Category: اہم ترین

پاکستان اور دنیا بھر سے اہم ترین خبریں جاننے کے لئے اے آر وائی نیوز کی اردو ویب سائٹ پر آئیں

Important Breaking News from Pakistan and World from ARY News Urdu

  • آج پارلیمانی اداروں کو مضبوط بنانے کے عزم کی تجدید کا دن ہے، وزیر اعظم شہباز شریف

    آج پارلیمانی اداروں کو مضبوط بنانے کے عزم کی تجدید کا دن ہے، وزیر اعظم شہباز شریف

    اسلام آباد: پارلیمنٹیرزم کے بین الاقوامی دن کے موقع پر وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آج کے دن ہمیں پارلیمانی اداروں کو مضبوط کرنے، جمہوری اقدار کے تحفظ کے لیے اپنے عزم کی تجدید کرنی ہے، اور اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ قانون سازی کے عمل میں شہریوں کی آواز کی صحیح معنوں میں عکاسی ہو۔

    بین الاقوامی سطح پر پارلیمنٹیرزم کا دن ہر سال 30 جون کو منایا جاتا ہے، وزیر اعظم پاکستان نے کہا کہ جمہوری اداروں کو مضبوط بنانے کے لیے یہ ہمارے عالمی عزم کا اعادہ کرتا ہے، یہ دن جامع طرز حکمرانی کو فروغ دینے، خواتین اور نوجوانوں کی بامعنی نمائندگی کو یقینی بنانے اور قانون سازی کے طریقوں میں تکنیکی جدت کو اپنانے میں پارلیمانوں کے اہم کردار کو واضح کرتا ہے۔

    انھوں نے کہا ہماری پارلیمنٹ ہمارے جمہوری نظام میں مرکزی مقام رکھتی ہے، اپنے قانون سازی کے اختیارات اور متحرک قائمہ کمیٹیوں کے ذریعے پارلیمنٹ احتساب، شفافیت اور ایگزیکٹو کی نگرانی کو یقینی بناتی ہے۔


    فیلڈ مارشل عاصم منیر کو ایرانی فوجی سربراہ کا فون، پاکستان کا شکریہ ادا کیا


    شہباز شریف نے کہا پارلیمنٹ جدیدیت پر مبنی قانون سازی کے لیے بھی سرگرم عمل رہی ہے، خاص طور پر صنفی مساوات اور سماجی تحفظ کو آگے بڑھانے کے لیے پارلیمان کا کردار اہم رہا ہے، پاکستانی آئین آرٹیکلز 51 اور 59 کے تحت مخصوص نشستوں کے ذریعے خواتین کی نمائندگی کو یقینی بناتا ہے، ہماری خواتین پارلیمنٹیرینز بھی قائدانہ عہدوں پر فائز ہوئی ہیں: اس وقت 8 خواتین سینیٹرز اور 4 خواتین اراکین قومی اسمبلی پارلیمانی کمیٹیوں کی چیئرپرسنز کے طور پر کام کر رہی ہیں۔

    انھوں نے کہا مالی سال 2025-26 کے لیے وفاقی بجٹ کی تیاری کے دوران حکومت نے اتحادی شراکت داروں سے فعال طور پر مشاورت کی اور ان کے تعاون کا خیر مقدم کیا، یہ جذبہ صحت مند جمہوریت کی بنیاد ہے۔ ہمارے ارکان پارلیمنٹ عالمی پارلیمانی سفارت کاری میں متحرک کردار ادا کر رہے ہیں۔ بین الپارلیمانی یونین (IPU) جیسے پلیٹ فارمز کے ساتھ مسلسل اشتراک کے ذریعے ہماری پارلیمان نے امن، ترقی اور بین الاقوامی تعاون کے فروغ کے لیے کام کیا۔

    شہباز شریف نے کہا جنوبی ایشیا میں حالیہ کشیدگی کے بعد پاکستان کے کثیر الجماعتی پارلیمانی وفد نے سفارتی رسائی کے ذریعے عالمی فورمز پر ہمارے نقطہ نظر کو مؤثر طریقے سے پیش کیا، ہم جدید طرز حکمرانی کی ابھرتی ہوئی ضروریات کو تسلیم کرتے ہوئے، ہم نے پارلیمانی شفافیت اور رسائی کو بہتر بنانے کے لیے ٹیکنالوجی کو بھی اپنایا ہے۔

  • چین نے پاکستان کے 3.4 ارب ڈالر کے کمرشل قرضے رول اوور کر دیے

    چین نے پاکستان کے 3.4 ارب ڈالر کے کمرشل قرضے رول اوور کر دیے

    چین نے پاکستانی معیشت کو استحکام دینے اور زرمبادلہ کے ذخائر کو فروغ دینے کے لیے پاکستان کو 3.4 ارب سے زائد ڈالر کے کمرشل قرضے رول اوور کر دیے۔

    خبر ایجنسی رائٹرز کے مطابق چین نے اسٹیٹ بینک کے پاس 3سال سے جمع 2.1 ارب ڈالر رول اوور کیا جب کہ پاکستان کا مزید 1.3 ارب ڈالر کا کمرشل قرض رول اوور کیا۔

    خبر ایجنسی کا کہن اہے کہ مشرق وسطیٰ کےکمرشل بینک سے ایک ارب ڈالر موصول ہوئے ہیں اور کثیرجہتی ذرائع سے 50کروڑ ڈالر مزید موصول ہوئے ہیں۔

    رول اوور اور نئے کمرشل قرض ملنے سےملکی زرمبادلہ ذخائر 14 ارب ڈالر ہو جائیں گے۔ 7ارب ڈالر بیل آؤٹ پروگرام سے پاکستانی معیشت کو استحکام ملا ہے۔

  • عوام کیلیے خوشخبری، کراچی سمیت ملک بھر کیلیے بجلی سستی ہونے کا امکان

    عوام کیلیے خوشخبری، کراچی سمیت ملک بھر کیلیے بجلی سستی ہونے کا امکان

    غربت اور مہنگائی کے ہاتھوں ستائے عوام کے لیے بڑی خوشخبری ہے کہ کراچی سمیت ملک بھر میں بجلی سستی ہونے کا امکان ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پاور ڈویژن نے ملک بھر میں یکساں ٹیرف کے لیے درخواست دائر کر دی ہے۔ گھریلو صارفین کے لیے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں ایک روپے 16 پیسے کمی کا امکان ہے۔ نیپرا پاور ڈویژن کی اس درخواست پر یکم جولائی کو سماعت کرے گا۔

    پاور ڈویژن کی جانب سے آئندہ مالی سال کیلیے بنیادی ٹیرف میں کمی کی جو تجاویز تیار کی گئی ہیں۔ ان میں گھریلو صارفین کے لیے زیادہ سے زیادہ ٹیرف 48.84 سے کم ہو کر 47.69 روپے ہو جائے گا۔

    ان تجاویز میں 50 یونٹ تک کے گھریلو لائف لائن صارفین کیلیے 3.95 روپے فی یونٹ ٹیرف برقرار رکھنے اور 51 سے 100 یونٹ تک لائف لائن صارفین کیلیے ٹیرف 7.74 روپے فی یونٹ برقرار رکھنے کی تجویز ہے۔

    اس کے علاوہ 100 یونٹ تک پروٹیکٹڈ گھریلو صارفین کا ٹیرف 1.15 روپے کمی سے 10.54 روپے فی یونٹ کرنے، 101 سے 200 یونٹ تک پروٹیکٹڈ گھریلو صارفین کا ٹیرف 13 روپے ایک پیسے جب کہ 100 یونٹ تک نان پروٹیکٹڈ گھریلو صارفین کا ٹیرف 22 روپے 44 پیسے کرنے کی تجویز ہے۔

    101 سے 200 یونٹ تک کا ٹیرف ایک روپے 16 پیسے کمی سے 28.91 روپے فی یونٹ کرنے، 201 سے 300 یونٹ کا ٹیرف 1.16 روپے کمی سے 33.10 روپے فی یونٹ، 301 سے 400 یونٹ کا ٹیرف 1.16 روپے کمی سے 37.99 روپے فی یونٹ کرنے کی تجاویز بھی شامل ہیں۔

    اس کے علاوہ 401 سے 500 یونٹ کا ٹیرف 1.14 روپے کمی سے 40.22 روپے فی یونٹ، 501 سے 600 یونٹ کا ٹیرف 1.16 روپے کمی سے 41.62 روپے فی یونٹ، 601 سے 700 یونٹ کا ٹیرف 1.16 روپےکمی سے 42.76 اور 700 یونٹ سے زیادہ کا ٹیرف 1.05 روپے کمی سے 47.69 کرنے کی تجویز ہے۔

    واضح رہے کہ نیپرا نے آئندہ مالی سال کے لیے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں ڈیڑھ روپے فی یونٹ کمی کی منظوری دی تھی اور اس نے یکساں ٹیرف کے تعین کے لیے اپنا فیصلہ وفاقی حکومت کو بھجوایا تھا۔

    https://urdu.arynews.tv/electricity-prices-nepra-karachi/

  • گیس کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا گیا

    گیس کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا گیا

    آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے بلک صارفین، پاور سیکٹر اور انڈسٹری کےلیے گیس کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا۔

    اوگرا کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق گیس کی قیمتوں میں  یکم جولائی سے اضافے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    گھریلو صارفین کے لئے صرف ماہانہ فکسڈ چارجز میں اضافہ کیا گیا ہے۔

    گھریلوصارفین، کمرشل، کیپٹیو، سی این جی کیلئے گیس کی قیمتیں تبدیل نہیں کی گئیں۔ سی این جی، سیمنٹ اور کھاد کیلئے بھی گیس کی قیمتوں میں ردوبدل نہیں کیا گیا۔

    گزشتہ روز وزیرخزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں گھریلو صارفین کیلئےگیس کی قیمتیں برقرار رکھنے اور فکسڈ چارجز میں اضافے کا فیصلہ کیا گیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے پروٹیکٹڈ صارفین کے فکسڈ چارجز 400 سے بڑھا کر 450 روپے ماہانہ جبکہ نان پروٹیکٹڈ صارفین کے فکسڈ چارجز ایک ہزار سے بڑھا کر 1400 روپے کردیے گئے۔

    ایک اعشاریہ پانچ کیوبک میٹر سے زائد گیس استعمال کرنے والوں کے فکسڈ چارجز 2 ہزار سے بڑھاکر 2400 روپے کردیے گئے۔

    ذرائع کے مطابق گیس پر چلنے والے پاور پلانٹس اور صنعتی صارفین کے لیے قیمتوں میں دس فیصد اضافہ کی منظوری دے دی گئی۔

  • سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 2 بھارتی اسپانسر دہشتگرد جہنم واصل، 2 گرفتار

    سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 2 بھارتی اسپانسر دہشتگرد جہنم واصل، 2 گرفتار

    سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا جس میں دو بھارتی اسپانسر دہشتگرد ہلاک اور دو گرفتار کیے گئے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ یہ آپریشن صوبہ بلوچستان کے ضلع دکی میں کیا۔ فائرنگ کے تبادلے میں دو بھارتی اسپانسر دہشتگرد جہنم واصل کر دیے گئے جب کہ دو کو گرفتار کر لیا گیا۔

    دہشتگردوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں ممکنہ دہشت گردوں کے خاتمے کیلیے کلیئرنس آپریشن کیا گیا۔ سیکیورٹی فورسز بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردی کے خاتمےکیلیے پُر عزم ہیں۔

  • ’اپنا میٹر، اپنی ریڈنگ‘: حکومت نے بجلی صارفین کیلیے بڑی سہولت متعارف کروا دی

    ’اپنا میٹر، اپنی ریڈنگ‘: حکومت نے بجلی صارفین کیلیے بڑی سہولت متعارف کروا دی

    اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے بجلی کے صارفین کو براہِ راست نظام کا حصہ بنانے اور بلنگ کے عمل میں شفافیت کے فروغ کے لیے ایک اہم اقدام  اٹھاتے ہوئے ’’اپنا میٹر، اپنی ریڈنگ‘‘ کے تحت پاور اسمارٹ ایپ متعارف کرا دی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے "اپنا میٹراپنی ریڈنگ” ایپ لانچ کردی، افتتاحی تقریب سے خطاب میں کہا یہ ایپ سلسلہ وارانقلابی ریفارمز کا حصہ ہے، بجلی کی سالانہ پانچ سوارب کی چوری بڑا چیلنج ہے،  سولرائزیشن کی حوصلہ شکنی نہیں کریں گے، بجلی کی قیمتیں کم کرنے کیلیے وزارت بجلی اور ٹاسک فورس نے آئی پی پیز سے بات کی ہے۔

    وزیراعظم نے کہا کہ اپنا میٹر اپنی ریڈنگ کا اصل فائدہ عام صارف کو ہے، یہ ایک انقلابی تبدیلی ہے جس کا فائدہ ہر گھر میں ہر صارف کو پہنچے گا، بشرطیکہ وزیر بجلی اسی پوری طرح مانیٹر اور سپروائز کریں۔

    وزیراعظم نے وزیر توانائی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میں چاہوں گا اس ایپ کو کراچی سے لے کر پشاور تک گھر گھر اسے متعارف کرائیں اور وزیر اطلاعات کے ساتھ ملکر اس میں مزید جدت پیدا کرسکیں، وزیراعظم نے کہا کہ اس ایپلی کیشن کو 5 زبانوں میں متعارت کرایا جانا بہت بڑی قومی خدمت ہے۔

    ’’اپنا میٹر، اپنی ریڈنگ‘‘ ایپ کس طرح کام کرے گا؟

    وزارتِ پاورڈویژن کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ bجلی صارفین کو مقررہ تاریخ پر اپنے میٹر کی تصویر ایپلی کیشن پر اپ لوڈ کرسکیں گے اس بنیاد پر بجلی صارفین کا ماہانہ بل جاری کیا جائے گا۔ اس نظام کا مقصد اوور بلنگ، ریڈنگ کی غلطیوں اور ریڈنگ میں تاخیر سے نمٹنا ہے۔

    حکومتی سبسڈی کے مستحق صارفین کے لئے یہ اقدام فائدہ مند ہے بجلی صارفین کے لئے 200 یونٹس اور 201 یونٹس کے فرق اور زیادہ بلنگ کی شکایات کاازالہ ہوسکے گا۔

     200 یونٹس تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کا بل تقریباً 2,330 روپے ہوتا ہے 201 یونٹس پر سبسڈی ختم ہونے کے باعث بل 8,104 روپے تک جا پہنچتا ہے، اس ایپ کے ذریعے یہ یقینی بنایا جا سکے گا کہ مستحقین بروقت ریڈنگ فراہم کر کے اپنی سبسڈی سے مستفید رہیں۔

    اعلامیے میں مزید بتایا گیا ہے کہ اگر صارف اور میٹر ریڈر دونوں ریڈنگ اپ لوڈ کریں تو کم ریڈنگ کو ترجیح دی جائے گی، ایپ کے ذریعے یقینی بنایا جائے گا کہ مستحقین بروقت ریڈنگ فراہم کر کے سبسڈی سے مستفید ہوتے رہیں، صرف صارف کی فراہم کردہ ریڈنگ ہی فیڈ کی جائے گی۔

    اعلامیے میں مزید بتایا گیا ہے کہ "اپنا میٹر، اپنی ریڈنگ” جیسے فیچرز بجلی کے نظام میں شفافیت پیدا کریں گے۔

    https://urdu.arynews.tv/your-meter-your-reading-app/

  • صدر نے جسٹس سرفراز ڈوگر کو اسلام آباد ہائیکورٹ کا سینئر ترین جج قرار دے دیا

    صدر نے جسٹس سرفراز ڈوگر کو اسلام آباد ہائیکورٹ کا سینئر ترین جج قرار دے دیا

    اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز کی سینیارٹی کا تعین کر دیا جس میں جسٹس سرفراز ڈوگر سینئر ترین جج قرار دیے گئے۔

    صدر مملکت آصف علی زرداری کی جانب سے سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں سینیارٹی فہرست جاری کی گئی جس میں جسٹس سرفراز ڈوگر، جسٹس خادم حسین سومرو اور جسٹس محمد آصف کا مستقل تبادلہ کیا گیا۔

    آصف علی زرداری نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز کی سنیارٹی کا جائزہ لیا اور جسٹس سرفراز ڈوگر کو سنیارٹی میں اول قرار دیا۔

    یہ بھی پڑھیں: سپریم کورٹ کے ججز کو بیرون ملک جانے کیلئے چیف جسٹس سے این او سی لینا ہوگا

    انہوں نے تینوں ججز کو مستقل طور پر اسلام آباد ہائیکورٹ منتقل کر دیا۔ ہائیکورٹ میں جسٹس سرفراز ڈوگر پہلے اور جسٹس محسن اختر کیانی کا دوسرا نمبر ہے جبکہ جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب سنیارٹی میں تیسرے نمبر پر آگئے۔

    اس حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا۔

    ججز ٹرانسفر کیس کا فیصلہ

    19 جون 2025 کو سپریم کورٹ نے ججز ٹرانسفر کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ ججز کا تبادلہ غیر آئینی نہیں۔ کیس کا فیصلہ جسٹس محمد علی مظہر نے پڑھ کر سنایا جو 2-3 کے تناسب سے تھا۔

    جسٹس محمد علی مظہر، جسٹس شاہد بلال، جسٹس صلاح الدین پنہور نے اکثریتی فیصلہ سنایا جبکہ جسٹس نعیم افغان اور جسٹس شکیل احمد نے اکثریتی فیصلے سے اختلاف کیا۔

    فیصلے میں ججز سینیارٹی کا معاملہ صدر پاکستان کو واپس ریمانڈ کیا گیا۔ فیصلے میں کہا گیا کہ ججز تبادلے کیلیے صدر پاکستان کا اختیار باقاعدہ طریقہ کار کے تحت استعمال ہوتا ہے، وہ ججز کا تبادلہ متعلقہ جج، چیف جسٹس پاکستان کی مشاورت سے کرتے ہیں۔

    آئین کے آرٹیکل 200 اور 175 دونوں علیحدہ ہیں، آرٹیکل 200 صدر مملکت کو ٹرانسفر کا اختیار دیتا ہے، سنیارٹی کے فیصلے تک جسٹس سرفراز ڈوگر بطورقائمقام چیف جسٹس فرائض جاری رکھیں گے، آئین کے آرٹیکل 175 ججز کی جوڈیشل کمیشن کے ذریعے تقرری سے متعلق ہے۔

  • شمالی وزیرستان میں فورسز کے قافلے پر دہشتگردوں کا حملہ، 13 جوان شہید، 14 خوارج ہلاک

    شمالی وزیرستان میں فورسز کے قافلے پر دہشتگردوں کا حملہ، 13 جوان شہید، 14 خوارج ہلاک

    شمالی وزیرستان میں فورسز کے قافلے پر دہشت گردوں کے حملے میں 13 جوان شہید ہوگئے جوابی کارروائی میں 14 خوارج ہلاک ہوگئے۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں فورسز کے قافلے پر دہشت گردوں نے حملہ کیا جس کے نتیجے میں 13 جوان شہید ہوگئے۔

    ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ شہدا میں صوبیدار زاہد اقبال،حوالدار سہراب خان، حوالدار میاں یوسف شامل ہیں۔

    آئی ایس پی آر کا بتانا ہے کہ نائیک خطاب شاہ، لانس نائیک اسماعیل، سپاہی روحیل، سپاہی محمد رمضان، سپاہی نواب، سپاہی زبیر احمد، سپاہی محمد سخی، سپاہی ہاشم عباسی، سپاہی مدثر اعجاز، سپاہی منظر علی شہدا میں شامل ہیں۔

    بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج کی بزدلانہ کارروائی میں دو بچے اور خاتون شدید زخمی ہوئے۔

    ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ خودکش بم بار نے دھماکا خیز مواد سے بھری گاڑی قافلے سے ٹکرائی تھی، جوابی کارروائی میں 14 خوارج مارے گئے۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے، بہادر جوانوں اور شہریوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو تقویت دیتی ہیں۔

  • دشمن ہماری خودمختاری کو چیلنج کرتا ہےتو نتائج کی ذمہ داری اسی پر ہوگی، فیلڈ مارشل

    دشمن ہماری خودمختاری کو چیلنج کرتا ہےتو نتائج کی ذمہ داری اسی پر ہوگی، فیلڈ مارشل

    فیلڈ مارشل عاصم منیر کا کہنا ہے کہ اگر دشمن ہماری خود مختاری کو چیلنج کرتا ہے تو نتائج کی ذمہ داری اسی پر ہوگی۔

    پی این ایس رہبر میں پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ بھارت کی اشتعال انگیزیوں کے باوجود پاکستان نے صبرو تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے امن کو ترجیح دی۔

    انہوں نے کہا کہ آج پاکستان خطے میں ’نیٹ ریجنل اسٹیبلائزر‘ کے طور پر جانا جاتا ہے، اگر دشمن یہ سمجھے کہ آئندہ پاکستان اپنی خود مختاری پر حملے برداشت کرے گا تو یہ ایک خطرناک غلط فہمی ہوگی۔

    فیلڈ مارشل نے کہا کہ دنیا کو سمجھ لینا چاہیے مسئلہ کشمیر کے حل تک جنوبی ایشیا میں پائیدار امن قائم نہیں ہوسکتا، پاکستان یو این قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل کا حامی ہے، کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق مسئلہ کشمیر حل کرنے کے حامی ہیں۔

    آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیابی کے قریب ہے، بھارت جان بوجھ کر خطے میں کشیدگی پیدا کررہا ہے، ملک کو دہشت گردی کے خلاف ہمیشہ نجات دلائیں گے۔

    عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان ہر حال میں اپنی خود مختاری، قومی مفادات کا دفاع کرے گا، اس میں کسی قسم کی جھجک نہیں دکھائے گا۔

    کیڈیٹس کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آپ پاک بحریہ کا حصہ بننے جارہے ہیں جس کی پہچان اعلیٰ عسکری اخلاقیات ہیں، پاک بحریہ کی پہچان غیرمعمولی مہارت اور بے مثال پیشہ ورانہ روایات ہیں، اپنی آپریشنل صلاحیتوں کو مزید بہتر اور مضبوط بنانے کے لیے کوششیں جاری رکھیں۔

  • ’سوات میں ہیلی کاپٹر کو استعمال نہیں کیا گیا جو بانی پی ٹی آئی استعمال کرتے رہے ہیں‘

    ’سوات میں ہیلی کاپٹر کو استعمال نہیں کیا گیا جو بانی پی ٹی آئی استعمال کرتے رہے ہیں‘

    وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کا کہنا ہے کہ سوات میں ریسکیو کے لیے ہیلی کاپٹر کو استعمال نہیں کیا گیا جو عمران خان بھی استعمال کرتے رہے ہیں۔

    اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ سیاح چیخ و پکار کرتے رہے لیکن 8 گھنٹے گزرنے کے باوجود کوئی مدد کو نہ آیا، یہ لوگ اسلام آباد میں آکر چڑھائی کرتے ہیں یہ کوئی بہادری نہیں کارنامہ تو تب ہوتا کے پی میں بہترین ریسکیو سسٹم ہوتا۔

    انہوں نے کہا کہ علی امین کا اصل کام اسلام آباد پر چڑھائی، لوگوں کو ڈنڈے فراہم کرنا ہے، یہ لوگ اسلام آباد پر چڑھائی کرکے اہلکاروں کو شہید اور توڑ پھوڑ کرتے ہیں، سوات میں سیاحوں کی موت نہیں ہوئی بلکہ پی ٹی آئی نظام کی موت ہوئی ہے۔

    عطا تارڑ نے کہا کہ پی ٹی آئی 12 سال میں ریسکیو آلات بھی خرید نہ سکی، پی ٹی آئی کارکردگی کو دکھا نہیں سکی لیکن کم از کم اپنا منہ تو بند رکھیں۔

    وزیر اطلاعات نے کہا کہ صوبائی حکومت نے واقعے پر ڈی سی سوات کو معطل کیا، سانحہ سوات پر ڈی سی کے بجائے وزیر اعلیٰ کے پی کو معطل کیا جائے۔

    انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کے پی کہتے ہیں میرا کام خیمے دینا نہیں، علی امین گنڈا پور نے اپنا کیمپ آفس اڈیالہ جیل کو بنایا ہوا ہے، عوام نے انہیں خدمت کے لیے مینڈیٹ دیا تھا لیکن خیبرپختونخوا میں ورک فرام اڈیالہ چل رہا ہے۔

    وزیر اطلاعات نے کہا کہ پی ٹی آئی نے 12 سال میں کے پی کا انفرا اسٹرکچر تباہ کردیا۔