Category: اہم ترین

پاکستان اور دنیا بھر سے اہم ترین خبریں جاننے کے لئے اے آر وائی نیوز کی اردو ویب سائٹ پر آئیں

Important Breaking News from Pakistan and World from ARY News Urdu

  • جنوبی ایشیائی خطے میں نیوکلیئر تصادم کا خطرہ موجود ہے: جنرل ساحر شمشاد

    جنوبی ایشیائی خطے میں نیوکلیئر تصادم کا خطرہ موجود ہے: جنرل ساحر شمشاد

    چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے خبردار کیا ہے کہ جنوبی ایشیا میں کئی غیر حل شدہ تنازعات ہیں جو کسی بھی وقت قابو سے باہر ہو سکتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے شنگریلا ڈائیلاگ 2025 میں پاک بھارت کشیدگی کے تناظر میں بریفنگ دی۔

    جنرل ساحر شمشاد مرزا نے بھارت کے پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرنے کو بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے، انہوں نے کہا کہ ایشیا پیسیفک عالمی طاقت کا مرکز بن چکا ہے جنوبی ایشیا کی سلامتی کیلئے مذاکرات ناگزیر ہیں۔

    جنرل ساحر شمشاد کا کہنا تھا کہ تنازع سے بچاؤ بحران کے بعد کی کوششوں سے بہتر ہے، جنوبی ایشیائی خطے میں نیوکلیئر تصادم کا خطرہ موجود ہے، پاکستان بھارت سے باعزت، برابری، احترام پر مبنی مستقل امن کا خواہاں ہے۔

    انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا یواین قراردادوں کے مطابق حل جنوبی ایشیا میں امن کی بنیاد ہے، پاکستان، بھارت کے درمیان کشیدگی کی اصل جڑ مسئلہ کشمیر ہے جس کا حل ناگزیر ہے۔

    جنرل ساحر شمشاد مرزا نے دو طرفہ، علاقائی، عالمی سطح پر موجود مکالماتی فریم ورک کو فعال کرنے اور اسے مؤثر بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان اصولوں پر مبنی ایسا عالمی نظام چاہتا ہے جو خود مختاری، ضبط وتحمل پر قائم ہو، پہلگام کے بعد پاک بھارت جنگ کی صورتحال خطے کی ترقی کو خطرے میں ڈال رہی ہے، بحران سے نمٹنے کا مؤثر نظام نہ ہونے سے عالمی طاقتیں بروقت مداخلت سےقاصر ہیں۔

    جنرل ساحر شمشاد نے کہا کہ پانی روکنے یا موڑنے کی کوشش قومی سلامتی کمیٹی کے مطابق جنگی اقدام تصور کیا جائے گا اور بھارت نے یواین چارٹر کی خلاف ورزی کرتے ہوئے عام شہریوں، عبادت گاہوں کو نشانہ بنایا۔

    جنرل ساحر شمشاد نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ پاکستان مسلسل بھارت اور عالمی برادری سے مذاکراتی نظام کی بحالی کا مطالبہ کررہا ہے، برابری، اعتماد اور حساسیت کی پاسداری کے بغیر کوئی بھی بحران مؤثر حل نہیں ہوسکتا۔

  • پاکستان اور بنگلہ دیش کو قریب لانے کیلیے کام کرنے کی ضرورت ہے، صدر

    پاکستان اور بنگلہ دیش کو قریب لانے کیلیے کام کرنے کی ضرورت ہے، صدر

    لاہور: صدر مملکت آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کو ایک دوسرے کے قریب لانے کیلیے کام کرنے کی ضرورت ہے۔

    صدر مملکت نے پاکستان اور بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیموں کے اعزاز میں دیے گئے استقبالیہ میں شرکت کی جہاں انہوں نے کرکٹرز اور دونوں ٹیموں کے آفیشلز کے ساتھ مصافحہ کیا۔

    آصف علی زرداری نے کہا کہ اسلام آباد اور ڈھاکہ کے درمیان حالیہ سیریز میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی کارکردگی اچھی رہی، بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم بطور سفیر پاکستان کا دورہ کر رہی ہے، انہوں نے بھی اعلیٰ معیار کا کھیل پیش کیا۔

    یہ بھی پڑھیں: پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان 13 سال بعد مشاورت بحال

    انہوں نے کہا کہ میں اس نسل سے تعلق رکھتا ہوں جس نے دونوں ممالک کو علیحدہ ہوتے دیکھا لیکن آج کل کی نسل علیحدگی کے درد کی کیفیت کو نہیں جان سکتی، کسی بھی طرح ہمیں اس درد کا مداوا کرنا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ بنگالی قوم خطے کی امیر ترین قوموں میں سے تھی، ہمیں دونوں ملکوں کے عوام کی فلاح و بہبود کیلیے کام کرنا ہوگا، مل کر ایسے اقدامات کرنا ہوں گے جس سے دونوں ملکوں کے عوام خوشحال ہوں۔

    صدر مملکت نے مزید کہا کہ بنگلہ دیش دنیا میں ایک کامیاب ملک کے طور پر جانا جاتا ہے، اللہ تعالیٰ نے پاکستان کی طرح ڈھاکہ کو بھی وسائل سے نوازا ہے۔

    ’دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ دونوں ملکوں کی نوجوان نسل کو باہمی رابطے بڑھانے کی ضرورت ہے۔ کھیل باہمی رابطوں کا اہم ذریعہ ہیں۔‘

  • حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں‌ کا اعلان کردیا

    حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں‌ کا اعلان کردیا

    حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں اضافہ کردیا جبکہ ڈیزل کی قیمت برقرار رکھی گئی ہے۔

    حکومت کی جانب سے پیٹرول کی قیمت میں ایک روپے فی لیٹر اضافے کا اعلان کیا گیا ہے، ڈیزل کی قیمت میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔

    پیٹرول کی قیمت 252.63 روپے سے بڑھ کر 253.63 روپے فی لیٹر ہوگئی ہے۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق ڈیزل کی قیمت میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے اور ڈیزل کی قیمت 254.64 روپے فی لیٹر پر برقرار ہے۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل ذرائع کی جانب سے کہا گیا تھا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کا امکان ہے۔

    اطلاعات کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 60 پیسے سے ایک روپے فی لیٹر کمی ہوسکتی ہے ، جس سے موجودہ قیمت 252.63 روپے سے کم ہو کر 251.63 روپے اور 251.63 روپے کے درمیان ہونے کا امکان ہے۔

    ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 28 پیسے فی لیٹر تک کی کمی متوقع ہے جبکہ مٹی کا تیل اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمتوں میں معمولی اضافے کا امکان ہے، تاہم حتمی فیصلہ وزارت خزانہ اور وزیراعظم کی مشاورت سے کیا جائے گا۔

    خیال رہے اوگرا کی جانب سے ہر 15 دن بعد پیٹرولیم نرخوں پر نظرثانی کی جاتی ہے، جس میں بین الاقوامی منڈی کے اعداد و شمار اور ملکی مالیاتی پالیسیوں کو مدِنظر رکھا جاتا ہے۔

  •  بلوچستان کے لوگوں کو دہشت گردوں کا راستہ روکنا چاہیے، وزیراعظم

     بلوچستان کے لوگوں کو دہشت گردوں کا راستہ روکنا چاہیے، وزیراعظم

    وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے لوگوں کو دہشت گردوں کا راستہ روکنا چاہیے۔

    کوئٹہ میں منعقدہ بلوچستان گرینڈ جرگہ سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ بلوچستان پاکستان کا سب سے بڑا اور پیارا صوبہ ہے یہاں کے لوگ دلیر اور باوقار ہیں اگر کوئی گلہ ہے تو بھائیوں کے ساتھ بیٹھ کر طے کرنا چاہیے۔

    انہوں نے کہا کہ خون کے پیاسے دہشت گرد پاکستان کی خوشحالی نہیں چاہتے یہ اغیار کے ایجنٹ ہیں، دہشت گردوں کے ہتھکنڈوں کو بلوچستان کے عوام نے ناکام بنایا ہے، بتائیں وہ کیا نقائص ہیں جو آپ کے مشورے سے ہم ٹھیک کرسکتے ہیں۔

    وزیراعظم نے کہا کہ بلوچستان میں جغرافیائی وسعت تقاضہ کرتی ہے کہ سرمایہ کاری کا ہجم اتنا ہی ہو، آئندہ بجٹ میں ایک ہزار ارب کا فیڈرل ڈیولپمنٹ فنڈ ہوگا اور تقریباً 250 ارب کا فنڈ صرف بلوچستان کے لیے ہے، وفاقی ترقیاتی بجٹ کا 25 فیصد بلوچستان کو دیں گے جو اس کا حق ہے۔

    بھارت کو پانی بطور ہتھیار استعمال نہیں کرنے دیں گے، وزیراعظم

    شہباز شریف نے کہا کہ گوادر میں 2010 میں این ایف سی ایوارڈ پر دستخط کیے گئے، این ایف سی ایوارڈ میں سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی، صدر زرداری اور نواز شریف کی کاوشیں ہیں، این ایف سی ایوارڈ کبھی نہ ہوتا اگر پنجاب اپنے حصے سے فنڈ نہ دیتا، بلوچستان کا مطالبہ تھا کہ ایوارڈمیں 100 فیصد اضافہ کیا جائے، یہ کوئی احسان کی بات نہیں میں آج بھی اسی سوچ کے ساتھ کھڑا ہوں۔

    پاک بھارت کشیدگی پر وزیراعظم نے کہا کہ 6، 7 اور 10 مئی کو بھارت نے پاکستان پر حملہ کیا تھا، اللہ کے فضل سے دشمن کو وہ شکست دی جو ہمیشہ یاد رکھے گا، افواج پاکستان کی شاندار کارکردگی سے دشمن کو تاریخی شکست دی۔

    انہوں نے کاہ کہ بھارت کے خلاف پوری قوم چٹان کی طرح افواج کے ساتھ کھڑی ہوئی، بھارت کے خلاف مختصر اور انتہائی خطرناک جنگ تھی، فیلڈ مارشل عاصم منیر کی دلیرانہ، دانش مندانہ قیادت میں دشمن کو شکست دی، فیلڈ مارشل نے ناصرف قوم کا سر فخر سے بلند کیا بلکہ 1971 کا بدلہ بھی لیا۔

  • بھارت کو پانی بطور ہتھیار استعمال نہیں کرنے دیں گے، وزیراعظم

    بھارت کو پانی بطور ہتھیار استعمال نہیں کرنے دیں گے، وزیراعظم

    اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ بھارت کو پانی بطور ہتھیار استعمال نہیں کرنے دیں گے۔

    کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ میں افسران سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آئندہ بھی کوئی مہم جوئی ہوئی تو اس کا منہ توڑ جواب دیں گے، پاکستان کو درپیش خطرات صرف روایتی میدان جنگ تک محدود نہیں، بھارت کو سندھ طاس معاہدے کو معطل کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ بھارت کو کسی صورت اجازت نہیں دیں گے کہ وہ پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرے۔

    شہباز شریف کا کہنا تھا کہ مسلح افواج ہماری خود مختاری اور سالمیت کی محافظ ہے، کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج نے ہمیشہ شاندار خدمات انجام دیں۔

    وزیراعظم نے کہا کہ بھارت نے حالیہ جارحیت میں معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا، پاکستان نے بھارت کو پہلگام واقعے پر غیرجانبدارانہ تحقیقات کی پیشکش کی۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ساؤتھ ایشیا میں امن کے لیے جنگ بندی کی آفر قبول کی، ایئرفورس نے تاریخی کارنامہ انجام دیتے ہوئے 7 ہائی ویلیو ٹارگٹ کو نشانہ بنایا، ہم نے بھارت کو صرف جواب نہیں ہی دیا بلکہ بازی ہی پلٹ دی۔

    شہباز شریف نے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے باعچ تاریخی کامیابی ملی، آرمی چیف نے ثابت کیا کہ وہ فیلڈ مارشل رینک کے صحیح حقدار ہیں، اللہ تعالیٰ نے ہمیں شاندار فتح سے نوازا۔

    وزیراعظم نے کہا کہ بھارت نے جارحیت میں معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا، 10 مئی کی صبح جب آرمی چیف کا فون آیا تو وہ پراعتماد اور پرسکون تھے، بھارت کو میدان جنگ اور سفارتی محاذ دونوں پر شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ حکومت اور عوام مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

  • بینک سے  کیش نکلوانے پر کتنا ٹیکس کٹے گا؟ بڑی خبر آگئی

    بینک سے کیش نکلوانے پر کتنا ٹیکس کٹے گا؟ بڑی خبر آگئی

    اسلام آباد : بینکوں سے کیش نکلوانے پر ٹیکس کے حوالے سے بڑی خبر آگئی ، ٹیکس کی شرح میں اضافے کی تجویز ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بجٹ 2025 کی تیاریاں جاری ہے اور اگلے مالی سال میں پاکستانی حکومت ریونیو بڑھانے کے لیے نان فائلرز پر بینک سے کیش نکالنے پر ود ہولڈنگ ٹیکس کو دوگنا کرنے اور مالیاتی لین دین پر سخت پابندیاں عائد کرنے پر غور کر رہی ہے۔

    نئی تجویز بینکوں سے 50,000 روپے یا اس سے زیادہ رقم نکالنے والے افراد کو براہ راست متاثر کرے گی، جس کا مقصد 15 سے 20 ارب روپے کا اضافی ریونیو حاصل کرنا ہے۔

    اس وقت نان فائلرز سے ایک دن میں 50 ہزار روپے سے زائد رقم بینک سے نکالنے پر 0.6 فیصد ودہولڈنگ ٹیکس وصول کیا جاتا ہے۔

    نئی تجویز کے تحت اس شرح کو 1.2 فیصد تک دگنا کیا جا سکتا ہے، یعنی 1 لاکھ روپے نکالنے پر نان فائلر کو 1200 روپے ٹیکس دینا ہوگا۔

    اس تجویز کے تحت اب نہ صرف بینک کاؤنٹر سے نکلوانے والی رقم بلکہ اے ٹی ایم اور کریڈٹ کارڈز کے ذریعے نکلوانے والی رقم پر بھی نیا شرح ٹیکس لاگو ہوگا، بشرطیہ کہ وہ یومیہ حد سے تجاوز کرے۔

    https://urdu.arynews.tv/dollar-currency-rate-pakistan-today/

    یہ اقدام ٹیکس کی بنیاد کو وسیع کرنے اور نان فائلرز سے آمدنی بڑھانے کی حکومت کی کوششوں کا حصہ ہے، حکام کا اندازہ ہے کہ بڑھی ہوئی شرح سے اضافی روپے حاصل ہو سکتے ہیں۔

    خیال رہے یہ تجویز ابھی زیر غور ہے اور آئندہ بجٹ کے اعلانات میں حتمی فیصلے متوقع ہیں۔

    دوسری جانب یکم جولائی 2025 سے، حکومت "نان فائلر” کے زمرے کو مکمل طور پر ختم کرنے اور "نااہل افراد” کی اصطلاح متعارف کروانے کا ارادہ رکھتی ہے۔ یہ واضح اشارہ دیتا ہے کہ نان فائلرز کے لیے نرمی ختم ہو گئی ہے، جو لوگ ٹیکس نیٹ سے باہر رہتے ہیں وہ جلد ہی مالی طور پر بھی مفلوج ہو سکتے ہیں۔

    اس نئی درجہ بندی کے تحت، وہ افراد جنہوں نے اپنے انکم ٹیکس گوشوارے جمع نہیں کرائے ہیں، انہیں مالیاتی لین دین کرنے سے مکمل طور پر روک دیا جائے گا۔

    بجٹ 2025-26 سے متعلق تمام خبریں

  • بھارتی چیف آف ڈیفنس کا پاکستان ایئر فورس کے ہاتھوں طیاروں کی تباہی کا اعتراف

    بھارتی چیف آف ڈیفنس کا پاکستان ایئر فورس کے ہاتھوں طیاروں کی تباہی کا اعتراف

    نئی دہلی : بھارتی چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل انیل چوہان نے پاکستان ایئر فورس کے ہاتھوں بھارتی طیاروں کی تباہی کا اعتراف کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل انیل چوہان نے بلوم برگ کو انٹرویو میں پہلی بار پاکستان کے ساتھ جھڑپوں میں بھارتی طیاروں کی تباہی کا اعتراف کیا

    بھارتی چیف نے پاکستان کیخلاف حکمت عملی میں ناکامی کا اعتراف بھی کرتے ہوئے پاکستان کے ساتھ جھڑپوں میں لڑاکا طیارے کھوئے ہیں۔

    صحافی نے سوال کیا کہ کیا پاکستان نے بھارت کے طیارے گرائے، آپ تصدیق کریں گےِ؟ بھارتی چیف آف اسٹاف نے کہا طیاروں کا گرنا اہم نہیں بلکہ طیارے کیوں گرے یہ اہم ہے۔

    صحافی نے پھر پوچھا کم از کم ایک طیارہ تو تباہ ہوا؟ جنرل انیل چوہان کا کہنا تھا کہ جی جی، لیکن اہم یہ ہے کہ طیارے کیوں گرے، ہم نے فضائی جھڑپوں میں ٹیکٹیکل غلطیاں کیں، جس کا ادراک کرلیا گیا۔

    صحافی کے بار بار سوال پر بھارتی چیف آف ڈیفنس اسٹاف نے طیاروں کی تعداد بتانے سے انکار کردیا۔

    مزید پڑھیں : پاکستان نے بھارت کے 5 طیارے مار گرائے، بی جے پی سینئر رہنما کا اعتراف

    یاد رہے گذشتہ روز بھارتیہ جنتا پارٹی کےسینئر رہنما سبرامنیئن سوامی نے اعتراف کیا تھا کہ حالیہ جنگ میں پاکستان نے بھارت کے 5 طیارے مار گرائے۔

    واضح رہے گزشتہ ماہ 22 اپریل کو ہندوستان کے زیر قبضہ کشمیر میں پہلگام میں فالس فلیگ آپریشن کی آڑ میں 7 مئی کو رات کی تاریکی میں پاکستان کے شہری علاقوں پر حملہ کیا تھا۔

    پاک فوج نے فوری طور پر جوابی کارروائی کرتے ہوئے بھارت کے فرانسیسی ساختہ رافیل طیاروں سمیت 6 طیارے اور درجنوں اسرائیلی ساختہ ڈرونز بھی مار گرائے تھے۔

  • ارشد ندیم نے ایک بار پھر قوم کے دل جیت لیے، ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں جیولن تھرو کے فاتح قرار

    ارشد ندیم نے ایک بار پھر قوم کے دل جیت لیے، ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں جیولن تھرو کے فاتح قرار

    فخر پاکستان ارشد ندیم نے ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں جیولن تھرو کا فائنل جیت کر گولڈ میڈل اپنے نام کرتے ہوئے ایک بار پھر قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا۔

    جنوری کوریا میں جاری ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں جیولن تھرو کے فائنل میں ارشد ندیم نے پہلی تھرو 75.64 میٹر، دوسری 76.80 میٹر جبکہ تیسری 85.57 میٹر تھرو کی۔

    قومی ایتھلیٹ نے چوتھے راؤنڈ میں 83.99 میٹر، پانچویں راؤنڈ میں 83.44 میٹر جبکہ فائنل تھرو 86.40 میٹر کی تھرو کی۔

    یہ بھی پڑھیں: ارشد ندیم اولمپک گولڈ میڈل جیت گئے

    وہ اب اولمپکس چیمپئن کے بعد ایشین چیمپئن بھی بن گئے۔ گولڈ میڈل جیتنے پر قومی ایتھلیٹ کے آبائی گاؤں میں جشن کا سماں ہے جبکہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر پاکستانی کامیابی پر خوشیوں کا اظہار کر رہے ہیں۔

    والدہ ارشد ندیم

    ارشد ندیم کی والدہ نے بیٹے کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ اور پوی قوم کی شکر گزار ہوں، بیٹے نے پاکستان کیلیے میڈل جیتا، پاکستانی قوم کی دعائیں بیٹے کے ساتھ ہیں، میرا بیٹا مستقبل میں بھی میڈل جیت کر قوم کا نام روشن کرے گا۔

    صدر مملکت 

    صدر مملکت آصف علی زرداری نے مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے جیولن تھرو میں ایک بار پھر پاکستان کا نام روشن کیا، انہوں نے فائنل سمیت پوری چیمپئن شپ میں بہترین کھیل پیش کیا، ان کی شاندار جیت پر پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

    آصف علی زرداری نے کہا کہ پوری قوم کو کی شاندار کارکردگی پر فخر ہے، مستقبل میں بھی ارشد ندیم کی کامیابیوں کیلیے دعا گو ہوں۔

    وزیر اعظم

    وزیر اعظم شہباز شریف قومی ایتھلیٹ اور پوری قوم کو شاندار فتح پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ارشد ندیم قوم کا سر فخر سے بلند کرنے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں، ان کی شاندار کارکردگی کی بدولت سبز ہلالی پرچم کی شان بڑھی۔

    شہباز شریف نے کہا کہ ان کی محنت، لگن اور شاندار کامیابی نوجوان ایتھلیٹس کیلیے قابلِ تقلید مثال ہے، اللہ سے دعا ہے مستقبل میں بھی ان کی کامیابیوں کا سلسلہ جاری رہے۔

  • آئی ایم ایف نے کرپٹومائننگ کے لیے 2 ہزار میگاواٹ بجلی پر اعتراض اٹھادیا

    آئی ایم ایف نے کرپٹومائننگ کے لیے 2 ہزار میگاواٹ بجلی پر اعتراض اٹھادیا

    اسلام آباد : عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے کرپٹو مائننگ کے لیے 2 ہزار میگا واٹ بجلی اعتراض کرتے ہوئے تفصیلات طلب کرلیں۔

    تفصیلات کے مطابق عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے کرپٹو مائننگ کے لیے 2 ہزار میگا واٹ بجلی پر بھی اعتراض اٹھا دیا۔

    ذرائع نے کہا کہ کرپٹو مائننگ کیلئے 2 ہزار میگاواٹ بجلی کس ریٹ پر دی جائیں گی ، اس حوالے سے تفصیلات طلب کرلیں۔

    آئی ایم ایف نے ہدایت کی کرپٹومائننگ پر 2ہزار میگا واٹ بجلی کو رعایتی ریٹ نہ دیا جائے۔

    یاد رہے حکومت نے منصوعی ذہانت (اے آئی) اور بٹ کوائن مائننگ کے ڈیٹا سینٹرز کے لیے پہلے مرحلے میں دو ہزار میگا واٹ بجلی مختص کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

    مزید پڑھیں : 2ہزار میگاواٹ بجلی اب ڈیجیٹل کرنسی بھی پیدا کرے گی، وزارت خزانہ

    وزارت خزانہ نے کہا تھا کہ زائد بجلی کو نئی معیشت میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، 2ہزار میگاواٹ بجلی اب ڈیجیٹل کرنسی بھی پیدا کرے گی۔

    وزارت خزانہ کا کہنا تھا کہ حکومت کا عزم ہے کہ توانائی کو قومی ترقی کا ذریعہ بنایا جائے، پاکستان ڈیجیٹل انقلاب کی طرف گامزن ہوچکا ہے، کرپٹو مائننگ اور اے آئی سینٹرز کے ذریعے ڈیجیٹل انقلاب آرہا ہے، منصوبہ نوجوانوں کو ہائی ٹیک روزگار بھی فراہم کرے گا۔

    انھوں نے مزید کہا تھا کہ کرپٹو کونسل کی سرپرستی میں نئی ڈیجیٹل معیشت کی بنیاد رکھ رہے ہیں، زائد بجلی کو معاشی طاقت میں بدلنے کا یہ منصوبہ دنیا بھر کی توجہ کا مرکز بنے گا۔

    وزارت خزانہ کے مطابق کہ بٹ کوائن مائننگ سے پاکستان کو اربوں روپے کی آمدنی کی امید ہے، حکومت نے نئی ٹیکنالوجی اپنانے کا جرات مندانہ فیصلہ کرلیا ہے، پاکستان اب نہ صرف توانائی پیدا کرے گا بلکہ ڈیجیٹل اثاثے بھی بنائے گا۔

  • 9 مئی کو پی ٹی آئی ایم این اے اور ورکرز کا پُرتشدد احتجاج  دہشت گردی قرار

    9 مئی کو پی ٹی آئی ایم این اے اور ورکرز کا پُرتشدد احتجاج دہشت گردی قرار

    اسلام آباد: انسداد دہشت گردی عدالت نے پی ٹی آئی ایم این اے اور ورکرز کا 9 مئی کو پُرتشدد احتجاج دہشت گردی قرار دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی مقدمے میں تھانے پر حملہ اور جلاؤ گھیراؤ کیس کا تفصیلی فیصلہ جاری کردیا، عدالت نے 42 صفحات کا تفصیلی فیصلہ جاری کیا۔

    جس میں عدالت نے پی ٹی آئی ایم این اے اور ورکرز کے پُرتشدد احتجاج کو دہشت گردی قراردےدیا

    فیصلے میں کہا گیا کہ 11 مجرمان کومختلف دفعات میں مجموعی طور پر 27 سال 3 ماہ قید کی سزا دی گئی ہے۔

    دہشت گردی ایکٹ ثابت ہونے پر 7 اے ٹی اے کے تحت بھی 10سال قید کی سزا سنائی ہے، تمام سزائیں اکٹھی ہیں اس لئےمجرمان کو 10 سال قید ہوگی۔

    تفصیلی فیصلے میں کہا کہ سزا سنائے جانیوالوں میں نوشہرہ کا زریاب خان،پارہ چنارکےمحمداکرم اورمیرا خان ، اپر دیرچترال کا عبد اللطیف، مردان کا سمئول رابرٹ، کیلاش ویلی کا وزیر زادہ ، ہری پورکاعبد الباسط، سرگودھا کا شان علی اور باغ کا شازیب شامل ہیں۔

    مزید پڑھیں : پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان تنخواہوں اور پنشن میں اضافے کے فیصلے پر جزوی اتفاق

    فیصلے کے مطابق اسلام آباد میں مقیم افغانستان سے تعلق رکھنے والا محمد یوسف، مانسہرہ کا سہیل خان بھی سزا سنائے جانیوالوں میں شامل ہیں۔

    عدالت کا کہنا تھا کہ مجرمان سیاسی جماعت کے ممبر ہیں، جوبانی پی ٹی آئی کی گرفتاری پر احتجاج کر رہے تھے، مجرمان نے تھانے پر حملہ کیا،پولیس پر فائرنگ کی، موٹر سائیکلیں جلائیں اور پراپرٹی کونقصان پہنچایا۔

    عدالتی فیصلے میں مزید کہا گیا کہ یہ واضح ہے کہ مجرمان حکومت کو عدم استحکام کا شکار کر کے اپنا مقصد حاصل کرنا چاہتے تھے، احتجاج آئینی حق ہےلیکن غیر قانونی سیاسی سرگرمی کی آڑمیں اداروں پرحملےکی اجازت نہیں دیتا۔

    عدالت نے کہا کہ پولیس پرحملہ کرنا،موٹرسائیکلیں جلانا،پُرتشددکارروائی کرناملزم کادہشت پھیلاناظاہرکرتاہے، یہ وقوعہ اسلام آباد میں ہواجس کومحفوظ ترین شہر کہاجاتاہےجہاں سفارت خانے بھی ہیں۔

    عدالتی فیصلے کے مطابق ہتھیاروں سے پولیس اسٹیشن پر حملہ سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں دہشت گردی ہے، لا انفورسمنٹ ایجنسیزاورعوام میں دہشت پھیلاکرمجرمان اپنامقصدحاصل کرناچاہتےتھے، پراسیکیوشن کیس ثابت کرنےمیں کامیاب رہی،سب نے اکٹھے جرم کیا اس لئے تمام ذمہ دارہیں۔

    ۔