Category: اہم ترین

پاکستان اور دنیا بھر سے اہم ترین خبریں جاننے کے لئے اے آر وائی نیوز کی اردو ویب سائٹ پر آئیں

Important Breaking News from Pakistan and World from ARY News Urdu

  • ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو ’ہیرو‘ نہیں کہا جا سکتا،  رانا ثنااللہ

    ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو ’ہیرو‘ نہیں کہا جا سکتا، رانا ثنااللہ

    اسلام آباد : وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی و عوامی امور رانا ثنااللہ کا کہنا ہے کہ محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو ’ہیرو‘ نہیں کہا جا سکتا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کے مشیر رانا ثنااللہ نے اے آر وائی نیوز کو خصوصی انٹرویو میں کہا بھارت کےخلاف فتح پر فخر کے لمحے کے حق دار تو مسلح افواج ہیں۔

    ایٹمی پروگرام کے حوالے سے سیاسی مشیر کا کہنا تھا کہ ایٹمی پروگرام شروع کرنے کا کریڈٹ ذوالفقار علی بھٹو کو جاتا ہے۔

    ڈاکٹرعبدالقدیر خان سے متعلق وزیراعظم کے مشیر کا کہنا تھا کہ ڈاکٹرعبدالقدیر خان کوبطورسائنسدان ہمیشہ یادرکھاجائے گا مگر وہ لیڈر نہیں، ڈاکٹرعبدالقدیر خان کو ہیرو نہیں کہا جا سکتا ہے۔

    ڈاکٹرعبدالقدیرخان ​​کو حکومتی سطح پر نظر انداز کیے جانے سے متعلق سوال کے جواب پر انھوں نے کہا کہ ڈاکٹر قدیر کو وہ پذیرائی ملتی ہے، جس کے وہ حقدار تھے تاہم پاکستان کےایٹمی قوت بننے کا ہیرو صرف نواز شریف کوقراردیا جا سکتا ہے۔

    سیاسی مشیر نے مزید کہا کہ "یہ سمجھنا ضروری ہے کہ کئی ممالک اور سائنسدانوں نے جوہری بم تیار کیے ہیں، اصل کامیابی جوہری تجربہ کرنے اور اپنے ملک کو ایٹمی طاقت قرار دینے میں ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نواز شریف کی قیادت میں پاکستان نے ایٹمی تجربات کیے، اگر اس دن یہ فیصلہ نہ کیا جاتا تو شاید کبھی ایسا نہ ہوتا۔

    انھوں نے مخالفین پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ لوگ حسد اور بغض میں اندھے ہو کر کہتے ہیں نواز شریف دھماکے نہیں چاہتے تھے۔

  • خیرپور : جج کے اسکواڈ پر حملہ، پولیس اہلکار شہید 2 زخمی

    خیرپور : جج کے اسکواڈ پر حملہ، پولیس اہلکار شہید 2 زخمی

    خیرپور لاڑکانہ روڈ پر انسداد دہشت گردی عدالت کے جج کے اسکواڈ پر نامعلوم دہشت گردوں نے حملہ کردیا، حملے میں ایک پولیس اہلکار شہید اور 2شدید زخمی ہوگئے۔

    اےآر وائی نیوز خیر پور کے نمائندے نوید کھوڑو کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ اے ٹی سی کے جج گاڑی میں سکھر سے لاڑکانہ جارہے تھے کہ اس دوران اسکواڈ میں شامل موبائل پر گولیاں لگیں۔

    اچانک حملے کے نتیجے میں ایک اہلکار نے موقع پر ہی جان دے دی جبکہ دو اہلکار فائرنگ سے زخمی ہوئے، شہید اہلکار اور زخمیوں کو لاڑکانہ اسپتال منتقل کردیا گیا۔

    خیرپور پولیس کے مطابق شہید ہونے والے اہلکار کی شناخت مقبول شیخ جبکہ زخمی ہونے والوں کے نام اقبال ملانو اور صغیر احمد ہیں۔

    واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایس ایس پی خیرپور سردار حسن نیازی بھاری پولیس نفری ہمراہ جائے وقوعہ پہنچ گئے ہیں۔ علاقے کی ناکہ بندی کرکے سرچ آپریشن کا آغاز کردیا گیا۔

    پولیس کے مطابق واقعے کے بعد حملہ آور واردات کے فوری بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، شہید اور زخمی اہلکاروں کا تعلق ضلع لاڑکانہ سے ہے۔

    ایس ایس پی خیرپور سردار حسن نیازی نے میڈیا کو بتایا ہے کہ اے ٹی سی جج محفوظ ہیں، ان کے اسکواڈ پرحملہ ہوا ہے، یہ ٹارگٹڈ حملہ تھا یا ڈکیتی کے دوران کچھ ہوا؟ اس معاملے کی مزید تحقیقات کررہے ہیں۔

  • سوراب میں بینک افسر کی رہائشگاہ پر دہشتگردوں کا حملہ، اے ڈی سی ریونیو شہید

    سوراب میں بینک افسر کی رہائشگاہ پر دہشتگردوں کا حملہ، اے ڈی سی ریونیو شہید

    سوراب میں بینک اور انتظامی افسر کی رہائش گاہ پر دہشت گردوں نے بزدلانہ حملہ کیا ہے۔

    سوراب بازار میں بینک لوٹ لیا گیا اور سرکاری افسران کے گھر جلائے گئے، حملے کے دوران اے ڈی سی ریونیو ہدایت بلیدی نے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔

    ترجمان بلوچستان حکومت کے مطابق حملہ ریاست رٹ کو چیلنج کرنے کی مذموم کوشش ہے۔

    ترجمان بلوچستان حکومت کے مطابق وطن کے سپاہی نے جان کا نذرانہ دے کر بہادری کی نئی مثال قائم کی ہے، اے ڈی سی رہائشگاہ پر خواتین اور بچے موجود تھے۔

    بلوچستان حکومت کے مطابق بھارت کی پراکسیز نے ان کی ایما پر کارروائی کی ہے، ریاست دشمن عناصر کی ہر کوشش ناکام بنانے کا عزم کرتے ہیں۔

    ترجمان بلوچستان حکومت کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے، ایف سی، پولیس اور لیویز علاقے میں پہنچ گئی ہیں۔

  • بھارت کے ہائیڈرو ٹیرر ازم کے بھیانک نتائج ہوں گے، فیلڈ مارشل عاصم منیر

    بھارت کے ہائیڈرو ٹیرر ازم کے بھیانک نتائج ہوں گے، فیلڈ مارشل عاصم منیر

    راولپنڈی: فیلڈ مارشل عاصم منیر کا کہنا ہے کہ بھارت کے ہائیڈرو ٹیرر ازم کے بھیانک نتائج ہوں گے۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ کا دورہ کیا اس موقع پر کور کمانڈر اور کمانڈنٹ اسٹاف کالج نے ان کا استقبال کیا، انہوں نے کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کے طلبا، افسران اور فیکلٹی سے خطاب کیا۔

    فیلڈ مارشل عاصم منیر نے مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا، اور شہدا کے اہلخانہ سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔

    عاصم منیر نے آپریشن بنیان مرصوص کے شہدا کو بھرپور خراج عقیدت پیش کیا۔

    انہوں نے معرکہ حق کی کامیابی میں مسلح افواج کی پروفیشنل ازم کی تعریف کی اور عالمی، علاقائی صورت حال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا، بھارت کے پاکستان کے خلاف بلا اشتعال جارحانہ اقدامات پر بھی روشنی ڈالی۔

    عاصم منیر نے کہا کہ معرکہ حق کی کامیابی ہمارے قومی عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے، قومی قیادت کے ساتھ قوم مادر وطن کے دفاع کے لیے آہنی دیوار بن کر کھڑی ہوئی۔

    فیلڈ مارشل نے کہا کہ کسی بھی جارحیت کا بھرپور اور منہ توڑ جواب دیا جائے گا، دہشت گردی کے خلاف جنگ سے توجہ ہٹانے کی ہرسازش کو ناکام بنائیں گے۔

    پاک فوج کے سپہ سالار نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں استحکام کے لیے تنازع کشمیر کا منصفانہ فوری حل ضروری ہے، بھارت کے ہائیڈرو ٹیرر ازم کے بھیانک نتائج ہوں گے۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی کو بھارتی ریاستی سرپرستی مل رہی ہے، قوم کے تعاون سے دہشت گردی کے خلاف جنگ کومنطقی انجام تک پہنچائیں گے۔

  • وزیراعظم نے عید الاضحیٰ کی تعطیلات کی منظوری دے دی

    وزیراعظم نے عید الاضحیٰ کی تعطیلات کی منظوری دے دی

    وزیراعظم شہباز شریف نے عید قرباں کے موقع پر تعطیالت کی منظوری دے دی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ عید الاضحیٰ پر 6 سے 9 جون تک چار دن کی تعطیلات ہوں گی، کابینہ ڈویژن کچھ دیر میں نوٹیفکیشن جاری کرے گا۔

    واضح رہے کہ پاکستان میں ذوالحج کا چاند نظر آگیا ہے اور عید الاضحیٰ  7 جون بروز ہفتے کو منائی جائے گی۔

    تعطیل کے موقع پر تمام سرکاری و نجی دفاتر، تعلیمی ادارے اور بینکس بند رہیں گے۔

  • پاکستان اور بھارت میں آئندہ کشیدگی ہوئی  تو صورتحال انتہائی خطرناک ہو سکتی ہے، جنرل ساحر شمشاد

    پاکستان اور بھارت میں آئندہ کشیدگی ہوئی تو صورتحال انتہائی خطرناک ہو سکتی ہے، جنرل ساحر شمشاد

    اسلام آباد : چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے کہا ہے مستقبل میں اگر پاک بھارت جنگ ہوئی تو وہ متنازع علاقہ تک محدود نہیں رہے گی۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے رائٹرز کو اںٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کی فوجیں 22 اپریل سےپہلی کی پوزیشن پر واپس آرہی ہیں ۔تاہم مستقبل میں کشیدگی کا امکان برقرار ہے۔

    چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کا کہنا تھا کہ ماضی میں کشیدگی صرف متنازع علاقوں تک محدود رہتی تھی لیکن اس بار بھارت نے پہلے شہروں کو نشانہ بنایا اور پھربین الاقوامی سرحد اور لائن آف کنٹرول پر جارحیت کی، یہ انتہائی خطرناک ہے۔

    انھوں نے خبردار کیا کہ مستقبل میں پاک بھارت جنگ متنازع علاقے تک محدود نہیں رہے گی۔

    چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی نے کہا کہ بھارت نے پہلگام حملے کے 24 گھنٹےمیں ہی سندھ طاس معاہدہ معطلی کا اعلان کیا، یہ فیصلہ بغیر کسی ثبوت کے آیا، پاکستان نے آزاد تحقیقات کی پیشکش کی لیکن اس کے باوجود بھارت نے یہ قدم اٹھایا۔

    انھوں نے بتایا کہ اس دوران جوہری ہتھیاروں کی جانب پیش رفت نہیں ہوئی، لیکن حالات میں سنگینی ضرور موجود تھی، مستقبل میں جارحیت ہوئی تو متنازع علاقوں کیساتھ دونوں ممالک متاثرہوسکتے ہیں،۔

    جنرل ساحر شمشاد کا کہنا تھا کہ شنگری لا فورم پر بھارتی چیف آف ڈیفنس اسٹاف سےملاقات کا ارادہ نہیں، دونوں ممالک میں کشیدگی کے خاتمے کیلئےبیک ڈوررابطے یا غیررسمی بات نہیں ہوئی۔

    انھوں نے مزید کہا کہ یہ جارحانہ کشیدگی تھی جس کی شدت میں اب کمی آگئی ہے۔

  • پاکستان نے بھارت کے 5 طیارے مار گرائے، بی جے پی سینئر رہنما کا اعتراف

    پاکستان نے بھارت کے 5 طیارے مار گرائے، بی جے پی سینئر رہنما کا اعتراف

    بھارتیہ جنتا پارٹی کےسینئر رہنما سبرامنیئن سوامی نے اعتراف کیا ہے کہ حالیہ جنگ میں پاکستان نے بھارت کے 5 طیارے مار گرائے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق گزشتہ ماہ 22 اپریل کو ہندوستان کے زیر قبضہ کشمیر میں پہلگام میں فالس فلیگ آپریشن کی آڑ میں 7 مئی کو رات کی تاریکی میں پاکستان کے شہری علاقوں پر حملہ کیا تھا۔

    پاک فوج نے فوری طور پر جوابی کارروائی کرتے ہوئے بھارت کے فرانسیسی ساختہ رافیل طیاروں سمیت 6 طیارے اور درجنوں اسرائیلی ساختہ ڈرونز بھی مار گرائے تھے۔

    بعد ازاں بھارتی کے جنگی جنون میں کمی نہ آنے پر پاک فوج نے مودی سرکار کے نام نہاد آپریشن سندور کے جواب میں 10 مئی کی علی الصباح آپریشن بنیان مرصوص کے ذریعے دندان شکن جواب دیتے ہوئے بھارت کا ایئر ڈیفنس سسٹم تباہ کر کے اسے چند گھنٹوں میں ہی گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دیا تھا۔

    جنگ بندی کے بعد خود بھارت میں پاکستان کی جانب سے بھارتی طیارے گرائے جانے سے متعلق سوالات کیے گئے لیکن سب کو اس معاملے پر سانپ سونگھا ہوا ہے۔

    تاہم گھر کا بھیدی لنکا ڈھائے کے مترادف بھارتیہ جنتہ پارٹی کے سینئر رہنما سبرامنیئن سوامی نے بالآخر اعتراف کر ہی لیا کہ حالیہ جنگ میں پاکستان نے بھارت کے پانچ طیارے مار گرائے ہیں۔

    ایک انٹرویو جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔ اس میں سبرامنیئن سوامی نے نہ صرف پاکستان کی جانب سے بھارت کے پانچ طیارے مار گرانے کا اعتراف کیا بلکہ وزیراعظم مودی سے 5 طیارے گرنے پر سوال بھی اٹھا دیا اور کہا کہ امید ہے کہ مودی طیارے گرنے پر بھارتی عوام کو سچائی سے آگاہ کریں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ طیارے چین کے تھے لیکن بھارتی طیاروں کو پاکستان نے تباہ کیا۔ چین نے پاکستان کو بہترین لڑاکا طیارے دیے جب کہ بھارت کو فرانس سے ملنے والے طیارے اچھے نہیں تھے۔

    سینئر بی جے پی رہنما نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ مودی کے ہوتے ہوئے طیارے گرنے پر تحقیقات یا بات چیت ممکن نہیں ہے۔

    واضح رہے کہ بھارت کی شرمناک پسپائی کے باوجود انتہا پسند مودی کی زبان پاکستان کے خلاف مسلسل آگ اگل رہی ہے جب کہ انڈین میڈیا بھی بھارتی فوج کی شرمناک شکست کو فتح میں دکھانے کے لیے نت نئے جھوٹ گڑھ کر ایک ارب سے زائد ہندوستانیوں سمیت دنیا بھر کو بے وقوف بنانے کی ناکام کوشش کر رہا ہے۔ تاہم اب بھارت میں بھی انڈین طیارے گرائے جانے پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں لیکن حکمراں طبقے کے پاس اس کا کوئی جواب نہیں ہے۔

    https://urdu.arynews.tv/indian-air-chiefs-sensational-revelations-about-corruption-in-defense-contracts/

  • پی ٹی آئی ایم این اے سمیت 11 مجرموں کو 15 سال 4 ماہ قید کی سزا

    پی ٹی آئی ایم این اے سمیت 11 مجرموں کو 15 سال 4 ماہ قید کی سزا

    اسلام آباد : 9 مئی تھانہ رمنا حملہ کیس میں عدالت نے پی ٹی آئی ایم این اے سمیت 11 مجرموں کو 15 سال 4 ماہ قید اور جرمانے کی سزا سنا دی۔

    تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد نے پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنان کیخلاف 9 مئی تھانہ رمنا پر حملہ کیس فیصلہ سنا دیا۔

    فیصلے میں 11 ملزمان کومجموعی طورپر 15 سال 4 ماہ قیدا ور جرمانے کی سزاسنادی اور عدالت نے غیر حاضر ملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے۔

    انسداد دہشت گردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے کیس کا فیصلہ سنایا، پی ٹی آئی ایم این اے عبد لطیف اور سابق ایم پی اے وزیر زادہ کیلاشی سمیت 11 ملزمان کو نو مئی کے مقدمہ میں سزا سنا دی گئی۔

    پولیس نے فیصلے کے بعد عدالت میں موجود چار ملزمان محمد اکرم ، میرا خان، شاہ زیب ، سہیل خان کو تحویل میں لے لیا۔

    عدالت نے کہا ملزمان نے تھانہ رمنا پر حملہ کیا اور فائرنگ کی اور پتھرائو کیا ساتھ ہی پولیس والوں کو مارنے کی کوشش کی۔

    فیصلے میں کہا گیا کہ ملزمان نے اپنے مقاصد کیلئے موٹر سائیکلوں کو آگ لگائی، ملزمان کے خلاف 24 گواہان نے اپنی شہادتیں قلمبند کروائیں اور ملزمان کی مجسٹریٹ صاحبان کے سامنے شناخت پریڈ کی گئی۔

    جج طاہر عباس سپرا نے کہا اسلام آباد کے تھانوں پر حملہ ہوتا ہے تو ملک میں کوئی جگہ رہنے کے قابل نہیں رہے گی، پولیس پر قاتلانہ حملہ پر ملزمان کو پانچ سال سزا پچاس ہزار جرمانہ کی سزا سنائی جاتی ہے۔

    جج طاہر عباس کا کہنا تھا کہ موٹر سائیکل جلانے چار سال قید چالیس ہزار جرمانے، تھانہ جلانے کے جرم میں چار سال قید اور چالیس ہزار جرمانہ کی سزا سنائی جاتی ہے ۔

    انسداد دہشت گردی کی عدالت نے کہا کہ پولیس کے کام میں مداخلت پر تین ماہ قید کی سزا اور دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر ایک ماہ کی سزا سنائی جاتی ہے، مجمع بنا کر جرم کرنے پر دو سال کی سزا سنائی جاتی ہے جبکہ دہشت گردی کی دفعات پر دس سال سزا اور دو لاکھ جرمانہ کی سزا سنائی جاتی ہے۔

  • صدرِ مملکت نے کم عمری کی شادی کی ممانعت کے بل پر دستخط کر دیے، سخت سزائیں نافذ

    صدرِ مملکت نے کم عمری کی شادی کی ممانعت کے بل پر دستخط کر دیے، سخت سزائیں نافذ

    اسلام آباد : صدر مملکت آصف زرداری نے کم عمر بچوں کی شادی کی ممانعت کے بل پر دستخط کر دیے، جس کے تحت کم عمر بچوں کی شادی کرانے کا جرم ناقابل ضمانت ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق صدر مملکت آصف زرداری نے 18 سال سے کم عمری کی شادی کی ممانعت کے بل پر دستخط کر دیے۔

    سینیٹ اورقومی اسمبلی نے کم عمری کی شادی کی ممانعت کا بل منظور کیا تھا ، قومی اسمبلی میں بل شرمیلا فاروقی،سینیٹ میں شیری رحمان نے پیش کیا تھا۔

    قانون کے تحت نکاح خواں ایسا نکاح نہیں پڑھائے گا، جہاں فریق 18سال سےکم عمرہوں، خلاف ورزی پر نکاح خواں کو ایک سال قید اورایک لاکھ جرمانہ ہوسکتاہے۔

    18سال سے بڑی عمر کے مرد کو کم عمر لڑکی سے شادی پر 3 سال تک قیدبامشقت ہوگی اور کم عمری کی شادی کا علم ہونے پر اسے روکنے کا حکم دے گی۔

    مزید پڑھیں : اسلامی نظریاتی کونسل نے کم عمری کی شادی کی ممانعت کا بل غیراسلامی قرار دیدیا

    کم عمر بچوں کی شادی کرانے کا جرم ناقابل ضمانت ہوگا، عدالت کیس کی کارروائی 90روز میں مکمل کرے گی۔

    نئے قانون میں کہا گیا ہے کہ 18 سال سے قبل ساتھ رہنے کو بچے سے زیادتی تصور کیا جائے گا اور کم عمرمیں شادی پر مجبور کرنے والے کو 7 سال تک قیداور10 لاکھ تک جرمانہ ہوگا۔

    بچے کی شادی کیلئے ٹریفکنگ پر 7سال تک قیداور جرمانہ جبکہ کم عمر بچے کی شادی میں معاونت پر 3سال تک قید اور جرمانہ ہوگا۔

    خیال رہے اسلامی نظریاتی کونسل کم عمری کی شادی کے بل کو غیراسلامی قراردے چکی ہے، کونسل نے18 سال سے کم عمر کی شادی پر سزاؤں کو غیر اسلامی قرار دیا تھا۔

  • اپنے حصے کے پانی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے، وزیر اعظم کا بھارت کو واضح پیغام

    اپنے حصے کے پانی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے، وزیر اعظم کا بھارت کو واضح پیغام

    وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ بھارت کا سندھ طاس معاہدے کو یکطرفہ معطل کرنے کا فیصلہ قابل مذمت ہے، پاکستان اپنے حصے کے پانی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔

    تاجکستان کے دارالحکومت دوشنبے میں گلیشئرز کے تحفظ کے حوالے سے منعقدہ عالمی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ گلیشئرز کے تحفظ اور چیلنجز پر جامع گفتگو پر تاجکستان کے صدر کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

    شہہباز شریف نے کہا کہ پاکستان میں 13 ہزار گلیشئرز ہیں جن کا تحفظ ہمارے لیے بہت اہم ہے، پاکستان کے پانی کا نصف حصہ انہی گلیشئرز سے حاصل ہوتا ہے لیکن ماحولیاتی تبدیلی ہمارے گلیشئرز تیزی سے پگھل رہے ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں: ’بھارت پانی روکے گا تو پھر پاکستان جنگ کے لیے تیار ہے‘

    انہوں نے کہا کہ سال 2022 میں ماحولیاتی تبدیلی کی وجہ سے سیلاب اور طوفانی بارشوں کا سامنا کرنا پڑا، پاکستان کا فضا میں زہریلی گیسوں کا اخراج نصف فیصد سے بھی کم ہے لیکن پاکستان دنیا کے اُن 10 ممالک میں شامل ہے جو ماحولیاتی تبدیلی سے زیادہ متاثر ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ ماحولیاتی تبدیلی کے باعث ایکوسسٹم بھی متاثر ہو رہا ہے، ترقی یافتہ ممالک ماحولیاتی تبدیلی کے چیلنج سے نمٹنے کیلیے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں اور ترقی پذیر ملکوں میں ارلی وارننگ سسٹم میں سرمایہ کاری بڑھائیں۔

    اپنے خطاب میں وزیر اعظم شہباز شریف نے یہ بھی کہا کہ غزہ میں صورتحال بدترین ہے جہاں انسانی بحران جنم لے رہا ہے۔