Category: اہم ترین

پاکستان اور دنیا بھر سے اہم ترین خبریں جاننے کے لئے اے آر وائی نیوز کی اردو ویب سائٹ پر آئیں

Important Breaking News from Pakistan and World from ARY News Urdu

  • ثناء یوسف قتل کیس: ملزم عمر حیات کے تہلکہ خیز انکشافات

    ثناء یوسف قتل کیس: ملزم عمر حیات کے تہلکہ خیز انکشافات

    اسلام آباد میں معروف سوشل میڈیا انفلوئنسر ثناء یوسف کے قتل نے معاشرے کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے۔ اس واقعے نے معاشرتی زوال اور بڑھتی ہوئی عدم برداشت کی نشاندہی کی ہے۔ قتل کے مرکزی ملزم عمر حیات کو گرفتار کر لیا گیا ہے جس نے دورانِ تفتیش لرزہ خیز انکشافات کیے ہیں۔

    قاتل نے ایک معصوم جان صرف اس لیے لے لی کہ مقتولہ نے اس سے دوستی کرنے سے انکار کر دیا تھا۔ یہ واقعہ ذاتی زندگی میں بلاوجہ کی مداخلت اور شدت پسندی کے بڑھتے ہوئے رجحان کی عکاسی کرتا ہے۔


    ملزم کی گرفتاری اور اعتراف جرم

    اسلام آباد پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم عمر حیات کو 20 گھنٹے کے اندر فیصل آباد سے گرفتار کیا۔ پولیس کے مطابق، ملزم نے ثناء یوسف کے قتل کا اعتراف کر لیا ہے۔ عمر حیات نے بتایا کہ دوستی سے انکار پر اسے شدید غصہ آیا جس کے بعد اس نے ثناء پر فائرنگ کر دی۔


    عدالتی کارروائی اور شناخت پریڈ کا حکم

    ملزم عمر حیات کو اسلام آباد کی عدالت میں پیش کیا گیا جہاں عدالت نے اسے شناخت پریڈ کے لیے جوڈیشل لاک اپ بھیجنے کا حکم دیا۔ عدالت نے یہ بھی ہدایت کی کہ شناخت پریڈ مکمل ہونے تک ملزم کو کسی سے ملنے نہ دیا جائے۔


    تفتیش میں سامنے آنے والے حقائق

    دورانِ تفتیش یہ بات سامنے آئی کہ ملزم ثناء یوسف سے مسلسل رابطہ کرنے کی کوشش کر رہا تھا جبکہ ثناء اسے بار بار منع کر رہی تھی۔ ملزم گزشتہ کئی دنوں سے سوشل میڈیا کے ذریعے بھی ثناء یوسف سے رابطہ کرنے کی کوشش میں تھا۔

    دو جون کو بھی ملزم ثناء یوسف کے گھر آیا اور تقریباً 7 سے 8 گھنٹے تک اس کا انتظار کیا۔ جب ثناء نے اس دن بھی ملزم سے ملنے سے انکار کیا تو عمر حیات نے باقاعدہ منصوبہ بندی کی اور اس واردات کو انجام دیا۔


    معاشرتی رویے اور والدین کے لیے سبق

     یہ کیس والدین کے لیے ایک اہم سبق ہے کہ وہ اپنی بیٹیوں پر نظر رکھیں خاص طور پر جب وہ سوشل میڈیا پر اکاؤنٹس بناتی ہیں۔ اگر ہراسانی کا کوئی واقعہ پیش آئے تو بچیوں کو اتنی آزادی ہونی چاہیے کہ وہ اپنے والدین یا دوستوں سے بات شیئر کر سکیں۔ اگر ثناء کے گھر والوں کو ایسی کوئی معلومات ہوتی تو شاید اس واقعے کو روکا جا سکتا تھا۔

    ہمارے شہروں میں ایسے لوگ بھی آ رہے ہیں جنہیں ہم نہیں جانتے۔ ایسے کسی بھی شخص سے میل جول سے پہلے اس کا پس منظر اور تعلق ضرور جانچ لینا چاہیے لیکن اکثر اوقات لوگوں کو گلی میں چلنے والے شخص کے بارے میں کوئی معلومات نہیں ہوتی۔ ایسے لوگ جھوٹ بول کر اس قسم کے خطرناک کام کرتے ہیں۔ والدین کو اپنے بچوں کے حوالے سے بہت محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔

    واضح رہے کہ آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے گزشتہ روز ٹک ٹاکر ثناء یوسف کے قتل کے ملزم کی گرفتاری کی تصدیق کی تھی اور بتایا تھا کہ ملزم کو فیصل آباد سے گرفتار کر کے ثناء یوسف کا موبائل فون بھی اس کے قبضے سے برآمد کر لیا گیا ہے

  • سلامتی کونسل میں غزہ پر قرار داد امریکا نے ویٹو کردی

    سلامتی کونسل میں غزہ پر قرار داد امریکا نے ویٹو کردی

    غزہ میں انسانی بحران جاری ہے، فلسطینیوں کے برے دن ابھی بھی کم نہ ہوسکے، امریکا نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں غزہ میں مستقل جنگ بندی اور امداد کی بلا رکاوٹ فراہمی کی قرار داد ویٹو کر دی۔

    اقوام متحدہ سلامتی کونسل میں غزہ میں مستقل جنگ بندی کی قرار داد پاکستان سمیت 10 غیر مستقل ارکان کے ساتھ مل کر الجزائر نے پیش کی تھی۔

    اقوام متحدہ میں امریکا کی قائم مقام سفیر ڈوروتھی شیا کا کہنا تھا کہ اسرائیل کی سیکیورٹی کو نقصان پہنچانے والی کوئی بھی چیز قبول نہیں، حماس کو شکست دینا اور دوبارہ خطرہ نہ بننے دینا اسرائیل کا حق ہے، مزید یہ کہ امریکی مخالفت کسی کو حیرانی نہیں ہونی چاہیے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ یہ قرارداد زمینی حقائق کو نظر انداز کرتے ہوئے جنگ بندی کی کوششوں کو نقصان پہنچائے گی اور حماس کو تقویت دے گی۔

    قرارداد میں غزہ میں مستقل جنگ بندی اور بلارکاوٹ امداد کی رسائی کا مطالبہ شامل تھا تاہم امریکا نے سلامتی کونسل میں پیش کی گئی غزہ میں مستقل جنگ بندی کی قرارداد ویٹو کردی۔

    سلامتی کونسل کے 14 ارکان نے غزہ جنگ بندی مطالبے کےحق میں ووٹ دیا، قرارداد کےحق میں ووٹ دینے والوں میں پاکستان بھی شامل تھا۔

    واضح رہے کہ اسرائیل نے بغیر کسی شرط کے مستقل جنگ بندی کی تمام اپیلوں کو مسترد کر دیا ہے۔ اسرائیل کا مؤقف ہے کہ حماس کو غزہ میں رہنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

    مارچ میں دو ماہ کی جنگ بندی کے خاتمے کے بعد سے اسرائیل نے اپنی فوجی کارروائی دوبارہ شروع کر دی ہے تاکہ حماس کے قبضے میں موجود یرغمالیوں کو بازیاب کروایا جا سکے۔

  • آئندہ مالی سال کے لیے 1000 ارب روپے کا وفاقی ترقیاتی بجٹ منظور

    آئندہ مالی سال کے لیے 1000 ارب روپے کا وفاقی ترقیاتی بجٹ منظور

    وزیراعظم کی زیر صدارت قومی اقتصادی کونسل کے اجلاس میں آئندہ مالی سال 26-2025 کے لیے ایک ہزار ارب روپے کے ترقیاتی بجٹ کی منظوری دی گئی۔

    اے آر وائی نیوز کےمطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت قومی اقتصادی کونسل کا اجلاس ہوا جس میں وفاق کے نمائندوں سمیت چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ نے شرکت کی۔

    اس موقع پر قومی اقتصادی کونسل نے اگلے مالی سال کے لیے ایک ہزار ارب روپے کے وفاقی بجٹ کی منظوری دی جبکہ آئندہ مالی سال کے لیے 4.2 فیصد جی ڈی پی گروتھ بھی منظور کی گئی۔

    ذرائع پلاننگ کمیشن کے مطابق بلوچستان میں این 25 کے لیے بجٹ میں کٹوتی کی گئی اور اس منصوبے کے لیے مجوزہ 120 ارب کے بجائے 100 ارب کا پیکج منظور کیا گیا۔

    این ای سی نے اگلے مالی سال کے لیے برآمدات کا ہدف 35 ارب ڈالر مقرر کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔

    اجلاس میں قومی ترقیاتی پلان، پی ایس ڈی پی، میکرو اکنامک اہداف کا جائزہ لیا گیا اور زراعت، صنعت، سروسز سیکٹر کے اہداف کی منظوری دی گئی۔

    شہباز شریف حکومت اپنا دوسرا بجٹ 10 جون پر پیش کرے گی

    اجلاس سے قل وزیراعظم شہباز شریف نے چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ سے فرداً فرداً ملاقات کی۔

     

  • پاکستان سلامتی کونسل کی انسداد دہشتگردی کمیٹی کا نائب صدر منتخب

    پاکستان سلامتی کونسل کی انسداد دہشتگردی کمیٹی کا نائب صدر منتخب

    پاکستانی موقف کی بڑی کامیابی اقوام متحدہ میں سلامتی کونسل کی 15 رکنی انسداد دہشتگردی کمیٹی کی نائب صدارت پاکستان کو مل گئی۔

    بھارت کو دنیا بھر میں منہ کی کھانی پڑ رہی ہے۔ گزشتہ ماہ پہلگام فالس فلیگ آپریشن کی آڑ میں پاکستان پر جنگی جارحیت پر جہاں پاک فوج نے منہ توڑ جواب دے کر دنیا بھر میں رسوا کیا، وہیں اپنے انتہا پسندانہ موقف کی وجہ سے دنیا بھر میں ہندوستان کی تنہائی بڑھتی جا رہی ہے۔

    ایک اور سفارتی میدان میں پاکستان کو بڑی کامیابی ملی ہے اور بھارٹ کو بڑا دھچکا پہنچا ہے۔ اس کے تمام تر منفی ہتھکنڈوں اور پروپیگنڈے کو مسترد کرتے ہوئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی 15 رکنی انسداد دہشتگردی کمیٹی کی نائب صدارت پاکستان کو مل گئی ہے۔

    سلامتی کونسل کمیٹی عالمی سطح پر دہشتگردی کے خلاف اقدامات کی نگرانی کرتی ہے اور پاکستان طالبان پر پابندیوں سےمتعلق کیمٹی کی صدارت بھی کرے گا۔

    یہ کمیٹی طالبان کے اثاثے منجمد کرنے، سفری پابندیوں اور ہتھیاروں کی روک تھام کے فیصلے بھی کرے گی۔

    اعلیٰ سفارت کار نے اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی انسداد دہشتگردی کمیٹی کی نائب صدارت ملنے پر کہا ہےکہ ہے اس سے بھارت کا پاکستان کو دہشتگردوں کا سہولت کار قرار دینے کا بھارتی بیانیہ دفن ہو گیا ہے۔

    سفارت کار کے مطابق سلامتی کونسل کی 15 رکنی انسداد دہشتگردی کمیٹی کے نائب صدر کی حیثیت سے پاکستان عالمی چیلنجز کے حل میں اپنا فعال کردار ادا کرنے گا۔

    واضح رہے کہ بھارت کے دہشتگرد عزائم اور منافقانہ چہرہ بے نقاب کرنے کے لیے پاکستان کا پارلیمانی وفد بلاول بھٹو کی قیادت میں امریکا، برطانیہ اور یورپی ممالک کے دورے پر ہے۔

    https://urdu.arynews.tv/bilawal-bhutto-modi-and-netanyahu/

  • ثنا یوسف قتل کیس میں بڑی پیش رفت

    ثنا یوسف قتل کیس میں بڑی پیش رفت

    اسلام آباد : ٹک ٹاکر ثنا یوسف قتل کیس میں بڑی پیش رفت ہوئی، عدالت نے ملزم عمر حیات کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے جوڈیشل مجسٹریٹ نے ٹک ٹاکر ثنا یوسف قتل کیس کی سماعت کی ، ملزم کو جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا گیا۔

    متعلقہ عدالت کے پراسیکیوٹر،ڈسٹرکٹ پراسیکیوٹر عدالت سے غیرحاضر تھے، جس پر ڈیوٹی مجسٹریٹ احمدشہزاد گوندل نے ڈیوٹی پراسیکیوٹرز پر اظہار برہمی کیا۔

    جوڈیشل مجسٹریٹ نے کہا کہ میری عدالت کے پراسیکیوٹر کہاں ہیں؟ ڈسٹرکٹ پراسیکیوٹر کو کمرہ عدالت میں بلائیں، جس پر ڈیوٹی پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ پراسیکیوٹر چھٹیوں پر ہیں۔

    جوڈیشل مجسٹریٹ نے کہا کہ ڈسٹرکٹ پراسیکیوٹر آئے گا تو کیس چلےگا۔

    مزید پڑھیں : ثناء یوسف کو کیوں قتل کیا گیا ، ملزم کون ہے؟ تفصیلات سامنے آگئیں

    تفتیشی افسرکی جانب سے ملزم کو شناخت پریڈ کیلئے جوڈیشل لاک اپ میں بھیجنے کی استدعاکی گئی، جس پر عدالت نے ملزم عمرحیات کی شناخت پریڈ کی درخواست منظور کرلی۔

    عدالت نے ملزم عمرحیات کو شناخت پریڈ کیلئے 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈپرجیل بھیج دیا گیا۔

    عدالت نے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو ہدایت کی کہ وہ شناخت پریڈ کیلئے اقدامات کریں اور شناخت پریڈ تک کسی سے ملاقات نہ کرائی جائے۔

    جوڈیشل مجسٹریٹ نے تفتیشی افسر کو شناخت پریڈکی رپورٹ 18جون سے پہلے جمع کرانے کی ہدایت کردی۔

    یاد رہے اسلام آباد میں گھر میں گھس کر 17 سالہ ٹک ٹاکر ثناء یوسف کو قتل کرنے والے 22 سالہ ملزم عمر حیات عرف کاکا کو پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے گرفتار کرلیا تھا۔

    پولیس کے مطابق ملزم ثناء سے دوستی کرنا چاہتا تھا لیکن وہ انکار کررہی تھی تو ملزم نے طیش میں آکر گولیاں مار دیں۔

    آئی جی اسلام آباد ناصر رضوی نے بتایا تھا کہ سوشل میڈیا انفلوئنسر ثناء یوسف سے لڑکا بار بار رابطہ کرنے کی کوشش کررہا تھا اور وہ بار بار اس کی دوستی کو مسترد کررہی تھیں۔

    ثناء یوسف نے قاتل کو مرنے سے قبل کیا کہا تھا؟

  • شہباز شریف حکومت اپنا دوسرا بجٹ 10 جون پر پیش کرے گی

    شہباز شریف حکومت اپنا دوسرا بجٹ 10 جون پر پیش کرے گی

    اسلام آباد : شہباز شریف حکومت اپنا دوسرا بجٹ 10 جون پر پیش کرے گی ،آئی ایم ایف نے آئندہ مالی سال کفایت شعاری اقدام پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق شہباز شریف حکومت آئندہ مالی سال کا بجٹ 10 جون کو پیش کرے گی ، آئندہ مالی سال کے بجٹ کا حجم سترہ اعشاریہ آٹھ ٹریلین روپے کے لگ بھگ ہوگا جو رواں مالی سال کے حجم سے نوسو ارب روپے کم اور 6 ہزار 632ارب روپے خسارہ ہوسکتا ہے۔

    وزارت خزانہ کے ذرائع کا کہنا ہے آئی ایم ایف نے کفایت شعاری اقدام پرسختی سے عملدرآمد کی ہدایت کی ہے تو آئندہ بجٹ میں کفایت شعاری مہم پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے گا۔

    یہی وجہ ہے بجٹ میں تمام وفاق وزارتوں اور محکموں میں نئی گاڑیاں خریدنے پر پابندی ہو گی جبکہ وفاقی وزارتوں اور محکموں کے بجلی اور گیس کے بل محدود رکھا جائے گا۔

    آئی ایم ایف نے غیر ضروری ضمنی گرانٹس کے اجراء پر پابندی کا مطالبہ کیا ہے، اس لئے صرف قدرتی آفات کے دوران ہی ہنگامی ضروری سپلیمنٹری فنڈز جاری ہو سکیں گے، بجٹ کے علاوہ غیر اعلانیہ منصوبوں یا دیگر مد میں فنڈز خرچ نہیں کیے جائیں گے۔

    مزید پڑھیں : قومی اقتصادی کونسل کا اجلاس آج طلب، بجٹ اہداف کی منظوری دی جائے گی

    آئندہ مالی سال قرضوں پر سود ادائیگیوں کیلئے 8685 ارب روپے مختص ہوسکتے ہیں، مقامی قرض اور سود کی ادائیگی پر 7503 ارب روپے کا تخمینہ جبکہ غیر ملکی قرض اور سود کی ادائیگی پر 1119 ارب روپے کا تخمینہ ہے۔

    آئندہ مالی سال وفاق کا سبسڈی دینے کا تخمینہ 1367 ارب روپے ہے جبکہ وفاق کی جانب گرانٹس دینے کا تخمینہ 1619 ارب روپے ہے۔

    اس کے علاوہ آئندہ مالی سال صوبوں سے 1220 ارب کا سرپلس ملنے کا تخمینہ ہے اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے لیے 716 ارب روپے مختص ہوسکتے ہیں۔

    آئندہ مالی سال سہ ماہی وظیفہ 13500 روپے سے بڑھانے اور جنوری 2026 میں سہ ماہی وظیفہ 14500 روپے کرنے کا تخمینہ ہے۔

  • شمالی وزیرستان: سیکیورٹی فورسز کا  آپریشن، 14  بھارتی اسپانسرڈ  خارجی ہلاک

    شمالی وزیرستان: سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، 14 بھارتی اسپانسرڈ خارجی ہلاک

    دتہ خیل : سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 14بھارتی اسپانسرڈ خارجیوں کو ہلاک کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل میں سیکیورٹی فورسز نے فتنہ الخوارج کی موجودگی کی اطلاعات پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ دو اور تین جون کو کئے گئے آپریشن میں سیکیوٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا۔

    ترجمان نے کہا کہ آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں چودہ بھارتی حمایت یافتہ خوارج مارے گئے، جس کے بعد علاقے میں ممکنہ خوارج کے خاتمے کیلئے کلیئرنس آپریشن بھی کیا گیا۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے سیکیورٹی فورسز بھارتی سرپرستی میں دہشت گردی کے خاتمے کے لئے پرعزم ہیں ۔۔

    وزیراعظم شہبازشریف نے بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج کے چودہ دہشت گردوں کو جہنم رسید کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔

    وزیراعظم کا کہنا تھا انسانیت کے دشمن دہشت گردوں کے مذموم عزائم خاک میں ملا دیں گے،سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت کی بدولت ہم دہشت گردی کی عفریت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے، حکومت اور سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پر عزم ہیں۔

    وزیرداخلہ محسن نقوی نے بھی بھارتی اسپانسرڈفتنہ الخوارج کیخلاف کامیاب آپریشن پرفورسزکو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے آپریشن پرفورسزکی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کوسراہا۔

    ان کا کہنا تھا کہ فورسز کو 14 بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردوں کوجہنم واصل کرکےبڑی کامیابی ملی، دہشت گردوں کے ناپاک ارادوں کو ناکام بنانے پر فورسز کوسلام پیش کرتے ہیں۔

    یاد رہے گذشتہ روز سیکیورٹی فورسز کے بلوچستان میں فتنہ الہندوستان کیخلاف مختلف علاقوں میں دو آپریشنز کے دوران 7 دہشتگردہلاک کر دیے گئے تھے۔

  • مودی کا مقبوضہ کشمیر اور نیتن یاہو کا فلسطین میں ظلم دونوں ایک ہی چہرے ہیں، بلاول بھٹو

    مودی کا مقبوضہ کشمیر اور نیتن یاہو کا فلسطین میں ظلم دونوں ایک ہی چہرے ہیں، بلاول بھٹو

    نیو یارک : پاکستانی وفد کے سربراہ اور چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو  نے کہا ہے کہ مودی کا مقبوضہ کشمیر اور نیتن یاہو کا فلسطین میں ظلم دونوں ایک ہی چہرے ہیں۔

    یہ بات انہوں نے نیویارک میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی، بلاول بھٹو نے کہا کہ مودی کی پالیسیاں بھارت میں انتہا پسندی کو ہوا دے رہی ہیں۔

    پاکستانی وفد کے سربراہ نے کہا کہ مودی اور نیتن یاہو دونوں انتہا پسند ہیں جو نفرت کو فروغ دے رہے ہیں، مودی کا مقبوضہ کشمیر میں اور نیتن یاہو کا فلسطین میں ظلم دونوں ایک ہی چہرے ہیں۔

    بلاول کا کہنا تھا کہ مودی اور نیتن یاہو نےانسانی حقوق کی پامالیوں میں عالمی سطح پر بدنامی حاصل کی، مودی اور نیتن یاہو کی پالیسیاں خطے کےامن کی سب سے بڑی رکاوٹ ہیں، مودی اور نیتن یاہو کی حکومتیں نسل پرستی اور ظلم کی علامت بن چکی ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ مودی سرکار نے بھارت کو عالمی سطح پر تنقید کے مرکز میں لاکھڑا کیا ہے، مودی حکومت انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کررہی ہے، بھارت میں اقلیتوں کی حالت خراب کردی گئی ہے۔

    چاہتے تو بھارت کے 20 طیارے گرا سکتے تھے

    بلاول بھٹو نے کہا کہ دہشت گردی کو سیاسی مقاصد کیلیے استعمال نہیں ہونا چاہیے، بھارت نے بنا تحقیق پہلگام حملے کا پاکستان پر الزام لگا کر پاکستان کی سرحدی خلاف ورزی کی اور معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا جبکہ وزیراعظم پاکستان نے غیرجانبدارانہ تحقیقات کی پیش کش بھی کی تھی۔

    حملوں کے جواب میں ہماری فضائیہ نے بھارت کے 20طیارے لاک کرلئے تھے، ہم چاہتے تو بھارت کے 20طیارے گراسکتے تھے مگر ہم نے صرف 6تباہ کئے۔ پاکستان نے ان ہی طیاروں کو نشانہ بنایا جنہوں نے بمباری کی، بھارت نے میزائل داغے جس پر پاکستان نے مؤثر جواب دیا۔

    بھارتی جارحیت اور پاکستان کی سرحدی حدود کی خلاف ورزی کے جواب میں پاکستان نے اپنا بھرپور دفاع کیا، بھارت کیخلاف کوئی جارحانہ اقدام نہیں کیا۔

    امریکی صدر اور امریکی وزیرخارجہ نے سیزفائر کے لیے پہلا قدم اٹھاتے ہوئے اہم کردار ادا کیا، جسے سراہتے ہیں، سیزفائر سے پہلے دنیا کا امن خطرے میں تھا، دو ایٹمی طاقتیں جنگ کے دہانے پر آگئی تھیں۔

    آئندہ ایسا واقعہ ہوا تو حالات درست کرنے کا وقت بھی نہیں ملے گا، صورتحال بگڑنے سے پہلےعالمی برادری کو کردار ادا کرنا چاہیے، پاک بھارت کی موجودہ صورتحال کا حل صرف ڈائیلاگ ہے، پاکستان بھارت کے ساتھ جامع مذاکرات چاہتا ہے۔

    مودی اب کشمیر کا قصائی بن گیا

    انہوں نے کہا کہ مودی پہلے گجرات کا قصائی بنا اب کشمیر کا قصائی بن گیا ہے، مودی اب پانی بند کرکے وادی سندھ کی تہذیب کا قصاب بننا چاہتا ہے، ہم پانی کو بطور ہتھیار استعمال نہیں کرنے دیں گے۔

    بھارت کے ساتھ امن چاہتے ہیں لیکن شرائط پر نہیں، بھارت کی جانب سے پانی روکنا بین الاقوامی معاہدوں کی کھلی خلاف ورزی ہے، ہم پاکستان کا پانی روک دیا جائے تو ہم خاموش کیسے بیٹھیں؟

    پانی روکنا دشمنی نہیں کھلی جنگ ہے،

    بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے دریاؤں کاپانی روکنا دشمنی نہیں کھلی جنگ ہے، پاکستان خاموش نہیں رہے گا، اپنے حقوق کادفاع کرےگا۔ پاکستان نے سب سے بڑے فورم پر دنیا کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ پانی لائف لائن ہے۔

    دنیا کے کسی بھی ملک کی واٹر سپلائی بند کردی جائے تو ردعمل کیا ہوگا، دہشت گردی ہو یا مسئلہ کشمیر واحد اور بہترین راستہ ڈائیلاگ ہے۔ بھارت کو مذاکرات کےلیے ماحول پیدا کرنا ہوگا، پاکستان ہمیشہ تیار ہے، مودی کے پاس دو ہی راستے ہیں امن یا تباہی۔ غیر ریاستی عناصر کے ہاتھ میں فیصلہ دینگے تو دو ایٹمی طاقتیں آمنے سامنے ہوں گی۔ایٹمی جنگ چھڑی تو اثر پوری دنیا پر پڑے گا۔

  • بھارت نے مزید کوئی حرکت کی تو اسے دوبارہ سبق سکھائیں گے، وزیراعظم

    بھارت نے مزید کوئی حرکت کی تو اسے دوبارہ سبق سکھائیں گے، وزیراعظم

    پشاور: وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ بھارت نے مزید کوئی حرکت کی تو اسے دوبارہ سبق سکھائیں گے۔

    پشاور میں منعقدہ جرگے میں وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل عاصم منیرم گورنر فیصل کریم کنڈی اور وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور نے شرکت کی۔

    وزیراعظم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دشمن نے پاکستان پر حملہ کیا بے گناہ لوگوں کو شہید کیا، عوام نے مسلح افواج کے لیے تہجد کے وقت دعائیں مانگیں، فیلڈ مارشل کی قیادت میں پاکستان نے دشمن کو زندگی بھر کا سبق سکھایا ہے۔

    شہباز شریف نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں مسلح افواج نے جو سبق دیا بھارت زندگی بھر نہیں بھولے گا، ترقی و خوشحالی کے میدان میں بھی پاکستان کی قوم عظیم بن کر ابھرے گی، سندھ طاس معاہدے پر بھارت دن رات پانی بند کرنے کی دھمکیاں دیتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ سندھ طاس معاہدے پر بھارت دن رات پانی بند کرنے کی دھمکیاں دیتا ہے،  پانی کے مسئلے پر چاروں صوبوں کے ساتھ مل بیٹھ کر فیصلہ کرنا ہے، سندھ طاس معاہدے کے تحت پانی کے ایک ایک قطرے پر پاکستان کا حق ہے۔

    علاوہ ازیں وزیراعظم نے کہا کہ علی امین گنڈاپور نے کہا کہ این ایف سی کو 15 سال ہوگئے اس پر نظرثانی کرنا ہوگی، ڈیڑھ ماہ پہلے اس پر کمیٹی بنائی اور این ایف سی پر غور کیا گیا، پہلی میٹنگ این ایف سی کی اگست میں بلائیں گے۔

    شہباز شریف کا کہنا تھا کہ 2010 مٰں این ایف سی ایوارڈ میں پہلا ایجنڈا کے پی میں دہشت گردی سے متعلق ہے، این ایف سی میں دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے ایک فیصد پر تمام صوبوں نے اتفاق کیا ہے، دہشتگردی کے خاتمے تک این ایف سی کا یہ فنڈ جاری رہے گا۔

    انہوں نے کہا کہ کے پی آج بھی دہشت گردی کے خلاف فرنٹ لائن پر کردار ادا کررہا ہے، وفاق کے پاس جو بھی وسائل ہیں وہ پاکستان بھر کے وسائل ہیں، ان وسائل میں کے پی، سندھ، پنجاب، بلوچستان، اے جے کے، جی بی کا حصہ ہے، این ایف سی ایوارڈ سے متعلق کے پی حکومت کے مسائل کو مل بیٹھ کر حل کریں گے۔

  • ٹک ٹاکر ثنا یوسف کا قتل کیسے ہوا؟ والدہ نے پوری تفصیل بتادی

    ٹک ٹاکر ثنا یوسف کا قتل کیسے ہوا؟ والدہ نے پوری تفصیل بتادی

    اسلام آباد: ٹک ٹاکر ثنا یوسف کے قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا ، جس میں والدہ نے اپنی بیٹی کے قتل کی دلخراش تفصیلات بتائیں۔

    تفصیلات کے مطابق ٹک ٹاکر ثنا یوسف کے قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا، مقدمہ مقتولہ کی والدہ کی مدعیت میں درج کیا گیا۔

    والدہ نے بتایا کہ پیر کی شام 5 بجے ملزم ہمارے گھرداخل ہوا اور فائرنگ کی، ثنا پر فائرنگ کرنےکےبعدملزم فرارہوا۔

    مقدمے کے متن میں کہنا تھا کہ ثنا کو 2گولیاں لگیں، زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا تاہم ثناء زخمیوں کی تاب نہ لاتے ہوئے فوت
    ہوگئی

    والدہ نے مزید کہا کہ ملزم کو سامنے آنے پر شناخت کرسکتے ہیں۔

    یاد رہے گزشتہ روز وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں نوجوان نے ٹک ٹاکر خاتون کو گولیاں مار کر قتل کر دیا تھا۔

    ابتدائی اطلاعات کے مطابق واقعہ تھانہ سنبل کی حدود میں پیش آیا ، ٹک ٹاکر کا تعلق چترال سے ہے۔

    مزید پڑھیں : اسلام آباد میں نوجوان نے ٹک ٹاکر خاتون کو قتل کر دیا

    پولیس نے بتایا تھا کہ ملزم کی کچھ دیر خاتون سے بات ہوئی اور وہ گھر کے باہر کھڑا رہا جس کے بعد فائرنگ ہوئی۔ ملزم نے مقتولہ کو دو گولیاں ماری اور فرار ہو گیا۔

    پولیس کے مطابق گولیاں لگنے سے خاتون موقع پر ہی جاں بحق ہو گئی جس کی لاش کو پمز اسپتال منتقل کیا گیا جہاں پوسٹ مارٹم مکمل ہو گیا ہے اور ضابطے کی کارروائی کر کے میت کو اہل خانہ کے حوالے کردی ہے۔

    پولیس کو شبہ ہے کہ ملزم مقتولہ کا رشتہ دار ہے تاہم جائے وقوعہ سے ابتدائی شواہد اکٹھے کر لیے گئے ہیں اور اطراف میں لگے کیمروں سے سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کی جارہی ہے۔