری جواد پال، امریکی تجارتی نمائندہ جیمیسین گریر
    کامرس سیکریٹری جواد پال، امریکی تجارتی نمائندہ جیمیسین گریر

    سفارتی ذرائع کے مطابق پاک امریکا وفود پاکستان امریکا کے نئے تجارتی معاہدے کی تفصیلات طے کریں گے، پاک امریکا تجارتی مذاکرات معاشی تعلقات کو دوبارہ ترتیب دینےکی ’’وسیع تر کوشش‘‘ کا حصہ ہے۔

    ٹرمپ انتظامیہ نے پاکستان پر 29 فی صد ٹیرف عائد کیا ہوا ہے، پاکستان کا امریکا کے ساتھ تجارتی حجم 3 ارب ڈالرز سے زائد کا ہے، سفارتی ذرائع نے بتایا کہ پاکستان امریکا کو پاکستان کے معدنیات کے شعبے میں سرمایہ کاری کی باضابطہ پیشکش کرے گا۔

    ٹرمپ انتظامیہ ریکوڈک منصوبے میں تانبے اور سونے کے ذخائر میں سرمایہ کاری کی دل چسپی کا اظہار کر چکی ہے، اور امریکا کا ایکسپورٹ امپورٹ بینک ریکوڈک منصوبے میں ایک ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کو حتمی شکل دے رہا ہے۔

    سفارتی ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ پاکستان امریکا کے ساتھ تجارتی حجم بڑھانے کے لیے تجاویز دے گا، ٹرمپ انتظامیہ کے ساتھ نیا تجارتی معاہدہ نئے تعلق کی بنیاد رکھے گا، پاکستان امریکا میں پاکستانی ٹیکسٹائل انڈسٹری کو مزید فروغ دینے کا بھی خواہش مند ہے، پاکستان امریکی سرمایہ کاروں کو مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت بھی دے رہا ہے، جب کہ ٹرمپ انتظامیہ نے پاکستان کے ٹیک سیکٹر میں بھی سرمایہ کاری کرنے کی دل چسپی ظاہر کی ہے۔

  • بھارت سندھ طاس معاہدہ یکطرفہ طور معطل یا ختم نہیں کرسکتا، وزیراعظم

    بھارت سندھ طاس معاہدہ یکطرفہ طور معطل یا ختم نہیں کرسکتا، وزیراعظم

    وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا کہ بھارت سندھ طاس معاہدہ یکطرفہ طور پر ختم یا معطل نہیں کرسکتا۔

    وزیراعظم شہباز شریف نے نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر کا دورہ کیا اس موقع پر انہیں این ڈی ایم اے کی مون سون، ممکنہ سیلابی صورتحال اور حکمت عملی پر بریفنگ دی گئی۔

    شہیاز شریف نے کہا کہ بھارت پانی کو ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے کی کوشش کررہا ہے، عالمی ثالثی عدالت نے واضح کردیا کہ بھارت یکطرفہ طور پر معاہدہ معطل یا ختم نہیں کرسکتا۔

    انہوں نے کہا کہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کثیر المقاصد اہم قومی ادارہ ہے، 2022 کے سیلاب کے بعد ادارے کو جدید خطوط پر استوار کیا گیا، سیلاب نے بہت نقصان پہنچایا، ہزاروں ایکڑ کھڑی فصلیں اور مکانات تباہ ہوئے۔

    وزیراعظم نے کہا کہ خطرات سے آگاہی کے نظام کے حوالے سے بھی این ڈی ایم اے کا اہم کردار ہے، بروقت معلومات کی فراہمی کے لیے اقدامات قابل تعریف ہیں، جدید ٹیکنالوجی کے حصول کے لیے کاوشیں لائق ستائش ہیں۔

    شہباز شریف کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے پاکستان کا شمار موسمیاتی تبدیلیوں سے شدید متاثرہ ملکوں میں ہوتا ہے، ہمارا گرین ہاؤس گیسز کے اخراج میں حصہ بہت کم ہے، موسمیاتی تبدیلیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے انفرا اسٹرکچر کی تعمیر ضروری ہے اس سلسلے میں پبلک پرائیوٹ پارٹنر شپ کا فروغ بہت اہم ہے۔

    انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے تناظر میں این ڈی ایم اے پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے، سماجی اور معاشی ترقی کے اہداف کے حصول کے لیے کوششوں کو تیز کرنا ہے، قدرتی آفات سے نمٹنے کے قومی ادارے کی استعداد کار میں اضافہ کریں گے۔

    وزیراعظم نے کہا کہ موسمیاتی تغیرات کے تناظر میں این ڈی ایم اے کی صوبوں کے ساتھ ہم آہنگی ضروری ہے، ہمیں مستقبل کے چیلنجز کو مدنظر رکھتے ہوئے خود کو تیار کرنا ہے، این ڈی ایم اے نے ترکیہ اور میانمار میں زلزلے کے دوران ریلیف اور ریسکیو آپریشن میں اہم کردار ادا کیا۔

    شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سوات میں افسوسناک واقعے میں قیمتی جانیں ضائع ہوئیں، سیاست سے بالاتر ہوکر صورتحال کا ایمانداری سے جائزہ لینا ہے، این ڈی ایم اے اس واقعے کے تناظر میں رپورٹ مرتب کرے، ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے حکمت عملی ترتیب دی جائے، این ڈی ایم اے صوبوں کے ساتھ مل کر لائحہ عمل تشکیل دے۔

  • 27 ویں ترمیم میں کیا ہونے جا رہا ہے؟  بڑی خبر سامنے آگئی

    27 ویں ترمیم میں کیا ہونے جا رہا ہے؟ بڑی خبر سامنے آگئی

    اسلام آباد : 27 ویں ترمیم میں آئینی عدالت کے قیام اور ججز کے ریٹائرمنٹ کی عمر سے متعلق ترامیم کے حوالے سے بڑی خبر سامنے آگئی۔

    تفصیلات کے مطابق اے آر وائی نیوز کے پروگرام خبر محمد مالک کے ساتھ میں 27 ویں ترمیم کے حوالے سے بڑی خبر آگئی۔

    محمد مالک نے وزیر مملکت برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل سے سوال کیا کیا حکومت ستائیسویں ترمیم میں آئینی عدالت کا قیام اوراس کے ججزکے ریٹائرمنٹ کی عمرسترسال کرنے جارہی ہےَ؟

    سوال پر بیرسٹرعقیل نے کہا کہ ایسا کرنے کی ضرورت محسوس ہوئی تو یہ پارلیمان کا استحقاق ہے پارلیمنٹ میں ترامیم لائی جاسکتی ہیں۔

    وزیر مملکت برائے قانون و انصاف نے تائید کی حکومت آئینی عدالت کی مدت میں توسیع کرے گی اور آئینی عدالت کے ججوں کی ریٹائرمنٹ کی عمر 70 سال کردی جائے گی تاہم سپریم کورٹ کےججوں کی مدت ملازمت نہیں بڑھائی جائے گی۔

    وزیر مملکت سے سوال کیا گیا کہ کیا سپریم کورٹ ججز اور آئینی بینچ کے ججز کی عمرمیں فرق ہوناچاہیے تو وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ امریکا میں دیکھیں تو وہاں لائف ٹائم ہے۔

    جس پر پی ٹی آئی کے بیرسٹرعلی ظفر نے الزام لگایا حکومت عدلیہ پر مکمل کنٹرول چاہتی ہے تو بیرسٹرعقیل ملک کا کہنا تھا کہ یہ سارےالزامات ہیں کہ ہم کسی کوکنٹرول کررہےہیں، 27 ویں ترمیم سمیت ایسی کوئی چیز زیر غور نہیں ہے۔

    بیرسٹرعلی ظفر کا مزید کہنا تھا کہ ن لیگ کاوتیرہ رہاہےہمیشہ اداروں پرکنٹرول چاہتی ہے، ماضی میں ن لیگ ایسےاقدامات کرتی رہی ہے کہ جس سےکنٹرول کرے، یہ کوئی طریقہ نہیں ہےکہ آئینی بینچ اورسپریم کورٹ ججزکی مدت میں فرق کرے۔

  • لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہر  زلزلے سے لرز اٹھے

    لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہر زلزلے سے لرز اٹھے

    لاہور : پنجاب کے دارلحکومت لاہور سمیت مختلف شہر زلزلے سے لرز اٹھے ، جس سے شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کے مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جس کے باعث لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے۔

    لاہور ، قصور، اوکاڑہ اور شیخوپورہ ، صفدرآباد، خانقاہ ڈوگراں اور گردونواح میں زلزلہ محسوس کیا گیا۔

    زلزلہ پیما مرکز نے بتایا زلزلے کی شدت4.4ریکارڈکی گئی اور مرکز لاہور سے 25 کلو میٹر جنوب مغرب میں تھا جبکہ زلزلے کی گہرائی 14 کلو میٹر ریکارڈ کی گئی۔

    پی ڈی ایم اے کو پنجاب کے تمام اضلاع سے زلزلہ سے متعلق ابتدائی رپورٹ موصول ہوگئی ہے، جس میں بتایا کہ لاہور سمیت پنجاب کے دیگر علاقوں میں زلزلہ محسوس کیاگیا، قصور ،اوکاڑہ ،شیخوپورہ ،مرید کےودیگراضلاع میں زلزلہ محسوس کیا گیا۔

    پی ڈی ایم اے پنجاب کا کہنا تھا کہ پنجاب بھر کی انتظامیہ عمارتوں کی چیکنگ میں مصروف ہے اور زلزلہ کے آفٹر شاکس سے نمٹنے کیلئےمشینری ،عملہ الرٹ ہے، اس کے ساتھ پراونشل کنٹرول روم سمیت ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سینٹرزالرٹ ہیں۔

    مزید پڑھیں : بلوچستان میں 5.5 شدت کے زلزلے کے جھٹکے

    یاد رہے ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب بلوچستان کے ضلع موسیٰ خیل میں 5.5 شدت کا زلزلہ آیا تھا، زلزلے کا مرکز ڈیرہ غازی خان سے تقریباً 80 کلومیٹر شمال مغرب میں تھا۔

    مقامی انتظامیہ نے تصدیق کی تھی کہ زلزلے کے جھٹکوں نے راشام کے علاقے میں زمینی نقصان پہنچایا، جہاں دو مکانات گر گئے اور پانچ دیگر مکانوں کو جزوی نقصان پہنچا ہے، واقعے میں تین افراد زخمی ہوئے ہیں۔

    صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے حکام نے بتایا تھا کہ فی الحال نقصان کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے۔

  • آئی ایم ایف کی شرط: نئے مالی سال کے آغاز کے ساتھ ہی عوام پر نئے ٹیکس عائد

    آئی ایم ایف کی شرط: نئے مالی سال کے آغاز کے ساتھ ہی عوام پر نئے ٹیکس عائد

    اسلام آباد: آئی ایم ایف کی شرط پر وفاقی حکومت نے نئے مالی سال کے آغاز کے ساتھ ہی عوام پر نئے ٹیکس کا نفاذ کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آئی ایم ایف شرائط پر ایندھن کی قیمتوں میں پٹرولیم کلائمیٹ سپورٹ لیوی عائد کر دی گئی، پٹرول، ڈیزل اور مٹی کے تیل پر اڑھائی روپے فی لیٹر نیا کلائمیٹ لیوی ٹیکس عائد کیا گیا ہے۔

    پٹرول اور ڈیزل پر پہلے سے عائد پٹرولیم لیوی کم کر کے نیا ٹیکس ایڈجسٹ کیا گیا، مٹی کے تیل پر کلائمیٹ سپورٹ لیوی کی مد میں 2 روپے 50 پیسے عائد کی گئی، پٹرول پر کاربن لیوی ایڈجسٹمنٹ کے لیے پٹرولیم لیوی کم کر کے 75 روپے 52 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی، اس سے قبل پٹرول پر فی لیٹر 78 روپے پی ڈی لیوی وصول کی جا رہی تھی۔


    سب سے زیادہ ٹیکس جمع کرنے کا ریکارڈ کس شہر کا ہے؟


    ہائی اسپیڈ ڈیزل پر کلائمیٹ لیوی ایڈجسٹمنٹ کے لیے لیوی 74 روپے 51 پیسے مقرر کی گئی، ہائی اسپیڈ ڈیزل پر اس سے قبل پی ڈی لیوی 78 روپے فی لیٹر وصول کی جا رہی تھی۔ مٹی کے تیل پر 18 روپے 95 پیسے فی لیٹر پٹرولیم لیوی عائد ہے، لائٹ ڈیزل 15 روپے 37 پیسے فی لیٹر پٹرولیم لیوی عائد ہے۔

    حکومت نے آئی ایم ایف سے کلائمیٹ فناننسگ شرائط کے تحت نئی کلائمیٹ سپورٹ لیوی کا نفاذ کیا۔

  • پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑا اضافہ

    پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑا اضافہ

    اسلام آباد : حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کردیا، پٹرول کی قیمت میں 8روپے36روپے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے۔

    ہائی اسپیڈ ڈیزل 10روپے 39پیسے روپے فی لیٹر مہنگا کیا گیا ہے، حکومت نےپٹرول وڈیزل کی نئی قیمتوں کااعلان کردیا۔

    وفاقی حکومت کی جانب سے پیٹرول کی قیمت میں 8 روپے 36 پیسے فی لیٹر اور ڈیزل کی قیمت میں 10 روپے 39 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے۔

    قیمتوں میں اضافے کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 266 روپے 79 پیسے جبکہ ڈیزل کی قیمت 272 روپے 98پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا اطلاق فوری طور پر ہوگیا ہے۔

    مزید پڑھیں : پیٹرول کتنے روپے مہنگا ہونے کا امکان تھا؟

    واضح رہے کہ عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں تیزی سے اضافے کے پیش نظر پاکستان میں بھی یکم جولائی سے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ متوقع تھا۔

    ذرائع نے پیٹرولیم مصنوعات 14 روپے 86 پیسے فی لٹر تک مہنگی ہونے کا امکان ظاہر کیا تھا۔ ذرائع نے بتایا تھا کہ ہائی سپیڈ ڈیزل 14 روپے 86 پیسے فی لیٹر اور پٹرول 11 روپے 43 پیسے فی لٹر مہنگا ہوسکتا ہے۔

  • شدید بارشوں اور سیلاب کا الرٹ جاری

    شدید بارشوں اور سیلاب کا الرٹ جاری

    اسلام آباد : این ڈی ایم اے نے شدید بارشوں اور ممکنہ سیلاب کاالرٹ جاری کردیا، جس میں متعلقہ اداروں کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے پیشگی اقدامات کی ہدایت کی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق قومی آفات مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے آئندہ چار روز تک ملک بھر میں مون سون بارشوں اور ممکنہ سیلاب کا الرٹ جاری کر دیا۔

    جس میں کہا ہے کہ آج سے پانچ جولائی تک کشمیر، اسلام آباد، پوٹھوہار، خیبرپختونخوامیں موسلادھار بارشیں متوقع ہیں، ممکنہ بارشوں کے نتیجے میں پشاور، چارسدہ، نوشہرہ اور کوہاٹ میں سیلاب کا خدشہ ہے۔

    الرٹ میں کہنا تھا کہ راولپنڈی، اسلام آباد، اٹک اور چکوال میں بھی شدید بارشوں کاامکان ہے جبکہ لاہور، جہلم، منڈی بہاؤ الدین، گجرات، سیالکوٹ، گوجرانوالہ اور نارووال میں بارش متوقع ہے تاہم فیصل آباد، سرگودھا ڈویژن کے نشیبی علاقوں میں سیلابی صورتحال ہوسکتی ہے۔

    موسم سے متعلق خبریں 

    این ڈی ایم اے نے مزید کہا ہے کہ ہزارہ ڈویژن، مالاکنڈ اور آزاد کشمیر میں لینڈسلائیڈنگ اور ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے جبکہ دریائے کابل، دریائے سوات، چترال اور ہنزہ کے ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

    الرٹ میں کہا گیا ہے کہ کراچی، حیدرآباد ، ٹھٹھہ اور بدین میں بھی شدید بارشوں کے باعث سیلابی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے۔

    این ڈی ایم اے نے کہا ہے عوام کمزور تعمیرات، کچی دیواروں ، بجلی کے کھمبوں اور بل بورڈز سے دور رہیں، ندی نالوں کو عبور کرنے سے گریزکریں۔