Category: اہم ترین

پاکستان اور دنیا بھر سے اہم ترین خبریں جاننے کے لئے اے آر وائی نیوز کی اردو ویب سائٹ پر آئیں

Important Breaking News from Pakistan and World from ARY News Urdu

  • ایران نے صبح سویرے اسرائیل پر بیلسٹک میزائل برسا دیئے

    ایران نے صبح سویرے اسرائیل پر بیلسٹک میزائل برسا دیئے

    ایران نے صبح سویرے اسرائیل پر بیلسٹک میزائل حملوں کی نئی لہر کا آغاز کر دیا، اسرائیل کا شہر حیفہ دھماکوں اور سائرن کی آوازوں سے گونج اٹھا۔

    الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ ایران کی جانب سے اسرائیل پر مسلسل میزائل داغنے کا سلسلہ جاری ہے، کئی علاقوں میں عوام کو فضائی حملے سے باخبر رکھنے کے لیے سائرن بجائے جا رہے ہیں۔

    اسرائیلی فوج نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا ہے کہ اس وقت فضائیہ خطرہ ختم کرنے کے لیے جہاں ضروری ہو، وہاں ایرانی میزائلوں کو روکنے اور جوابی حملے کرنے میں مصروف عمل ہے۔

    رپورٹ کے مطابق اسرائیل کا شہر حیفہ دھماکوں سے گونج اٹھا، ایران نے ایلات پر بھی بیلسٹک میزائل داغ دیئے۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق 100کے قریب میزائل داغے گئے ہیں۔

    غیر ملکی خبرایجنسی کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بعض میزائلوں نے کامیابی سے اپنے اہداف کو نشانہ بنایا، اسرائیل کے متعدد شہروں میں دھماکوں سے شہری شدید خوف و ہراس میں مبتلا ہیں۔

    اس کے علاوہ عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ بعض ایرانی میزائل تل ابیب کی عمارتوں پر بھی گرے، جس سے عمارتیں تباہ ہوگئیں۔

    علاوہ ازیں اسرائیلی میڈیا نے خبر دی ہے کہ مقبوضہ بیت المقدس میں بھی دھماکے سنے گئے ہیں۔

    امریکی نیوز چینل سی این این کے ایک پروڈیوسر نے یروشلم میں سائرن بجنے اور زور دار دھماکوں کی آوازیں سننے کی اطلاع دی ہے، ویڈیو میں کئی میزائل آسمان میں اُڑتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔

    اسرائیلی فوج (آئی ڈی ایف) نے لوگوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ فوری طور پر بم شیلٹرز میں چلے جائیں اور مزید ہدایت تک وہیں قیام کریں اور وہاں سے نکلنے کی اجازت بعد میں دی جائے گی۔

  • تہران دھماکوں سے گونج اٹھا، متعدد زخمی

    تہران دھماکوں سے گونج اٹھا، متعدد زخمی

    ایران کا دارالحکومت تہران زوردار دھماکوں سے گونج اٹھا۔

    بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق تہران کے مختلف علاقوں میں نئے دھماکوں کی اطلاع مل رہی ہے جب کہ دارالحکومت پر اسرائیلی حملوں میں شدت آتی جا رہی ہے۔

    اطلاعات کے مطابق یہ حملے تہران کے شمال میں نیااران اور شہر کے وسط میں والیاسر اور ہفت تیر چوکوں کے آس پاس ہوئے۔

    ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ تہران میں کشوراسٹریٹ کے قریب رہائشی عمارت پر اسرائیلی حملہ ہوا ہے جس میں خواتین اور بچے زخمی ہوئے ہیں۔

    یہ حملے ایسے وقت میں کیے گئے جب تہران کے جوہری پروگرام اور فوجی صنعتوں کے خلاف اسرائیل کے حملے تیسرے روز بھی جاری رہی۔

    اسرائیلی فوج کی جانب سے ایرانی شہریوں کو ہتھیاروں کی فیکٹریوں کے ارد گرد کے علاقوں کو خالی کرنے کے لیے انخلاء کی وارننگ جاری کرنے کے چند گھنٹے بعد حملے ہوئے ہیں۔

    مقامی میڈیا کے مطابق، ملک کے جنوب میں شیراز میں ایرانی فوجی ٹھکانوں پر بھی حملوں کی اطلاع ملی ہے۔

  • ایران نے اسرائیل پر درجنوں میزائل داغ دیئے

    ایران نے اسرائیل پر درجنوں میزائل داغ دیئے

    تہران : ایران  نے اسرائیل پر جوابی حملہ کرتے ہوئے درجنوں میزائل داغ دیئے، حملوں میں اسرائیل کی اہم تنصیبات کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ایرانی میزائل حملوں کے بعد اسرائیل بھر میں سائرن گونج اٹھے۔ ایرانی میزائلوں کو اردن میں روکا جارہا ہے۔

    ایرانی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران اسرائیلی حیفا بندرگاہ ،اشکلون اور اوروٹ پاور پلانٹس پر حملے کرے گا۔

    ایرانی سرکاری ٹی وی کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اسرائیل میں فوجی اہداف کو نشانہ بنایا جارہا ہے، میزائل اور ڈرون حملوں میں اسرائیلی فوجی تنصیبات کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق ایران نے اسرائیل پر سیکڑوں میزائلوں اور ڈرونز سے حملہ کردیا، جس میں اب تک 14اسرائیلی زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ ایرانی جوابی حملوں میں اہم اہداف کو ہٹ کیا گیا، ایران نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیلی دفاعی نظام میزائلوں اور ڈرونز کو نہ روک سکا۔

    ایران کے سرکاری میڈیا نے بتایا ہے کہ تازہ حملے میں ایران نے اسرائیل پر 100 سے زائد میزائل داغ دیے، مختلف علاقوں میں میزائلوں کا ملبہ گرنے اور آگ لگنے کی اطلاعات ملی ہیں۔

    دوسری جانب پاسدارانِ انقلاب نے کہا ہے کہ آپریشن وعدہ صادق سوم کے دوسرے مرحلے میں ایرانی افواج نے اسرائیل پر میزائل اور ڈرونز داغے، یہ حملہ اسرائیل کے تازہ فضائی حملوں کے جواب اور ایران کے دفاع اور سلامتی کے تحفظ کیلئے کیا گیا ہے۔

    اسرائیلی فوج نے لوگوں کو محفوظ پناہ گاہوں میں جانے کا حکم دے دیا، ایران کے حملوں کے خطرے کے پیش نظر اسرائیلی حکومت نے شہریوں کیلیے الرٹ جاری کردیا ہے، اسرائیلی حکومت نے شہریوں کو محفوظ پناہ گاہوں کے قریب رہنے کی ہدایت دی ہے۔

    اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ تمام شہری محفوظ مقامات کے قریب رہیں اور شہری اگلے نوٹس تک پناہ گاہوں سے دور نہ جائیں۔

    خبر رساں ادارے الجزیرہ کی جانب سے جاری تصدیق شدہ ویڈیو میں اسرائیل کے آسمانوں پر ایرانی میزائل آتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔

    یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی ہے جس میں شمالی اسرائیل کی فضا میں ایرانی کروز میزائلوں کو باآسانی دیکھا جا سکتا ہے۔

    دوسری جانب ایرانی فوج کا کہنا ہے کہ اس نے جارح صیہونی حکومت کے حملوں کے جواب میں کامیابی سے اسرائیلی اہداف کو نشانہ بنایا ہے۔ ایران کی مسلح افواج صیہونی دشمن کو بھاری ضربیں لگائیں گی۔

    مزید پڑھیں : ایران کا اسرائیل کے خلاف بہت جلد بڑی کارروائی کا فیصلہ

    اس سے قبل ایک بیان میں ایرانی حکومت کا کہنا تھا کہ اسرائیل نے ایران پر حملوں کی نئی لہرشروع کر دی ہے، اسرائیلی حملوں کے بعد ایران کے کئی شہروں میں ایئر ڈیفنس سسٹم متحرک کردیا گیا۔

    غیر ملکی خبرایجنسی کے مطابق ایرانی شہروں میں دھماکوں کی آوازیں سنی جارہی ہیں، تہران، بندرعباس ،تبریز، اصفہان، ہرمزگان، کرمانشاہ، مغربی آذربائیجان پر اسرائیلی فوج کی جانب سے حملے کیے گئے۔

  • ایران اور امریکا کے درمیان جوہری مذاکرات منسوخ

    ایران اور امریکا کے درمیان جوہری مذاکرات منسوخ

    ایران اور امریکا کے درمیان جوہری مذاکرات منسوخ ہوگئے۔

    عمانی وزیر خارجہ نے ایران اور امریکا کے درمیان مسقط میں ہونے والے جوہری مذاکرات منسوخ ہونے کی تصدیق کردی ہے۔

    عمانی وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ پائیدار امن کے حصول کا واحد راستہ سفارتکاری اور مذاکرات ہیں۔

    علاوہ ازیں روسی وزیر خارجہ نے ایرانی ہم منصب سے رابطہ کرکے اسرائیلی حملوں کی مذمت کی ہے۔

     روسی وزیر خارجہ نے کہا کہ ایران کے نیوکلیئر معاملے کے پرامن حل کے لیے کردار ادا کرنے کو تیار ہیں، مشرق وسطیٰ کی صورت حال پر فوری سفارتی اقدامات ناگزیر ہیں، اسرائیلی طاقت کے استعمال سے خطے میں عدم استحکام بڑھا ہے۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل ایران نے امریکا سے جوہری مذاکرات کو بے معنی قرار دیا تھا۔

    یہ پڑھیں: ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تمام خبریں

    اسرائیلی حملوں کے بعد ایران نے امریکا پر دوغلی پالیسی کا الزام لگاتے ہوئے کہا تھا کہ بات چیت کا دعویٰ اور اسرائیلی حملوں کی اجازت ساتھ نہیں چل سکتے۔

    ترجمان ایرانی وزارت خارجہ اسماعیل بقائی کا کہنا تھا کہ امریکا اسرائیلی حملوں میں برابر کا شریک ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ امریکا سے مذاکرات ہوں گے یا نہیں اس کا فیصلہ کل کریں گے، ہمارا جوہری پروگرام مکمل طور پر پرامن ہے۔

    ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے کہا تھا کہ بالواسطہ مذاکرات جاری رکھنے کا کوئی جواز نہیں ہے جب کہ اسرائیل کا "وحشیانہ رویہ” جاری ہے۔ واضح رہے کہ جوہری مذاکرات اتوار کو عمان میں ہونے والے تھے۔

  • ایران نے امریکا سے جوہری مذاکرات کو بے معنی قرار دے دیا

    ایران نے امریکا سے جوہری مذاکرات کو بے معنی قرار دے دیا

    تہران: ایران نے امریکا سے جوہری مذاکرات کو بے معنی قرار دے دیا۔

    الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی حملوں کے بعد ایران نے امریکا پر دوغلی پالیسی کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ بات چیت کا دعویٰ اور اسرائیلی حملوں کی اجازت ساتھ نہیں چل سکتے۔

    ترجمان ایرانی وزارت خارجہ اسماعیل بقائی کا کہنا ہے کہ امریکا اسرائیلی حملوں میں برابر کا شریک ہے۔

    انہوں نے کہا کہ امریکا سے مذاکرات ہوں گے یا نہیں اس کا فیصلہ کل کریں گے، ہمارا جوہری پروگرام مکمل طور پر پرامن ہے۔

    ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے کہا کہ بالواسطہ مذاکرات جاری رکھنے کا کوئی جواز نہیں ہے جب کہ اسرائیل کا "وحشیانہ رویہ” جاری ہے۔ واضح رہے کہ جوہری مذاکرات اتوار کو عمان میں ہونے والے تھے۔

    یہ پڑھیں: ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تمام خبریں

    گزشتہ روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران اب بھی معاہدہ کرسکتا ہے دیر نہیں ہوئی ہے۔

    ایران پر اسرائیلی حملے کے بعد امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ واضح نہیں ہے کہ ایران کا جوہری پروگرام بچ گیا ہے یا نہیں، اسرائیلی حملوں کے بعد بھی ایران سے جوہری مذاکرات اتوار کو طے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ میں نے ایران کو رسوائی اور تباہی سے بچانے کی کوشش کی، اسرائیلی حملوں کے بعد علاقائی جنگ پر تشویش نہیں ہے۔

    ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اسرائیلی حملہ ایران کے ساتھ جوہری معاہدے میں ناکامی کا نتیجہ ہے۔

  • ایرانی فورسز کا اسرائیلی جنگی طیاروں کو مار گرانے کا دعویٰ

    ایرانی فورسز کا اسرائیلی جنگی طیاروں کو مار گرانے کا دعویٰ

    ایرانی فورسز کا دعویٰ ہے کہ فضائی دفاعی نظام نے ایک اور اسرائیلی ایف 35 لڑاکا طیارے کو مار گرایا ہے۔

    عرب میڈیا نے ایرانی نیوز ایجنسی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی ایف 35 لڑاکا طیارے کو ملک کے مغرب میں گرایا گیا ہے، پائلٹ مبینہ طور پر جیٹ سے باہر نکل گیا لیکن اس کا موجودہ ٹھکانا نامعلوم ہے۔

    اسرائیلی فوج کے ترجمان نے ایرانی ذرائع ابلاغ کی طرف سے لڑاکا طیاروں کو مار گرانے کی تردید کی ہے۔

    یہ پڑھیں: ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تمام خبریں

    ایرانی میڈیا کے مطابق ایران نے ایک اور اسرائیلی ڈرون مار گرایا ہے، اسرائیلی ڈرون کو تبریز کے قریب نشانہ بنایا گیا ہے۔

    علاوہ ازیں ایران کی مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق فاکس نیوز کے تل ابیب میں موجود نمائندے نے بھی اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ایران نے صہیونی حکومت کی وزارت جنگ کے مرکز پر حملہ کیا ہے۔

    رپورٹس کے مطابق اسرائیلی میڈیا نے بھی اس حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کی جانب سے داغا گیا ایک میزائل براہ راست تل ابیب میں صہیونی وزارت جنگ کی عمارت کے قریب آ کر گرا ہے۔

    اسرائیلی میڈیا کے مطابق ایران کے وسیع میزائل حملوں کے باعث ایک اسرائیلی خاتون ہلاک اور کم از کم 70 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

  • ایران نے اسرائیل پر جوابی حملہ کردیا

    ایران نے اسرائیل پر جوابی حملہ کردیا

    ایران نے اسرائیل پر جوابی حملہ کردیا، اسرائیل پر150سے زائد میزائل داغ دیئے، اسرائیلی فوج اور میڈیا نے بھی تصدیق کردی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ایران کے جوابی حملے پر اسرائیل میں سائرن بج اٹھے، اسرائیل اور مقبوضہ مغربی کنارے میں سائرن مسلسل بج رہے ہیں،اسرائیلی عوام کو بنکرز میں جانے کے احکامات جاری کردیے گئے۔

    ایرانی میزائل حملوں کے بعد تل ابیب میں دھماکے اور دھویں کے بادل چھاگئے، ایران کے داغے گئے کئی میزائل تل ابیب میں گرے۔ جس سے خوف و ہراس پھیل گیا۔

    اسرائیلی فوج نے تصدیق کی ہے کہ ایران کی جانب سے بیلسٹک میزائل داغے گئے ہیں۔ ہمارا فضائی دفاعی نظام میزائلوں کو روکنے کے لیے کام کررہا ہے۔

    اسرائیل میں تباہی 

    ایرانی حملے کے بعد تل ابیب اور مقبوضہ بیت المقدس میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں جبکہ تل ابیب میں مختلف مقامات پر دھویں کے بادل اٹھتے دکھائی دیے۔

    اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ ایرانی میزائل حملوں سے تل ابیب میں5مقامات پر تباہی پھیل گئی ایران کے ھوابی حملے میں متعدد لوگوں کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

    اسرائیلی میڈیا کے مطابق عمان سے گزرنے والے چند ایرانی میزائلوں کو تباہ کیا گیا ہے، اردن میں بھی سائرن بج اٹھے، شہریوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق ایران کی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ اسرائیل کیخلاف جوابی کارروائی شروع کردی گئی ہے اور دشمن کو کچلنے والا ردعمل شروع ہوگیا ہے۔

    آپریشن کا نام’’وعدہ صادق3‘‘رکھا گیا

    ایرانی میڈیا کے مطابق ایران نے آپریشن کا نام’’وعدہ صادق3‘‘رکھا ہے، صہیونی حکومت کے وحشیانہ حملے کا فیصلہ کن جواب شروع کردیا گیا ہے۔

    ایران میں جشن کا سماں

    اسرائیل پر حملے کی خبر سن کر ایرانی شہری دیوانہ وار سڑکوں پر نکل آئے، مختلف شہروں میں جشن کا سماں ہے

    رپورٹ کے مطابق ایرانی فضائی دفاعی نظام بھی متحرک ہے، تبریز پر اسرائیل کے داغے گئے میزائل ناکارہ بنا دیئے گئے۔

    مزید پڑھیں : ایران کا ملک بھر میں فضائی دفاعی نظام متحرک، اسرائیلی ڈرون تباہ

    یاد رہے کہ گزشتہ روز اسرائیل کی جانب سے ایران کے خلاف باقاعدہ جنگ کا آغاز کرتے ہوئے فضائی حملوں میں جوہری تنصیبات اور 6 فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا گیا تھا۔

  • ایران کا ملک بھر میں فضائی دفاعی نظام متحرک، اسرائیلی ڈرون تباہ

    ایران کا ملک بھر میں فضائی دفاعی نظام متحرک، اسرائیلی ڈرون تباہ

    ایران نے ملک بھر میں فضائی دفاعی نظام متحرک کر دیا ہے جب کہ جوہری تنصیب کے قریب ایک ڈرون کو بھی مار گرایا گیا ہے۔

    الجزیرہ کے مطابق دارالحکومت تہران میں فضائی دفاعی نظام فعال ہے اور شہر کے مرکز میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں جو آنے والے کسی ممکنہ خطرے کو دفاعی نظام کے ذریعے انٹرسیپٹ کرنے کی کوشش ہے۔

    اسی کے ساتھ ساتھ شہر کے اندر اور مضافاتی علاقوں سے بھی دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں۔

    فردو جوہری تنصیب کے قریب اسرائیلی ڈرون مارگرایا گیا ہے جب کہ اسرائیلی تازہ حملے میں ہمدان ایئربیس اور فردیز شہر کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

    ایران کی فضائی حدود پہلے ہی مسافر طیاروں کیلئے بند ہے۔

    اسرائیل نے ایران کے خلاف باقاعدہ جنگ کا آغاز کرتے ہوئے فضائی حملوں میں جوہری تنصیبات اور 6 فوجی ادون کو نشانہ بنایا گیا۔

    https://urdu.arynews.tv/how-an-israeli-american-deception-campaign-against-iran/

    اسرائیل نے جمعہ کی صبح ایران کے درجنوں مقامات پر فضائی حملے کیے، دارالحکومت تہران کے شمال مشرقی علاقے میں بھی دھماکوں کی زور دار آوازیں سنی گئیں۔ ایرانی میڈیا نے دارالحکومت تہران کے شمالی، مغربی اور وسطی علاقوں پر حملےکی تصدیق کر دی۔

    فضائی حملوں میں پاسداران انقلاب کے سربراہ میجر جنرل حسین سلامی، جوہری سائنسدان فریدون عباسی اور محمد مہدی، ختم الانبیاء ہیڈ کوارٹر کے کمانڈر میجر جنرل غلام علی راشد و دیگر شہید ہوگئے۔

    دوسری جانب اسرائیل نے دعویٰ کیا ہے کہ تہران کے جوہری تنصیبات اور فوجی اہداف کو نشانہ بنا گیا، ایران سے اب کوئی ایٹمی خطرہ نہیں رہا۔

    ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے کہا کہ اپنے ایٹمی حقوق سے ایک قدم بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے، یورینیم کی افزودگی کا سلسلہ جاری رہے گا۔

  • اسرائیلی حملے کے  بعد ایران  کا جوابی وار

    اسرائیلی حملے کے بعد ایران کا جوابی وار

    تہران : ایران نے جوابی وار کرتے ہوئے اسرائیل پر 100 ڈرونز سے حملہ کردیا ، اسرائیلی فوج کی جانب سے ایرانی حملے کی تصدیق کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق اسرائیلی حملے کے جواب میں ایران نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے اسرائیل پر 100 ڈرونز سے حملہ کردیا

    اسرائیلی فوج کی جانب سے ایرانی ڈرون حملے کی تصدیق کردی گئی۔

    اسرائیلی فوج کا بتانا تھا کہ ایران میں 100 سے زائد مقامات کو نشانہ بنایا گیا اور 200 طیاروں سے ایران پر حملے کیے گئے۔

    یاد رہے آج صبح اسرائیل نے ایران پرفضائی حملہ کیا تھا ، تہران میں پاسداران انقلاب کے صدر دفتر کواسرائیل نے نشانہ بنایا تھا۔

    مزید پڑھیں : اسرائیل نے ایران پر فضائی حملہ کردیا

    ایران کے سرکاری میڈیا نے اسرائیلی حملے میں پاسداران انقلاب کے کمانڈر حسین سلامی ایران کی جوہری ایجنسی کےسابق ڈائریکٹرفریدون عباسی اورآزادیونیورسٹی کےسربراہ محمد مہدی تہرانچی کی شہادت کی تصدیق کردی۔

    ایرانی قیادت کا اعلیٰ ترین سیکیورٹی اجلاس جاری ہے اور ملک بھر میں ہنگامی حالت کا اعلان کردیا گیا ہے۔

    مزید پڑھیں : اسرائیل اور امریکا کو بھاری قیمت چکانی پڑے گی، بریگیڈئیر جنرل ابوالفضل

    ایرانی میڈیا کے مطابق اسرائیلی حملوں سے متعدد رہائشی علاقے متاثر ہوئے ہیں اور ایران کی فضائی حدود پروازوں کیلئے بند کردی گئیں۔

    روسی میڈیا کا کہنا تھا کہ اسرائیلی فضائی حملے میں تہران میں واقع کئی منزلہ عمارت منہدم ہوگئی۔

    واضح رہے اسرائیل نے گزشتہ روزایران پر حملے کی دھمکی دیتے ہوئے امریکی اور یورپی حکام کو بھی آگاہ کر دیا تھا۔

  • اسرائیل کا ایران پر حملہ، فضائی حملوں میں جوہری اور فوجی اہداف کو نشانہ بنایا

    اسرائیل کا ایران پر حملہ، فضائی حملوں میں جوہری اور فوجی اہداف کو نشانہ بنایا

    اسرائیل نے ایران کے خلاف باقاعدہ جنگ کا آغاز کر دیا، فضائی حملوں میں جوہری اور 6 فوجی ادون کو نشانہ بنایا گیا۔

    خبر رساں ایجنسی کے مطابق اسرائیل نے جمعہ کی صبح ایران میں درجنوں مقامات پر فضائی حملے کیے ہیں، دارالحکومت تہران کے شمال مشرقی علاقے میں بھی دھماکوں کی زور دار آوازیں سنی گئیں۔

    رپورٹ کے مطابق اسرائیل کی جانب سے ایران پر میزائل حملوں کے بعد جنگی طیاروں سے بمباری کی، ایران کے جوہری اڈوں نیتانز اور فردو میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔

    دوسری جانب ایرانی میڈیا نے دارالحکومت تہران کے شمالی، مغربی اور وسطی علاقوں پر حملےکی تصدیق کر دی ہے، ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے کہا کہ اپنے ایٹمی حقوق سے ایک قدم بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے، یورینیم کی افزودگی کا سلسلہ جاری رہے گا۔

    اس کے علاوہ اسرائیل نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیل جوہری اور فوجی اہداف کو نشانہ بنا گیا، ایران میں جوہری تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا، ایران سے اب کوئی ایٹمی خطرہ نہیں رہا۔

    اسرائیلی حملے میں پاسداران انقلاب کے سربراہ شہید

    ایرانی میڈیا نے تصدیق کی ہے کہ اسرائیلی حملے میں پاسداران انقلاب کے سربراہ میجر جنرل حسین سلامی، ایران کے جوہری سائنسدان فرید عباسی اور محمد مہدی شہید ہوگئے۔

    ختم الانبیا ہیڈ کوارٹر کے کمانڈر میجر جنرل غلام علی راشد کی بھی ان حملوں میں شہید ہونے کی تصدیق کر دی  گئی ہے، اس کے علاوہ پاسداران انقلاب کے کمانڈر حسین سلامی اور ایرانی آرمی چیف  جنرل محمد باقری اسرائیلی حملے میں شہید ہوگئے ہیں۔

    ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ ایران کے سابق قومی سلامتی کے سربراہ علی شمخانی اسرائیلی حملے میں شہید ہوگئے ہیں، علی شمخانی ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کے اہم مشیر تھے۔

    ایرانی میڈیا کے مطابق اسرائیلی حملے میں پاسداران انقلاب کے کمانڈر حسین سلامی شہید ہوگئے، جس کے بعد جنرل احمدواحدی کو پاسداران انقلاب کا کمانڈر انچیف مقرر کردیا گیا ہے۔

    ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ کا ردعمل

    ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے اسرائیلی حملوں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل کو حملے کی سخت سزا ملے گی، اسرائیل سخت سزا کا انتظار کرے۔

    ایران کے سپریم لیڈر نے کہا کہ اسرائیلی حکومت کو اب سنگین نتائج کیلئے تیار رہنا چاہیے، جاری بیان میں انہوں نے اسرائیلی حملے میں کئی اعلی فوجی حکام اور سانسدانوں کے شہید ہونے کی تصدیق کی۔

    آیت اللہ خامنہ ای کا کہنا تھا کہ صہیونی حکومت نے اپنے شیطانی اور خونی ہاتھوں سے ہمارے ملک میں جرم کا ارتکاب کیا اور رہائشی علاقوں کو نشانہ بناکر اپنی فطرت کو مزید آشکار کیا ہے، اب اسرائیلی حکومت ہمارے سخت ردعمل کا انتظار کرنا چاہیے۔

    ہماری لڑائی ایرانی آمریت سے ہے، نیتن یاہو

    دوسری جانب اسرائیلی وزیراعظم نتین یاہو نے ایران پر حملے کے بعد جاری بیان میں کہا کہ ہماری لڑائی ایرانی عوام سے نہیں بلکہ ایرانی آمریت سے ہے، اسرائیل کی بقا کیلئے ایران کی جوہری تنصیبات پر ٹارگٹڈ آپریشن کیا۔

    اسرائیلی وزیراعظم نے کہا ہے کہ ایران کے جوہری  افزودگی نظام کو نشانہ بنایا ہے، ایران کو نطنز جوہری تنصیب کو نشانہ بنایا، ہم اسرائیل کی تاریخ کے فیصلہ کن موڑ پر ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ایران کے خلاف کارروائی دن تک جاری رہے گی، اسرائیل کی بقا کیلئے ایران کی جوہری تنصیبات پر ٹارگٹڈ آپریشن کیا۔

    امریکا کا ردعمل

    ایران پر اسرائیلی حملے کے بعد امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے اہم بیان جاری کیا جس میں کہا ہے کہ اسرائیل نے ایران کے خلاف یکطرفہ کارروائی کی ہے امریکا ایران کے خلاف حملوں میں ملوث نہیں ہے۔

    امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ ہماری ترجیح خطے میں امریکی افواج کا تحفظ ہے،  اسرائیل نے ہم سے کہا کہ ایران کیخلاف کارروائی اپنے دفاع کیلئے ضروری تھی۔

    تہران کے رہائشی علاقے میں اسرائیلی حملے میں 5 افراد شہید

    ایرانی میڈیا کے مطابق تہران کے رہائشی علاقے پر اسرائیلی حملے میں 5 افراد شہید ہوگئے، ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ اسرائیلی حملوں میں خواتین اور بچوں سمیت 50 افراد بھی زخمی ہوئے ہیں۔