Category: اہم ترین

پاکستان اور دنیا بھر سے اہم ترین خبریں جاننے کے لئے اے آر وائی نیوز کی اردو ویب سائٹ پر آئیں

Important Breaking News from Pakistan and World from ARY News Urdu

  • بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن ، فتنہ الہندوستان کے 7 دہشت گرد  ہلاک

    بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن ، فتنہ الہندوستان کے 7 دہشت گرد ہلاک

    راولپنڈی : سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں آپریشن کرتے ہوئے فتنہ الہندوستان کے 7 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ سیکیورٹی فورسز کے بلوچستان میں فتنہ الہندوستان کیخلاف مختلف علاقوں میں دو آپریشنز کے دوران 7 دہشتگردہلاک کر دیے گئے۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز نے ضلع کچھی کےعلاقے مچھ میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔ فائرنگ کے شدید تبادلے میں 5 بھارتی حمایت یافتہ دہشتگرد مارے گئے۔

    فورسز کے ضلع قلات کے علاقے مرگند میں انٹیلی جنس بیسڈآپریشن کے دوران فائرنگ کے شدید تبادلے میں 2 بھارتی حمایت یافتہ دہشتگرد ہلاک ہوئے۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ آپریشنز کے دوران ہتھیار، گولیاں اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا، ہلاک دہشت گرد مختلف دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث تھے۔

    مزید پڑھیں : سیکیورٹی فورسز کی مختلف کارروائیاں، فتنہ الہندوستان کے 5 دہشت گرد ہلاک

    پاک فوج کے ترجمان نے کہا کہ  فورسز بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں۔

    وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان میں فتنہ الہندوستان کیخلاف کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کی پذیرائی کی۔

    وزیراعظم نے فتنہ الہندوستان کے 7 دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر   فورسز کوخراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا دہشت گردی کی عفریت کے ملک سے خاتمے تک جنگ جاری رکھیں گے، پوری قوم فتنہ النہدوستان کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کیلئے اپنی افواج کے شانہ بشانہ ہے۔

  • 138 کے قریب قیدی فرار ہیں، سرنڈر کریں گے تو نرمی برتی جائے گی، آئی جی سندھ کا بڑا اعلان

    138 کے قریب قیدی فرار ہیں، سرنڈر کریں گے تو نرمی برتی جائے گی، آئی جی سندھ کا بڑا اعلان

    کراچی: آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے اعلان کیا ہے کہ ملیر جیل سے فرار قیدی سرینڈر کرتے ہیں تو ان سے نرمی برتی جائے گی، تاہم جس قیدی کو دوبارہ گرفتار کیا گیا اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ملیر جیل سے مجموعی طور پر 213 قیدی فرار ہوئے تھے، جن میں سے 78 کو پکڑ لیا گیا ہے، جب کہ تقریباً 138 کے قریب قیدی اب بھی مفرور ہیں۔

    آئی جی سندھ نے جیل سے فرار کی اصل صورت حال واضح کرتے ہوئے کہا ’’قیدی دیوار توڑ کر نہیں بلکہ جیل کے گیٹ سے فرار ہوئے، زلزلے کے بعد قیدیوں کو ایک احاطے میں بٹھایا گیا تھا تاکہ ان پر چھت نہ گر جائے۔‘‘

    انھوں نے بتایا کہ ملیر جیل میں زیادہ تر تعداد منشیات کے عادی قیدیوں کی ہے، منشیات کے عادی قیدیوں کی سوچنے سمجھنے کی صلاحیت کم ہوتی ہے، مفرور قیدیوں کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل دے رہے ہیں۔


    ملیر جیل سے فرار قیدیوں کا ٹرائل کیا جائے گا


    غلام نبی میمن کے مطابق قیدیوں کو فرار ہوتے وقت ایف سی اہلکاروں کی جانب سے روکا گیا تھا، قیدی بہت زیادہ تھے تو ایف سی اہلکاروں کو ہوائی فائرنگ کرنا پڑی، اس بھگدڑ کے دوران ایک قیدی ہلاک ہوا، ایف سی اہلکار بھی تصادم میں زخمی ہوئے، ایف سی جوان فوری ری ایکشن نہ دیتے تو بڑی تعداد میں قیدی فرار ہوتے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ رات کراچی کی جیل سے سو سے زائد قیدی فرار ہوئے ہیں، جیل حکام کے مطابق زلزلے کے جھٹکوں سے یہ صورت حال پیدا ہوئی، علاقے میں متعدد بار زلزلے کے جھٹکوں کی وجہ سے نقصان سے بچنے کے لیے قیدیوں کو بیرکس سے باہر بٹھایا گیا تھا۔


    جیل توڑا نہیں گیا، اے آئی جی کراچی کا قیدیوں کے فرار سے متعلق اہم بیان


    ہنگامہ آرائی شروع ہوئی تو قیدیوں نے پولیس اہلکاروں سے اسلحہ چھین لیا، جس کے بعد پولیس اور قیدیوں کی جانب سے شدید فائرنگ کی گئی، اس دوران سینکڑوں قیدی جیل کے دروازے کو توڑ کر فرار ہو گئے، جیل سپرنٹنڈنٹ ارشد شاہ کے مطابق سرکل نمبر 4 اور 5 سے 600 سے زائد قیدی بیرک سے باہر تھے۔

  • تنخواہ دار طبقے کے لیے اچھی خبر، آئی ایم ایف انکم ٹیکس کی شرح کم کرنے پر آمادہ ہو گیا

    تنخواہ دار طبقے کے لیے اچھی خبر، آئی ایم ایف انکم ٹیکس کی شرح کم کرنے پر آمادہ ہو گیا

    اسلام آباد: تنخواہ دار طبقے کے لیے انکم ٹیکس ریلیف پر بھی پیش رفت ہوئی ہے، آئی ایم ایف انکم ٹیکس کی شرح کم کرنے پر آمادہ ہو گیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ تنخواہ دار طبقے کے تمام سلیب پر انکم ٹیکس کی شرح کم ہوگی، انکم ٹیکس ایکٹ کی شق 129 میں رعایت انکم ٹیکس میں کمی سے متعلق ہے۔

    ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف ٹیکس فری آمدن کی سالانہ حد 6 لاکھ سے بڑھانے پر بھی آمادہ ہو گیا ہے، ماہانہ 50 ہزار کے بجائے 83 ہزار روپے تنخواہ ٹیکس فری ہو سکتی ہے، اور ماہانہ ایک لاکھ تنخواہ پر انکم ٹیکس 5 سے کم ہو کر 2.5 فی صد ہو سکتا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک لاکھ 83 ہزار روپے تنخواہ پر انکم ٹیکس کی شرح 15 سے کم ہو کر 12.5 فی صد ہو سکتی ہے، ماہانہ 2 لاکھ 67 ہزار روپے تنخواہ پر انکم ٹیکس کی شرح 25 سے کم ہوکر 22.5 فی صد ہو سکتی ہے۔


    کیش پر خریدنے والوں کو پٹرول مہنگا، ڈیبٹ کارڈ پر سستا دیا جائے،آئی ایم ایف کا مطالبہ


    ماہانہ 3 لاکھ 33 ہزار روپے تک کی تنخواہ پر انکم ٹیکس کی شرح 30 فی صد کے بجائے 27.5 فی صد ہو سکتی ہے، ماہانہ 3 لاکھ 33 ہزار روپے سے زائد تنخواہ پر انکم ٹیکس کی شرح 2.5 کم ہو کر 32.5 فی صد ہو سکتی ہے۔

    ادھر پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان بجٹ مذاکرات میں اہم پیش رفت یہ بھی ہوئی ہے کہ پاکستان کی دفاعی ترجیحات تسلیم کر لی گئیں، ذرائع کے مطابق حکومت پاکستان کا مؤقف تھا کہ پاکستان دفاعی ضروریات کو مؤخر نہیں کر سکتا، آئی ایم ایف دفاعی بجٹ میں ضروری اضافے پر رضامند ہو گیا۔

  • ملیر جیل سے سینکڑوں قیدی دیوار توڑ کر فرار، علاقے میں شدید فائرنگ

    ملیر جیل سے سینکڑوں قیدی دیوار توڑ کر فرار، علاقے میں شدید فائرنگ

    اے آر وائی نیوز رپورٹنگ ٹیم : نذیر شاہ، کامل عارف، آصف خان، سنجے سادھوانی

    کراچی : ملیر جیل کی دیوار توڑ کر سینکڑوں قیدی فرار ہوگئے، زلزلے کے جھٹکوں کے باعث ملیر جیل کی دیوار کمزور ہوگئی تھی، علاقے میں شدید فائرنگ کی جارہی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق مذکورہ قیدی ملیر جیل کی دیوار توڑ کر فرار ہوئے کہا یہ جا رہا ہے کہ گزشتہ روز کراچی میں آنے والے پے در پے زلزلوں کے جھٹکے کے بعد جیل کی دیوار کمزور ہوگئی تھی جسے قیدیوں نے دھکا دے کر گرا دیا۔

    واقعے کے بعد پولیس کی دوڑیں لگ گئیں، علاقے میں شدید فائرنگ کی گئی، جیل کی دیوار توڑ کر فرار ہونے والے قیدیوں کی گرفتاری کیلیے پولیس کا آپریشن جاری ہے، فرار ہونے والے قیدیوں کی تعداد کا تعین کیا جارہا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق ریسکیوحکام کا کہنا ہے کہ ملیر جیل میں ہونے والی بھگدڑ اور بلوے میں 3 ایف سی اہلکار شدید زخمی ہوئے ہیں جنہیں فوری طبی امداد کیلیے نجی اسپتال روانہ کردیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ دیگر اہلکار معمولی زخمی ہوئے ہیں۔

    ڈی آئی جی جیل خانہ جات نے تصدیق کردی 

    تازہ ترین اطلاعات کے مطابق اس حوالے سے ڈی آئی جی جیل خانہ جات حسن سہتو نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے اس بات کی تصدیق کی کہ ریکارڈ کے مطابق جیل میں اس وقت 6 ہزار کے قریب قیدی موجود ہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ صبح سے زلزلے کے شدید جھٹکوں کے بعد قیدیوں میں پریشانی اور خوف و ہراس پھیلا ہوا تھا قیدیوں نے تالے توڑ کر بھی باہر نکلنے کی کوشش کی تھی۔

    ڈی آئی جی جیل خانہ جات کے مطابق قیدیوں نے ایک نہیں دو سے تین مقامات کو توڑنے کی کوشش کی،
    جو قیدی فرار ہوئے وہ زیادہ تر نشے کے عادی بتائے جارہے ہیں۔

    اب تک 73 قیدی پکڑے جا چکے

    دوسری جانب فرار قیدیوں کی گرفتاری کے لیے پولیس نے آپریشن کرتے ہوئے نیشنل ہائی وے پر دونوں ٹریک ٹریفک کیلئے بند کردیے گئے، پولیس نے فرار ہونے والے کئی قیدیوں کو پکڑ لیا۔

    پولیس حکام کے مطابق فرار قیدیوں کی گرفتاری کیلئے جیل اور اس کے اطراف کیے جانے آپریشن میں رینجرز بھی حصہ لے رہی ہے، منزل پمپ اور اطراف سے بھی متعدد قیدی پکڑے گئے ہیں اب تک 73 قیدیوں کو پکڑ کر واپس لایا جا چکا ہے۔

    قیدیوں کو قذافی ٹاؤن، شاہ لطیف اور بھینس کالونی سے گرفتار کیا گیا ہے۔ قیدیوں کی گرفتاری کیلیے علاقہ مکینوں نے بھی پولیس سے تعاون کیا اور بتایا کہ مشکوک قسم کا شخص ابھی علاقے میں داخل ہوا ہے۔

    دیوار گری یا تالے توٹے؟ وزیر داخلہ سندھ نے بتا دیا

    وزیر داخلہ سندھ ضیا لنجار نے بتایا ہے کہ ابھی تصدیق نہیں ہوسکی کہ دیوار گری یا تالے توڑے گئے، اطلاعات یہی ہیں کہ کچھ قیدی یہاں سے نکل گئے ہیں، اطلاعات ہیں کہ زلزلے کے باعث قیدی بیرکوں سے باہر تھے۔

    انہوں نے بتایا کہ ملیر جیل اور اطراف میں پولیس اور رینجرز کا آپریشن جاری ہے، زلزلے کے باعث قیدیوں کو بیرکوں کے باہر بٹھایا گیا تھا، واقعہ کیسے رونما ہوا اس کے ذمہ داروں کا تعین کیا جائے گا۔

    قیدیوں نے زلزلے کے جھٹکوں کا فائدہ اٹھایا

    واضح رہے کہ کراچی میں گزشتہ 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران 11 مرتبہ زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے،

    زلزلے کے جھٹکے لانڈھی شیرپاؤ کالونی، قائدآباد اور مختلف علاقوں میں محسوس کیے گئے جن کی شدت 2.4ریکارڈ کی گئی۔

    زلزلے کے جھٹکے رات 11 بج کر 16منٹ پر محسوس کیے گئے تھے، بار بار زلزلے کے جھٹکوں کے باعث جیل کی دیوار کمزور ہوگئی تھی جسے باقاعدہ منصوبہ بندی کرکے گرایا گیا۔

    جیل حکام کی حکومتی حکام کو بریفنگ

    جیل حکام نے حکومتی حکام کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ملیر جیل سے 150 سے زائد قیدی فرار ہوئے، جبکہ جیل ذرائع کا کہنا ہے کہ ملیر جیل سے200کے لگ بھگ قیدیوں کے فرار ہونے کا خدشہ ہے۔

    پولیس اور جیل حکام نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ آپریشن کے دوران لگ بھگ 60 قیدی گرفتار کر لئے ہیں جبکہ ذرائع کا کہنا ہے کہ 100قیدیوں کی تلاش جاری ہے۔

    جیل حکام کے مطابق قریبی علاقوں نواحی دیہاتوں میں سرچ آپریشن جاری ہے ایس ایس یو، ایس آر ایف سمیت دیگر سکیورٹی اہلکار قیدیوں کی تلاش کر رہے ہیں۔

    ذرائع کے مطابق جیل حکام نے قیدیوں کی گنتی شروع کردی ہے، کس نوعیت کے قیدی جیل سے فرار ہوئے، ابھی اس کا تعین کیا جارہا ہے، تاہم جیل کے اندر تمام قیدیوں کو قابو کرلیا گیا ہے۔

    دوسری جانب رینجرز کی نفری بھی ملیر جیل کے باہر پہنچ گئی ہے اور علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔

    ادھر ملیر جیل میں سرچ آپریشن مکمل کرلیا گیا ہے اور پولیس، رینجرز اور ایف سی نے ملیر جیل کا کنٹرول سنبھال لیا۔

  • کراچی: ڈیفنس میں نوجوان کو تشدد کا نشانہ بنانے والا بااثر شخص سلمان فاروقی گرفتار

    کراچی: ڈیفنس میں نوجوان کو تشدد کا نشانہ بنانے والا بااثر شخص سلمان فاروقی گرفتار

    کراچی: ڈیفنس خیابان اتحاد میں موٹر سائیکل سوار نوجوان پر تشدد کرنے والا ملزم سلمان فاروقی کو گرفتار کرلیا گیا۔

     گزشتہ روز کراچی کے پوش علاقے ڈیفنس میں کار اور موٹر سائیکل میں تصادم کے بعد کار سوار بااثر شخص آپے سے باہر ہوگیا اور نوجوان کو اس کی بہنوں کے سامنے تشدد کا نشانہ بنایا۔

    واقعے کی فوٹیج وائرل ہونے کے بعد پولیس بھی ایکشن میں آگئی اور واقعے کا مقدمہ درج کرکے بااثر شخص کے سیکیورٹی گارڈ، ڈرائیور اور گھریلو ملازم کو حراست میں لے لیا اور ایک گاڑی بھی تحویل میں لے لی تھی۔

    ڈیفنس میں با اثر شخص کا نوجوان پر سرعام تشدد، بہن معافیاں مانگتی رہی

    تاہم اب ڈی آئی جی اسد رضا نے اس واقعے میں ملوث مرکزی ملزم سلمان فاروقی کو گرفتار کرلیا، پولیس کا کہنا ہے کہ بااثر شخص کو ٹیکنیکل بنیاد پر گرفتار کیا گیا۔

    ڈی آئی جی اسد رضا نے ملزم کی گرفتار کے حوالے سے مزید بتایا کہ ملزم کے دفتر اور گھر پر بھی چھاپے مارے گئے تھے، تاہم اب ملزم کو گرفتاری کے بعد لاک اپ کردیا گیا ہے۔

    ڈی آئی جی ساؤتھ کا کہنا تھا کہ فوٹیجز کا باریک بینی سے جائزہ لیا گیا، فوٹیجز کی مدد سے مرکزی ملزم کی شناخت عمل میں لائی گئی، ملزم کی شناخت کے بعد پولیس کی مختلف ٹیمیں بنائی گئی پھر ملزم کو گرفتار کیا گیا۔

    ڈی آئی جی ساؤتھ نے مزید کہا کہ پہلے متاثرہ شہری کو ٹریس کیا گیا اس کے بعد ملزم کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا، تشدد، دھمکیوں اور ہتک آمیز رویہ کی دفعات کے تحت ملزم کیخلاف کارروائی ہوگی۔

    واضح رہے کہ واقعہ اتوار کی رات 8 بجے کے قریب پیش آیا تھا، نوجوان کی موٹرسائیکل ملزم سلمان کی گاڑی سے ٹچ ہوگئی تھی جس پر بااثر شخص نے نوجوان کو مارا تھا۔

    سوشل میڈیا پر واقعے کی وائرل ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ نوجوان کی بہنیں ملزم سلمان فاروقی سے ہاتھ جوڑ کر معافیاں مانگتی اور پاؤں پڑتی رہیں اور موقع پر موجود شہریوں سے مدد طلب کرتی رہیں مگر نہ ملزم کو رحم آیا اور نہ کوئی شہری مدد کو آگے بڑھا۔

    https://urdu.arynews.tv/defence-bionic-films-ceo-salman-torture/

  • آئی ایم ایف  کا پیٹرول اور ڈیزل پر کاربن لیوی عائد کرنے کا مطالبہ

    آئی ایم ایف کا پیٹرول اور ڈیزل پر کاربن لیوی عائد کرنے کا مطالبہ

    اسلام آباد : آئی ایم ایف نے پیٹرول اور ڈیزل پر کاربن لیوی عائد کرنے کا مطالبہ کردیا اور کہا لیوی سے سالانہ 25 ارب روپے حاصل کیے جائیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کے ساتھ بجٹ مذاکرات میں آئی ایم ایف نے پیٹرول اور ڈیزل پر کاربن لیوی عائد کرنے کا مطالبہ کردیا۔

    ذرائع نے بتایا کہ آئی ایم ایف نے کہا ہے اگر کاربن لیوی عائد نہیں کرنی تو پٹرولیم ڈویلپمنٹ لیوی سے سالانہ 25 ارب الیکٹریکل ٹرانسپورٹ کی سبسڈی پر دیئے جائیں۔

    آئی ایم ایف نے مطالبہ کیا ہے کہ آئندہ بجٹ میں 850 سی سی اور زائد گاڑیوں کے انجن پر بھی کاربن لیوی لگائی جائے ساتھ ہی پٹرول، ڈیزل اور ان کی گاڑیوں کے انجن پر لیوی سے سالانہ 25 ارب روپے حاصل کیے جائیں۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ کاربن لیوی سے حاصل ہونے والی رقم الیکٹریکل موٹر سائیکل اور الیکٹریکل رکشہ کی سبسڈی پر دی جائے۔

    مزید پڑھیں : آئی ایم ایف نے آئندہ مالی سال میں پٹرول، ڈیزل پر فی لیٹر کتنی لیوی عائد کرنیکا مطالبہ کیا؟

    ذرائع نے کہا کہ پاکستان آئندہ 5 سال الیکٹریکل موٹر سائیکل، رکشہ اور گاڑی خریدنے میں سہولت دے۔

    آئی ایم ایف کا کہنا تھا کہ پاکستان میں 850 سی سی سے زائد کی گاڑیوں کے انٹرنل کمبیشن انجن آئی سی ای کی حوصلہ شکنی کرنا ہوگی۔

  • کراچی میں 24 گھنٹے کے دوران چوتھی بار زلزلہ ،  شہریوں میں‌ خوف و ہراس

    کراچی میں 24 گھنٹے کے دوران چوتھی بار زلزلہ ، شہریوں میں‌ خوف و ہراس

    کراچی : شہر قائد میں 24 گھنٹے کے دوران چوتھی بار زلزلہ آیا، جس سے شہریوں میں‌ خوف و ہراس پھیل گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں میں ایک بار پھر زلزلے کے جھٹکے محسوس کیا گیا، ایسا 24 گھنٹے کے دوران چوتھی بار ہوا، جس کے بعد عوام میں خوف و ہراس پھیل گیا

    زلزلہ پیمامرکز نے بتایا کہ زلزلہ صبح 10 بجکر 29منٹ پر آیا، جس کا مرکز قائد آباد تھا ، زلزلے کی شدت 3.2 اور گہرائی 10 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔

    قائد آباداوراطراف میں 11 بجکر3منٹ پر زلزلہ محسوس کیا گیا، اس کے علاوہ ملیر سعودآباد، لانڈھی، ، پورٹ قاسم، شاہ لطیف، بھینس کالونی، شیر پاؤ ، لانڈھی میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے۔

    زلزلے سے فی الحال کسی قسم کے جانی و مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

    مزید پڑھیں :   کراچی میں ایک بار پھر زلزلے کے جھٹکے

    گذشتہ رات بھی کراچی کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جس کے بعد لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے تھے۔

    زلزلہ پیما مرکز کے مطابق ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت تین اعشاریہ دو ریکارڈ کی گئی، جس کی گہرائی بارہ کلو میٹر اور مرکز کراچی گڈاپ ٹاؤن کے قریب تھا۔

    اس سے قبل شام سات بجے بھی شہر کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔

    واضح رہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں سے شدید متاثرہ ممالک میں پاکستان کا پانچواں نمبر ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اب یہاں شدید گرمی کے ساتھ طوفانی بارشیں اور زلزلوں کے آئے دن جھٹکے آنے لگے ہیں۔

  • بھارتی قیادت کے حالیہ بیانات امن کے بجائے دشمنی کو ترجیح دیتے ہیں، پاکستان

    بھارتی قیادت کے حالیہ بیانات امن کے بجائے دشمنی کو ترجیح دیتے ہیں، پاکستان

    اسلام آباد : پاکستان نے بھارتی قیادت اور وزارت خارجہ کے ترجمان کے حالیہ اشتعال انگیز بیانات پرردعمل دیتے ہوئے کہا بھارتی قیادت کی ذہنیت امن کے بجائے دشمنی کو ترجیح دیتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان نے بھارتی قیادت اور وزارت خارجہ کے ترجمان کے حالیہ اشتعال انگیز بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ بھارتی قیادت کے حالیہ بیانات بشمول بہارمیں دیے ریمارکس نہایت تشویشناک ذہنیت کے عکاس ہیں اور بھارتی قیادت کی ذہنیت امن کے بجائے دشمنی کو ترجیح دیتی ہے۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو خطے میں عدم استحکام کا سبب ظاہر کرنے کی کوئی بھی کوشش حقیقت سے کوسوں دور ہے، بین الاقوامی برادری بھارت کے جارحانہ رویے اور پاکستان میں دہشت گردسرگرمیوں کی حمایت سے بخوبی آگاہ ہے۔

    دفتر خارجہ نے کہا کہ حقائق کو کھوکھلی کہانیوں یاتوجہ ہٹانےکی چالوں سے چھپایا نہیں جا سکتا، جموں و کشمیر کا تنازع بدستور خطے میں امن و استحکام کیلئے بنیادی خطرہ ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ پاکستان تنازع کشمیر کے منصفانہ اور دیرپا حل کے لیے پرعزم ہے، پاکستان ایسا حل چاہتا، جو سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق ہو۔

    ترجمان نے مزید کہا کہ بنیادی مسئلے کو نظر انداز کرنا خطےکو بداعتمادی اور ممکنہ تصادم کی طرف دھکیلنے کے مترادف ہے، حالیہ پیشرفت ثابت کرتی ہےکہ جنگجویانہ رویہ اوردباؤ کی پالیسی قطعی بے سود ہے۔

    دفتر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ بھارت دھمکیوں، غلط بیانی یاطاقت سے اپنے مقاصد حاصل نہیں کرسکتا اور نہ کرے گا، پاکستان امن اور تعمیری بات چیت کے لیے پرعزم ہے۔

    انھوں نے کہا کہ پاکستان اپنی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کیلئے مکمل طور پر مستعد ہے، پائیدارامن کیلئے بالغ نظری، ضبط و تحمل اور بنیادی وجوہات کو حل کرنے کی سنجیدہ کوشش درکار ہے۔

  • ڈیفنس میں بہن کے سامنے شہری پر تشدد، سلمان فاروقی کی گرفتاری کے لیے چھاپے

    ڈیفنس میں بہن کے سامنے شہری پر تشدد، سلمان فاروقی کی گرفتاری کے لیے چھاپے

    کراچی: شہر قائد کے علاقے ڈیفنس میں بہن کے سامنے شہری پر تشدد کرنے والے بائیونک فلمز کے سی ای او کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ڈی ایچ اے فیز 6، خیابان اتحاد میں لگژری گاڑی میں سوار شخص نے شہری پر تشدد کیا تھا، جس پر وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے نوٹس لے لیا ہے، اور ایس ایس پی ساؤتھ سے فوری رپورٹ طلب کر لی۔

    وزیر داخلہ سندھ نے کہا ہے کہ قانون ہاتھ میں لینے کی کسی کو اجازت نہیں،واقعے کی مکمل چھان بین کر کے رپورٹ پیش کی جائے، اور تشدد میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے، قانون تمام شہریوں کے لیے برابر ہے۔

    ایس ایس پی ساؤتھ کے مطابق شہری پر تشدد کرنے والا شخص سلمان فاروقی بائیونک فلمز نامی کمپنی کا سی ای او ہے، سلمان فاروقی اور اس کے گارڈ نے شہری پر تشدد کر کے قانون کو ہاتھ میں لیا، یہ واقعہ کس وجہ سے ہوا اور کس جگہ ہوا تحقیقات کی جا رہی ہے۔


    ڈیفنس میں با اثر شخص کا نوجوان پر سرعام تشدد، بہن معافیاں مانگتی رہی


    ایس ایس پی کا کہنا تھا کہ پولیس کو ابھی تک کسی نے واقعے کی اطلاع نہیں دی ہے، انھیں سوشل میڈیا سے واقعے کا علم ہوا، ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپا مارا گیا لیکن اس کا دفتر بند ملا، ملزم کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں، متاثرہ فیملی کی بھی تلاش جاری ہے۔

    اس واقعے کی ایک فوٹیج بھی سامنے آئی ہے جس میں شہری پر تشدد ہوتے دیکھا جا سکتا ہے، جب کہ اس کی بہن ہاتھ جوڑ کر معافی مانگ رہی ہے۔

  • قوم اور بہادر بلوچ عوام کی غیر متزلزل حمایت سے اندرونی و بیرونی دشمن کو کچلیں گے، فیلڈ مارشل

    قوم اور بہادر بلوچ عوام کی غیر متزلزل حمایت سے اندرونی و بیرونی دشمن کو کچلیں گے، فیلڈ مارشل

    کوئٹہ: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا کہنا ہے کہ قوم اور بہادر بلوچ عوام کی غیر متزلزل حمایت سے پاک فوج اندرونی ہو یا بیرونی ہر دشمن کو کچل دے گی۔

    دورہ کوئٹہ کے موقع پر فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر نے اپنے بیان میں کہا کہ جو بھی دشمن ہماری خود مختاری کو چیلنج کرے گا اسے منہ توڑ جواب دیا جائے گا، بھارت کی پراکسی جنگ اب ڈھکی چھپی نہیں رہی، یہ ہماری قوم، ترقی اورامن کے خلاف کھلی دہشتگردی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس بھارتی مداخلت کے واضح ثبوت موجود ہیں، دشمن کے ناپاک عزائم ہر صورت ناکام بنائیں گے، پاک فوج ہر خطرے سے نمٹنے کیلیے مکمل طور پر تیار ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے امن پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا، پاکستان کا مستقبل بلوچستان کے استحکام اور خوشحالی سے جڑا ہے۔

    دورہ کوئٹہ کے موقع پر وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بہادری اور قربانیوں کی ستائش کی۔

    وزیر اعظم نے کہا کہ دہشتگردوں، ان کے سہولت کاروں اور مددگاروں کو معاف نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے شہدا کے خاندانوں کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔

    جرگے میں قبائلی عمائدین نے حکومت اور افواج پاکستان کے شانہ بشانہ رہنے کا عزم کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کی سلامتی، استحکام اور ترقی کیلیے اپنا کردار ادا کرنے کیلیے پرعزم ہیں۔

    اس پر وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ مقامی سطح پر رابطے اور شمولیت ضروری ہے تاکہ دہشتگردوں کو کوئی حمایت نہ ملے، دیرپا امن کیلیے دہشتگردی کے خلاف کوششوں کی کامیابی ناگزیر ہے، امن دشمنوں کو پاکستان میں کوئی جگہ نہیں ملے گی۔

    شہباز شریف نے کہا کہ حکومت، افواج، قانون نافذ کرنے والے ادارے اور عوام دہشتگردی کے خلاف متحد ہیں، ہمارا پیغام واضح ہے کہ انسداد دہشتگردی کی قومی جنگ کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے، بلوچستان میں حکومت کی ترقیاتی اسکیموں کے ثمرات عوام تک پہنچنے چاہیئں۔

    انہوں نے بلوچستان کے عوام کی قومی یکجہتی کیلیے قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے عوام بھارت کے حمایت یافتہ تخریب کاروں کے خلاف ہوشیار رہیں۔