Category: اہم ترین

پاکستان اور دنیا بھر سے اہم ترین خبریں جاننے کے لئے اے آر وائی نیوز کی اردو ویب سائٹ پر آئیں

Important Breaking News from Pakistan and World from ARY News Urdu

  • فتنہ الخوارج کے 47 دہشت گرد جہنم واصل

    فتنہ الخوارج کے 47 دہشت گرد جہنم واصل

    اسلام آباد (26 اگست 2025):۔ سیکیورٹی فورسز نے فتنہ الخوارج کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے 47 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کو سیکیورٹی ذرائع سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے 7 سے 9 اگست کے درمیان فتنہ الخوارج کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے 47 دہشتگردوں کو جہنم واصل کر دیا ہے۔ ان میں زیادہ تر دہشت گرد افغان تھے۔

    سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ فتنہ الخوارج کی بڑی تشکیل سمبازا بلوچستان میں سرحد کو پار کرنے کی کوشش کر رہی تھی۔ مارے گئے زیادہ تر دہشتگردوں کی لاشیں افغانستان میں موجود ہیں۔

    مارے جانے کے 15 دن بعد بھی افغانستان سے دہشت گردوں کی لاشیں اٹھانے کوئی نہ آیا اور ان کی لاشیں افغانستان سائیڈ پر گلتی سڑتی رہیں اور گوشت خور جانور ان کی لاشوں سے اپنی بھوک مٹاتے رہے۔

    سیکیورٹی ذرائع کے مطابق 25 اگست کو بارڈر پر افغان حکام کے ساتھ جرگہ ہوا، جس کے بعد ان لاشوں کو گدھوں پر لاد کر لے جایا گیا۔

    اگر سیکیورٹی فورسز بروقت کارروائی نہ کرتیں تو یہ دراندازی کر کے پاکستان میں داخل ہو کر بڑی دہشتگردی کی کارروائیاں کرنا چاہتے تھے۔ فتنہ الخوارج کے بڑے گروہ کو پہلے ہی ٹھکانے لگانے کو انٹیلی جنس اداروں کی بڑی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔

  • 30 روپے کے تنازع پر 2 بھائیوں کو قتل کرنے والا  مرکزی ملزم گرفتار

    30 روپے کے تنازع پر 2 بھائیوں کو قتل کرنے والا مرکزی ملزم گرفتار

    لاہور : رائیونڈ میں 30 روپے کے تنازع پر 2 بھائیوں کے قتل میں ملوث مرکزی ملزم اویس کوگرفتار کرلیا گیا، ملزم کی نوجوان کوبلا مارنے کی فوٹیج سامنے آئی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے رائیونڈ میں پھل فروشوں کے ساتھ 30 روپے کے تنازع پر ہونے والے تشدد کے افسوسناک واقعے میں دو بھائیوں کی ہلاکت کے واقعے میں پیش رفت ہوئی۔

    پولیس نے بتایا کہ دو بھائیوں کے قتل میں ملوث مرکزی ملزم اویس کوگرفتارکرلیا، ملزم اویس کی نوجوان کو بلا مارنے کی فوٹیج سامنے آئی تھی۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ اویس اور تیمور سمیت دو ملزمان پہلے ہی گرفتار کیے جا چکے ہیں جبکہ مزید چار ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں اور واقعے کی تفتیش سی سی ڈی چوہنگ کے حوالے کر دی گئی ہے۔

    یاد رہے لاہور کے علاقہ تھانہ رائے ونڈ سٹی کے علاقے میں صرف 30 روپے کی خاطر پھل فروش نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر دو بھائیوں پر بہیمانہ تشدد کیا تھا۔

    جھگڑے میں دونوں بھائی شدید زخمی ہو گئے تھےم جنہیں اسپتال منتقل کیا گیا تھا، جہاں کچھ دیر بعد 21 سالہ واجد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا تھا جب کہ 17 سالہ راشد کو تشویشناک حالت میں اؔئی سی یو منتقل کیا گیا تھا، جہاں وہ زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد دم توڑ گیا تھا۔

    مزید پڑھیں : صرف 30 روپے کی خاطر پھل فروش کے تشدد سے زخمی دوسرا بھائی بھی دم توڑ گیا

    بعد ازاں رائے ونڈ پولیس نے واقعہ کا مقدمہ نوجوانوں کے والد کی مدعیت میں درج کر کے ایک ملزم پھل فروش تیمور کو گرفتار کیا تھا۔

    پولیس کا یہ بھی کہنا تھا کہ حملہ آور جب بھائیوں پر تشدد کر رہے تھے تو وہاں موجود ہجوم انہیں بچانے کی بجائے ویڈیو بناتا رہا، خون میں لت پت لڑکا اپنے بے ہوش بھائی کا سر گود میں لیے بیٹھا تھا، ایک ملزم نے آگے بڑھ کر زخمی بھائی کے سر پر زور سے بیٹ مارا تو وہ بھی بے ہوش ہو گیا۔

  • انٹر میڈیٹ پارٹ ون / ٹو کے نتائج کا اعلان، رزلٹ معلوم کرنے کے تین آسان طریقے

    انٹر میڈیٹ پارٹ ون / ٹو کے نتائج کا اعلان، رزلٹ معلوم کرنے کے تین آسان طریقے

    اسلام آباد : وفاقی تعلیمی بورڈ نے انٹر میڈیٹ پارٹ ون/ٹو کے نتائج کا اعلان کر دیا، طلبہ تین آسان طریقوں سے نتائج معلوم کرسکتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن (FBISE) نے انٹرمیڈیٹ (پارٹ ون اور ٹو) کے سالانہ امتحانات کے نتائج کا اعلان کر دیا۔

    نتائج کے تحت پری میڈیکل گروپ میں پہلی پوزیشن اے پی ایس راولپنڈی کی طالبہ علی ہے طارق نے 1071 نمبر لے کر حاصل کی، دوسری پوزیشن دی سکالر سائنس کالج کی وردہ سرفراز نے 1070 نمبر کے ساتھ جبکہ تیسری پوزیشن مشترکہ طور پر اے پی ایس گوجرانوالہ کی عروہ ملک اور رسول ڈی کی مناہل مرتضیٰ نے حاصل کی۔

    پری انجینئرنگ گروپ میں پہلی پوزیشن دی سکالر سائنس کالج کے مزمل ساجد نے 1063 نمبر کے ساتھ حاصل کی، دوسری پوزیشن کپس کالج کے محمد سمیع نے 1059 نمبر لے کر جبکہ تیسری پوزیشن عائشہ نعیم نے 1054 نمبر کے ساتھ اپنے نام کی۔

    جاری اعداد و شمار کے مطابق گیارہویں جماعت کے امتحانات میں 97928 طلبہ نے شرکت کی، جن میں سے 60794 امیدوار پاس قرار پائے۔

    بارہویں جماعت میں 96521 طلبہ شریک ہوئے، جن میں سے 79881 امیدوار کامیاب ہوئے، مجموعی کامیابی کا تناسب 83.19 فیصد رہا، جس میں طلبہ کی کامیابی 75.85 فیصد اور طالبات کی کامیابی 88.91 فیصد رہی۔

    مزید برآں، پری میڈیکل گروپ میں کامیابی کا تناسب 94.04 فیصد جبکہ پری انجینئرنگ میں 88.89 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔

     طلبہ کے لیے نتائج معلوم کرنے کے تین آسان طریقے


    ویب سائٹ کے ذریعے

    طلبہ ایف بی آئی ایس ای کی آفیشل ویب سائٹ پر جاکر اپنے نتائج دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کے “Results” سیکشن میں جا کر HSSC Part 2 منتخب کریں، رول نمبر درج کریں اور سبمٹ پر کلک کریں۔ نتیجہ فوری طور پر اسکرین پر آ جائے گا جسے ڈاؤن لوڈ یا پرنٹ بھی کیا جا سکتا ہے۔

    ایس ایم ایس کے ذریعے

    ان طلبہ کے لیے جن کے پاس انٹرنیٹ دستیاب نہیں، ایف بی آئی ایس ای نے ایس ایم ایس سروس فراہم کی ہے۔ صرف اپنا رول نمبر لکھ کر 5050 پر بھیجیں۔ چند لمحوں بعد نتیجہ بذریعہ ایس ایم ایس موصول ہو جائے گا۔ (ایس ایم ایس چارجز لاگو ہوں گے۔)

    ادارہ جاتی و گزٹ رسائی

    تعلیمی ادارے ایف بی آئی ایس ای پورٹل کے ذریعے اپنے طلبہ کے نتائج ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ سرکاری گزٹ بھی آن لائن جاری کیا جائے گا جس میں تمام نتائج ایک ساتھ دیکھے جا سکیں گے۔

  • بھارت: مادھوپور ڈیم سے پانی کے اخراج کی وارننگ، دریائے ستلج میں مزید پانی چھوڑ دیا گیا

    بھارت: مادھوپور ڈیم سے پانی کے اخراج کی وارننگ، دریائے ستلج میں مزید پانی چھوڑ دیا گیا

    اسلام آباد (26 اگست 2025): بھارت کی جانب سے گزشتہ رات مادھوپور ڈیم سے پانی کے اخراج کی وارننگ جاری کی گئی ہے، جب کہ دریائے ستلج میں مزید پانی چھوڑ دیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت نے مادھوپور ڈیم سے پانی کے اخراج کی وارننگ جاری کی ہے اور دریائے ستلج میں مزید پانی چھوڑ دیا ہے، این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ صورت حال کا مشاہدہ کر رہے ہیں۔

    ترجمان کے مطابق ہماچل پردیش، اتراکھنڈ، پنجاب اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں شدید بارشیں متوقع ہیں، این ڈی ایم اے اس صورت حال کا مشاہدہ کر رہی ہے، بھارت کی جانب سے دریائے راوی میں چھوڑا گیا سیلابی ریلا پاکستان کی حدود میں داخل ہو چکا ہے، اور جسڑ کے مقام پر پانی کی سطح اچانک بلند ہو گئی ہے۔

    نارووال میں دریائے راوی کے کنارے کھیتوں میں کام کرتے 56 افراد کو ریسکیو کر لیا گیا، جسڑ کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے، ریلا آج شاہدرہ سے گزرے گا۔

    ادھر بھارت نے دریائے ستلج میں مزید پانی چھوڑ دیا ہے، گنڈا سنگھ والا کے مقام پر پہلے ہی اونچے درجے کا سیلاب ہے، اُوچ شریف، عارف والا، پاکپتن میں مکانات اور سیکڑوں ایکڑ رقبے پر کاشت فصلیں زیر آب آ چکی ہیں، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے آبادیوں کا بروقت انخلا یقینی بنانے کا حکم دے دیا ہے۔

    فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن کا کہنا ہے کہ لاہور میں دریائے راوی اور دریائے ستلج میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا کے مقام پر بہاؤ میں مزید اضافہ ہوا ہے اور انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہے، پانی کا بہاؤ ایک لاکھ 95 ہزار کیو سک ہو گیا ہے۔ دریائے راوی میں جسڑ کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے، اور پانی کا بہاؤ 88 ہزار کیوسک ہو گیا ہے۔

    دریائے چناب میں بھی پانی چھوڑنے کی اطلاع


    بھارت کی طرف سے دریائے چناب میں پانی چھوڑے جانے کی اطلاع پر الرٹ جاری کر دیا گیا ہے، پھالیہ میں ریسکیو 1122 ممکنہ متاثر ہونے والے دیہاتوں میں امدادی کارروائیوں کے لیے تیار ہے، پی ڈی ایم اے کے مطابق تحصیل پھالیہ کے 22 دیہات متاثر ہونے کا خطرہ ہے، اور شہریوں کو محفوظ مقامات پر جانے کے لیے آگاہ کر دیا گیا ہے۔

    ریسکیو حکام کے مطابق کسانوں نے مال مویشی محفوظ مقامات پر منتقل کرنا شروع کر دیا ہے، کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے پوری طرح تیار ہیں، ریسکیو ٹیمیں کالا شادیاں، جوکالیاں قادر آباد سمیت متعدد مقامات پر موجود ہیں۔

  • جنرل باجوہ کے سسر نے مجھے گھر بلا کر کہا کہ ۔ ۔ ۔ ۔ !! خواجہ آصف کا اہم انکشاف

    جنرل باجوہ کے سسر نے مجھے گھر بلا کر کہا کہ ۔ ۔ ۔ ۔ !! خواجہ آصف کا اہم انکشاف

    وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ نواز شریف کے گوجرانوالہ بیان کی مذمت نہ کرنے پر مجھے 6 ماہ قید کاٹنا بڑی۔

    وزیر دفاع خواجہ آصف نے تاریخ کے جھروکوں سے پردہ اٹھاتے ہوئے بتایا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے دور میں ایک بار جنرل باجوہ کے سسر نے مجھے گھر بلایا اور بیسمنٹ میں لے جا کر کہا کہ نواز شریف کی گوجرانوالہ کی تقریر میں جنرل باجوہ اور جنرل فیض کا نام آیا ہے تم اس کی مذمت کرو اور خود کو اس سے الگ کرو۔

    خواجہ آصف نے کہا کہ رانا تنویر اس بات کے گواہ ہیں، میں نے جنرل باجوہ کے سسر سے کہا کہ ایسا نہیں کروں گا جس پر کہا گیا کہ بات نہیں مانیں گے تو آپ کیخلاف نیب کے کیس بن جائیں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ اس کے چند روز بعد اچانک مجھے گرفتار کرلیا گیا، اس دوران میں 6 ماہ جیل میں رہا لیکن حکومت مجھ پر نیب کا کوئی کیس نہ بناسکی تو عدالت نے مجھے رہا کر دیا۔

    پی ٹی آئی سے متعلق خبریں

  • بھارت کی جانب سے چھوڑا گیا سیلابی ریلا پاکستانی حدود میں داخل

    بھارت کی جانب سے چھوڑا گیا سیلابی ریلا پاکستانی حدود میں داخل

    لاہور (25 اگست 2025): بھارت کی جانب سے دریائے راوی میں چھوڑا گیا سیلابی ریلا پاکستانی حدود میں داخل ہو گیا ہے اور پانی کی سطح اچانک بلند ہو گئی ہے۔

    فلڈ فور کاسٹنگ ڈویژن کے مطابق کہ بھارت کی جانب سے دریائے راوی میں چھوڑا گیا سیلابی ریلا پاکستانی حدود میں داخل ہو گیا ہے اور دریائے راوی میں جسڑ کے مقام پر پانی کی سطح اچانک بلند ہو گئی ہے۔

    فلڈ فور کاسٹنگ ڈویژن کی جانب سے فراہم کی جانے والی اطلاع میں کہا گیا ہے کہ دریائے راوی میں جسڑ کے مقام پر پانی کی سطح 61 ہزار کیوسک سے بڑھ گئی اور اس وقت یہاں نچلے درجے کا سیلاب ہے۔ یہ سیلابی ریلا آج رات شاہدرہ سے گزرے گا۔

    دریں اثنا دریائے ستلج پر ہیڈ سلیمانکی کے مقام پر ایک لاکھ 181 کیوسک کا ریلا پہنچ گیا ہے اور یہاں درمیانے درجے کا سیلاب ہے۔ اس وقت وہاں سے ڈاؤن اسٹریم میں پانی کا اخراج 93 ہزار 522 کیوسک ہے۔

    دریائے ستلج ہیڈ سلیمانکی پر پانی کی سطح مسلسل بلند ہونے لگی ہے۔ پانی اطراف کے متعدد دیہات میں داخل ہو گیا ہے اور فصلوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔ جس کے باعث یہاں پہلے سے سیلاب متاثرہ علاقوں میں لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

    دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت نے 24 گھنٹے میں پاکستان سے دوسری بار سفارتی رابطہ کیا اور دریائے ستلج میں سیلاب کی پیشگی اطلاع دی۔

    سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت سے سیلاب سے متعلق معلومات سندھ طاس معاہدے کے تحت فراہم نہیں کیں بلکہ سفارتی روابط کو استعمال کرتے ہوئے بھارتی ہائی کمیشن اسلام آباد نے وزارت خارجہ سے رابطہ کرکے اس کی اطلاع دی جب کہ معاہدےکے طریقہ کار کے تحت بھارت ایسی معلومات انڈس واٹر کمشنر کے ذریعہ دیتا ہے۔

    مذکورہ صورتحال پر ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے بتایا کہ بھارت نے گزشتہ روز سیلاب کی وارننگز سندھ طاس کمیشن کے ذریعے نہیں دی بلکہ سفارتی ذرائع سے فراہم کیں۔

    مزید پڑھیں : سندھ طاس معاہدہ معطل، بھارت کا پاکستانیوں کو فوری ملک چھوڑنے کا حکم

    ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ بھارت پر لازم ہے کہ سندھ طاس معاہدےکی تمام شقوں پر مکمل عملدرآمد کرے۔ بھارت کا معاہدے کو یکطرفہ معطل رکھنا بین الاقوامی قانون کی سنگین خلاف ورزی ہے اور یہ اقدام جنوبی ایشیا میں امن و استحکام پر انتہائی منفی اثرات مرتب کر سکتا ہے۔

  • الیکشن پر میرے مطمئن ہونے سے کیا ہوتا ہے ، لوگ مطمئن نہیں توٹریبونلز میں جائیں، انوار الحق کاکڑ

    الیکشن پر میرے مطمئن ہونے سے کیا ہوتا ہے ، لوگ مطمئن نہیں توٹریبونلز میں جائیں، انوار الحق کاکڑ

    اسلام آباد : سابق نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کا کہنا ہے کہ الیکشن پر میرے مطمئن ہونے سے کیا ہوتا ہے، لوگ مطمئن نہیں تو ٹریبونلز میں جائیں۔

    تفصیلات کے مطابق سابق نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ  نے اے آر وائی نیوز کو دیئے گئے خصوصی انٹرویو میں کہا کہ قانون بن گیا ہے سروسز چیفس 5 سال کے لیے عہدوں پر رہیں گے، میری سمجھ کےمطابق اب کسی نئے نوٹیفکیشن کی ضرورت نہیں، 5 سال کی مدت کا قانون موجودہ عسکری قیادت پر لاگو ہوتا ہے۔

    بلوچ عسکریت پسندوں کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ عسکریت پسندوں کا ہدف حاصل کرنے کا جواب یقیناً نفی میں ہے، ریاست کی جیت طے شدہ ہے، بس وقت کے تعین کا فیصلہ ہونا باقی ہے۔

    معرکہ حق کے بعد اب پاکستان ایک ہی وقت میں واشنگٹن اور بیجنگ سے کالز وصول کر رہا ہے

    انہوں نے کہا کہ چین نے پاکستان سے کبھی نہیں کہا کہ امریکا سے جنگ کی صورت میں آپ کس طرف کھڑے ہوں گے۔ “آج پاکستان ایسی پوزیشن میں ہے کہ ایک طرف واشنگٹن سے کال آتی ہے تو دوسری طرف بیجنگ سے بھی کال وصول ہو رہی ہے۔”

    سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بیجنگ پاکستان کا خاندان اور گھر ہے جبکہ امریکا ایک دوست ہے، “خاندان سے قطع تعلق ممکن نہیں، البتہ دوست آپ اپنی مرضی سے بدل سکتے ہیں۔”

    انتخابات کے حوالے سے سوال پر انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ میرے مطمئن ہونے یا نہ ہونے سے کوئی فرق نہیں پڑتا، اگر عوام مطمئن نہیں تو وہ ٹریبونلز میں جائیں۔

    سوشل میڈیا سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کچھ بہروپیے مختلف اکاؤنٹس چلا رہے ہیں جن کے بارے میں علم ہی نہیں کہ وہ کہاں موجود ہیں، تقریباً 90 فیصد لوگ سوشل میڈیا پر رائے دینے کا مطلب صرف گالی دینا سمجھتے ہیں۔

  • راناثنااللہ کے گھر پر حملے کا کیس: عمر ایوب، شبلی فراز اور زرتاج گل سمیت دیگر  کو 10 سال قید کی سزا

    راناثنااللہ کے گھر پر حملے کا کیس: عمر ایوب، شبلی فراز اور زرتاج گل سمیت دیگر کو 10 سال قید کی سزا

    فیصل آباد : انسدادد ہشت گردی کی عدالت نے 9 مئی کو رانا ثنا اللہ کے گھر پر حملے کے مقدمے میں پی ٹی آئی کے شبلی فراز، عمرایوب ، زرتاج گل سمیت دیگر رہنماؤں کو10سال قیدکی سزاسنا دی۔

    تفصیلات کے مطابق فیصل آباد کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے 9 مئی کو رانا ثنا اللہ کے گھر پر حملے کے مقدمے کا فیصلہ سنا دیا۔

    اے ٹی سی نے شبلی فراز،عمرایوب ، زرتاج گل کو10 سال قید کی سزا سنا دی جبکہ کنول شوذب، احمد چٹھہ ، رائےحسن نواز، انصر اقبال ، بلال اعجازکوبھی 10 سال قید کی سزا سنائی گئی۔

    انسداد دہشت گردی کی عدالت نے فواد چوہدری اور زین قریشی کو مقدمے سے بری کردیا۔

    عدالت نے 109 ملزمان میں سے 75 کو سزائیں سنائیں اور 34 کو بری کردیا جبکہ 59ملزمان کو 10،10 سال اور 16 ملزمان کو 3،3 سال کی سزا سنائی گئی۔

    انسداد دہشت گردی عدالت کے جج جاوید اقبال نےمحفوظ فیصلہ سنایا ، 9 مئی 2023کو راناثنااللہ کے گھر حملے کا مقدمہ تھانہ سمن آباد میں درج ہے۔

    یاد رہے سابق وزیر داخلہ رانا ثنااللہ کے گھر حملہ کیس کا ٹرائل جاری تھا اور تھانہ سمن آباد کے مقدمے کے ملزمان کے بیانات ریکارڈ کئے جا رہے ہیں

    نو مئی کے 4 مقدمات میں پی ٹی آئی قیادت سمیت 21 ملزمان نامزد ہیں ، جس مین اپوزیشن لیڈر عمر ایوب ، شبلی فراز ، زرتاج گل ، علی امین ، فرخ حبیب ، فواد چوہدری ، شاہ محمود ، فیض اللہ کموکا بھی نامزد ہیں۔

    ملزم ارکان اسمبلی میں صاحبزادہ حامد رضا،علی سرفراز ،عمر فاروق، خیال کاسترو، ایم پی ایز شاہد جاوید ، لطیف نذر ، اسماعیل سیلا بھی شامل ہیں۔

  • پاکستانی انٹیلیجینس نے مقبوضہ کشمیر میں را کے مذموم مقاصد کو بے نقاب کر دیا

    پاکستانی انٹیلیجینس نے مقبوضہ کشمیر میں را کے مذموم مقاصد کو بے نقاب کر دیا

    راولپنڈی : پاکستانی انٹیلیجینس نے مقبوضہ کشمیر میں را کے مذموم مقاصد کو بے نقاب کر دیا اور ایل اوسی سے متصل جنگلات میں خفیہ تربیتی مراکزمیں غیر مقامی دہشتگردوں کا انکشاف کیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستانی انٹیلیجنس اداروں نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی خفیہ ایجنسی "را” کے مذموم مقاصد کو بے نقاب کرتے ہوئے عالمی برادری کو نئی انٹیلیجنس رپورٹ ارسال کر دی۔

    اسپیشل انٹیلیجنس رپورٹ میں کہا گیا کہ مقبوضہ کشمیر کے مختلف علاقوں میں غیر مقامی دہشت گردوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاعات ملی ہیں۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ یہ غیر ملکی دہشت گرد بدنام زمانہ بھارتی ایجنسی را کی پشت پناہی میں سرگرم ہیں اور قابض افواج کے اڈوں، مورچوں اور ٹریننگ ایریاز کے قریب آزادانہ گھومتے پھرتے نظر آتے ہیں۔

    رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ لائن آف کنٹرول کے ساتھ جنگلاتی علاقوں میں خفیہ تربیتی مراکز قائم ہیں، جہاں ان غیر مقامی دہشت گردوں کو عسکری تربیت دی جا رہی ہے۔

    ذرائع کے مطابق یہ دہشت گرد آپس میں پشتو اور دری زبان میں گفتگو کرتے ہیں، جس سے قوی امکان ہے کہ وہ غیر ملکی کرائے کے قاتل ہیں۔

    انٹیلیجنس رپورٹ میں خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ یہ دہشت گرد یا تو کشمیری مجاہدین کے خلاف کارروائیوں میں استعمال کیے جائیں گے یا پھر پاکستان کو بدنام کرنے کے لیے "فالس فلیگ آپریشنز” میں۔

    پاکستان نے اس خصوصی رپورٹ کو عالمی برادری اور دوست ممالک کے ساتھ شیئر کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ بھارت کی یہ سرگرمیاں کشمیری عوام کے بنیادی حقوق دبانے اور خطے کے امن کو سبوتاژ کرنے کی نئی سازش ہیں۔

    انٹیلیجنس ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان نے اپنے مراسلے میں عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں مشکوک کیمپس اور غیر ملکی دہشت گردوں کی سرگرمیوں پر سوال اٹھائے اور را کے مذموم عزائم پر کڑی نظر رکھے۔

    ذرائع نے بتایا کہ پاکستانی انٹیلیجنس ایجنسیاں ان خفیہ کیمپس اور دہشت گردوں کی سرگرمیوں پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں تاکہ بھارت کی کسی بھی نئی چال کو ناکام بنایا جا سکے۔

  • بھارت نے پاکستان کو ممکنہ بڑے سیلاب سے پیشگی آگاہ کردیا

    بھارت نے پاکستان کو ممکنہ بڑے سیلاب سے پیشگی آگاہ کردیا

    اسلام آباد : سندھ طاس معاہدے کے تحت بھارت نے پاکستان سے سیلاب کے معاملے پر باضابطہ رابطہ کرکے ممکنہ بڑے سیلاب کے خطرے سے مطلع کردیا۔

    اس حوالے سے سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت نے سندھ طاس معاہدے کے تحت سیلاب کے معاملے پر پاکستان سے رابطہ کیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت نے دریائے توی میں جموں کے مقام پر ممکنہ بڑے سیلاب کے خطرے سے پاکستان کو آگاہ کیا۔

    یاد رہے کہ انڈیا نے سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے کا اعلان کر رکھا ہے، سیلاب کی ممکنہ صورتحال سے بھارتی ہائی کمیشن اسلام آباد نے پاکستان کو آگاہ کیا۔

    سرکاری ذرائع کے مطابق بھارت کی جانب سے رابطہ 24 اگست کی صبح 10 بجے کیا گیا اور پاکستان کو ممکنہ سیلابی صورتحال کی پیشگی اطلاع دی گئی۔

    رواں سال مئی میں ہونے والی پاک بھارت جنگ کے بعد دونوں ممالک کے درمیان یہ پہلا بڑا رابطہ ہے، واضح رہے کہ اس معاملے پر مؤقف جاننے کیلیے ترجمان دفتر خارجہ سے رابطہ نہ ہوسکا۔

    مزید پڑھیں : سندھ طاس معاہدہ معطل، بھارت کا پاکستانیوں کو فوری ملک چھوڑنے کا حکم

    یاد رہے کہ رواں سال ماہ اپریل میں بھارت نے سندھ طاس معاہدہ معطل کرتے ہوئے بھارت میں موجود پاکستانی شہریوں کو 48 گھنٹے میں ملک چھوڑنے کا حکم دیا تھا۔

    بھارتی وزیر خارجہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہم اٹاری اور واہگہ بارڈر کو بھی بند کررہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سارک ویزا استثنیٰ کے تحت پاکستانی شہری بھارت کا سفرنہیں کرسکیں گے۔